Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارت سن لے ،اگلی بار پاکستان کا جواب مزیدبرق رفتار اور شدید ہوگا،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

    بھارت سن لے ،اگلی بار پاکستان کا جواب مزیدبرق رفتار اور شدید ہوگا،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

    چیف آف دی آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب میں کہا ہے کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے ،

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں، ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے، ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کیلئے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا،بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی ،بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے ، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے پاس فتنہ آل خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،تمام یہ جان لیں کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے

  • مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب

    مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب

    مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء عابد شیر علی سینیٹ کی خالی ہونے والی جنرل نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ وقت تک کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی جانب سے اس نشست پر کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کروائے گئے، جس کے باعث عابد شیر علی کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے سینئر سیاستدان اور معروف کالم نگار سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کی وفات کے بعد الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا، جس کے تحت امیدواروں کے کاغذات جمع کروانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی۔

    مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عابد شیر علی نے جنرل نشست کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔نامزدگی جمع کروانے کے بعد جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوا۔کسی اور امیدوار نے کاغذات جمع نہ کروائے،الیکشن کمیشن نے قواعد کے مطابق عابد شیر علی کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا۔

  • کسی کو صوبہ یا اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے، گورنر خیبر پختونخوا

    کسی کو صوبہ یا اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے، گورنر خیبر پختونخوا

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کےحالات جب خراب ہوجائیں تو پھر گورنر راج لگ سکتا ہے، صوبائی حکومت اگر ریاست کو سپورٹ کرتی ہے تو پھر تو ٹھیک ہے، اگر صوبائی حکومت سپورٹ نہیں کرتی تو پھر مجبوراً گورنر راج لگے گا، پی ٹی آئی کو احتجاج سے کچھ نہیں ملے گا۔بانیٔ پی ٹی آئی کا طرزِ فکر یہی ہے کہ اگر حکومت ان کی ہو تو سب کچھ درست، اور اگر نہ ہو تو کچھ بھی قابلِ قبول نہیں۔

    پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کسی کو صوبہ یا اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے، صوبائی حکومت کو وفاق کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ سب سے پہلے ریاست اور پھر سیاست، افواج پاکستان نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں،گزشتہ روز پی ٹی آئی جلسے کا کیا مقصد تھا یہ علم نہیں ہے، اس بار پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج نہیں کرسکے گی، فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، سٹرکوں پر کوئی فیصلے نہیں ہوتے،بلوچستان حکومت نے ہمشیہ وفاقی حکومت کو سپورٹ کیا ہے، جیل میں جانا کوئی بڑی بات نہیں، پاکستان کی ہر بڑی سیاسی شخصیت جیل گئی ہیں، پی ٹی آئی ریہرسل کرے پھر پتہ چلے گا کہ کیسے یہ لوگ گورنر ہاؤس آتے ہیں، پہلے بھی گورنر ہاؤس کا تیل بند کرنے کی دھمکی دی تھی، اب پی ٹی آئی کی خود بولتی بند ہوگئی ہے

  • انڈونیشیا کے صدر پاکستان پہنچ گئے

    انڈونیشیا کے صدر پاکستان پہنچ گئے

    انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو پاکستان کے 2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی انڈونیشیاکے صدر کے استقبال کیلئے موجود تھے۔

    انڈونیشیاکے صدر طیارے سے باہر آئےتو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نےان سے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو کو پھول پیش کئے۔انڈونیشیا کے صدر کا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انڈونیشیا کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ انڈونیشیا کے صدرکووزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورے کی دعوت دی تھی۔صدر پرابووو سوبیانتو کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ انڈونیشیا سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔اپنے قیام کے دوران صدر پرابووو سوبیانتو وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستان اور انڈونیشیا قریبی، خوشگوار اور دیرینہ تعلقات کے حامل ہیں جو مشترکہ اقدار اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔ صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع فراہم کرے گا، جو دونوں ممالک کی شراکت داری کے مسلسل فروغ میں مددگار ثابت ہوگا-

  • مردان میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پر ریونیو ٹیکس آفس پشاور کی کامیاب کاروائی

    مردان میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پر ریونیو ٹیکس آفس پشاور کی کامیاب کاروائی

    مردان میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پر ریونیو ٹیکس آفس پشاور کی کامیاب کاروائی،آر ٹی او پشاور کی غیر قانونی تمباکو پیداوار کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں

    حال ہی میں مردان میں ایک سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا،چھاپے کے دوران ایم/ایس یونیورسل ٹوبیکو کمپنی کی غیر رجسٹرڈ مشینری برآمد ہوئی، برآمد شدہ مشینری کی یومیہ پیداوار تقریباً 6,000 سے 7,000 کلوگرام تمباکو تھی، جس سے روزانہ تقریباً 45 ملین روپے کی غیر قانونی آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا، غیر رجسٹرڈ مشینری خاص طور پر اندرونِ ملک اور آزاد کشمیر میں غیر قانونی سگریٹ کی پیداوار کے لیے استعمال ہو رہی تھی،اس سے قبل بھی وفاقی بورڈ آف ریونیو نے جعلی سگریٹ کارٹیل پکڑ کر اربوں روپے کے ٹیکس نقصان سے بچایا تھا،

    غیر قانونی اور جعلی سگریٹ کی پیداوار ہر سال قومی آمدنی کو اربوں روپے کا نقصان پہنچاتی ہے،خیبرپختونخوا میں گورنس کی ناکامی کی وجہ سے صوبہ illegal Spectrum( غیر قانونی سرگرمیوں) کا گڑھ بن چکا ہے

  • این،25 مستونگ تا چمن شاہراہ کی تعمیر ، بلوچستان کے عوام کی بدلے گی تقدیر

    این،25 مستونگ تا چمن شاہراہ کی تعمیر ، بلوچستان کے عوام کی بدلے گی تقدیر

    این-25 مستونگ تا چمن شاہراہ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ وفاقی اور بلوچستان حکومت کی نگرانی میں مرحلہ وار تیزی سے جاری ہے، جبکہ تعمیراتی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کے سپرد ہے۔ یہ قومی شاہراہ مستونگ، کچلاک، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور چمن جیسے اہم شہروں کو آپس میں جوڑتی ہے۔

    198 کلومیٹر کا طویل منصوبہ تین حصوں پر مشتمل ہے، پہلا حصہ مستونگ تا کچلاک 88 کلومیٹر ، دوسرا حصہ کچلاک تا قلعہ عبداللہ 62 کلومیٹر ، تیسرا حصہ قلعہ عبداللہ تا چمن 48 کلو میٹر جس میں خوجک ٹنل (2.5 کلومیٹر) اور چمن باونڈز (2.5 کلومیٹر)شامل ہیں،پہلے مرحلے میں قلعہ عبداللہ تا چمن (48 کلومیٹر) سڑک کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کشادہ کیا جا رہا ہے، جبکہ اس میں شامل خوجک ٹنل (اڑھائی کلومیٹر) پر بھی فروری میں کام شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے تجارت میں اضافہ ہو گا، گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی ہو گی، بلوچستان کی عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، برفباری کے موسم میں ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی، سفری فاصلہ کم ہو جائے گا

    منصوبے کی مجموعی سیکیورٹی پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے ذمہ ہے، جو تعمیراتی سرگرمیوں اور عام ٹریفک کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے۔عوام، حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے این-25 خطے میں ترقی، امن اور معاشی خوشحالی کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ جو مستقبل میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔

  • نیشنل گیمز، ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

    نیشنل گیمز، ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

    پاکستان کے معروف ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کا نام روشن کر دیا۔ کراچی میں جاری نیشنل گیمز کے جیولن تھرو مقابلوں میں ارشد ندیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

    ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جس نے ایک بار پھر ان کی فارم اور عالمی معیار کے مقابل کھڑے ہونے کی صلاحیت کو ثابت کیا۔ مقابلوں کے دوران شائقین کی بڑی تعداد ان کی تھرو پر جوش و خروش سے تالیوں کی گونج میں نظر آئی۔جیولن تھرو ایونٹ میں واپڈا کے ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا۔ یاسر سلطان کی بہترین تھرو 70.77 میٹر رہی، جو ان کی محنت اور مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے۔اسی ایونٹ میں پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ابرار علی نے ابتدائی راؤنڈز میں مستحکم پرفارمنس دکھائی اور مقابلے کے آخری لمحات تک میڈل کی دوڑ میں شامل رہے۔

    قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی متاثر کن نمائشی تھرو کی تھی، جو مہمانِ خصوصی بلاول بھٹو زرداری کے سامنے پیش کی گئی۔ ارشد کی اس پرفارمنس نے نہ صرف شائقین بلکہ معزز مہمانوں سے بھی داد وصول کی۔

  • جی ایچ کیومیں چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب

    جی ایچ کیومیں چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب

    راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو باقاعدہ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    قومی عسکری روایات کے مطابق گارڈ آف آنر کی یہ تقریب نہ صرف ان کی اعلیٰ عسکری خدمات کا اعتراف ہے بلکہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مضبوط دفاعی اتحاد کی علامت بھی ہے۔تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج،پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی فوجی سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے، جنہوں نے فیلڈ مارشل کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا۔بعد ازاں آڈیٹوریم میں ’معرکۂ حق‘ کے دوران شاندار خدمات انجام دینے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس کو اور پاک بحریہ کے آفسران کو چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے سووینئرز (Souvenirs) پیش کیے گئے۔

    جی ایچ کیو کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کا ماحول قومی جوش، پیشہ وارانہ مہارت اور عسکری نظم و ضبط کا خوبصورت عکاس تھا، جبکہ ملٹری بینڈ نے سلامی کے دوران قومی دھنیں بجا کر تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔دوسری جانب یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ معرکۂ حق کے تاریخی تناظر نے اس تقریب کو مزید اہمیت بخشی۔ اس معرکے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی براہِ راست قیادت میں پاکستان نے بھارت کو فیصلہ کن اور ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس آپریشن میں نہ صرف دشمن کے جدید فضائی دفاعی نظام کو ناکام بنایا گیا بلکہ بھارتی فضائیہ کے 7 جدید ترین جنگی طیارے بھی مار گرائے گئے، جسے عسکری ماہرین پاکستان کی جانب سے ایک غیر معمولی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیتے ہیں۔

  • وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،گوادر ،گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری

    وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،گوادر ،گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری

    وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کے لیے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دی گئی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلاتعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں،100 میگاواٹ سولر پروجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلاتعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے، گلگت بلتستان میں سو میگاواٹ کے سولر پروجیکٹ پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے،گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت بلتستان میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،ہ بجلی مسائل کو حل کرنے کے لیے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزارت توانائی کی سفارشات اور اقدامات قابل تحسین ہیں، تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل و طویل مدتی پروجیکٹس پر وزارت توانائی مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ملکی معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری میں ترقی کو یقینی طور پر بڑھانے کا سبب بنے گی، صنعتوں، سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں قائم کردہ صنعتوں کے لیے بجلی کی فراہمی کو علاقائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، دیگر سہولتوں سے گوادر کی بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی.

  • پاکستانی 2025 کے دوران گوگل سے کیا تلاش کرتے رہے،رپورٹ جاری

    پاکستانی 2025 کے دوران گوگل سے کیا تلاش کرتے رہے،رپورٹ جاری

    گوگل کی ”ایئر اِن سرچ 2025 (Year in Search) “کے عنوان سے جاری کردہ رپورٹ پاکستانیوں کی آن لائن دلچسپیوں کا ایک واضح اور جامع منظر پیش کرتی ہے، جس میں تلاش کیے گئے موضوعات کرکٹ اور کھلاڑیوں سے لے کر مختلف پکوانوں کی تراکیب اور دلچسپ سوالات تک پھیلے ہوئے ہیں۔

    پاکستان میں تفریحی مواد تلاش کرنے میں کرکٹ بدستور سرفہرست، مقامی ڈارمے بھی نمایاں رہے
    کرکٹ ایک بار پھر پاکستان میں تلاش کے رجحانات پر چھائی رہی ہے اور،اس تلاش میں ،کرکٹ کے بڑے مقابلے اور ٹورنامنٹس آن لائن دلچسپی نمایاں رہی۔ اس برس، شائقین نے جنوبی افریقہ، بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچوں کو باربار تلاش کیا۔ بڑے ٹورنامنٹس میں پاکستان کرکٹ کا مقامی ایونٹ پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ اور آئی سی سی چیمپئنر ٹرافی کے ساتھ سب سے مقبول ٹورنامنٹ رہا جو ملکی کرکٹ اور خاص طور پر مقامی لیگ کے لیے غیر متزلزل جوش کی عکاسی کرتا ہے۔

    توقع کے مطابق، کرکٹ کے کھلاڑیوں نے پاکستانی عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائے رکھی۔ شائقین نے زیادہ تر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں مثلاً ابھیشیک شرما، حسن نواز اور عرفان خان نیازی کو تلاش اور فالو کیا ۔ یہ وہ کھلاڑی تھے جن کی کارکردگی نے 2025ء میں شائقین کی توجہ مسلسل اپنی جانب مبذول کرائی ۔

    کرکٹ کے علاوہ پاکستانی عوام نے مزید تفریح کے لیے مقامی ڈراموں کا رخ بھی کیا۔2025ء کے دوران، ڈرامے پاکستانی ناظرین کی دلچسپی کا پسندیدہ موضوع رہے اور وہ کہانیوں اور اداکاری کو بے حد شوق سے فالو کرتے رہے۔ مقبول ڈرامے مثلا ”شیر“، ”جڑواں“ اور ”آس پاس“تلاش کے رجحانات پر چھائے رہے،جو مضبوط اسکرپٹس، کرداروں اور یادگار مناظر کے باعث ناظرین کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔

    خبروں، ٹیکنالوجی، کھاناپکانے کی تراکیب اورHow-To کےسوالات پاکستان میں ڈیجیٹل دلچسپی کو تیز کرتے رہے،ٹیکنالوجی کے میدان میں Gemini”“،” “On4t اور ”Google AI Studio“ جیسے اے آئی ٹولز کی تلاش نے پاکستانی عوام کی مصنوعی ذہانت میں بڑھتی دلچسپی کو نمایاں کیا۔ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کی مقبولیت کی عکاسی کرتے ہوئے ”myco“ اور ”Tamasha“جیسے اسٹریمنگ ایپس کرکٹ میچوں کو دیکھنے اور تلاش کرنے کے لیے پسندیدہ انتخاب رہے۔ ”نان فنجیبل ٹوکنز (non-fungible tokens)“ کی بڑھتی ہوئی تلاش نے بھی نئی ڈیجیٹل جدتوں کو دریافت کرنے کی خواہش کو نمایاں کیا۔

    سنہ2025ءمیں پاکستانی عوام نے اپنی روزمرہ زندگی کے اہم مسائل پر بروقت معلومات حاصل کرنے کے لیے گوگل سرچ کا زیادہ استعمال کیا۔ کراچی میں آئے ہوئےسیلاب اور دریائے چناب کے قریب آنے والے سیلاب جیسے اہم موضوعات پر سرچ میں اضافہ ہوا، جہاں لوگ تازہ ترین الرٹس، تحفظ سے متعلق معلومات اور زمینی صورتحال جاننے کے خواہاں تھے۔ صارفین نے پنجاب سماجی و اقتصادی رجسٹری(Punjab Socio-Economic Registry) ، ”آسان کاروبار کارڈ“ اور ”وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم 2025“ جیسے سرکاری اقدامات پر وضاحت بھی تلاش کی۔ تعلیمی اپڈیٹس بشمول ”فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن “ اور دیگر امتحانی نتائج،زیادہ تلاش کیے گئے، جبکہ سونے کے نرخ اور بین الاقوامی حالات، خصوصاً ایران سے متعلق اطلاعات بھی پاکستانی عوام کو باخبر رکھتی رہیں۔

    پاکستان میں کھانا پکانے کی تراکیب کی تلاش نے روایت اور جدید ذوق کا امتزاج دکھایا۔ روایتی پسندیدہ کھانے مثلاً مٹن، بیف، میٹھے پکوان، آٹے سے بنی اشیاء اور سوپ (soup) بنانے کی تراکیب مقبول تلاش رہیں، جو ثقافت کی مضبوط جڑوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ اسی کے ساتھ، quinoa، tofu اور sandwiches میں بڑھتی ہوئی دلچسپی صحت مند، تیز اور عالمی ذائقوں کی طرف رجحان کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

    How-To کے زُمرے میں سب سے زیادہ تجسس کراچی میں متعارف کرائے گئے نئے ای-چالانز نے پیدا کیا۔ ملک بھر کے لوگ اس اچانک اورسخت ٹریفک نظام کو سمجھنے کے لیے آن لائن سرچ کرتے رہے —یہ جاننے کے لیے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا کہ ان الرٹس کا مطلب کیا ہے اور یہ کس طرح کام کرتے ہیں ۔کار انشورنس کو سمجھنے سے لے کر سرمایہ کاری کے تجربات ، حتیٰ کہ "غبلی انداز(Ghibli-style)” میں تصاویر بنانے جیسے تفریحی و عملی موضوعات بھی توجہ کا مرکز رہےجو ایک ایسے پاکستان کی عکاسی کرتے ہیں جو تجسس، جدت اور ڈیجیٹل موافقت سے بھرپور ہے۔

    ان رجحانات کے حوالے سے گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر، بزنس اینڈ آپریشنز،فرحان قریشی نے کہا:”ایئر اِن سرچ ہمیں ایک منفرد زاویہ فراہم کرتا ہے کہ پاکستانی عوام کو کیا چیز متاثر کرتی ہے، آگاہی فراہم کرتی ہے اور پرجوش بناتی ہے۔ کرکٹ اور تفریح سے لے کر روزمرہ کے ’How-To‘ سے تعلق رکھنے والے سوالات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک، اس سال کے رجحانات ایک ایسی قوم کو ظاہر کرتے ہیں جو تجسس پسند، تخلیقی اور تیزی سے ڈیجیٹل فرسٹ بنتی جا رہی ہے۔ یہ رجحان حوصلہ افزا ہے کہ لوگ تلاش کو صرف جوابات کے لیے نہیں بلکہ نئی مہارتیں سیکھنے، مواقع تلاش کرنے اور اپنی زندگی کے اہم معاملات سے جڑے رہنے کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ اے آئی موڈ جیسے نئے فیچرز کے ساتھ، گوگل مزید متعلقہ اور مددگار جوابات سامنے لانے میں بھی معاون ثابت ہورہا ہے، جس سے صارفین کے لیے سب سے موزوں جوابات حاصل کرنا آسان ہو گیا ہے۔“

    گوگل کا ”ایئر اِن سرچ 2025“ پاکستان کے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کی دلچسپ جھلک پیش کرتا ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ تجسس، تخلیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کس طرح قوم کی آن لائن دلچسپیوں کو مسلسل تشکیل دے رہے ہیں۔

    سال کے اختتام پر تلاش کے حوالے سے گوگل کی فہرست درج ذیل سات زمروں پر مشتمل:
    کرکٹ
    1۔ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ
    2۔ پاکستان سپر لیگ
    3۔ ایشیا کپ
    4۔ پاکستان بمقابلہ بھارت
    5۔ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ
    6۔ بھارت بمقابلہ انگلینڈ
    7۔ پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز
    8۔ بھارت بمقابلہ آسٹریلیا
    9۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی
    10۔ پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات

    ایتھلیٹس
    1۔ ابھیشک شرما
    2۔ حسن نواز
    3۔ عرفان خان نیازی
    4۔ صاحبزادہ فرحان
    5۔ محمد عباس
    6۔ صائم ایوب
    7۔ یاسر خان
    8۔ کاشف علی
    9۔ سیف حسن
    10۔ عبدالصمد

    مقامی خبریں
    1۔ پنجاب سوشیو-اکنامک رجسٹری
    2۔ کراچی کا سیلاب
    3۔ ایران
    4۔ آسان کاروبار کارڈ
    5۔ دریائے چناب کے نزدیک سیلاب
    6۔ ایف بی آئی ایس ای کے نتائج
    7۔ دسویں جماعت کے امتحانات کے نتائج
    8۔ پرائم منسٹر کی لیپ ٹاپ اسکیم 2025
    9۔ پاکستان میں سونے کے نرخ
    10۔ نویں جماعت کے نتائج کے اعلان 2025

    ڈرامے
    1۔ شیر
    2۔ جڑواں
    3۔ آس پاس
    4۔ نقاب
    5۔ مہرہ
    6۔ اقتدار
    7۔ پرورش
    8۔ میری زندگی ہے تو
    9۔ دیان
    10۔ دنیاپور

    ٹیکنالوجی
    1۔ جمینائی(Gemini)
    2۔ تماشا
    3۔ ڈیپ سیک
    4۔ مائی کو(myco)
    5۔ آن4ٹی(On4t)
    6۔ گوگل اے آئی اسٹوڈیو
    7۔ کلاڈ(Claude)
    8۔ آئی فون 17
    9۔ گروک(Grok)
    10۔ نان فنجیبل ٹوکن

    کھانا پکانے کی تراکیب
    1۔ سینڈوچ بنانے کی تراکیب
    2۔ فوڈ فیوژن کی تراکیب
    3۔ کوئینوا (Quinoa) بنانے کی تراکیب
    4۔ ڈو (Dough)بنانے کی تراکیب
    5۔ میٹھی ڈشیں بنانے کی تراکیب
    6۔ مٹن بنانے کی تراکیب
    7۔ آسان تراکیب
    8۔ ٹوفو (Tofu) بنانے کی تراکیب
    9۔ سوپ بنانے کی تراکیب
    10۔ بیف بنانے کی تراکیب

    ہاؤ-ٹو(How-To)
    1۔ کراچی میں ای چالان کس طرح چیک کیا جائے؟
    2۔ انسٹاگرام پر Unseen پیغامات کس طرح دیکھے جائیں؟
    3۔ کار کی انشورنس کس طرح کروائی جائے؟
    4۔ کرپٹو کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کس طرح کی جائے؟
    5۔ اسٹاک مارکیٹ میں کس طرح سرمایہ کاری کی جائے؟
    6۔ کریڈٹ کارڈ کے لیے کس طرح درخواست دی جائے؟
    7۔ غبلی(Ghibli) فوٹو کس طرح بنائی جائے؟
    8۔ بہترین وکیل کا انتخاب کس طرح کیا جائے؟
    9۔ نوکوپرنٹ ایپ استعمال کر کے فون سے تصویر کس طرح پرنٹ کی جائے؟
    10۔ بلاگ کس طرح اپ لوڈ کی جائے؟