Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • لاہور پریس کلب انتخابات،عظمیٰ بخاری کی مداخلت،صحافی سیخ پا،عبدالمجید ساجدبھی خاموش نہ رہ سکے

    لاہور پریس کلب انتخابات،عظمیٰ بخاری کی مداخلت،صحافی سیخ پا،عبدالمجید ساجدبھی خاموش نہ رہ سکے

    لاہور پریس کلب کے انتخابات سے دو روز قبل پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات نے لاہور پریس کلب کے سابق صدر ارشد انصاری کو اجلاس میں مدعو کر لیا، ارشد انصاری اس بار بھی صدر کے امیدوار ہیں،جس پر لاہور کے صحافیوں نے عظمیٰ بخاری پر لاہور پریس کلب میں مداخلت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عظمیٰ بخاری کو چاہئے کہ خود لاہور پریس کلب کی باڈی نامزد کر کے نوٹفکیشن جاری کر دیں.

    وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری کی زیر صدارت جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 14واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ایم پی اے بلال یامین ستی، ڈپٹی سیکرٹری عدنان رشید، پاکستان جرنلسٹس فاؤنڈیشن کے اسد حسین اور محمد یٰسین نے شرکت کی۔اجلاس میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ نے متفقہ طور پر صحافی کالونی فیز ٹو کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی۔سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاؤسنگ کالونی میں جدید سہولیات کے تحت اسکول، 40 فٹ سے 100 فٹ چوڑی سڑکیں، کمرشل ایریاز اور پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 400 ملین روپے روڈا کو ادا کیے جا چکے ہیں جبکہ زمین کی خریداری کا عمل تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔ زمین سیکشن فور کے تحت روڈا سے حاصل کی جا رہی ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے تحت 5 مرلہ کے 3200 پلاٹس صحافیوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور کے 3200 صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے جا رہی ہیں اور فروری میں وزیراعلیٰ خود صحافیوں کو الاٹمنٹ لیٹرز دیں گی۔عظمٰی بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت خلوصِ نیت سے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے رہائشی سہولت فراہم کر رہی ہے، تاہم بدقسمتی سے کچھ عناصر صحافت کے لبادے میں اپنے ہی صحافی بھائیوں کے مستقبل کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو شرم آنی چاہیے جو صحافیوں کے بچوں کے مستقبل کو ذاتی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان عناصر کو واضح پیغام ہے کہ صحافیوں کی چھت پر گندی سیاست نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے ایک سیاسی جماعت کے میڈیا ونگ کی جانب سے صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ چند دنوں میں ایسے عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس موقع پر انہوں نے لاہور پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ کے تعاون کو بھی سراہا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے 1400 صحافی ممبران اپنے ڈویلپمنٹ چارجز کے ایڈوانس جمع کروا چکے ہیں جبکہ وزارت اطلاعات پنجاب کے 635 ملازمین نے بھی ایڈوانس چارجز جمع کروا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی ممبران بھی جلد اپنے واجبات جمع کروائیں۔عظمٰی بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ 3200 صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نان ممبران کی بیلٹنگ کا عمل مکمل شفاف طریقے سے کیا جائے گا اور مافیا یا پریشر گروپس بنا کر حکومت کو بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی اور ملتان کی جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیموں کے معاملات آئندہ اجلاس تک مؤخر رہیں گے جبکہ ملتان پریس کلب سے کونسل ممبران صحافیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں، لاہور کی صحافی کالونی میں ایل ڈی اے کے کمرشل پلان کو بھی اپنانے کی منظوری دی گئی۔آخر میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ تمام پریس کلبز دسمبر سے جنوری کے دوران اپنے انتخابات کرانے کے پابند ہوں گے-

    عظمیٰ بخاری کے بیان اور امیدوار برائے صدر ارشد انصاری کے اجلاس میں شرکت پر لاہور کے صحافیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، امیدوار برائے سیکرٹری جنرل لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب کے انتخابات میں پنجاب حکومت کی اس قدر کھلی مداخلت سے تو بہتر تھا کہ وہ کلب میں پنجاب اسمبلی کے ممبرز پر مشتمل اپنا پینل ہی دے دیتی،پستی کا حد سے گزرنا دیکھو

    مختلف واٹس ایپ گروپس میں بھی صحافیوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور عظمیٰ بخاری کے عمل کو لاہور پریس کلب کے انتخابات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ بخاری ڈی جی پی آر سے نوٹفکیشن جاری کروا کر پریس کلب کی باڈی منتخب کر دیں.

  • لاہور: پالتو شیرنی کے حملے میں 8 سالہ بچی زخمی

    لاہور: پالتو شیرنی کے حملے میں 8 سالہ بچی زخمی

    لاہور کے علاقے بھیکے وال پنڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں پالی گئی شیرنی کے حملے کے نتیجے میں 8 سالہ معصوم بچی زخمی ہو گئی۔

    پولیس کے مطابق بچی کو کان، گردن اور ٹانگ پر گہرے زخم آئے، جس کے بعد اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شیرنی کسی طرح قابو سے باہر ہو گئی اور قریب موجود بچی پر حملہ کر دیا۔ زخمی بچی کے اہلِ خانہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

    ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک شہری نے غیر قانونی طور پر گھر میں شیرنی پال رکھی تھی۔ واقعے کے بعد ملزمان شیرنی کو ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیرنی کے مالک کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

    محکمہ وائلڈ لائف کے حکام نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلی جانوروں کو گھروں میں پالنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • راولپنڈی،پتنگ پکڑتے بچہ سیوریج کے پانی میں گرکر جاں بحق

    راولپنڈی،پتنگ پکڑتے بچہ سیوریج کے پانی میں گرکر جاں بحق

    راولپنڈی کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ معصوم بچہ سیوریج کے پانی سے بھرے کھڈے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ صادق آباد اقبال ٹاؤن کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کے قریب پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچہ پتنگ پکڑنے کی کوشش میں کھیلتے کھیلتے اچانک کھلے کھڈے میں جا گرا، جو سیوریج کے گندے پانی سے مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نجی ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کی جانب سے تعمیراتی مقاصد کے لیے کھدائی کروائی گئی تھی، تاہم حفاظتی اقدامات اختیار نہیں کیے گئے۔ کھدائی کے باعث ملحقہ نالہ بند ہو گیا جس کا پانی جمع ہو کر کھلے کھڈے میں بھر گیا، جس سے یہ جگہ انتہائی خطرناک بن گئی تھی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچے کو نکال کر فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔ ریسکیو حکام کے مطابق پانی کی گہرائی اور گندگی کے باعث بچے کو بچایا نہ جا سکا۔بچے کی موت کے بعد تھانہ صادق آباد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں،علاقہ مکینوں نے نجی ہاؤسنگ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کھلے کھڈوں اور غیر محفوظ تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اسلام آباد ، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، پیپسی ڈسٹری بیوٹر کا گودام سیل

    اسلام آباد ، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، پیپسی ڈسٹری بیوٹر کا گودام سیل

    پیپسی کمپنی کے اسلام آباد میں بڑے ڈسٹری بیوٹرز حیدری مشروب کے گودام کو فوڈ سیفٹی قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر اسلام آباد فورڈ اتھارٹی نے سیل کر دیا

    ذرائع کے مطابق 100 زائد بیگز پر تاریخیں ٹیمپرڈ اور تھیلوں پر کاکروچز پائے گئے جن کی مالیت 10 لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے مجموعی طور پر 50 ہزارسے زائد چینی کے ایکسپائر اینڈ infested چینی کےتھیلے بھی قبضہ میں لے لیے،اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے) نے فوڈ سیفٹی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر پیپسی مصنوعات کے بڑے ڈسٹری بیوٹر حیدری مشروب کے گودام کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی اسلام آباد میں کی گئی، جہاں گودام میں ذخیرہ شدہ اشیائے خورونوش کے معائنے کے دوران سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

    صحافی شہزاد پراچہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گودام کا معائنہ کیا تو وہاں موجود چینی کی بوریوں تشویشناک خامیاں پائی گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ معائنے کے دوران 100 سے زائد چینی کی بوریوں پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری کی تاریخوں میں ردوبدل پایا گیا۔ مزید یہ کہ متعدد بوریوں کے اندر کاکروچ موجود تھے، جس سے صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور صارفین کی صحت کو لاحق سنگین خطرات کا انکشاف ہوا۔ ذرائع کے مطابق تاریخیں تبدیل کی گئی چینی کی بوریوں کی مالیت 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق مزید جانچ پڑتال میں انکشاف ہوا کہ 50 ہزار سے زائد بوریاں یا تو زائدالمیعاد تھیں یا پھر کیڑے مکوڑوں سے آلودہ تھیں۔

    حکام نے خبردار کیا کہ اس طرح کی آلودہ خوراک کی ترسیل عوامی صحت کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
    ان سنگین خلاف ورزیوں پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے موقع پر ہی گودام کو سیل کر دیا اور متعلقہ فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کے مینڈیٹ کے عین مطابق اٹھایا گیا ہے۔

  • نیو یارک سب وے میں دوران سفر بوسہ لینے پر ہم جنس پرست جوڑے پر حملہ

    نیو یارک سب وے میں دوران سفر بوسہ لینے پر ہم جنس پرست جوڑے پر حملہ

    نیو یارک سٹی کی سب وے لائن 6 ٹرین میں ایک شخص کو اپنی ٹرانس جینڈر ساتھی کے ساتھ بوسہ لینے کے دوران ایک نامعلوم مسافر نے مبینہ طور پر ہم جنس پرستانہ نفرت کے تحت حملے کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے نفرت انگیز گالی دی اور پھر تیز دھار آلے سے وار کیا۔

    یہ واقعہ شام تقریباً 8 بجے سے کچھ پہلے اس وقت پیش آیا جب ٹرین 23ویں اسٹریٹ اسٹیشن میں داخل ہو رہی تھی۔ پولیس کے مطابق اچانک ہونے والے اس حملے کے بعد تلخ کلامی شروع ہوئی جو اس وقت خطرناک رخ اختیار کر گئی جب ملزم نے 28 سالہ متاثرہ شخص کے چہرے کے دائیں حصے پر تیز دھار چیز سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اس کے چہرے پر گہرا زخم آیا۔نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی ٹرانس جینڈر ساتھی کو جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد مشتبہ حملہ آور 23ویں اسٹریٹ اسٹیشن پر ٹرین سے فرار ہو گیا، جبکہ زخمی شخص 14ویں اسٹریٹ-یونین اسکوائر اسٹیشن پر اترا اور بعد ازاں اسے علاج کے لیے بیلیوو ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق تاحال ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی اور اس کی تلاش جاری ہے۔

    یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب نیو یارک پولیس نے حال ہی میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ سال جنسی رجحان کی بنیاد پر ہونے والے نفرت انگیز جرائم کی تعداد 52 رہی، جو 2024 کے مقابلے میں 38 فیصد کم ہے۔ تاہم، اس کے باوجود جنسی رجحان کی بنیاد پر ہونے والے نفرت انگیز جرائم مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ پہلے نمبر پر یہودی مخالف نفرت انگیز جرائم رہے، جن کی تعداد 2025 میں 330 ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں اگرچہ جینڈر شناخت کی بنیاد پر ہونے والے جرائم کی الگ تفصیل شامل نہیں کی گئی، تاہم پولیس کے مطابق “جینڈر” کی بنیاد پر 28 نفرت انگیز جرائم رپورٹ ہوئے۔

    منہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کے دفتر کے حکام نے گزشتہ سال کے آغاز میں LGBTQ کمیونٹی کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز واقعات پر تشویش کا اظہار کیا تھا، خاص طور پر سب وے میں پیش آنے والے حملوں پر۔ اس وقت اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی ہنہ یو نے ایک ایسے ہی واقعے کا حوالہ دیا تھا جس میں ایک ہم جنس پرست جوڑے کو سب وے میں اچانک حملے کے دوران زخمی کر دیا گیا تھا۔

  • شمالی کوریا کی سینما دنیا میں غیر معمولی تبدیلی، فلم میں تشدد، سنسنی اور ممنوعہ مناظر

    شمالی کوریا کی سینما دنیا میں غیر معمولی تبدیلی، فلم میں تشدد، سنسنی اور ممنوعہ مناظر

    شمالی کوریا کی ایک نئی ریاستی منظور شدہ فلم نے ملکی اور غیر ملکی مبصرین کو حیران کر دیا ہے، کیونکہ اس میں ایسے مناظر اور کہانی دکھائی گئی ہے جو ماضی میں اس سخت گیر ملک کے سینما میں ناقابلِ تصور سمجھے جاتے تھے۔

    فلم “ڈیز اینڈ نائٹس آف کنفرنٹیشن” (Days and Nights of Confrontation) میں ایک شخص کو پلاسٹک بیگ سے دم گھونٹ کر قتل کرنے کا منظر، خودکش بم جیکٹ، خاندانی غداری، ازدواجی بے وفائی، حتیٰ کہ مختصر جزوی عریانی بھی دکھائی گئی ہے۔ ایک خاتون کردار کو پہلے اس کے شوہر کے ہاتھوں چھرا گھونپا جاتا ہے، پھر گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوتی ہے اور آخرکار قتل کر دیا جاتا ہے۔یہ فلم گزشتہ سال شمالی کوریا کے سینما گھروں میں دکھائی گئی جہاں اس نے بڑی تعداد میں ناظرین کو متوجہ کیا، تاہم اس ماہ اسے پہلی بار سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا، جسے مبصرین سرکاری منظوری اور اعتماد کی واضح علامت قرار دے رہے ہیں۔اس فلم کو کوریَن اپریل 25 فلم اسٹوڈیو نے پروڈیوس کیا ہے، جو شمالی کوریا کی نظریاتی اور انقلابی فلموں کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں کھلے تشدد اور تھرلر انداز کی کہانی کو خاص طور پر غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے۔

    امریکی فلم ساز جسٹن مارٹیل، جنہوں نے گزشتہ سال پیانگ یانگ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی، کا کہنا ہے “پلاسٹک بیگ سے دم گھونٹنے کا منظر میں نے اس سے پہلے کسی شمالی کوریائی فلم میں نہیں دیکھا۔ جزوی عریانی بھی ایک بالکل نیا تجربہ تھا۔”

    فلم کی کہانی 2000 کی دہائی کے وسط میں ترتیب دی گئی ہے اور اس کا مرکزی موضوع ذاتی اور ریاستی غداری ہے۔ پلاٹ کا نقطۂ عروج سابق شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اِل کے قتل کی سازش ہے، جس میں ان کی ٹرین کو دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ بنایا جاتا ہے۔یہ کہانی 2004 میں چین کی سرحد کے قریب ریونگ چون ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے سے مماثلت رکھتی ہے، جسے سرکاری طور پر حادثہ قرار دیا گیا تھا، مگر بیرونِ ملک اسے قتل کی کوشش سے جوڑا جاتا رہا۔فلم کے اختتام پر سازش ناکام ہو جاتی ہے، مرکزی کردار گرفتار ہو جاتا ہے اور واضح پیغام دیا جاتا ہے کہ ریاست سے غداری کا انجام ہمیشہ تباہی ہے۔

    اگرچہ فلم کا مواد اشتعال انگیز ہے، تاہم اس کا پیغام مکمل طور پر ریاستی نظریے کے مطابق ہے۔ غداری تباہی کی طرف لے جاتی ہے اور ریاست سے وفاداری ہی واحد محفوظ راستہ ہے۔ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی کم جونگ اُن کی حکومت کی اس سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ نوجوان نسل کی توجہ حاصل کرنے کے لیے جدید انداز اپنانا ضروری ہو چکا ہے۔

    شمالی کوریا میں فلم کو ہمیشہ غیر معمولی اہمیت حاصل رہی ہے۔ سابق رہنما کم جونگ اِل خود فلمی صنعت کی نگرانی کرتے تھے اور ان کے پاس 15 ہزار سے زائد فلموں کا ذاتی ذخیرہ تھا۔اسی دور میں جنوبی کوریا کی معروف اداکارہ چوئی اُن ہی اور ہدایتکار شن سانگ اوک کو اغوا کر کے پیانگ یانگ لایا گیا، جہاں انہوں نے ریاست کے لیے متعدد فلمیں بنائیں، جن میں مشہور فلم “پلگاساری” بھی شامل ہے۔آج کے شمالی کوریا میں اسمارٹ فونز، ریاستی ایپس اور اندرونی اسٹریمنگ سروسز عام ہو رہی ہیں، جبکہ خفیہ طور پر جنوبی کوریائی ڈرامے اور موسیقی بھی نوجوانوں میں مقبول ہیں۔ اگرچہ ان پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں، مگر ماہرین کے مطابق صرف جبر اب کافی نہیں رہا۔

    “ڈیز اینڈ نائٹس آف کنفرنٹیشن” اسی نئی حکمتِ عملی کا حصہ ہے ، زیادہ سنسنی خیز، زیادہ تاریک، مگر پیغام وہی پرانا،ریاست اور رہنما کے خلاف سازش کا انجام ہمیشہ ہلاکت اور تباہی ہے۔

  • وزیراعلی پنجاب  نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب کا افتتاح کردیا

    وزیراعلی پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب کا افتتاح کردیا

    وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب کا افتتاح کردیا ہے۔

    جھنگ میں امراض دل کے علاج کے لئے جدید ترین کیتھ لیب بن گئی۔ڈسٹرکٹ میں ہارٹ اٹیک کا بروقت اور معیاری علاج ممکن ہوگیا۔جھنگ کیتھ لیب میں انجیو گرافی،انجیو پلاسٹی،پرائمری پی سی آئی کی جائے گی۔جھنگ کیتھ لیب میں عارضی پیس میکر بھی لگائے جا سکیں گے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں نئی کیتھ لیب کا دورہ کیا۔ پری۔ پوسٹ پروسیجر وارڈ،انجیو گرافی وارڈ کا جائزہ لیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کنٹرول روم سے کیتھ لیب میں جاری پروسیجر کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے جدید ترین آپریشن تھیٹر کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے فارمیسی میں ادویات انجیکشن کا معائنہ بھی کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے امراضِ قلب کے مریضوں کی تیمارداری اور جلدصحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے جھنگ اور مضافات کے ممتاز سیال، عصمت اللہ، صالحہ اور ساجدہ سے بات چیت کی۔

    مریضوں نے وزیراعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوچ نہیں سکتے تھے کہ جھنگ میں بھی ہارٹ اٹیک کا علاج ممکن ہوگا۔اب لاہور یا ملتان نہیں جانا پڑے گا،مریم نواز شریف عظیم ماں کی عظیم بیٹی ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف کو ہارٹ اٹیک کے بعد بروقت انجیو پلاسٹی سے روبہ صحت اظہر اقبال نے بہت سی دعائیں دیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ کیتھ لیب کی انتظار گاہ میں تیمارداروں سے گفتگو کی۔کیتھ لیب جھنگ کے عوام کیلئے بہت بڑی مہربانی اور تحفہ ہے، تیمارداروں نے خراج تحسین پیش کیا۔

    صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نزیر نے کیتھ لیب پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر خواجہ عمران نزیر نے وزیر اعلی مریم نواز شریف کو امید سحر کا خطاب دیا۔انہوں نے کہا کہ60 سے 90 منٹ کے گولڈن اور میں ہارٹ اٹیک کے مریض کی جان بچانا ممکن ہوگی۔ چند دن میں 30 مریضوں کا پروسیجر ہوا، 40 مریض صحتیاب ہوکر جاچکے۔ قبل ازیں وزیراعلی مریم نواز شریف کا جھنگ پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیاگیا،راستے میں عوام کا ہجوم امڈ آیا اورجھنگ کے عوام نے ڈھیروں پھول نچھاور کئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں ٹیلی میڈیسن سسٹم متعارف کرانے اورجھنگ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیک سرجری شروع کرانے کا اعلان کیا ہے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کی مارچ سے تعمیر شروع کرنے کابھی اعلان کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جھنگ میں کیتھ لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو ہر قسم کے علاج کی سہولت گھر کی دہلیز پر دیں گے۔جھنگ جیسے دورافتادہ شہر میں کیتھ لیب دیکھ کر خوشی ہوئی، میرا خواب پورا ہوا۔اب غریب امیر کا ایک ہی جیسا علاج ہوگا۔ میرے ذہن میں کوئی تفریق نہیں۔ غربت اور وسائل کی کمی کے شکار افراد کے لئے ہارٹ اٹیک کسی قیامت سے کم نہیں۔مشکل کی گھڑی میں مریض کو شفٹ کرنے کے لئے گاڑیوں کے کرائے بھی ادا کرنے پڑتے ہیں۔ ہارٹ اٹیک ہونے پر 60منٹ کے گولڈن آور میں مریض کو ہسپتال شفٹ کرنے سے جان بچائی جاسکتی ہے۔ جھنگ میں کیتھ لیب دیکھ کربے حد خوشی ہوں، خوشی کے جذبات پر قابو پانا مشکل تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے جھنگ کی کیتھ لیب میں مریض کے پروسیجر کامشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں لوگوں نے بتایا کہ ہارٹ اٹیک ہونے پر مریض لاہور لیجانے کی بجائے جھنگ ہسپتال میں لائے ہیں۔ مریض کو فیصل آباد کارڈیالوجی میں 8 ماہ بعد کی تاریخ ملی، جھنگ میں 48 گھنٹے میں پروسیجر مکمل ہوگیا۔ انتظامیہ کی معاونت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے سختی برتنا پڑتی ہے لیکن سختی ذمہ داری کے بوجھ پر کی جاتی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم عوام کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ پنجاب بھر میں 16 کیتھ لیب کا آغاز ہفتوں اور مہینوں میں کیا۔ساہیوال، مری اور سرگودھا میں کارڈیالوجی کے انسٹی ٹیوٹ بنائے۔ مری میں علاج کے لئے دوردراز علاقوں کے علاوہ کے پی کے سے بھی سے لوگ آتے ہیں۔ ہم نے اپنے دروازے دوسرے صوبوں کے بہن بھائیوں کے لئے کھول رکھے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ جب بھی نیا ہسپتال ڈیزائن کرتے ہیں، دوسرے صوبوں کے مریضوں کی ضرورتوں کو بھی مد نظر رکھتے ہیں۔ لاہور میں 100بیڈ کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال پنجاب کے علاوہ دوسر ے صوبوں کے مریضوں کی ضرورتوں کو بھی مد نظر رکھ کر بنایا جا رہا ہے۔جھنگ میں کیتھ لیب کوباقاعدہ افتتاح سے پہلے ہی فنکشنل کر دیا تا کہ مریضوں کو پریشانی نہ ہوں۔جھنگ میں چند دنوں میں 30 انجیو گرافی اور پلاسٹی پروسیجر ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ہارٹ اٹیک ہونے پر کچھ مریض انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی سے صحت یاب ہوتے اور کچھ کو سرجری کی ضرورت بھی پڑتی ہے۔ جھنگ کیتھ لیب کی فارمیسی میں درکار ضروری اشیاء اور ادویات کے انبار لگے ہیں۔ جھنگ میں الیکٹرک بس کو عوام نے بہت پذیرائی دی، ہزاروں افراد روزانہ سفر کرتے ہیں۔پہلے واسا چند شہروں تک تھا اب جھنگ سمیت درجنوں شہروں میں موجود ہے، پنجاب بھر میں گلی محلے اور گاؤں صاف کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ جھنگ کے پاس صفائی اور نکاسی آب کے لئے اپنی مشینری موجود ہے، جھنگ کیمرہ مانیٹرنگ سیف سٹی بن چکا ہے۔جھنگ میں دیہی اور نیم شہری علاقوں میں بیوٹیفکیشن کے چار پراجیکٹ جلد مکمل کرائیں گے۔جھنگ میں 350 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوچکی ہے، چھ ماہ میں جھنگ ترقی یافتہ شہر کا منظر کا پیش کرے گا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں اب صفائی گھر کی دہلیز تک ہوتی ہے، دروازہ کھٹکھٹا کر کوڑا اکٹھا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 7 لاکھ مریضوں کو انسولین اور دیگر مفت ادویات پہنچاچکے ہیں۔ مریضوں کے لئے ہوم ڈیلیوری میڈیسن اور بھی بڑھائیں گے۔ ڈائیلسز کارڈ کے ذریعے ہر مریض 10لاکھ تک علاج کراسکتا ہے۔ کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے دو کروڑ افراد علاج کرچکے ہیں۔ فیلڈ ہسپتالوں میں ایکسرے، ای سی جی، الٹراساؤنڈ اور سرجریکل پروسیجر بھی ہور ہے ہیں۔پنجاب کے عوام کو 100ارب روپے کی فری ادویات مہیا کررہے ہیں۔ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے اعلان ہوتے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ آرگن ٹرانسپلانٹ مہنگا علاج ہے۔عوام کو ٹرانسپلانٹ کارڈ بھی مہیا کررہے ہیں۔سی ایم بننے پر کارڈیک سرجری کے لئے 15ہزار بچوں کی ویٹنگ لسٹ کا سن کر افسوس ہوا۔پیڈکارڈیک سرجری کے لئے سال بھر سے زیادہ انتظار کرنا پڑتا تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے 10ہزار بچے کارڈیک سرجری کے صحت یاب ہوچکے ہیں، ان میں کے پی کے، سندھ، آزاد کشمیر کے بچے شامل ہیں۔والدین اپنے بچوں کو بہتر علاج کے لئے دوسروں صوبوں سے پنجاب لاتے ہیں۔مریضوں کو فوری علاج کے لئے منتقل کرنیایئر ایمبولینس شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ فالج کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں لاکھوں روپے کا ٹی این کے انجکشن فری لگے گا۔ مراکز صحت کو سٹیٹ آف دی آرٹ کلینک میں بدلنے سے مریضوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ لوگ اب بڑے ہسپتالوں میں جانے کی بجائے قریبی سرکاری کلینک پر آتے ہیں۔ٹیلی میڈیسن سسٹم کے تحت ڈاکٹر فون کی سکرین پر موجود ہوگا۔ پنجاب بھر میں دنیا بھر سے بہترین کنسلٹنٹ ڈاکٹر لارہے ہیں۔ہسپتالوں کی ڈیپ کلینگ کا روزانہ ویڈیو دیکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف میڈیکل سٹی میں ان پیچیدہ بیماریوں کا علاج ہوگا جو یہاں ممکن نہیں تھا۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں چلڈرن ہسپتال، کارڈیالوجی، بلڈ ڈیزیز، ہڈیوں کے پیچیدہ امراض اور جلنے والے مریضوں کابھی علاج ہوگا۔نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ جینٹک / مو ذی امراض کا بھی علاج ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ کینسر کے علاج کے لئے چین سے نئی مشین اور ٹیکنالوجی لائے، ایک گھٹنے میں مریض کینسر فری ہوجاتا ہے۔ کوابلیشن مشین میں کینسر کے علاج کے لئے پروب آلہ 16لاکھ روپے کاآتا ہے، محکمہ ہیلتھ کو 6 ارب روپے دے چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ٹیکنالوجی اورگڈ گورننس ریکارڈ قائم کررہاہے، پنجاب ایسی ماں کے مانند ہے جو خود جاکر تکلیف کاعلاج کرتی ہے۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر اب گھر گھر جاکر لوگوں کا علاج کریں گے اور چھ ماہ میں مکمل ہیلتھ پروفائل بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ عوام کی خدمت کے مشن میں اللہ تعالیٰ کی مددآرہی ہے، بیماری اور تکلیف آجائے تو حکومت کو خود پہنچانا چاہیے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ کے پی کے میں دل کے پیدائشی مریض بچے کے والد نے علاج کے لئے ایپلیں کیں کسی نے مدد نہیں کی۔ کمسن ہارٹ پیشنٹ کے والد نے کہا کاش ہماری وزیراعلیٰ مریم نواز ہوتیں۔میں سمجھتی ہوں جو مریض کے علاج میں غفلت کرتے ہیں انہیں حکومت کرنا کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے فرات کے کنارے کتا پیاسا مر جائے تو حضرت عمرؓ ذمہ دار ہیں تو سی ایم کیسے ذمہ دار نہیں ہوسکتاہے۔ گٹر کا ڈھکن نہ ہونے سے مرنے والوں کا ذمہ دار کون ہے؟کیتھ لیب پراجیکٹ کی تکمیل پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کو مبارکباد دیتی ہوں۔ سیکرٹری ہیلتھ نادیہ ثاقب اور پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈی سی علی اکبر کو بھی کیتھ لیب کی تکمیل پر شاباش دیتی ہوں اور جھنگ میں کرائم کا گراف نیچے لانے پر ڈی پی او اور پوری پولیس ٹیم کو بھی شاباش دیتی ہوں۔

  • میرعلی میں عسکریت پسندوں کا ڈرون حملہ، پانچ افراد زخمی

    میرعلی میں عسکریت پسندوں کا ڈرون حملہ، پانچ افراد زخمی

    شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ڈرون حملے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں تین بچوں اور دو مردوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق حملہ میرعلی کے گاؤں موسکی میں کیا گیا، جہاں ڈرون کے ذریعے دھماکا خیز مواد گرایا گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ اچانک ہوا جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شامل تینوں بچے اور دونوں مرد زیر علاج ہیں تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے ہیں، تاہم بروقت طبی امداد کی وجہ سے کسی کی جان کو خطرہ لاحق نہیں۔

    واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش جاری ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ دہشتگرد عناصر کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔ حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • وزیراعظم کی آئی ایم ایف کے ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات

    وزیراعظم کی آئی ایم ایف کے ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات

    وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر آج سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔

    وزیراعظم نے منیجنگ ڈائریکٹر کو پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری، استحکام کی کوششوں اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، محصولات کو متحرک کرنے اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف کیا اور ان کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے طویل مدتی اقتصادی لچک کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کی رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے عالمی اقتصادی نقطہ نظر، ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور اقتصادی استحکام کے تحفظ میں کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر تبادلہء خیال کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

    علاوہ ازیں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ کی ملاقات ہوئی ہے،فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ خود چل کر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے پاس آئے اور اپنا تعارف کروایا،فلسطین کے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے لئے پاکستان کی مستقل، اصولی اور غیر متزلزل حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا دلی شکریہ ادا کیا،محمد مصطفیٰ نے عالمی فورمز پر فلسطین کے موقف کی حمایت اور فلسطین کاز کیلئے پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا.

  • منو بھائی کی اہلیہ چل بسیں، نماز جنازہ کل لاہور میں

    منو بھائی کی اہلیہ چل بسیں، نماز جنازہ کل لاہور میں

    معروف ادیب، کالم نگار اور سندس فاؤنڈیشن کے چیئرمین منو بھائیؔ مرحوم کی اہلیہ چل بسیں

    خاندانی ذرائع کے مطابق منو بھائیؔ مرحوم کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ کل صبح 10 بجے 364 ریواز گارڈن، لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، ادبی شخصیات اور صحافیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
    ادبی و صحافتی حلقوں نے منو بھائیؔ مرحوم کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نامور شاعر، دانشور اور ادیب منّو بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے،صدرِ مملکت نے منّو بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کیا ہے،صدر زرداری نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ اللّہ تعالیٰ اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے،