Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • دبئی ائیر شو میں بھارتی طیارہ تیجس گر کر تباہ، بھارتی عوام کا شدید ردعمل

    دبئی ائیر شو میں بھارتی طیارہ تیجس گر کر تباہ، بھارتی عوام کا شدید ردعمل

    دبئی ائیر شو میں بھارتی طیارہ تیجس گر کر تباہ، بھارتی عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے

    بھارتی عوام نے تیجس کی ناکامی پر فضائیہ کی نااہلی اور قیادت کی غفلت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا،بھارتی ایئر چیف کے غیر سنجیدہ رویے پر عوام کا غصہ، پیشہ ورانہ نااہلی پر فوری برطرفی کا مطالبہ کر دیا، لوگ تیجس کے گرنے کو حکومتی نالائقی اور دفاعی تباہ حالی کی علامت قرار دینے لگے،بھارتی عوام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ فضائیہ کے سربراہ کا پیشہ ورانہ نظم و ضبط کے بجائے بالی ووڈ انداز کے بیانات کا یہی نتیجہ نکلتا ہے،تیجس کی تباہی پوری دنیا کے سامنے ہمارے لیے ایک بڑی توہین ہے، بھارتی فضائیہ کے سربراہ کو فوراً عہدے سے ہٹا دینا چاہیے، پاکستان کی کامیابی کو اُجاگر کرنے والی امریکی کانگریس کی رپورٹ کے بعد مودی کو بھی استعفیٰ دے دینا چاہیے، مودی کا ’’میک اِن انڈیا‘‘ محض ایک دکھاوا ہے جبکہ گرنے والے طیارے کرپشن کی پول کھول رہے ہیں،

    تیجس کے حادثے نے ’’میک اِن انڈیا‘‘ کے کھوکھلے دعوؤں اور کرپشن زدہ دفاعی صنعت کا پردہ چاک کر دیا

  • سنگین جرائم میں مطلوب  اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار کر لیا گیا

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول کی بڑی کاروائی، قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتارکرلیا، ملزم محمد موسی کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے اسلام آباد ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔گرفتار ملزم گزشتہ 3 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا،ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت تھانہ اوٹی مبارک، ڈی جی خان میں مقدمہ درج تھا،ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا،ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی،

  • وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس

    وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس ہوا

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریلوے کا نظام کسی بھی ملک کی معیشت اور مواصلات کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ریلوے نظام کی بحالی کی طرف اٹھائے جانے والے اقدامات لائق تحسین ہیں،وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور آپ گریڈیشن کے حوالے سے وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ان کی ٹیم کی ستائش کی،وزیراعظم نے پاکستان ریلوے خصوصاً علاقائی روابط اور بین الاقوامی ٹرین لنکس کے منصوبوں کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے قانونی اور معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے ریلوے کے پراپرٹی اور زمین کے معاملات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اختیار کرنے کی ہدایت کی،

    اجلاس کو پاکستان ریلویز کی بہتری کے حوالےسے اٹھائے جا رہے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے "رابطہ” کے 7 ڈیجیٹل پورٹلز کام کر رہی ہیں ؛56 ٹرینوں کو رابطہ پر منتقل کیا گیا ہے۔54 ریلوے اسٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ مزید 48 ریلوے اسٹیشنوں پر 31 دسمبر، 2025 مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فریٹ آن لائین بکنگ سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے ڈیجیٹل وہیئنگ برج ( digital wiehging bridge ) کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ؛اگلے مرحلے میں یہ سہولت پپری، کراچی چھاؤنی ، پورٹ قاسم ، لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشنوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن میں مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والے 148 سرویلنس کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں پر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جارہی ہیں۔ریلوے اسٹیشنوں کے صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے آؤٹ سورسنگ کی گئی ہے ۔بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لئے اعلیٰ معیار کی انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں ل۔مسافروں کی سہولت کے لئے ریلوے اسٹیشنوں پر انفارمیشن ڈیسکس بنائے گئے۔
    ریلوے اسٹیشنوں پر کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کے معیار بہتر بنانے کے حوالےسے چاروں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیوں کو رسائی دی گئی ہے۔

    اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 4 ٹرینوں کا آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے جبکہ جلد ہی مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا اس حوالے سے اشتہار جاری ہو چکا ہے؛ اس آؤٹ سورسنگ کے باعث 8.5 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے ۔40 لگیج اور بریک وینز کو بھی آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس کے باعث 820 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔2 کارگو ایکسپریس ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ بھی ہو رہی ہے جس کے باعث 6.3 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔ لاہور، کراچی، ملتان ، پشاور ، کوئٹہ اور سکھر میں ریلوے اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے۔ ریلوے کے اسکولوں ، کالجوں، اور ریسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ پر بھی کام جاری ہے۔ لاہور، اسلام آباد اور اذاخیل میں قائم ریلوے کے ڈرائی پورٹس بھی آؤٹ سورس ہو رہے ہیں۔ 155ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے ۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ریلوے کنسٹرکشنز پاکستان لمیٹیڈ، پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی اور پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کنسلٹینسی سروس کو بند کیا جا چکا ہے ۔ریلوے کی مین لائین-ون کے کراچی-کوٹری سیکشن، اور مین لائین- تھری کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے لائحہء عمل ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ تھر ریل کنیکٹی ویٹی کے منصوبہ کے حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔اسلام آباد -تہران-استبول ٹرین کا جلد آغاز ہو گا ۔قازقستان -ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریل منصوبے کے حوالے سے بھی ابتدائی کام ہو رہا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

  • پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا عالمی سطح پر اعتراف، بھارت میں صف ماتم

    پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا عالمی سطح پر اعتراف، بھارت میں صف ماتم

    معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا عالمی سطح پر اعتراف، بھارت میں صف ماتم بچھ گئی

    امریکی کانگریس کی رپورٹ میں آپریشن سندور کی ناکامی کے اعتراف پر بھارتی رہنماؤں نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا،امریکی کانگریس کی رپورٹ پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما جے رام رمیش مودی پر برس پڑے، بھارتی رہنما جے رام رمیش کا کہنا تھا کہ؛ امریکی کانگرس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں کوئی دہشت گرد حملہ نہیں ہوا،رپورٹ کہتی ہے کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی جیت ہوئی ہے، جبھارتی شکست پر مودی کو اپنی مجرمانہ خاموشی توڑنی چاہیے، عالمی سطح پر پہلگام حملے کو انتہا پسند حملہ کہنا ہمارے بیانیہ پر بڑا دھچکا ہے، امریکی کانگریس کی رپورٹ ہمارے سفارتی وفد کی اہلیت پر بھی سوالات اٹھاتی ہے، یہ رپورٹ جنگی میدان میں پاکستان کی بھارت پر فتح کی بات کرتی ہے،

    امریکی کانگرس کی رپورٹ نے بھارت کے سارے جھوٹ اور منافقانہ موقف اڑا کے رکھ دیے ہیں،معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی پسپائی کا اعتراف دنیا پہلے ہی کر چکی ہے ،پاکستان نے 7بھارتی طیارے زمین بوس اور متعدد اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی عسکری فتح کو منوایا

  • تمام سیاسی کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں آئیں جماعت اسلامی کے ساتھ چلیں،حافظ نعیم

    تمام سیاسی کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں آئیں جماعت اسلامی کے ساتھ چلیں،حافظ نعیم

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ خاندانوں، وراثت اور وصیت پر چلنے والے کبھی کوئی بڑا انقلاب نہیں لاسکتے۔

    گریٹر اقبال پارک میں جماعت اسلامی کا تین روزہ "بدل دو نظام ” اجتماع عام ، ہزاروں افراد شریک ہیں،لاہور میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، انسان ہونے کے ناتے ہم سب کو برابری کی سطح پر رکھیں گے، بدل دو نظام کا مطلب یہ ہے کہ اب جاگیرداروں کا نظام نہیں چلے گا، نظام وہ چلے گا جو اللّٰہ کی مرضی کا ہو گا، جدوجہد کبھی غیر منظم نہیں ہوتی، گلی گلی محلے محلے جائیں گے، نظام کا شعور پیدا کریں گے، جماعت اسلامی میں قیادت اور کارکن میں فاصلہ نہیں ہوتا، جماعت اسلامی مڈل کلاس جماعت ہے، جماعت اسلامی میں غریب، امیر، مزدور کسان سب ہیں، کونسی پارٹی ہے جس میں جمہوریت ہے، نوجوان چاہتے ہیں کہ حالات تبدیل ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی قدر کریں، سیاسی ورکرز کی عزت کریں، اختلاف کو اختلاف کی جگہ پر رکھیں، حقیقی انقلاب کے لیے تمام سیاسی کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں آئیں جماعت اسلامی کے ساتھ چلیں۔ موجودہ نظام عوام کو ریلیف نہیں دے سکتا، ظلم کا یہ نظام اب مزید نہیں چل سکے گا، سازشوں یا فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئیں گے،جماعت اسلامی انکلوسیو ہے، سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ساتھ لے کر نظام کی تبدیلی کیلئے تیار ہیں

  • لکی مروت میں 10،ڈی آئی خان میں 3 دہشتگرد جہنم واصل،بلوچستان میں گرفتاریاں

    لکی مروت میں 10،ڈی آئی خان میں 3 دہشتگرد جہنم واصل،بلوچستان میں گرفتاریاں

    ملک کے مختلف حصوں، بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز، ایف سی، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جن میں کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف جھڑپوں میں دہشتگردوں کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں جن میں پانچ افراد کو دہشتگردی میں معاونت اور کالعدم تنظیموں سے روابط کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ تمام افراد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کی وابستگیوں کی سرکاری تصدیق ابھی باقی ہے۔خضدار میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس کے دہشتگرد عناصر سے تعلقات کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کی شناخت کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

    خاران میں کچھ عرصہ قبل لاپتا ہونے والے سخی عرف سربلند مینگل کی واپسی کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ متعلقہ اداروں کی تحویل میں تھے اور پوچھ گچھ کے بعد گھر پہنچ گئے ہیں۔ وہ زیرِ علاج ہیں جبکہ سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ بیان تاحال سامنے نہیں آیا۔

    ڈیرہ بگٹی ٹاؤن اور نواحی علاقوں میں ایف سی اور سی ٹی ڈی نے رات گئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں جن میں 15 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض گرفتار افراد کی آپس میں قریبی رشتہ داری بھی ہے۔ مشتبہ افراد کو نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ شناخت اور مبینہ روابط کی تصدیق جاری ہے۔

    کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) نے تربت کے علاقے میری بگ میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دعویٰ کے مطابق ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔سرکاری سطح پر دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

    بی ایل اے نے ہی مستونگ کے علاقے زیلی کے قریب معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کا دعویٰ کیا ہے۔ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔سرکاری اداروں نے اس دعوے کی تاحال تصدیق نہیں کی۔

    بنوں کے علاقے ڈومیل، لال چوک میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کی جس میں مقابلے کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے، جن میں ایک اہم کمانڈر رسول عرف کمانڈر آریانا بھی شامل ہے۔ابتدائی مقابلے میں دو دہشتگرد موقع پر ہلاک ہوئے،باقی دہشتگرد ایک گھر میں مورچہ زن ہوئے،دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو شہری شہیدہوئے،علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔

    وانا کے علاقے گورا گورا میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سابق پولیس اہلکار حیات اللہ موقع پر شہید ہو گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ہلاک دہشتگرد متعدد حملوں اور دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ڈی آئی خان میں ایک الگ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ "عزمِ استحکام” کے تحت آپریشنز جاری رہیں گے اور بیرونی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم برقرار ہے۔

  • ایبٹ آباد،مسافر وین کھائی میں گر گئی،5 افراد کی موت

    ایبٹ آباد،مسافر وین کھائی میں گر گئی،5 افراد کی موت

    ایبٹ آباد میں مسافر وین کھائی میں گرنے سے باپ بیٹا سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثہ ایبٹ آباد کے علاقے بیرن گلی کے قریب پیش آیا جہاں مسافر وین کھائی میں گرگئی،وین کھائی میں گرنے سے باپ بیٹا سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا،ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی گاڑیاں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی تھیں،لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

  • لاہور میں جائیداد کے تنازع پر دو افراد قتل،ملزم گرفتار

    لاہور میں جائیداد کے تنازع پر دو افراد قتل،ملزم گرفتار

    مصری شاہ میں جائیداد کے تنازع پر 2 افرادکی جان لے لی گئی ہے

    پراپرٹی کے تنازع پر ہونے والے اقبال گجر قتل کیس میں لاہور پولیس نے انتہائی تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے صرف 12 گھنٹوں میں ملزم فیاض کو گرفتار کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر رانا حسین طاہر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

    ایس ایچ او تھانہ چوھنگ اور ان کی ٹیم نے ملزم فیاض کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔پولیس نے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا۔تھانہ چوھنگ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مقتول اقبال گجر امن کمیٹی کے سابق چیئرمین تھے، جنہیں ملزم نے زمین کے تنازع پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا "قتل جیسے سنگین جرم میں ملوث افراد کی جگہ صرف جیل ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”

  • بنوں ڈومیل آپریشن،5 دہشت گردہلاک،دو شہری شہید

    بنوں ڈومیل آپریشن،5 دہشت گردہلاک،دو شہری شہید

    بنوں کے علاقے ڈومیل ہلال چوک میں سی ٹی ڈی کی گاڑی پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے بعد سیکیورٹی صورتحال شدید کشیدہ ہو گئی۔ فائرنگ کے بعد عسکریت پسند قریبی گھر میں داخل ہوکر چھپ گئے، جس پر سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر تقریباً آٹھ گھنٹوں پر مشتمل کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق عسکریت پسندوں نے مزاحمت کے دوران دو مقامی شہریوں کو شہید کیا۔ جوابی کارروائی میں مجموعی طور پر پانچ عسکریت پسند مارے گئے، جن میں سے ایک کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دیگر ہلاک عسکریت پسندوں کی شناخت جاری ہے۔آپریشن کے دوران مارے گئے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا،

  • سرگودھا میں پولینڈ کی لڑکی کا پاکستانی نوجوان سے نکاح

    سرگودھا میں پولینڈ کی لڑکی کا پاکستانی نوجوان سے نکاح

    سرگودھا: دیارِ غیر سے محبت کی ایک اور انوکھی داستان حقیقت بن گئی۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک غیر ملکی خاتون پاکستان پہنچ کر سرگودھا کے رہائشی نوجوان مطیع اللّٰہ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں بندھ گئی۔

    ذرائع کے مطابق پولینڈ کی یہ خاتون گزشتہ چند ماہ سے مطیع اللّٰہ کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں تھیں۔ دونوں کے درمیان دوستی نے رفتہ رفتہ گہری سمجھ بوجھ اور اعتماد کی بنیاد رکھی، جس کے بعد خاتون نے پاکستان آ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔سرگودھا پہنچنے پر خاتون نے نہ صرف مطیع اللّٰہ سے نکاح کیا بلکہ اسلام قبول کرتے ہوئے اپنا نیا اسلامی نام ’’مریم‘‘ اختیار کر لیا۔ نکاح کی سادہ مگر خوبصورت تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں دلہا کے عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق مریم پاکستانی روایات، رہن سہن اور خاندانی نظام سے خاصی متاثر نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مطیع اللّٰہ کے خاندان نے انہیں بے حد محبت اور احترام دیا جس نے پاکستان آنے کے ان کے فیصلے کو مضبوط کر دیا۔نکاح کے بعد دونوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز اللہ کے نام سے کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ رشتہ محبت، بھروسے اور اعتماد کے ساتھ مضبوطی سے آگے بڑھے گا۔سوشل میڈیا پر اس جوڑے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں اور پاکستانی صارفین ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔