Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے نہال ہاشمی سے گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔

    تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ، مرتضیٰ وہاب اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری حکام اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مہمانوں نے نئے گورنر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر صوبائی قیادت نے امید ظاہر کی کہ نئے گورنر صوبے کی ترقی کے لیے مثبت اقدامات کریں گے۔

    یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روزنہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آج باقاعدہ طور پر ان کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔

  • حالیہ مشرق وسطیٰ جنگ میں پاکستان کا ابھرتا کردار دنیا دیکھ رہی ہے ،خالد مسعود سندھو

    حالیہ مشرق وسطیٰ جنگ میں پاکستان کا ابھرتا کردار دنیا دیکھ رہی ہے ،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ حالیہ مشرق وسطیٰ جنگ میں پاکستان کا ابھرتا کردار دنیا دیکھ رہی ہے ،وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب واضح پیغام ہے کہ حرمین الشریفین کی حفاظت پاکستان اولین فریضہ سمجھتا ہے، افغانستان کی عبوری حکومت دہشتگردوں کو نہیں روکے گی تو پاکستان اپنا دفاع کرتا رہے گا، لکی مروت میں پولیس موبائل حملے میں چھ اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انجنئیر اعجاز نصر ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات طہٰ منیب ،احمد اجمل و دیگر نے بھی خطاب کیا، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ اسرائیل و امریکہ کے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہو چکا ہے، ایرانی و امریکی حملے قابل مذمت تو وہیں ایران کی اسلامی ممالک پر جوابی کاروائی بھی درست نہیں،پاکستان کی جانب سے قیام امن کی کوشش قابل قدر ہے، تاہم جنگ کی آڑ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے،مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، عوامی جذبات،حقوق کی ہمیشہ ترجمانی کرتی رہے گی، میڈیا کا معاشرے کی اصلاح میں انتہائی اہم کردار ہے،مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے لئے بھی تربیتی پروگرامز لا رہی ہے،

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم متحد ہے،افغانستان کی عبوری حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے نہیں روکے گی تو پاکستان دفاع کا حق استعمال کرے گا، لکی مروت میں پولیس موبائل پر حملے میں شہید 6 اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار افسوس اور شہداکے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں.

  • تہران میں یومِ القدس ریلی کے دوران دھماکے، ایک خاتون کی موت

    تہران میں یومِ القدس ریلی کے دوران دھماکے، ایک خاتون کی موت

    تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں آج یومِ القدس کے موقع پر نکالی جانے والی بڑی ریلی کے دوران ہونے والے حملے میں ایک خاتون کی موت ہوئی ہے

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ریلی کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اس مہلک حملے کا الزام امریکہ اور اسرائیل پر عائد کیا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز اسرائیل کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ وہ تہران میں بعض مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب ہزاروں افراد فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منعقد ہونے والی یومِ القدس ریلی میں شریک تھے۔ دھماکوں کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر موجود رہے اور ریلی جاری رہی۔

    یاد رہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے جمعرات کو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے پہلے پیغام میں عوام سے یومِ القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی، جس کے بعد ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ تہران پہنچے۔

    ریلی میں ایران کی اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں صدر مسعود پزشکیان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر معروف عالم دین علیرضا اعرافی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات کے باعث اس سال کی یومِ القدس ریلی گزشتہ برسوں سے مختلف ہےان کا کہنا تھا کہ “ہم سپریم لیڈر کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے دشمن کو للکارنے والی عوامی موجودگی پر قوم کے شکر گزار ہیں۔”حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ریلی کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں 3 ماہ کے دوران 66 دہشتگردانہ حملے

    خیبر پختونخوا میں 3 ماہ کے دوران 66 دہشتگردانہ حملے

    خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران دہشت گردوں نے 66 حملے کئے جن میں پولیس تھانوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب صوبے کی حکومت نے ان حملوں سے نمٹنے کیلئے پولیس کو مزید وسائل دینے کا اعلان کردیا۔

    وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سمیت دیگر حکام کی شرکت کی۔حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ تین ماہ میں دہشت گردوں نے 66 حملے کئے، ان حملوں میں سرکاری فورسز کو نشانہ بنایا گیا، تھانوں پر ڈرون گرائے گئے، دہشت گردوں نے جانی نقصان سے بچنے کیلئے ڈرون کی ٹیکنالوجی اختیار کی، ڈرون کے علاوہ آئی ای ڈی لگانے کا ٹرینڈ بھی نقصان کا باعث بنا۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مقابلے کیلئے پولیس کو وسائل دے رہے ہیں، مشکل علاقوں میں پولیس کو بکتربند گاڑیاں اور اسلحہ دے دیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس بتائے جو بھی درکار ہوگا اگلے کابینہ اجلاس میں مزید ضروریات بھی منظور کرلیں گے، دہشت گردوں کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر بھی پولیس اور دیگر فورسز کو انگیج کررہے ہیں، عید الفطر کے بعد صوبے میں قبضہ مافیا کیخلاف ایک بڑی مہم شروع کرنے جارہے ہیں۔

  • نیٹو نے ترکی کی فضائی حدود میں تیسرا ایرانی میزائل ناکارہ بنایا

    نیٹو نے ترکی کی فضائی حدود میں تیسرا ایرانی میزائل ناکارہ بنایا

    نیٹو نے ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد ترکی کے فضائی حدود میں تیسرے ایرانی میزائل کو ناکارہ بنایا ہے، ترکی کے وزارت دفاع نے جمعہ کو اعلان کیا۔

    وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا، "ایران سے داغا گیا ایک بیسٹک میزائل جو ترکی کے فضائی حدود میں داخل ہوا، نیٹو کی مشرقی بحیرہ روم میں تعینات فضائی اور میزائل دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے غیر مؤثر بنا دیا گیا۔” اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔پیر کو میزائل ناکارہ بنانے کے بعد، ترک صدر رجب طیب اردگان نے ایران کو مزید "تحریک انگیز اقدامات” سے باز رہنے کی تنبیہ کی تھی۔ ایران نے بعد میں اس بات کی تردید کی کہ اس نے ترکی کی طرف کوئی میزائل داغا۔

    صدراردگان نے اس سے قبل کہا تھا کہ ترکی کی افواج جنگ کے آغاز سے ہی الرٹ ہیں اور ملک کی فضائی حدود کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے، جس میں F-16 لڑاکا طیارے، فضائی پیشگی انتباہی طیارے اور ایندھن فراہم کرنے والے طیارے شامل ہیں۔

  • عراق میں چار ہلاکتوں کے بعد ایران جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں 11 تک پہنچ گئیں

    عراق میں چار ہلاکتوں کے بعد ایران جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں 11 تک پہنچ گئیں

    مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران جنگ کے دوران امریکی فوج کو ایک اور بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کے بعد ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جمعرات کو مغربی عراق میں امریکی فضائیہ کا ایک ری فیولنگ طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے چار ارکان ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے کے بعد ایران جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہوگئی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں چھ افراد سوار تھے۔ چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دو دیگر اہلکار لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ Boeing KC-135 Stratotanker تھا جو امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ مشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ابتدائی بیان میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ حادثہ نہ تو دشمن کی فائرنگ اور نہ ہی فرینڈلی فائر کا نتیجہ تھا بلکہ اس میں ایک دوسرے امریکی ٹینکر طیارے کا بھی کردار بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

    اس سے قبل یکم مارچ کو حملے میں چھ امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ ایک اور فوجی سعودی عرب میں رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ہفتہ کو دم توڑ گیا تھا۔

  • سری لنکن ایئرلائنز کے سابق سی ای او گرفتار

    سری لنکن ایئرلائنز کے سابق سی ای او گرفتار

    سری لنکا کی قومی فضائی کمپنی سری لنکا ایئر لائن کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کپیلا چندر سینا کو مبینہ طور پر 20 لاکھ امریکی ڈالر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    یہ گرفتاری سری لنکا کے انسدادِ بدعنوانی ادارے نے کی، جو ایئربس طیاروں کی خریداری کے معاہدے سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے،حکام کے مطابق جمعرات نے روز چندرا سینا کو حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات میں یہ الزام سامنے آیا ہے کہ انہوں نے ایئر بس سے طیاروں کی خریداری کے معاہدے کے سلسلے میں مبینہ طور پر 20 لاکھ ڈالر کی رشوت قبول کی۔انسدادِ بدعنوانی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری سری لنکن ایئرلائنز کے لیے ایئربس طیاروں کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کی تحقیقات کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق اس معاہدے میں ممکنہ بدعنوانی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • افغان فضائی حملے کا دعویٰ بے بنیاد ، کوہاٹ میں ڈرون حملہ ناکام

    افغان فضائی حملے کا دعویٰ بے بنیاد ، کوہاٹ میں ڈرون حملہ ناکام

    اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ فیکٹ چیک میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر مبینہ فضائی حملے کے دعوے کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا گیا ہے۔

    افغانستان کی وزارتِ دفاع کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور افغان میڈیا ادارے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ 13 مارچ 2026 کی صبح افغان حکام نے خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پاکستانی فوج کے اہم عسکری اہداف پر کامیاب جوابی ڈرون اور فضائی حملے کیے۔ دعوے کے مطابق مبینہ حملوں میں کوہاٹ کا فوجی قلعہ، وار کمانڈ سینٹر، کمانڈر کا دفتر، اسلحہ ڈپو اور فوجیوں کی رہائش گاہیں نشانہ بنائی گئیں جس سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
    تاہم وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق یہ دعویٰ حقائق کے منافی ہے اور اس کا مقصد گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانا ہے۔ حکام کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے عناصر نے کوہاٹ میں تین ابتدائی نوعیت کے ڈرون استعمال کرنے کی کوشش کی۔

    پاکستانی سکیورٹی اداروں نے مؤثر الیکٹرانک وارفیئر اقدامات کے ذریعے ان ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا جس کے باعث وہ ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی گر گئے۔ گرنے والے ملبے سے دو شہری معمولی زخمی ہوئے، تاہم کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق استعمال کیے گئے ڈرون عام مارکیٹ میں دستیاب نگرانی کے ڈرون تھے جنہیں بارودی مواد لے جانے کے لیے تبدیل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں افغان طالبان نے اس کارروائی کی ذمہ داری بھی قبول کی۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق ماضی میں بھی افغان وزارتِ دفاع اور بعض سرکاری ترجمانوں کی جانب سے اس نوعیت کی غلط معلومات اور پروپیگنڈا پھیلایا جاتا رہا ہے۔فیکٹ چیک رپورٹ کے مطابق افغان طالبان اور بعض میڈیا اداروں کے دعوے دراصل ایک جھوٹا بیانیہ قائم کرنے کی کوشش ہیں تاکہ داخلی سطح پر کامیابی کا تاثر دیا جا سکے اور افغان عوام کو گمراہ رکھا جائے۔

    حکام نے واضح کیا کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملکی دفاع کو یقینی بنا رہے ہیں اور کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ افغان طالبان پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں براہِ راست ملوث عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں

  • سینئر اداکار  شجاعت ہاشمی چل بسے

    سینئر اداکار شجاعت ہاشمی چل بسے

    پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج رات 9 بجے جامع نعیمیہ گڑھی شاہو میں ادا کی جائے گی، جہاں اہل خانہ، عزیز و اقارب، شوبز شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔شجاعت ہاشمی پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کا ایک معتبر نام تھے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اداکاری اور صداکاری کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں اور اپنے منفرد اندازِ اداکاری کی بدولت شائقین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔

    وہ خصوصاً کلاسک ٹی وی ڈرامہ وارث میں اپنے یادگار کردار کے باعث بے حد مقبول ہوئے۔ اس ڈرامے کو پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ کے کامیاب ترین اور بااثر ڈراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 1979 میں ریلیز ہونے والی فلم خاک اور خون میں بھی اہم کردار ادا کیا جسے ناظرین نے بے حد سراہا۔فن اور ثقافت کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 1994 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔ یہ ایوارڈ ملک کے نمایاں فنکاروں اور شخصیات کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

  • تہران میں یومِ القدس ریلی کے قریب دھماکے

    تہران میں یومِ القدس ریلی کے قریب دھماکے

    تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں یومِ القدس کی بڑی ریلی کے قریب دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    ایرانی ریاستی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق دھماکے وسطی تہران میں اس مقام کے قریب سنے گئے جہاں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد جمع تھے۔یومِ القدس مارچ میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہیں، اس دوران ایک دھماکے کے بعد قریب ہی دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ مظاہرین نعرے بازی جاری رکھے ہوئے تھے۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال سخت کر دی گئی۔

    دوسری جانب اسرائیل نے تہران کے بعض علاقوں کے لیے ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو وہاں سے فوری طور پر نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے فارسی زبان میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ شہری اپنی حفاظت کے پیش نظر نقشے میں دکھائے گئے علاقوں کو فوری طور پر خالی کر دیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں تہران کے مخصوص مقامات پر فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ یومِ القدس ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعے کو منایا جاتا ہے جس میں دنیا بھر میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مظاہرے کیے جاتے ہیں۔ ایران میں اس دن بڑے پیمانے پر عوامی اجتماعات منعقد ہوتے ہیں جن میں حکومتی و مذہبی قیادت بھی شریک ہوتی ہے۔