Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • کرغزستان کے صدر  2  روزہ  دورے  پر اسلام آباد پہنچ گئے

    کرغزستان کے صدر 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

    کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے،

    صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی کرغزستان کے صدر کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ کرغزستان کے صدر طیارے سے باہر آئےتو صدر مملکت آصف علی زرداری ان سے بغلگیر ہوئے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ان سے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کو پھول پیش کئے۔کرغزستان کے صدر کا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کرغزستان کے صدر کو اسلام آباد پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

    صدر صادر ژپاروف دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہیں۔ دورے کے دوران کرغزستان کے صدر اسلام آباد میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ کرغزستان کے صدر کے ساتھ وفد میں اعلیٰ سرکاری عہدیدار اور کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں

  • پی آئی اے کی بِڈنگ 23 دسمبر 2025 کو ہوگی، وزیرِ اعظم

    پی آئی اے کی بِڈنگ 23 دسمبر 2025 کو ہوگی، وزیرِ اعظم

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پی آئی اے کی نجکاری میں بِڈنگ میں حصہ لینے والے تمام بڈرز کی ملاقات آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہوئی.

    اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، سردار اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. ملاقات میں پی آئی اے کی بِڈنگ میں شرکت کرنے والے تمام بِڈرز نے شرکت کی. شرکاء نے حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پیشہ ورانہ اور شفاف طریقہ کار کی تعریف کی.وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی نجکاری میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے، نجکاری کیلئے بِڈنگ ملک بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی، پی آئی اے کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے اور قومی ایئرلائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نجکاری کا عمل سہل طور سے جاری ہے.انشاء اللہ جلد پی آئی اے ایک مرتبہ پھر سے "گریٹ پیپل ٹو فلائی وِد” (Great People to Fly With)کی اپنی روایات پر پورا اترنے لگے گا.پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا رہے ہیں، بِڈنگ ملک بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی،پی آئی اے کی دنیا بھر میں پروازوں کی بحالی سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولت ہوگی. پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کیلئے بھی قومی ائیر لائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے.پر امید ہیں کہ آپ میں سے جو بھی بِڈنگ کے بعد اس اہم ذمہ داری کو سنبھالے گا وہ قومی ائیر لائن کے تشخص کی بحالی اور اسکی ترقی پر اپنی بھرپور توانائیاں مرکوز کرے گا. پی آئی اے کی بِڈنگ 23 دسمبر 2025 کو ہوگی جسکو تمام میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گی.

  • حکومتوں کو عوامی مسائل سے دلچسپی نہیں،نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا،  تابش قیوم

    حکومتوں کو عوامی مسائل سے دلچسپی نہیں،نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا، تابش قیوم

    مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ہے کہ انٹراپارٹی انتخابات کا پہلا فیز جاری ہے،حکومتوں کو عوامی مسائل سے دلچسپی نہیں، مرکزی مسلم لیگ انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد یوسی سطح پر خدمت کمیٹیاں بنا کر عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گی،پنجاب میں ایک دہائی سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، کرپشن کے خاتمے کے لئے دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے، سیاست چند خاندانوں کی میراث نہیں، نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا، نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دے کر بے روزگاری کا خاتمہ کر رہے ہیں،

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر شیخ فیاض احمد، مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ کے نائب صدر راشد علی سندھو،ضلعی سیکرٹری جنرل چوہدری شوکت علی ورک بھی موجود تھے، تابش قیوم کاکہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی علمبردار سیاسی جماعت ہے، ہم خدمت کو سیاست کا بنیادی جزو سمجھتے ہیں، مرکزی مسلم لیگ کی سیاست کا انداز یکسر مختلف ہے، دوران سیلاب مرکزی مسلم لیگ نے ریسکیو و ریلیف کا کام کیا، سہولت بازارقائم کئے گئے، رمضان میں سحر و افطار دسترخوان ملک بھر میں لگائے گئے، ہم سمجھتے ہیں کہ یونین کونسل کی سطح پر شہریوں کے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے میں حکومتوں کی دلچسپی نہیں،اسی لئےبلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جا رہے، ،پنجاب حکومت بھی بلدیاتی الیکشن نہیں کروا رہی، ہم نے قومی اسمبلی کی سطح پربھی دیکھ لیا کہ کس طرح سیلیکشن ہوتی ہیں،جمہوری روایات کی حالت آج سب کے سامنے ہے،تابش قیوم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کو حل کرنے کا واحد حل نوجوانوں کو قیادت دیں انکی تربیت کریں، اپنی مدد آپ کے تحت معاشرے کے مسائل کو حل کریں،ہم سیاست کی ایسی بنیاد رکھیں گے جس کے سامنے کوئی ایسا نظام کھڑا نہ رہ سکے جو کرپشن پر مبنی ہو، ہمارا نعرہ ہے عوام کو اختیار دو ، اسکی عملی مشق ملک بھر میں انٹرا پارٹی انتخابات کر رہے ہیں، ملک بھر کی 500 یوسز میں انٹرا پارٹی انتخابات ہو رہے ہیں،مرکزی مسلم لیگ کے عہدیدار خدمت کے پروگرام شروع کریں گے اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کے لئے مثال بنیں گے ، کوئی بھی شخص جس نے مرکزی مسلم لیگ کا رکنیت کا فارم جمع کروایا ہے وہ ووٹ دے سکتا ہے،یونین کونسل کا صدر ایک پینل منتخب کرے گا جس میں ایک خاتون بھی شامل ہو گی،ایک کمیٹی بنے گی جو خدمت کے کام کرے گی،تابش قیوم کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ غیر جماعتی انداز سے بالکل درست نہیں، سیاسی جماعتوں کو موقع دینا چاہئے، ہم نے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کئے،ڈیجیٹل روزگار پروگرام شروع کیا صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ کے نام سے نوجوانوں کو آئی ٹی، فری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہے ہیں، ہم پورا ایجنڈہ رکھتے ہیں کہ کس طرح وہ کام کر سکتے ہیں جو حکومت نے کرنے ہیں،مرکزی مسلم لیگ میں ہر پاکستانی شہری شامل ہو سکتا ہے ،ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں، جو بھی شخص کسی بھی قوم،برادری،مسلک سے تعلق رکھتا ہے رکن بن سکتا ہے،نوجوانوں کو باتیں اور کہانیاں سنا کر ساتھ نہیں چلایا جا سکتا بلکہ عملی کام کرنا پڑتا ہے،جب عملی طور پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے تو لوگ ساتھ جڑیں گے،

    اس موقع پر شیخ فیاض احمد کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالہ سے بہت بڑی روایت قائم کر رہی ہے، اپنی جماعت کے اندر نئی قیادت کو موقع دے رہی ہے،باقی جماعتوں کو بھی کہتے ہیں کہ وہ اپنی جماعتوں میں جمہوری سسٹم رائج کریں، پاکستان کی سیاست چند ہاتھوں اور خاندانوں میں نہیں ہونی چاہئے،

  • قومی اسمبلی و سینیٹ کی کی قائمہ کمیٹی میں آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ زیر بحث

    قومی اسمبلی و سینیٹ کی کی قائمہ کمیٹی میں آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ زیر بحث

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں آئی ایم ایف کی رپورٹ پر بحث کے دوران نوید قمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ صرف حکومت کیخلاف فرد جرم نہیں اس میں پارلیمنٹ بھی شامل ہے۔

    نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں نوید قمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ پارلیمنٹ اور حکومت کے خلاف ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس رپورٹ کو کسی کے خلاف نہ سمجھا جائے، یہ تشخیصی رپورٹ حکومت کی درخواست پر تیار کی گئی،رپورٹ میں 15 ترجیحی سفارشات دی گئی ہیں، ایسی رپورٹس دنیا کے کئی ممالک کے بارے میں جاری ہوئی ہیں، رپورٹ پر لائحۂ عمل 31 دسمبر سے پہلے بنا لیا جائے گا،نوید قمر نے کہا کہ اس پر کمیٹی ماہرین کو بلا کر علیحدہ سے بریفنگ لے گی۔

    دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں آئی ایم ایف کی کرپشن اینڈ ڈائیگناسٹک رپورٹ زیر بحث آگئی،سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ رپورٹ آئی ایم ایف بورڈ کے جائزہ اجلاس کے پیش نظر جاری کی گئی جس میں عالمی ادارے نے کہا کہ آپ نے رپورٹ جاری کرنے کیلیے ایگری کیا تھا، مالیاتی فنڈ نے جلد سے جلد رپورٹ جاری کرنے کا کہا تھا،رکن قائمہ کمیٹی سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے سوال کیا کہ کیا آپ نے اس رپورٹ سے اتفاق کیا تھا؟ اراکین پارلیمنٹ تو ویسے ہی بدنام ہو جاتے ہیں اس رپورٹ کا اراکین سے تعلق نہیں، اس رپورٹ کا تعلق سول سرونٹس اور گورننس سے ہے،کمیٹی کے ایک اور رکن دلاور خان نے کہا کہ آئی ایم ایف نے 5300 ارب کی نشاندہی کی اس کے بدلے ریلیف کتنا دیا گیا ہوگا؟ جن اداروں کا رپورٹ میں ذکر ہوا کیا ان کے خلاف کوئی ایکشن کا ارادہ ہے،اس پر وزارت خزانہ کے حکام نے کہا کہ رپورٹ میں کچھ نیا نہیں ہے وہی کچھ ہے جس پر پہلے ہی حکومت کام کر چکی تھی،دلاور خان نے کہا کہ لاہور میں ایک ایف بی آر کا افسر ایک ممبر کیلیے ریفنڈز میں کرپشن کرتا ہے، یہ ٹاپ اسٹوری تھی کہ اس افسر نے ممبر بادشاہ وزیر سے حصہ مانگا، حصہ نہ ملنے پر ایف بی آر کے افسر نے فائرنگ کی تھی۔

    چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا واقعہ سن کر حیران رہ گئے۔ اس پر رکن کمیٹی سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ کیا آپ نہیں جانتے یہ تو ڈیڑھ سال پہلے بڑی اسٹوری تھی،سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ممبر بادشاہ وزیر کا معاملہ اگلی میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا،رکن کمیٹی سینیٹر عبدالقادر نے بتایا کہ سی ڈی اے کا ایک افسر اربوں روپے کی کرپشن کر کے اڈیالہ جیل پہنچ گیا جہاں ڈیل ہوئی اور افسر اس سے بڑے عہدے پر تعینات ہوگیا، مافیاز حکومت چلا رہے ہیں،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کرپشن میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ یہ تو آئی ایم ایف تھا کہ رپورٹ سامنے لانی پڑ گئی،سلیم مانڈوی والا نے سوال کیا کہ کرپشن بڑھ رہی ہے اسے ختم کرنے کیلیے کیا کیا جا رہا ہے؟ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ 15 سفارشات پر عملدرآمد کرنے کا اتفاق کیا،سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ ای پیڈز سے پہلے ہی بولی طے ہو جاتی ہے، سینیٹر دلاور خان بولے کہ لاہور کے ایل ٹی او کے گزشتہ 2 سال کے ریفنڈز دیکھ لیں شفافیت سامنے آ جائے گی،فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ اس ملک کا آوہ بگڑ گیا ہے اس کو جڑ سے درست کرنا ہوگا،وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ اس سال ایس آئی ایف سی کی کارکردگی رپورٹ جاری کی جائے گی۔ اس پر سینیٹر دلاور خان بولے کہ ان کا خیال ہے کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری لائے گی،اجلاس میں رکن کمیٹی شاہزیب درانی کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی والے کہتے ہیں ٹیکس زیادہ ہے اس لیے سرمایہ کاری نہیں آ سکتی۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے اس پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے بریفنگ لی جائے گی۔

  • افغان طالبان رجیم کے دہشتگردانہ عزائم عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ

    افغان طالبان رجیم کے دہشتگردانہ عزائم عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ

    افغان طالبان رجیم نہ صرف وسطی ایشیا بلکہ عالمی امن کے لئے بھی شدید خطرہ بن چکی ہے

    افغانستان فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان، داعش، القاعدہ جیسی عالمی کالعدم دہشتگرد تنظیموں کا گڑھ بن چکا ہے،26 نومبر 2025 کو امریکہ کے وائٹ ہاؤس پر فائرنگ کے واقعہ میں افغان نژاد رحمان اللہ لاکانوال ملوث تھا،اس افسوسناک واقعہ میں نیشنل گارڈز کے دو اہلکار ہلاک بھی ہوئے،سی این این کے مطابق گرفتار ہونے والا دہشتگرد اس سے قبل افغانستان میں CIA کے لئے کام کر چکا ہے،سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے مطابق نیشنل گارڈ پر حملہ کرنے والا دہشتگرد افغانستان میں شدت پسند تنظیموں سے مسلسل رابطے میں تھا،واشنگٹن میں افغان شہری جمال ولی نے ورجینیا کے دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے زخمی کیا

    امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق; بہت سی افغان شہری اس سے قبل بھی مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے جن کو بائیڈن انتظامیہ کی طرف قانونی حیثیت دی گئی تھی،افغان شہری عبداللہ حاجی زادہ اور ناصر احمد توحیدی کو 2024 کے الیکشن کے دن دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ،افغان شہری محمد خروین جو دہشت گردی کی واچ لسٹ میں شامل تھا، کو 2024 میں گرفتار کیا تھا ،افغان شہری جاوید احمدی کو 2025 میں گرفتار کیا تھا اور اسے دوسرے درجے کے حملے کا مجرم قرار دیا گیا تھا ،افغان شہری بحر اللہ نوری کو مجرمانہ سرگرمیوں پرگرفتار کیا گیا تھا،اسی طرح افغان شہری ذبیح اللہ مہمند کو مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا

    27 نومبر 2025 کو افغان سرزمین سے ڈرون حملے میں تاجکستان میں تین چینی مزدور ہلاک ہو گئے تھے،1 دستمبر کو تاجک حکام نے تصدیق کی کہ افغانستان کے ساتھ جھڑپ میں مزید دو چینی مزدور ہلاک ہو ئے

    افغان شہریوں کی جانب سے یہ دہشتگردانہ حملے وسطی ایشیا، یورپ اور اب امریکہ تک پھیل چکے ہیں ،پاکستان سمیت بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل افغان طالبان رجیم کی دہشتگردوں کے لئے پشت پناہی پر خدشات ظاہر کر چکی ہیں،رواں سال پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ہلاک اور گرفتار دہشتگردوں کا تعلق افغانستان ہی سے تھا

    آسٹریلوی جریدے "The Conversation” کے مطابق”اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ برسر اقتدار میں آنے کے بعد سے خطہ بھر میں دہشتگردی کا خطرہ بڑھ گیا”آسٹریلوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شمال و مشرقی علاقوں میں موجود شدت پسند نیٹ ورکس نے اپنے مراکز قائم کر رکھے ہیں،امریکی ادارہ برائے امن نے بھی طالبان کی واپسی کے بعد افغانستان کو بین الاقوامی امن کے لئے خطرہ قرار دیا تھا، فاکس نیوز کے مطابق 29 نومبر 2025 کو ٹیکساس میں افغان نژاد محمد داؤد نے سوشل میڈیا پر بم دھماکے کی دھمکی دی،اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم اور SIGAR رپورٹس مسلسل افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی رہی ہیں،اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ڈنمارک اور روس نے بھی فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم سے عالمی برادری کو خبردار کیا تھا،ایران، جرمنی اور دنیا بھر کے بیشتر ممالک شدت پسندی اور دہشتگردی کے باعث افغانیوں کو ملک بدر کر رہے ہیں،دنیا بھر میں موجود افغان شدت پسند نظریات عالمی امن کے لئے خطرے کا باعث بن گئے ہیں

  • بانی سے اب فیملی کی ملاقاتیں بھی بند ہوں گی،فیصل واوڈا

    بانی سے اب فیملی کی ملاقاتیں بھی بند ہوں گی،فیصل واوڈا

    سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ کے پی میں چھپے 9 مئی کے دہشتگرد اپنی خیر منائیں۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کوئی حرکت کی تو باقی ماندہ سیاست کو گورنر راج سے ختم کردیا جائے گا،بانی سے اب فیملی کی ملاقاتیں بھی بند ہوں گی، بانی سے ملاقاتیں سیاسی پیغام رسانی کیلئے استعمال ہورہی ہیں، وکلاء نے کوئی سیاسی پیغام دیا تو ان کی ملاقات بھی بند کردی جائے گی، اب کیسز اور دیگر معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، سیکیورٹی اداروں کیخلاف کوئی پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا، ملک کو عدم استحکام کرنے کی سازش کو سختی سے روکا جائے گا،جیتی ہوئی افواج اور سپہ سالار کے بارے میں مزید بکواس برداشت نہیں کی جائیگی، نوٹیفکیشن نوٹیفکیشن کرنے والوں کو کہا تھا کہ جلد آ رہا ہے،دو تین روز میں نوٹیفکیشن بھی آجائے گا، جس کیلئے غلط باتیں کی جارہی ہیں،

  • ہم سے بہتر کوئی پاکستانی نہیں، پاکستان ہماری جان ہے۔اسد قیصر

    ہم سے بہتر کوئی پاکستانی نہیں، پاکستان ہماری جان ہے۔اسد قیصر

    تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری فوج ہے۔ ہم چاہتے ہیں آئین میں جس کا جو کردار ہے وہ وہاں تک رہے،افغان وار کی وجہ سے ہماری رہی سہی کسر بھی پوری ہو گئی کہ ہماری جو تھوڑی بہت انڈسری تھی وہ بھی نکل گئی جس کے ہمیں معاشی نقصان اٹھانا پڑے۔ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، ہم سے بہتر کوئی پاکستانی نہیں، پاکستان ہماری جان ہے۔ یہ فوج بھی ہماری فوج ہے،

    اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا این ایف سی میں جو شیئر ہے وہ دیا جائے، سرتاج عزیز کمیٹی نے جو 1000 ارب روپے دینے کا کہا وہ دیے جائیں، این ایف سی میں تمام صوبوں نے فاٹا انضمام پر حصہ دینے کا کہا، خیبر پختونخوا میں جب فاٹا ضم ہوا تو خیبر پختونخوا کا شئیر 19 فیصد ہوگیا، گیس کی رائلٹی سمیت صوبے کے وسائل کو روکا گیا ہے،افغان جنگ کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی معیشت کو نقصان پہنچا، ہمارے کلچر اور روایات کو نقصان پہنچا، ہماری سرمایہ کاری کی شرح اور صنعتیں جنگ کی وجہ سے ختم ہوئیں۔ وار ان ٹیرر کے بعد خودکش دھماکے اور ڈورن حملے ہوئے، ماضی میں دیکھا بھتے کی کالز آتی تھیں تو کون سرمایہ کاری کرتا ہے،ہم سے بہتر کوئی پاکستانی نہیں، پاکستان ہماری جان ہے، ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہو، تمام ادارے مضبوط ہوں، تمام ادارے آئین کے دائرے میں کردار ادا کریں۔ پاک فوج ہماری فوج ہے، یہ ہمارے ہی بچے ہیں، ہم چاہتے ہیں آئین میں جس کا جو کردار ہے وہ وہاں تک رہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں،ہمارے پاس پوری دنیا کے ساتھ تجارت کے مواقع ہونا چاہئیں، امن کی جہاں بھی ضرورت ہو پاکستان کردار ادا کرے، پاکستان کسی تنازع میں اپنا کردار ادا نہ کرے،

    اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ چار ماہ کی رپورٹ آئی ہے کہ ایکسپورٹ نیچے گر گئی ہے، تجارتی خسارہ 37 فیصد بڑھ گیا ہے، ہم کہتے ہی تھے کہ کوئی سرمایہ کاری نہیں کرے گا، یہاں کا ٹیکس اسٹرکچر صحیح نہیں۔

  • کمزوری معذوری میں نہیں، معاشرے کی بے حسی میں ہوتی ہے،شازیہ مری

    کمزوری معذوری میں نہیں، معاشرے کی بے حسی میں ہوتی ہے،شازیہ مری

    مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ ہر معذور فرد ہمارے معاشرے کا برابر کا حصہ ہے،

    شازیہ مری کا کہنا تھا کہ معذوری ان کی کمزوری نہیں، ان کی طاقت کو پہچاننا ہم سب کا فرض ہے،انہیں ہمدردی نہیں، سہولت اور مضبوط سپورٹ چاہیے، معذور افراد اپنے خوابوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں بس راستے آسان بنانے ہیں،کمزوری معذوری میں نہیں، معاشرے کی بے حسی میں ہوتی ہے، ہمدردی نہیں، حقیقی مدد اور سہولیات مہیا کریں، معذوری کوئی رکاوٹ نہیں، رکاوٹ ہمارا رویہ بنتا ہے، محبت، سہولت اور احترام ہی ان کی اصل ضرورت ہیں، معذور افراد کو سہارا دیں، ترس نہیں، یہی اصل شمولیت ہے، ہمیں معذور افراد کی معاشرے میں شمولیت کے لیے سہولتیں فراہم کرنی ہوں گی،

  • گاڑی کی ٹکر،دو لڑکیوں‌کی موت کا کیس،ملزم کا جسمانی ریمانڈمنظور

    گاڑی کی ٹکر،دو لڑکیوں‌کی موت کا کیس،ملزم کا جسمانی ریمانڈمنظور

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد آصف کے کم عمر بیٹے کو تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو نوجوان لڑکیوں کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔

    عدالتی مجسٹریٹ شائستہ خان کندی نے پولیس کی درخواست پر جسمانی ریمانڈ کا حکم جاری کیا،سیکرٹریٹ پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر ) کے مطابق، یہ حادثہ پیر کی رات دیر گئے اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے ) کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک تیز رفتار سیاہ رنگ کی گاڑی نے پی این سی اے میں کام کرنے والی دو لڑکیوں کو ٹکر مار دی جسے جج کا کم عمر بیٹا چلا رہا تھا،جاں بحق ہونے والی لڑکیاں اسکوٹر پر سوار تھیں جب انہیں گاڑی نے ٹکر ماری، اور وہ مبینہ طور پر موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکر کے بعد گاڑی فوراً موقع سے فرار ہو گئی۔

    سب انسپکٹر محمد اصغر کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے گاڑی کا سراغ لگایا اور بعد ازاں ایک نجی اسپتال پہنچے جہاں ملزم کو طبی امداد کے لیے لایا گیا تھا،بعد ازاں اسے حراست میں لے لیا گیا، اس کے طبی اور فرانزک نمونے لیے گئے اور گاڑی کو جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔

  • ارشد شریف سوموٹو کیس،آئینی عدالت نے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی

    ارشد شریف سوموٹو کیس،آئینی عدالت نے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی

    آئینی عدالت، ارشد شریف سوموٹو کیس،وفاقی آئینی عدالت نے سوموٹو کاروائی کے دائرہ اختیار معاونت طلب کرلی،عدالت نے ارشد شریف کے قتل تحقیقات میں ابتک کی پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ بتایا جائے ابتک تحقیقات میں کیا پراگرس ہے۔

    ارشد شریف سوموٹو کیس میں وفاقی آئینی عدالت نے کارروائی کے دائرہ اختیار پر معاونت طلب کرلی۔عدالت نے کہاکہ بتایا جائے ذمہ داران کو کٹہرے میں لانے کیلئے قانونی طور پر کیا ہوسکتا ہے؟کیا 27ویں ترمیم کے بعد آئینی عدالت سوموٹو کارروائی چلا سکتی ہے؟دونوں جانب کے وکلا قانونی نکتہ پر معاونت کریں، عدالت نے کہاکہ عدالتی کارروائی کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ دائرہ اختیار کو بھی دیکھنا ہے،آئینی عدالت میں کیس سماعت کے بغیر تو نہیں چل سکتا،وکیل نے کہاکہ کورٹ فیصلہ موجود ہے، آئینی عدالت سوموٹوکارروائی آگے بڑھا سکتی ہے،عدالت نے معاونت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17دسمبر تک ملتوی کردی۔