Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • تحریک انصاف کی سیاسی اور ٹیکنوکریٹ قیادت میں اختلافات بڑھ گئے

    تحریک انصاف کی سیاسی اور ٹیکنوکریٹ قیادت میں اختلافات بڑھ گئے

    تحریک انصاف کی سیاسی اور ٹیکنوکریٹ قیادت کے اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

    پی ٹی آئی کے سیاسی بیک گراؤنڈ رکھنے والے متعدد سیاسی رہنماء سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کیخلاف متحرک ہوگئے، سینئر رہنماؤں نے پارٹی پر مسلط ٹیکنوکریٹ گروپ سے جان چھڑانے کیلئے علیمہ خان سے مدد مانگ لی۔نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق سینئر رہنماؤں نے علیمہ خان سے مطالبہ کیا ہے کہ بانی سے ملاقات میں ہماری تجویز کی منظوری حاصل کریں۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق سیاسی قیادت ریاست سے ٹکراؤ کی مخالف اور مذاکرات کی حامی ہے جبکہ وکلاء قیادت کا ٹاکرے اور مزید دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی پر اصرار ہے، وکلاء دھڑا اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر غور کا حامی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر سیاسی رہنماؤں نے وکلاء گروپ کو پارٹی بند گلی تک پہنچانے کا ذمہ دار قرار دے دیا، سیاسی رہنماؤں نے پارلیمانی کردار محدود کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت کردی، سیاسی رہنماء پارٹی پر مسلط وکلاء کے غیرسیاسی فیصلوں سے تنگ آچکے۔

  • کاشتکاروں کو فوری معاونت فراہم کرنا ضروری ہے،وزیراعلیٰ سندھ

    کاشتکاروں کو فوری معاونت فراہم کرنا ضروری ہے،وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت گندم کاشت کاروں کے امدادی پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا

    اجلاس میں وزیر زراعت سردار محمد مخش خان مہر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری وزیراعلیٰ عبد الرحیم شیخ، سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو اور سندھ بینک کے صدر انور شیخ نے شرکت کی، وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو فوری معاونت فراہم کرنا ضروری ہے،سندھ بینک کھاتے کھولنے، فنڈز کی منتقلی اور تصدیقی عمل میں تیزی برقرار رکھے، فنڈز کی تاخیر سے کئی کاشت کار پہلے ہی بوائی کا اہم وقت گنوا چکے ہیں، پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 400,875 کاشتکار رجسٹر کیے گئے ہیں،رجسٹرڈ کسان 1 سے 25 ایکڑ کے درمیان زمین کے مالک ہیں، 338192رجسٹریشنز کی منظوری دی جا چکی ہے،نومبر کے اختتام تک ہزاروں کھاتے کامیابی کے ساتھ فعال کیے جا چکے ہیں، کھاتے کھولنے اور فنڈز کی منتقلی میں تیزی لائی جائے، مستفید ہونے والے کاشتکاروں کو فوری آگاہ کیا جائے،بینکوں اور محکمہ زراعت محکمہ کے درمیان روزانہ ڈیٹا شیئرنگ کا عمل متعارف کرایا گیا ہے،

    وزیراعلیٰ نے حقیقی وقت کے مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پروگرام پر عملدرآمد کی ذاتی نگرانی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پروگرام کا مقصد کاشتکاروں کو بوائی کے دوران کھاد خریدنے میں سہولت فراہم کرنا ہے، پروگرام کے تمام متعلقہ ذمہ داروں کو بروقت پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی

  • وزیراعظم کی زیر صدارت تجارتی شعبہ میں اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کا اجلاس

    وزیراعظم کی زیر صدارت تجارتی شعبہ میں اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کا اجلاس

    اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی اورتجارتی شعبہ میں دیگر اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

    ملک کے نمائندہ کاروباری حضرات پر مبنی ذیلی ورکنگ گروپ کی طرف سے محمد علی ٹبہ اور دیگر نے وزیراعظم کو کسٹم اور ٹیکس وصولی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا اور اپنی سفارشات پیش کی۔ وزیراعظم نے سفارشات کا خیر مقدم کیا اور ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے اور کاروباری اور سرمایہ کار حضرات کو ہر ممکن سہولت دینے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو خصوصی ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو مثبت انداز میں سہولت پہنچانے کے لیے نافذ کی گئی ہے تاکہ برآمدات اور درآمدات کو ملکی مجموعی معاشی ترقی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کے لیے شعبہ جاتی مخصوص تجاویز اور مسائل کی نشاندہی نا گزیر ہے۔دہائیوں سے معاشی و صنعتی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیۓ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو ریسرچ، ٹریننگ پر استعمال نہیں کیا گیا۔ملکی برآمدات اور درآمدات کے شعبہ میں ماہرین کی طرف سے سفارشات اور اصلاحاتی تجاویز حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق ہونی چاہیے۔مقامی صنعت و تجارت اور مقامی آبادی کے لیے صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لیۓ موثر اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے جو ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ مقامی اور عالمی منڈیوں میں کاروبار کو مسابقتی بناتی ہے۔دوسرے ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور راہداری (ٹرانزٹ) تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی کڑی نگرانی ہونی چاہیے۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے اکنامک افئیرز ڈیژن احد خان چیمہ، فاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین ایس ائی ایف سی، ملکی صنعت وکاروبار کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

  • بچے کے گٹر میں گرنے کا واقعہ،تحقیقاتی رپورٹ تیار

    بچے کے گٹر میں گرنے کا واقعہ،تحقیقاتی رپورٹ تیار

    شہر قائد کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کے گٹر میں گرنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کے ایم سی نے سیکریٹری محکمہ بلدیات کو بھجوا دی ہے۔

    سینئر ڈائریکٹر میونسل سروسز عمران راجپوت کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا،رپورٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی، معائنے میں ثابت ہوا حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں، بی آر ٹی کھدائی نے نالے کا پورا نکاسی نظام شدید نقصان پہنچایا،عارضی دو فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے سے سانحہ ہوا، یہ طریقہ کار اور غیرمعیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے،بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا، کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتِ حال کو نظر انداز کیا، نجی اسٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گرا، افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیے گئے۔

    واضح رہے کہ اتوار کی شب 10 بجے کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب واقع ڈپارٹمیٹل اسٹور سے 3 سالہ بچہ ابراہیم والدین کے ہمراہ نکل کر مین ہول پر کھڑا ہو گیا تھا جس کا ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر اسے گتے کی مدد سے بند کیا گیا تھا،اس موقع پر گتہ بچے کا وزن برداشت نہ کر سکا جس کے بعد ابراہیم مین ہول میں گر کر لاپتہ ہوگیا تھا، کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے ملی تھی

  • امریکہ کی  ریاست ڈیلویئر میں افغان نژاد طالب علم کی حملے کی منصوبہ بندی ناکام، ملزم گرفتار

    امریکہ کی ریاست ڈیلویئر میں افغان نژاد طالب علم کی حملے کی منصوبہ بندی ناکام، ملزم گرفتار

    ڈیلویئر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ممکنہ حملہ ناکام بناتے ہوئے 25 سالہ افغان نژاد طالب علم لقمان خان کو گرفتار کر لیا، لقمان خان پر الزام ہے کہ وہ یونیورسٹی آف ڈیلویئر پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

    لقمان خان کی گرفتاری ایک معمول کی ٹریفک چیکنگ کے دوران عمل میں آئی، جہاں پولیس کو ایک غیر قانونی تبدیل شدہ .357 گلاک پستول ملی جس میں مشین گن کنورژن ڈیوائس نصب تھی اور اس میں 27 راؤنڈ لوڈ تھے۔ اس کے علاوہ تین مزید 27 راؤنڈ میگزین اور ایک بلیسٹک آرمَر پلیٹ بھی برآمد ہوئی۔صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب تفتیش کاروں نے افغان شہری کے سامان کی جانچ پڑتال کی۔ اس کے قبضے سے ایک نوٹ بُک ملی جس میں حملے کا مفصل منصوبہ درج تھا۔ اس میں یونیورسٹی آف ڈیلویئر کے ایک پولیس افسر کا نام، پولیس اسٹیشن کی ہاتھ سے بنائی گئی نقشہ بندی، داخلی و خارجی راستوں کی نشاندہی اور دیگر تفصیلات شامل تھیں، جو مکمل طور پر پیشگی تیاری کی علامت تھیں۔

    اگلے روز ایف بی آئی نے ملزم کے ولیمنگٹن میں واقع گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ ملا۔ اس میں مشین گن کنورژن ڈیوائس کے ساتھ گلاک 19، اسکوپ اور ریڈ ڈاٹ سائیٹ سے لیس .556 رائفل، گیارہ ایکسٹینڈڈ میگزین، ہالو پوائنٹ گولیاں اور بلیسٹک پلیٹس کے ساتھ ٹیکٹیکل جیکٹ شامل تھی۔

  • قومی زندگی میں خصوصی افراد کی مکمل شمولیت حکومت کی ترجیح ہے،صدر مملکت

    قومی زندگی میں خصوصی افراد کی مکمل شمولیت حکومت کی ترجیح ہے،صدر مملکت

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ قومی زندگی میں خصوصی افراد کی مکمل شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی زندگی میں خصوصی افراد کی مکمل شمولیت حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں اقدامات جاری ہیں،قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، سرٹیفیکیشن اور سماجی تحفظ سے متعلق سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جب کہ خصوصی افراد کے لیے بہتر روزگار اور نقل و حرکت کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے،منصفانہ معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں ہر فرد کو یکساں سہولتیں میسر ہوں اور خصوصی افراد کی راہ میں حائل جسمانی، سماجی اور رویوں پر مبنی رکاوٹیں دور کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    صدرِ مملکت نے خصوصی افراد کی شناخت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، کاروبار اور ترقی میں ان کی فعال شرکت قومی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

  • ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ عطا تارڑ

    ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پُرعزم ہے اور ان کے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بات پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اطلاعات نے پی آر اے کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی دی،عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی آر اے کے ساتھ ہمیشہ گہرا رشتہ رہا ہے اور پریس گیلری انہیں ہمیشہ ایوان کا حصہ محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن قومی، سماجی اور صحافتی ایشوز پر ہمیشہ توانا آواز رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی جب واک آؤٹ کرتے ہیں تو انہیں وہی عزت ملتی ہے جو کسی رکنِ ایوان کو حاصل ہوتی ہے، اور یہ ایک منفرد اعزاز ہے،پی آر اے پارلیمانی جمہوری عمل کا مضبوط حصہ ہے اور ان کی کوشش رہی ہے کہ صحافیوں کے ساتھ رابطہ برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کو اپنا حلقہ سمجھتے ہیں اور ان کے کسٹوڈین ہیں۔ پی آر اے کے کردار کو مزید فعال بنایا جائے گا، پی آر اے صحافیوں کو ملازمتوں سے نکالنے کے مسئلے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو اپنی تجاویز بھجوائے، جن پر عمل کیا جائے گا،جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کا قیام خوش آئند ہے، جس میں تمام صحافتی تنظیموں کی نمائندگی موجود ہے،کمیشن کا پہلا اجلاس بھی ہو چکا ہے،عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ جاب سیکیورٹی صحافیوں کا بنیادی حق ہے اور وہ ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

  • مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے،اسحاق ڈار

    مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے،اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مئی میں پاک بھارت جنگ بھی خطرناک ثابت ہوسکتی تھی۔

    اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا۔ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے،دنیا میں سلگتے تنازعات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت کرتا ہے، جنوبی ایشیا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ ہے، جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت کے چیلنجز سنگین ہوتے جا رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی اس وقت بہت بڑا چیلنج ہے، درجہ حرارت میں اضافے اور سیلابوں کے معیشت پر تباہ کن اثرت مرتب ہو رہے ہیں۔ جنوبی ایشیا کو غربت، ناخواندگی، ناگہانی آفات سمیت دیگر چیلنجز درپیش ہیں، جنوبی ایشیا کے ممالک کو اپنے مسائل کے حل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، مشترکہ خوشحالی کے لیے علاقائی روابط اہم ہیں۔

  • سندھ ہائی کورٹ،میر مرتضٰی بھٹو قتل کیس کی اپیلوں پرسماعت ملتوی

    سندھ ہائی کورٹ،میر مرتضٰی بھٹو قتل کیس کی اپیلوں پرسماعت ملتوی

    سندھ ہائی کورٹ،میر مرتضٰی بھٹو قتل کیس کی اپیلوں کی سماعت ہوئی

    عدالت میں رپورٹ جمع کروائی گئی بتایا گیا کہ کیس میں متعدد ملزمان انتقال کرچکے ہیں،شاہد حیات، شبیر احمد قائمخانی، آغا محمد جمیل، مسعود شریف کا انتقال ہوچکا ہے، وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ کیس میں نامزد محروم پولیس افسر شاہد حیات کی اپیل میں منسلک دستاویزات پڑھنے کے قابل نہیں ہیں،عدالت نے درست دستاویزات اپیل کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کردی

    مرتضیٰ بھٹو کو 20 ستمبر 1996 میں دو تلوار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا،واقعے کے دو مقدمات درج کیے گئے تھے ،ایک مقدمہ سرکار جبکہ دوسرا مقدمہ مرتضیٰ بھٹو کے اہلخانہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا،ٹرائل کورٹ نے دونوں مقدمات میں تمام ملزمان کو بری کردیا تھا،عدالت نے وکلا کی استدعا پر اپیل کی سماعت 27 جنوری 2026 تک ملتوی کردی

  • ڈی آئی خان، پولیس موبائل دھماکے میں 3 اہلکار شہید

    ڈی آئی خان، پولیس موبائل دھماکے میں 3 اہلکار شہید

    ڈیرہ اسماعیل خان،تحصیل پنیالہ میں پولیس موبائل پر ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے میں 3 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ ایک اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    پولیس کے مطابق یہ دھماکہ پنیالہ کے علاقے میں اُس وقت ہوا جب معمول کی گشت پر مامور تھانہ پنیالہ کی پولیس موبائل گزر رہی تھی۔ اچانک سڑک کنارے نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ دھماکے کے وقت گاڑی میں موجود کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔دھماکے کی خبر ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد شہدا کے جسد خاکی ٹی ایچ کیو ہسپتال پنیالہ منتقل کر دیے گئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرولڈ آئی ای ڈی سے کیا گیا، تاہم پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔آئی جی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہدا کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔