Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے ،عظمیٰ خان کی ملاقات کےبعد گفتگو

    عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے ،عظمیٰ خان کی ملاقات کےبعد گفتگو

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کے کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے۔

    اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحتیاب ہیں،عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے،لیکن انہیں مسلسل قید تنہائی میں رکھا گیا ہے انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ دونوں بہنوں سے مشاورت کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات کروں گی۔

    اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان عمران خان سے ملاقات کے لیے فیکٹری ناکے سے اڈیالہ جیل روانہ ہوئی تھیں۔اس موقع پر عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے آج ملاقات کی اجازت مل گئی، ملاقات کے بعد واپس آکر میڈیا سے بات کروں گی۔

  • ورلڈ کال کا بڑا اعلان متوقع، مارکیٹ میں اہم اثرات کی پیشگوئی

    ورلڈ کال کا بڑا اعلان متوقع، مارکیٹ میں اہم اثرات کی پیشگوئی

    ورلڈ کال ٹیلی کام آج شام 6 بجکر 15 منٹ پر بڑا اعلان کرے گا

    یہ پیش رفت کاروباری ماحول اور کے ایس ای پر مثبت اثر ڈالنے کی توقع

    حال ہی میں کمپنی کے 2.1 ارب سے زائد شیئرز کی ریکارڈ ٹریڈنگ

    ماہرین کے مطابق یہ اعلان پاکستان کے ٹیک سیکٹر کی عالمی ساکھ بہتر بنا سکتا ہے

    ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ آج شام 6 بجکر 15 منٹ (پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم) پر ایک اہم اور بڑی خبر سامنے لانے جا رہا ہے، جسے صنعت کے ماہرین پاکستان کے کاروباری ماحول اور خصوصاً کراچی اسٹاک ایکسچینج (KSE) کے لیے نہایت مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ اگرچہ کمپنی نے اعلان کی تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کیں، لیکن مارکیٹ میں بے حد جوش پایا جا رہا ہے اور سرمایہ کار اس پیش رفت سے نمایاں مثبت اثرات کی توقع کر رہے ہیں۔

    ابتدائی اشاروں کے مطابق یہ پیش رفت پاکستانی کمپنیوں کو عالمی سطح پر ایک نئے زاویے سے پیش کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اتنے وسیع نیٹ ورک رکھنے والی کمپنی کوئی بڑا قدم اٹھاتی ہے تو اس کے اثرات مجموعی مارکیٹ سینٹیمنٹ پر بھی پڑ سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے ماحول میں جب سرمایہ کاری کا اعتماد اُتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔

    ورلڈ کال ٹیلی کام — جو پاکستان کی معروف ترین ٹیلی کام اور براڈبینڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے — پچھلے چند ہفتوں سے مسلسل خبروں میں رہی ہے۔ کچھ روز قبل کمپنی کے 2.1 ارب سے زائد شیئرز ایک ہی روز میں ٹریڈ ہوئے، جو کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کا نیا ریکارڈ تھا۔ اس غیر معمولی ٹریڈنگ نے نہ صرف سرمایہ کاروں کی توجہ کھینچی بلکہ ٹیلی کام شعبے میں دلچسپی کے بڑھتے رجحان کو بھی واضح کیا۔

    کمپنی کا مضبوط برانڈ، وسیع کسٹمر بیس اور سالہا سال کی ساکھ اسے صارفین اور شیئر ہولڈرز دونوں میں اعتماد کی علامت بناتے ہیں۔ ورلڈ کال نے ہمیشہ شہری اور نیم شہری علاقوں میں براڈبینڈ، ڈیجیٹل سروسز اور کنیکٹیویٹی حل فراہم کر کے اپنا مقام برقرار رکھا ہے۔ حالیہ بازار میں سرگرمی دیکھ کر ماہرین کا خیال ہے کہ کمپنی کسی ممکنہ توسیعی منصوبے یا اسٹریٹجک تبدیلی کی جانب بڑھ رہی ہے، تاہم تفصیلات ابھی پردۂ راز میں ہیں۔

    کاروباری تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کا ٹیلی کام سیکٹر اس وقت تیز رفتار تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں توجہ ڈیجیٹلائزیشن، براڈبینڈ ایکسپینشن اور جدید ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے۔ ورلڈ کال کا متوقع اعلان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری یا شراکت داری کے امکانات سے بھی جڑا ہو سکتا ہے۔

    مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اعلان کا وقت — یعنی مارکیٹ بند ہونے کے بعد — ایک سوچی سمجھی حکمت عملی ہے، تاکہ سرمایہ کار اگلے روز مارکیٹ کھلنے سے پہلے صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ عام طور پر ایسے اقدامات اس وقت کیے جاتے ہیں جب اعلانات مالی یا اسٹریٹجک اعتبار سے اہم ہوں۔

    دوسری جانب آن لائن فورمز اور سرمایہ کار گروپس میں چہ مگوئیاں جاری ہیں اور سب کی نظریں اب اس اعلان پر لگی ہوئی ہیں کہ یہ پیش رفت آنے والے دنوں میں PSX ٹریڈنگ کو کس حد تک متاثر کرے گی۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر اعلان میں کسی بڑی شراکت داری، ٹیکنالوجیکل اپ گریڈ یا توسیعی منصوبے کا ذکر ہوا تو ٹیلی کام سیکٹر کے شیئرز میں واضح تیزی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

    ورلڈ کال کی بڑھتی ہوئی میڈیا موجودگی اور اسٹریٹجک کمیونی کیشنز اس بات کا بھی اشارہ ہیں کہ کمپنی مسابقت کے دور میں اپنا مارکیٹ پوزیشن مزید مستحکم بنانے کی کوشش میں ہے۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں ٹیلی کام آپریٹرز پر دباؤ ہے کہ وہ جدت لائیں اور قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں۔ ایسے وقت میں کوئی بڑا اعلان کمپنی ہی نہیں بلکہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

  • 9 مئی کیس،عمر ایوب،شبلی فراز،کنول شوذب سمیت پی ٹی آئی کے 18 افراد اشتہاری قرار

    9 مئی کیس،عمر ایوب،شبلی فراز،کنول شوذب سمیت پی ٹی آئی کے 18 افراد اشتہاری قرار

    انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے 18 غیرحاضر ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں شبلی فراز، عمر ایوب، کنول شوذب، شیخ راشد شفیق اور زرتاج گل شامل ہیں۔مہر جاوید، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، بلال اعجاز اور مرتضیٰ خان کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں اشرف سوہنا، چوہدری آصف، شکیل نیازی اور محمد انصر اقبال بھی شامل ہیں،حیدر محمود، شاہیر سکندر اور حمزہ لطیف بھی اشتہاری قرار دیے جانے والے ملزمان میں شامل ہیں۔

    عدالت نے تمام ملزمان کی غیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، ملزمان کے متعلقہ اضلاع کے ریونیو افسران کو بھی احکامات جاری کیے گئے۔عدالت نے ریونیو افسران کو ملزمان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان مقررہ تاریخ کے اندر عدالت کے سامنے سرنڈر نہیں کرتے تو ان کی جائیداد نیلام کی جائے، عدالت نے ملزمان کے ضامنوں کو بھی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

  • آپ ایسا قانون کیوں لاتے ہیں جس سے کوئی  فائدہ اٹھائے،مولانا فضل الرحمان

    آپ ایسا قانون کیوں لاتے ہیں جس سے کوئی فائدہ اٹھائے،مولانا فضل الرحمان

    جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کوشش کی جائے آئین متنازع نہ ہو، 27ویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، اس ترمیم کو قوم میں پذیرائی نہیں ملی۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کا بل منظور کرلیا گیا، جے یو آئی کی ترمیم بھی منظور کرلی گئیں تاہم جے یو آئی نے بل کی مخالفت کی۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئی بھی آئینی ترمیم ہو اس پر مشاورت ہونی چاہیے، 27ویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، اس ترمیم کو قوم میں پذیرائی نہیں ملی۔ان کا کہنا ہے کہ کوشش کی جائے آئین متنازع نہ ہو، ہم نے 26 ویں آئینی ترمیم اتفاق رائے کے بعد کی تھی۔وزیر قانون نے ایک بات کہہ دی کہ قادیانی اپنے آپ کو اقلیت نہیں مانتے تو شاید ان کو ان کی چالاکیوں کا نہیں پتہ۔ 1974 میں جب انہیں اقلیتی نشستیں دی گئی تو انہوں نے وہ پوری کر دیں۔ اس لیے میری گزارش ہے کہ دوبارہ یہ پٹارہ کھولنے کی ضرورت نہیں، مسئلہ اقلیتوں کے حقوق کا نہیں ہے بات ہے قانون کی۔ آپ ایسا قانون کیوں لاتے ہیں جس سے کوئی اقلیت فائدہ اٹھائے،

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ، قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کا بل منظور

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ، قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کا بل منظور

    پارلیمنٹ نے قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں کے بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی ہے

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نےا حتجاج کیا اورایوان سے باہر چلے گئے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کا بل منظور کرلیا گیا، جے یو آئی کی ترمیم بھی منظور کرلی گئیں،جے یو آئی نے شق 35 میں ترمیم کے باوجود بل کی مخالفت کی، اپوزیشن نے بل کی بھرپور مخالفت کی۔

  • چوک شاہراہ دستور پر حادثہ، دو خواتین کی موت

    چوک شاہراہ دستور پر حادثہ، دو خواتین کی موت

    اسلام آباد میں سیکریٹریٹ چوک شاہراہ دستور پر گاڑی نے اسکوٹی کو ٹکر مار دی جس میں 2 خواتین جاں بحق ہو گئی ہیں.

    پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت ثمرین اور تابندہ کے نام سے ہوئی، واقعے کا مقدمہ جاں بحق لڑکی ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کر لیا گیا،پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے،ایف آئی آر کے متن کے مطابق میری بہن اپنی دوست کے ہمرا گھر واپس آرہی تھی، بہن کے نمبر سے کال آنے پر پتہ چلا کہ اس کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے اور اسپتال میں ہے،مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ اسپتال جاکر دیکھا تو میری بہن اور اس کی دوست جاں بحق ہو چکی تھی،پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ڈرائیور کے والد کا تعلق عدلیہ سے ہے۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری، بل کی منظوری سے قیدی 804 کو کچھ نہیں ہوگا ،وزیر قانون

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری، بل کی منظوری سے قیدی 804 کو کچھ نہیں ہوگا ،وزیر قانون

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا

    قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل زیر غور لانے کی تحریک ایوان میں پیش کی گئی جس پر اپوزیشن نے شدید مخالفت کی اور نو نو کے نعرے لگائے،بل زیر غور لانے کی تحریک منظور شق وار منظوری جاری ہے،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کے بل کی مخالفت نہ کریں ،اس بل کی منظوری سے قیدی 804 کو کچھ نہیں ہوگا ،ہم نے بیرسٹر گوہر کی تجاویز بھی شامل کرلی ہیں ،الحمدُللہ، نہ ہمارے والدین کی ایسی تربیت ہے اور نہ ہی ہمارے خون میں یہ بات ہے کہ ہم کوئی ایسا کام کریں جس سے فتنۂ قادیان کو ہوا ملے

    سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پورے پاکستان میں اپوزیشن کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، سانس لینا بھی مشکل کیا جا رہا ہے، بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، عمران خان کی جماعت الیکشن جیتی لیکن فارم 47 آ گیا، ملاقات بھی مسئلہ بنا ہوا ہے۔

    پارلیمنٹ اجلاس کے دوران سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سپیکر ایاز صادق کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا،کامران مرتضیٰ کو الاٹ نشست پر ان کی اہلیہ عالیہ کامران براجمان ہو گئیں جس پر ایاز صادق نے کہا کہ آپ اپنی نشست پر جاکر فلور مانگیں، عالیہ کامران نے کہا کہ میں اپنی نشست نہیں دوں گی۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ میری نشست پر عالیہ کامران نے قبضہ کر رکھا ہے، سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مولانا صاحب یہ دیکھیں عالیہ کامران ان کو نشست نہیں دے رہیں،کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سر دیکھ لیں مشترکہ اجلاس میں میری حالت کا اندازہ لگالیں، سینیٹر کامران مرتضیٰ کے جواب پر ایوان میں قہقے گونج اٹھے.

    قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 پر بحث،سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے کمیشن کو ازخود نوٹس کا اختیار دیا جا رہاہے، ایک طرف عدالتوں سے اختیار لیا جا رہا ہے، دوسری طرف اس کمیشن کو دیا جا رہاہے۔ جو لوگ خود کو غیر مسلم نہیں سمجھتے وہ اس قانون سازی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، وفاقی حکومت نے سیکشن 35 نکالنے کی اپوزیشن کی ترمیم کی حمایت کر دی،وزیر قانون نے کہا کہ اس کمیشن کے پاس سزا جزا کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے،وفاقی حکومت نے کمیشن کو ازخود نوٹس اختیار دینے کی اپوزیشن کی تجویز بھی مان لی

  • انڈیگو ایئرلائنز کی کویت سے حیدرآباد آنے والی پرواز کو بم کی دھمکی

    انڈیگو ایئرلائنز کی کویت سے حیدرآباد آنے والی پرواز کو بم کی دھمکی

    کویت سے بھارتی حیدرآباد آ نے والی انڈیگو ایئر لائنز کی ایک پرواز کو منگل کے روز اُس وقت ہنگامی طور پر ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا جب حیدرآباد ایئرپورٹ کو ایک مشتبہ ای میل موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طیارے میں "انسانی بم” سوار ہے۔ دھمکی موصول ہوتے ہی ایوی ایشن سیکیورٹی اداروں میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر حفاظتی پروٹوکول کے تحت فلائٹ کو ڈائیورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارہ ممبئی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارا گیا، جہاں لینڈنگ کے فوری بعد مسافروں کو منظم طریقے سے اتار کر سیکیورٹی کور میں منتقل کیا گیا۔طیارے کو ایئرپورٹ کے آئیسولیشن زون میں پارک کیا گیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور سی آئی ایس ایف کی خصوصی ٹیموں نے جہاز کی مکمل تلاشی لی،ابتدائی طور پر کوئی دھماکا خیز مواد یا مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی، تاہم سیکیورٹی اداروں نے بتایا کہ تمام پروٹوکول مکمل ہونے تک طیارہ اور اس کا سامان دوبارہ چیکنگ کے عمل سے گزرے گا۔

    سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق دھمکی آمیز ای میل کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ابتدائی شبہ ہے کہ یہ ای میل کسی نامعلوم آئی ڈی سے بھیجی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ سائبر سیل معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے مکمل فورنزک تجزیہ کرے گا۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں دہلی میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد بھارتی سیکیورٹی ادارے پہلے ہی ہائی الرٹ پر تھے۔ اس کے باوجود گزشتہ دو ہفتوں کے دوران متعدد پروازوں، ایئرپورٹس اور ایوی ایشن تنصیبات کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔دو ہفتے قبل کینیڈا کے ٹورنٹو سے دہلی آنے والی پرواز میں مبینہ بم کی افواہ نے کھلبلی مچا دی تھی۔اسی طرح ممبئی سے وارانسی جانے والی ایک پرواز کو بھی جعلی دھمکی کے بعد روکنا پڑا۔ دہلی، گوا اور چنئی ایئرپورٹس کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دھمکی، خواہ وہ جھوٹی ہی کیوں نہ ہو، انتہائی سنجیدگی سے لی جاتی ہے۔

    انڈیگو انتظامیہ کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور انہیں متبادل فلائٹ یا مزید ہدایات کے لیے ایئرپورٹ لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا ہے۔فلائٹ کی دوبارہ روانگی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

  • اہلیہ شیوان زیلس بھارتی نژاد اور لے پالک ہیں، ایلون مسک

    اہلیہ شیوان زیلس بھارتی نژاد اور لے پالک ہیں، ایلون مسک

    ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے بتایا ہے کہ اِن کی شریکِ حیات شیوان زیلس بھارتی نژاد اور لے پالک ہیں۔

    نجی ٹی وی کے مطابق ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے انکشاف کیا کہ اِن کے ایک بیٹے کا مڈل نام ’شیکھر‘ ہے، بیٹے کا یہ نام بھارتی نژاد امریکی ماہرِ طبیعات اور نوبیل انعام یافتہ سبراہمین چندر شیکھر کے نام پر رکھا ہے،ایلون مسک کے مطابق اِن کی اہلیہ، شیوان زیلس کینیڈا میں پلی بڑھیں۔ شیوان کو بچپن میں ہی گود لے لیا گیا تھا جبکہ اِن کے والد کے بارے میں صرف اتنا معلوم ہے کہ وہ بھارت سے کینیڈا کی کسی یونیورسٹی میں بطور طالبِ علم آئے تھے،شیوان زیلس نے 2017ء میں مسک کی کمپنی نیورالنک میں شمولیت اختیار کی تھی جہاں وہ اس وقت ڈائریکٹر آف آپریشنز اور اسپیشل پروجیکٹس کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

    ایلون مسک کی اہلیہ شیوان نے ییل یونیورسٹی سے اکنامکس اور فلاسفی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے،مسک اور زیلس کے چار بچے ہیں جن میں جڑواں بیٹے اسٹرائیڈر اور ازورے، بیٹی آرکاڈیا اور بیٹا سیلڈن لائکورگس شامل ہیں،ایلون مسک کا کہنا ہے کہ سخت امریکی ویزا پالیسیوں اور غیر یقینی حالات کے باعث بڑی تعداد میں امیگریشن کے خواہشمند افراد کے لیے امریکی ویزا حاصل کرنے کا خواب مشکل بنتا جا رہا ہے

  • صدر مملکت کی متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر مبارکباد،پیغام جاری

    صدر مملکت کی متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر مبارکباد،پیغام جاری

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کی جانب سے، میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اور برادر عوام کو ان کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے 1971 میں متحدہ عرب امارات کو سب سے پہلے تسلیم کیا۔ ہمارے تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد، نسل در نسل قائم باہمی رشتوں اور امن و خوشحالی کی مشترکہ امنگوں پر استوار ہیں، جو وقت کے ساتھ مضبوط تر اور گہرے ہوتے چلے گئے ہیں۔ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات میری فیملی کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہمارے خاندان کی چار نسلوں کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ خصوصی تعلق رہا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس کے بانی قائدین کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے۔ بیگم نصرت بھٹو نے اپنی زندگی کے آخری ایام متحدہ عرب امارات میں گزارے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مشکل برسوں میں متحدہ عرب امارات میں جلاوطنی کے دن گزارے۔ آج میری بیٹی متحدہ عرب امارات کو اپنا گھر بنا چکی ہے، اور مجھے طویل عرصے سے اماراتی شاہی قیادت کے ساتھ گرم جوش اور مضبوط تعلقات کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ تمام رشتے ہمارے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کی جھلک ہیں۔

    صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون ہمارے مشترکہ مقاصد کو مزید آگے بڑھائے گا۔ امارات میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی ہمارے دونوں ممالک کے درمیان اہم رابطے کا ذریعہ ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے۔پاکستان اس شاندار شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے اور متحدہ عرب امارات کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئےمسلسل دعاگو ہے۔