Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارت کو بڑا جھٹکا،آرمینیا نے بھارت سے تیجس کی خریداری معطل کر دی

    بھارت کو بڑا جھٹکا،آرمینیا نے بھارت سے تیجس کی خریداری معطل کر دی

    آرمینیا نے دبئی ائیر شو میں بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کی تباہی کے بعد ان طیاروں کی خریداری معطل کردی۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق آرمینیا اور بھارت کے درمیان1.2 بلین ڈالر مالیت کے 12 طیاروں کی خریداری پر بات چیت ہورہی تھی اور اگر یہ سودا طے پاتا تو یہ تیجس جنگی طیارے کی پہلی بڑی برآمدی ڈیل ہوتی،آرمینیا کی جانب خریداری منسوخ کرنے پر اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز کوبھی دسیوں ملین ڈالر کا نقصان ہوگا کیونکہ اسرائیل میں تیار کردہ ریڈار جیسے بہت سارے جدید آلات تیجس میں شامل کیے ہیں۔

    واضح رہے 21 نومبر کو دبئی میں ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا تھا

  • دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر

    دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور پیچیدہ چیلنجز کے باوجود مسلح افواج قومی سلامتی کیلئے پُرعزم ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، نیشنل سکیورٹی ورکشاپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک اہم پروگرام ہے، یہ پروگرام پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول و عسکری افسران اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کو یکجا کرتا ہے،ورکشاپ کے شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ بہتر بارڈر کنٹرولز اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے تازہ پیشرفت سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔

    ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا انٹیلی جنس، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی قومی سلامتی کے لیے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت، عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں، علاقائی صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے، بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل مسابقت، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ حربوں کے اثرات نمایاں ہیں. پاکستان ایک اہم ملک ہے اور اپنی حیثیت کے مطابق دنیا میں مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، معرکہ حق میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جذبے اور عزم نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا، ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے، پاکستان آرمی کے لیے ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر پاکستانی شہری کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر شہری کے تحفظ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم ان شاء اللہ اپنے دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مربوط قومی کاوشیں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی نہایت ضروری ہیں۔

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف سیکورٹی فورسز متحرک

    خیبر پختونخوا،بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف سیکورٹی فورسز متحرک

    خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نے مدانک نامی پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شدت پسند ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی قابلِ اعتماد انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ آپریشن کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا، جو تاحال جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کو کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہلاک افراد کی شناخت اور ان کی حالیہ سرگرمیوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

    کرک کے علاقے ٹاپی سیشن کورٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایلیٹ فورس کے اہلکار سجاد کو شہید کر دیا۔ پولیس کے مطابق اہلکار ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اسے نشانہ بنایا۔ حملہ آور فرار ہو گئے، جبکہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    لکی مروت کی تحصیل تخت خیل کے نوجوانوں نے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا ہے کہ وہ علاقہ امن پسند ہے اور کسی بھی شدت پسند کو سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ مقامی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

    پشاور کے علاقے ریگی تھانے کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایف سی اہلکار انتظار پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اہلکار کو تشویشناک حالت میں خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    باجوڑ کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے نصب بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک سرچ آپریشن کے دوران دریافت ہوا۔ علاقے میں مزید تلاشیاں جاری ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹ سلطان میں پاک فوج اور ایس ایس جی کمانڈوز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں ٹی ٹی پی کے شیر علی گروپ کے 16 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دو زخمی دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کچے کے گھروں میں چھپے ہوئے تھے اور آنے والے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ فورسز نے علاقے سے اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کر لیے۔ حکام کے مطابق جنوبی خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سیلز کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

    بنوں میں پولیس حکام اور مماند خیل قبیلے کے بڑوں کے درمیان اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقائی امن و امان برقرار رکھنے اور تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

    صوابی کے تھانہ ٹوپی کی حدود میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مارے گئے افراد یاسر اور سعید الرحمٰن پر چوکی کلا بٹ پر دستی بم حملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا، جس میں کانسٹیبل نور کمال شاہ شہید ہوا تھا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

    سندھ کے علاقے کندھکوٹ میں ایک زنگ آلود مارٹر،راکٹ شیل پھٹنے سے چار بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بچوں نے لاوارث شیل کو کھلونا سمجھ کر چھیڑا تھا۔ حکام کے مطابق علاقے میں کسی تازہ فائرنگ یا مشق کا کوئی نشان نہیں ملا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    کراچی کے علاقے لیاری (سرگواٹ) میں حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر شدت پسندوں کو نقل و حرکت اور رابطے میں سہولت فراہم کرتا تھا۔ مشتبہ شخص کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پنجگور کے پروم علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں کو نگرانی، لاجسٹک اور دیگر مقامی مدد فراہم کرتے تھے۔ گرفتار افراد کی تفصیلات کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔

    بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے کارندوں نے پردان علاقے میں ایک شخص، جو مبینہ طور پر سیکیورٹی ادارے کا اہلکار تھا، کو گرفتار کر کے بعدازاں قتل کر دیا۔ بی ایل اے کے مطابق اس کے پاس شناختی دستاویزات اور ٹریکنگ چِپ بھی برآمد ہوئی۔ تاہم اس دعوے کی کوئی سرکاری یا آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔بی ایل اے نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مستونگ کے مارو کنڈ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل ٹیم کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔ کالعدم تنظیم کے اس دعوے کی بھی سرکاری سطح پر تاحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔

    بلوچستان کے علاقے بولان میں سیکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس کو دہشت گردی سے بچا لیا۔ فورسز نے فوری جوابی کارروائی کر کے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے لائن پر نصب دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق دونوں کارروائیاں اہم تنصیبات کے تحفظ کے سلسلے میں جاری انٹیلی جنس آپریشنز کا حصہ ہیں۔

  • متھیرا کی فیشن شو میں ریمپ واک،وزن بڑھنے پرصارفین کی تنقید

    متھیرا کی فیشن شو میں ریمپ واک،وزن بڑھنے پرصارفین کی تنقید

    پاکستانی میڈیا پرسنالٹی، میزبان اور ماڈلنگ کی دنیا میں منفرد شناخت رکھنے والی متھیرا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئیں۔ حال ہی میں ایک فیشن ایونٹ کے دوران ان کی ریمپ واک کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں جن میں تنقید کا پہلو زیادہ نمایاں ہے۔

    فیشن شو کے دوران متھیرا سلک کے مشرقی لباس میں ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔ ان کے روایتی مگر منفرد لباس نے تو کچھ صارفین کی توجہ حاصل کی، تاہم چونکہ وہ پیشہ ور ماڈل نہیں ہیں، اس لیے ان کی واک ناظرین کو زیادہ متاثر نہ کر سکی۔ ریمپ پر ان کی باڈی لینگویج، اسٹیپس اور اعتماد کے اظہار کو متعدد صارفین نے غیرمعیاری قرار دیا۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خاص طور پر انسٹاگرام اور فیس بک پر صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ کچھ نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کیا، جب کہ چند صارفین نے ان کے وزن میں اضافے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ متھیرا کو ریمپ پر آنے کے بجائے وہی کردار نبھانا چاہیے جس میں وہ زیادہ تجربہ رکھتی ہیں۔

    واضح رہے کہ متھیرا گزشتہ کئی برسوں سے بطور میزبان، ماڈل اور اینٹرٹینر شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ وہ اپنے کھلے اندازِ گفتگو، بے باک شخصیّت اور ذاتی تجربات کے بارے میں اظہارِ خیال کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر اپنی جدوجہد، پیشہ ورانہ مشکلات اور زندگی کے نشیب و فراز کے بارے میں بھی کھل کر بات کر چکی ہیں۔

  • یوٹیوبر اذلان شاہ کا پہلی اہلیہ کی رضامندی سے دوسری شادی کا اعلان

    یوٹیوبر اذلان شاہ کا پہلی اہلیہ کی رضامندی سے دوسری شادی کا اعلان

    لاہور: معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اذلان شاہ،جنہوں نے اپنی شادی میں دلہن کو بطور تحفہ گدھا دینے کے منفرد انداز سے شہرت حاصل کی تھی،نے اب اپنی پہلی اہلیہ کی رضامندی سے دوسری شادی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اذلان شاہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اس اہم فیصلے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ”ایک اہم بات ہے جو میں آپ سب سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ بطور معروف شخصیت میرا فرض بنتا ہے کہ اس بارے میں خود بات کروں، اس سے پہلے کہ آپ کو یہ بات کسی اور کے ذریعے معلوم ہو۔”انہوں نے مزید کہا "یہ کافی عجیب سا لگتا ہے لیکن میں دوبارہ شادی کر رہا ہوں۔ میری اہلیہ نے اس حوالے سے مکمل رضامندی دے دی ہے۔ اس لیے میری فیملی کو اس معاملے سے دور رکھیں، یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے۔”پیغام کے اختتام پر اذلان شاہ نے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کی درخواست بھی کی۔

    واضح رہے کہ اذلان شاہ معروف پاکستانی اداکار مرحوم شبیر رانا کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر وریشہ جاوید خان سے شادی کی تھی، اور جوڑے کی ایک دو سالہ بیٹی بھی ہے

  • قطر ایئر ویز 2025 کی بہترین ایئر لائن قرار

    قطر ایئر ویز 2025 کی بہترین ایئر لائن قرار

    فضائی مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ایئر ہیلپ نے سال 2025 کے لیے دنیا کی بہترین ایئر لائنز کی سالانہ رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی معروف فضائی کمپنی قطر ایئر ویز نے ایک مرتبہ پھر بہترین ایئر لائن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ قطر ایئر ویز یہ مقام پانچ سال بعد دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

    ایئر ہیلپ کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ میں دنیا بھر کی ایئر لائنز کو 10 میں سے اسکور دیا گیا، جس کا تعین تین بنیادی عوامل ، وقت کی پابندی، صارفین کی رائے اور کلیم پروسیسنگ کی بنیاد پر کیا گیا۔ تینوں عوامل کو رینکنگ میں برابر وزن دیا گیا، جس سے مجموعی کارکردگی کا شفاف تجزیہ ممکن ہوا۔رپورٹ کے مطابق قطر ایئر ویز نے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پہلا نمبر حاصل کیا۔ کمپنی نے نہ صرف وقت کی پابندی میں اعلیٰ معیار برقرار رکھا بلکہ صارفین کی جائزوں اور کلیمز کی بروقت پروسیسنگ میں بھی دیگر ایئر لائنز سے سبقت حاصل کی۔قطر ایئر ویز کے بعد متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز رینکنگ میں دوسرے نمبر پر رہی، جو مشرقِ وسطیٰ کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اور اہم کامیابی ہے۔ برطانیہ کی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے اس سال کی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    ایوی ایشن ماہرین کے مطابق قطر ایئر ویز کی دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر واپسی اس بات کی علامت ہے کہ ایئر لائن نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنی سروس کو مسلسل بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی، جس کے نتیجے میں مسافروں کا اعتماد بھی بحال ہوا۔

  • بابری  مسجدکی  جگہ  بنائےگئے  رام مندر  پر جھنڈا  ،پاکستان کا اظہار تشویش

    بابری مسجدکی جگہ بنائےگئے رام مندر پر جھنڈا ،پاکستان کا اظہار تشویش

    پاکستان نے بابری مسجدکی جگہ بنائےگئے رام مندر پر جھنڈا لہرانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ بابری مسجدکو 6 دسمبر 1992 کو انتہاپسند ہجوم نے شہید کیا تھا،بھارت کی عدالتی کارروائیاں بھی مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویےکی عکاسی کرتی ہیں، بھارتی ریاست کا اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے مذہبی و ثقافتی ورثےکو مٹانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ متعدد تاریخی مساجد کی توہین اور انہیں شہید کرنے کے خطرات لاحق ہیں۔ بھارتی مسلمان سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر بڑھتی ہوئی محرومی کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت میں بڑھتی اسلاموفوبیا اور نفرت انگیزی پر نوٹس لینےکی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے اسلامی ورثےکے تحفظ کے لیے مؤثرکردار ادا کریں بھارت مسلمانوں سمیت تمام مذہبی برادریوں کے مقامات عبادت کا تحفظ یقینی بنائے۔

    خیال رہےکہ ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ تعمیرکیےگئے رام مندر کی تکمیل مودی کی قیادت میں مذہبی انتہا پسندی کی علامت بن گئی ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں 16 ویں صدی کی بابری مسجد کو شہید کرکے تعمیر کیےگئے رام مندر پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔

    واضح رہے کہ تاریخی بابری مسجد کو 1992 میں آر ایس ایس اور وشوا ہندو پریشد کے انتہا پسند ہجوم نے شہید کردیا تھا، جس کے نتیجے میں ملک گیر فسادات میں دو ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی،بھارتی سپریم کورٹ نے 2019 میں تسلیم کیا تھا کہ مسجدکی شہادت غیر قانونی تھی مگر اس کے باوجود زمین مندر کی تعمیر کے لیے ہندو ٹرسٹ کے حوالے کر دی گئی، جسے بین الاقوامی ماہرین نے قانون کی پامالی اور اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • بیکو ترکیہ نے پاکستان کے گھریلو آلات کے شعبے پر اپنے اعتماد کی توثیق کر دی

    بیکو ترکیہ نے پاکستان کے گھریلو آلات کے شعبے پر اپنے اعتماد کی توثیق کر دی

    کوچ ہولڈنگ اور بیکو کے سینئر ایگزیکٹوز کے دورۂ پاکستان کا مقصدصنعتی ترقی کو فروغ دینے، پروڈکٹس کومقامی تقاضوں میں ڈھالنےاور جدت میں تیزی لانے کے علاوہ ملک میں ہوم اپلائنسزز کے شعبے کو ڈاؤلینس کی طویل مدتی ترقی کو مستحکم بنانا تھا

    ترکیہ کی معروف انویسٹمنٹ ہولڈنگ کمپنی، کوچ ہولڈنگ ، نے پاکستان اور ڈاؤلینس کی ترقی کے سفر کے لیے اپنی طویل مدتی وابستگی کی توثیق کی ہے۔ اس بات کاظہار کوچ ہولڈنگ اور بیکو ے ایک اعلیٰ سطح کے دورے کے موقع پر کیا گیا جس میں بیکو ڈیوریبلز کے سینئر ایگزیکٹوزشامل تھے۔بیکو ،کنزیومر ڈیوریبلز کی انڈسٹری میں، کوچ گروپ کا نمایاں اور فلیگ شپ برانڈ ہے۔ اس وفد میں کنزیومر ڈیوریبلز گروپ کے صدر، ڈاکٹر فاتح کمال ابیچلی اوغلو ، کوچ ہولڈنگ کے چیف کمرشل آفیسر برائے ترکیہ اور ساؤتھ ایشیا،جان ڈنچر ؛ چیف پروڈکشن اینڈ ٹیکنالوجی آفیسر،نہات باییز ، اوربیکوکے ڈائریکٹر ریجنل مارکیٹنگ، بزنس ٹرانسفارمیشن اینڈ گروتھ، ہندان عبد الرحمٰن اوغلو شامل تھے۔اس دورے کی میزبانی ڈاؤلینس کے منیجنگ ڈائریکٹر،عمر احسن خان نے کی، جو پاکستان میں بیکو کی ذیلی کمپنی بھی ہے۔ یہ دورہ پاکستان کے لیے بیکو کے طویل مدتی وژن اور خطے میں کاروباری تعلقات، صنعتی ترقی اور پائیدار نمو کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

    اس دورے میں وفد نے کراچی اور حیدرآباد میں واقع ڈاؤلینس کی جدید ترین مینوفیکچرنگ سہولیات کا معائنہ کیا، جن میں پروڈکٹ انوویشن، تحقیق و ترقی (R&D)، اور پیداواری نظام کو،مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے مزید جدید بنا یا گیا ہے۔وفد نے کراچی کی اہم ریٹیل مارکیٹوں کا بھی دورہ کیا اور ڈاؤلینس کے ملک گیر ڈیلر نیٹ ورک کے ساتھ ایک انٹریکٹو سیشن بھی منعقد کیا، جس میں صارفین کے رجحانات، مارکیٹ کی حرکیات، ڈسٹری بیوشن کی حکمتِ عملی، اور مستقبل کی ترقی کے مواقع پر گفتگو کی گئی، تاکہ ڈیلرز چینل کے ذریعے تعاون اور تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

    دورے کے اختتام پر ڈاؤلینس کے منیجنگ ڈائریکٹر، عمر احسن خان نے کہا:”یہ دورہ ڈاؤلینس اور پاکستان کی مارکیٹ کی بے پناہ صلاحیت پر ہماری عالمی قیادت کے اعتماد کو اجاگر کرتاہے۔ ہم جدت کے فروغ، اپنے ڈیلر نیٹ ورک کی مضبوطی اور ایسی قابلِ اعتماد ٹیکنالوجیز فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں جو واقعی پاکستانی صارفین کی ضروریات پوری کرتی ہیں ۔“

    کوچ ہولڈنگ اور بیکو پاکستان میں مسلسل جدت، مضبوط مقامی مینوفیکچرنگ اور ایسی قابلِ اعتماد ٹیکنالوجیز کے ذریعے ملک کی معاشی اور صنعتی ترقی میں معاونت کے لیے پُرعزم ہیں جو پاکستانی گھروں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ کوچ گروپ کے آپریشنز ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اوردونوں ممالک جو مشترکہ اقدار اور اسٹریٹجک شراکت داری سے جڑے ہوئے ہیں۔ 2024 میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت تقریباً 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ ترکیہ اور پاکستان اس تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں، اور دو طرفہ تجارت کو آئندہ برسوں میں 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف رکھتے ہیں۔

  • چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل  ساحر شمشاد  مرزا  کا جی ایچ کیو کا الوداعی دور

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا جی ایچ کیو کا الوداعی دور

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ کیا اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الوداعی ملاقات کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مثالی قیادت، اسٹریٹجک بصیرت اور پاک فوج کے لیے شاندار خدمات کو سراہا اور کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے مسلح افواج کی مشترکہ آپریشنل تیاری کو مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قومی سلامتی کے اسٹریٹجک اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی کاوشوں اور علاقائی استحکام اور عسکری سفارت کاری کے لیےکاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کریئر کے دوران فراہم کی گئی حمایت پر آرمی چیف اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔

  • سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، ایف آئی اے کارکردگی پر شدید تحفظات

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، ایف آئی اے کارکردگی پر شدید تحفظات

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹر شہادت اعوان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

    اجلاس میں سینیٹر نسیمہ احسان، سیف اللہ ابڑو، عمر فاروق، پلوشہ محمد زئی خان، جام سیف اللہ خان، میر دوستین خان ڈومکی، دلاور خان، محمد اسلم ابڑو اور محمد عبدالقادر نے شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے (NCCIA) نے 6 نومبر کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ سینیٹر فلک ناز چترالی کے ساتھ ہونے والے فراڈ میں ملوث افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے زیرِ التوا اور نمٹائے گئے کیسز کے اعداد و شمار بھی پیش کیے، جن پر ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔

    سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان نے ایف آئی اے کے رویے کی شکایات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سینیٹر سے "مهدی شاہ” کے نام پر پیسے مانگے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایف آئی اے نے ایک یوٹیوبر کے بھائی کی بیوی سے 10 کروڑ روپے نہ مانگے ہوتے تو عوام سے ہونے والی لوٹ مار کا اندازہ نہ ہوتا۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ایک ایف آئی اے افسر کی مبینہ کرپشن پر سوال اٹھایا، جس نے صرف ایک سال میں اربوں روپے مالیت کی جائیداد بنائی۔ اراکین نے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کے لیے سب کمیٹی بنانے کی تجویز دی، تاہم چیئرمین نے کہا کہ اس مرحلے پر سب کمیٹی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے افسران کے خلاف انکوائری رپورٹ جلد مکمل کرکے کمیٹی کو پیش کی جائے۔

    آئی جی سندھ اور آئی جی بلوچستان کے نمائندوں نے سینیٹر اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت بتائی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس ٹیمیں ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے کوئٹہ میں موجود ہیں، ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، شناختی کارڈ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔چیئرمین نے ڈی آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ تحقیقات 20 دن میں مکمل کر کے رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے۔ ارکان نے آئی جی سندھ کی مسلسل غیر حاضری پر ناراضی کا اظہار کیا، جس پر چیئرمین نے ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں لازماً شریک ہوں۔

    سینیٹر اسلم ابڑو، سیف اللہ ابڑو اور نسیمہ احسان نے بتایا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، مگر انہیں کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ جب تک صوبائی تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹیاں معاملہ نہیں لیتیں، آئی جی اسلام آباد، آئی جی سندھ اور آئی جی بلوچستان فوری طور پر ان سینیٹرز کو سیکیورٹی فراہم کریں۔

    اجلاس میں صوابی سے 2,828 کارٹن سگریٹ چوری کے کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی خیبرپختونخوا اور ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ ایف آئی آر درج ہے اور معاملہ ایف آئی اے کے پاس زیرِ تفتیش ہے۔ کمیٹی نے تفتیش میں تاخیر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے واضح ٹائم لائن مانگی اور ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ افسران مکمل رپورٹ کے ساتھ موجود ہوں۔ چیئرمین نے ایف بی آر چیئرمین کی غیر حاضری پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔