Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • خواتین کو سعودی عرب میں جبری بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    خواتین کو سعودی عرب میں جبری بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    ایف آئی اے فیصل آباد زون کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے

    عمرہ کے بہانے خواتین کو سعودی عرب میں جبری بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا،ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے اشتہاری ملزم محمد شریف کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم محمد شریف بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گینگ کا سرغنہ ہے،ملزم محمد شریف کو سعودی عرب سے فیصل آباد آمد پر ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا،ملزم کے خلاف انٹرپول کے ذریعے بلیو نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا،اس سے قبل بھی گینگ کے ملزمان ظہور احمد اور محمد غفور گرفتار ہو چکے ہیں

    ملزمان معصوم شہریوں کو مفت عمرہ اور ملازمت کے جھانسہ دے کر سعودی عرب اسمگل کرتے تھے،ملزمان متاثرہ خواتین کو سعودی عرب میں منظم بھیک مانگنے پر مجبور کرتے تھے،ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا

  • آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر خزانہ امریکہ روانہ

    آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر خزانہ امریکہ روانہ

    وزیرخزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اورورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔

    وزیرخزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے پلینری اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وہ اپنے دورہ امریکا کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے،وزیرخزانہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اورملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات ہوگی،وزیرخزانہ، اجے بنگاکی خصوصی دعوت پر ان کی جانب سے منتخب ممالک کے وزرائے خزانہ کو دیے گیے عشائیے میں شریک ہوں گے، وزیرخزانہ کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوگی،وزیرخزانہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کےحوالے سے عالمی بینک کے زیر اہتمام علاقائی راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کریں گے، راؤنڈ ٹیبل میں ایف بی آر حکام کے علاوہ دیگر ممالک کے ٹیکس حکام بھی اپنی ٹیکس اصلاحات کو اجاگر کریں گے۔

    وزیر خزانہ ورلڈ اکنامک فورم کے زیر اہتمام 2 اہم ایونٹس میں شریک ہوں گے، دورے کے دوران وزیر خزانہ چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں، ان کی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقات ہوگی،وزیر خزانہ منتخب بین الاقوامی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی انٹرویوز دیں گے، وہ اپنے 6 دن کے دورے کے دوران 65 سے زائد ایونٹس، فورمز، تقریبات، نشستوں اور ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔

  • افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی، حکومت پاکستان کی اولین ترجیح

    افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی، حکومت پاکستان کی اولین ترجیح

    پاکستان نے عالمی سطح پر افغان مہاجرین کی پروقار وطن واپسی کی مثال قائم کر دی

    حکومتِ پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں،وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہم آہنگی سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی ممکن بنائی جا رہی ہے،ایف سی اور سول انتظامیہ کی کاوشوں سے عمل شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے،45 سال پاکستان میں گزارنے والے افغان مہاجرین نے وطن واپسی پر اپنے جذبات کا خوبصورتی سے اظہار کیا،افغان مہاجر کا کہنا تھا کہ باوقار وطن واپسی پر حکومتِ پاکستان اور ایف سی کے کردار پر انتہائی مشکور ہیں،ہم کسی دباؤ کے بغیر اپنی مرضی سے وطن واپس جا رہے ہیں، خوراک اور سرحد تک سامان کی ترسیل میں حکومت اور ایف سی اہلکاروں نے بھرپور تعاون فراہم کیا، ہمیں ہماری خواہش کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،پاکستان میں بہت اپنائیت ملی، ہمیں کبھی مہاجر نہیں سمجھا گیا، پاکستان اور اداروں نے وطن واپسی کو عزت دار اور منظم انداز میں ممکن بنایا،بلوچستان میں 40 سال گزارنے کے بعد بہترین یادوں کے ساتھ وطن لوٹ رہے ہیں،

    حکومت ہر حد تک افغان مہاجرین کی سرحد تک رہنمائی، خوراک، اور ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے

  • سفاک مودی کی اقلیت دشمنی پر قائم آمرانہ طرزِ حکومت کڑی تنقید کی زد میں

    سفاک مودی کی اقلیت دشمنی پر قائم آمرانہ طرزِ حکومت کڑی تنقید کی زد میں

    سفاک مودی کی اقلیت دشمنی پر قائم آمرانہ طرزِ حکومت کڑی تنقید کی زد میں ہے

    بجرنگ دل تنظیم انتہا پسند مودی کے اشاروں پر متحرک ہے، مذہبی جنون کے ذریعے اقتدار بچانے کا مذموم کھیل جاری ہے،مودی کی فاشسٹ حکومت نے فرقہ واریت کو سیاسی ہتھیار بنا کر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا،مودی کی سرپرستی میں بی جے پی اور بجرنگ دل منظم انتہا پسندی کے چہرے بن چکے ہیں،اڈیشہ کے علاقے کٹک میں فرقہ وارانہ فسادات نے بھارت کو اقلیتوں کے لیے غیر محفوظ ملک ثابت کر دیا،مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی نے غاصب مودی کی نا اہل سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا

    ممتا بینرجی کا کہنا ہے کہ کٹک جل رہا ہے، بی جے پی ملک کو ختم کر دے گی،بی جے پی اور بجرنگ دل نے کٹک میں فرقہ وارانہ فسادات کرائے، میں نے بی جے پی جیسی مغرور اور آمریت پسند حکومت نہیں دیکھی، بی جے پی آج اقتدار میں ہے، کل نہیں ہو گی،

    مودی راج میں اقلیتیں غیر محفوظ، بجرنگ دل اور آر ایس ایس سمیت متعدد شدت پسند تنظیموں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ،اقتدار کی خاطر مودی کی نا اہل سیاست نے مذہب کی بنیاد پر بھارت کو نفرت میں جھونک دیا،مودی کے خون آلود کھیل نے نہ صرف بھارت بلکہ علاقائی امن کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے

  • پاکستان میں پہلی مرتبہ مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قارنیہ کی کامیاب پیوند کاری

    پاکستان میں پہلی مرتبہ مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قارنیہ کی کامیاب پیوند کاری

    پاکستان میں پہلی مرتبہ مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قارنیہ کی کامیاب پیوند کاری، بصارت کی بحالی کا تاریخی سنگِ میل،پاک فوج کے ماہر سرجنز نے پاکستان میں پہلی بار مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قارنیہ کی کامیاب پیوند کاری کر کے تاریخ رقم کر دی

    آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف اوفتھامولوجی (AFIO)نے فوجی آپریشن میں بینائی سے محروم ہونے والےدو سپاہیوں کی بصارت بحال کر کے ایک اور تاریخی سنگ میل طے کرلیا،میجر جنرل (ر) سید ظفر مہدی عسکری کی مرحوم اہلیہ کی وصیت پر قارنیہ اے ایف آئی او کو عطیہ کیا گیا،30 سالہ سپاہی علی اللہ اور 26 سالہ سپاہی فلک شیر کی آنکھوں میں قارنیہ کی کامیاب پیوند کاری کی گئی،دونوں سپاہی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں اپنی بصارت سے محروم ہوئے تھے، اے ایف آئی او کے ماہرسرجنز کا پیشہ ورانہ کردار قابل تحسین ہے،اس تاریخی موقع پر مرحومہ کی بیٹی زہر ا مہدی نے والدہ کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا،زہرا مہدی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا اعزاز یہ ہے کہ والدہ کی آنکھیں دو بہادر فوجیوں کو عطیہ کی گئیں،والدہ کے عطیہ کردہ قارنیہ سے سپاہیوں کی زندگی میں روشنی لوٹ آئی جو کہ صدقۂ جاریہ ہے، اے ایف آئی او کی جدید سرجری سے بصارت کی بحالی کا تاریخی کارنامہ قابلِ تحسین ہے

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان،مختلف آپریشنز میں 40 دہشتگرد جہنم واصل،پاک افغان سرحد پر بھی فائرنگ

    خیبر پختونخوا،بلوچستان،مختلف آپریشنز میں 40 دہشتگرد جہنم واصل،پاک افغان سرحد پر بھی فائرنگ

    خیبر پختونخوا،بلوچستان کے مختلف مقامات پر دہشتگردی، تخریب کاری کے واقعات پیش آئے ہیں، سیکورٹی فورسز نے بھر پور جوابی کاروائی کی ہے.

    گلگت بلتستان کے علاقے بوش داس میں پاکستانی طالبان کے ایک گروہ نے جی بی اسکاؤٹس پر فائرنگ کے حملے کا دعویٰ کیا۔ تاہم، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کی تصدیق نہیں کی۔ حکام کے مطابق علاقے میں فائرنگ کی آوازیں ضرور سنائی دیں، لیکن کسی حملے یا نقصان کے شواہد نہیں ملے۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جس کے باعث اسے مشکوک قرار دیا جا رہا ہے۔

    بلوچستان میں ہتھیار ڈالنے والے ایک خوارج کمانڈر نے انکشاف کیا ہے کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو براہِ راست فنڈنگ اور مدد فراہم کر رہی ہیں۔ کمانڈر کے مطابق بیرونی قوتیں اس گروہ کو مالی امداد، تربیت، اور لاجسٹک سہولتیں مہیا کرتی ہیں تاکہ پاکستان میں بدامنی پھیلائی جائے۔
    کمانڈر نے بتایا کہ یہ نیٹ ورکس نسلی اور لسانی بنیادوں پر عوام کو گمراہ کرتے ہیں، نوجوانوں کو بھرتی کر کے سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے اس بیان کو "خوارج اور دشمن انٹیلی جنس نیٹ ورکس کے گٹھ جوڑ کا ناقابلِ تردید ثبوت” قرار دیا۔

    کولواہ کے علاقے میں شدت پسندوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا۔ تاہم، تاحال جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز نے سرچ اور کورڈن آپریشن شروع کر دیا ہے۔ بی ایل اے نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے لیکن ریاستی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

    بلوچستان کے علاقے زمرن میں ایک سپلائی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ اہم سپلائی راستوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

    بولیدہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک شخص کو نشانہ بنایا جس پر مخبری کا الزام تھا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ بی ایل اے نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    خیبر کے علاقے تیراہ ویلی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد، صابر خان، کو ہلاک کر دیا۔ذرائع کے مطابق صابر خان مختلف دہشتگرد حملوں میں ملوث تھا اور برقعہ پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ حکام نے اسے سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

    پاک۔افغان سرحد پر غلام خان کے مقام پر پاکستانی سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔اطلاعات کے مطابق دشمن جانب سے بھاری فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا۔ واقعہ نے ایک بار پھر سرحدی سلامتی کے چیلنجز کو اجاگر کر دیا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہوئے۔ 5 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ ریاستی استحکام کو چیلنج کرنے کی کوشش تھی۔

    کرم کے علاقے گوازہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں دو دہشتگرد مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

    باجوڑ کے ماموند علاقے میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل تھا۔ آپریشن کے دوران ایک سپاہی شہید ہوا۔ علاقے میں جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔

    ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کی قیادت میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (فتنہ الخوارج) کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔ڈومیل، کم چشمہ، برگھنتو ڈیم اور مرکی بیرا میں خفیہ ٹھکانے تباہ کیے گئے۔چار آئی ای ڈیز بھی برآمد ہوئیں جنہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فورسز کی بہادری کو سراہا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    اورکزئی میں فورسز نے حالیہ دنوں کے سب سے بڑے آپریشن میں 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔یہ وہی گروہ تھا جس نے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیّب راحت اور 9 سپاہیوں کو شہید کیا تھا۔

    بنوں میں مرہت بیتنی قومی تحریک کے تین مشران، ولی اللہ، فرمان اللہ اور عطا اللہ، اغوا کے دو روز بعد مردہ حالت میں ملے۔انہیں باران ڈیم سے واپسی پر دہشتگردوں نے اغوا کیا تھا۔مقامی آبادی نے واقعہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں کیمپ کرونا کے قریب روس ساختہ دستی بم برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس نے علاقے کو سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ بھی جاری ہے۔

    پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات اور ریاستی آپریشنز نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ دشمن قوتیں ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں، مگر سکیورٹی ادارے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ہر محاذ پر خوارج اور ان کے سرپرستوں کے خلاف صفِ اول میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

  • جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ، پاکستان کے 11 کھلاڑیوں کے نام فائنل

    جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ، پاکستان کے 11 کھلاڑیوں کے نام فائنل

    آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے چوتھے سائیکل 27-2025 میں پاکستان کرکٹ ٹیم شان مسعود کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنے میدان میں اتر رہی ہے۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم 7 بیٹرز، 2 فاسٹ بولر ز اور 2 اسپنرز کے ساتھ اترنے کی حکمت عملی اپنائے گی، وائرل فیور کے سبب دائیں ہاتھ کے اسپنر ساجد خان کی جگہ آصف آفریدی 11 رکنی ٹیم کا حصہ بنیں گے، 38 سال کے بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچوں میں 25.49کی اوسط سے 198وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کے ساتھ تجربے کار اسپنر نعمان علی ہوں گے۔39 سال کے نعمان علی نے 19 ٹیسٹ میں 24.75کی اوسط سے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں، فاسٹ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں،31 ٹیسٹ میں 116وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر کے نئی گیند پارٹنر حسن علی ہوں گے، 24 ٹیسٹ میں 80 وکٹیں لینے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر حسن علی نے اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا، پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق کریں گے۔

    جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں ، امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود ( کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور آصف آفریدی شامل ہوں گے۔

  • تحریک لبیک کا احتجاج،راستے دوسرے روز بھی بند

    تحریک لبیک کا احتجاج،راستے دوسرے روز بھی بند

    تحریک لبیک کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال کے باعث جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں زندگی دوسرے روز بھی بری طرح متاثر رہی۔ سڑکوں کی بندش، تجارتی مراکز کی بندش اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    لیاقت باغ . مری روڈ بند ہے، موٹروے کالا شاہ کاکو سے بندہے، جی ٹی روڈ (مریدکے کے قریب اسلام آباد کی سمت)بند ہے، موٹروے – فتح جنگ انٹرچینج سے اسلام آباد کی جانب بندہے، اڈیالہ روڈ فلائی اووربند ہے، پشاور روڈ، سرینا چوک، ساون پل ہے،اورنج لائن میٹرو ٹرین بند،لاہور سے اسلام آباد موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیئے بندہے، بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹر وے پر داخلہ بندہے، جی ٹی روڈ پر بھی جگہ جگہ رکاوٹیں ہیں، جڑواں شہروں کے بعض علاقوں میں موبائل ڈیٹا سروس تاحال معطل ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ضرورت کے تحت باہر نکلیں۔ شناختی دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔ سیاسی، انتظامی یا حساس علاقوں سے فاصلہ رکھیں۔ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔غیر یقینی حالات میں پرسکون رہیں، افواہوں پر یقین نہ کریں، اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے مستند ذرائع یا مقامی انتظامیہ کی معلومات پر انحصار کریں

    راولپنڈی ایکسپریس وے، فیض آباد انٹرچینج، آئی جے پی روڈ، کھنہ پل، کری روڈ اور ڈھوک کالا خان کے راستے مکمل طور پر بند ہیں۔ اسی طرح وارث خان، کمیٹی چوک، سکستھ روڈ، شمس آباد، ایران روڈ، راول روڈ، شاہین چوک، صدر اور پرانے ایئرپورٹ سے آنے والے تمام راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں۔انتظامیہ نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر بھی کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے باعث درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں اور مسافروں کو ایئرپورٹ پہنچنے میں سخت دشواری پیش آ رہی ہے۔

    دوسری جانب جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی معطل ہے جس سے آن لائن کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور رابطے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ سڑکوں کی بندش کے باعث سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ طلباء و طالبات گھروں میں محصور ہیں۔ممکنہ احتجاج کے پیش نظر میٹرو بس سروس بھی معطل ہے، جس سے عوامی نقل و حرکت مزید محدود ہو گئی ہے۔ فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ تمام ہوٹلوں کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت سیل کر دیا گیا ہے۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    شہری حلقوں نے احتجاج کے نام پر شہر کی مکمل بندش کو عوامی مشکلات میں اضافہ قرار دیتے ہوئے حکومت اور مظاہرین سے افہام و تفہیم کے ذریعے مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان، پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشتگردوں کا حملہ، پانچ ہلاک، سات اہلکار شہید

    ڈیرہ اسماعیل خان، پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشتگردوں کا حملہ، پانچ ہلاک، سات اہلکار شہید

    دہشتگردی کی ایک اور سفاک کارروائی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ اسکول پر گزشتہ رات خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سات بہادر پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگرد، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا

    ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ اسکول میں آپریشن رات گئے مکمل کیا گیا جس میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔اسپتال ڈائریکٹر نے بتایا کہ 13 زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر لایا گیا، حملے کے وقت 200 پولیس جوان اور ریکروٹس کو ریسکیو کیا گیا، آپریشن میں ٹریننگ اسکول اور نادرا آفس کو کلیئر کیا گیا۔

    یاد رہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات تقریباً ساڑھے 8 بجے پولیس ٹریننگ اسکول ڈی آئی خان پر خودکش حملہ کیا تھاجس کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری جوابی کاروائی شروع کر دی تھی.

  • طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

    طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

    امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق مبینہ مقابلہ رحیم یار خان کے علاقے میں ہوا، سی سی ڈی اہلکار ملزم طیفی بٹ کو کراچی سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، ملزم طیفی بٹ کو دبئی سے پاکستان لایا گیا تھا جس پر قتل کے متعدد الزامات تھے۔ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے طیفی بٹ سے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا، اس پر ملزم نے پاکستان جانے اور مقدمات کا سامنا کرنے کا کہا تھا۔

    طیفی بٹ کو ساتھی چھڑا کر لے گئے تھے،دوبارہ تلاش پر مقابلہ ہوا،ملزم زخمی حالت میں ملا،تاہم دم توڑ گیا، سی سی ڈی
    کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قتل کے ایک اہم مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ دورانِ پولیس حراست فائرنگ کے ایک شدید تبادلے میں ہلاک ہو گیا جبکہ سی سی ڈی کے دو افسران شدید زخمی ہو گئے۔طیفی بٹ، جس کے خلاف تھانہ چونگی لاہور میں ایف آئی آر نمبر 1163/24 قتل کے الزام میں درج ہے، 10 اکتوبر 2025 کو کراچی کے قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا، جہاں سی سی ڈی کی ایک ٹیم نے اسے تقریباً 1515 بجے اپنی حراست میں لیا اور زمینی راستے سے لاہور لے جانے کا فیصلہ کیا۔جب سی سی ڈی کی ٹیم 11 اکتوبر کی صبح کے وقت ضلع رحیم یار خان کے قریب سنجھرو کے مقام پر پہنچی، تو متعدد مسلح افراد نے سی سی ڈی کی گاڑی پر اچانک حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سی سی ڈی افسر شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران حملہ آور طیفی بٹ کو پولیس کی حراست سے چھڑا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور سی سی ڈی کی دیگر ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔ تقریباً صبح 5 بجے سی سی ڈی کی رحیم یار خان ٹیم نے دو مشتبہ گاڑیوں کو دیکھا اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔فائرنگ کے اختتام پر ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا، جسے سی سی ڈی اہلکاروں نے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بعدازاں اس کی شناخت طیفی بٹ کے طور پر کی گئی۔ جھڑپ کے دوران ایک اور پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔سی سی ڈی اور مقامی پولیس کی متعدد ٹیمیں واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش میں سرگرم عمل ہیں۔ حملے، پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے اور ایک اشتہاری مجرم کی ہلاکت کی تفتیش جاری ہے۔ سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی مزید تفصیلات دستیاب ہوں گی، میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
    teefi