Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارت،دوسری جماعت کی طالبہ کے ساتھ سکول میں دو بار زیادتی،مقدمہ درج

    بھارت،دوسری جماعت کی طالبہ کے ساتھ سکول میں دو بار زیادتی،مقدمہ درج

    گجرات کے ضلع مہسانہ کے قصبہ وِجاپور میں کمسن طالبہ سے اسکول کی حدود میں دو مرتبہ مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ والدین کی شکایت پر پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دوسری جماعت کی طالبہ نے والدین کو بتایا کہ 19 نومبر کو ایک نامعلوم شخص اسے اسکول کے پیچھے موجود باغیچے میں لے گیا اور اس کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔ اگلے روز، یعنی 20 نومبر کو وہی شخص دوبارہ آیا اور بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد اس کے دائیں ہاتھ پر ایک نامعلوم قسم کا انجیکشن بھی لگا دیا۔بچی کے مطابق ملزم نے اسے سخت دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے واقعہ کسی کو بتایا تو وہ اسے جان سے مار دے گا۔ خوف کے باعث بچی خاموش رہی، تاہم پیٹ میں شدید درد اور طبیعت بگڑنے پر والدین اسے اسپتال لے گئے جہاں اس نے پورا معاملہ بیان کیا۔بچی کے والد کی شکایت پر وِجاپور پولیس اسٹیشن میں POCSO ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    انسپکٹر جی اے سولنکی کے مطابق پولیس اسکول اور اردگرد کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے جبکہ میڈیکل ٹیم انجیکشن کے اثرات اور نوعیت سے متعلق رپورٹ تیار کر رہی ہے۔پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے اور مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔

  • اللہ نہ کرے پنجاب بھی دہشتگردی کا سامنا کرے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

    اللہ نہ کرے پنجاب بھی دہشتگردی کا سامنا کرے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے جو بھی ہمارے جوانوں کو شہید کرتا ہے وہ دہشتگرد ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کی پولیس مکمل طور پر اہل ہے اور دہشتگردوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پولیس کے لیے جدید آلات کی خریداری کی منظور دے چکا ہوں، وفاق واجبات دے تو پولیس اور صحت سمیت تمام شعبوں میں مزید بہتری لا سکتے ہیں، خیبر پختونخوا میں فارنزک لیب قائم کی جائے گی، پی ٹی آئی کچھ کر رہی ہے تو ہی خیبرپختونخوا کے عوام نے تیسری بار موقع دیا، موجودہ چیف سیکرٹری اور آئی جی بہترین کام کر رہے ہیں، چاہتا ہوں کہ موجودہ آئی جی کام جاری رکھیں۔دہشتگردی نے خیبرپختونخوا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے، جو بھی ہمارے جوانوں کو شہید کرتا ہے وہ دہشتگرد ہے، امن کی خاطر وفاق کا ساتھ دوں گا، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، دہشتگردوں کو سزا دینے کے لیے صوبائی سطح پر قانون سازی کی ہدایت کر دی ہے، انسداد دہشتگردی کے قوانین میں سقم ختم کرنا چاہتے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں، اللہ نہ کرے پنجاب بھی دہشتگردی کا سامنا کرے۔

    پختونخوا میں کرپشن کے الزامات سے متعلق سوال پر سہیل آفریدی کا کہنا تھا وفاق کو دعوت دیتا ہوں خیبر پختونخوا میں آڈٹ کرے لیکن ہمارے واجبات بھی دے، میرا بھائی بھی کرپشن میں ملوث ہو تو اسے سزا ملنی چاہیے ،ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا سیاسی اختلافات اپنی جگہ کسی بھی اقدام سے صوبوں کے عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے، پانی بند کرنے سے متعلق جنید اکبر کا بیان غلط تھا،

  • حکومت نے 3 ماہ تک آئی ایم ایف کی رپورٹ کیوں دبائے رکھی،محمد زبیر

    حکومت نے 3 ماہ تک آئی ایم ایف کی رپورٹ کیوں دبائے رکھی،محمد زبیر

    تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنما، سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹوں سے زائد وقت گزر گیا کسی حکومتی نمائندے نے آئی ایم ایف رپورٹ کی تردید نہیں کی۔

    اسلام آباد میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ حکومت نے 3 ماہ تک آئی ایم ایف کی رپورٹ کیوں دبائے رکھی؟محمد زبیرنے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرط تھی کہ رپورٹ جاری ہوگی تو اگلی قسط ملے گی، ہم اس رپورٹ میں بے ضابطگییوں پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ حکومتی نمائندے اس رپورٹ پر اپنا مؤقف سامنے رکھیں،عمران خان پر بنایا گیا مقدمہ جعلی اور بے بنیاد ہے۔ بانیٔ پر گھڑی کا بے بنیاد کیس بنایا ہوا ہے، پاکستان کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے ہیں۔شہباز شریف ہر وقت کہتا تھا کہ ایک کیس بتا دیں کرپشن کا جب سے میں آیا ہوں۔ شہباز آپ کی حکومت میں چینی اور گندم کا اسکنڈل ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں آیا ہے 5300 ارب کی کرپشن ہوئی ہے۔27وی غیر آئینی ترمیم مزید معیشت کو تباہ کریگی۔ جب شفافیت نہیں ہوتی تو ملک میں انویسٹر نہیں آتا۔ جب آپ خود ججز لگائیں گے اور کوئی جھگڑا ہوگیا انویسٹر کا گورنمنٹ آرگنائزیشن سے تو انویسٹر کہاں جائےگا،

  • راشد لطیف نے  متنازع  بیان  پر غیرمشروط معافی مانگ لی

    راشد لطیف نے متنازع بیان پر غیرمشروط معافی مانگ لی

    سابق کپتان راشد لطیف نے سوشل میڈیا اور انٹرویوز میں دیے گئے بیانات پر وضاحتی بیان جاری کردیا، راشد لطیف نے اپنے تمام متنازع بیانات پر غیرمشروط معافی مانگ لی۔

    راشد لطیف کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کو فلسطینی حمایت پر کپتانی سے ہٹانے سے جوڑنا بلاجواز ہے، بیان نامناسب تھا، کسی ٹھوس ثبوت پر مبنی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اظہار رائے میں ذمہ دارانہ، شواہد پر مبنی اور محتاط رویے رکھوں گا، ملک کی ساکھ مقدم ہے، غیر ذمہ دارانہ تبصرے کا سوال ہی نہیں بنتا۔سابق کپتان راشد لطیف نے گفتگو میں منصفانہ، متوازن، تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

  • پاکستان اورافغانستان میں تجارتی بندش, مربوط حکمت عملی پاکستان کیلئے فائدہ مند

    پاکستان اورافغانستان میں تجارتی بندش, مربوط حکمت عملی پاکستان کیلئے فائدہ مند

    پاکستان کا11 اکتوبر 2025 کو افغان سرحد بند کرنا ردعمل نہیں بلکہ تجارتی نظام کی اصلاح کا باعث ہے

    پاکستان نے وہ تمام راستے بند کیے جو اسمگلنگ، منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور دہشتگردی کے بنیادی ذرائع تھے، تجارتی بندش کایہ فیصلہ قومی سلامتی، معاشی بقا اور ریاستی رٹ کے لیے نہایت اہم اور دوررس ثابت ہوگا،افغانستان تجارتی بندش سے معاشی، سماجی اور ریاستی طور پر سب سے زیادہ نقصان میں ہے۔افغانستان کی 70 سے80٪ تجارت پاکستان کی سڑکوں اور بندرگاہوں پر منحصر ہے، افغانستان میں سامان کراچی کے راستے 3سے4 دن میں پہنچتا ہے، جبکہ ایران کے راستے سے 6سے8 دن میں پہنچے گا،وسطی ایشیائی ممالک کے راستے تجارتی سامان کو افغانستان کیلئے 30 دن سے بھی زیادہ لگ جائیں گے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نام پر اسمگلنگ کا سامان پاکستان میں داخل ہوتارہا،حقائق کے مطابق پاکستان کو ہرسال 3.4 کھرب روپے کا نقصان اسمگلنگ سے ہوتا تھا،افغان ٹرانزٹ سے تقریباً 1 کھرب روپے کا سامان واپس آ جاتا تھا، جو اضافی نقصان کا سبب بنتاتھا،طورخم کی بندش سے ایک ماہ میں افغانستان کو 45 ملین ڈالر کا نقصان ہوا،چند ہفتوں میں افغانستان کیلئے تمام سرحدوں کا مجموعی نقصان 200 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا، 5,000 سے زائد ٹرک پھنسے، اور افغان فصلیں و پھل، جو پاکستان میں منڈی کے انتظار میں تھے، ضائع ہو گئے ،ایران کے راستے تجارتی لاگت 50سے60٪ بڑھ گئی اور ہر کنٹینر پر 2,500 ڈالر اضافی کرایہ لگا

    افغانستان میں ادویات کی ترسیل بھی متاثر ہوئی کیونکہ افغانستان کی 50 فیصد سے زائد ادویات پاکستان کے راستے آتی تھی، متبادل راستے سست، مہنگے اور غیر محفوظ ہیں، اور افغانستان کی کمزور معیشت یہ بوجھ برداشت نہیں کر سکتی،جب اسمگلنگ رک گئی، تو 200,000 سے زیادہ خاندان جو اسمگلنگ، بیک فلو اور انڈر انوائسنگ سے وابستہ تھے بے روزگار ہو گئے،افغانستان سے تجارتی بندش عام پاکستانی کی زندگی پر تقریباً کوئی اثر نہیں ڈالتی، افغانستان سے اسمگل ہو کر آنے والا سامان بنیادی اشیائے ضرورت نہیں بلکہ لگژری سامان تھا،پاکستان کے پاس CPEC، چین کے ساتھ براہِ راست زمینی راستے موجود ہیں،تجارتی بندش سے اسمگلنگ نیٹ ورک ٹوٹیں گے، اسلحہ و منشیات کی ترسیل رکے گی، ٹریڈ کی بندش سے مشرقی صوبوں (پکتیا وغیرہ) پر مرکوز تجارت دیگر صوبوں اور راستوں، جیسے ایران اور وسطی ایشیائی ممالک کی طرف بڑھے گی، اس سے افغانستان میں اقتصادی تنوع (Diversification) اور شمولیت (Inclusivity) بڑھے گی،طویل المدتی یعنی 5سے10 سال میں پاکستان کو بھی اس کے فوائد حاصل ہوں گے۔ افغان طالبان کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ دہشتگردوں کو تحفظ دیں گے یا پاکستان کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر میں شامل ہوں گے۔

  • جماعت اسلامی کا ایونٹ لاہور میں ہو رہا  کرینیں یہاں سےجا رہی ہیں۔مرتضیٰ وہاب

    جماعت اسلامی کا ایونٹ لاہور میں ہو رہا کرینیں یہاں سےجا رہی ہیں۔مرتضیٰ وہاب

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤنز چیئرمین کو کہوں گا فوکس مینار پاکستان پر نہ رکھیں، ایونٹ لاہور میں ہو رہا ہے کرینیں یہاں سےجا رہی ہیں۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ نعیم الرحمان وہاں چلے گئے تصویریں آج بھی یہاں لگی ہوئی ہیں، لاہور میں نعیم الرحمان کا کوئی پوسٹر نظر آ جائے پھر بتائیے گا، میں سمجھتا ہوں جماعت اسلامی کو شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے، میں کوئی جماعت اسلامی کا نہیں ہوں کہ پیسوں کو اکاؤنٹ میں رکھوں اورخرچ نہ کروں، کراچی شہر کا ماسٹر پلان 2003 میں جماعت اسلامی کے دور میں تبدیل ہوا، کراچی کی سڑکوں کو کمرشلائز کیا گیا، 2007 میں ماسٹر پلان تبدیل کیا گیا، ہم اختیارات کا رونا روئے بغیر کام کریں گے، شہر میں 10 ارب روپے گلیاں درست کرنے کے لیے خرچ کر رہے ہیں، گریکس کالونی میں آر او پلانٹ کے افتتاح پر آج یہاں ماڑی پور ٹاؤن کی تمام قیادت موجود ہے، پانی گریکس کے علاقے کی عوام کا دیرینہ مسئلہ تھا، بلاول بھٹو کے نظریے کے مطابق یہاں آر او پلانٹ کا افتتاح کیا، اس آر او کی خاص بات یہ کہ 5 کلو میٹر دور سے پانی لایا جائے گا، سمندر کا پانی میٹھا کرکے شہریوں کو دیا جا رہا ہے۔

    میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ سیاست برائے تنقید ہو سکتی ہے اور سیاست برائے ترقی بھی ہوسکتی ہے، پریس کانفرنس سے مایوسی پھیلائی جا سکتی ہے یا پھر امیدیں جوڑی جا سکتی ہیں، ناقدین حکومت میں ہونے کے باجود بتاتے ہیں وہ کچھ نہیں کر پا رہے، 21 دسمبر تک دوسری حب کینال کا کام مکمل کر لیا جائے گا، اس سے ضلع غربی اور کیماڑی کے عوام کو اضافی پانی مل سکے گا، پہلا صعنتی پانی کا انفرااسٹرکچر 31 دسمبر تک فعال کرلیا جائے گا، پہلےفیز میں بیس ایم جی ڈی پانی ٹریٹ ہوگا، 20 آر او پلانٹس گلی محلوں میں اور لگائیں گے، خدا کی بستی، ملیر میں کام شروع ہوگیا ہے۔

  • ناصرشاہ کی زیر صدارت اجلاس، کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری

    ناصرشاہ کی زیر صدارت اجلاس، کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری

    وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا

    سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ،مختلف تجاویز کی منظوری دی گئی،وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور سکھر کے میئرزنے شرکت کی،سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی ،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ریوائزڈ بجٹ کی منظوری کے حوالے سے دی گئی ہدایات کا جائزہ لیا گیا، وزیر بلدیات نے ماڈرن جی ٹی ایس کے حوالے سے سب کمیٹی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ،ناصر شاہ نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے لیے مربوط اور پائیدار نظام قائم کیا جائےصفائی ستھرائی کے نظام میں ادارے کی جانب سے اخراجات برداشت کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے ، سندھ سالڈ ویسٹ کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کمرشل اور رہائشی ایریا میں واقع دکان و مکان کی صفائی کی مد میں فیس کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی دفاتر دیگر مقامات پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی،

    سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری دی گئی ،ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ سالڈ ویسٹ سے متعلقہ تمام نجی ادارے سندھ حکومت کی جانب سے مقررہ کم سے کم اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنائے،عوام کو ریلیف دینے کے لیے سالڈ ویسٹ اپنے مانیٹرنگ نظام کو مزید بہتر بنائے ، اجلاس میں شریک میئرز نے صفائی ستھرائی اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

  • تیجس حادثہ، بھارتی فضائیہ کے دیرینہ بحران بے نقاب

    تیجس حادثہ، بھارتی فضائیہ کے دیرینہ بحران بے نقاب

    دبئی ایئر شو میں بھارتی ساختہ جنگی طیارہ تیجس کا ہولناک حادثہ، جس میں پائلٹ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، محض ایک سانحہ نہیں، یہ بھارتی فضائیہ اور دفاعی ہوا بازی کے پورے نظام میں چھپے ہوئے دیرینہ بحرانوں کو پوری شدت کے ساتھ سامنے لے آیا ہے۔ حادثے نے نہ صرف تیجس پروگرام کی کارکردگی اور اس کی تکنیکی صلاحیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں بلکہ بھارت کے دفاعی منصوبہ بندی، آپریشنل سیفٹی اور سیاسی نعرہ بازی پر بھی بڑی بحث چھیڑ دی ہے۔

    اعداد و شمار بھارت کے دفاعی ہوابازی کے ’’سنگین بحران‘‘ کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ستمبر 2023 تک بھارتی فضائیہ مجموعی طور پر 2,374 طیارے کھو چکی ہے، جن میں1,126 لڑاکا طیارے شامل ہیں،سینکڑوں ٹرینر و ٹرانسپورٹ طیارے،1,300 سے زائد پائلٹ مختلف حادثات میں جان گنوا چکے ہیں،بھارتی پارلیمانی ریکارڈ، جو کہ ہمیشہ محتاط الفاظ میں مرتب کیا جاتا ہے، خود یہ تسلیم کرتا ہے کہ 2017 سے 2022 کے دوران 34 طیارے حادثات کا شکار ہوئے۔ بہت سے کیسز میں انسانی غلطی ذکر کی گئی، مگر اس کے ساتھ ساتھ حقیقت یہ بھی ہے کہ پرانے طیارے، کمزور مینٹیننس، تکنیکی نقائص اور غیر پیشہ ورانہ نگرانی حادثات کا بنیادی سبب رہے۔

    تیجس کو بھارتی حکومت نے ’’آتما نربھر‘‘ (خود انحصاری) کے نعرے کے ساتھ ملکی ٹیکنالوجی کا ’’چمکتا ہوا ستارہ‘‘ بناکر پیش کیا۔ لیکن اندرونی حقیقت کچھ اور ہے۔تیجس پروگرام کے بڑے مسائل میں مسلسل ڈیزائن خامیاں،بے تحاشہ لاگت میں اضافہ،وقت پر ڈیلیوری میں تاخیر،ناقص کوالٹی کنٹرول،غیر ملکی پرزوں پر انحصار ،خاص طور پر امریکی GE F404 انجن،ملکی انجینئرز کا اپنا کویری (Kaveri) انجن بنانے میں ناکامی ہے،

    بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق تیجس کو زیادہ تر ’’سیاسی منصوبہ‘‘ کے طور پر آگے بڑھایا گیا، نہ کہ ایک مکمل، محفوظ اور جنگ کے قابل پلیٹ فارم کے طور پر۔ بعض ماہرین نے تو اسے "فلائنگ کوفن (اڑتا تابوت)” تک قرار دیا ، وہی لقب جو پہلے بھارت کے پرانے MiG-21 کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

    تیجس کا دبئی ایئر شو میں گرنا نئے سوالات پیدا کرتا ہے،کیا ناقص حفاظتی ریکارڈ رکھنے والے ممالک کے طیاروں کو عالمی ایئر شوز میں اسی آزادی کے ساتھ مظاہرے کی اجازت ہونی چاہئے؟پیچیدہ فضائی کرتب ایسے طیاروں کے لیے زیادہ خطرناک کیوں ہوتے ہیں جن میں بنیادی ڈھانچے اور کنٹرول سسٹم کے مسائل موجود ہوں؟کیا بین الاقوامی ایئر شوز کو بھارتی طیاروں کے لیے مزید سخت سیکیورٹی سرٹیفکیشن کی ضرورت ہے؟ایسے ایونٹس میں جہاں ہزاروں تماشائی موجود ہوتے ہیں، کسی بھی ملک کے طیارے کی تکنیکی لاپرواہی ناقابلِ معافی خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

    بھارت میں ’’خود انحصاری‘‘ اور ’’قومی فخر‘‘ کے سیاسی نعروں نے کئی بار انسانی جانوں کی قیمت پر دفاعی منصوبوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔تیجس کے بار بار پیش آنے والے مسائل یہ ثابت کرتے ہیں کہ سیفٹی سے زیادہ سیاسی فائدہ،پروفیشنل ازم سے زیادہ بیانیہ سازی،حقائق سے زیادہ آپٹکس ترجیح پاتے ہیں۔یہ صورتحال نہ صرف پائلٹس کی جانوں بلکہ بھارتی فضائیہ کے پروفیشنل وقار کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

    ماہرین اس نتیجے پر متفق ہیں کہ بھارت کی دفاعی ہوا بازی کو فوری بنیادوں پر مندرجہ ذیل اقدامات کرنے ہوں گے،آزادانہ اور شفاف تکنیکی آڈٹ،بیرونی ماہرین کی نگرانی میں سیفٹی ریویو،تمام طیاروں کے لیے سخت مینٹیننس پروٹوکول،پائلٹس کے لیے جدید ٹیکنیکل ٹریننگ،سیاسی دباؤ سے آزاد پراجیکٹ مینجمنٹ،اگر یہ اصلاحات نہ کی گئیں تو بھارت نہ صرف مزید طیارے کھوئے گا بلکہ مزید پائلٹس خطرے میں پڑیں گے، اور تیجس سمیت دیگر منصوبے محض ’’نمائشی‘‘ کامیابیوں کے سوا کچھ ثابت نہیں ہوں گے۔

  • بھارتی میڈیا نے تیجس حادثہ کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرا دیا

    بھارتی میڈیا نے تیجس حادثہ کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرا دیا

    بھارت کے گودی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر بھارت کی نااہلی چھپانے کیلئے تیجس حادثہ امریکی انجن پر ڈال دیا

    جنرل (ر) بخشی اور ارنب گوسوامی کی طیارہ حادثہ کی ذمہ داری امریکی انجن پر ڈال کر بھارت کی دفاعی کمزوری چھپانے کی کوشش میں لگے رہے، ارنب گوسوامی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے GE 404 انجن کی تاخیر سے فراہمی نے بھی بھارت کی دفاعی تیاری میں خطرناک خلا پیدا کر دیا، تیجس امریکی جنرل الیکٹرک کے بنائے ہوئے انجن سے چلتا ہے، اور جنرل الیکٹرک بھارت کا کبھی دوست نہیں رہا،امریکی حکومت نے تیجس کیلئے اگلی نسل کے انجنوں کی ڈلیوری سست کرنے کی کوشش کی،امریکہ ایل سی اے پروگرام اور تیجس کو ایک خطرہ سمجھتا ہے،

    جنرل بخشی نے کہا کہ آپ نہیں جانتے کہ کب سندور 2.0 دوبارہ بھڑک اٹھے، جی ای 404 انجن ہمیں دو سال پہلے مل جانا چاہیے تھا، ہم نے ایک ارب ڈالر نقد ادا کیے ہیں، ابھی تک ہمیں صرف دو انجن ملے ہیں،

    بھارتی سرکار اور اس کا گودی میڈیا اپنی ان حرکات کی وجہ سے نا صرف جگہسائی کا سبب بنتے ہیں بلکہ بھارتی عوام کو بھی اصلی مسائل کی طرف سے ہٹاتے ہیں ،اس ذاتی سیاسی اور معاشی مفاد کی خاطر بھارت ایک خطرناک بند گلی میں داخل ہوتا جا رہا ہے امریکا پر ملبہ ڈالنا بارآور ثابت نہ ہوا، طیارہ حادثہ بھارتی دفاعی صنعت کی ناکامی کا واضح عکاس ہے

  • بنوں میں سیکورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن ، 8 دہشتگردہلاک

    بنوں میں سیکورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن ، 8 دہشتگردہلاک

    سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مشترکہ آپریشن کر کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں ریجن میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے،سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، بھارتی حمایت یافتہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، ہلاک خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

    کامیاب کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسزکے مضبوط تعاون کی عکاس ہے، مشترکہ تعاون سے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خوارج کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے منظم، مربوط اور ہم آہنگ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام” وژن کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔