Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • تیجس حادثہ، بھارتی فضائیہ کے دیرینہ بحران بے نقاب

    تیجس حادثہ، بھارتی فضائیہ کے دیرینہ بحران بے نقاب

    دبئی ایئر شو میں بھارتی ساختہ جنگی طیارہ تیجس کا ہولناک حادثہ، جس میں پائلٹ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، محض ایک سانحہ نہیں، یہ بھارتی فضائیہ اور دفاعی ہوا بازی کے پورے نظام میں چھپے ہوئے دیرینہ بحرانوں کو پوری شدت کے ساتھ سامنے لے آیا ہے۔ حادثے نے نہ صرف تیجس پروگرام کی کارکردگی اور اس کی تکنیکی صلاحیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں بلکہ بھارت کے دفاعی منصوبہ بندی، آپریشنل سیفٹی اور سیاسی نعرہ بازی پر بھی بڑی بحث چھیڑ دی ہے۔

    اعداد و شمار بھارت کے دفاعی ہوابازی کے ’’سنگین بحران‘‘ کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ستمبر 2023 تک بھارتی فضائیہ مجموعی طور پر 2,374 طیارے کھو چکی ہے، جن میں1,126 لڑاکا طیارے شامل ہیں،سینکڑوں ٹرینر و ٹرانسپورٹ طیارے،1,300 سے زائد پائلٹ مختلف حادثات میں جان گنوا چکے ہیں،بھارتی پارلیمانی ریکارڈ، جو کہ ہمیشہ محتاط الفاظ میں مرتب کیا جاتا ہے، خود یہ تسلیم کرتا ہے کہ 2017 سے 2022 کے دوران 34 طیارے حادثات کا شکار ہوئے۔ بہت سے کیسز میں انسانی غلطی ذکر کی گئی، مگر اس کے ساتھ ساتھ حقیقت یہ بھی ہے کہ پرانے طیارے، کمزور مینٹیننس، تکنیکی نقائص اور غیر پیشہ ورانہ نگرانی حادثات کا بنیادی سبب رہے۔

    تیجس کو بھارتی حکومت نے ’’آتما نربھر‘‘ (خود انحصاری) کے نعرے کے ساتھ ملکی ٹیکنالوجی کا ’’چمکتا ہوا ستارہ‘‘ بناکر پیش کیا۔ لیکن اندرونی حقیقت کچھ اور ہے۔تیجس پروگرام کے بڑے مسائل میں مسلسل ڈیزائن خامیاں،بے تحاشہ لاگت میں اضافہ،وقت پر ڈیلیوری میں تاخیر،ناقص کوالٹی کنٹرول،غیر ملکی پرزوں پر انحصار ،خاص طور پر امریکی GE F404 انجن،ملکی انجینئرز کا اپنا کویری (Kaveri) انجن بنانے میں ناکامی ہے،

    بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق تیجس کو زیادہ تر ’’سیاسی منصوبہ‘‘ کے طور پر آگے بڑھایا گیا، نہ کہ ایک مکمل، محفوظ اور جنگ کے قابل پلیٹ فارم کے طور پر۔ بعض ماہرین نے تو اسے "فلائنگ کوفن (اڑتا تابوت)” تک قرار دیا ، وہی لقب جو پہلے بھارت کے پرانے MiG-21 کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

    تیجس کا دبئی ایئر شو میں گرنا نئے سوالات پیدا کرتا ہے،کیا ناقص حفاظتی ریکارڈ رکھنے والے ممالک کے طیاروں کو عالمی ایئر شوز میں اسی آزادی کے ساتھ مظاہرے کی اجازت ہونی چاہئے؟پیچیدہ فضائی کرتب ایسے طیاروں کے لیے زیادہ خطرناک کیوں ہوتے ہیں جن میں بنیادی ڈھانچے اور کنٹرول سسٹم کے مسائل موجود ہوں؟کیا بین الاقوامی ایئر شوز کو بھارتی طیاروں کے لیے مزید سخت سیکیورٹی سرٹیفکیشن کی ضرورت ہے؟ایسے ایونٹس میں جہاں ہزاروں تماشائی موجود ہوتے ہیں، کسی بھی ملک کے طیارے کی تکنیکی لاپرواہی ناقابلِ معافی خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

    بھارت میں ’’خود انحصاری‘‘ اور ’’قومی فخر‘‘ کے سیاسی نعروں نے کئی بار انسانی جانوں کی قیمت پر دفاعی منصوبوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔تیجس کے بار بار پیش آنے والے مسائل یہ ثابت کرتے ہیں کہ سیفٹی سے زیادہ سیاسی فائدہ،پروفیشنل ازم سے زیادہ بیانیہ سازی،حقائق سے زیادہ آپٹکس ترجیح پاتے ہیں۔یہ صورتحال نہ صرف پائلٹس کی جانوں بلکہ بھارتی فضائیہ کے پروفیشنل وقار کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

    ماہرین اس نتیجے پر متفق ہیں کہ بھارت کی دفاعی ہوا بازی کو فوری بنیادوں پر مندرجہ ذیل اقدامات کرنے ہوں گے،آزادانہ اور شفاف تکنیکی آڈٹ،بیرونی ماہرین کی نگرانی میں سیفٹی ریویو،تمام طیاروں کے لیے سخت مینٹیننس پروٹوکول،پائلٹس کے لیے جدید ٹیکنیکل ٹریننگ،سیاسی دباؤ سے آزاد پراجیکٹ مینجمنٹ،اگر یہ اصلاحات نہ کی گئیں تو بھارت نہ صرف مزید طیارے کھوئے گا بلکہ مزید پائلٹس خطرے میں پڑیں گے، اور تیجس سمیت دیگر منصوبے محض ’’نمائشی‘‘ کامیابیوں کے سوا کچھ ثابت نہیں ہوں گے۔

  • بھارتی میڈیا نے تیجس حادثہ کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرا دیا

    بھارتی میڈیا نے تیجس حادثہ کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرا دیا

    بھارت کے گودی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر بھارت کی نااہلی چھپانے کیلئے تیجس حادثہ امریکی انجن پر ڈال دیا

    جنرل (ر) بخشی اور ارنب گوسوامی کی طیارہ حادثہ کی ذمہ داری امریکی انجن پر ڈال کر بھارت کی دفاعی کمزوری چھپانے کی کوشش میں لگے رہے، ارنب گوسوامی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے GE 404 انجن کی تاخیر سے فراہمی نے بھی بھارت کی دفاعی تیاری میں خطرناک خلا پیدا کر دیا، تیجس امریکی جنرل الیکٹرک کے بنائے ہوئے انجن سے چلتا ہے، اور جنرل الیکٹرک بھارت کا کبھی دوست نہیں رہا،امریکی حکومت نے تیجس کیلئے اگلی نسل کے انجنوں کی ڈلیوری سست کرنے کی کوشش کی،امریکہ ایل سی اے پروگرام اور تیجس کو ایک خطرہ سمجھتا ہے،

    جنرل بخشی نے کہا کہ آپ نہیں جانتے کہ کب سندور 2.0 دوبارہ بھڑک اٹھے، جی ای 404 انجن ہمیں دو سال پہلے مل جانا چاہیے تھا، ہم نے ایک ارب ڈالر نقد ادا کیے ہیں، ابھی تک ہمیں صرف دو انجن ملے ہیں،

    بھارتی سرکار اور اس کا گودی میڈیا اپنی ان حرکات کی وجہ سے نا صرف جگہسائی کا سبب بنتے ہیں بلکہ بھارتی عوام کو بھی اصلی مسائل کی طرف سے ہٹاتے ہیں ،اس ذاتی سیاسی اور معاشی مفاد کی خاطر بھارت ایک خطرناک بند گلی میں داخل ہوتا جا رہا ہے امریکا پر ملبہ ڈالنا بارآور ثابت نہ ہوا، طیارہ حادثہ بھارتی دفاعی صنعت کی ناکامی کا واضح عکاس ہے

  • بنوں میں سیکورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن ، 8 دہشتگردہلاک

    بنوں میں سیکورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن ، 8 دہشتگردہلاک

    سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مشترکہ آپریشن کر کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں ریجن میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے،سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، بھارتی حمایت یافتہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، ہلاک خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

    کامیاب کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسزکے مضبوط تعاون کی عکاس ہے، مشترکہ تعاون سے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خوارج کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے منظم، مربوط اور ہم آہنگ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام” وژن کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

  • بھارت نے ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

    بھارت نے ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

    آزاد خارجہ پالیسی کے دعوے دار بھارت نے بالآخر امریکی دباو کےآگے گھٹنے ٹیک دیئےہیں

    روس سے تیل خریدنے پالیسی پر مودی حکومت نے یو ٹرن لے لیا، امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کمپنیوں کا 10 سالہ تیل معاہدہ امریکی پابندیوں کے سامنے بے معنی ہو گیا، مودی کے قریبی ارب پتی تاجر دوست مکیش امبانی نے بھی امریکی حکم مان کر روسی تیل خریدنا چھوڑ دیا۔امریکی اخبار کے مطابق روسی تیل کی خریداری رکنے کے بعد ریلائنس کو مشرق وسطیٰ اور ممکنہ طور پر امریکا سے مہنگا تیل خریدنا پڑے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یکم دسمبر سے بھارتی کمپنی کی ریفائنری غیر روسی خام تیل پر چلائی جائے گی جبکہ امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ریلائنس کی طرف سے روسی تیل کی خریداری بند کرنا واشنگٹن کے لیے ایک اہم رعایت ہے۔امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت برسوں روسی تیل سے اربوں ڈالر کماتا رہا لیکن ٹرمپ کے 50 فیصد ٹیرف کے سامنے مودی سرکار نے روسی تیل نہ خریدنے کا فیصلہ کیا، ایک بھارتی کمپنی کے روسی تیل کے سودوں کی مالیت 33 ارب ڈالر سے زائد تھی۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے واضح کیا تھا کہ روسی تیل کے ساتھ امریکا بھارت تجارتی معاہدے پر پیشرفت نہیں ہو سکتی تھی۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر

    وفاقی آئینی عدالت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
    وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ 24 نومبر کو ساڑھے 11 بجے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرے گا۔

    بینچ میں جسٹس حسن رضوی، جسٹس باقر نجفی، جسٹس کے کے آغا، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ بھی شامل ہیں۔سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے اسلام آباد میں ججز کا تبادلہ درست قرار دیا تھا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی

  • وزارت تجارت نے سونے کی امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ختم کر دی

    وزارت تجارت نے سونے کی امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ختم کر دی

    وزارت تجارت نے سونے کی امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ختم کر دی۔

    پاکستان میں سونے سمیت قیمتی دھاتوں اور جواہرات کی درآمد و برآمد میں اصلاحات کے تناظر میں وزارت تجارت نے وزارت تجارت نے 2013 کے آرڈر میں ترامیم کرکے سونے کی امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ختم کر دی۔ سابقہ نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدات کے لیے ضروری دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا، قیمتی دھاتوں اور جواہرات کی درآمد اور برآمد کے لیے متعلقہ اسکیمز کے تحت اجازت ہوگی۔آپریشنل مسائل کی صورت میں، متعلقہ کسٹمز افسر سے رضامندی حاصل کر کے ایک بار کسٹمز اسٹیشن تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ برآمد کی آمدنی اب اسی بینک کے ذریعے ہوگی جو اصل درآمد سنبھالے گا۔

  • کوئی کہے میں نے کسی کی سفارش کی  تو استعفیٰ تک دے سکتی ہوں،مریم نواز

    کوئی کہے میں نے کسی کی سفارش کی تو استعفیٰ تک دے سکتی ہوں،مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ ممکن ہے نچلے لیول پرکرپشن پوری طرح کنٹرول میں نہ ہو مگر اب ٹاپ لیول پر ممکن نہیں۔

    27 ویں نیشنل ڈیفنس سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی، سیاسی بنیاد پر کوئی بھرتی نہیں کی گئی، کوئی کہہ دے کہ میں نے کسی کی سفارش کی ہے تو استعفیٰ تک دے سکتی ہوں، ممکن ہے نچلے لیول پرکرپشن پوری طرح کنٹرول میں نہ ہو مگر اب ٹاپ لیول پر ممکن نہیں، کھربوں روپے کے پروجیکٹس چل رہے ہیں لیکن کرپشن کی کوئی شکایت نہیں،پنجاب میں بہت کچھ کرچکے ہیں اور بہت کچھ ہونےجارہا ہے، ہم پرتنقید کرنے والے صحافی کی اہلیہ بھی یہ کہنے پرمجبور ہیں کہ پنجاب میں محفوظ سمجھتی ہوں، میرے بارے میں جلسوں میں رکیک جملے کہے گئے، والد کے ساتھ کھڑے ہونے پر جیل میں ڈال دیاگیا مگر آج مکافات عمل ہے، وہ جانتے تھے ان کو نہ گرایا گیا تو ہماری جگہ نہیں بنتی، سیاسی اخلاقیات کا معیار مقرر کرنا چاہیے،الزام لگایا ہے تو ثابت بھی کریں، گالم گلوچ اور الزام تراشی کا جواب پرفارمنس کے بیانیے سے دیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، احتساب نہ ہونے پر پبلک سیکٹر میں پرفارمنس زیرو ہوجاتی ہے، احتساب اور جوابدہی کے احساس کے بغیرگڈ گورننس ممکن نہیں،خوف اور غصے سے کام نہیں لیا جاسکتا، بیوروکریسی کی طرف سے مثبت تعاون ملا، ناکامیوں کا ملبہ بیوروکریسی یا دوسروں پر ڈالنا میرا وطیرہ نہیں، 5 سال میں پنجاب کرپشن فری ہوگا، ووٹ نہ ملنےکا ڈر ہو تو کوئی اچھا کام نہیں کیا جاسکتا، تجاوزات اٹھانے پرلوگ ناراض بھی ہوئے، کہتے تھے بیٹی آتی ہے تو گھر چمکاتی ہے، ہم دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام شروع کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے این ڈی یو کے وفد کا پر تپاک خیر مقدم کیا وزیراعلیٰ نے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کو حکومت پنجاب کے عوامی فلاح وبہبود کے پراجیکٹس اوراقدامات سے آگاہ کیا اور شرکاء کے سوالات کے جواب بھی دیئے،

  • دبئی ائیر شو میں بھارتی طیارہ تیجس گر کر تباہ، بھارتی عوام کا شدید ردعمل

    دبئی ائیر شو میں بھارتی طیارہ تیجس گر کر تباہ، بھارتی عوام کا شدید ردعمل

    دبئی ائیر شو میں بھارتی طیارہ تیجس گر کر تباہ، بھارتی عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے

    بھارتی عوام نے تیجس کی ناکامی پر فضائیہ کی نااہلی اور قیادت کی غفلت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا،بھارتی ایئر چیف کے غیر سنجیدہ رویے پر عوام کا غصہ، پیشہ ورانہ نااہلی پر فوری برطرفی کا مطالبہ کر دیا، لوگ تیجس کے گرنے کو حکومتی نالائقی اور دفاعی تباہ حالی کی علامت قرار دینے لگے،بھارتی عوام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ فضائیہ کے سربراہ کا پیشہ ورانہ نظم و ضبط کے بجائے بالی ووڈ انداز کے بیانات کا یہی نتیجہ نکلتا ہے،تیجس کی تباہی پوری دنیا کے سامنے ہمارے لیے ایک بڑی توہین ہے، بھارتی فضائیہ کے سربراہ کو فوراً عہدے سے ہٹا دینا چاہیے، پاکستان کی کامیابی کو اُجاگر کرنے والی امریکی کانگریس کی رپورٹ کے بعد مودی کو بھی استعفیٰ دے دینا چاہیے، مودی کا ’’میک اِن انڈیا‘‘ محض ایک دکھاوا ہے جبکہ گرنے والے طیارے کرپشن کی پول کھول رہے ہیں،

    تیجس کے حادثے نے ’’میک اِن انڈیا‘‘ کے کھوکھلے دعوؤں اور کرپشن زدہ دفاعی صنعت کا پردہ چاک کر دیا

  • سنگین جرائم میں مطلوب  اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار کر لیا گیا

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول کی بڑی کاروائی، قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتارکرلیا، ملزم محمد موسی کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے اسلام آباد ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔گرفتار ملزم گزشتہ 3 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا،ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت تھانہ اوٹی مبارک، ڈی جی خان میں مقدمہ درج تھا،ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا،ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی،

  • وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس

    وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس ہوا

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریلوے کا نظام کسی بھی ملک کی معیشت اور مواصلات کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ریلوے نظام کی بحالی کی طرف اٹھائے جانے والے اقدامات لائق تحسین ہیں،وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور آپ گریڈیشن کے حوالے سے وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ان کی ٹیم کی ستائش کی،وزیراعظم نے پاکستان ریلوے خصوصاً علاقائی روابط اور بین الاقوامی ٹرین لنکس کے منصوبوں کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے قانونی اور معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے ریلوے کے پراپرٹی اور زمین کے معاملات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اختیار کرنے کی ہدایت کی،

    اجلاس کو پاکستان ریلویز کی بہتری کے حوالےسے اٹھائے جا رہے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے "رابطہ” کے 7 ڈیجیٹل پورٹلز کام کر رہی ہیں ؛56 ٹرینوں کو رابطہ پر منتقل کیا گیا ہے۔54 ریلوے اسٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ مزید 48 ریلوے اسٹیشنوں پر 31 دسمبر، 2025 مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فریٹ آن لائین بکنگ سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے ڈیجیٹل وہیئنگ برج ( digital wiehging bridge ) کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ؛اگلے مرحلے میں یہ سہولت پپری، کراچی چھاؤنی ، پورٹ قاسم ، لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشنوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن میں مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والے 148 سرویلنس کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں پر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جارہی ہیں۔ریلوے اسٹیشنوں کے صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے آؤٹ سورسنگ کی گئی ہے ۔بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لئے اعلیٰ معیار کی انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں ل۔مسافروں کی سہولت کے لئے ریلوے اسٹیشنوں پر انفارمیشن ڈیسکس بنائے گئے۔
    ریلوے اسٹیشنوں پر کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کے معیار بہتر بنانے کے حوالےسے چاروں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیوں کو رسائی دی گئی ہے۔

    اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 4 ٹرینوں کا آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے جبکہ جلد ہی مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا اس حوالے سے اشتہار جاری ہو چکا ہے؛ اس آؤٹ سورسنگ کے باعث 8.5 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے ۔40 لگیج اور بریک وینز کو بھی آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس کے باعث 820 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔2 کارگو ایکسپریس ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ بھی ہو رہی ہے جس کے باعث 6.3 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔ لاہور، کراچی، ملتان ، پشاور ، کوئٹہ اور سکھر میں ریلوے اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے۔ ریلوے کے اسکولوں ، کالجوں، اور ریسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ پر بھی کام جاری ہے۔ لاہور، اسلام آباد اور اذاخیل میں قائم ریلوے کے ڈرائی پورٹس بھی آؤٹ سورس ہو رہے ہیں۔ 155ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے ۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ریلوے کنسٹرکشنز پاکستان لمیٹیڈ، پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی اور پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کنسلٹینسی سروس کو بند کیا جا چکا ہے ۔ریلوے کی مین لائین-ون کے کراچی-کوٹری سیکشن، اور مین لائین- تھری کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے لائحہء عمل ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ تھر ریل کنیکٹی ویٹی کے منصوبہ کے حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔اسلام آباد -تہران-استبول ٹرین کا جلد آغاز ہو گا ۔قازقستان -ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریل منصوبے کے حوالے سے بھی ابتدائی کام ہو رہا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔