Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ڈی آئی خان، فتنہ ٌالخوارج کے 7 دہشتگرد جہنم واصل، میجر سبطین حیدر شہید

    ڈی آئی خان، فتنہ ٌالخوارج کے 7 دہشتگرد جہنم واصل، میجر سبطین حیدر شہید

    سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان کے عمومی علاقے درابن میں کارروائی کی، جہاں بھارتی پراکسی تنظیم ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں سات بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کے اس شدید تبادلے میں پاک فوج کے بہادر افسر میجر سبطین حیدر (عمر 30 سال، تعلق: ضلع کوئٹہ) جامِ شہادت نوش کر گئے۔ میجر سبطین حیدر اپنی ٹیم کی قیادت فرنٹ لائن پر کر رہے تھے اور دشمن کے مقابل بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر قربان ہوگئے۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جو ہلاک شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے ملا۔ یہ خوارج متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے اور معصوم شہریوں کا قتل شامل تھا۔

    سیکورٹی فورسز نے علاقے میں مزید کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ چھپے ہوئے بھارتی سرپرست دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،شہید میجر سبطین حیدر کی قربانی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، اور پوری قوم اپنے بہادر بیٹے کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےڈیرہ اسماعیل کے علاقے دارابان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے،وزیرِ اعظم نےآپریشن کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان دن رات ارض وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں.مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے افسران و جوانوں پر فخر ہے،دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گےپوری قوم افواج پاکستان کے وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.

  • تحریک لبیک کا اسلام آباد مارچ،لاہور میں آپریشن،فیض آباد کینٹینر لگ گئے

    تحریک لبیک کا اسلام آباد مارچ،لاہور میں آپریشن،فیض آباد کینٹینر لگ گئے

    تحریک لبیک کی جانب سے اسلام آباد کی طرف ممکنہ مارچ کے باعث شہر بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی۔

    تحریک لبیک پاکستان نے فیض آباد سے امریکی سفارت خانے تک مارچ اب لاہور سے اسلام آباد مارچ میں بدل دیا،تحریک لبیک نے کل 10 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے فیض آباد پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں جب کہ شہر بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے،مری روڈ فیض آباد کے ہوٹلز خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کے راستے تاحال کھلے رکھے گئے ہیں تاہم صورتحال کو دیکھتے ہوئے راستے بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے سی پی او خالد ہمدانی کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال پرسینئر پولیس افسران کا اجلاس ہوا،سی پی او نےکہاکہ کسی سڑک کو بلاک کرنے یا ٹریفک میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، معمولات زندگی کو متاثر کرنے والی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی،احتجاج کی آڑ میں پرتشدد سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا جب کہ املاک یاقانون نافذ کرنے والے اداروں پرحملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    لاہور میں پولیس کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کے خلاف ملتان روڈ پر آپریشن جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی سبزہ زار اور ناگرہ ٹاؤن کے علاقوں میں کی جا رہی ہے جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ ٹی ایل پی کارکنان نے بھی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ ملتان روڈ سمیت یتیم خانہ چوک، اسکیم موڑ اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ متعدد مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے کارروائی جاری ہے، تاہم شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملتان روڈ اور متصل علاقوں سے گریز کریں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تحریک لبیک کی ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج اور ریڈ زون کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگا دیے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق فی الحال ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے، تاہم کسی بھی وقت سخت پابندیاں یا راستوں کی بندش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور فیض آباد یا ریڈ زون کے اطراف جانے سے پرہیز کریں۔

    سکیورٹی حکام نے عملے اور شہریوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ،لاہور: ملتان روڈ، یتیم خانہ چوک، اسکیم موڑ اور احتجاجی علاقوں سے دور رہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ممکنہ بندشوں کے لیے تیار رہیں۔راولپنڈی/اسلام آباد، فیض آباد اور ریڈ زون کے اطراف سے گریز کریں، کسی بھی اچانک ٹریفک پابندی کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں، سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں، اور کسی بھی واقعے کی اطلاع فوراً سکیورٹی ٹیم یا مقامی حکام کو دیں۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے۔

  • سونے کی بالیوں کے لالچ میں 7 سالہ بچی کو قتل کرنے والا پولیس مقابلے میں ہلاک

    سونے کی بالیوں کے لالچ میں 7 سالہ بچی کو قتل کرنے والا پولیس مقابلے میں ہلاک

    سندھ کے شہر نوابشاہ میں معصوم بچی کے لرزہ خیز قتل کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چار روز قبل سکرنڈ کے علاقے اصغر کالونی میں پیش آیا تھا، جہاں 7 سالہ معصوم بچی کو سفاکی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے سونے کی بالیوں کے لالچ میں اپنی ہی رشتہ دار بچی پر بہیمانہ تشدد کیا، بچی کے دونوں کان، ایک بازو اور گلا کاٹ دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، جب کہ بچی کی لاش اصغر کالونی کے ایک ویران مقام سے برآمد ہوئی تھی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے اہلِ خانہ کے بیان اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی، جو چار دن کی مسلسل کوششوں کے بعد گزشتہ رات ایک خفیہ اطلاع پر پولیس کو نظر آیا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملزم کے قبضے سے بچی کی سونے کی بالیاں اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔ مزید کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے خلاف بچی کے قتل کے ناقابلِ تردید شواہد ملے تھے، جب کہ ڈی این اے اور دیگر فرانزک رپورٹس کی تصدیق بھی جاری تھی۔پولیس افسران کے مطابق ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئی ہے

  • نیب کی کاروائی، 40 ارب روپے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث سابق ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار

    نیب کی کاروائی، 40 ارب روپے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث سابق ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار

    نیب نے 40 ارب روپے کے بڑے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ایک سابق ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر جعلی کمپنی کے ذریعے سرکاری خزانے سے براہ راست 3 ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کرنے اور مختلف بینکوں میں اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے 16 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز کرنے کے الزامات ہیں۔

    نجی ٹی وی کے مطابق نیب حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری تاریخی اسکینڈل کی تحقیقات میں ایک بڑی پیشرفت ہے، تفتیش سے مزید ملزمان کے نام سامنے آئیں گے،گرفتار ملزم جو ایم/ایس ممتاز خان کنسٹرکشن کمپنی کے نام سے جعلی کمپنی کا مالک اور ڈائریکٹر تھا اسے نیب خیبر پختونخوا نے ایبٹ آباد سے گرفتار کیا، بعد ازاں اسے پشاور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے نیب کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا تاکہ مزید تفتیش اور شواہد کی برآمدگی ممکن ہو سکے۔

    نیب کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ماضی میں ایک عام ڈمپر ڈرائیور تھا، تاہم اس نے دیگر شریک ملزمان کے ساتھ مل کر جعلی کمپنی قائم کی جس کے ذریعے سرکاری خزانے سے خطیر رقم خرد برد کی گئی،یہ رقم مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کے سکیورٹی ڈپازٹ ہیڈ آف اکاؤنٹ (G-10113) سے نکالی گئی، جو دراصل سرکاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضمانتی رقم کے طور پر رکھی جاتی ہے،تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جعلی کمپنی اور اس کے بینک اکاؤنٹس خرد برد شدہ رقوم کی منتقلی کے مرکزی ذرائع کے طور پر استعمال ہوئے۔

  • بلوچستان کے عوام کے لیے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز

    بلوچستان کے عوام کے لیے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز

    بلوچستان کے عوام کے لیے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کا آغازہو گیا

    پاک ایران سرحد پر بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا افتتاح کر دیا گیا،آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی سمیت مقامی عمائدین، تاجر برادری نے بھر پور شرکت کی،کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کو کھولنے کا فیصلہ دالبندین میں 2 جولائی 2025 کو گرینڈ جرگے میں کیا گیا تھا

    وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے مقامی لوگوں کے لیے راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا تھا ،کٹاگر راہداری بلوچستان کے سرحدی علاقے ماشکیل میں پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کرے گی، ایف سی بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ اور ایرانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے، تعاون اور انتھک محنت سے تمام انتظامی امور مکمل کیے،مسلح افواج اور عوام کے بھر پور تعاون سے بلوچستان امن و امان اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے

  • سی ایم ایچ ملتان میں  100 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کامیابی سے مکمل

    سی ایم ایچ ملتان میں 100 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کامیابی سے مکمل

    کوکلیئر امپلانٹ ایکٹیویشن سینٹر ملتان، قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے

    سی ایم ایچ ملتان میں قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کی ایکٹیویشن کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا،پروقار تقریب میں مہمانِ خصوصی کور کمانڈر ملتان تھے،تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی ،پاکستان میں پہلا کوکلیئر امپلانٹ سینٹر سی ایم ایچ راولپنڈی میں مئی 2017 میں قائم کیا گیا ،ملتان میں دوسرا کوکلیئر امپلانٹ سینٹر سی ایم ایچ میں اگست 2023ء میں قائم ہوا،سی ایم ایچ ملتان میں ستمبر 2023 سے اب تک 100 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کامیابی سے مکمل اور فعال کیے گئے

    جدید آلات کے ذریعے بچوں کو سننے اور بولنے کے قابل بنا کر معاشرتی زندگی میں اعتماد کی فراہمی کا سفر جاری ہے،پاک فوج اور النور اسپیشل چلڈرن اسکول بچوں کے امپلانٹس کے اخراجات میں مکمل معاونت فراہم کر رہے ہیں،سینٹر تربیت یافتہ سرجنز، اسپیشل تھراپسٹس اور جدید طبی آلات کے ساتھ خدمات فراہم کر رہا ہے

    کور کمانڈر ملتان نے کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کو خصوصی بچوں کی زندگیوں میں ایک “مثبت انقلاب” قرار دیا ، کور کمانڈر ملتان نے کوکلیئر پروگرام جیسے مثبت اقدام کو مزید توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا ،مہنگی لاگت کے باوجود جنوبی پنجاب میں یہ نایاب سہولت انسانیت اور خدمتِ خلق کے جذبے کی روشن مثال ہے

  • مودی حکومت مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے میں مصروف

    مودی حکومت مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے میں مصروف

    فاشسٹ مودی حکومت ہندوتوا ایجنڈے کیلئے مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے میں مصروف ہے

    سفاک مودی کا بھارت مسلمانوں، عیسائیوں ، سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کیلئے غیر محفوظ ہو چکاہے،وزیر اعلی اتر پردیش کے ناپاک عزائم نے مودی کے نام نہاد سیکولر بھارت کا خطرناک چہرہ بے نقاب کر دیا ، وزیرِ اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے خطاب کے دوران کہا کہ اگر واقعی امن اور ہم آہنگی قائم کرنی ہے تو سب کو سناتن دھرم کو اپنانا ہوگا، سناتن دھرم ہی سب کی حفاظت اورہر ایک کی بھلائی کا راستہ فراہم کرے گا،اگر سناتن دھرم کو بچانا ہے تو ہمیں سنسکرت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،

    انتہا پسند وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش میں پہلے ہی متعدد مساجد کو شہید کر چکا ہے ،مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر حملے اور عقیدے کی جبری تبدیلی مذہبی آزادی کا قتل ہے

  • کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا

    کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کے بطور وزیراعلیٰ استعفے پر شاعرانہ تبصرہ کیا ہے

    نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ اب تک موصول نہیں ہوا، استعفیٰ دیکھ کر پتہ چلےگا کہ مستعفی ہونے کی کیا وجہ ہے، کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ دستخط کرکے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھجوایا تھا

    گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا.
    کیوں اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں
    اس طرح تو ہوتا ہےاس طرح کےکاموں میں

    علاوہ ازیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ علی امین گنڈاپور میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے تھے،گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرعباد اللہ نے ملاقات کی جس دوران صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اورمشاورت کی گئی،اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نالائق اور کرپٹ تھے، وہ میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے تھے، کبھی کہتے تھے ریاست کے ساتھ ہیں ، کبھی کہتے تھے دہشتگردوں کے ساتھ ہیں، نئے نامزد وزیر اعلیٰ بھی اتنے قابل نہیں لہٰذا صوبہ ان کا متحمل نہیں ہوسکتا.

  • فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت ، جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں،وزیراعظم

    فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت ، جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام نے ناقابلِ بیان مصائب برداشت کیے ہیں، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے معاہدے کا اعلان تاریخی موقع ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذاکرات کے عمل میں عالمی امن کے لیے غیر متزلزل عزم دکھایا،وزیراعظم نے قطر، مصر اور ترکیہ کے رہنماؤں کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے معاہدے کے لیے انتھک کوششیں کیں،فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں، ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہیے،وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزیوں پر اظہارِ تشویش اور اس کی مذمت بھی کی۔

  • بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی،سیکیورٹی فورسز کا جوابی ردِعمل جاری

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی،سیکیورٹی فورسز کا جوابی ردِعمل جاری

    بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں دہشتگردوں نے کوئلہ کان پر کام کرنے والے تین مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، مسلح افراد نے مزدوروں کو کان سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے نے مقامی مزدور برادری میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، اور سیکیورٹی کی ناقص صورتحال پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

    ضلع پنجگور کے علاقے بلگتر میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے دوران تین حملہ آور ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ یہ حملہ فورسز کی قربانیوں اور علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف مسلسل جاری جنگ کو نمایاں کرتا ہے۔

    ضلع خاران کے علاقے گاروک ڈیم میں پاکستانی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر درجنوں مسلح افراد نے ایک مربوط حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق، دہشتگردوں نے ایک ساتھ سات مختلف پوزیشنز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ ضلع میں 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا بڑا حملہ ہے۔

    ضلع خاران سے منگل کے روز اغوا ہونے والے جج قاضی محمد جان بلوچ کو بدھ کے روز رہا کر دیا گیا۔ مسلح افراد نے جج کو اغوا کرتے ہوئے خاران ڈسٹرکٹ کورٹ اور قاضی کورٹ کو بھی نذرِ آتش کر دیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ عدالتی عملے کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    پاکستان اور ایران کے درمیان واقع کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کو باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مقامی حکام، قبائلی عمائدین، تاجر برادری اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ انتظامی اور سیکیورٹی معاملات مقامی کمیونٹی کے ذریعے سرانجام دیے جائیں گے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ جلد ہی جوڈار کراسنگ پوائنٹ کو بھی تجارتی مقاصد کے لیے کھولنے اور بفر زون قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

    خیبر پختونخوا کی صورتحال

    ڈیرہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ختی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے دو اطراف سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں انچارج احمد نواز شدید زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

    علاقہ درابن میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے میجر سبطین شہید ہو گئے۔ یہ آپریشن علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

    کوٹ اللہ داد کے قریب درابن کلان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن تاحال جاری ہے۔

    نامعلوم مسلح افراد نے لکی مروت کی پیپل منڈی سے قومی امن کمیٹی کے دو رہنماؤں سمیت چار افراد کو اغوا کر لیا۔ مغویوں میں مروت-بیٹنی نیشنل موومنٹ کے رہنما ولی اللہ اور فرمان بھی شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    وادی تیراہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دہشتگرد حمزہ کو خفیہ آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔ وہ متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ دیگر دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔

    کرم میں دہشتگردوں کے حالیہ حملے میں لاپتہ ہونے والے پانچ ایف سی اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں، جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے دو دہشتگردوں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    کرم کے علاقے ڈوگر میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد خبیب اور ایک افغان جنگجو ہلاک ہو گئے۔ آپریشن جاری ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے پے در پے واقعات نے سیکیورٹی اداروں کے چیلنجز کو مزید بڑھا دیا ہے۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت ردعمل اور جوابی کارروائیاں شدت پسندوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔