Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • اسلام آباد دھماکہ،سہولت کار،ہینڈلر گرفتار

    اسلام آباد دھماکہ،سہولت کار،ہینڈلر گرفتار

    اسلام آباد کچہری حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کچہری حملے کا سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں رہائش پذیر تھا جسے راولپنڈی سے اور ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا،نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ ہینڈلر اور سہولت کار دہشتگرد کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور سکیورٹی اداروں نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے،ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے سےقبل سہولت کار اورخودکش حملہ آور نے متعدد بارجوڈیشل کمپلیکس کا جائزہ لیا۔

    واضح رہے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے تھے جب کہ گزشتہ روز سکیورٹی اداروں نے حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لانے والے موٹرسائیکل رائیڈر کو گرفتار کیا تھا،

  • سیف اللہ ابڑو نے تحریری استعفی نہیں دیا ، آئینی ترمیم میں ووٹ کرسکتے ہیں،چیئرمین سینیٹ

    سیف اللہ ابڑو نے تحریری استعفی نہیں دیا ، آئینی ترمیم میں ووٹ کرسکتے ہیں،چیئرمین سینیٹ

    27 ویں آئینی ترمیم کا نیا متن آج سینیٹ میں منظوری کے لیے بھیجا جائے گا جس کے لیے سینیٹ کا اجلاس جاری ہے۔

    چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیف اللہ ابڑو نے تحریری طور پر استعفی نہیں دیا اس لئے آج آئینی ترمیم میں ووٹ کرسکتے ہیں،سیف اللہ ابڑو کا استعفے تحریری طور پر نہیں ملا،جب ملے گا تو بلا لونگا ہوسکتا ہے میں ان کو منا لوں،زبانی استعفی شاہ محمود قریشی نے بھی دیا تھا لیکن گئے نہیں تھے،

    دوسری جانب وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج دوپہر کو طلب کیا گیا ہے جس میں کابینہ آئینی ترامیم کی روشنی میں قوانین میں تبدیلیوں کی منظوری دے گی۔

  • تلہ گنگ، فحاشی کے اڈے پر پولیس کی کامیاب کارروائی، خواتین سمیت6 افراد گرفتار

    تلہ گنگ، فحاشی کے اڈے پر پولیس کی کامیاب کارروائی، خواتین سمیت6 افراد گرفتار

    وزیرِاعلیٰ پنجاب کے ویژن، آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن بابر سرفراز الپا کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال لیفٹیننٹ (ر) احمد محی الدین کی نگرانی میں تلہ گنگ پولیس نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مارا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او تلہ گنگ سرکل یاسر مطلوب کیانی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی تلہ گنگ سب انسپکٹر شاہد بلال اور سب انسپکٹر شمعون حیدر پر مشتمل پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر تلہ گنگ شہر میں موجود ایک مبینہ قحبہ خانے پر کامیاب ریڈ کیا۔کارروائی کے دوران پولیس نے موقع پر موجود تین مردوں اور تین خواتین کو گرفتار کر کے ان کے خلاف فحاشی کے اڈا چلانے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق، یہ کارروائی وزیرِاعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے تحت سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوامی تحفظ کے لیے جاری خصوصی مہم کا حصہ ہے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال لیفٹیننٹ (ر) احمد محی الدین نے ایس ڈی پی او یاسر مطلوب کیانی، ایس ایچ او شاہد بلال اور سب انسپکٹر شمعون حیدر سمیت پوری ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ “پولیس قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی، معاشرتی بگاڑ پھیلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔”

  • اختیارات سرنڈر کرنے والے صدر آصف زرداری محسن جمہوریت ہیں،سحر کامران

    اختیارات سرنڈر کرنے والے صدر آصف زرداری محسن جمہوریت ہیں،سحر کامران

    پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے ملک میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت قوم نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور مشکل جنگ لڑی، جس میں 80 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، لیکن آج ایک بار پھر ہم وہی المناک مناظر دیکھ رہے ہیں جنہیں ماضی کی قربانیوں سے ختم کیا گیا تھا۔

    سحر کامران کا کہنا تھا کہ "ہم نے بڑی قربانیوں کے بعد ملک میں امن قائم کیا، مگر افسوس کہ کچھ عناصر نے ان دہشت گردوں کو دوبارہ لاکر بسا دیا، جس کے نتیجے میں آج دارالحکومت ایک بار پھر خون میں نہا رہا ہے۔”انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فوج یا حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ تھی، جس میں بچوں، خواتین، فوجی جوانوں، پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ "ہم نے دہشت گردی کی اس آگ کو بڑی مشکل سے بجھایا تھا، لیکن غلط فیصلوں نے اس آگ کو پھر سے بھڑکا دیا،” انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔سحر کامران نے مزید کہا کہ آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس بنانے کے فیصلے کو قابلِ تحسین قرار دیا، ان کے بقول یہ اقدام قومی سلامتی کے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جمہوری خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ "آصف زرداری وہ صدر ہیں جنہوں نے اپنے آئینی اختیارات پارلیمان کو واپس کیے، وہ واقعی محسنِ جمہوریت ہیں۔” محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ اور تعلیمات ان کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ "بی بی شہید نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی خدمت اور امن کے لیے جدوجہد کی، ہم ان کے وژن پر عمل پیرا رہیں گے۔”

  • مذاق تو نہیں کہ ہر بار بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوتے رہیں۔چیف الیکشن کمشنر

    مذاق تو نہیں کہ ہر بار بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوتے رہیں۔چیف الیکشن کمشنر

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے سماعت کی،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب انتخابی تاریخ کا اعلان کرے گا، ہم پر پابندی نہیں کہ سیکرٹری یونین کونسلز کے ذریعے ہی انتخابات کرائیں،تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہو چکے، پنجاب میں ہونے والے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ پنجاب سے متعلق معاملہ حل ہو چکا ہے، جلد انتخابات ہو جائیں گے،اسلام آباد میں اب تک مقامی حکومت کا قیام نہیں ہوا، مذاق تو نہیں کہ ہر بار بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوتے رہیں۔

  • دہلی کار دھماکہ،کانگریس کا امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ

    دہلی کار دھماکہ،کانگریس کا امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ

    کانگریس دہلی کے صدر دیوندر یادو نے دہلی میں حالیہ کار دھماکے کے بعد سکیورٹی کی ناقص صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیوندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت ابھی تک دھماکے کی تحقیقات میں کسی واضح نتیجے تک نہیں پہنچ سکی، جس سے ملک کی سلامتی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ “دارالحکومت میں اتنا بڑا دھماکہ ہونا اور حکومت کا اب تک کوئی ٹھوس جواب نہ دینا نہ صرف انتظامی ناکامی ہے بلکہ یہ عوام کے اعتماد کے ساتھ دھوکہ بھی ہے۔”دیوندر یادو نے ممبئی 26/11 حملوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے وزیر داخلہ شیوراج پاٹل نے سکیورٹی میں خامیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے بقول، “جب ایک وزیر اس وقت ذمہ داری لے سکتا ہے تو آج امت شاہ کو بھی دہلی دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے۔”

    کانگریس رہنما نے انکشاف کیا کہ دھماکے سے پہلے وہ کار جس میں دھماکہ ہوا، تقریباً 11 گھنٹے تک دہلی کی مختلف سڑکوں پر آزادانہ طور پر گھومتی رہی۔ ان کے مطابق، “یہ بات حیران کن اور خوفناک ہے کہ دارالحکومت جیسے حساس علاقے میں کوئی گاڑی اتنے طویل وقت تک بغیر کسی چیکنگ کے حرکت کرتی رہی۔ یہ دہلی پولیس اور مرکزی وزارت داخلہ دونوں کی ناکامی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ دہلی پولیس براہِ راست مرکزی حکومت کے ماتحت ہے، اس لیے اس واقعے کی مکمل ذمہ داری بھی مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ یادو نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ عوام کے سامنے اصل حقائق لائے جا سکیں۔

  • علیمہ خان پیش نہ ہوئی،نویں بار وارنٹ گرفتاری جاری

    علیمہ خان پیش نہ ہوئی،نویں بار وارنٹ گرفتاری جاری

    راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے نویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

    علیمہ خان سمیت 11 ملزمان پر 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں علیمہ خان اور ان کے وکلاء آج بھی عدالت پیش نہیں ہوئے جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے،عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کر کے 17 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے۔ علیمہ خان اور دیگر پر جھلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے،اس کے علاوہ علیمہ خان اور دیگر ملزمان پر کارکنان کو پُرتشدد احتجاج پر اکسانے کا بھی الزام ہے۔

  • اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی مزیدسخت کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی مزیدسخت کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قائم ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد حالیہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالتی عمل اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    ذرائع کے مطابق، ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں سکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد گیلانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی اور اے آئی جی اسپیشل برانچ نے موجودہ سکیورٹی انتظامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورٹس کمپلیکس کے مرکزی داخلی دروازے پر واک تھرو گیٹس کے ساتھ جدید اسکینرز نصب کیے جائیں گے تاکہ آنے والے سائلین اور وکلا کے سامان کی مؤثر جانچ پڑتال ہوسکے۔ صرف اسکیننگ کے بعد سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنے والے افراد کو اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

    مزید برآں، انٹری پوائنٹس پر زِگ زیگ گرل لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ گاڑی یا شخص کی رفتار کو کنٹرول کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، کمپلیکس کی چھتوں پر تربیت یافتہ اسنائپرز تعینات کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی ہے تاکہ ہنگامی صورتِ حال میں فوری ردِ عمل دیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، اجلاس میں وکلا کو سکیورٹی سے متعلق ٹریننگ دینے اور فرضی مشقیں کروانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ دہشت گردی یا حملے کی صورت میں بروقت اور مربوط ردِ عمل ممکن بنایا جا سکے۔مزید یہ کہ سکیورٹی اہلکاروں کے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ڈیوٹی کے دوران ان کی توجہ مکمل طور پر فرائض پر مرکوز رہے۔

    اجلاس میں ایک ایمبولینس کو مستقل طور پر کمپلیکس کے باہر تعینات رکھنے کی بھی تجویز پیش کی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی طبی ضرورت کی فوری تکمیل ممکن ہو سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات اسلام آباد کے عدالتی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل ہی مؤثر ردِ عمل ممکن بنایا جا سکے۔

  • افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کے اسلام کے لبادہ میں چھپے مکروہ چہرے بے نقاب

    افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کے اسلام کے لبادہ میں چھپے مکروہ چہرے بے نقاب

    افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کے اسلام کے لبادہ میں چھپے مکروہ چہرے بے نقاب ہو گئے

    افغان طالبان رجیم اور فتنہ خوارج جیسے عناصر اسلام کے مقدس نام کو اپنے ناپاک مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں،یہ وہ لوگ ہیں جو اسلام جیسے پرامن دین کو دہشت کی علامت بنانے پر تلے ہوئے ہیں،معصوم انسانوں کا خون بہانا، خودکش دھماکے کرنا اور مساجد کو نشانہ بنانا اسلام نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف جنگ ہے،افغان طالبان رجیم ایک جانب امارات اسلامی کی بات کرتے ہیں اور دوسری جانب ہندوتوا نظریہ سے بھی ہاتھ ملاتے ہیں،امارتِ اسلامیہ کے آفیشل اور نان آفیشل اکاؤنٹس دن رات پاکستان پر حملوں کی دھمکیاں دیتے ہیں،افغان طالبان رجیم بھارت میں ہونے والے دھماکہ کی مذمت کرتے ہیں جبکہ پاکستان میں دہشتگردی پر خاموش رہتے ہیں

    دہشتگردی کی کارروائیوں پر اپنے رویہ سے بھارت سے اپنی وفاداری ثابت کرتے ہیں ،اسلام امن و امان کا حکم دیا ہےمگرافغان رجیم اور فتنہ الخوارج نفرت اور بربریت کے علَم بردار ہیں،افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کا مکروہ چہرہ اب دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کی کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس  سکول سسٹم کے طلبا کے ساتھ نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس سکول سسٹم کے طلبا کے ساتھ نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس سکول سسٹم کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی ہے

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے نشست کے دوران افواج ِ پاکستان کے آپریشنل اُمور اور داخلی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کی ،پرنسپل کانونٹ جیسس اینڈ میری سکول نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ،اس خصوصی نشست میں اساتذہ اور طلباء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ،طلباء اور اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ "ہمارے لیے یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ ہمیں آرمی سے بات چیت کا موقع ملا "ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو پاکستانی عوام کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہمیں حقائق کو درست نقطہ نظر سے دیکھنے کی تلقین کی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہمیں سوشل میڈیا کے حوالے سے پروپیگنڈا ، گمراہ کن اور نقصان دہ معلومات کے بارے میں آگہی دی،اساتذہ کا کہنا تھا کہ آج ہم نے سیکھا کہ ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر کا مقابلہ کیسے کیا جائے، ہم پاک فوج کو ان کے پختہ عزم اور بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں،طلبا کا کہنا تھا کہ بطور ذمہ دار شہری ہمیں سوشل میڈیا کے پروپیگنڈا سے خود کو بچانا ہو گا ، میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں میں سچائی جاننے کے لیے تحقیق کرنا ضروری ہے، پاک فوج اور پاکستانی عوام نے مل کر بھارت کے خلاف ایک مضبوط اتحاد قائم کیا ہے، ہم اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ کس طرح پاک فوج ہمارے ملک کو دہشتگردی سے بچانے میں مدد کر رہی ہے،