Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سیکورٹی فورسز کی بلوچستان،خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کیخلاف کاروائیاں تیز

    سیکورٹی فورسز کی بلوچستان،خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کیخلاف کاروائیاں تیز

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات، سرحدی سیکیورٹی کی خلاف ورزیوں، اور ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں پاکستان نے ایک جامع پالیسی بیان جاری کیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں متعدد کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    دفترِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ استنبول میں ہونے والے پاکستان-افغان مذاکرات کے حوالے سے حکومت نے ایک جامع پالیسی بیان جاری کیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے ترکیہ اور قطر کی ثالثی کوششوں کو سراہا، تاہم افغان حکام کے “غیر ذمہ دارانہ رویے” پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ تعاون “مذاکرات” کے پردے میں ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری کو افغان حکام کو سرحدی اور سیکیورٹی ذمہ داریوں میں ناکامی پر جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔پاکستان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مذاکرات ٹھوس یقین دہانیوں اور قابلِ تصدیق اقدامات کی بنیاد پر آگے بڑھیں گے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا۔فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور چار کو زخمی کر دیا۔ذرائع کے مطابق علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ فضائی اور زمینی نگرانی جاری ہے تاکہ کسی نئی کارروائی کو روکا جا سکے۔

    خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے گاؤں محمد اکبر میں نامعلوم حملہ آوروں نے مسجد میں فائرنگ کر کے ہیڈ کانسٹیبل شاہ نواز کو شہید کر دیا۔شاہ نواز چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے اور نماز کے دوران نشانہ بنے۔لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    پشاور کے نواحی پہاڑی علاقے شاکرنبو میں انٹیلی جنس بنیادوں پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس میں دو اہم دہشت گرد کمانڈرز سلمان عرف صدیق اور سعد عرف شاہ گلی سمیت 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ذرائع کے مطابق پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی فرار ہونے والے دہشت گرد کو پکڑا جا سکے۔

    سیکیورٹی فورسز نے رات گئے بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے 400 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔کارروائی کے دوران اسمگلر محمد عادل نے فائرنگ کی کوشش کی لیکن جوابی کارروائی میں مارا گیا۔ذرائع کے مطابق عادل کا تعلق پنجگور سے تھا اور وہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کے نیٹ ورک سے وابستہ تھا۔رپورٹ کے مطابق منشیات ایران سے بلوچستان کے علاقے کسؤی میں پہنچائی جا رہی تھیں۔

    30 ستمبر کو کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر نارتھ پر خودکش حملے میں ملوث دہشت گرد کی شناخت افغان شہری محمد سہیل عرف خباب کے طور پر ہوئی ہے۔وہ افغانستان کے صوبہ وردک کے علاقے میدان کا رہائشی اور کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا۔حملے میں 8 شہری جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے تھے۔پاکستان نے ایک بار پھر افغان سرزمین سے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان حکومت کی ناکامی علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    قلات کے علاقے خالق آباد میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے سردار شاکر سعداللہ لانگو، ان کے بھائی شاکر خیراللہ لانگو اور دو دیگر افراد کو قتل کر دیا۔لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔پنجگور کے علاقے شیپستان میں نامعلوم حملہ آوروں نے دو افراد محمد ظفر اور محمد نعیم کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔وجہِ قتل تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔نوٹل تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے تعمیراتی کمپنی کے دو ایکسکیویٹر ڈرائیورز عاشق علی محمد حسنی اور شکیل احمد کورائی کو اغوا کر لیا۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔گاؤں مصری خان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عبدالقدیر کرد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔حملہ آور فرار ہو گئے جبکہ لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ہتھیاری علاقے میں سولنگی اور وزدانی مگسی قبائل کے درمیان زمین کے تنازع پر فائرنگ کے تبادلے میں محمد بچل مگسی ہلاک ہو گئے۔
    انتظامیہ نے حالات قابو میں کر لیے ہیں۔دالبندین کے قریب نامعلوم افراد نے معروف قبائلی شخصیت سردار حسین کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔لاش پرنس فہد اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ چمن میں نامعلوم مسلح افراد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی رہنما مولانا قاری محمد اعظم کو گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    بنوں: سابق ایس ایچ او اغوا، ٹی ٹی پی دھڑے نے ذمہ داری قبول کر لی

    بنوں کے علاقے پیپل داؤد شاہ میں سابق ایس ایچ او عابد کو مسلح افراد نے گاڑی سمیت اغوا کر لیا۔ذرائع کے مطابق انہیں چند روز قبل ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ملازمت سے برطرف کیا تھا۔کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے نئے دھڑے لشکرِ دفاعِ قدس نے اغوا کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق پاکستان میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کا تسلسل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ افغان سرزمین سے سرگرم شدت پسند نیٹ ورکس اب بھی پاکستان کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں

  • ہنگور آبدوزپر چینی ہائپر سونک میزائل نصب کرنے کی تیاری،بھارت کیلئے نیا چیلنج

    ہنگور آبدوزپر چینی ہائپر سونک میزائل نصب کرنے کی تیاری،بھارت کیلئے نیا چیلنج

    پاکستان نیوی نے اپنے دفاعی منصوبوں میں ایک بڑی اور انقلابی پیش رفت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان ہینگور کلاس آبدوزوں کو چین کے جدید ترین YJ-17 ہائپر سونک میزائل سے لیس کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ اقدام خطے میں بحری طاقت کے توازن کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، خصوصاً بھارت کی کیرئیر اسٹرائیک گروپس کے لیے ایک نیا خطرہ پیدا کرے گا۔

    یہ پیشرفت اسلام آباد اور بیجنگ کے بڑھتے ہوئے تزویراتی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ہینگور کلاس آبدوزوں پر YJ-17 میزائل کی تنصیب سے پاکستان کی بحریہ کو ہائپر سونک وارفیئر میں داخل ہونے کا موقع ملے گا، جو دنیا کی چند ہی طاقتیں حاصل کر سکی ہیں۔یہ آبدوزیں جب مکمل طور پر فعال ہوں گی تو پاکستان بحر ہند میں ایک نئی قسم کی زیرِ آب صلاحیت حاصل کر لے گا، جس سے دشمن کے بحری بیڑے، طیارہ بردار جہاز اور ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنانا ممکن ہو جائے گا۔

    چین کا تیار کردہ YJ-17 ہائپر سونک میزائل چین کے "ایگل اسٹرائیک” میزائل پروگرام کا حصہ ہے۔ یہ میزائل Mach 5 سے Mach 8 یعنی 6,000 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر پرواز کر سکتا ہے۔یہ میزائل بوُسٹ گلائیڈ وہیکل (HGV) ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے، جو پہلے فضا میں بلند ہوتا ہے اور پھر ہدف کی جانب انتہائی تیز رفتاری سے نیچے آتا ہے۔اس کی رینج 400 سے 746 کلومیٹر تک ہے، جبکہ یہ اپنے ہدف پر انتہائی تباہ کن ہائی ایکسپلوسو یا آرمَر پینیٹریٹنگ وارہیڈ لے جا سکتا ہے۔یہ خصوصیات اسے "کیرئیر کلر” یعنی طیارہ بردار جہاز تباہ کرنے والا میزائل بناتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق YJ-17 اپنی غیر متوقع پرواز، ریڈار سے بچنے کی صلاحیت اور انتہائی تیز رفتاری کے باعث کسی بھی موجودہ دفاعی نظام، بشمول بھارتی باراک-8 یا امریکی SM-6 میزائلوں، کے لیے تقریباً ناقابلِ گرفت ہتھیار ہے۔

    ہینگور کلاس آبدوز پروگرام پاکستان کی بحری تاریخ کا سب سے بڑا جدیدیت کا منصوبہ ہے۔یہ معاہدہ 2015 میں چین کے ساتھ 4 سے 5 ارب ڈالر کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت چین نے 8 آبدوزیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ان میں سے چار چین میں Wuchang Shipyard پر تیار ہو رہی ہیں، جبکہ باقی چار کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KSEW) میں مقامی طور پر بنائی جا رہی ہیں۔پہلی چار آبدوزیں 2026 سے ڈیلیور ہونا شروع ہوں گی، جبکہ مقامی آبدوزوں کی تکمیل 2028 تک متوقع ہے۔پہلی تین آبدوزوں — PNS Hangor (2024)، PNS Shushuk (2025) اور PNS Mangro (2025) — کے لانچ کے بعد، PNS Tasnim کی تعمیر جاری ہے۔یہ آبدوزیں چین کی Yuan-Class Type 039A/B ڈیزائن پر مبنی ہیں، جو اپنی خاموش کارکردگی (Silent Operation) اور محدود پانیوں میں بہترین کارکردگی کے لیے مشہور ہیں۔

    ہینگور کلاس آبدوزوں میں Stirling Engine Air Independent Propulsion (AIP) سسٹم نصب ہے، جو انہیں بغیر سطح پر آئے 20 دن تک پانی کے اندر رہنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ان کی رفتار زیرِ آب 17 ناٹ اور سطح پر 20 ناٹ تک پہنچتی ہے۔یہ آبدوزیں 38 افراد کے عملے اور 8 اسپیشل فورسز آپریٹرز پر مشتمل مشن کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، جس سے یہ کمانڈو آپریشنز میں بھی استعمال ہو سکتی ہیں۔ان کے 6 ٹارپیڈو ٹیوبز مختلف قسم کے ہتھیار، جیسے بھاری ٹارپیڈوز، اینٹی شپ میزائلز، اور لینڈ اٹیک کروز میزائل (LACMs) فائر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    پاکستان پہلے ہی YJ-82 اور بابر سیریز کے کروز میزائلز سے لیس ہے۔اطلاعات کے مطابق مستقبل میں پاکستان بابر-III نیوکلیئر کیپیبل میزائل کو بھی ہینگور کلاس آبدوزوں میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے پاکستان کو سی بیسڈ سیکنڈ اسٹرائیک کیپبیلٹی حاصل ہو گی۔یہ اقدام بھارت کے نیوکلیئر آبدوز پروگرام کے مقابل توازن قائم کرنے میں مدد دے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ YJ-17 میزائلوں سے لیس ہینگور آبدوزیں بھارت کو اپنی بحری حکمتِ عملی ازسرنو ترتیب دینے پر مجبور کر دیں گی۔اب بھارتی نیوی کو اپنے P-8I پیٹرول طیارے، MH-60R ہیلی کاپٹرز اور ASW جہاز زیادہ تعداد میں تعینات کرنا پڑیں گے تاکہ ان آبدوزوں کا سراغ لگایا جا سکے۔یہ میزائل بھارت کے اہم بحری اڈوں ، ممبئی، اوکھا، اور کوچین، تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہ پیش رفت پاکستان کی بحری موجودگی کو عرب سمندر، خلیجِ عمان، اور بحرِ ہند میں مضبوط کرے گی۔یہی علاقے دنیا کے سب سے اہم سمندری تجارتی راستے ہیں جہاں سے 60 فیصد عالمی تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائپر سونک میزائلوں سے لیس آبدوزیں پاکستان کو نہ صرف ان راستوں کی حفاظت بلکہ ضرورت پڑنے پر ان میں رکاوٹ ڈالنے کی بھی طاقت دیں گی۔

  • عرفان صدیقی علیل،27ویں آئینی ترمیم،ووٹ نہیں دے سکیں گے

    عرفان صدیقی علیل،27ویں آئینی ترمیم،ووٹ نہیں دے سکیں گے

    مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی شدید علالت کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج ہیں۔

    سینیٹر عرفان صدیقی کے اہلخانہ نے تصدیق کی ہے کہ عرفان صدیقی سانس کی تکلیف کے باعث انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں،عرفان صدیقی کے اہلخانہ کا بتانا ہے کہ سانس کی تکلیف کے باعث گزشتہ کچھ دن سے عرفان صدیقی اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی علالت کے باعث 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے ووٹ بھی کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔

    گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تمام 49 شقوں کی منظوری دیدی تھی جس کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ آج سینیٹ کے اجلاس میں آئینی ترمیم پیش کی جائے گی۔دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے 27 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف تحریک چلانے اور پارلیمنٹ کو نہ چلنے دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

  • ہرجانہ کیس،عمران خان کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور

    ہرجانہ کیس،عمران خان کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور

    سیشن کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل کی جرح کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔

    لاہور کی سیشن عدالت کے جج نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کیس سے متعلق گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا.عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ شہباز شریف کے گواہ عطا اللہ تارڑ عدات میں پیش ہوئے اور ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا،عدالتی حکم میں کہا گیا کہ عمران خان کے وکیل کی جرح کے کے لیے مہلت کی استدعا بھی منظور کی گئی ہے اور اب عطا اللہ تارڑ 15 نومبر کو بیان پر جرح کے لیے پیش ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے خلاف10 ارب روپےہرجانےکا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

  • کال سنٹرز سے کروڑوں کا بھتہ،این سی سی آئی اے کے مزید 13 افسران پر مقدمہ

    کال سنٹرز سے کروڑوں کا بھتہ،این سی سی آئی اے کے مزید 13 افسران پر مقدمہ

    کال سینٹرز سے کروڑوں روپے بھتہ لینے کے الزام میں این سی سی آئی اے کے مزید 13 افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مقدمہ اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد میں درج کیا گیا جس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز راولپنڈی سمیت کئی افسران شامل ہیں۔ مقدمے میں کال سینٹرز سے ڈیل کرانے والے شخص اور غیر ملکی شہری بھی نامزد ہیں۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر 11 ایف میں 15 غیر قانونی کال سینٹرز سے کروڑوں روپے بھتہ لیا گیا، این سی سی آئی اے افسران کال سینٹرز سے ماہانہ بنیادوں پر بھی کروڑوں روپے وصول کرتے رہے۔مقدمے کے مطابق ایک ملزم افسران کا فرنٹ مین ہے جس نے خاتون سے رقوم وصول کیں، خاتون نے 13 غیر ملکیوں اور اپنے شوہر کی رہائی کے لیے کروڑوں روپے ادا کیے، مرکزی ملزم ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سندھ بھی رہ چکا ہے۔مقدمے میں 2 ایڈیشنل ڈائریکٹرز شہزاد حیدر اور عامر نذیر، ڈپٹی ڈائریکٹرز سلمان اعوان، حیدر عباس اور ندیم احمد خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔سب انسپکٹرز عثمان بشارت، محمد بلال، صارم علی، ظہیر عباس نیازی اور میاں عرفان سمیت متعدد اہلکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے 25 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کر کے غیر قانونی کال سینٹرز کو قانونی تحفظ فراہم کیا، مقدمے میں ایک نجی کمپنی کے مالک حسن امیر اور ایک چینی شہری کا نام بھی شامل ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان چھاپوں کے بعد مختلف مقامات پر جا کر ڈیلز کرتے اور بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔

  • پاکستان کے نام ایک اور اعزاز، عروشہ سعید نے قوم کا سر فخرسے بلندکردیا

    پاکستان کے نام ایک اور اعزاز، عروشہ سعید نے قوم کا سر فخرسے بلندکردیا

    پاکستان کے نام ایک اور اعزاز، عروشہ سعید نے قوم کا سر فخرسے بلندکردیا

    پاکستان کی عروشہ سعید نے ریاض میں جاری اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا،عروشہ سعید نے خواتین کی57 کلوگرام کُرش کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا،عروشہ سعید نے چھٹے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستان کی جانب سے پہلا تمغہ اپنے نام کیا،عروشہ سعید نے غیر معمولی صلاحیت، مہارت اور حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی بہترین کُرش کھلاڑیوں کیخلاف مقابلہ کیا، عروشہ سعید نے ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں ہیں،کُرش کیٹیگری میں یہ کامیابی روایتی اور مارشل اسپورٹس میں پاکستان کی بڑھتی شرکت میں ایک اہم سنگ میل ہے،یہ تمغہ نہ صرف پاکستان کیلئے اعزاز ہے بلکہ عالمی سطح پر کھیلوں میں قوم کی ابھرتی ہوئی صلاحیت کا بھی عکاس ہے،

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے بے بنیاد اور نفرت انگیز بیان پرصوبہ کے عوام کی شدید مذمت

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے بے بنیاد اور نفرت انگیز بیان پرصوبہ کے عوام کی شدید مذمت

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے بے بنیاد اور نفرت انگیز بیان پرصوبہ کے عوام نے شدید مذمت کی ہے

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواسہیل آفریدی کے بیان کیخلاف شدید ردعمل میں شہریوں کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے سرحدوں اور قبائلی علاقوں میں امن و امان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مساجد کے حوالہ سے نہایت غلط بیان دیا ہے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان کی بھر پور مذمت کرتے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان سے ملک پر برے اثرات پڑیں گے، پاک فوج کی جانب سے تمام امور پر نہایت اچھے اقدامات کیے جا رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے اپنی سیاست کیلئے آخری حد پار کر دی ہے، پاک فوج ہمارا مقدس ادارہ ہے جس نے بہت قربانیاں دی ہیں اس کو بدنام کرنا غلط ہے، پاک فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ایسی حرکتوں سے باز رہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیانات کا مقصد دشمن بھارت کو خوش کرنا ہے، پاک فوج نے ہمیشہ اپنی عوام کا ساتھ دیا ہے اور بہترین کردار ادا کیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو چاہیے کہ اپنے صوبہ پر توجہ دے اور ترقی کیلئے اقدامات کرے، اداروں کو نشانہ بنانا مناسب نہیں، پاک فوج نے پورے ملک بالخصوص خیبرپختونخوا کیلئے قربانیاں دی ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان کا مقصد پاک فوج کیخلاف نفرت اور انتشارپھیلانا ہے جوکسی بھی محب وطن کو قبول نہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اہم عہدہ کے باوجود چور اور بدعنوان شخص ہے جس کے پاس عزت کیساتھ بیان کرنے کو الفاظ نہیں ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہمیشہ پاک فوج کے خلاف سخت اور بے بنیاد باتیں کرتا رہتا ہے،افواج پاکستان اس ملک کی اصل محافظ ہیں جن کے جوان جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ،

  • ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ پر حملہ آور افغان نکلا

    ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ پر حملہ آور افغان نکلا

    30 ستمبر کو فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر کوئٹہ پر ہونے والے خودکش حملے میں ملوث دوسرے حملہ آور کی شناخت ہوگئی۔
    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملے میں ملوث دوسرا حملہ آور افغان دہشت گرد نکلا،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے افغان خودکش حملہ آور کی شناخت محمد سہیل عرف خباب کے نام سے ہوئی ہے،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق محمد سہیل عرف خباب افغانستان کے صوبے وردک کے ضلع میدان شہر کا رہائشی تھا،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ ایف سی ہیڈ کوارٹر حملے میں 8 شہری شہید اور 40 زخمی ہوئے تھے۔

  • سیلاب متاثرہ کسانوں کی بحالی کے لئے مرکزی مسلم لیگ سرگرم عمل

    سیلاب متاثرہ کسانوں کی بحالی کے لئے مرکزی مسلم لیگ سرگرم عمل

    مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے عملی قدم اٹھا لیا، شعبہ خدمت خلق کی جانب سے چنیوٹ، حافظ آباد اور علی پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو گندم کا بیج، کھاد اور زرعی سامان فراہم کیا جارہا ہے ،

    ریسکیو و ریلیف کے بعد مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمت خلق کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پروگرام تیزی سے جاری ہے، کسان بحالی پروگرام کے تحت مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے چینیوٹ، حافظ آباد اور علی پور میں کسانوں کو کھاد، بیج اور زرعی سامان فراہم کیا گیا، مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کی جانب سے حافظ آباد اور چنیوٹ میں ایک ہزار ایکڑ زمین کیلئے گندم کا بیج تقسیم کیا گیا، علی پور میں مرکزی مسلم لیگ شیخوپورہ کی ٹیم نے کسانوں میں گندم کے بیج اور زرعی آلات تقسیم کیے، چیئرمین شعبہ خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمان کا کہنا ہے کہ سیلاب ختم ہوچکا ہے لیکن سیلاب متاثرین کی مشکلات ختم نہیں ہوئیں پوری قوم کو چاہئے کہ آگے بڑھیں اور متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیر اور کسان بھائیوں کو دوبارہ کھیتی باڑی کے قابل بنانے میں اپنا کردار ادا کرے، مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمت خلق کی جانب سے سردی کے آغاز کے ساتھ ہی متاثرہ علاقوں میں گرم کپڑوں اور بستروں کی تقسیم بھی شروع کر دی گئی ہے

  • 4 افغان شہریوں کی پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام ،گرفتار

    4 افغان شہریوں کی پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام ،گرفتار

    ایف آئی اے نے جعلسازی سے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغان شہری سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں صدیق اللہ، سمیع اللہ، فیاض خان اور یونس خان شامل ہیں، گرفتار ملزم صدیق اللہ افغان شہری ہے، افغان شہری جعلی دستاویزات پر پاکستانی شہریت کی کوشش کر رہا تھا، ملزم یونس خان نے خود کو افغان شہری کے والد کے طور پر پیش کیا، یونس خان نے جعلسازی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ملزم فیاض خان اور سمیع اللہ نے بطور گواہ اور تصدیق کنندگان کا کردار ادا کیا،صدیق اللہ کی پاکستانی شہریت کی غیر قانونی تصدیق کی گئی، تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔