Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاکستان ،روس،چین جوہری تجربات کر رہے ہیں،ٹرمپ کا دعویٰ

    پاکستان ،روس،چین جوہری تجربات کر رہے ہیں،ٹرمپ کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں۔ روس، چین، شمالی کوریا اور پاکستان اس وقت فعال طور پر ایٹمی تجربات انجام دے رہے ہیں، لہٰذا امریکہ کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے جوہری ہتھیاروں کی آزمائش دوبارہ شروع کرے۔

    ٹرمپ نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی، جب ان سے امریکہ کی جانب سے تین دہائیوں بعد ممکنہ طور پر ایٹمی تجربات دوبارہ شروع کرنے سے متعلق سوال کیا گیا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ“روس تجربات کر رہا ہے، چین تجربات کر رہا ہے لیکن ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتا۔ ہم ایک کھلا معاشرہ ہیں، ہمیں بات کرنی پڑتی ہے کیونکہ ہمارے یہاں صحافی سوال کرتے ہیں۔ دوسرے ممالک زیرِ زمین تجربات کرتے ہیں، جہاں کسی کو کچھ پتا نہیں چلتا، صرف ہلکی سی لرزش محسوس ہوتی ہے۔”

    ٹرمپ نے مزید کہا کہ،“ہمیں بھی تجربات کرنا ہوں گے کیونکہ وہ (دوسرے ممالک) کر رہے ہیں۔ شمالی کوریا تجربات کر رہا ہے، پاکستان بھی تجربات کر رہا ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ وہ کہاں کر رہے ہیں، لیکن یہ ہورہا ہے۔” ٹرمپ نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو مجبوراً ایٹمی تجربات کرنے کی طرف جانا پڑے گا تاکہ دفاعی توازن برقرار رکھا جا سکے۔ان کے مطابق روس نے حال ہی میں جدید ایٹمی صلاحیت والے ہتھیاروں، بشمول "پوسائیڈن” انڈر واٹر ڈرون، کے تجربات کیے ہیں، جبکہ شمالی کوریا مسلسل ایٹمی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا “اگر آپ دیکھیں تو شمالی کوریا ہر وقت تجربات کر رہا ہے، روس بھی اعلان کر چکا ہے، اور دوسرے ممالک بھی یہی کر رہے ہیں۔ ہم واحد ملک ہیں جو تجربات نہیں کرتا، اور میں نہیں چاہتا کہ امریکہ واحد ملک ہو جو تجربات نہ کرے۔”

    ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکہ کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ان کے مطابق،“ہمارے پاس اتنے ایٹمی ہتھیار ہیں کہ ہم دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کرسکتے ہیں۔ روس کے پاس بھی بہت ہیں، چین کے پاس بھی کافی ہیں، لیکن ہمارے پاس سب سے زیادہ ہیں۔”انہوں نے کہا کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ایٹمی تخفیف کے حوالے سے بات چیت بھی کی ہے، تاہم ابھی تک کسی عملی پیشرفت کا امکان نہیں۔

    دوسری جانب، امریکی توانائی کے وزیر کرس رائٹ نے صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ تجربات میں فی الحال ایٹمی دھماکے شامل نہیں ہوں گے۔ان کے مطابق “جو تجربات کیے جائیں گے وہ نظامی نوعیت کے ہیں، یعنی ان میں جوہری دھماکے شامل نہیں ہوں گے۔ انہیں نان-کریٹیکل ایکسپلوزنز کہا جاتا ہے، جن میں جوہری مادّے کو نہیں پھاڑا جاتا بلکہ باقی اجزا کی جانچ کی جاتی ہے۔”کرس رائٹ کا کہنا تھا کہ ان تجربات کا مقصد نئے نظاموں کی فعالیت کو یقینی بنانا اور آئندہ نسل کے جوہری ہتھیاروں کو زیادہ قابلِ اعتماد بنانا ہے۔

    یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ کے دفاعی حلقوں میں نئے سرد جنگی ماحول اور روس و چین کی بڑھتی ایٹمی سرگرمیوں پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق، اگر امریکہ واقعی ایٹمی تجربات دوبارہ شروع کرتا ہے تو عالمی سطح پر ایک نئی ایٹمی دوڑ کا آغاز ہوسکتا ہے، جو عالمی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے امریکی فوج کو فوری طور پر جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دیا تھا،سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے محکمہ جنگ کو ایٹمی ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دے دیا ہے اور یہ عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا،صدر ٹرمپ نے لکھاکہ امریکا کو ان ممالک کے مقابلے میں برابر کی سطح پر ہونا چاہیے جو یہ پروگرام رکھتے ہیں۔

  • ایئر انڈیا حادثے میں بچ جانے والے واحد مسافر کی کئی ماہ بعد حادثے بارے بات چیت

    ایئر انڈیا حادثے میں بچ جانے والے واحد مسافر کی کئی ماہ بعد حادثے بارے بات چیت

    جون 2025 میں ائیر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں بچ جانے والے واحد مسافر نے کئی ماہ بعد پہلی بار اس حوالے سے بات کی ہے۔

    وسواش کمار رمیش بھارتی شہر احمد آباد کے قریب حادثے میں کرشماتی طور پر بچ گئے تھے اور انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ مسلسل اس واقعے کی جھلکیاں دیکھتے رہتے ہیں،39 سالہ وسواش کمار نے کہا کہ یہ کرشمے سے کم نہیں کہ وہ اب تک زندہ ہیں مگر اس حادثے میں بھائی کی موت نے ان کی ساری خوشی کو چھین لیا، اس حادثے میں ان کے بھائی اجے کی موت کا مطلب یہ ہے کہ خاندان نے سب کچھ کھو دیا،میں نے اپنی خوشی سمیت سب کچھ کھو دیا، خدا نے مجھے زندگی دی مگر میری اور میرے خاندان کی خوشیاں چھین لیں

    وسواش کمار برطانوی شہریت رکھتے ہیں اور جون میں اپنے بھائی کے ساتھ خاندان سے ملنے کے لیے بھارت آئے ہوئے تھے،برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس حادثے نے میرے خاندان کو مکمل طور پر توڑ دیا، یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت ہے ، اس حادثے کے بارے میں بات کرنا ان کے لیے بہت تکلیف دہ ہے اور انہوں نے اب تک اس کی پہلی یاد کے بارے میں کسی سے بات نہیں کی، میں ہر وقت اس حادثے کی جھلکیاں دیکھتا رہتا ہوں، میں ہر وقت بیدار رہتا ہوں اور محض 3 سے 4 گھنٹے ہی سو پاتا ہوں،میرے خاندان نے مجھے سہارا دیا، میری ماں، والد اور چھوٹا بھائی سب ذہنی طور پر مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں، میرے انکل، کزن اور دوستوں نے اس موقع پر مجھے سہارا دیا، وہ ہر وقت میرے ساتھ ہوتے ہیں،ذہنی اور جسمانی طور پر میں اپنے خاندان سے زیادہ بات نہیں کر پاتا، میں ہر وقت اپنے کمرے میں تنہا رہتا ہوں، مجھے بات کرنا پسند نہیں، بس اپنے بستر پر بیٹھا سوچتا رہتا ہوں

    حادثے کے شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے موجود تھے،حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا ، ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے "کٹ آف” پوزیشن میں چلے گئے تھے ، ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند ہوا اور جہاز نیچے آنے لگا۔

  • اے این پی ،پی ٹی آئی رہنماؤں کے قتل میں ملوث دہشتگرد ہلاک

    اے این پی ،پی ٹی آئی رہنماؤں کے قتل میں ملوث دہشتگرد ہلاک

    باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) رہنما کے قتل میں ملوث دہشتگرد مارا گیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں کوثر کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگرد ضیاءالدین عرف ابراہیم ادریس مارا گیا، دہشتگرد ضیاءالدین متعدد ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگز میں ملوث تھا،دہشتگرد پی ٹی آئی رہنما ریحان زیب، اے این پی کےمولانا خان زیب، ڈپٹی کمشنر ناوگئی اور جے یو آئی کے ارکان کے قتل میں بھی شامل تھا۔ مارے گئے دہشت گرد نے متعدد پولیس اہلکاروں کو بھی قتل کیا، دہشت گرد ضیاء الدین طالبان کے کابل پر قبضے سے قبل افغان جیل میں قید تھا، طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد دہشتگرد ضیاء الدین کو رہا کر دیا گیا تھا،دہشت گرد ضیاء الدین 2023 میں افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا، دہشتگرد ضیاءالدین کی ہلاکت سے داعش خراسان کےنیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا۔

  • آئینی ترامیم عوامی اور ملکی مفاد میں ہوں گی تو خیر مقدم کریں گے،خالد مسعود سندھو

    آئینی ترامیم عوامی اور ملکی مفاد میں ہوں گی تو خیر مقدم کریں گے،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے 27 ویں آئینی ترمیم کی بازگشت پر ردعمل میں کہا ہے کہ آئینی ترامیم اگر عوامی مفاد اور ملکی اداروں کی بہتری کے لئے کی جا رہی ہیں تو ان کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے، لیکن اگر ان ترامیم کا مقصد کسی خاص طبقے یا سیاسی مفادات کا تحفظ ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر انہیں مسترد کر دینا چاہئے۔

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی قومی معاملہ ہے، اس کے ذریعے ذاتی یا وقتی سیاسی فائدے حاصل کرنے کی کوششوں سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے،27 ویں آئینی ترمیم کے حوالہ سے حکومت کو اپوزیشن اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہئے تاکہ کسی بھی ترمیم کا مقصد صرف اور صرف عوامی بھلائی اور اداروں کی مضبوطی ہو،مرکزی مسلم لیگ عوامی مفاد اور آئین کی بالادستی کے لئے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرے گی،مفادات کی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے،عوام کی خدمت اور خدمت کی سیاست ہونی چاہئے،سیاسی جماعتوں کو ملکی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلےکرنے چاہئے.

  • فوج سیاست میں نہیں الجھنا چاہتی،دہشتگردوں سے کوئی بات  نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    فوج سیاست میں نہیں الجھنا چاہتی،دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    غزہ امن فوج کافیصلہ حکومت اورپارلیمنٹ کرےگی،ترجمان پاک فوج
    ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چودھری نے صحافیوں سےغیررسمی گفتگو میں کہا ہے کہ غزہ امن فوج کافیصلہ حکومت اورپارلیمنٹ کرےگی

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرحدوں،عوام کی حفاظت کیلئےتیارہے،پاکستان پالیسی بنانےمیں خودمختارہے،فتنہ الخوارج کےخلاف آپریشن میں1667دہشت گردمارےگئے،فوج سیاست میں نہیں الجھناچاہتی،فوج کوسیاست سے دوررکھاجائے،جرائم پیشہ اوردہشت گردگروپ ملک میں جرائم،سمگلنگ روکنےمیں رکاوٹ ہیں،میں پبلک سرونٹ ہوں کسی پر الزام نہیں لگا سکتا، سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے چیف منسٹر ہیں، بس اتنا ہی کہوں گا خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی خبریں تخیلاتی ہیں، اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوا تو حکومت کا دائرہ اختیار ہے،گورنرراج سےمتعلق فیصلےکااختیارحکومت کےپاس ہے،افغانستان کی شرائط معنی نہیں رکھتیں،دہشت گردی کاخاتمہ اہم ہے،افغانستان میں منشیات سمگلرزکی افغان سیاست میں مداخلت ہے،افغانستان سےبڑے پیمانےپرمنشیات پاکستان سمگل کی جارہی ہے،افغانستان کیلئےمحبت جاگ رہی ہےتو آپ وہیں چلےجائیں،دہشت گرد عشرکےنام پرٹیکس لیتےہیں،زیادہ ترآپریشن بلوچستان میں ہوئے،حالیہ پاک افغان کشیدگی کےدوران206افغان طالبان مارےگئے،حالیہ پاک افغان کشیدگی کےدوران112فتنہ الخوارج ہلاک ہوئے،ٹی ٹی پی نےافغان طالبان کےامیرکےنام پربیعت کی،ٹی ٹی پی افغان طالبان کی شاخ ہے،بھارت گہرےسمندرمیں ایک اورفالس فلیگ آپریشن کی تیاری کررہاہے،بھارت نے زمین،سمندراورفضامیں جوکچھ کرناہےکرے،بھارت جان لے،اس بارجواب پہلےسےزیادہ شدیدہوگا،اس سال62ہزار113آپریشن کیے،582فوجی جوان شہیدہوئے،مدارس کی تعداد2014میں48ہزار،اب ایک لاکھ سےزائدہے،افغانستان میں ہمارارسپانس سوئفٹ ہے،کوشش کی افغانستان کےساتھ معاملات طے ہوں،پاکستان کاون پوائنٹ ایجنڈاہے،افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو،رواں سال62113آپریشن کیے،زیادہ تربلوچستان میں ہوئے ،پاکستان نے امریکا کو اپنی سرزمین سے افغانستان پر حملوں کی کوئی اجازت نہیں دی، ایسی خبریں افغانستان کا پراپیگنڈا ہے، امریکی ڈرونز کے ذریعے پاکستان سے افغانستان میں حملے کا الزام جھوٹا ہے، نہ ہمارا امریکا کے ساتھ ایسا کوئی معاہدہ ہےکہ امریکا پاکستان سے ڈرون کے ذریعے افغانستان میں کارروائی کرے، افغان میڈیا بھارتی میڈیا کے ساتھ مل کر فیک ویڈیوز پھیلا رہا ہے۔

    دوسری جانب انسدادِ دہشت گردی سے متعلق سال 2025 کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی، جس میں ملک بھر میں ہونے والے آپریشنز، دہشت گردانہ حملوں، اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، سال 2025 کے دوران ملک بھر میں کل 62 ہزار 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ اوسطاً روزانہ 208 آپریشنز انجام دیے گئے، جن کے نتیجے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں سال بھر میں 4373 دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے، جن میں سیکیورٹی فورسز کی بہادرانہ کارروائیوں کے دوران 1667 دہشت گرد مارے گئے۔تاہم، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں قوم کو بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق، مختلف کارروائیوں اور حملوں میں 1073 افراد نے جامِ شہادت نوش کیا جن میں پاک فوج کے 584 جوان و افسران،دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کے 133 اہلکار، اور356 عام شہری شامل ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے 514 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں میں 77 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ان واقعات میں مجموعی طور پر 198 افراد متاثر ہوئے، جن میں 36 فوجی و ایف سی اہلکار شہید،138 زخمی،پولیس کا 1 اہلکار شہید اور 2 زخمی،جبکہ 12 عام شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے عزم، قربانیوں اور بروقت کارروائیوں کے باعث دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو کافی حد تک کمزور کر دیا گیا ہے، تاہم مکمل امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق، 2025 کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی پالیسی پر ثابت قدم ہے اور قربانیوں کا یہ سلسلہ ملک و قوم کے امن کے لیے جاری رہے گا۔

  • فیلڈ مارشل  کی قیادت میں پاکستان نے دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،عطا تارڑ

    فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں عالمی سطح پر نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس کا موضوع تھا "پاکستان کی سفارتی کامیابیاں”۔

    عطاء اللہ تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آج ایک مضبوط اور متوازن سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں محض الفاظ کا کھیل نہیں بلکہ مسلسل محنت، درست حکمتِ عملی اور مؤثر سفارتی عمل کا نتیجہ ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے فارن سروس افسران نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔ ان کے بقول، “ہماری فارن سروس کی عظیم روایات ہیں، جن پر ہمیں فخر ہے۔ مجھے فخر ہے کہ ہمارے سفارتکار آج بھی انہی روایات کو بخوبی آگے بڑھا رہے ہیں۔ ”انہوں نے کہا کہ سفارت کاری ایک فن ہے جو صرف سیکھنے سے نہیں بلکہ تجربے، فہم اور مسلسل محنت سے حاصل ہوتا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ “دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنے ہزاروں شہریوں اور اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مگر افسوس کہ ہم پر الٹا دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزامات لگائے گئے۔”

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کے فوراً بعد بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کر دیا، حالانکہ پاکستان خود اس عفریت کا سب سے بڑا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موقف کو دوست ممالک نے بھی تسلیم کیا اور سفارتی کوششوں کے باعث دنیا بھر سے پاکستان کو بھرپور حمایت ملی۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی، جو شفافیت اور امن پسندی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنی دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے کہا کہ “ہم نے اپنے سے چار گنا بڑی طاقت کو شکست فاش دی، ہماری مسلح افواج نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اور معرکہ حق میں ہماری فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔”عطاء اللہ تارڑ نے بھارتی رویے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح جارحانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ “ہماری کوسٹ گارڈ نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک ملاح کو گرفتار کیا، جس نے خود اعتراف کیا کہ وہ بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہا تھا۔”انہوں نے کہا کہ بھارت کا میڈیا جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف رہا، مگر پاکستان کے میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے دنیا کی توجہ حاصل کی۔ “بیانیے کی اس جنگ میں ہم نے حقائق اور سچائی کے ذریعے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں۔”

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران معاشی اسٹریٹجک فریم ورک کا اجراء ایک بڑی پیشرفت ہے۔ “اب ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، اور وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط کو مضبوط بنانا ہماری ترجیح ہے۔”اکستان نے نہ صرف سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں بلکہ معاشی اور دفاعی میدان میں بھی نئی بلندیوں کو چھونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔“ہم نے دوستی، امن، اور ترقی کا بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام دیا جائے جس کا وہ مستحق ہے۔”

  • وزیراعلیٰ پنجاب نے  پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش قبول کر لی

    وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش قبول کر لی

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات ہوئی ہے

    پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کروا دی،پنجاب میں کروم بک (لیپ ٹاپ) کے لئے فیکٹری لگائی جائے گی،گوگل کروم بک میں تین بڑے اور اہم سافٹ ویئر بھی انسٹال کیے جائیں گے،طلبہ کے لئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹول کیٹ اور”اے آئی جیمنی“ انسٹال کیا جائے گا،انگلش لرننگ کے لئے” ریڈ آلانگ” سافٹ ویئر بھی گوگل کروم بک میں میسر ہوگا،گوگل کروم بک میں "کین وا ” سافٹ ویئر بھی مہیا کیا جائے گا،

    وفد کی سربراہی گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس نے کی، ٹیک ویلی کے سی آئی او عمرفاروق بھی موجود تھے،گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویثرنری قیادت کو سراہا،گوگل فار ایجویشن کے وفد نے ایجوکیشن خاص طور بچیوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم کے لئے وزیراعلی مریم نواز کےویژن کو متاثر کن قرار دیا،گوگل فارایجوکیشن کے اعلیٰ سطح وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ دی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایجوکیشن کے فروغ کے لئے گوگل فار ایجوکیشن کی معاونت کو سراہا،

    گوگل فارایجوکیشن نے پنجاب میں سرکاری سکولوں کے 2ہزار زائد ٹیچرز کو ٹریننگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیگر اساتذہ کو بھی آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی،گوگل فارایجوکیشن سرکاری سکولوں کے طلبہ کی آئی ٹی ٹریننگ پر بھی کام کررہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانے پر کام کررہے ہیں۔پنجاب کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس حب بنانا ہمارا عزم ہے۔پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام کے لئے بھرپور معاونت کریں گے

  • ٹیکس ریٹرن فائلرزکی تعداد 49 سے بڑھ کر 59 لاکھ ہوگئی،چیئرمین ایف بی آر

    ٹیکس ریٹرن فائلرزکی تعداد 49 سے بڑھ کر 59 لاکھ ہوگئی،چیئرمین ایف بی آر

    چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو مزید ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہاکہ ٹیکس سے متعلق بجٹ میں منظور ہونے والے اقدامات پر عمل پیرا ہیں اور ایف بی آر کو مزید ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں ہے، ایف بی آر کو تمام اداروں کا تعاون حاصل ہے، مؤثر اقدامات کے باعث ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے ، ٹیکس اصلاحات میں وقت درکار ہوتا ہے، وفاق سے 15فیصد اور صوبوں سے 3 فیصد ریونیو اکٹھاکرنا ہے، ریونیو کےلیے صوبوں کے اوپر اتنا دباؤ نہیں جتنا وفاق پر ہے، انفرادی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں اضافہ ہواہے، ٹیکس ریٹرن فائلرزکی تعداد 49 سے بڑھ کر 59 لاکھ ہوگئی ہے جب کہ پہلی بار ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں 1.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، ،ہمیں ٹیکس وصولی کو جی ڈی پی کے 18فیصد پر لے کر جانا ہے۔

  • 27 ویں آئینی ترمیم کی تیاری،اہم نکات،پی ٹی آئی کا ردعمل بھی آ گیا

    27 ویں آئینی ترمیم کی تیاری،اہم نکات،پی ٹی آئی کا ردعمل بھی آ گیا

    حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تیاری کرلی، اہم نکات سامنے آگئے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں آئینی عدالت قائم کی جائے گی، جس کے چیف جسٹس ہی سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کے سربراہ ہوں گے، ججز ٹرانسفر میں چیف جسٹس کی اجازت اور متعلقہ جج کی رضامندی کی شق ختم کرنے کی تجویز ہے، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا طریقۂ کار بھی تبدیل کیا جائے گا۔ترامیم میں این ایف سی ایوارڈز کے حوالے سے تبدیلیاں بھی شامل ہیں، این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی بھی تجویز ہے، ایگزیکٹو مجسٹریٹ سمیت اہم تبدیلیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق تعلیم اور محکمہ پاپولیشن ویلفیئر واپس وفاق کے پاس چلے جائیں گے، 27ویں ترمیم میں فوج کی کمانڈ کے حوالے سے ترمیم بھی شامل ہے، حکومت مجوزہ ترامیم منظور کرانے کیلئے اتحادیوں کو اعتماد میں لے گی، اتفاق رائے ہونے پر حکومت آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ریاستی ایوانوں سے ایک بار پھر ایک نئی آئینی ترمیم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ابھی 26ویں آئینی ترمیم کے زخم تازہ ہیں اور اب 27ویں آئینی ترمیم کی بات کی جا رہی ہے۔ 1973ء کا آئین پاکستان کا متفقہ آئین ہے، جسے ذوالفقار علی بھٹو، مفتی محمود سمیت تمام سیاسی قیادت نے اتفاقِ رائے سے منظور کیا۔ یہ آئین ریاست کی تمام اکائیوں کو ایک خوبصورت بندھن میں جوڑے رکھتا تھا۔ بدقسمتی سے اب بھٹو صاحب کے جانشین اور اُن کی اپنی جماعت اسی آئین کے چہرے کو مسخ کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔موجودہ پارلیمان فارم 47 کی پیداوار ہے، جسے اس نوعیت کی بڑی آئینی ترمیم کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔ ملک کی تمام جمہور پسند قوتوں کو اس ناجائز ترمیم کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا، ورنہ سب کے ہاتھ کچھ نہ آئے گا اور یہ نظام اپنی بنیادوں سمیت زمین بوس ہو جائے گا۔

    علاوہ ازیں 27 ویں آئینی ترمیم کےلئے حکومت کا قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس رواں ہفتے بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا،سینیٹ کا اجلاس کل اور قومی اسمبلی کا اجلاس پرسوں بلانے کےلئے سمری وزیر اعظم کو ارسال کردی گئی ہے،

    دوسری جانب وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے باضابطہ ڈرافٹ پر اب تک کوئی کام شروع نہیں ہوا لیکن وقتاً فوقتاً اس پر بات چیت ضرور ہوتی رہتی ہے، آرٹیکل 243 میں ترمیم کا مقصد معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد آرمی چیف کو دیے گئے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئین میں شامل کرنا اور اسے تحفظ دینا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سمیت دیگر اہم مسائل سے متعلق آگہی کے لیے مرکزی تعلیمی نصاب ہونا ضروری ہے،ہ آئینی عدالتوں کا قیام 26ویں ترمیم کا بھی حصہ تھا اب بھی اس پر بات ہوئی ہے، آبادی پر کنٹرول کے لیے بھی مرکزی سوچ کا ہونا بہت اہم ہے۔

  • کراچی میں ہم جنس پرستوں کی پارٹی،مشی خان پھٹ پڑیں

    کراچی میں ہم جنس پرستوں کی پارٹی،مشی خان پھٹ پڑیں

    پاکستانی اداکارہ، اینکر اور سماجی کارکن مشّی خان نے کراچی میں ہونے والی ہیلووین پارٹیوں سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔

    مشّی خان ہمیشہ سماجی اور اخلاقی معاملات پر کھل کر بات کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک مخصوص ہیلووین پارٹی منعقد ہوئی، جس میں مبینہ طور پر ہم جنس پرستوں کو انکے ساتھیوں سمیت مدعو کیا گیا تھا،پاکستان کے مختلف شہروں سے خواتین آئی ہوئی تھیں، مجھے اطلاع ملی کہ یہ پارٹی کھلی فحاشی کے زمرے میں آتی ہے، مگر حکام کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جا رہی،لوگ کہیں گے کہ میں ہر وقت نصیحت کرتی ہوں، مگر میں سچ بولنے سے باز نہیں آؤں گی، یہ ہمارے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ ایسی پارٹیاں کھلے عام منعقد کی جا رہی ہیں اور کوئی ان پر پابندی نہیں لگاتا

    سوشل میڈیا پر ان کے بیان پر مخلوط ردعمل سامنے آیا ہے جہاں ایک صارف نے لکھا، ’حکام آخر کب حرکت میں آئیں گے؟‘، دوسرے نے کہا، ’استغفراللّٰہ، ایسی چیز کبھی نہیں منائی‘، جبکہ کئی صارفین نے مشّی خان کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا، ’آپ بالکل درست کہہ رہی ہیں۔