Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مریم نواز  کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد

    مریم نواز کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد

    لاہور کے الیکشن ٹربیونل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حلقہ پی پی 159 کے انتخاب کو درست قرار دے دیا ، الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی امیدوار مہر شرافت کی درخواست کو مسترد کردیا

    الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج رانا زاہد محمود نے پی پی 159سے مہر شرافت کی انتخابی عذرداری پر فیصلہ سنا دیا جس میں ٹربیونل نے مریم نواز کی کامیابی کے خلاف دائر عذرداری کو مستردکردیا،الیکشن ٹربیونل کے مطابق عذرداری میں الیکشن ایکٹ2017 کے رول 144 کوپورا نہیں کیا گیا اور انتخابی عذرداری کے ہر صفحے پر دستخط موجود نہیں ہیں،الیکشن ٹربیونل کا کہنا ہے کہ بیان حلفی میں اوتھ کمشنرکی تصدیق والے صفحے پر نام اور والد کا نام نہیں لہٰذا انتخابی عذرداری کو باقاعدہ ٹرائل کے لیے پیش نہیں کیا جاسکتا،واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مہر شرافت علی نے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

  • بیٹی کو قتل کرنے والے باپ کی درخواست ضمانت مسترد

    بیٹی کو قتل کرنے والے باپ کی درخواست ضمانت مسترد

    لاہور ہائیکورٹ میں غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنے والے باپ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے بیٹی کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کرنے والے باپ کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

    جسٹس اسجد جاوید گھرال نے محمد سلیم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم محمد سلیم کی جانب سے ایڈووکیٹ اویس صدیقی نے دلائل دیے، مؤقف اپنایا گیا کہ تھانہ صدر جڑانوالہ ضلع فیصل آباد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے 29 جون 2024 کو ملزم کے خلاف بیٹی کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کیا۔ ملزم یکم جولائی 2024 سے جیل میں قید ہے۔ ملزم کو ہمراہی ملزم کے بیان پر گرفتار کیا گی، پولیس کے علاوہ وقوعے کا کوئی گواہ نہیں ہے۔ عدالت ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کو بیٹے کے بیان پر گرفتار کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں قتل کے ایسے مقدمات میں پولیس ہی مدعی اور گواہ بنتی ہے۔ اپنی بیٹی کے قتل کا ملزم بننے کی بجائے باپ مدعی کیوں نہیں بنا؟ چھ ماہ گزر گئے باپ کی جانب سے بیٹی کے قتل کی کوئی درخواست درج نہیں کروائی گئی۔ ماتحت عدالت کو تین ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کر دیتے ہیں،سرکاری وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزم باپ کے ساتھ لڑکی کی والدہ،بھائی اور بھابھی بھی قتل میں نامزد ملزم ہیں۔ ملزمان کی نشان دہی پر مقتولہ کی لاش گڑھے سے نکالی گئی۔ علاقہ کے چار گواہان کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

  • بھارت کا وسطی ایشیا میں قدم جمانےکا خواب بکھرگیا

    بھارت کا وسطی ایشیا میں قدم جمانےکا خواب بکھرگیا

    بھارت کا وسطی ایشیا میں قدم جمانےکا خواب بکھرگیا،تاجکستان نے عینی ایئربیس کو بھارتی فوج سے خالی کروا لیا،دس کروڑ ڈالرکی بھارتی سرمایہ کاری بھی ڈوب گئی۔

    غیرملکی میڈیا کےمطابق عینی ایئربیس بھارت کا بیرون ملک واحد فوجی اڈہ تھا،جو 25 برس سے زائد بھارتی فوج کے کنٹرول میں تھی،بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے عینی ایئربیس کے انخلاکو بھارت کی اسٹریٹجک ناکامی قرار دیا۔عینی ایئربیس خطےمیں بھارت کی خفیہ سرگرمیوں کامرکزتھا،مکروہ مقاصد کےحصول کیلئےبھارت نے ایئربیس پر 10کروڑ ڈالرکی بھاری سرمایہ کاری بھی کر رکھی تھی،اس ایئربیس کےذریعےبھارت نہ صرف افغانستان میں مداخلت کرتا تھا،بلکہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں سے رابطوں کا بھی اہم ذریعہ تھا۔

  • اماراتی پرچم کی توہین پر 25 سال قید، 5 لاکھ درہم جرمانہ مقرر

    اماراتی پرچم کی توہین پر 25 سال قید، 5 لاکھ درہم جرمانہ مقرر

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آج یومِ پرچم کے موقع پر حکومت نے پرچم کی حرمت و عزت برقرار رکھنے کے لیے سخت ترین ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق، اماراتی پرچم کی توہین یا اس کا غلط استعمال ایک سنگین جرم تصور کیا جائے گا جس پر 25 سال تک قید اور 5 لاکھ درہم (تقریباً 3 کروڑ 78 لاکھ پاکستانی روپے) تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ پرچم کے ڈیزائن یا رنگوں کو کیک، غباروں، کپڑوں یا کسی اشتہاری مہم میں استعمال کرنا توہین کے زمرے میں آئے گا۔ اس کے علاوہ پرچم کو تجارتی یا ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا بھی قانونی طور پر ممنوع ہے۔وزارتِ انصاف اور وزارتِ داخلہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ یومِ پرچم کے جشن کے دوران حب الوطنی کے جذبے کا اظہار ضرور کریں، لیکن قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی پرچم اتحاد، وقار اور قومیت کی علامت ہے، اور اس کے تقدس کی حفاظت ہر شہری اور رہائشی کا قومی و اخلاقی فریضہ ہے۔

    واضح رہے کہ یو اے ای میں ہر سال 3 نومبر کو یومِ پرچم قومی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، جس میں سرکاری عمارات، اسکولوں، اداروں اور گھروں پر پرچم لہرائے جاتے ہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پرچم کو مخصوص طریقہ کار کے مطابق بلند کریں، زمین پر نہ گرنے دیں، اور غفلت یا ناسمجھی میں اس کی توہین سے بچیں۔

  • کیرالہ، سیاحتی مقام پر خاتون سیاح ہراسانی کا شکار

    کیرالہ، سیاحتی مقام پر خاتون سیاح ہراسانی کا شکار

    کیرالہ کے معروف سیاحتی مقام منار میں ایک ممبئی سے آئی خاتون سیاح کے ساتھ مبینہ طور پر مقامی ٹیکسی یونین کے ڈرائیوروں کی ہراسانی کے واقعے نے ریاستی انتظامیہ اور سیاحت کے شعبے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    متاثرہ خاتون جنوی ، جو ممبئی میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، نے الزام لگایا کہ انہیں آن لائن ٹیکسی سروسز (اُوبر یا اولا) استعمال کرنے سے روکا گیا اور مقامی ٹیکسی استعمال کرنے پر مجبور کیا گیا۔ ان کے مطابق، پولیس اور کیرالہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے بھی کوئی عملی مدد فراہم نہیں کی۔ بعد ازاں، جنوی نے اپنی روداد سوشل میڈیا پر ویڈیو کی صورت میں شیئر کی جس کے بعد پولیس نے ازخود مقدمہ درج کیا۔ جنوی نے اپنے تین منٹ کے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کا سفر کوشی (Kochi) سے شروع ہوا، پھر وہ الپّی (Alleppey) گئیں جہاں کے لوگ بہت مہمان نواز اور خوش اخلاق تھے۔ تاہم جب وہ منار روانہ ہوئیں، تو وہاں کے حالات نے ان کا پورا تاثر بدل دیا۔ان کے مطابق، جب وہ اپنے BnB ہوسٹ سے روانگی کی تیاری کر رہی تھیں تو میزبان نے انہیں خبردار کیا کہ منار میں اُوبر یا اولا گاڑیوں کی اجازت نہیں۔ "ہوسٹ نے کہا یہ سہولت not available نہیں بلکہ not allowed ہے۔”ہوسٹ نے انہیں مشورہ دیا کہ اگر وہ پھر بھی جانا چاہتی ہیں تو ڈرائیور کو کسی الگ مقام پر بلائیں تاکہ یونین کے لوگ انہیں نہ دیکھ سکیں۔

    جنوی کے مطابق، جیسے ہی وہ اور ان کے ساتھی آن لائن بک کی گئی گاڑی میں سامان رکھ رہے تھے، 5 سے 6 افراد وہاں پہنچ گئے۔”وہ شاید ہمیں فالو کر رہے تھے۔ انہوں نے ہمارے ڈرائیور کو دھمکایا کہ وہ ہمیں نہیں لے جا سکتا۔ ہم زبان نہیں سمجھ سکے مگر ان کے لہجے کی جارحیت اور خوف صاف محسوس ہورہا تھا۔”خاتون کے مطابق، انہوں نے فوری طور پر پولیس کو مدد کے لیے فون کیا، مگر پولیس نے ڈرائیور یونین کے نمائندوں سے بات چیت کی اور انہیں کچھ نہیں کہا۔بعدازاں پولیس نے ان سے کہا کہ وہ مقامی ٹیکسی استعمال کریں، حالانکہ ان کے پاس پہلے سے ایپ بیسڈ ٹیکسی بک تھی۔ یہی جواب انہیں کیرالہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ سے بھی ملا۔جنوی نے اپنے ویڈیو میں کہا "ہر کوئی ایک ہی جملہ دہرا رہا تھا م آپ کو اجازت نہیں ہے۔ آپ یہ نہیں چن سکتیں کہ آپ کس کے ساتھ سفر کریں۔ آپ کو محفوظ محسوس کرنے کا حق بھی نہیں، ایک خاتون ہونے کے ناتے وہ ایپ بیسڈ ٹیکسی سروس میں خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں کیونکہ سفر کی لوکیشن ٹریک کی جا سکتی ہے،دوستوں اور اہل خانہ سے شیئر کی جا سکتی ہے،کسی بھی شکایت کی صورت میں سائبر سکیورٹی پروٹوکول کے تحت کارروائی ممکن ہے،”لیکن یہاں مجھے ان لوگوں کے ساتھ جانے پر مجبور کیا جا رہا تھا جو چند منٹ پہلے ہمیں دھمکا رہے تھے۔”

    جنوی نے بعد میں تحقیق کے دوران پایا کہ کیرالہ ہائی کورٹ نے دراصل آن لائن ٹیکسی سروسز کے حق میں فیصلہ دیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ “یہ شہری کا آئینی حق ہے کہ وہ خود فیصلہ کرے کہ وہ کس کے ساتھ سفر کرنا چاہتا ہے۔”جنوی نے اپنی ویڈیو میں مقامی ٹیکسی ڈرائیوروں کی دھمکیوں اور پولیس کی بے حسی کے مناظر بھی شامل کیے۔ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد منار پولیس نے ازخود مقدمہ درج کیا ہے،

    پچھلے ایک سال کے دوران کیرالہ کے ضلع ایڈوکی (Idukki) کے پہاڑی علاقوں میں متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں مقامی ٹیکسی یونینوں نے آن لائن ٹیکسی ڈرائیوروں پر حملے کیے یا انہیں کام سے روکا۔
    یہ معاملات نہ صرف سیاحوں کی سلامتی بلکہ کیرالہ کی سیاحت کی ساکھ پر بھی سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔

    ویڈیو کے اختتام پر جنوی نے کہا "مجھے کیرالہ سے محبت ہے، یہ جگہ جنت سے کم نہیں۔ لوگ بہت اچھے ہیں، مگر میں شاید دوبارہ ایسے مقام پر نہیں آ سکوں گی جہاں مجھے محفوظ محسوس کرنے کی اجازت نہ ہو۔کیرالہ کے محکمہ سیاحت نے اس واقعے پر تحقیقات شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ ریاستی حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ سیاحوں کے تحفظ کے لیے واضح اقدامات کرے اور مقامی ٹیکسی یونینوں کی اجارہ داری کو ختم کرے۔

  • الیکشن کمیشن بلوچستان نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

    الیکشن کمیشن بلوچستان نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

    الیکشن کمیشن بلوچستان نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر کو ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، ای سی پی کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر 2025ء کو ہوں گے۔شیڈول کے مطابق 13 نومبر سے 17 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، نامزد امیدواروں کی فہرست 18 نومبر کو جاری کی جائے گی، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر تک ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے، اپیلوں پر فیصلے 3 دسمبر تک کیے جائیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 4 دسمبر کو شائع ہوگی۔ای سی پی کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی واپسی اور نشانات کی الاٹمنٹ 5 اور 6 دسمبر کو ہوگی، کوئٹہ میں پولنگ 28 دسمبر بروز اتوار کو ہوگی۔

  • علیمہ خان پھر پیش نہ ہوئی،ساتویں بار وارنٹ جاری

    علیمہ خان پھر پیش نہ ہوئی،ساتویں بار وارنٹ جاری

    انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان کے ساتویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

    راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی جہاں علیمہ خان اور ان کے وکلا آج بھی پیش نہیں ہوئے،علیمہ خان کی عدم حاضری پر عدالت نے ان کے ساتویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے جب کہ علیمہ خان کے بینک اکاؤنٹ منجمدکرنے سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق متعلقہ بینکوں میں علیمہ خان کے نام سے نمل یونیورسٹی سمیت فلاحی اداروں کے اکاؤنٹس ہیں اور جن بینکوں نے رپورٹ جمع نہیں کرائی عدالت نے ان کو نوٹس جاری کردیا ہے،بعد ازاں عدالت نے ساتویں مرتبہ علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور مقدمے کی سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی،علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں ڈی پی او کے اسکواڈ پر حملہ، 5 اہلکار زخمی

    شمالی وزیرستان میں ڈی پی او کے اسکواڈ پر حملہ، 5 اہلکار زخمی

    شمالی وزیرستان میں پولیس کے اعلیٰ افسر کے قافلے پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقار احمد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق حملہ بنوں،میران شاہ روڈ پر واقع ممش خیل کے علاقے میں اس وقت کیا گیا جب ڈی پی او وقار احمد کا اسکواڈ گزر رہا تھا۔ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے،حملے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

  • سمندری صنعت کی ترقی سے سندھ اور پاکستان کو وسیع فوائد حاصل ہوں گے،وزیراعلیٰ سندھ

    سمندری صنعت کی ترقی سے سندھ اور پاکستان کو وسیع فوائد حاصل ہوں گے،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (پی آئی ایم ای سی) میں شرکت کی،

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میری ٹائم ایکسپو ملکی معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، شہر کراچی کے لیے پی آئی ایم ای سی ایک بہت بڑا موقع ہے، جس سے شہر کی ترقی میں مدد ملے گی، سمندری صنعت کی ترقی سے سندھ اور پاکستان کو وسیع فوائد حاصل ہوں گےانٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس میں ملکی اور بین الاقوامی بحری کاروباری رہنما شریک ہیں،انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے ذریعے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے، سندھ حکومت سمندری تجارت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، یورپ، ایشیا اور افریقہ کے ممالک کے ساتھ بحری روابط مضبوط ہوں گے،

  • وزیر داخلہ محسن نقوی کی چودھری شجاعت سے ملاقات

    وزیر داخلہ محسن نقوی کی چودھری شجاعت سے ملاقات

    لاہور۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ آمدہوئی ہے

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی،صوبائی وزیر چودھری شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے ،وزیر داخلہ محسن نقوی نےچودھری شجاعت حسین سے انکے بہنوئی جاوید چٹھہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نےچودھری شجاعت حسین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے داخلی سکیورٹی کے اقدامات کے حوالے سے بریف کیا ،چودھری شجاعت حسین نےسکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا،وزارت داخلہ کے انتظامات کو سراہا،محسن نقوی اور شجاعت حسین نے شہدائے وطن کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا