Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، دہشت گردوں کے عزائم ناکام

    ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، دہشت گردوں کے عزائم ناکام

    پاکستان کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور مقامی عوام کی بروقت کارروائیوں نے دہشت گردوں کے متعدد منصوبے ناکام بنا دیے، جب کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں حالیہ دنوں میں ہونے والے واقعات نے ایک بار پھر ریاست کے امن دشمن عناصر کے خلاف عزم کو مضبوط کیا ہے۔

    سبی کے بھاگ ناری علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم فتنۂ ہندستان کے پانچ کارندوں کو ہلاک کر دیا۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے ایک مقامی بینک کو لوٹنے کی کوشش کی تھی لیکن فورسز کی بروقت جوابی کارروائی نے بڑی تباہی سے بچا لیا۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ باقی ماندہ عناصر کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ مقامی عوام نے پولیس کے حوصلے اور بہادری کو سراہا ہے۔

    کچھی، بلوچستان
    کچھی ضلع کے بھاگ ناری تحصیل میں بڑی تعداد میں مسلح افراد نے حملہ کر کے کئی سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا۔ حملہ آوروں نے لیویز اور پولیس تھانوں کے ساتھ ساتھ نادرا آفس اور تحصیل کمپلیکس کو آگ لگا دی۔ایس ایچ او لطف علی کھوسہ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے۔فورسز نے علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور آپریشن شروع کر دیا ہے۔ یونائیٹڈ بلوچ آرمی (UBA) نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم حکام اس کی تصدیق کر رہے ہیں۔

    قلات کے علاقے سوراب میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کر کے تین اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔بعد ازاں دو اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا جبکہ ایک اہلکار تاحال حملہ آوروں کی قید میں ہے۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کے سینئر کمانڈر کمران عرف کاما مسلی کو ہلاک کر دیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی تنظیم فتنۂ الہندستان سے وابستہ تھا اور کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے تباہ کیے گئے اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر براچ کے قافلے کو سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ڈپٹی کمشنر بکتر بند گاڑی میں محفوظ رہے، تاہم چار لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا مرحلہ جاری ہے، تاہم ذرائع کے مطابق بات چیت میں ڈیڈلاک برقرار ہے کیونکہ طالبان تحریری معاہدے پر دستخط سے گریزاں ہیں۔ترک انٹیلی جنس چیف ابراہیم کالن مذاکرات کی میزبانی کر رہے ہیں۔پاکستان نے اپنے حتمی مؤقف میں واضح کیا ہے کہ ٹی ٹی پی کی سرپرستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور طالبان کو دہشت گرد گروہوں کے خلاف عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

    آزاد کشمیر کے لیپہ ویلی سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔تین گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، تاہم پاکستانی جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    لکی مروت میں مقامی شہریوں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کی جس سے دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔علاقے کے عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔

    بنوں میں پاک فوج کی سرپرستی میں وزیرستان قبائل کا ایک عظیم الشان جرگہ منعقد ہوا جس میں امن، ترقی اور باہمی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔جی او سی نے عوام کے کردار کو سراہا جبکہ قبائلی عمائدین نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

    مرکزی کرم میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کے مقامی کمانڈر یاسین عرف شاہین کا گھر تباہ کر دیا۔اس آپریشن نے واضح پیغام دیا کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    جنّی خیل، بنوں میں شادی کی تقریب کے دوران حادثاتی فائرنگ سے ایک شخص اسران جاں بحق اور نجیب اللہ زخمی ہوگئے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    باجوڑ کے علاقے عنایت کلی بازار میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ملک حبیب جاں بحق ہوگئے۔
    پولیس نے فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔علاقے کے عوام نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    ملک بھر میں ہونے والے یہ واقعات واضح کرتے ہیں کہ ریاست پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا عزم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

  • لاہور میں فضائی آلودگی،پہلے نمبر پر، پنجاب کے دیگر شہر بھی متاثر

    لاہور میں فضائی آلودگی،پہلے نمبر پر، پنجاب کے دیگر شہر بھی متاثر

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات میں فضائی آلودگی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج بھی پہلے نمبر پر موجود ہے، جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک سطح 420 تک جا پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فضا میں مائیکرو پارٹیکلز کی بڑھتی ہوئی مقدار نے سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ فیصل آباد میں پارٹیکیولیٹ میٹرز (PM2.5) کی مقدار 622، ملتان میں 485 جبکہ بہاولپور میں 255 ریکارڈ کی گئی۔ انڈیکس کے مطابق 300 سے اوپر کی سطح انسانی صحت کے لیے نہایت مضر قرار دی جاتی ہے۔

    طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا لازمی استعمال کریں، اور آنکھوں و جلد کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ائیر (IQAir) کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کے بعد بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا تیسرے، جبکہ بھارتی شہر کلکتہ چوتھے نمبر پر ہے۔اسی فہرست میں پاکستان کا ساحلی شہر کراچی بھی پیچھے نہیں رہا، جہاں فضائی آلودگی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 165 ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ وہ دنیا کے پانچویں آلودہ ترین شہر کے طور پر درج ہوا ہے۔

    ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور اور دیگر شہروں میں آلودگی کی بڑی وجوہات میں فصلوں کی باقیات جلانا، صنعتی اخراج، ٹریفک کا دھواں، اور موسم کی تبدیلی کے اثرات شامل ہیں۔ حکومتی اداروں کو اسموگ ایمرجنسی پلان پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو سانس لینے کے لیے صاف فضا میسر آ سکے۔

  • قطر،متحدہ عرب امارات کو رافیل طیاروں کی فروخت سے بھارت پریشان

    قطر،متحدہ عرب امارات کو رافیل طیاروں کی فروخت سے بھارت پریشان

    فرانس کی جانب سے قطر اور متحدہ عرب امارات کو رافیل طیاروں کی فروخت سے بھارت پریشان ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق فرانس کی جانب سے قطر اور متحدہ عرب امارات کو جدید رافیل لڑاکا طیاروں کی فروخت نے بھارتی فضائیہ کے لیے نئے اسٹریٹیجک خدشات کو جنم دیا ہے،رپورٹس کے مطابق ان دونوں ممالک نے پاکستانی اور ترک پائلٹس کو رافیل اور میراج طیاروں پر تربیت کی اجازت دی جس سے بھارتی فضائیہ کی خفیہ ٹیکنالوجی افشا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق یورپی دفاعی تجزیہ کار بابک تغوائی کا کہنا ہے فرانس کی نرمی برتنے والی برآمدی پالیسی دراصل ان ٹیکنالوجیز کو ان ممالک تک پہنچا رہی ہے جو نیٹو یا بھارت کے حریف سمجھے جاتے ہیں۔

  • بلوچستان میں امن کی فتح،  پاک فوج کی کاوشوں سے  کرکٹ ٹورنامنٹ

    بلوچستان میں امن کی فتح، پاک فوج کی کاوشوں سے کرکٹ ٹورنامنٹ

    بلوچستان میں امن کی فتح، پاک فوج کی کاوشوں سے منعقدہ گوادر کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 اختتام پذیرہوگیا

    گوادر کرکٹ ٹورنامنٹ 2025ء کا انعقاد پاک آرمی اور کرکٹ ایسوسی ایشن کی مشترکہ کاوشوں سے کیا گیا،گوادر کرکٹ ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے 25 اکتوبر تک جاری رہا جس میں شائقین اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی،ٹورنامنٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی 25 ٹیموں نے حصہ لیا ،فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافیوں اور انعامات سے نوازا،گوادر کرکٹ ٹورنامنٹ میں شائقین اور کھلاڑیوں نے پاک آرمی کی شاندار میزبانی کو سراہا،گوادر کرکٹ ٹورنامنٹ مقامی کمیونٹی میں کھیلوں کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوا

  • آزاد کشمیر،ن لیگ کا عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان

    آزاد کشمیر،ن لیگ کا عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان

    مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں نے ایوان صدر کے باہر میڈیا سے گفتگو کی،ن لیگ کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں،ن لیگ تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دے گی، ن لیگ آزاد کشمیر حکومت کا حصہ نہیں ہوگی۔موجودہ مدت پوری ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے۔

    وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں آزاد کشمیر کا موجودہ سیٹ اپ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا ہے،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں تحریک عدم اعتماد پر اتفاق ہوا ہے، مسلم لیگ ن حکومت کا حصہ نہیں بنے گی، اپوزیشن میں بیٹھے گی،ہ اگر پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر میں اکثریت حاصل ہوئی تو وہ حکومت بنائے گی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ موجودہ آزاد کشمیر کی حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن گئی، مسلم لیگ ن کا فیصلہ ہےکہ یہ آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھیں گے، آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام لانا ہے،مسائل کا حل نکالنا ہے،ہ ہم نے مسلم لیگ ن اور انہوں نے پیپلزپارٹی کے فیصلے کو مانا ہے۔

  • جے پی مورگن کا بڑا فیصلہ، بٹ کوائن قرضوں کے لیے ضمانت کے طور پر قابل قبول

    جے پی مورگن کا بڑا فیصلہ، بٹ کوائن قرضوں کے لیے ضمانت کے طور پر قابل قبول

    عالمی مالیاتی ادارے جے پی مورگن چیس اینڈ کمپنی نے کرپٹو کرنسی کی دنیا میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب اس کے انسٹی ٹیوشنل کلائنٹس اپنے بٹ کوائن اور ایتھر ہولڈنگز کو قرضوں کے لیے ضمانت کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق، یہ پروگرام سال 2025 کے اختتام تک متعارف کرایا جائے گا اور دنیا بھر کے بڑے سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے لیے دستیاب ہوگا۔ جے پی مورگن نے اپنے اس فیصلے کے ذریعے وال اسٹریٹ کی کرپٹو انٹیگریشن میں ایک نیا اور اہم باب کھول دیا ہے۔ذرائع کے مطابق، بینک اس اسکیم کے تحت تیسرے فریق کے کسٹوڈین کے ذریعے ان کرپٹو اثاثوں کو محفوظ رکھے گا جو بطور ضمانت جمع کرائے جائیں گے، تاکہ سیکیورٹی اور شفافیت برقرار رہے۔

    یہ پروگرام جے پی مورگن کے اس پچھلے اقدام کی توسیع ہے جس میں ادارے نے کرپٹو سے منسلک ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کو قرض کے لیے کولیٹرل کے طور پر قبول کیا تھا۔مالیاتی ماہرین کے مطابق، یہ پیش رفت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ روایتی بینکنگ ادارے اب ڈیجیٹل کرنسیوں کو مرکزی مالیاتی نظام کا حصہ بنانے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔جے پی مورگن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد "مارکیٹ میں شفافیت، اعتماد اور جدید مالیاتی سہولتوں” کو فروغ دینا ہے۔

    بینک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگا جو کرپٹو مارکیٹ میں بڑی مقدار میں سرمایہ کاری رکھتے ہیں مگر انہیں اپنی ڈیجیٹل اثاثہ جات کے خلاف قرض لینے کے لیے محفوظ پلیٹ فارم میسر نہیں تھا۔ماہرین کے خیال میں، جے پی مورگن کا یہ قدم دیگر عالمی بینکوں کے لیے بھی کرپٹو کو مالیاتی فریم ورک میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرے گا، جس سے عالمی سطح پر ڈیجیٹل اثاثوں کی قانونی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔

  • فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اردن کا سرکاری دورہ ،شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اردن کا سرکاری دورہ ،شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات

    اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان سے دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کا سرکاری دورہ کیا، آرمی چیف نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی جس میں ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ بھی موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی امور پر گفتگو کی گئی، آرمی چیف نے پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، شاہ عبداللہ نے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا، فیلڈ مارشل نے اردنی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے بھی ملاقات کی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جنرل ہیڈکوارٹرز عمان آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،فریقین نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

    میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی نےعلاقائی امن و سلامتی کےلیے پاکستان کی مسلح افواج کےکردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • بھارت  زیادہ دیر مقبوضہ کشمیرپر غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا،خالد مسعود سندھو

    بھارت زیادہ دیر مقبوضہ کشمیرپر غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کشمیر کا ایک سیاہ باب ہے، وہ دن جب بھارت نے اپنی افواج کو وادیٔ کشمیر میں داخل کر کے ظلم و جبر کا نیا سلسلہ شروع کیا، حالانکہ کشمیری عوام پہلے ہی پاکستان کے ساتھ اپنے الحاق کا فیصلہ سنا چکے تھے،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ،قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بھارت جو دنیا کے سامنے خود کو جمہوریت کا علمبردار اور سیکولرازم کا پیکر ظاہر کرتا ہے، وہی بھارت آج وادیٔ کشمیر میں آٹھ لاکھ مسلح افواج کے ذریعے انسانیت کی تذلیل اور بنیادی حقوق کی پامالی میں مصروف ہے،اقوامِ متحدہ جو انسانی حقوق کے تحفظ کا دعویٰ کرتی ہے، اس کی خاموشی ظلم کی تائید کے مترادف ہے،کشمیری قوم کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں، اور وہ دن دور نہیں جب وادیٔ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا،کشمیر کی تاریخ بھارت کے ظلم و ستم، لوٹ مار، گھروں کی تباہی اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات سے بھری پڑی ہے، مگر ان مظالم نے کشمیریوں کے جذبۂ حریت میں کبھی لغزش پیدا نہیں کی،بھارت نے اقوامِ متحدہ میں کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا جو وعدہ کیا تھا، عالمی برادری کو چاہئے کہ اس وعدے کی تکمیل کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھائے۔
    ،کشمیریوں کے ساتھ ہمارا کلمے کا رشتہ ہے، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے کشمیری اور پاکستانی مسلمانوں کا خون ایک ہو چکا ہے، انہیں کوئی طاقت ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی۔

  • پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کے گھر ڈکیتی، اہلخانہ یرغمال

    پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کے گھر ڈکیتی، اہلخانہ یرغمال

    سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی کے گھر ڈاکوؤں نے بڑی ڈکیتی کی واردات کر ڈالی۔ واردات کے دوران مسلح ملزمان اہلخانہ کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا اور گھر سے قیمتی سامان، نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ رات گئے ڈھائی بجے سے صبح پانچ بجے کے درمیان پیش آیا، جب چار مسلح ڈاکو دیوار توڑ کر ایم این اے ذوالفقار علی کے گھر میں داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے گھر کے تمام افراد کو یرغمال بنا کر دھمکیاں دیں اور لوٹ مار کا سلسلہ طویل وقت تک جاری رکھا۔ذوالفقار علی نے بتایا کہ ڈاکو زیورات، نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء کے ساتھ ایک گاڑی بھی لے گئے۔ بعد ازاں وہ گاڑی مورو بائی پاس کے قریب چھوڑ گئے۔ ایم این اے کے مطابق واردات کے دوران گھر کے باہر بھی ڈاکوؤں کے کچھ ساتھی پہرہ دیتے رہے تاکہ کوئی شخص پولیس کو اطلاع نہ دے سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی کی نوعیت کا ہے، کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیرداخلہ اور ڈی آئی جی نے واقعے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ذاتی طور پر رابطہ کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

  • اسٹیٹ بینک کا شرحِ سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

    اسٹیٹ بینک کا شرحِ سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرحِ سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مسلسل چوتھا اجلاس ہے جس میں مرکزی بینک نے شرحِ سود میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (MPC) کا اجلاس کراچی میں ہوا، جس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ معاشی حالات، مہنگائی کے رجحانات اور بیرونی مالی دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے شرحِ سود 11 فیصد ہی برقرار رکھی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق، مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ سیلاب کے اثرات اور سپلائی چین میں مشکلات کے باعث ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم اس اضافے کی نوعیت وقتی ہے اور آئندہ مہینوں میں قیمتوں کے استحکام کی توقع ہے۔

    یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے رواں سال 5 مئی کو شرحِ سود میں ایک فیصد کمی کرتے ہوئے اسے 12 فیصد سے گھٹا کر 11 فیصد کیا تھا۔ اس کے بعد سے مرکزی بینک محتاط مالی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے تاکہ معاشی نمو کو سہارا دیا جا سکے اور مہنگائی کے دباؤ کو متوازن رکھا جائے۔ماہرینِ معیشت کے مطابق، مارکیٹ میں عمومی تاثر یہی تھا کہ اسٹیٹ بینک موجودہ معاشی غیر یقینی صورتِ حال کے پیشِ نظر شرحِ سود میں کسی بڑی تبدیلی سے گریز کرے گا۔

    اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اگر مہنگائی کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی تو اسٹیٹ بینک اگلے اجلاس میں شرحِ سود میں کمی پر غور کر سکتا ہے۔ فی الحال مرکزی بینک کی ترجیح قیمتوں کا استحکام اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔