Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارت،پولیس افسر کے ریپ کا شکار خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کرلی

    بھارت،پولیس افسر کے ریپ کا شکار خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کرلی

    مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں ایک خاتون ڈاکٹر نے مبینہ طور پر مسلسل پانچ ماہ تک ایک پولیس سب انسپکٹر کے ہاتھوں جسمانی اور ذہنی استحصال،زیادتی کے بعد خودکشی کرلی۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی رات ضلع اسپتال میں پیش آیا۔

    ذرائع کے مطابق، متوفی ڈاکٹر نے اپنی بائیں ہتھیلی پر ایک نوٹ لکھا جس میں اس نے پولیس سب انسپکٹر گورپال بادنے (Gopal Badne) کو اپنی موت کا ذمہ دار قرار دیا۔نوٹ میں لکھا تھا “پولیس انسپکٹر گورپال بادنے میری موت کی وجہ ہے۔ اس نے پانچ ماہ کے دوران چار مرتبہ میرا ریپ کیا۔ اس نے مجھے ذہنی اور جسمانی اذیت پہنچائی۔”ڈاکٹر نے اپنے نوٹ میں ایک اور پولیس افسر پراشانت بنکر پر بھی ذہنی اذیت دینے کا الزام لگایا۔

    یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر نے 19 جون کو فلتن سب ڈویژنل آفس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ایک تحریری شکایت دی تھی۔اپنی شکایت میں اس نے فلتن رورل پولیس کے تین افسروں سب انسپکٹر گورپال بادنے، ڈویژنل پولیس انسپکٹر پاتل، اور اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر لڈپوترے پر ہراسانی اور دھمکیوں کا الزام عائد کیا تھا۔ڈاکٹر نے لکھا تھا کہ وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہیں اور فوری کارروائی کی درخواست کی تھی، مگر کسی قسم کا اقدام نہیں کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے حکم پر سب انسپکٹر گورپال بادنے کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم، اس کے فرار ہونے کی اطلاع ملی ہے اور پولیس نے گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی ہے۔

    یہ واقعہ سامنے آتے ہی مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ریاستی کانگریس کے سینئر رہنما وجے نامدیوراؤ وڈیٹیوار نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا “جب محافظ ہی شکاری بن جائیں تو انصاف کی امید کیسے رکھی جائے؟ پولیس عوام کی حفاظت کے لیے ہے، اگر وہی خواتین کا استحصال کریں تو انصاف کہاں سے ملے گا؟ حکومت پولیس اہلکاروں کو تحفظ دے رہی ہے، جس سے ایسے جرائم بڑھ رہے ہیں۔”انہوں نے مطالبہ کیا کہ محض انکوائری کافی نہیں، ملزمان کو ملازمت سے برخاست کیا جائے تاکہ وہ تفتیش پر اثرانداز نہ ہوں۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی خواتین ونگ کی صدر اور ایم ایل سی چترا واگھ نے کہا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ایف آئی آر درج کرنے کا عمل جاری ہے۔ ایک ملزم ضلع سے باہر ہے، اس کی گرفتاری کے لیے ٹیم روانہ کی گئی ہے۔ جلد تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا،حکومت خواتین کو تحفظ دینے کے لیے پرعزم ہے اور خواتین کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ہراسانی کی صورت میں 112 ہیلپ لائن پر فوراً شکایت درج کریں۔

    مہاراشٹر اسٹیٹ کمیشن برائے خواتین نے بھی واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ کی شکایت پر ہونے والی مبینہ غفلت کی تحقیقات کرے۔کمیشن کے مطابق “متوفی کی لاش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ ستارا پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ فرار ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور پورے کیس کی مکمل تفتیش کی جائے۔”کمیشن نے مزید کہا کہ یہ جانچ کی جائے کہ جب متاثرہ نے پہلے شکایت کی تھی تو اسے مدد کیوں نہ ملی؟ اور اس غفلت کے ذمے دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • حکومتی اقدامات کی بدولت جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو گا۔وزیراعظم

    حکومتی اقدامات کی بدولت جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو گا۔وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولیو کے انسداد کیلئے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی محنت اور حکومتی اقدامات کی بدولت جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو گا۔

    وہ جمعہ کو انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق، انسداد پولیو کیلئے معاونت فراہم کرنے والے اداروں کے حکام اور ملک بھر سے منتخب پولیو ورکرز بھی موجودتھے۔ وزیراعظم نے انسداد پولیو کیلئے وفاقی وزیر صحت، متعلقہ حکام اور عالمی شراکت داروں کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی جرأت، لگن اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات وہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مشکل حالات اور علاقوں میں انسداد پولیو کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیںِ، ان کی کاوشوں کی بدولت پاکستان سے جلد پولیو کا خاتمہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی، پوری قوم اور حکومت کی طرف سے پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم انسداد پولیو پر تقریب کا انعقاد اس مرض کی روک تھام کیلئے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے سرگرداں عظیم پاکستانیوں نے اپنی زندگیاں ملک کیلئے وقف کی ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او، یونیسف، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور سعودی عرب سمیت تمام شراکت داروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جو پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے انسداد پولیو کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پولیو ورکرز میں شیلڈز تقسیم کیں۔ ان میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیو ورکرز شامل تھے

  • تمام پاکستانی  پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں،بلاول

    تمام پاکستانی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں،بلاول

    پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےا انسداد پولیو کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا.

    بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت ملک میں پہلی بار انسدادِ پولیو کی جامع مہم کا آغاز کیا گیا، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی صحت اور بہبود کو اولین ترجیح دیتی رہی ہے، پولیو کا خاتمہ صرف مہم نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے، پولیو کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز خصوصاً خواتین ویکسینیٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں،ہیلتھ ورکرز مشکلات کے باوجود ہمت اور جذبے کے ساتھ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتی ہیں، ہر بچے کے صحت مند زندگی کے حق کو یقینی بنانا ہمارا اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے، تمام پاکستانی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں،آئیے مل کر ایک ایسا مستقبل تعمیر کریں جہاں کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو، ایک ایسا پاکستان جو مضبوط، صحت مند اور اُمید سے روشن ہو

  • آئین و قانون کی عملداری سے ہی ملک آگے بڑھے گا،خالد مسعود سندھو

    آئین و قانون کی عملداری سے ہی ملک آگے بڑھے گا،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ مینار پاکستان ورکرز کنونشن کے ملتوی ہونے سے کارکنان کے حوصلے پست نہیں ہوئے، ہم ملک میں امن واستحکام،معاشی خوشحالی چاہتے ہیں، آئین و قانون کی عملداری سے ہی ملک آگے بڑھے گا،جلد مینار پاکستان ورکرز کنونشن کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گے

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ نے 2 نومبر کا مینار پاکستان ورکرز کنونشن ملکی حالات کی وجہ سے مؤخر کر دیا ہے،وطن عزیز کا استحکام، سلامتی، معاشی خوشحالی ،قانون پر عملداری ہماری بنیادی ترجیح ہے، ہم پاکستان میں افراتفری، انتشارکی سیاست،فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں، ہماری منزل اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے،مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان ملک بھر میں خدمت کی سیاست کرتے نظر آرہے ہیں،کارکنان تیاری رکھیں ہم دوبارہ مینار پاکستان پر وررکز کنونشن کا اعلان کریں گے ،ملک بھر میں‌اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر ورکرزکنونشن ،اجلاسز کا سلسلہ جاری رکھا جائے،دہشت گردی کیخلاف قوم کو متحد و بیدار کیا جائے،قوم متحد ہو تو دنیا کی کوئی قوت پاکستان کو ترقی کے زینے چڑھنے سے نہیں روک سکتی.

  • ہنگو،پولیس چیک پوسٹ پر دھماکہ،ایس پی کے پہنچنے پر دوسرا دھماکہ،ایس پی سمیت تین شہید

    ہنگو،پولیس چیک پوسٹ پر دھماکہ،ایس پی کے پہنچنے پر دوسرا دھماکہ،ایس پی سمیت تین شہید

    ہنگو،پولیس چیک پوسٹ کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، ایس پی آپریشن معائنے کے لئے وہاں پہنچے تو انکی گاڑی ایک اور دھماکے کی زد میں آگئی جس سے وہ اور دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئے

    ایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید ایک زخمی ہو گیا، دہشت گردوں نے غلمینہ چیک پوسٹ کو دھماکے سے اڑایا، دھماکے کی اطلاع پر ایس پی آپریشن اسد زبیر بھاری پولیس کے ساتھ روانہ ہوئے، ،پولیس کا کہنا ہے کہ ایس پی کے پہنچنے کے بعد دوسرا دھماکا، ہوا، دھماکے کے بعد مزید نفری موقع پر پہنچ کر گئی، جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد، تہران، استنبول کوریڈور منصوبے پر کام جاری ہے،وزیراعظم

    ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد، تہران، استنبول کوریڈور منصوبے پر کام جاری ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کو علاقائی روابط کیلئے انتہائی اہم قرار دے دیا، کہا پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی پر توجہ مرکوز ہے، علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اور تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔

    اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد، تہران، استنبول کوریڈور منصوبے پر کام جاری ہے، عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور روابط کے نظام میں تبدیلیاں آرہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے یہ میگا منصوبے خطے کی معاشی صلاحیتوں کو ہم آہنگ کریں گے، تجارت و معاشی تعاون اور توانائی کی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور روابط کے نظام میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ہمارا خطہ سلک روٹ سے موجودہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے تک روابط کا محور ہے، بڑھتی معاشی اہمیت نے قدیم گزرگاہ کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے، گوادر کی طویل ساحلی پٹی اور کراچی بندرگاہ میری ٹائم سلک روڈ میں شامل ہیں، علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اور تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور میں روابط ریل، روڈ یا فضائی روابط تک محدود نہیں، سی پیک انقلابی تجربہ ہے، اس نے منڈیوں کو آپس میں جوڑا، سی پیک چین، وسطی ایشیاء، جنوبی ایشیاء، مشرقِ وسطیٰ کے لوگوں کو قریب لایا۔

  • انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان گرفتار

    انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان گرفتار

    انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان گرفتارکر لئے گئے

    ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی بڑی کاروائیاں،ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کے اہم سرغنہ سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے،گرفتار ملزمان میں محمد اطہر ، بابر مسیح، محمد عمران ،ندیم عباس، بلال احمد اور اعجاز احمد کے نام سے ہوئی ہے ،گرفتار ملزمان میں ڈونرز، ایجنٹس اور پرائیویٹ لیبارٹریز کے ملازمین شامل ہیں ،ملزمان کو راولپنڈی اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے ،گرفتار ملزمان انسانی اعضاء کی غیر قانونی خریدوفروخت اور پیوند کاری میں ملوث پائے گئے ہیں ، ملزم بابر مسیح ایف آئی اے لاہور کو 3 مقدمات میں سال 2021 سے مطلوب تھا ،ملزمان مختلف مریضوں کے گردے پیوند کروانے کے لیے جعلی ٹیشو میچنگ رپورٹس بھی تیار کروانے میں ملوث ہیں

    ملزمان نے مریضوں سے لاکھوں روپے بٹورے اور گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے لیے پرائیویٹ اسپتالوں کا سہارا لیا،ابتدائی تفتیش کے مطابق اس مکروہ دھندے میں متعدد افراد اور سہولت کار ملوث ہیں،ملزمان سے تفتیش کے بعد دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی،ملزمان کو گھناؤنے فعل پر ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

  • وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا

    وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا

    وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی تھی جس کے بعد اب وزارت داخلہ نے مذہبی جماعت پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے،وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد ٹی ایل پی کو اب کالعدم جماعت قرار دے دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ٹھوس وجوہات ہیں کہ ٹی ایل پی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہے،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے مطابق ٹی ایل پی کو فرسٹ شیڈول کے تحت کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا نوٹیفکیشن امیر ٹی ایل پی اور تمام متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹی ایل پی پر پابندی کے لیے وزارت قانون نے بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کی مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائےگا، سپریم کورٹ ریفرنس پر فوجداری ٹرائل کی طرح شواہد کا جائزہ لے کر پابندی کا فیصلہ کرےگی۔ آئین کے مطابق کوئی سیاسی جماعت ملکی سلامتی اور وحدانیت کے خلاف کام کرے تو اس پرپابندی لگ سکتی ہے، اس صورت میں سیاسی جماعت پر پابندی آرٹیکل17کی شق 2 کے تحت لگ سکتی ہے

  • حکومت فنونِ لطیفہ، فلم،میڈیا کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ،شرجیل میمن

    حکومت فنونِ لطیفہ، فلم،میڈیا کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ،شرجیل میمن

    کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کے کنٹینٹ اینڈ پروڈکشن بورڈ کا اجلاس ہوا

    اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی،اجلاس میں بورڈ کے اراکین قاضی اسد عابد، ژالے سرحدی، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور دیگر افسران شریک ہوئے،اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے چار فلمی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں تین دستاویزی فلمیں اور ایک فیچر فلم شامل ہے ، اجلاس میں ان منصوبوں کی تفصیلات، مواد، اور ان کے سماجی و ثقافتی اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،بورڈ اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے تحت تیار کی جانے والی نئی دستاویزی اور فیچر فلموں کے آئندہ مراحل، ان کی مارکیٹنگ، نمائش، اور عوامی رسائی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا

    شرجیل میمن کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت ثقافت، تاریخ، اور عوامی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے جدید میڈیا اور فلم سازی کو مؤثر ذریعہ سمجھتی ہے، محکمہ اطلاعات کے یہ منصوبے نہ صرف صوبے کے مثبت تشخص کو نمایاں کریں گے ،ان منصوبوں سے نوجوان فلم سازوں اور اداکاروں کو بھی ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لا سکیں، سندھ حکومت فنونِ لطیفہ، فلم، اور میڈیا کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے،

    مکمل ہونے والے منصوبوں کو حتمی شکل دے کر جلد عوام کے سامنے کرنے کا فیصلہ کیا گیا،آئندہ فلمی منصوبوں کے لیے تجاویز بھی بورڈ کو پیش کی جائیں گی

  • آرٹسٹ ہمارا سرمایہ، سندھ حکومت مکمل مدد کرے گی،  سید ذوالفقار علی شاہ

    آرٹسٹ ہمارا سرمایہ، سندھ حکومت مکمل مدد کرے گی، سید ذوالفقار علی شاہ

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے غریب مستحق فنکاروں، اداکاروں، ادیبوں اور شاعروں کیلئے بنائے گئے نئے انڈومنٹ بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا

    صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں بورڈ میمبران کی شرکت مالی مدد کیلئے درخواستوں پر مدد کی منظوری دی گئی،اجلاس میں سیکریٹری کلچر خیر محمد کلوڑ ، احمد شاہ، مہتاب اکبر راشدی، نورالہدی شاہ، ڈی جی کلچر حبیب اللہ میمن نے شرکت کی،معروف سنگر صنم ماروی، رجب فقیر، معروف اداکار احسن خان، ایوب کھوسو، سید امجد علی شاہ، یوسف بشیر، ممتاز بخاری، نور چاکرانی،عرفان سموں نے شرکت کی،بورڈ ممبران نے مستحق فنکاروں آرٹسٹوں شاعروں ادیبوں کے کیسز میں مالی مدد کی منظوری دی،بورڈ ممبران کی جانب سے تمام مستحقین کیلئے نظام کو مزید شفاف اور بہتر بنانے پر تجاویز دی گئی

    سید ذوالفقار علی شاہ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انڈومنٹ بورڈ میمبران کا آج پہلا اجلاس منعقد ہوا ہے 600 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی جن میں جانچ پڑتال کے بعد مستحقین کی مدد کیلئے ممبران نے تجاویز دی،تمام ممبران کی جانب سے مزید بہتری کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئیں،ہر شعبے کے نمائندہ ممبران موجود ہیں جنہوں نے اس عمل کو شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے،مستحقین تک ان کا حق پہچانے کیلئے ہم اس عمل میں مزید بہتریاں لائیں گے،آرٹسٹ ہمارا سرمایہ ہیں سندھ حکومت ان کی مکمل مدد کرے گی،