Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • اصغر بنگلزئی کا ساتھیوں سمیت مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان

    اصغر بنگلزئی کا ساتھیوں سمیت مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان

    بلوچستان سے براہوی قومی موومنٹ کے رہنما اصغر بنگلزئی نے ساتھیوں کے ہمراہ مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ مرکزی مسلم لیگ کوئٹہ کے صدر محمد ادریس، جنرل سیکرٹری میر شاہجہان گڑگناری، نائب صدر سردار سعود ساسولی، نائب صدر بابر مغل، صوبائی صدر ملی لیبر فیڈریشن میر شاکر خان، بخت کاکڑ، حافظ خلیل اللہ بڑیچ و دیگر موجود تھے۔

    اس موقع پر حافظ ادریس نے اصغر بنگلزئی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ میں بڑی تعداد میں شمولیت ہماری خدمت کی سیاست کے باعث ہے۔ بلوچستان میں عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔ ہم ایک نظریاتی جماعت ہیں اور نظریۂ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے اس نظریے سے روگردانی اختیار کی ہے۔

    اس موقع پر اصغر بنگلزئی نے کہا کہ میں مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔ مرکزی مسلم لیگ کا کردار ہمیشہ خدمت اور امن کا رہا ہے۔پاکستان کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ آئین اور قانون کی حکمرانی ہے، جبکہ بلوچستان میں بدامنی اور مسائل حل کرنے کے لیے اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

  • دفاع کےحق کےتحت طالبان کے حملوں کو مؤثر طور  پر  پسپا کیا،ترجمان دفتر خارجہ

    دفاع کےحق کےتحت طالبان کے حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کیا،ترجمان دفتر خارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے پاکستان اور افغانستان مسئلے کے پُرامن حل کے لیے تعمیری مذاکرات میں مصروف ہیں۔

    اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے باربار افغانستان میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع دی، 11 تا 15 اکتوبر سرحد پرطالبان کے اشتعال انگیز حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا جبکہ پاکستان نے اپنے دفاع کےحق کےتحت طالبان کے حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کیا، طالبان فورسز اور ان کے زیر استعمال دہشت گرد ٹھکانوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، جوابی کارروائی شہری آبادی نہیں دہشتگرد عناصر کے خلاف تھی اور کارروائی کے بعد طالبان کی درخواست پر 15 اکتوبرکی شام 6 بجے سے 48 گھنٹوں کی جنگ بندی نافذ کی گئی، دونوں ممالک مسئلے کے پر امن حل کےلیےتعمیری مذاکرات میں مصروف ہیں، پاکستان نے طالبان حکومت سے دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹھوس اقدامات کی توقع ظاہر کی، طالبان حکومت اپنے وعدوں کے مطابق اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، پاکستان نے چار دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، اپنی سرزمین پر غیرملکیوں کی موجودگی عالمی اصولوں اور ملکی قوانین کےمطابق منظم کریں گے،پاکستان ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، امید ہے کہ افغان عوام ایک دن نمائندہ اور جامع حکومت کے تحت آزادانہ زندگی گزاریں گے۔

    شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت اور افغانستان کے مشترکہ اعلامیے کے مندرجات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلامیے میں جموں وکشمیرسے متعلق مؤقف کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا،پاکستان نےافغان قائم مقام وزیرِ خارجہ کے اس بیان کو بھی مسترد کیا کہ دہشت گردی پاکستان کا داخلی مسئلہ ہے، پاکستان نے افغانستان کو سرگرم دہشت گرد گروہوں کی تفصیلات شیئر کیں جو پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ داری سے خود کو بری نہیں کر سکتی، امن و استحکام کے قیام کی ذمہ داری افغانستان پر بھی عائد ہوتی ہے۔

  • گوجر خان میں تربیتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، طیارہ  کھیتوں میں اتارا گیا

    گوجر خان میں تربیتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، طیارہ کھیتوں میں اتارا گیا

    راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں تربیتی طیارے نے فنی خرابی کے باعث کریش لینڈنگ کی ہے

    پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے طیارے کے انجن میں مسئلہ سامنے آنے پر تربیتی طیارے کی کریش لینڈنگ کی تصدیق کر دی ہے،طیارہ راولپنڈی فلائنگ کلب کا ہے جس میں مرد اور خاتون سوار تھے،تربیتی طیارے میں فنی خرابی ہوئی جس پر کریش لینڈنگ کی گئی ،تربیتی طیارے کو پائلٹ نے مہارت سے کھیتوں میں اتار لیا،پائلٹ اور ٹرینی پائلٹ معمولی چوٹیں آئیں،طیارے کی لینڈنگ کے موقع پر مقامی شہری بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے.

  • لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، آٹھ خوارجی جہنم واصل

    لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، آٹھ خوارجی جہنم واصل

    لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، آٹھ خوارجی جہنم واصل ہو گئے

    تفصیلات کے مطابق، 16 اکتوبر 2025 کو لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں پاک فوج نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آٹھ انتہائی مطلوب خوارجین کو جہنم واصل کر دیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں افغان طالبان کی پراکسی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی، فورسز نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں فضائی اور زمینی نگرانی شروع کی،نگرانی کے دوران خوارج کی نقل و حرکت کی نشاندہی ہونے پر فوری کارروائی کی گئی، آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا، گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج جہنم واصل کئے جا چکے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے تحت عوام اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، انشاء اللہ

  • فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کی قیادت میں افواج پاکستان نے افغانستان کے حملوں کو پسپا کیا ،وزیراعظم

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے افغانستان کے حملوں کو پسپا کیا ،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا.

    اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف، وفاقی وزراء، وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی، خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلی کے نمائندے اور وفاقی و صوبائی اعلی حکام نے شرکت کی. وزیرِ اعظم نےاجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، انہیں مبارکباد دی اور وفاق کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی. خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، وفاقی حکومت اس کے عوام کی فلاح و ترقی کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے.

    اجلاس میں وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی عدم شرکت کی وجہ سے انکی نمائندگی مزمل اسلم نے کی.

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہائیوں سے مشکلات میں گھرے افغانستان کی پاکستان نے ہر مشکل وقت میں مدد کی.پاکستان نے دھشتگردی کی جنگ میں ہزاروں قیمتی جانوں اور اربوں ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا.افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر دھشتگرد حملے اور افغانیوں کا ان حملوں میں ملوث ہونا تشویشناک ہے. نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ، وزیرِ دفاع اور اعلی حکومتی عہدیدار متعدد بار افغانستان کے دورے پر گئے اور افغان نگران حکومت کو پاکستان میں دھشتگردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے کے حوالے سے مزاکرات کئے.پاکستان نے افغانستان سے پاکستان میں خوارج کی در اندازی کو روکنے کی سفارتی و سیاسی اقدامات کے ذریعے بھرپور کوشش کی.پاکستان کے بہادر عوام، جنہوں نے دھشتگردی کی جنگ میں اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں، ہم سے سوال کرتے ہیں کہ حکومت کب تک افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھائے گی.

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی حکومتیں، وفاقی و صوبائی ادارے قریبی تعاون کے ساتھ پاکستان میں غیر قانونی طور پر موجود افغان باشندوں کی جلد از جلد وطن واپسی یقینی بنائیں گے.افغانستان کا پاکستان پر حالیہ حملہ اور خوارج کی پاکستان میں در اندازی کی کوششوں کا ساتھ دینا تشویشناک امر ہے.پاکستان کی بہادر افواج نے اس حملے کا بھرپور انداز سے جواب دیا. فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں افواج پاکستان نے افغانستان کے حملوں کو پسپا کیا جس پر مجھ سمیت پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے.فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں افواج پاکستان بھارتی جارحیت کے دوران یہ ثابت کر چکیں کہ ہماری بہادر افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ارض وطن کا دفاع کرنا جانتی ہیں.

    اجلاس کو افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی.بتایا گیا کہ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی مرحلہ وار وطن واپسی شروع کی گئی. 16 اکتوبر 2025 تک 14 لاکھ 77 ہزار 592 افغانیوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے. افغان مہاجرین کو کسی بھی قسم کی اضافی مہلت نہیں دی جائے گی اور انکی وطن واپسی جلد یقینی بنائی جائے گی. پاکستان میں صرف انہی افعانی باشندوں کو رہنے کی اجازت ہوگی جن کے پاس پاکستان کا ویزہ موجود ہوگا. اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغانستان کی جانب ایگزٹ پوائنٹس کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ افغانیوں کی وطن واپسی سہل اور تیزی سے ممکن ہو سکے. اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر موجود افغان باشندوں کو پناہ دینا اور انہیں گیسٹ ہاؤسز میں قیام کی اجازت دینا قانوناً جرم ہے، ایسے افغانی باشندوں کی نشاندہی کی جارہی ہے. پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے عمل میں عوام کو شراکت دار بنایا جائے گا اور کسی کو بھی افغانیوں کو حکومت کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں پناہ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی. وزیرِ اعظم نے غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے دوران بزرگوں، خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے ساتھ باعزت طریقے سے پیش آنے کی ہدایت کی.

    آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم، پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان کے وزراء اعلی اور حکومت خیبر پختونخوا کے نمائندے نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو سراہا، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے اس حوالے سے مرکزی کردار کی تعریف کی.اجلاس کے اختتام پر فورم نے فیصلہ کیا کہ اجلاس میں پیش کردہ تمام سفارشات پر سختی سے عمل کیا جائے. وزیرِ اعظم نے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے صوبوں کو مکمل تعاون کی درخواست کی.

  • عمران خان سے ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

    عمران خان سے ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

    خیبر پختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

    ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد وہ سپریم کورٹ بھی پہنچے،ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھا ہے۔خط میں کہا ہے کہ میں صوبے کا منتخب وزیراعلی اور ساڑھے 4 کروڑ عوام کا نمائندہ ہوں،میری آئینی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ اپنی جماعت کے پیٹرن ان چیف عمران خان سے ہدایات لوں جو اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں، میں نے وفاقی وزارت داخلہ اور ہوم منسٹری پنجاب کو پہلے ہی لکھا ہے، متعدد کوششوں کی باوجود ملاقات نہیں کرائی گئی، لہذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت حکام کو عمران خان سے ملاقات کے لیے احکامات جاری کیے جائیں.

  • سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں کارروائی، 6 خوارج جہنم واصل

    سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں کارروائی، 6 خوارج جہنم واصل

    شمالی وزیرستان کے علاقے ٹنگ کلی( دتہ خیل) میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے

    سکیورٹی فورسز کو مضافاتی علاقوں میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں، سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اطلاعات کے پیش نظر 8 سے 10 روز تک علاقے کی بھرپور نگرانی کی،16 اکتوبر کو سکیورٹی فورسز نے ان دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا،فائرنگ کے تبادلے میں 6 چھ دہشتگرد جہنم واصل جبکہ 3 زخمی ہو گئے،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کا کمانڈر محبوب عرف محمد بھی شامل ہے، سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی علاقے میں امن دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے، عوام اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں، گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 94 خوارج جہنم واصل کئے جا چکے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے تحت عوام اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں،

  • افغان طالبان کی جارحیت،  سرحد پر کھڑے  فرنٹیئر کور کے جوانوں کے حوصلے  غیر متزلزل

    افغان طالبان کی جارحیت، سرحد پر کھڑے فرنٹیئر کور کے جوانوں کے حوصلے غیر متزلزل

    افغان طالبان کی جارحیت، سرحد پر کھڑے فرنٹیئر کور کے جوانوں کے حوصلے غیر متزلزل ہیں

    افغان طالبان اور خوارج کی جارحیت کیخلاف سرحد پر موجود فرنٹیئر کور کے جوان ملکی دفاع کیلئے پرعزم ہیں ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی مٹی سے جنم لینے والے فرنٹیئر کور کے فوجی جوان اپنے وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دینے والے فرنٹیئر کور کے جوانوں کا کہنا ہے کہ ہم پاک افغان سرحد پر کھڑے ہیں اور اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں،اگر افغان طالبان نے دوبارہ یہ حرکت کی تو جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا،فتنہ الخوارج ہماری سرحدوں پر ناپاک حملے کی کوشش کی، ہم نے جواب میں ان کی پوسٹوں کو تباہ کردیا،کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا کیونکہ اس کے فوجی سرحد حفاظت کیلئے موجود ہیں، ہم اپنے ملک اور مادر وطن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، ہم تمام جوان اور ہمارے ٹینک ہمہ وقت تیار ہیں،دشمن اس خام خیالی میں نہ رہے کہ وہ ہم سب سے بچ کر نکل جائے گا،اگر دشمن نے دوبارہ ہمارے ملک پر حملہ کی کوشش کی تو وطن کے بیٹے منہ توڑ جواب دینگے،

  • ماڑی انرجیز کا سندھ کے شہر ڈھرکی سے تیل اور گیس کی دریافت کا اعلان

    ماڑی انرجیز کا سندھ کے شہر ڈھرکی سے تیل اور گیس کی دریافت کا اعلان

    گھوٹکی، ماڑی انرجیز نے سندھ کے شہر ڈھرکی سے تیل اور گیس کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

    ماڑی انرجیز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی سے تیل اور گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے،دریافت ماڑی غزیج سی ایف بی ون ایکسپلوریشن ویل سے ہوئی، ماڑی انرجیز، ماڑی ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کی100 فیصد حقوق کے ساتھ آپریٹر ہے،ایف بی ون ایکسپلوریشن کنواں تیل سے بھرپور زونز کو ہدف بنا کر کھودا گیا تھا، ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے 305 بیرل یومیہ تیل حاصل ہوا جب کہ یومیہ 30 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی،کمپنی ڈھرکی ماڑی فیلڈ میں پاکستان کے سب سے بڑے گیس ذخیرے کو چلارہی ہے اور ماڑی انرجیز تقریباً 30 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ ملک کی گیس پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔

  • امریکہ اور برطانیہ میں حسن صدیقی کے عالمی اعزازات، مگر حکومتِ پاکستان کی عدم پذیرائی

    امریکہ اور برطانیہ میں حسن صدیقی کے عالمی اعزازات، مگر حکومتِ پاکستان کی عدم پذیرائی

    دنیا کے ہر کونے میں پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں، جد و جہد اورعزم سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہی نوجوانوں میں ایک نمایاں نام ہے لاہور کے رہائشی 25 سالہ پاکستانی مصنف حسن صدیقی کا ، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود عالمی ادب کے افق پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ حسن صدیقی اُن گنے چنے پاکستانیوں میں سے ہیں جنہوں نے اپنے قلم کو انسانیت، ہمدردی اور امید کے پیغام کا ذریعہ بنایا، اور دنیا کو دکھایا کہ اصل قومی ہیرو وہی ہوتے ہیں جو علم و اخلاق کے ذریعے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔

    Cupertino Library میں پہلا پاکستانی مصنف
    حال ہی میں حسن صدیقی نے ایک اور نمایاں عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ اُن کی کہانی "A Hope for One Homeless” کو 10 اکتوبر 2025 کو World Homeless Day کے موقع پر امریکہ، کیلیفورنیا کی معروف عوامی لائبریری Cupertino Library میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ یہ لائبریری Silicon Valley کے علمی و ثقافتی مراکز میں ایک اہم مقام رکھتی ہے اور Apple کے عالمی ہیڈکوارٹر کے قریب واقع ہونے کے باعث دنیا بھر میں اپنی شہرت رکھتی ہے۔

    یوں حسن صدیقی وہ پہلے پاکستانی مصنف بن گئے جن کا کام اس نمایاں امریکی ادارے میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ یہ ایک غیر معمولی اعزاز ہے جو نہ صرف اُن کی صلاحیتوں بلکہ پاکستان کے تخلیقی نوجوانوں کی قوتِ ارادی کا مظہر ہے۔

    ادبی سفر کا آغاز، ماں کی جدائی اور کم عمری کی ذمہ داریاں
    حسن صدیقی کی زندگی کا سفر آسان نہ تھا۔ محض 14 سال کی عمر میں اُن کی والدہ کا انتقال ہو گیا، جس کے بعد زندگی نے اُنہیں وقت سے پہلے بڑا کر دیا۔ کم عمری میں گھریلو ذمہ داریاں اور تعلیمی تقاضے ایک ساتھ نبھانا اُن کے لیے ایک مشکل مرحلہ تھا، مگر انہوں نے ہمت نہ ہاری۔ اُن کے والد ایک فرنیچر کی دکان پر کام کرتے ہیں، اور محدود آمدنی کے باوجود انہوں نے ہمیشہ بیٹے کے خوابوں کو جینے دیا۔ یہی وہ ماحول تھا جہاں سے حسن صدیقی نے سیکھا کہ اصل کامیابی وسائل سے نہیں، عزم سے حاصل ہوتی ہے۔ مایوس کن حالات اور محدود وسائل کے باوجود، انہوں نے اپنے قلم کے ذریعے وہ کر دکھایا جس کا بہت سے لوگ خواب دیکھتے ہیں۔

    کینٹربری کیتھیڈرل میں عالمی اعزاز
    اس سے قبل دسمبر 2024 میں، حسن صدیقی کی کہانی “A Christmas Homeless” برطانیہ کے عظیم تاریخی و ثقافتی ورثے کینٹربری کیتھیڈرل میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، جو یونیسکو کے عالمی ورثہ میں شامل ہے۔ یہ کہانی دسمبر 2024 سے مارچ 2025 تک وہاں نمایاں طور پر آویزاں رہی۔ یہ اعزاز صرف اُن کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ تھا، کیونکہ وہ اس عالمی شہرت یافتہ مقام پر نمایاں ہونے والے پہلے پاکستانی مصنف بنے۔
    حسن صدیقی کی اس کامیابی کو متعدد بین الاقوامی اداروں نے باضابطہ طور پر تسلیم کیا, جن میں برطانوی حکومت (7 جولائی 2025)، یونیسکو (20 جولائی 2025)، اقوامِ متحدہ (19 اگست 2025)، اور برطانوی ہائی کمیشن پاکستان (20 مئی 2025) شامل ہیں۔ یہ تسلیم شدہ اعزاز اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان بھی عالمی ادب کے افق پر نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

    وطن میں خاموشی کیوں؟
    جب ایک نوجوان اپنی تحریر سے دنیا بھر کے قارئین کے دل جیت لے، عالمی تنظیمیں اس کے کام کو سراہیں، تو یہ لمحۂ فخر ہونا چاہیے۔ لیکن پاکستان میں جب ایسے نوجوانوں کو نظرانداز کر دیا جائے تو یہ سوال جنم لیتا ہے کہ آخر ہمارے قومی ہیرو کب پہچانے جائیں گے؟

    ادب، فن اور ثقافت کسی قوم کا چہرہ ہوتے ہیں۔ اگر ایک مصنف اپنے الفاظ سے دنیا میں انسانیت، ہمدردی اور اخلاق ک پیغام پھیلا رہا ہے تو یہ پوری قوم کے لیے باعثِ عزت ہونا چاہیے۔

    ورلڈ اسکالرز کپ اور عالمی ادبی پلیٹ فارمز میں نمایاں کامیابیاں، NASA
    حسن صدیقی کی علمی اور تخلیقی صلاحیتیں صرف ادبی دنیا تک محدود نہیں ہیں، انہوں نے NASA سے مضمون نویسی میں اعترافی سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جبکہ World Scholars Cup میں تحقیق اور تحریر کے شعبے میں گولڈ میڈلسٹ کے طور پر نمایاں کارکردگی دکھائی، ان کی تحریریں Spillwords Press، Illumination، Storymaker اور دیگر بین الاقوامی ادبی پلیٹ فارمز پر شائع ہو چکی ہیں اور ان کی کتاب Twenty Bright Paths: Stories of Growth & Learning امریکہ میں شائع ہوئی، جسے نوجوان قارئین نے بے حد سراہا، اور یہ حسن صدیقی کو عالمی سطح پر ایک باصلاحیت پاکستانی مصنف کے طور پر متعارف کروانے کا سبب بنی۔


    خواتین کے لیے آواز: “The Female Times”
    حسن صدیقی صرف ایک مصنف نہیں بلکہ ایک سماجی شعور رکھنے والے لکھاری بھی ہیں۔ وہ دی فیمل ٹائمز کے بانی ہیں ، ایک غیر منافع بخش ڈیجیٹل میگزین جو خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کی آواز کو بلند کرنے کے لیے وقف ہے۔یہ پلیٹ فارم اُن خواتین کے لیے امید کی کرن ہے جنہیں اپنی کہانیاں سنانے کے مواقع کم ملتے ہیں۔ حسن صدیقی کا ماننا ہے کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین اپنی بات خود کہہ سکیں اور اپنی جدوجہد کو کھلے عام پیش کر سکیں۔

    حکومتی اعتراف اور قومی فخر کی ضرورت
    دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اپنے لکھاریوں اور دانشوروں کو قومی ہیرو کا درجہ دیتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ لوگ اُن کے ملک کی پہچان ہیں۔ لیکن پاکستان میں جب کوئی نوجوان عالمی سطح پر کامیاب ہوتا ہے تو اکثر سرکاری سطح پر خاموشی چھا جاتی ہے۔

    حسن صدیقی کی مسلسل عالمی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ اگر حکومت ایسے مصنفین کو سرکاری اعزازات، مالی معاونت، اور سرپرستی فراہم کرے تو یہ پاکستان کے عالمی تشخص کو مضبوط کرے گا۔حسن صدیقی نے ثابت کیا ہے کہ وطن کے حقیقی سفیر وہی ہوتے ہیں جو عمل، اخلاق، اور علم سے دنیا کو متاثر کرتے ہیں۔ وہ آج بھی اس یقین کے ساتھ لکھ رہے ہیں کہ ایک دن پاکستان بھی اُن کی کاوشوں کو تسلیم کرے گا ، کیونکہ قومی ہیرو ہمیشہ اپنی قوم کے لیے لکھتے ہیں، چاہے قوم اُنہیں کب تسلیم کرے۔