Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • گریٹر اسرائیل ،اسرائیلی حکومت کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں،پاکستان

    گریٹر اسرائیل ،اسرائیلی حکومت کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں،پاکستان

    پاکستان نے ’’گریٹر اسرائیل‘‘ کے قیام سے متعلق اسرائیلی حکومت کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برداری بھی اشتعال انگیزی کو مسترد کرے،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے قابض اسرائیلی حکومت کے حالیہ بیانات کو مسترد کیا ہے، جن میں نام نہاد ’’گریٹر اسرائیل‘‘ کے قیام اور غزہ سے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کے منصوبوں کا اشارہ دیا گیا ہے، دنیا ایسے اشتعال انگیز اور غیر قانونی عزائم کو یکسر مسترد کرے، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں یہ بیانات قابض طاقت کے ارادے کو ظاہر کرتے ہیں، اسرائیلی قیادت اپنی غیر قانونی قبضے کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے عالمی کوششوں کی مکمل توہین کر رہی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو فوری اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں، قابض قوت کو خطے کو مزید غیر مستحکم کرنے اور فلسطینی عوام پر مظالم ڈھانے سے روکا جا سکے، پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر قائم ایک آزاد، خودمختار اور متصل ریاستِ فلسطین کے قیام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

  • بارش و سیلاب سے  جانی نقصان،خیبر پختونخوا میں‌ کل سوگ کا اعلان

    بارش و سیلاب سے جانی نقصان،خیبر پختونخوا میں‌ کل سوگ کا اعلان

    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بارش و سیلاب سے صوبے میں ہونے والے جانی نقصان پر کل سوگ کا اعلان کر دیا۔

    کل صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا.وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا ہے کہ باجوڑ میں امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث کریش ہوا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے، حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے رابطہ کیا ہے،وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی اے ایم لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا میں بھرپور امدادی کارروائیاں کی جائیں،شہباز شریف نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا میں امدادی سرگرمیوں کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا حکومت سے امدادی سرگرمیوں کے لیے رابطے میں رہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں سیلاب سے تباہی،جانی و مالی نقصان پر ہر کارکن افسردہ ہے، خالد مسعود سندھو

    خیبر پختونخوا میں سیلاب سے تباہی،جانی و مالی نقصان پر ہر کارکن افسردہ ہے، خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں کے بعد تباہی ہوئی،مرکزی مسلم لیگ کے امدادی رضاکار ریلیف و ریسکیو میں مصروف ہیں،سوات ،بونیر،باجوڑو دیگر علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر ہر کارکن افسردہ ہے،ہفتہ آزادی کے پروگرام ایک ملک گیر تحریک تھی، ایٹمی پاکستان کو اب معاشی استحکام دلانا ہے،

    ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک، انجینئر حارث ڈار و دیگر نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب بعد ازاں کارکنان کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا.خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان کا دن گزر چکا، متحد قوم فاتح پاکستان سلوگن کے تحت ملک گیر کامیاب پروگراموں،ریلیوں، کانفرنسز کے اختتام پر مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان میں اتحاد ویکجہتی کی مرکزی مسلم لیگ کی یہ تحریک جاری رہے گی،ہم ملک میں خدمت کی سیاست کر کے اتحاد و بھائی چارے کا عظیم منظر پیش کریں گے،پاکستانی قوم نے یوم آزادی تقریبات میں شریک ہو کر واضح دیا کہ پاک سرزمین کے دفاع ،تحفظ ،بقا کے لئے سب ایک ہیں،قاری محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ایسے نظام کے لیے قربانیاں دیں جو سود سے پاک معیشت، عدل و انصاف پر مبنی سیاست اور پاکیزہ معاشرت فراہم کرے،کیا ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد حاصل کر لئے، تحریک پاکستان کے عزم، ولولے،جوش و جذبے آج بھی قوم میں نظر آئیں گے تو دنیا کی کوئی قوت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی، مرکزی مسلم لیگ کی سیاست مفادات کیلئے نہیں ہے،

    حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار کا کہنا تھا کہ بھارتی یوم آزادی پر کشمیریوں کو آج یوم سیاہ منانا اور پاکستان کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچموں کا لہرانا بھارت و عالمی دنیا کے لئے واضح پیغام ہے کہ طاقت و قوت کے بل بوتے پربھارت مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر قابض نہیں رہ سکے گا، کشمیریوں کو آزادی ملے گی اور قیام پاکستان کی تکمیل ہو گی،

  • خیبر پختونخواہ  حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر تباہ،3 افراد کی موت

    خیبر پختونخواہ حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر تباہ،3 افراد کی موت

    پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر کریش ہو گیا۔- 3 افراد شہید ہوئے ہیں،

    باجوڑ امدادی کاروائیوں کیلئے ریسکیو ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں پنڈیالی کے مقام پر حادثہ کا شکار ہو گیا،

    سرکاری ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کے لیے باجوڑ جا رہا تھا کہ مہمند ایجنسی کے قریب رابطہ منقطع ہو گیا ،چیف سیکریٹری نے تصدیق کی کہ سرکاری ہیلی کاپٹر باجوڑ جاتے ہوئے تحصیل ماموند کے علاقے میں لاپتہ ہوا ہے۔خیبر پختونخوا کے دو ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں کیلئے نکلے تھے ۔ایف سی کے ہیلی کاپٹر نے مہمند کے علاقے پنڈیالی کے مقام پر کریش لینڈنگ کی جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر باجوڑ سے لاپتہ ہوگیا ہے ۔چیف سیکٹری کے مطابق حکومت کا ہیلی کاپٹر سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی تصدیق کی کہ باجوڑ کے متاثرہ علاقہ سالارزئی میں امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر MI-17سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے،خراب موسم کی وجہ سے ضلع مہمند کے فضائی حدود میں ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا ہے،ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں،علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دی گئی ہیں،صوبائی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر ضلع بونیر میں ریسکیو کاروائیوں میں مصروف ہے

  • وزیراعلیٰ پنجاب 5 روزہ سرکاری دورہ پر جاپان کیلئے روانہ

    وزیراعلیٰ پنجاب 5 روزہ سرکاری دورہ پر جاپان کیلئے روانہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک اور اعزاز جاپان گورنمنٹ نے سرکاری دورہ کی خصوصی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جاپان کے 5 روزہ سرکاری دورہ پر جاپان کے لئے روانہ ہوگئیں۔ لاہور ائیر پورٹ پر اعلی حکام نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور وفد کو رخصت کیا۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ملک صہیب بھرت، ذیشان رفیق،معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی وفد میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سرکاری طور پر جاپان کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ٹوکیو، اوساکا اور یاکوہوما کے دورے کریں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اوساکا میں ورلڈ ایکسپو میں شرکت کریں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف جاپان کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی کرینگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دورہ میں مختلف جاپانی اداروں کے وزٹ بھی شامل ہیں۔

  • زیادتی،اغوا، دھمکیاں، ملزم کو 50 سال قید کی سزا

    زیادتی،اغوا، دھمکیاں، ملزم کو 50 سال قید کی سزا

    کراچی: مقامی عدالت نے لڑکی سے زیادتی، اغو اور دھمکیاں دینے والے ملزم کو سزا سنادی۔

    کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن شرقی نے لڑکی سے زیادتی، اغوا اور دھمکیاں دینے والے ملزم کو مجموعی طورپر50 سال قید کی سزا سنائی،استغاثہ کے مطابق جون 2021 میں 2 ملزمان نے 15 سال کی لڑکی کو اغوا کرکے اس سےزیادتی کی تھی، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کے والد کو نازیبا ویڈیوز کا کہہ کر دھمکیاں بھی دی تھیں،عدالت نے کیس کا ٹرائل مکمل ہونے پر ملزم کو سزا سنائی اور کہا کہ استغاثہ ملزم پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

  • پاک فوج کا سوات اور باجوڑ میں  فلڈ ریلیف آپریشن

    پاک فوج کا سوات اور باجوڑ میں فلڈ ریلیف آپریشن

    سوات اور باجوڑ میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج نے فلڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچ کر لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔

    پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں تاکہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ خاص طور پر باجوڑ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ہیلی کاپٹروں کے ذریعے راشن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ وہاں پھنسے ہوئے افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ پاک فوج کی موجودگی اور امدادی کاموں کو دیکھ کر مقامی افراد نے ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعرے بلند کیے۔

    پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ تمام سیلاب زدگان کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک فلڈ ریلیف آپریشن جاری رہے گا اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور حکومتی اور فوجی ٹیموں کے کام میں تعاون کریں۔سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

  • 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 43 افراد جاں بحق

    24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 43 افراد جاں بحق

    خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

    پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 43 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے۔پی ڈی ایم اے (کے پی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق افراد میں 33 مرد، 2 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 2 خواتین اور1 بچہ شامل ہے۔اعداد و شمار کے مطابق بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، 25 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 5 گھر مکمل تباہ ہوئے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے، سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔صوبائی ادارے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

  • حکومتی اراکین کو ایوارڈ دینے ،یوم آزادی اشتہار قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر اپوزیشن کا احتجاج

    حکومتی اراکین کو ایوارڈ دینے ،یوم آزادی اشتہار قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر اپوزیشن کا احتجاج

    اپوزیشن نے حکومتی اراکین کو ایوارڈ دینے اور یوم آزادی کے اشتہار میں قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر سینیٹ اجلاس میں احتجاج کیا۔

    سینیٹ اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ممبران سینیٹ کو 14 اگست اور 26 مارچ کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا،انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار، محسن نقوی، مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، فیصل سبزاوری، شیری رحمان، سینیٹربشریٰ انجم اور احد چیمہ کو سول ایوارڈ دینےکا اعلان کیا گیا۔

    یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عرفان صدیقی اور سرمد علی کو بھی سول ایوارڈ دینے کا اعلان ہوا ہے جو 23 مارچ کو دیا جائےگا،چیئرمین سینیٹ کی بات پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے سوال کیا کہ بتایا جائے کس بنیاد پر یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے،پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت کی آواز اٹھائی، اقوام متحدہ اب اسلامو فوبیا کے خلاف دن مناتا ہے، اس کے لیے عمران خان نےجدوجہد کی،انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے اشتہارمیں پورے ٹبرکی تصویرتھی اور قائداعظم کی نہیں تھی جس کی مذمت کرتے ہیں، حکومت کا اقدام شرمناک ہے، ہمیں وضاحت چاہیے کہ کیوں اشتہار سے قائد اعظم کو نکالا گیا،سینیٹر فیصل جاوید نے چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ آپ اس کی وضاحت مانگیں،اشتہار ٹیکس پیئر کے پیسے سے بنا ہے۔

  • خیبر پختونخوا، تین دنوں میں 10 حملے،5 اہلکار شہید

    خیبر پختونخوا، تین دنوں میں 10 حملے،5 اہلکار شہید

    خیبرپختونخوا میں گزشتہ تین دنوں کے دوران دہشتگردوں نے 10 مختلف مقامات پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حملے پشاور، دیر اپر، دیر لوئر، شانگلہ اور بنوں میں کیے گئے، جن میں متعدد سیکیورٹی اہلکار شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 14 اگست کی رات پشاور کے تین مختلف مقامات پر دہشتگردوں نے منظم حملے کیے، جن میں پولیس چوکیوں اور تھانہ حسن خیل کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں پولیس کی جانی و مالی حفاظت کو خاص نقصان پہنچا۔اسی دوران 15 اگست کی صبح ناصر باغ روڈ پر ایک پولیس وین پر دھماکے سے بھی سیکیورٹی فورسز کو نقصان پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں وین کو شدید نقصان پہنچا اور اہلکار زخمی ہوئے۔خیبرپختونخوا پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ان دہشتگرد حملوں کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید اور 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے علاقے میں دہشتگردوں کی کارروائیوں کو روکنے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سیکورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو محفوظ بنایا جا سکے۔