Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سونے کی بالیوں کے لالچ میں 7 سالہ بچی کو قتل کرنے والا پولیس مقابلے میں ہلاک

    سونے کی بالیوں کے لالچ میں 7 سالہ بچی کو قتل کرنے والا پولیس مقابلے میں ہلاک

    سندھ کے شہر نوابشاہ میں معصوم بچی کے لرزہ خیز قتل کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چار روز قبل سکرنڈ کے علاقے اصغر کالونی میں پیش آیا تھا، جہاں 7 سالہ معصوم بچی کو سفاکی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے سونے کی بالیوں کے لالچ میں اپنی ہی رشتہ دار بچی پر بہیمانہ تشدد کیا، بچی کے دونوں کان، ایک بازو اور گلا کاٹ دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، جب کہ بچی کی لاش اصغر کالونی کے ایک ویران مقام سے برآمد ہوئی تھی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے اہلِ خانہ کے بیان اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی، جو چار دن کی مسلسل کوششوں کے بعد گزشتہ رات ایک خفیہ اطلاع پر پولیس کو نظر آیا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملزم کے قبضے سے بچی کی سونے کی بالیاں اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔ مزید کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے خلاف بچی کے قتل کے ناقابلِ تردید شواہد ملے تھے، جب کہ ڈی این اے اور دیگر فرانزک رپورٹس کی تصدیق بھی جاری تھی۔پولیس افسران کے مطابق ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئی ہے

  • نیب کی کاروائی، 40 ارب روپے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث سابق ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار

    نیب کی کاروائی، 40 ارب روپے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث سابق ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار

    نیب نے 40 ارب روپے کے بڑے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ایک سابق ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر جعلی کمپنی کے ذریعے سرکاری خزانے سے براہ راست 3 ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کرنے اور مختلف بینکوں میں اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے 16 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز کرنے کے الزامات ہیں۔

    نجی ٹی وی کے مطابق نیب حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری تاریخی اسکینڈل کی تحقیقات میں ایک بڑی پیشرفت ہے، تفتیش سے مزید ملزمان کے نام سامنے آئیں گے،گرفتار ملزم جو ایم/ایس ممتاز خان کنسٹرکشن کمپنی کے نام سے جعلی کمپنی کا مالک اور ڈائریکٹر تھا اسے نیب خیبر پختونخوا نے ایبٹ آباد سے گرفتار کیا، بعد ازاں اسے پشاور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے نیب کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا تاکہ مزید تفتیش اور شواہد کی برآمدگی ممکن ہو سکے۔

    نیب کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ماضی میں ایک عام ڈمپر ڈرائیور تھا، تاہم اس نے دیگر شریک ملزمان کے ساتھ مل کر جعلی کمپنی قائم کی جس کے ذریعے سرکاری خزانے سے خطیر رقم خرد برد کی گئی،یہ رقم مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کے سکیورٹی ڈپازٹ ہیڈ آف اکاؤنٹ (G-10113) سے نکالی گئی، جو دراصل سرکاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضمانتی رقم کے طور پر رکھی جاتی ہے،تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جعلی کمپنی اور اس کے بینک اکاؤنٹس خرد برد شدہ رقوم کی منتقلی کے مرکزی ذرائع کے طور پر استعمال ہوئے۔

  • بلوچستان کے عوام کے لیے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز

    بلوچستان کے عوام کے لیے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز

    بلوچستان کے عوام کے لیے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کا آغازہو گیا

    پاک ایران سرحد پر بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا افتتاح کر دیا گیا،آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی سمیت مقامی عمائدین، تاجر برادری نے بھر پور شرکت کی،کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کو کھولنے کا فیصلہ دالبندین میں 2 جولائی 2025 کو گرینڈ جرگے میں کیا گیا تھا

    وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے مقامی لوگوں کے لیے راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا تھا ،کٹاگر راہداری بلوچستان کے سرحدی علاقے ماشکیل میں پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کرے گی، ایف سی بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ اور ایرانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے، تعاون اور انتھک محنت سے تمام انتظامی امور مکمل کیے،مسلح افواج اور عوام کے بھر پور تعاون سے بلوچستان امن و امان اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے

  • سی ایم ایچ ملتان میں  100 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کامیابی سے مکمل

    سی ایم ایچ ملتان میں 100 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کامیابی سے مکمل

    کوکلیئر امپلانٹ ایکٹیویشن سینٹر ملتان، قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے

    سی ایم ایچ ملتان میں قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کی ایکٹیویشن کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا،پروقار تقریب میں مہمانِ خصوصی کور کمانڈر ملتان تھے،تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی ،پاکستان میں پہلا کوکلیئر امپلانٹ سینٹر سی ایم ایچ راولپنڈی میں مئی 2017 میں قائم کیا گیا ،ملتان میں دوسرا کوکلیئر امپلانٹ سینٹر سی ایم ایچ میں اگست 2023ء میں قائم ہوا،سی ایم ایچ ملتان میں ستمبر 2023 سے اب تک 100 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹس کامیابی سے مکمل اور فعال کیے گئے

    جدید آلات کے ذریعے بچوں کو سننے اور بولنے کے قابل بنا کر معاشرتی زندگی میں اعتماد کی فراہمی کا سفر جاری ہے،پاک فوج اور النور اسپیشل چلڈرن اسکول بچوں کے امپلانٹس کے اخراجات میں مکمل معاونت فراہم کر رہے ہیں،سینٹر تربیت یافتہ سرجنز، اسپیشل تھراپسٹس اور جدید طبی آلات کے ساتھ خدمات فراہم کر رہا ہے

    کور کمانڈر ملتان نے کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کو خصوصی بچوں کی زندگیوں میں ایک “مثبت انقلاب” قرار دیا ، کور کمانڈر ملتان نے کوکلیئر پروگرام جیسے مثبت اقدام کو مزید توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا ،مہنگی لاگت کے باوجود جنوبی پنجاب میں یہ نایاب سہولت انسانیت اور خدمتِ خلق کے جذبے کی روشن مثال ہے

  • مودی حکومت مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے میں مصروف

    مودی حکومت مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے میں مصروف

    فاشسٹ مودی حکومت ہندوتوا ایجنڈے کیلئے مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے میں مصروف ہے

    سفاک مودی کا بھارت مسلمانوں، عیسائیوں ، سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کیلئے غیر محفوظ ہو چکاہے،وزیر اعلی اتر پردیش کے ناپاک عزائم نے مودی کے نام نہاد سیکولر بھارت کا خطرناک چہرہ بے نقاب کر دیا ، وزیرِ اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے خطاب کے دوران کہا کہ اگر واقعی امن اور ہم آہنگی قائم کرنی ہے تو سب کو سناتن دھرم کو اپنانا ہوگا، سناتن دھرم ہی سب کی حفاظت اورہر ایک کی بھلائی کا راستہ فراہم کرے گا،اگر سناتن دھرم کو بچانا ہے تو ہمیں سنسکرت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،

    انتہا پسند وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش میں پہلے ہی متعدد مساجد کو شہید کر چکا ہے ،مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر حملے اور عقیدے کی جبری تبدیلی مذہبی آزادی کا قتل ہے

  • کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا

    کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کے بطور وزیراعلیٰ استعفے پر شاعرانہ تبصرہ کیا ہے

    نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ اب تک موصول نہیں ہوا، استعفیٰ دیکھ کر پتہ چلےگا کہ مستعفی ہونے کی کیا وجہ ہے، کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ دستخط کرکے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھجوایا تھا

    گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا.
    کیوں اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں
    اس طرح تو ہوتا ہےاس طرح کےکاموں میں

    علاوہ ازیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ علی امین گنڈاپور میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے تھے،گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرعباد اللہ نے ملاقات کی جس دوران صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اورمشاورت کی گئی،اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نالائق اور کرپٹ تھے، وہ میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے تھے، کبھی کہتے تھے ریاست کے ساتھ ہیں ، کبھی کہتے تھے دہشتگردوں کے ساتھ ہیں، نئے نامزد وزیر اعلیٰ بھی اتنے قابل نہیں لہٰذا صوبہ ان کا متحمل نہیں ہوسکتا.

  • فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت ، جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں،وزیراعظم

    فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت ، جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام نے ناقابلِ بیان مصائب برداشت کیے ہیں، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے معاہدے کا اعلان تاریخی موقع ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذاکرات کے عمل میں عالمی امن کے لیے غیر متزلزل عزم دکھایا،وزیراعظم نے قطر، مصر اور ترکیہ کے رہنماؤں کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے معاہدے کے لیے انتھک کوششیں کیں،فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں، ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہیے،وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزیوں پر اظہارِ تشویش اور اس کی مذمت بھی کی۔

  • بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی،سیکیورٹی فورسز کا جوابی ردِعمل جاری

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی،سیکیورٹی فورسز کا جوابی ردِعمل جاری

    بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں دہشتگردوں نے کوئلہ کان پر کام کرنے والے تین مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، مسلح افراد نے مزدوروں کو کان سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے نے مقامی مزدور برادری میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، اور سیکیورٹی کی ناقص صورتحال پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

    ضلع پنجگور کے علاقے بلگتر میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے دوران تین حملہ آور ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ یہ حملہ فورسز کی قربانیوں اور علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف مسلسل جاری جنگ کو نمایاں کرتا ہے۔

    ضلع خاران کے علاقے گاروک ڈیم میں پاکستانی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر درجنوں مسلح افراد نے ایک مربوط حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق، دہشتگردوں نے ایک ساتھ سات مختلف پوزیشنز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ ضلع میں 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا بڑا حملہ ہے۔

    ضلع خاران سے منگل کے روز اغوا ہونے والے جج قاضی محمد جان بلوچ کو بدھ کے روز رہا کر دیا گیا۔ مسلح افراد نے جج کو اغوا کرتے ہوئے خاران ڈسٹرکٹ کورٹ اور قاضی کورٹ کو بھی نذرِ آتش کر دیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ عدالتی عملے کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    پاکستان اور ایران کے درمیان واقع کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کو باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مقامی حکام، قبائلی عمائدین، تاجر برادری اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ انتظامی اور سیکیورٹی معاملات مقامی کمیونٹی کے ذریعے سرانجام دیے جائیں گے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ جلد ہی جوڈار کراسنگ پوائنٹ کو بھی تجارتی مقاصد کے لیے کھولنے اور بفر زون قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

    خیبر پختونخوا کی صورتحال

    ڈیرہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ختی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے دو اطراف سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں انچارج احمد نواز شدید زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

    علاقہ درابن میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے میجر سبطین شہید ہو گئے۔ یہ آپریشن علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

    کوٹ اللہ داد کے قریب درابن کلان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن تاحال جاری ہے۔

    نامعلوم مسلح افراد نے لکی مروت کی پیپل منڈی سے قومی امن کمیٹی کے دو رہنماؤں سمیت چار افراد کو اغوا کر لیا۔ مغویوں میں مروت-بیٹنی نیشنل موومنٹ کے رہنما ولی اللہ اور فرمان بھی شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    وادی تیراہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دہشتگرد حمزہ کو خفیہ آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔ وہ متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ دیگر دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔

    کرم میں دہشتگردوں کے حالیہ حملے میں لاپتہ ہونے والے پانچ ایف سی اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں، جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے دو دہشتگردوں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    کرم کے علاقے ڈوگر میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد خبیب اور ایک افغان جنگجو ہلاک ہو گئے۔ آپریشن جاری ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے پے در پے واقعات نے سیکیورٹی اداروں کے چیلنجز کو مزید بڑھا دیا ہے۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت ردعمل اور جوابی کارروائیاں شدت پسندوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔

  • حماس نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے،ٹرمپ کا خیر مقدم،اسرائیل کو وعدہ خلافی سے روکیں،حماس

    حماس نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے،ٹرمپ کا خیر مقدم،اسرائیل کو وعدہ خلافی سے روکیں،حماس

    غزہ میں مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگئی، اسرائیل اور حماس نے امریکا کے مجوزہ غزہ امن معاہدےکے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ اسرائیل اپنی فوج کا متفقہ لائن پر انخلا کرے گا،یہ امن کے طویل المدتی اور پائیدار سفر کی پہلی بڑی پیش رفت ہے اور تمام فریقین کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کیا جائے گا،انہوں نے اس تاریخی اور غیر معمولی معاہدے میں کردار ادا کرنے والے قطر، مصر اور ترکی کے ثالثوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن عرب اور مسلم دنیا، اسرائیل، تمام ہمسایہ ممالک اور امریکا کے لیے ایک عظیم دن ہے۔

    قطری وزارت کا بھی کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے پر معاہدہ طے پا گیا ہےجس کے نتیجے میں جنگ کے خاتمے، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور امداد کی فراہمی ممکن ہو گی۔ تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان امن منصوبے کے پہلے مرحلے کے اعلان کے بعد حماس نے اپنا پہلا باضابطہ بیان جاری کر دیا ہے،حماس نے کہا کہ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت غزہ پر جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی فوج کا انخلا، امداد کی فراہمی اور قیدیوں کے تبادلے کی شقیں شامل ہیں،حماس نے امریکی صدر، عرب ثالثوں اور بین الاقوامی فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد کے لیے پابند کریں اور اسے کسی بھی تاخیر یا وعدہ خلافی سے روکیں۔

    اسرائیل اور حماس کے معاہدے پر دستخط کے بعد نیتن یاہو نے مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے پرعزم ہے اور ہم اپنے تمام یرغمالیوں کو واپس لائیں گے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق سمجھوتے کے تحت حماس تمام یعنی 20 زندہ یرغمالیوں کو بہتر گھنٹے میں رہائی دیدے گی،امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہفتہ یا اتوار کو متوقع ہے۔

    حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے معاہدے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی،نیتن یاہو نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہاکہ یہ ایک سفارتی کامیابی ہے اور اسرائیل کی ریاست کی قومی اور اخلاقی فتح بھی ہے

    فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے میں مستقل جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ اور غزہ کی تعمیر نو سمیت امدادی سامان کی فراہمی بھی شامل ہے،حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ امن کے طویل المدتی اور پائیدار سفر کی پہلی بڑی پیشرفت ہے، معاہدے کے تحت یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی، فریقین کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے گا۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ امن معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تمام فریقین سے اس پر عمل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ قیدیوں کا تبادلہ باعزت طریقے سے ہونا چاہیے اور غزہ میں فوری طور پر امداد کی فراہمی شروع ہونی چاہیے،یاد رہے کہ گزشتہ روز مصر کے شہر شرم الشیخ میں مصر، ترکیہ، امریکا اور قطر کی سرپرستی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان امن معاہدے طے پایا تھا۔

  • بریکنگ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور مستعفی

    بریکنگ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور مستعفی

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزارت اعلیٰ سےمستعفی ہونے کا اعلان کر دیا

    علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی پوزیشن عمران خان صاحب کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفی دے رہا ہوں،سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہےگی،ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔

    قبل ازیں سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا کی وزارتِ اعلی سے ہٹانے کی تصدیق کر دی اور اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ علی امین گنڈاپور کو کے پی کی وزارتِ اعلیٰ سے ہٹایا جا رہا ہے، سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے، یہ بانیٔ پی ٹی آئی کا فیصلہ ہے جس کا پسِ منظر بھی بیان کیا گیا ہے، خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کی بدترین صورتِ حال ہے، آج اورکزئی میں ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے، خیبر پختون خوا حکومت کو کہا گیا کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو دورے کرے، جس طرح افغان شہریوں کو بے دخل کیا گیا اس کی ضرورت نہیں تھی، بلاول بھٹو سوا سال وزیرِ خارجہ رہے، ایک بار بھی افغانستان نہیں گئے، خیبر پختون خوا حکومت خود کو وفاق کی غلط پالیسی سے دور نہ کر سکی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھ کر مذاکرات کریں، توقع ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کریں گے اور اسے سمجھائیں گے،ہم نے اپنے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے، اعلان ہوتا ہے کہ علاقہ دہشت گردی سے پاک ہوگیا، چند دن بعد پھر واقعہ ہو جاتا ہے،عمران خان نے علی امین کو استعفیٰ دینے کا حکم دیا ہے، سمجھتے ہیں کہ علی امین کے لیے بھی بہتر ہے کہ یہ عہدہ اب چھوڑ دیں، ہم نے ایک نئی پالیسی کا اعلان کرنا ہے، نئی شروعات کرنی ہے، کوئی دشواری نہیں ہو گی،علی امین استعفیٰ دیں گے اور اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیرِ اعلیٰ منتخب کرے گی،علیمہ خان کے خلاف متعدد مقدمات بنائے گئے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ اب پیغام نورین خانم پہنچائیں گی۔