Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • امیر بالاج قتل کیس،نامزد ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

    امیر بالاج قتل کیس،نامزد ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

    ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں نامزد مرکزی اشتہاری ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ گرفتاری انٹرپول کی مدد سے عمل میں آئی ،پنجاب پولیس نے انٹرپول کی مدد سےملزم کو گرفتار کیا اور قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد جلد پاکستان منتقل کیاجائے گا۔

    نجی ٹی وی دنیانیوز کے مطابق قتل کیس کے بعد طیفی بٹ ملک سے فرار ہو کر متحدہ عرب امارات (دبئی) میں روپوش ہوگیا تھا، جس کے بعد پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے اس کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کئے تھے۔ یاد رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو 18 فروری 2024 کو شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔لاہور پولیس کے مطابق ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا۔شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی تھی، جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا، جب کہ مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

    اگست 2024 میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے بتایا تھا کہ ملزم احسن شاہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ احسن شاہ کو نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے بھائی نے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسے چھڑوانے کے لیے حملہ کر دیا، اس دوران مبینہ مقابلے کے دوران احسن شاہ زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

    علاوہ ازیں ڈان نیوز کے مطابق ستمبر 2025 میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ گوگی بٹ نےامیربالاج ٹیپو کو قتل کروانے کے لیے منصوبہ بندی کی تھی۔جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ امیربالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ سے رابطے میں رہا تھا، گوگی بٹ ٹیپو خاندان کے تمام سابقہ قتل کیس میں بھی نامزد ملزم رہا ہے، طیفی بٹ کا کزن گوگی بٹ پہلے ہی عبوری ضمانت کروا کر منظرعام پر آچکا ہے۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی آئندہ پیشی پر گوگی بٹ کی ضمانت خارج کروانے کی استدعا کرے گی۔واضح رہے کہ امیر بالاج کے قتل کے بعد ملزم خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ فرار ہو گیا تھا، بعد ازاں ملزم نے ضمانت حاصل کرلی تھی اور 15 ستمبر تک عبوری ضمانت پر ہے جبکہ ملزم طیفی بٹ تاحال اشتہاری ملزم تھا، جسے دبئی سے حراست میں لیکر پاکستان منتقل کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت چار گھنٹے طویل اجلاس میں اہم فیصلے

    وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت چار گھنٹے طویل اجلاس میں اہم فیصلے

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی محکموں کا چار گھنٹے طویل اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آٹھ بڑے محکموں نے اپنی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران عوامی فلاح، صحت، صاف پانی، ٹرانسپورٹ، ماحولیاتی تحفظ اور صنعتی ترقی سے متعلق اہم فیصلے کیے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو دور دراز علاقوں سے پانی لانے کی مشقت سے نجات دلانے کے لیے گھر گھر بوتل بند پانی فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ ’’پینے کے صاف پانی تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔‘‘پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پراجیکٹس کی ٹائم لائن طلب کرتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کو خود دورے کرنے کی ہدایت بھی کی۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی کارکردگی پر وزیراعلیٰ نے شاباش دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کے دوران ساڑھے 11 لاکھ افراد کا علاج معالجہ کیا گیا، جبکہ 174 افراد کو سانپوں کے کاٹنے کے واقعات میں بروقت ویکسین لگا کر تمام جانیں بچائی گئیں۔مریم نواز نے کہا کہ ’’یہ عوامی خدمت کا بہترین نمونہ ہے بروقت علاج نے قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائیں۔‘‘پنجاب نے سروائیکل کینسر ویکسی نیشن میں 65 لاکھ بچیوں کی ویکسینیشن مکمل کر کے ملک بھر میں سبقت حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیتھ لیب پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے سپیشل افراد کے گھروں تک پہنچنے اور مدد کا منظم نظام وضع کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد کا ڈیٹا مشترکہ طور پر مکمل کیا جائے اور سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ان کی تعلیم کے ساتھ فلاح و بہبود کے منصوبے مرتب کرنے کا ٹاسک دیا۔مریم نواز شریف نے دسمبر 2025 تک پنجاب میں 1115 الیکٹرو بسیں فنکشنل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو الیکٹرو بس چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی ہدایت کی اور بس اسٹاپس کے یونیفارم ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’الیکٹرو بس نے قلیل مدت میں عوامی مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔‘‘مزید برآں، انہوں نے ایس آر ٹی پراجیکٹ جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مختلف اضلاع میں لانچنگ شیڈول کی منظوری دے دی۔

    پنجاب نے چند ماہ میں 19 شہروں میں واسا قائم کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جبکہ ڈیڑھ سال قبل یہ ادارہ صرف 5 شہروں میں کام کر رہا تھا۔اب 31 دسمبر 2025 تک 25 اضلاع میں واسا کے قیام کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ 15 شہروں میں ترقیاتی کام مون سون سے پہلے مکمل کیے جائیں۔لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے 4624 گلیوں کی تعمیر و بحالی مکمل ہو چکی ہے۔نو تعمیر شدہ گلیوں میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔مریم نواز شریف نے لاہور میں پی ایچ اے کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا اور ہدایت دی کہ بانس کے جنگل لگائے جائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کم ہو۔پی ایچ اے لاہور نے چند ماہ میں گھروں تک جا کر 27 ہزار پودے لگائے، جبکہ "آن لائن گلدستہ” پراجیکٹ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پودے آرڈر کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 472 دیہات میں مثالی گاؤں پراجیکٹ اکتوبر میں شروع کیا جا رہا ہے، جس میں جنوبی پنجاب کے سب سے زیادہ دیہات شامل ہوں گے۔پہلے فیز میں ملتان کے 62، بہاولپور کے 48 اور ڈی جی خان کے 38 دیہات شامل کیے گئے ہیں۔
    مثالی گاؤں میں پارکس، پکی گلیاں، کور ڈرین، قبرستان کی چار دیواری اور جوہڑوں کی صفائی جیسے منصوبے شامل ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے پلیسر گولڈ پراجیکٹ سرکاری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس سے حاصل منافع پنجاب کے عوام کا حق ہے۔‘‘میانوالی میں گولڈ چوری کے خلاف چھاپے مارے گئے اور دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔پنجاب میں 11 ہزار کان کنوں کو راشن کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ 25 ہزار کارڈز کا ہدف اسی ماہ مکمل ہو گا۔مزید برآں، پنک سالٹ کے پرانے کنٹریکٹس منسوخ کر کے ریونیو میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔اب امریکہ، یورپ اور متحدہ عرب امارات میں پنک سالٹ کی مارکیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی طرح چنیوٹ آئرن اور تانبے کی ابتدائی اسٹڈی مکمل ہو گئی ہے، جس کے ٹیسٹ اگلے چار ماہ میں مکمل کر کے منصوبے کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    مریم نواز شریف نے اجلاس کے اختتام پر کہا "دفاتر میں ہر چیز اچھی لگتی ہے، لیکن فیلڈ میں جا کر ہی حقائق کا اندازہ ہوتا ہے۔ عوامی خدمت کو عملی جامہ پہنانا ہمارا اصل مشن ہے۔”

  • آزاد کشمیر،فریقین کے مابین معاہدے کے نکات سامنے آ گئے

    آزاد کشمیر،فریقین کے مابین معاہدے کے نکات سامنے آ گئے

    وفاقی وزراء کی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے کے نکات سامنے آگئے۔

    آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں حکومتی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں معاہدے کا اعلان کیا تھا،وفاقی وزرا کی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے معاہدے کے تحت پُرتشدد واقعات سے ہونے والی اموات پر انسداد دہشتگردی کے تحت مقدمات درج ہوں گے اور جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا،وفاقی وزرا کی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے معاہدے کے تحت 30 دن میں مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن میں دو اضافی سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ بنائے جائیں گے جبکہ موجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو 90 دن میں اصل شکل اور عدالتی فیصلے کے مطابق کیا جائے گا،آزاد کشمیر حکومت 15 دن کے اندر صحت کارڈ کے لیے فنڈز بھی جاری کرے گی، بجلی کا نظام بہتر بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان 10 ارب روپے فراہم کرے گی۔

    آزاد کشمیر کابینہ کا سائز کم کر کے 20 وزرا اور مشیروں تک محدود کیا جائے گا۔ سول ڈیفنس کے محکموں کو ایس ڈی ایم اے میں ضم کیا جائے گا، احتساب بیورو اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ضم کیا جائے گا، آزاد کشمیر کے احتساب ایکٹ کو حکومت پاکستان کے نیب قوانین کے مطابق بنایا جائے گا،معاہدے کے مطابق حکومت پاکستان آزاد کشمیر میں دو سرنگوں کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرے گی، پروجیکٹ کو پی سی ون کے مطابق سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ میں ترجیح دی جائے گی۔

  • شکارپور،ٹریفک حادثے میں 7 افراد کی موت،6 زخمی

    شکارپور،ٹریفک حادثے میں 7 افراد کی موت،6 زخمی

    شکارپور کے قریب قومی شاہراہ بائی پاس کے مقام پر ٹرک حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق سبزی سے لدے ٹرک نے سڑک کنارے سوئے ہوئے افراد کو روند ڈالا، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،پولیس حکام کا کہنا ہے ابتدائی طور پر حادثہ تیز رفتاری کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم ٹرک کو تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔

  • غزہ پر بمباری روکی جائے،ٹرمپ،قطر،مصر کا حماس کے ردعمل کا خیر مقدم

    غزہ پر بمباری روکی جائے،ٹرمپ،قطر،مصر کا حماس کے ردعمل کا خیر مقدم

    حماس دائمی امن کیلئے تیار ہے، امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کی جانب سے جاری بیان کی بنیاد پر بیان جاری کردیا۔

    مختصر ویڈیو پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان ممالک کا شکریہ جنہوں نے اس کام کو ممکن بنانے میں مدد کی، ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ پر بمباری فوری طور پر روکی جائے تاکہ یرغمالیوں کی محفوظ اور جلد رہائی ممکن بنائی جائے،اس صورتحال میں یرغمالیوں کی رہائی بہت زیادہ خطرناک ہوگی،تفصیلات طے کی جارہی ہیں، یہ صرف غزہ کی حد تک نہیں ہے، یہ مشرق وسطیٰ میں طویل عرصے سے جاری امن کی کوششوں سے متعلق ہے۔

    دوسری جانب قطر کی جانب سے حماس کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا ہے، مصر نے بھی حماس کے ردعمل کے بعد مثبت پیش رفت کی امید ظاہر کی ہے۔قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے تک پہنچنے کے منصوبے پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے ثالث مصر اور امریکا کے ساتھ رابطہ کاری شروع کر دی ہے۔دوسری جانب مصر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے غزہ پلان پر حماس کے ردعمل کے بعد مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ مصر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عرب ممالک، امر یکا اور یورپی ممالک کے ساتھ جنگ ​​زدہ علاقے میں مستقل جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ حماس نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیس نکاتی غزہ امن منصوبہ بڑی حد تک قبول کرلیا ہے،حماس نے یرغمال اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اور غزہ کا کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کرنے پر آمادگی ظاہر کردی،حماس کا کہنا ہے کہ وہ ہتھیار مستقبل کے فلسطینی حکمرانوں کے حوالے کرے گی۔

  • کراچی ایئر پورٹ،10 کروڑ 30 لاکھ مالیت کے لیپ ٹاپس،آئی پیڈز،آئی فونزو دیگر ضبط

    کراچی ایئر پورٹ،10 کروڑ 30 لاکھ مالیت کے لیپ ٹاپس،آئی پیڈز،آئی فونزو دیگر ضبط

    کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز نے بغیر ڈیوٹی ادا کیے 10 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے لیپ ٹاپس، آئی پیڈز، آئی فونز، میک بُکس، پلے اسٹیشنز اور میموری کارڈز ضبط کر لیے۔

    ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کلکٹوریٹ آف کسٹمز ائیرپورٹ کراچی نے فوری طور پر دو ایف آئی آر درج کروا کر اس جرم میں ملوث کمپنی کے ملازمین کو گرفتار کر لیا،یہ الیکٹرانک سامان کو گڈز ڈیکلریشن جمع کرائے بغیر غیر قانونی طور پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر باہر نکالی جا رہی تھیں، اس فراڈ میں ایک غیر ملکی گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے ملازمین اور بدعنوان درآمد کنندگان ملوث پائے گئے،جعلی طریقہ کار سے مجموعی طور پر پانچ کھیپیں غیر قانونی طور پر باہر نکالی گئیں، یہ تمام کھیپیں میسرز پیر جیلانی جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی دوبئی نے بھیجی تھیں، ان کھیپوں کو کسٹمز کے WeBOC سسٹم سے چھپایا گیا اور جی ڈی دائر نہ کرکے جعلی گیٹ پاسز کے ذریعے کلیئرنس ممکن بنائی گئی۔،پانچوں کھیپوں کی غیر قانونی کلیئرنس پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کی کُل تخمینہ شدہ مالیت 38 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے، کمپنی ملازمین نے قیمتی الیکٹرانکس اشیا کو غیر قانونی طور پر باہر نکالنے کیلئے اپنے کمپیوٹرائزڈ iCargo سسٹم کو استعمال کیا۔

    حکام نے بتایاکہ صرف 1 کنسائنمنٹ سے 258 آئی فون 16، 101 لیپ ٹاپس، 246 ٹیبلیٹس، 102 آئی پیڈز، 46 پلے اسٹیشنز اور 20 ہزار میموری کارڈ برآمد کیے گئے،گیٹ پاس جاری کرنے والی خاتون زیرحراست ہیں، خاتون کے مطابق انہیں اوپر سے ہدایات مل رہی تھیں جبکہ نجی کارگو ٹرمینل کا ایک ماہ سے زائد سی سی ٹی وی ریکارڈ دینے میں ہچکچاہٹ سے کام لے رہا ہے، مزید ایف آئی آرز اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ چئیرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہنے والے کسٹمز اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے

  • آن لائن گیم،اکشے کمار کی بیٹی سے برہنہ تصاویرکا مطالبہ

    آن لائن گیم،اکشے کمار کی بیٹی سے برہنہ تصاویرکا مطالبہ

    بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی آن لائن ہراسانی کا نشانہ بن گئیں، اداکار نے حکومت سے بڑی اپیل کر دی۔

    اکشے کمار نے بھارت میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کے خطرے پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنی 13 سالہ بیٹی کے ساتھ پیش آئے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کیا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کو ممبئی میں منعقدہ ایک سائبر آگاہی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ چند ماہ قبل ان کی بیٹی ایک آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، جہاں ایک نامعلوم شخص نے بیٹی سے نازیبا تصاویر کا مطالبہ کیا،اکشے کمار نے کہا کہ میں آپ سب کو ایک چھوٹا سا واقعہ سنانا چاہتا ہوں جو چند ماہ پہلے میرے گھر میں پیش آیا۔ میری بیٹی ایک ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، اور کچھ ویڈیو گیمز ایسے ہوتے ہیں جو آپ کسی اور کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ یعنی آپ کسی انجانے شخص کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں، گیم کے دوران کبھی کبھار وہاں سے پیغام بھی آتا ہے۔ میری بیٹی بھی گیم کھیل رہی تھی کہ اسے ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا کہ آپ لڑکے ہیں یا لڑکی؟ تو اس نے جواب دیا لڑکی۔ اس کے بعد اس شخص نے میسج بھیجا کہ کیا آپ اپنی برہنہ تصاویر بھیج سکتی ہیں؟ میری بیٹی نے فوراً گیم بند کر دیا اور جا کر اپنی ماں کو بتایا۔ یہ سب کچھ ایسے ہی شروع ہوتا ہے۔

    اکشے کمار نے کہا کہ یہ بھی سائبر کرائم کا حصہ ہے۔ میں مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ سے گزارش کروں گا کہ ساتویں سے دسویں جماعت تک اسکولوں میں ہر ہفتے ایک سائبر پیریڈ رکھا جائے، تاکہ بچوں کو اس بارے میں آگاہی دی جا سکے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ یہ جرم اب گلی کے جرائم سے بھی بڑا بنتا جا رہا ہے،حکومت کو سائبر ایجوکیشن کو لازمی نصاب کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ بچے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہ سکیں۔

  • انجینیئر محمد علی مرزا کو اسلامی نظریاتی کونسل کی قرارداد میں گستاخ کہنے کیخلاف درخواست،نوٹس جاری

    انجینیئر محمد علی مرزا کو اسلامی نظریاتی کونسل کی قرارداد میں گستاخ کہنے کیخلاف درخواست،نوٹس جاری

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے انجینیئر محمد علی مرزا کو اسلامی نظریاتی کونسل کی قرارداد میں گستاخ کہنے کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل سے 5 نومبر کو عدالتی معاونت طلب کر لی جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل، ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرانے کا حکم دیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ڈاکٹر اسلم خاکی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں مستند علما تھے، انہوں نے کہا وہ گستاخ ہے۔ عدالت نے پوچھا آپ ملزم کا کیسے دفاع کر رہے ہیں؟ ملزم خود اسلامی نظریاتی کونسل کی قرار داد کوچیلنج کیوں نہیں کر رہا؟ درخواست گزار نے کہا ایسے فتوے پہلے مجھ پر بھی لگے ہیں، میں بھی اس طرح کے معاملے سے گزر چکا ہوں۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انجینیئر محمد علی مرزا نے سب کی منجی ٹھوکی ہوئی ہے اس لیے اسے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اس طرح تو وہ اس کو ماردیں گے، اسے کم از کم پہلے کورٹ میں تو پیش کیا جائے، بغیر وضاحت کے کسی کو کیسے مورد الزام ٹھہرایا جا سکتا ہے؟

    جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا لیکن اُن پر مقدمہ تو جہلم میں درج ہے۔ درخواست گزار نے کہا اسلامی نظریاتی کونسل یہاں ہے، میں نے اس کی قردارار کو چیلنج کیا ہے۔عدالت نے پوچھا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کیسے پہنچا کسی نے ریفر کیا تھا ؟ درخواست گزار نے بتایا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معاونت کے لیے مراسلہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا حالانکہ قانون کے مطابق صدر، گورنر یا پارلیمنٹ اسلامی نظریاتی کونسل کو رائے مانگنے کے لیے لکھ سکتی ہے۔ عدالت نے کہا ریکارڈ آ جائے تو پتہ چل جائے گاالزامات کیا ہیں اور بیان تھا کیا؟ اٹارنی جنرل کو سن کر پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کریں گے۔ کیس کی سماعت پانچ نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

  • سیرین ایئر کے آپریٹنگ سرٹیفکیٹس معطل

    سیرین ایئر کے آپریٹنگ سرٹیفکیٹس معطل

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی ایئر لائن سیرین ایئر (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے فضائی آپریٹر سرٹیفکیٹس فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔ یہ اقدام اس بنا پر کیا گیا کہ سیرین ایئر اپنی فلیٹ کے لازمی کم از کم طیاروں کی شرط پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے اور اس وقت اس کے پاس کوئی بھی قابلِ پرواز طیارہ موجود نہیں ہے۔

    جمعرات 2 اکتوبر 2025 کو جاری کردہ حکم نامے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا کہ سیرین ایئر اپنی آپریشنل استعداد برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث وہ مسافروں کے محفوظ فضائی سفر کو یقینی بنانے کے قابل نہیں رہی۔نوٹیفکیشن کے مطابق، سیرین ایئر کو جاری کردہ دونوں ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹس نمبر AOC-031/16-AL اور AOC-032/17-CH کو پی سی اے اے قوانین و ضوابط کے تحت فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق حکم نامے کے اجرا کے ساتھ ہی ہوگیا ہے۔مزید برآں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین ایئر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے معطل شدہ سرٹیفکیٹس فوراً اتھارٹی کے حوالے کرے تاکہ ضروری اندراجات مکمل کیے جا سکیں۔یہ نوٹیفکیشن ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے کی جانب سے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کی نگرانی میں جاری کیا گیا۔

  • گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ،اہل غزہ پر بربریت،مرکزی مسلم لیگ کا ملک گیر احتجاج

    گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ،اہل غزہ پر بربریت،مرکزی مسلم لیگ کا ملک گیر احتجاج

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کیخلاف اور اہل غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لئے ملک گیر احتجاج کیا گیا، لاہور میں چوبرجی چوک پر بڑے احتجاجی مظاہرے سے حافظ طلحہ سعید و دیگر نے خطاب کیا، خطبات جمعہ میں علما کرام نے یکجہتی غزہ کو موضوع بنایا،احتجاجی مظاہروں و ریلیوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھائے شرکا اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے،ننکانہ میں مسلم ویمن لیگ کی جانب سے ریلی نکالی گئی،مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلوبل صمد فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ اور شرکا کی گرفتاری کھلی دہشتگردی،اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب،اسلامی ممالک دوہرا معیار ترک کر کے اہل غزہ کی کھل کر مدد کریں،فلسطین فلسطینیوں کا ہے انکو کوئی بے دخل نہیں کر سکتا.

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور، فیصل آباد، بہاولپور،ملتان،حیدرآباد،کوئٹہ، سکھر،سیالکوٹ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،میانوالی، ننکانہ، چنیوٹ، اوکاڑہ،ساہیوال، خانیوال،مردان، سوات، چترال، مالا کنڈ،لاڑکانہ، نواب شاہ،خیر پور ،سرگودھا،گجرات، منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد،خوشاب، چکوال،جہلم،راولپنڈی، مانسہرہ، ایبٹ آباد،رحیم یار خان ،وہاڑی، بورے والاسمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں‌میں گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے اور اہل غزہ پر اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں خواتین، بچوں سمیت تمام تر مکاتب فکر کے افراد شریک ہوئے،چوبرجی چوک لاہور میں مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف،مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل دنیا کے امن کے لیے دن بدن سب سے بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے۔ غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے نکلنے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ اس حقیقت کی بڑی دلیل ہے، افسوس ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے تمام مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر مرکزی مسلم لیگ نے احتجاجی مظاہرہ کیا،کراچی میں پریس کلب کے باہر احتجاجی ریلی و مظاہرے سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں فیصل ندیم ،احمد ندیم اعوان و دیگر نے خطاب کیا،ننکانہ میں مسلم ویمن لیگ نے حرا چوک سے گول چکر تک احتجاجی ریلی نکالی جس میں خواتین اور طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی،پشاور میں صوبائی صدر خیبر پختونخوا یاور آفتاب کی قیادت میں‌ نماز جمعہ کے بعد فوارہ چوک سے پریس کلب تک احتجاجی مارچ کیا گیا، جس میں شرکا نے اسرائیل کیخلاف نعرے بازی کی،پریس کلب پشاور پر احتجاجی مارچ میں عالمی مجرم نیتن یاہو کے پتلے کو علامتی پھانسی اور نذر آتش کیا گیا،کوئٹہ میں بھی مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف اور اہل غزہ کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، فیصل آباد میں مرکزی مسلم لیگ کے احتجاجی مظاہرے میں عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی، مظاہرین نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عہد، اسرائیلی بربریت کی بھرپور مذمت کی، مفتی عبدالرحمان عابد،محمد احسن تارڑ نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کیا،مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے زیرِ اہتمام گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور غزہ میں جاری قتلِ عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے کی قیادت مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل انجینئر مبین صدیقی نے کی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے فلسطین کے حق میں اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف پرجوش نعرے لگائے۔بہاولنگر میں مدرسہ شہداء سے کمرشل کالج چوک تک مرکزی مسلم لیگ نے احتجاجی ریلی نکالی، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ امیر حمزہ رافع، جنرل سیکرٹری بہاولنگر سعید عامر و دیگر نے ریلی کی قیادت کی، مرکزی مسلم لیگ ضلع منڈی بہاؤالدین کے زیر اہتمام تحفظ گلوبل صمود فلوٹیلا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جس کی قیادت حافظ محمد نعیم نے کی، پاکپتن سٹی میں احتجاجی مظاہرہ سے اقبال سلفی و دیگر نے خطاب کیا، مرکزی مسلم لیگ سٹی قصور کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور فلسطین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے،احتجاجی مظاہرے سے بشیر وڑائچ و دیگر نے خطاب کیا، مرکزی مسلم لیگ سرگودھا نے بھی گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے اور غزہ میں جاری مسلسل قتل عام کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا ،جس سے عبدالحنان مکی ودیگر نے خطاب کیا، مرکزی مسلم لیگ ٹنڈو الہ یار کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،لیہ میں ابوزکریا گجر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، گوجرانوالہ میں مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انجینئر حارث ڈار، شیخ فیاض احمد،محمد راشد سندھو و دیگر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا، مرکزی مسلم لیگ ضلع مٹیاری کے زیر اہتمام صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مرکزی مسلم لیگ بہاولپور کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف شکار پوری گیٹ سے فوارہ چوک بہاولپور تک احتجاجی مارچ کیا گیا، مرکزی مسلم لیگ ضلع نوشہر و فروز کی جانب سے احتجاجی مظاہرے میں شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے، نارووال،ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ مراد جمالی، مظفر گڑھ، ہڑپہ،غازی آباد،ساہیوال، وہاڑی،بورے والا سمیت دیگر شہروں میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے احتجاجی مظاہروں و ریلیوں کا انعقاد کیا گیا.