Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • چرچ آف انگلینڈ کی تاریخ میں پہلی خاتون آرچ بشپ کا انتخاب

    چرچ آف انگلینڈ کی تاریخ میں پہلی خاتون آرچ بشپ کا انتخاب

    چرچ آف انگلینڈ کی 1400 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو آرچ بشپ منتخب کر لیا گیا ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 63 سالہ ڈیم سارہ مولالی کو باضابطہ طور پر آرچ بشپ آف کینٹربری منتخب کیا گیا ہے۔ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی 106 ویں مذہبی رہنما ہیں۔چرچ آف انگلینڈ میں اس سے قبل خواتین کے لیے اس عہدے پر فائز ہونا ممکن نہیں تھا، تاہم 2014 میں خواتین کو بشپ بنانے کی اجازت دی گئی جس کے بعد یہ تاریخی فیصلہ سامنے آیا ہے۔ڈیم سارہ مولالی گزشتہ سات برسوں سے لندن کی بشپ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اس سے قبل وہ ایک پیشہ ور نرس رہ چکی ہیں اور 2000 کی دہائی کے اوائل میں برطانیہ کی چیف نرسنگ آفیسر کے طور پر کام کرتی رہی ہیں۔ 2002 میں انہوں نے مذہبی خدمت کا راستہ اختیار کیا اور پادری بن گئیں۔ وہ برطانوی ایوان بالا (ہاؤس آف لارڈز) کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

    چرچ آف انگلینڈ کے آرچ بشپ کا عہدہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے خالی تھا، جب سابق آرچ بشپ جسٹن ویلبی نے ایک جنسی اسکینڈل کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔عالمی ماہرین مذہبی امور کے مطابق سارہ مولالی کا انتخاب چرچ آف انگلینڈ کے لیے ایک انقلابی اور تاریخی لمحہ ہے، جو نہ صرف ادارے میں خواتین کی شمولیت کو مزید تقویت دے گا بلکہ دنیا بھر کے مسیحی حلقوں میں اس کی حیثیت ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

  • گلوبل فلوٹیلا کے 4 اطالوی کارکنان کو اسرائیل نے ڈی پورٹ کر دیا

    گلوبل فلوٹیلا کے 4 اطالوی کارکنان کو اسرائیل نے ڈی پورٹ کر دیا

    اسرائیل نے گلوبل فلوٹیلا کے 4 اطالوی کارکنوں کو ڈی پورٹ کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دیگر کارکنوں کی ملک بدری کے لیے اقدامات جاری ہیں،اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ زیرِ حراست تمام فلوٹیلا کارکن محفوظ اور صحت مند ہیں۔

    واضح رہے کہ غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی اسرائیل نے قبضے میں لے لیا تھا،عرب میڈیا کے مطابق پولینڈ کے جھنڈے والی اس کشتی پر 6 افراد سوار تھے،اسرائیلی فوج نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی تمام کشتیوں کو قبضے میں لے کر تقریباً 500 کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، بارسلونا کی سابق میئر ادا کولو اور یورپی پارلیمنٹ کی رکن ریما حسن بھی شامل ہیں،اسرائیلی جیل انتظامیہ کے مطابق 200 سے زائد کارکنان کو صحرائے نقب کی جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف آبادی و امیگریشن اتھارٹی کے تحت کارروائی ہوگی۔

  • گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیل کی جانب سے روکے جانے پربلاول کا ردعمل

    گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیل کی جانب سے روکے جانے پربلاول کا ردعمل

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیل کی جانب سے روکے جانے پر ردعمل کا اظہار کردیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غزہ جانے والا کھانا اور دوا کوئی خطرہ نہیں، اسرائیل نے ڈاکٹروں اور رضاکاروں کو حراست میں لے کر انسانیت پر کھلا حملہ کیا ہے اسرائیل نے پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان کو گرفتار کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی،بلاول بھٹو زرداری نے گلوبل صمود فلوٹیلا سے گرفتار تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے،اُنہوں نے غزہ کے لیے انسانی راہداری اور فلسطین کے لیے انصاف کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے فلوٹیلا کے 200 افراد کو صحرائے نقب کی جیل منتقل کردیا،اسرائیلی میڈیا کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے تک فلوٹیلا کے امدادی کارکنان جیل میں قید رہیں گےگلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی اسرائیل نے قبضے میں لے لیا،پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی جیل منتقلی کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کشتیوں کو قبضے میں لینے اور گرفتاریوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے۔

  • شبلی فراز سمیت دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    شبلی فراز سمیت دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز سمیت دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 153 میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے جس میں طاہر صادق اور علی نواز اعوان بھی شامل ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق وزارت داخلہ کو ایک بار پھر خط لکھ دیا، جبکہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی،پی ٹی آئی کے سینیٹر مراد سعید اور حماد اظہر مقدمے میں پہلے ہی اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اے ٹی سی میں بانی پی ٹی آئی کی پیشی پر توڑ پھوڑ کا الزام ہے۔

  • گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ،کولمبیا بازی لے گیا،اسرائیلی  سفارتکارملک بدر

    گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ،کولمبیا بازی لے گیا،اسرائیلی سفارتکارملک بدر

    کولمبیا نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے بعد اپنے ملک میں موجود اسرائیلی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کیے جانے کے بعد اب کولمبیا کے صدر نے گزشتہ روز غزہ جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے بعد اسرائیل کے باقی ماندہ سفارتکاروں کو بھی ملک بدر کردیا۔،رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے کہا کہ اسرائیل کے تمام سفارتکار کولمبیا سے چلے گئے ہیں،میں نے اسرائیل کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدہ بھی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ سال 2024 میں کولمبیا نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں جاری قتل عام پر اسرائیل سے اپنے تعلقات منقطع کردیے تھے تاہم 4 اسرائیلی سفارتی اہلکار اب تک کولمبیا میں موجود تھے جنہیں اب ملک سے نکال دیا گیا ہے۔

  • موبائل انٹرنیٹ کی سست روی، پی ٹی اے کی وضاحت آ گئی

    موبائل انٹرنیٹ کی سست روی، پی ٹی اے کی وضاحت آ گئی

    ملک میں موبائل انٹرنیٹ کی سست روی پر ترجمان پی ٹی اے کا مؤقف آگیا۔

    ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک کے کئی شہروں میں موبائل انٹرنیٹ میں مسئلہ آیا تھا، موبائل انٹرنیٹ کی سست روی کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، ملک بھر میں اب انٹرنیٹ کی رفتار ٹھیک ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سستی روی کا شکار تھا۔ موبائل انٹرنیٹ کی سست روی کےباعث واٹس ایپ سروس بھی متاثر ہے، صارفین کو آڈیو ویڈیو کال اور فائل شیئرنگ میں شدید مشکلات کا سامنا رہا،سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے شکایات کیں ،ابھی پی ٹی اے نے دعویٰ کر دیا ہے کہ انٹرنیٹ ٹھیک ہو گیا ہے.

  • اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی بھی قبضے میں لے لی

    اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی بھی قبضے میں لے لی

    غزہ کے مظلوم عوام تک امداد پہنچانے کی کوشش ایک بار پھر اسرائیلی جارحیت کی نذر ہو گئی۔ فلسطین پر قابض اسرائیلی فورسز نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق، فلوٹیلا کی اس آخری کشتی پر پولینڈ کا جھنڈا لہرا رہا تھا، جس پر 6 امدادی کارکنان سوار تھے۔ یہ کشتی غزہ کی سمندری حدود سے تقریباً 43 ناٹیکل میل کے فاصلے پر تھی جب اسرائیلی بحریہ نے اسے روک کر قبضے میں لے لیا۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی بحریہ اب تک 43 کشتیوں کو قبضے میں لے چکی ہے جن میں دنیا بھر سے شریک تقریباً 500 کارکنان سوار تھے۔ ان میں سے 200 سے زائد افراد کو پہلے ہی جیل منتقل کیا جا چکا ہے، جب کہ بقیہ کو مختلف حراستی مراکز میں رکھا گیا ہے۔قابض فورسز کی جانب سے گرفتار ہونے والوں میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق، صمود فلوٹیلا کے 200 امدادی کارکنان کو صحرائے نقب کی جیل میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کارکنان ممکنہ طور پر اپنے اپنے ممالک کو ڈی پورٹ کیے جانے تک قید رہیں گے۔گلوبل صمود فلوٹیلا میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکنان، سیاسی رہنما اور سماجی شخصیات شامل تھیں جو غزہ کے محصور عوام کے لیے خوراک، ادویات اور بنیادی امداد لے کر جا رہے تھے۔ تاہم اسرائیلی بحریہ نے اس مشن کو ناکام بنانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کیں اور تمام کشتیاں اپنے قبضے میں لے لیں۔

  • چار ماہ تک بھائی کی بہن کے ساتھ زیادتی،لڑکی حاملہ ہوئی توکھلا انکشاف

    چار ماہ تک بھائی کی بہن کے ساتھ زیادتی،لڑکی حاملہ ہوئی توکھلا انکشاف

    تھانہ صدر بیرونی کے علاقے گلشن آباد میں بہن کو مسلسل 4 ماہ تک مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور حاملہ کرنے پر بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کاکہنا ہے کہ 18 سالہ بھائی چار ماہ تک 15 سالہ ہمشیرہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، بہن کے حاملہ ہونے پر حقیقت سامنے آئی، مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا.پولیس کو بچی کے والد اجمل جام نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ انکا تعلق بہاولپور سے ہے اور گلشن آباد میں کرائے کے مکان میں رہائش ہے، محنت مزدوری کرتا ہوں جبکہ 6 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے،15 سالہ بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہوئی تو بڑی بیٹی علاج کیلئے ڈاکٹر کے پاس لے گئی، ڈاکٹر نے چیک اَپ کے بعد بتایا کہ بچی حاملہ ہے، میری اہلیہ کو علم ہوا تو اس نے بچی سے پوچھا تو بچی نے ہوشربا انکشاف کیا کہ بیٹا شہزاد چار ماہ سے بہن کے ساتھ زیادتی کرتا رہا ہے، بیٹے کے فعل سے بیٹی حاملہ ہوئی جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے،پولیس کا کہنا تھا کہ 18 سالہ ملزم حجام کی دکان پر کام کرتا ہے جس کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • ریاست سب سے مقدم ،ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

    ریاست سب سے مقدم ،ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ گلے شکوے کا حل ریاست کے خلاف بندوق اٹھانا نہیں ہے، یہ وطن ہم سب کا ہے اور سب نے اس وطن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نوجوان ریاست کا اثاثہ، اساتذہ رہنمائی کا مینار ہیں۔ جھوٹا پروپیگنڈا نوجوانوں کو گمراہ نہیں کرسکتا، تعلیم اور اصلاحات ہی راستہ ہے،ملک دشمن سازشوں کو قومی یکجہتی سے ناکام بنایا جائے گا، مسنگ پرسن کا ایشو ریاست مخالف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔ ریاست سب سے مقدم ہے اور ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔بلوچستان میں گورننس کی بہتری کے لیے اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں، بلوچستان میں 16 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ بھرتی کر کے بند 3 ہزار 200 اسکول فعال کیے،کئی علاقوں میں پہلی بار سرکاری سطح پر طبی سہولتیں فراہم کی گئیں، مند میں پہلی ڈاکٹر کی تعیناتی اور بیکڑ اسپتال میں پہلے بچے کی پیدائش طبی سہولتوں کی فراہمی کا ثبوت ہیں،سردی میں ٹھٹرتے اور گرمی میں جھلستے عام بلوچستانی کو سہولتیں دینے کے لیے پرعزم ہیں

  • وزیر زراعت سندھ  کی یو اے ای قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی سے ملاقات

    وزیر زراعت سندھ کی یو اے ای قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی سے ملاقات

    کراچی: وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کی یو اے ای قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی سے ملاقات ہوئی ہے
    ملاقات میں ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ بھی موجود تھے،ملاقات میں زرعی شعبے میں تعاون کے امکانات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے، سندھ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے

    یو اے ای قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی کا کہنا تھا کہ سندھ کے زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، باہمی تعاون سے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ سندھ اور دوست ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے،میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ شہروں کی ترقی اور اربن ڈویلپمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، سکھر میں ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،