Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیر اعظم   کی فیلڈ مارشل کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوشگوار ماحول میں ملاقات

    وزیر اعظم کی فیلڈ مارشل کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوشگوار ماحول میں ملاقات

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین جمعرات کو یہاں وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی ملاقات میں شریک تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے قبل وائٹ ہائوس میں اپنی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہ کی آمد سے صحافیوں کو پرجوش انداز میں مطلع کیا اور ان کیلئے توصیفی کلمات ادا کیے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ملاقات کیلئے آ رہےہیں ، دونوں بہترین شخصیات ہیں ، مجھے پہنچنے میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے ، وہ خوبصورت اوول آفس پہنچ چکے ہیں، ابھی کچھ دیر میں ان سے ملاقات ہوگی۔

    قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا امریکی صدر سے ملاقات کیلئے اینڈریو ایئر بیس پہنچنے پر ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے شاندار استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک گئے تھے جہاں وہ جمعہ کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کی گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر بھی امریکی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

  • بحر ہند کے خطے میں تزویراتی تبدیلیوں پر  میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس کی کانفرنس اختتام پذیر

    بحر ہند کے خطے میں تزویراتی تبدیلیوں پر میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس کی کانفرنس اختتام پذیر

    پاکستان نیوی وار کالج ، لاہور میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس کے زیرِ اہتمام "بدلتی لہریں دوبارہ زیرِ غور، بحرِ ہند کے خطے میں تزویراتی تبدیلیاں، ایک سال بعد” کے عنوان سے دوسری بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرنس میں بحر ہند کے بدلتے ہوئے اسٹریٹجک منظرنامے، عالمی طاقتوں کی بڑھتی ہوئی چپقلش، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے اثرات، اور پاکستان کی حکمتِ عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے سابق سربراہ جنرل زبیر محمود حیات (ریٹائرڈ) نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اگر سمندر کے راستے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت یا شرارت کی گئی تو اس کے بعد کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔ کسی ابہام کی گنجائش نہیں، پاکستان کا جواب فوری، غیر متوقع اور مؤثر ہوگا۔

    سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بحر ہند کے بدلتے ہوئے میری ٹائم چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے سفارتی بصیرت، علاقائی تعاون اور کثیرالجہتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

    اس سے قبل، صدر میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد اعظمی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کانفرنس کی افتتاحی تقریر کی اور IOR کی اسٹریٹجک اہمیت و عالمی تنازعات سے جنم لینے والے چیلنجز پر گفتگو کی۔

    دیگرنامور مقررین میں مشیر این سی اے اور سابق ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل خالد احمد قدوائی (ریٹائرڈ) شامل تھے۔ سابق سیکرٹری خارجہ سفیر اعزاز احمد چوہدری؛ وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق (ریٹائرڈ)؛ صدر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز وائس ایڈمرل احمد سعید (ریٹائرڈ)؛ صدر سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز اسلام آباد ایئر مارشل جاوید احمد (ریٹائرڈ)؛ ڈائریکٹر بیرونی روابط QAU پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ ملک؛ ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ (ریٹائرڈ)؛ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ بریگیڈیئر ڈاکٹر نعیم سالک (ریٹائرڈ) شامل تھے.

    کانفرنس میں سرکردہ سفارت کاروں، دفاعی ماہرین، میڈیا اراکین ، اسکالرز اور یونیورسٹی کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جو بحر ہند کے خطے کی ابھرتی ہوئی حرکیات میں وسیع پیشہ ورانہ اور علمی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔

    CONFERENCE ON STRATEGIC REALIGNMENTS IN THE INDIAN OCEAN REGION CONCLUDES IN LAHORE

  • جوئے کی آن لائن تشہیر،یوٹیوبرز کے خلاف مقدمہ درج

    جوئے کی آن لائن تشہیر،یوٹیوبرز کے خلاف مقدمہ درج

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن جوا اور غیر قانونی ٹریڈنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر میں ملوث مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 3 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقدمات اقرا کنول عرف "سسٹرولوجی”، ندیم مبارک عرف "نانی والا” اور محمد حسنین شاہ کے خلاف قائم کیے گئے ہیں۔ تحقیقاتی ادارے کے مطابق ان تینوں یوٹیوبرز پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ ایپس کی تشہیر میں ملوث رہے اور عوام کو غیر حقیقی منافع کے لالچ دے کر ان ایپس میں سرمایہ کاری کے لیے اکساتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ملزمان کو تین مرتبہ نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا تاکہ ان کا مؤقف لیا جا سکے، لیکن انہوں نے جان بوجھ کر تفتیش میں شامل ہونے سے گریز کیا۔مقدمات کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ یوٹیوبرز اپنے لاکھوں فالوورز کے ذریعے پاکستانی عوام کو گمراہ کرتے رہے اور غیر قانونی سرمایہ کاری کے جال میں پھنسا کر مالی نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔

    این سی سی آئی اے کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور اس حوالے سے دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ایسے فراڈ اور جوا نما ایپلیکیشنز سے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • سابق فرانسیسی صدر کو کرپشن کیس میں قید کی سزا

    سابق فرانسیسی صدر کو کرپشن کیس میں قید کی سزا

    فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی سے 2007 کی انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈنگ اسکیم میں ملوث ہونے پر 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس فیصلے کے بعد نکولس سرکوزی جنگِ عظیم دوم کے بعد جیل جانے والے پہلے فرانسیسی سربراہ مملکت بن جائیں گے،عدالت نے انہیں مجرمانہ سازش کے الزام میں مجرم قرار دیا، تاہم کرپشن اور ذاتی طور پر غیر قانونی فنڈز وصول کرنے کے الزامات سے بری کر دیا۔،فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹرز ایک ماہ کے اندر سرکوزی کو مطلع کریں گے کہ انہیں کب جیل بھیجا جائے گا اور اگر سرکوزی نے اس فیصلے پرا پیل کی تب بھی یہ فیصلہ برقرار رہے گا،70 سالہ نکولس سرکوزی پر ایک لاکھ یورو (ایک لاکھ 17 ہزار ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا گیا اور انہیں سرکاری عہدہ رکھنے سے روک دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ انہیں اس سے قبل بھی دو مقدمات میں بھی سزا سنائی جاچکی ہے تاہم وہ جیل جانے سے بچے رہے،سز ا سننے کے بعد عدالت سے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرکوزی نے اعلان کیا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ قانون کی حکمرانی کے لیے نہایت سنگین ہے۔

  • مرکزی مسلم لیگ کی امدادی سرگرمیاں،جلال پور میں فیصل آباد کی ایک اور خیمہ بستی قائم

    مرکزی مسلم لیگ کی امدادی سرگرمیاں،جلال پور میں فیصل آباد کی ایک اور خیمہ بستی قائم

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جلالپور پیر والا میں مرکزی مسلم لیگ نےایک اور خیمہ بستی قائم کر دی،قاری محمد یعقوب شیخ نے لودھراں اور بہاولپور میں خیمہ بستی کا دورہ کیا ہے،متاثرین میں کھانے کی تقسیم کے علاوہ ادویات ،بچوں کے لئے دیگر اشیا بھی فراہم کی جا رہی ہیں،مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے سلنڈر کی کھیپ روانہ کر دی گئی. تحصیل لیاقت پور ترنڈا محمد پناہ میں 11ویں مددگار اسکول کا افتتاح کر دیا گیا

    پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار متحرک ہیں،خیمہ بستیوں میں متاثرین میں کھانے کی تقسیم کے علاوہ کشتیوں میں کھانا پہنچایا جا رہا ہے،مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کی جانب سے جلال پور پیر والا میں ایک اور خیمہ بستی لگا دی گئی ہے،دونوں خیمہ بستیوں میں ڈھائی سو سے زائد خاندان آباد ہیں ،خیمہ بستیوں میں متاثرین کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ مسجد، اسکول، میڈیکل کیمپ، فیلڈ ہسپتال، کچن اور خصوصی ڈسپوزیبل واش رومز بھی قائم کیے گئے ہیں۔متاثرینِ سیلاب کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہر خیمے میں سولر پینل اور سولر پر چلنے والے پنکھے فراہم کیے گئے ہیں،متاثرین کو پانی کے کولر اور چارپائیاں بھی دی گئی ہیں،خصوصی تقریب کے دوران متاثرین کو امدادی سامان باعزت طریقے سے تقسیم کیا گیا۔ تقریب میں صدر وسطی پنجاب، محمد احسن تارڑ سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد اور چیمبر آف کامرس فیصل آباد کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی۔

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کےجوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان چوہدری شفیق الرحمن، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ ڈویژن شیخ فیاض احمد اور سیکرٹری جنرل سیالکوٹ انجینئر اعجاز نصر نے سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ ضلع لودھراں صفی اللہ کمبوہ کے ہمراہ لودھراں میں قائم خیمہ بستی برائے سیلاب متاثرین کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیالکوٹ کی جانب سے خیمہ بستی میں مقیم متاثرہ خاندانوں کے لیے بستر، چارپائیاں، گھریلو ضرورت کی اشیاء اور راشن تقسیم کیا گیا جبکہ ننھے بچوں کو گفٹ پیک بھی پیش کیے گئے،مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے بنیادی ضروریات کی اشیاء پہنچانے کا عمل زورو شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں سلنڈرز کی بڑی کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں میں اپنا بھرپور حصہ ڈال کر انہیں عملی زندگی میں واپس لانے کیلئے کوشاں ہیں،مرکزی مسلم لیگ سندھ کی جانب سے جلال پور میں ماڈل خیمہ بستی میں متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں

    لودھراں، عارفوالا،پاکپتن، قصور، سیالکوٹ، اوکاڑہ ،سیت پور، بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں مرکزی مسلم لیگ کا سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف پروگرام جاری ہے

  • چاغی میں بڑی کاروائی،دو جہنم واصل،ایک دہشتگرد گرفتار،وزیراعلیٰ نے بتائی تفصیل

    چاغی میں بڑی کاروائی،دو جہنم واصل،ایک دہشتگرد گرفتار،وزیراعلیٰ نے بتائی تفصیل

    چاغی میں سکیورٹی فورسز کی بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف اہم کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک پکڑا گیا۔

    اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گرفتار دہشت گرد جہانزیب کی ویڈیو اور اعترافی بیان میڈیا کے سامنے پیش کر دیا،وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 4 دن پہلے چاغی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، ان دہشت گرد وں کو نشانہ بنایا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک پکڑا گیا،ہ دہشت گرد جہانزیب نے ہتھیار ڈال دیے، دیگر ساتھی آپریشن میں مارے گئے، دہشت گرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دہشت گرد جہانزیب نے ویڈیو بیان میں مختلف کارروائیوں کا اعتراف کرلیا۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ چینی باشندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے تھے ، دہشت گرد جہانزیب دالبندین میں ہتھیار اور دیگر مواد سپلائی کرتا تھا،یہ بھارتی را کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ ہے بلوچستان میں قیام امن کیلئے اقدامات کررہے ہیں، دہشت گردوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، دہشت گرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین فضائی اور زمینی آپریشن ضروری ہے،پہلے دن سے کہہ رہاہوں کہ یہ را بیسڈ ، را فنڈڈ جنگ ہے ، بھارت پاکستان کے تمام دشمنوں کو اکھٹا کرنا چاہتا ہے،4 جی سروسز بند کرنے پر ہمارے پر بڑی تنقید ہوئی ،دہشت گردوں کی کمیونیکیشن کو روکنا ضروری ہے۔کسی کو بلوچستان کا امن متاثر نہیں کرنے دیں گے، دہشت گردوں کو ریاست مخالف بیانیہ بنانے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

  • شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید سعودی عرب میں مفتی اعظم مقرر

    شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید سعودی عرب میں مفتی اعظم مقرر

    ریاض: خانہ کعبہ کے امام اور ممتاز اسلامی اسکالر شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کو سعودی عرب کا نیا مفتی اعظم اور علما کی سینئر کونسل کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری سابق مفتی اعظم کے انتقال کے بعد عمل میں لائی گئی۔

    شاہی عدالت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شیخ صالح بن حمید کو ملک کے سب سے بڑے مذہبی اور فقہی منصب پر فائز کیا گیا ہے۔ ان کی ذمہ داریوں میں علما کی سینئر کونسل اور مستقل کمیٹی برائے اسلامی تحقیق کی سربراہی، امت کو دینی و فقہی رہنمائی فراہم کرنا، اہم مسائل پر مستند فتوے دینا اور مذہبی بیانیے کو منظم کرنا شامل ہوگا۔

    شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید 1950 میں سعودی عرب کے شہر بریدہ (صوبہ قصیم) میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کم عمری میں قرآن پاک حفظ کیا اور ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی، بعدازاں مکہ مکرمہ منتقل ہو گئے۔ جامعہ ام القریٰ سے انہوں نے شریعت میں بی اے، فقہ و اصول الفقہ میں ایم اے اور بعد ازاں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔1984 سے وہ مسجد الحرام میں امامت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج بھی دے چکے ہیں، جسے پوری مسلم دنیا میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ وہ تاریخ کے پہلے امام ہیں جنہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے ساتھ مسجد الحرام میں امامت کا شرف حاصل کیا۔

    شیخ صالح نے تدریس کا آغاز جامعہ ام القریٰ سے کیا جہاں وہ فقہ کے لیکچرار اور بعد ازاں مختلف شعبہ جات کے سربراہ رہے۔ 2007 میں انہیں اسلامی فقہ اکیڈمی میں سعودی عرب کا نمائندہ مقرر کیا گیا اور اسی سال صدر بھی منتخب ہوئے۔انہوں نے 2009 میں شوریٰ کونسل کے چیئرمین، سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ اور شاہی دیوان کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ 2011 میں وہ وزیر کے درجے پر شاہی دیوان کے مشیر تعینات ہوئے۔شیخ بن حمید کی متعدد علمی کتب اور تحقیقی مقالات شائع ہو چکے ہیں۔ ان میں رفع الحرج فی الشریعة الإسلامیة، الفقہ الکامل للنوازل، الحوار وضوابطه، الأسرة السعیدة، الخلاف بین الزوجین اور الاجتهاد الجماعی وأھمیتہ فی النوازل المعاصرة شامل ہیں۔2016 میں انہیں خدمتِ اسلام کے اعتراف میں شاہ فیصل انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں اسلامی فقہ اکیڈمی میں قائدانہ کردار اور جدید فقہی مسائل پر ان کی علمی رہنمائی کے باعث دیا گیا۔

    ماہرین کے مطابق شیخ صالح بن حمید کی تقرری سعودی عرب کے علمی و مذہبی اداروں میں نئی فکری جہت لے کر آئے گی۔ ان کی علمی بصیرت اور فقہی خدمات نہ صرف سعودی عرب بلکہ عالمی سطح پر بھی امتِ مسلمہ کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

  • سپریم کورٹ،منشیات اسمگلنگ،ملزم کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

    سپریم کورٹ،منشیات اسمگلنگ،ملزم کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

    سپریم کورٹ ، منشیات اسمگلنگ کیس،ملزم کی اپیل پر سماعت ہوئی.

    آج نیوز کے مطابق جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مجرم ظفراللہ کی اپیل پر سماعت کی۔ ظفراللہ پر الزام ہے کہ اس کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی تھی جس پر اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی،ابتدا میں جب ملزم کی قومیت کاکڑ بتائی گئی تو جسٹس ہاشم کاکڑ نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سخی سرور کا علاقہ خیبرپختونخوا میں آتا ہوگا، اس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ملزم کاکڑ ہے اور بلوچستان کا رہائشی ہے، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے مزید برجستگی دکھاتے ہوئے کہا کہ ملزم کاکڑ ہے تو کیا ہے؟ میرا کون سا ملزم واقف ہے،سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی،یہ سن کر جسٹس ہاشم کاکڑ نے دلچسپ سوال کیا، کیا ملزم چرس گاڑی پر لے جا رہا تھا؟‘ وکیل کی جانب سے جواب آیا کہ نہیں، ملزم پیدل ہی چرس لے کر جا رہا تھا ،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا، پھر تو ملزم کی سزا چرس پر نہیں بلکہ بے وقوفی پر ہوئی ہے،

    ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ برآمدگی کرنے والا پولیس افسر ہی تفتیشی افسر بھی بنا، یہاں تک کہ وہی چرس لے کر فرانزک کے لیے گیا۔ جس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے طنزیہ انداز میں کہا، پولیس والے کے ہاتھ ایک کاکڑ آگیا، اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے مزید ریمارکس دیے کہ پولیس والا تو ملزم کے خلاف ون مین شو بن گیا،ریکارڈ کے مطابق اس وقت تھانے میں دو مزید انسپکٹر موجود تھے لیکن شکایت کنندہ اور تفتیشی ایک ہی افسر کو بنایا گیا، جس پر عدالت نے اس عمل پر بھی سوالات اٹھائے۔ عدالت نےبعد ازاں فیصلہ محفوظ کر لیا.

  • بیوی کی اجازت کے بغیر شادی ،ملزم کی سزا برقرار

    بیوی کی اجازت کے بغیر شادی ،ملزم کی سزا برقرار

    لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر شہری کی سزا و جرمانہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا.

    لاہور ہائیکورٹ میں بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر سزا کے خلاف شہری کی اپیل پر سماعت ہوئی،وکیل نے کہاکہ محمد حسین نے پہلی شادی 1999،دوسری 2017میں کی،لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ کیا بیوی پرانی ہو جائے تو نئی شادی کا جواز بن جاتا ہے،اگر خواتین بھی ایسا کریں تو معاشرے کا کیا حال ہوگا؟ٹرائل کورٹ نے سزا معقول وجوہات کی بنیاد پر سنائی،لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری کی اپیل مسترد کردی،عدالت نے شوہر کو 3ماہ قید اور 10لاکھ جرمانہ برقرار رکھا۔

  • عامر خان کی گرل فرینڈ گوری فوٹو گرافرز  پر برس پڑیں

    عامر خان کی گرل فرینڈ گوری فوٹو گرافرز پر برس پڑیں

    بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ پاپرازی (فوٹو گرافرز) پر برس پڑیں۔

    عامر خان نے جب 60 برس کی عمر میں اپنے رشتے کا اعلان کیا اور اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کو متعارف کرایا تو سب حیران رہ گئے تھے،عامر نے واضح کیا تھا کہ گوری کو شہرت کی خواہش ہے نہ ہی میڈیا کی توجہ پسند ہے۔ تاہم اس کے باوجود ہر بار جب وہ شہر میں نظر آتی ہیں فوٹوگرافرز ان کا پیچھا کرتے ہیں، جس نے آخرکار انہیں ناراض کر دیا۔

    گوری جب چہل قدمی کے لیے نکلیں تو فوٹوگرافرز کو اپنے پیچھے دیکھ کر انہوں نے سخت جھنجھلاہٹ کا اظہار کیا۔،سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ارے مجھے اکیلا چھوڑ دو نا، میں بس واک پر جا رہی ہوں۔

    اس سے قبل عامر خان کو ایئرپورٹ پر گوری کے ساتھ دیکھا گیا تھا، پاپرازی کے کیمروں نے ان دونوں کے درمیان ہونے والے مختصر رومانوی لمحات بھی قید کرلیے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئے تھے۔

    عامر خان نے حالیہ دنوں میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ انہوں نے اپنی زندگی میں گوری کے آنے کے بعد بدلا، اداکار نے کہا کہ گوری مجھے اس وقت ملی جب میں سمجھ بیٹھا تھا کہ اب میری عمر گزر چکی ہے، میں نے تھراپی شروع کی تھی اور وہاں سے سیکھا کہ پہلے خود سے محبت کرنی چاہیے، تبھی آپ دوسروں کو سچ میں محبت دے سکتے ہیں۔