Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ جاری،بابر اور صائم ایوب کی تنزی

    ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ جاری،بابر اور صائم ایوب کی تنزی

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت کے تلک ورما ایک درجہ بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر قابض ہیں،پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 31 درجے کی لمبی چھلانگ کے بعد 24 ویں نمبر پر آگئے جبکہ بابر اعظم 9 درجے تنزلی کے بعد 35 ویں اور صائم ایوب 8 درجہ تنزلی کے بعد 55ویں نمبر پر چلے گئے،سری لنکا کے چریتھ اسالانکا 6 درجہ بہتری کے بعد 49 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورن چکرورتی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان کے ابرار احمد 12 درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر قابض ہوگئے ہیں،بنگلادیش کے مستفیض الرحمٰن 6 درجہ بہتری کے بعد 9ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ افغانستان کے راشد خان 1 درجہ بہتری کے بعد ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے،سفیان مقیم 3 درجہ تنزلی کے بعد 14ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ شاہین آفریدی 2 درجہ بہتری کے بعد 25ویں اور حارث رؤف 9 درجہ بہتری کے بعد 28 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے اور پاکستان کے صائم ایوب کی پانچویں پوزیشن برقرار ہ،سری لنکا کے وانندو ہسارنگا ایک درجہ ترقی کے بعد ساتویں، افغانستان کے راشد خان 5 درجے بہتری کے بعد 12ویں اور فہیم اشرف 12 درجے بہتری کے بعد 39 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

  • گوگل نے پاکستان میں  اے آئی پلس پلان متعارف کرا دیا

    گوگل نے پاکستان میں اے آئی پلس پلان متعارف کرا دیا

    گوگل نے آج پاکستان میں گوگل اے آئی پلس (Google AI Plus) پلان متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کا نیا پلان صارفین کو گوگل اے آئی کے ذریعے مزید کام کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی غرض سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ نیا پلان لوگوں کو اپنی پیداواری اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کرنے کے لیے طاقتور AI ٹولز تک اضافی رسائی فراہم کرتا ہے اور یہ سب نہایت باکفایت قیمت پر دستیاب ہیں۔

    گوگل اے آئی پلس پلان کے تحت پاکستان میں صارفین درج ذیل فوائد حاصل کر سکتے ہیں:
    ● جیمنائی ایپ میں امیج جنریشن اور ایڈیٹنگ یعنی Nano Banana کے لیے زیادہ گنجائش
    ● جیمنائی 2.5 پرو تک مزید رسائی، جو پیچیدہ سوالات کے لیے گوگل کا سب سے طاقتور اے آئی ماڈل ہے
    ● ویڈیو جنریشن ماڈل Veo 3 Fast تک رسائی، جو جیمنائی، Whisk، اور Flow میں دستیاب ہے۔
    ● جی میل، ڈاکس، شیٹس اور دیگر گوگل سروسز میں جیمنائی کا انضمام ۔
    ● فوٹوز، ڈرائیو، اور جی میل میں 200 جی بی اسٹوریج کی سہولت۔

    اے آئی پلس کے حوالے سے گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر،فرحان قریشی نے کہا: ”پاکستان کا ڈیجیٹل منظر نامہ تیزی سے ترقی کررہا ہے ، اور ہمیں پاکستانیوں کی تخلیقی صلاحیتوں نے متاثر کیا ہے جو انہوں نے اے آئی ٹولز کو اپنانے میں دکھائی ہیں۔ گوگل اے آئی پلس کی صورت میں ہم ان ٹولز کو ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے قابل رسائی بنا رہے ہیں۔ یہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا بنیادی حصہ ہے تاکہ ہر شخص اپنی پیداواری صلاحیت ، تخلیقی صلاحیت اور سیکھنے کے عمل کو اے آئی کے ذریعے بہتر بنا سکے۔ “اس کے علاوہ ، صارفین، اپنے خاندان کے پانچ دیگر افراد کے ساتھ بھی،ورک اسپیس میں جیمنائی سے لے کر 200 جی بی اسٹوریج تک، تمام فوائد شیئر کرسکتے ہیں۔اس طرح ہر فرد ایک ہی پلان کے تحت بہتر گوگل کا تجربہ حاصل کرسکتا ہے۔

    گوگل اے آئی پلس آج سے پاکستان میں، 1,400 روپے ماہانہ پر دستیاب ہے۔ محدود مدت کے لیے، پہلی مرتبہ سبسکرائب کرانے والے صارفین کو ابتدائی چھ ماہ کے لیے 50فیصد رعایت دی جائے گی۔ گوگل اے آئی پلس کے بارے میں مزید معلومات دستیاب ہے۔

  • ساہیوال، غیر رجسٹرڈ این جی او سے 18 کمسن بچے بازیاب، بچوں پر تشدد کے انکشافات

    ساہیوال، غیر رجسٹرڈ این جی او سے 18 کمسن بچے بازیاب، بچوں پر تشدد کے انکشافات

    ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک غیر رجسٹرڈ این جی او کی غیر قانونی تحویل سے 18 کمسن بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔ بازیاب بچوں کی عمریں 5 سے 10 سال کے درمیان ہیں جبکہ ان پر تشدد اور بدسلوکی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

    چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی کے دوران بچوں کی مجموعی حالت تسلی بخش نہیں پائی گئی۔ ان کے جسمانی و ذہنی فلاح و بہبود کو بری طرح نظرانداز کیا گیا اور مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔سارہ احمد کے مطابق بازیاب بچوں میں سے 17 کا تعلق بلوچستان سے ہے جبکہ ایک بچہ پنجاب کا رہائشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت تشویشناک ہے کہ معصوم بچوں کو ایک غیر رجسٹرڈ تنظیم کے ذریعے غیر قانونی طور پر رکھا گیا اور ان کے بنیادی حقوق سلب کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان بچوں کے والدین اور لواحقین کو تلاش کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ بچوں کو جلد از جلد اپنے خاندانوں کے سپرد کیا جا سکے۔ دوسری جانب غیر رجسٹرڈ این جی او کے خلاف مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ ہونے والے مظالم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق بازیاب کیے گئے بچوں کو فوری طور پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حفاظتی مراکز منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • پیپلز پارٹی سے عوامی منصوبے میں ریلیف کی توقع نہ کی جائے،فاروق ستار

    پیپلز پارٹی سے عوامی منصوبے میں ریلیف کی توقع نہ کی جائے،فاروق ستار

    متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور میئر کراچی کوئی کام سیدھے طریقے سے کردیں تو ہزاروں ڈالر انعام رکھنا چاہیے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ گرین لائن کا منصوبہ چند ماہ میں مکمل ہونا تھا، 18 ستمبر کو گرین لائن منصوبے پر کام روک دیا گیا، 2017 میں گرین لائن کی این او سی لی گئی تھی، اس کام کو زبردستی روکا گیا تھا کیونکہ اس کا سہرا ایم کیو ایم کو ملتا، جو کراچی کے میئر ہیں ان سے یہ بات ہضم نہیں ہوئی، سندھ حکومت ریڈ لائن کے منصوبے میں ابھی پھنسی ہوئی ہے، کتنے منصوبے ہیں جو پیپلز پارٹی نے مکمل نہیں کیے، میں گنوا سکتا ہوں، پیپلز پارٹی سے عوامی منصوبے میں ریلیف کی توقع نہ کی جائے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ 2008 سے اب تک یہ کے فور منصوبے پر بیٹھے رہے مگر کچھ نہیں ہوسکا، کے فور منصوبہ مکمل ہونے جارہا ہے یہ صرف ایم کیو ایم کی وجہ سے ہو رہا ہے، ایک مسئلہ ہے کہ پانی تو آ جائے گا مگر اس کی تقسیم کا کیا ہوگا۔

  • گرین لائن کا کام میئر کراچی نے بند کروا دیا،ترجمان حکومت پاکستان

    گرین لائن کا کام میئر کراچی نے بند کروا دیا،ترجمان حکومت پاکستان

    ترجمان حکومت پاکستان برائے اطلاعات سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزمان انصاری کا کہنا ہے گرین لائن کا کام اچھا چل رہا تھا لیکن پتہ چلا میئر کراچی نے سٹی وارڈنز کو بھجوا کر کام بند کروا دیا ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے ترجمان حکومت پاکستان برائے اطلاعات سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ اگر کام کرنے دیا جائے تو جون 2026 تک گرین لائن کا کام مکمل کرلیں گے، یہ بے بنیاد بات ہے کہ گرین لائن کے دوسرے مرحلے کا کام 2035 تک مکمل نہیں ہو گا، کسی پوائنٹ اسکورنگ کی بات نہیں میئر کراچی سے درخواست کرتا ہوں کہ مل کر کراچی کی خدمت کریں، گرین لائن کے دوسرے مرحلے کا پچھلے دنوں جائزہ لیا، کام اچھا چل رہا تھا، پتہ چلا میئر نے گرین لائن پر کام رکوا دیا ہے، طریقہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اگر اعتراض ہوتا ہے تو نوٹس بھیجا جاتا ہے، میئر کراچی نے زبردستی سٹی وارڈنز بھیج کر کام بند کروا دیا، وفاقی حکومت کو یومیہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، گرین لائن کا دوسرا فیز کامن کوریڈور ہے، مستقبل میں ساری بی آر ٹی بسیں اس پر چلیں گی۔

    راجا خلیق الزمان انصاری کا کہنا تھا وفاق نے ساڑھے 5 ارب روپے کی رقم مختص کی ہوئی ہے، وفاق چاہتا ہے کراچی کو اچھی ٹرانسپورٹ کی سہولیات ملیں، اس حوالے سے پی آئی ڈی سی ایل حکام سے بات کی ہے، گرین لائن وفاقی حکومت کا فنڈڈ منصوبہ ہے جس کا سنگ بنیاد 2016 میں میاں نواز شریف نے رکھا تھا، 10 مارچ 2025کو گرین لائن کو سندھ حکومت کے حوالے کیا، پہلے باون ہزار مسافر سفر کرتے تھے، اب 82 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں، چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت، میئر آفس اور وفاقی حکومت مل کر کام کریں۔

  • یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف جوا اور سٹے بازی کی تشہیر پر مقدمہ درج

    یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف جوا اور سٹے بازی کی تشہیر پر مقدمہ درج

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف جوا اور سٹے بازی والی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق رجب بٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ویڈیوز اور اشتہارات کے ذریعے عوام کو جوا اور سٹے بازی والی ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسایا، جس کے نتیجے میں عوام کی محنت کی کمائی ضائع ہوئی۔ ایجنسی کے مطابق رجب بٹ نہ صرف ان ایپس کی تشہیر میں سرگرم رہے بلکہ ایک معروف بیٹنگ ایپ کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے ملزم کو بارہا انکوائری کے لیے طلب کیا مگر وہ پیش نہ ہوئے، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات سے معاشرتی بگاڑ پیدا ہو رہا ہے اور نوجوان نسل کو جوا کھیلنے کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔

    این سی سی آئی اے نے اس سلسلے میں مزید دو یوٹیوبرز انس علی اور ہریرا کے خلاف بھی جوا پروموٹ کرنے کے الزام میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جوا اور سٹے بازی کی ترویج کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کراچی میں ٹریفک کیلیے نیا قانون، شرجیل میمن نے بتا دیا

    کراچی میں ٹریفک کیلیے نیا قانون، شرجیل میمن نے بتا دیا

    سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین اور عوامی تحفظ کے لیے سندھ موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترامیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ترامیم کے تحت بھاری کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو نئی شرائط پر عمل کرنا لازم قرار دیا گیا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ،گاڑیوں کی مقررہ عمر کی حد اور جدید حفاظتی نظام کا نفاذ لازمی ہوگا،اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بھاری کمرشل گاڑیاں اب محکمہ ٹرانسپورٹ کے قائم مراکز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں گی، خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی مالکان پر بھاری جرمانےعائد کیے جائیں گے اور جرمانے کی تمام رقوم آن لائن سندھ حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع ہوں گی۔

    وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ قانون ایک سال کے اندر نافذ العمل ہوگا، تمام گاڑیوں کے لیے روڈ ورتھ ٹیسٹ لازمی ہوگا، خلاف ورزی پر پہلے مرحلے میں معمولی جرمانہ، دوسری بار 2 لاکھ روپےجرمانہ ہوگا جب کہ تیسری بار خلاف ورزی پر 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا،نئی ترامیم میں گاڑیوں کی عمر کی حد بھی مقرر کردی گئی ہے، انٹر پروونشل روٹس پر 20 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کو پرمٹ نہیں دیا جائے گا، انٹرسٹی روٹس پر 25 سال سے زائد پرانی گاڑیاں چلانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ شہروں کے اندر چلنے والی گاڑیوں کے لیے عمر کی حد 35 سال مقرر کی گئی ہے، کسی بھاری یاہلکی کمرشل گاڑی کو بغیر ٹریکنگ اورحفاظتی نظام چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، ہر گاڑی میں جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس، سامنے اورپچھلے رخ کیمرے لگانا لازمی ہوگا، ڈرائیورمانیٹرنگ کیمرا اور 360 ڈگری کیمرہ سسٹم لگانا ہوگا جب کہ ہر گاڑی میں انڈر رن پروٹیکشن گارڈز لگانا بھی لازمی کیا گیا ہے، اس سے حادثات کے دوران چھوٹی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں محفوظ رہ سکیں گے،یہ تمام آلات مکمل طور پر فعال حالت میں ہونا ضروری ہیں، اگر کسی گاڑی میں نظام نصب نہ پایا گیا یا جان بوجھ کر خراب کیا گیا تو بھاری جرمانہ ہوگا، اس صورت میں گاڑی کو عارضی طور پر بند کر دیا جائے گا اور 14 دن کے اندر اصلاح نہ ہونے پر رجسٹریشن مستقل منسوخ کردی جائے گی۔

  • رشوت کی کمائی میں کبھی برکت نہیں ہوتی،وزیراعلیٰ پنجاب

    رشوت کی کمائی میں کبھی برکت نہیں ہوتی،وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس کا قیام ان کا خواب تھا جو آج حقیقت بن گیا ہے، یہ فورس عوام کے لیے سہولت اور تحفظ کی علامت ہے۔ پنجاب حکومت عوام کی زندگی آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور تجاوزات کے خاتمے پر بالخصوص خواتین نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس فورس میں باصلاحیت خواتین کو شامل کیا گیا ہے تاکہ خواتین شہری بھی خود کو زیادہ محفوظ محسوس کریں.مریم نواز نے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے جس طرح امن قائم کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعض اضلاع ایسے ہیں جہاں اب جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں اور جہاں ماضی میں جرائم عام تھے وہاں اب لوگ کہتے ہیں کہ حقیقی معنوں میں امن قائم ہو گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے رشوت کے خلاف دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا "رشوت کی کمائی میں کبھی برکت نہیں ہوتی۔ جتنی تیزی سے رشوت کی آمدنی آتی ہے اتنی ہی تیزی سے ختم بھی ہو جاتی ہے۔”انہوں نے کاروباری طبقے کو نصیحت کی کہ جائز منافع کمانا حق ہے مگر جب منافع حد سے بڑھ جائے اور عوام کا استحصال ہونے لگے تو حکومت کو مداخلت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو حکومت کی مقررہ ریٹ لسٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔مریم نواز نے زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز قبضے کے خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کی جا رہی ہے۔زمینوں پر قبضے کے مقدمات سننے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔یہ عدالتیں 90 دن کے اندر کیسز کا فیصلہ کریں گی۔بیواؤں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کو کم از کم 10 سال قید کی سزا دی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے زور دے کر کہا کہ ان کا خواب ہے کہ پنجاب ماں بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنے اور عوام کو ظلم و ناانصافی سے مکمل تحفظ ملے۔

  • قائداعظم کے نواسے پر ممبئی میں مقدمہ درج

    قائداعظم کے نواسے پر ممبئی میں مقدمہ درج

    ممبئی پولیس نے بانی پاکستان قائداعظم کے نواسے نُسلی واڈیا اور اہل خانہ کے خلاف جعلی دستاویزات کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا

    ممبئی پولیس نے بھارت کے معروف صنعت کار اور واڈیا گروپ کے چیئرمین نُسلی نیول واڈیا، ان کی اہلیہ، بیٹوں سمیت سات افراد کے خلاف جعلی دستاویزات کے استعمال کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ کارروائی فیرانی ہوٹلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ جاری ایک پرانے تنازع کے دوران مبینہ طور پر عدالت میں جھوٹی دستاویزات جمع کرانے پر عمل میں لائی گئی۔

    پولیس کے مطابق یہ مقدمہ بوریولی کی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالت کے 20 ستمبر کے حکم پر درج کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ نُسلی واڈیا، ان کی اہلیہ موریئن واڈیا، بیٹے نیس واڈیا اور جہانگیر واڈیا، کے ایف بھروچا، ایچ جے بامجی اور آر ای وانڈے والا کے خلاف دھوکہ دہی اور جعل سازی کے الزامات پر کارروائی کی جائے۔

    یہ کیس ایک 30 سال پرانے ترقیاتی معاہدے سے جڑا ہے جو واڈیا خاندان اور فیرانی ہوٹلز کے درمیان ممبئی کے علاقے ملاڈ کی ایک زمین پر ہوا تھا۔ معاہدے کے مطابق زمین کی تعمیر و ترقی بلڈر کے راجہ گروپ کے ساتھ ہونی تھی اور اس کی مجموعی فروخت کا 12 فیصد حصہ واڈیا خاندان کو ملنا تھا،تاہم 2008 میں فریقین کے درمیان تنازعات شروع ہوئے اور معاملہ مختلف عدالتوں، بشمول بمبئی ہائی کورٹ اور بھارتی سپریم کورٹ تک جا پہنچا۔

    فیرانی ہوٹلز کے سی ای او مہندر چندے نے پولیس کو شکایت دی تھی کہ 2010 میں واڈیا گروپ کے نمائندوں نے اس تجارتی تنازع کے دوران بمبئی ہائی کورٹ میں جعلی کاغذات جمع کرائے۔مہندر چندے کے مطابق انہوں نے پہلے 15 مارچ 2025 کو بگنگر نگر پولیس اور پھر 24 مارچ کو ممبئی پولیس کمشنر کو شکایت دی، تاہم کوئی کارروائی نہ ہونے پر وہ بوریولی کی عدالت سے رجوع پر مجبور ہوئے، جس کے بعد ایف آئی آر درج ہوئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور درجنوں صفحات پر مشتمل ریکارڈ کی تصدیق کے بعد ہی مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ مقدمہ بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جن میں دھوکہ دہی،جعل سازی،جعلی دستاویزات کا استعمال اور مجرمانہ سازش جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔

    نیس واڈیا واڈیا گروپ کے وارث اور متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں، جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم پنجاب کنگز کے شریک مالک بھی ہیں۔ ان کا نام ماضی میں بالی وُڈ اداکارہ پریتی زنٹا کے ساتھ تعلقات اور بعد ازاں تنازعات کے باعث خبروں میں بھی رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر الزامات ثابت ہوئے تو یہ کیس بھارت کے ایک بڑے صنعت کار خاندان کے لیے نہ صرف قانونی مشکلات بلکہ ساکھ کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

  • ٹرمپ کی زیر صدارت مسلم ممالک سربراہان اجلاس،وزیراعظم شہباز کی شرکت

    ٹرمپ کی زیر صدارت مسلم ممالک سربراہان اجلاس،وزیراعظم شہباز کی شرکت

    نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہائی لیول ویک کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرِ صدارت منتخب مسلم ممالک کے سربراہان کے ساتھ ایک اہم ملاقات ہوئی جس کا مرکزی محور غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ اور اسرائیلی مغویوں کی رہائی تھا۔ اس موقع پر اسلامی ممالک کے سربراہان نے امریکا سے کہا کہ وہ غزہ میں جنگ ختم کروانے اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    اس اجلاس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ جب کہ ترکیہ، قطر، سعودی عرب، انڈونیشیا، مصر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ٹرمپ کی اسلامی ممالک کے سربراہان سے ہوئی اس ملاقات کا مقصد غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خاتمے کے مـجوزہ منصوے کے بارے میں منتخب اسلامی ممالک کو آگاہ کرنا تھا۔ملاقات کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں اور اُمید ظاہر کی کہ یہ باہمی ملاقات کامیاب ثابت ہو گی،مشرِقِ وسطیٰ میں جنگ کے بغیر زندگی کتنی خوبصورت ہو گی، انہوں نے اسلامی ممالک کے سربراہان سے گفتگو کو اعزاز قرار دیتے ہوئے شرکا کی کوششوں کو سراہا۔

    ملاقات سے قبل امیرِ قطر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس اجلاس کا مقصد غزہ میں جنگ کا خاتمہ اور اسرائیلی مغویوں کی رہائی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ غزہ میں جنگ ختم کروانے کے لیے امریکا اُن کے ساتھ ہے،جس کے جواب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم اسرائیلی مغویوں کی رہائی چاہتے ہیں اور دنیا میں کوئی بھی یہ نہیں کروا سکتا سوائے اس گروپ کے (منتخب اسلامی ممالک) اس لیے یہ ملاقات اُن کے لیے بھی ایک عزاز ہے۔ ’آج کے دن میری 32 ملاقاتیں ہیں مگر یہ سب سے اہم ملاقات ہے‘، کیونکہ اس کا مقصد غزہ کی جنگ کا حل تلاش کرنا اور یرغمالیوں کی واپسی کا عمل تیز کرنا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کے فورم پر بھی غزہ کے مسئلے کے حل کے لیے بین الاقوامی دباؤ کی ضرورت کا ذکر کیا اور کہا کہ طاقتور ممالک کو فریقین پر اثر انداز ہونے کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔

    اسی مناسبت سے فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے بھی ایک علیحدہ موقع پر کہا کہ اگر صدر ٹرمپ واقعی نوبیل امن انعام کے لیے اہل ثابت ہونا چاہتے ہیں تو اُنہیں غزہ جنگ ختم کروانے کے لیے عملی دباؤ ڈالنا ہوگا۔ میکرون کا اشارہ اس بات کی طرف تھا کہ امن کے قابلِ قدر کارنامے عملی اقدامات مانگتے ہیں جن میں فریقین پر اثر اندازی اور ہتھیاروں کی رسد کو محدود کرنا شامل ہے۔

    اس اجلاس کے بعد شریک اسلامی ممالک نے امریکا سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی میں اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ متاثرہ عوام کو فوری راحت پہنچے اور یرغمالیوں کی بازیابی کا عمل تیز کیا جا سکے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی،امریکی صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مابین خوشگوار ماحول میں غیر رسمی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا، اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر سے 25 ستمبر کو ون آن ون ملاقات کا بھی امکان ہے۔