Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر وقار مسعود چل بسے

    سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر وقار مسعود چل بسے

    اسلام آباد: پاکستان کے معروف ماہرِ اقتصادیات، سابق وفاقی سیکریٹری خزانہ اور نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر وقار مسعود انتقال کر گئے۔ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے چچا بھی تھے۔

    اہلِ خانہ کے مطابق ڈاکٹر وقار مسعود کی نمازِ جنازہ آج نمازِ مغرب کے بعد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔ڈاکٹر وقار مسعود نے کئی دہائیوں تک حکومت پاکستان کی خدمت کی اور بطور وفاقی سیکریٹری خزانہ اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ متعدد مالی و اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل اور عمل درآمد میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی خدمات کو حکومتی، سیاسی اور سماجی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔مرحوم کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر وقار مسعود کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "مرحوم کی حکومت پاکستان کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔”وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر وقار مسعود کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

  • لاکھوں پاکستانیوں کا ڈیٹا ڈارک ویب پر،چیئرمین پی ٹی اے بھی محفوظ نہ رہ سکے

    لاکھوں پاکستانیوں کا ڈیٹا ڈارک ویب پر،چیئرمین پی ٹی اے بھی محفوظ نہ رہ سکے

    چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ حج کیلئے اپلائی کرنے والے تقریباً 3 لاکھ افراد کا ڈیٹا ڈارک ویب پر آگیا ہے۔

    جمعہ کو چیئرپرسن سینیٹر پلوشہ خان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو چیئرمین پی ٹی اے نے ڈیٹا چوری سمیت بعض دیگر ایشوز بریفنگ دی،انہوں نے انکشاف کیا کہ حج کیلئے اپلائی کرنے والے تقریباً 3 لاکھ افراد کا ڈیٹا ڈارک ویب پر آگیا ہے،2022 میں ڈیٹا ڈارک ویب پر رپورٹ ہوا تھا، سمز کا ڈیٹا کمپنی کے پاس ہوتا ہے، 2022 میں ہم نے اس بات کی انکوائری کی تھی، میرا اپنا سم کا ڈیٹا 2022 سے ڈارک ویب پر ہے، انٹرنیٹ کے مسائل کا حل سپیکٹرم آکشن ہے، وزارت داخلہ نے اب باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔سینیٹر افنان اللہ خان نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ مختلف اداروں سے ڈیٹا علیحدہ علیحدہ چوری ہوتا ہے، جسے بعد میں اکٹھا کر کے فروخت کیا جاتا ہے،چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر پلوشہ محمد زئی نے خود کو موصول ہونے والی ایک جعلی بینک کال کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر یہ معلومات دھوکہ بازوں کو کیسے دستیاب ہوتی ہیں؟چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت دی کہ گزشتہ دو سالوں میں کسی بھی ٹیلی کام کمپنی کا ڈیٹا ڈارک ویب پر اپلوڈ نہیں ہوا، لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیٹا سیکیورٹی کے لیے قومی سطح کا مؤثر نظام قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔کمیٹی نے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے لیے قانون سازی میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ قانون کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔سینیٹر افنان اللہ نے خبردار کیا کہ اگر جلد قانون سازی نہ کی گئی تو ملک کو سنگین نتائج کا سامنا ہو سکتا ہے۔کمیٹی نے وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر حکومتی سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ ہمیں باہر سے دباؤ آرہا ہے کہ پاکستان میں ڈیٹا کو محفوظ بنانے کیلئے قانون نہ بنایا جائے۔

    اجلاس میں موبائل کمپنی "جیز” کی جانب سے صارفین سے زائد ٹیرف کی مد میں 6 ارب روپے سے زائد وصولی پر بھی غور کیا گیا۔ آڈٹ حکام کی درخواست پر معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کو بھجوا دیا گیا۔ پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ ابتدائی دستاویزات پہلے ہی جمع کرا دی گئی ہیں۔سینیٹر ندیم احمد بھٹو نے ملک بھر میں موبائل فون سروسز کے ناقص معیار اور بار بار کال منقطع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تا سکھر موٹروے پر تو 2G سروس بھی بمشکل دستیاب ہے۔اجلاس میں یوفون اور ٹیلی نار کے درمیان انضمام کے عمل میں تاخیر پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مقابلہ جاتی کمیشن آف پاکستان (CCP) کے حکام نے بتایا کہ انضمام کا عمل آخری مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ دو ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا، تاہم یہ عمل 18 ماہ سے زائد تاخیر کا شکار رہا ہے کیونکہ متعلقہ ڈیٹا بروقت فراہم نہیں کیا گیا۔

    چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ انضمام مکمل ہونے تک 5G اسپیکٹرم کی نیلامی ممکن نہیں۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سوال اٹھایا کہ جو کام 18 ماہ میں مکمل نہ ہو سکا، وہ محض دو ہفتوں میں کیسے مکمل ہو گا؟
    وزارت آئی ٹی کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 5G نیلامی دسمبر میں متوقع ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ اتھارٹی مکمل طور پر تیار ہے، تاہم کچھ امور پر ابھی بھی وضاحت اور حل درکار ہے۔

  • کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں پر بہیمانہ مظالم کا قائمہ کمیٹی میں انکشاف

    کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں پر بہیمانہ مظالم کا قائمہ کمیٹی میں انکشاف

    جنوبی ایشیائی ملک کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں پر بہیمانہ مظالم اور انسانی اعضاء کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی حقوق نے ایک سال میں 18 ہزار پاکستانیوں کے کمبوڈیا جانے پر وزارت داخلہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ ایف آئی اے کمبوڈیا جانیوالے افراد کی سہولت کاری کر رہا ہے۔اراکین نے کہاکہ تھائی لینڈ اور ویتنام کی ہمسایہ ریاست میں پاکستانیوں کو یرغمال بنانے،کرنٹ لگانے،بھتہ لینے کی شکایات عام ہیں، جسمانی اعضاء تک نکال لئے جاتے ہیں، کمیٹی چیئرمین آغارفیع اللہ نے بڑے سوالات اٹھاتے ہوئے کہاکہ ڈی جی بیورو آف امیگریشن کا عہدہ خالی کیوں ہے؟،تمام اختیارات کیا قائمقام ڈی جی کے پاس ہیں، وزارت خارجہ نے اگر 700 افراد ریسکیو کئے تو پھر ایک سال میں مزید 18 ہزار پاکستانی کمبوڈیا کیسے چلے گئے،کمیٹی چیئرمین آغا رفیع اللہ نے کہاکہ جو کمبوڈیا میں لوگ فراڈ کے ذریعے لیکرجاتے ہیں وہاں پر جا کر انکے مختلف اعضاء بیچے جاتے ہیں، شکایات کافی آئی تھیں جس ایشو کو ہم نے اٹھایا اور وہاں پر لوگوں کو ریکور کروایا ایک سال کے اندر اندر 18 ہزار لوگ جا رہے ہیں، کمبوڈیا میں جہاں پر نہ کوئی سیاحت کی جگہ ہے نہ کوئی بزنس ہے نہ کچھ اور ہے۔

    کمیٹی رکن مہرین بھٹو نے کہاکہ ملک کے پڑھے لکھے پروفیشنلز نے اوورسیز جانا ہی ترجیح بنا رکھا ہے،جبکہ وزارت اوورسیز کے حکام نے بتایاہے کہ2024-25میں پاکستانیوں نے بیرون ملک سے 38 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجیں۔

  • سات سالہ بچی کی قبر کی بے حرمتی کرنے والا گرفتار

    سات سالہ بچی کی قبر کی بے حرمتی کرنے والا گرفتار

    دھمیال کے علاقہ میں 7 سالہ بچی کی قبر کے قریب سے کفن ملنے کا واقعہ،دھمیال پولیس کی اہم کارروائی،قبر کی بیحرمتی کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا

    ملزم نے قبر کی بیحرمتی کی تھی، پولیس کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے جادو ٹونے کے لئے بچی کی قبر کو کھودا اور پھر دوبارہ قبر تیار کی،واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے فوری رسپانڈ کرتے ہوئے قبر کشائی کروائی تھی،بظاہر نعش کی بیحرمتی کے شواہد سامنے نہیں آئے تاہم فرانزک رپورٹس کی روشنی میں حتمی تعین ہو سکے گا،قبر کشائی کے بعد فرانزک شواہد حاصل کئے گئے تھے، ملزم کی گرفتاری ایک چیلنج تھا، جس کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں،پولیس نے انتھک محنت سے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع استعمال کر کے ملزم کو گرفتار کیا،فرانزک رپورٹس اور تفتیش کی روشنی میں ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا،

  • سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش،ایف بی آر کا کاروائی کا فیصلہ

    سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش،ایف بی آر کا کاروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ایسے افراد جو مہنگی گاڑیوں، بنگلوں، زیورات اور شاہانہ تقریبات کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرتے ہیں مگر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں، ان پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے لاکھوں افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے، جنہوں نے گزشتہ برس یا تو گوشوارے جمع نہیں کرائے یا اپنی آمدنی کے مقابلے میں غیرمعمولی اخراجات دکھائے۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر پہلے مرحلے میں ایک لاکھ ایسے افراد کا آڈٹ کیا جائے گا جن کی زندگی کے معیار اور ٹیکس گوشواروں میں واضح تضاد پایا جا رہا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ شادیوں میں بڑے پیمانے پر اخراجات کرنے والے نان فائلرز بھی ایف بی آر کے ریڈار پر ہوں گے۔ ایسے افراد جو شادیوں پر 20، 20 ہزار ڈالر (تقریباً 55 لاکھ روپے) مالیت کے سوٹ پہنتے یا دیگر فضول خرچیاں کرتے پائے گئے، ان سے آمدنی کے ذرائع پوچھے جائیں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر بنگلوں، لگژری گاڑیوں اور قیمتی زیورات کی نمائش کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو نوٹس جاری کرے گا اور ان سے وضاحت طلب کی جائے گی کہ یہ دولت کہاں سے اور کس آمدنی کے ذریعے حاصل کی گئی۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف بی آر گزشتہ سال جمع کرائے گئے گوشواروں کا اس سال سے تقابلی جائزہ لے گا، تاکہ آمدنی اور اخراجات کے فرق کو جانچ کر ٹیکس چوری کرنے والوں کو پکڑا جا سکے۔ماہرین کے مطابق ایف بی آر کا یہ اقدام ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور نان فائلرز کو قابو میں لانے کی بڑی کوشش ہے۔ تاہم یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا یہ مہم صرف اعلانات تک محدود رہتی ہے یا اس پر عملی طور پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

  • بھارت بیانیے کی جنگ بھی ہار گیا تھا، بھارتی اینکر کا اعتراف

    بھارت بیانیے کی جنگ بھی ہار گیا تھا، بھارتی اینکر کا اعتراف

    بھارتی میڈیا کی اینکر پرسن پالکی شرما نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت مئی کی جنگ کے بعد بیانیے کی جنگ بھی ہار گیا تھا۔

    ایک تقریب میں دیے گئے انٹرویو میں بھارتی اینکر پرسن پالکی شرما نے کہا کہ بھارت کو یہ سبق سیکھنا پڑے گا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے، پیسہ بھی ہے لیکن ویژن کی شدید کمی ہے۔ پالکی شرما نے اعتراف کیا کہ بھارت مئی کی جنگ کے بعد بیانیے کی جنگ بھی ہار گیا تھا،بھارتی اینکر کا کہنا تھا کہ بھارت میں جب بھی ہم حکمت عملی پر بات کرتے ہیں تو ہماری سوچ بارڈز اور، ڈپلومیسی پر آکر رک جاتی ہے لیکن ہم میڈیا سے متعلق نہیں سوچتے، اس کے برعکس دنیا بھر میں میڈیا کو strategic resource تسلیم کیا جارہا ہے۔

  • روسی جنگی طیاروں نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی،اسٹونیا

    روسی جنگی طیاروں نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی،اسٹونیا

    اسٹونیا حکومت نے دعویٰ کیا ہےکہ روسی طیاروں نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹونیا کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے جنگی طیارے اسٹونیا کی حدود میں داخل ہوئے اور 12 بارہ منٹ تک اس کی حدود میں رہے،دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے اسٹونیا حکومت کے دعوے کی تردید کردی ہے،

    روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہمارے جنگی طیاروں نےاسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی، پرواز بین الاقوامی قوانین کے تحت بحیرہ بالٹک پرنیوٹرل مقام پرکی گئیں، واضح رہے کہ اس سے قبل روس کے 20 ڈرون طیارے9 اور10 ستمبر کی درمیانی رات پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے ، پولینڈ اور اسٹونیا دونوں نیٹو کے رکن ملک ہیں۔

  • پاک سعودی معاہدہ مثبت پیشرفت ہے، بلاول

    پاک سعودی معاہدہ مثبت پیشرفت ہے، بلاول

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین تک امداد پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر زرداری کے دورہ چین میں حکام کے ساتھ بات چیت اور کچھ ایم او یوز بھی سائن ہوئے ہیں، صدر زرداری نے طے کیا ہے کہ انہوں نے چین کے دوروں کا اپنا ریکارڈ توڑنا ہے ، سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی درخواست پر وزیراعظم سے زرعی ایمرجنسی اور بجلی کے بلوں پر بات کی ، بدقسمتی سے اب تک حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد کی اپیل نہیں کی ہے، دوران گفتگو بلاول نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کو امداد پہنچائی جائے ۔

    دوسری جانب پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدہ سے متعلق بلاول کا کہنا تھا کہ معاہدہ دونوں ملکوں کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔

  • سندھ میں سیلابی صورتحال، دادو اور نوشہرو فیروز کے متعدد دیہات متاثر

    سندھ میں سیلابی صورتحال، دادو اور نوشہرو فیروز کے متعدد دیہات متاثر

    سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ضلع دادو میں متاثرہ دیہات کی تعداد بڑھ کر 50 ہوگئی ہے جبکہ دادو کی تحصیل میہڑ سے آنے والا زور دار سیلابی ریلا لاڑکانہ کے سیہون بچاؤ بند سے ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیلابی ریلا ٹکرانے سے 3 دیہات اور رابطہ سڑکیں زیرِ آب آگئیں جبکہ کچے کے علاقے نئوں گوٹھ میں پانی داخل ہوگیا۔ صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ بنیادی صحت مرکز بھی پانی میں ڈوب گیا، جس سے مقامی آبادی کو طبی سہولتوں کے فقدان کا سامنا ہے۔اسی طرح نوشہرو فیروز میں لوپ بند میں پڑنے والے شگاف کے باعث بکھری کے قریبی کئی گاؤں زیرِ آب آگئے۔ تاہم اس حوالے سے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے مؤقف دیا ہے کہ "دریائے سندھ میں بکھری کے قریب بند مکمل طور پر محفوظ ہے اور کہیں بھی شگاف نہیں پڑا۔”

    ادھر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک سیلاب سے متاثرہ 1 لاکھ 85 ہزار 550 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نہ صرف متاثرہ افراد بلکہ ان کی املاک اور مویشیوں کو بچانے کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔

    سیلابی صورتحال کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پانی کی بلند ہوتی سطح نے رہائش، خوراک اور علاج معالجے کی سہولیات مزید محدود کر دی ہیں، جبکہ فوری ریلیف اور بحالی کے اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • جلال پور پیروالا پر موٹروے ایم 5 کا ایک اور حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا

    جلال پور پیروالا پر موٹروے ایم 5 کا ایک اور حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا

    ملتان کے قریب جلال پور پیروالا پر موٹروے ایم 5 کا ایک اور حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا۔

    چیف پولیس آفیسر ملتان کے مطابق موٹروے ایم فائیو کا مشرقی حصہ شگاف پڑنے سے سیلاب میں بہہ گیا۔سی پی او ملتان نے بتایا کہ اس سے پہلے ایم فائیو کا مغربی حصہ سیلاب میں بہہ گیا تھا، موٹروے پولیس اور این ایچ اے کا عملہ مشینری کے ساتھ موقع پر موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ موٹر وے پر دریائے ستلج کا پانی شدید بہاؤ کے ساتھ دریائے چناب کی جانب بہہ رہا ہے، پانی کا بہاؤ کم کرنے کے لیے شگاف میں پتھر ڈالے جا رہے ہیں، ملتان سے جھانگڑہ تک 8 ویں روز بھی موٹروے بند ہے۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ موٹروے ایم 5 سیلاب کی وجہ سے بند ہیں، ملتان سے سکھر جانے والےمتبادل راستے سے سفر کر سکتے ہیں،موٹر وے پولیس کے مطابق ٹریفک شاہ شمس انٹر چینج سے قومی شاہراہ کی طرف جا سکتی ہے، اوچ شریف انٹرچینج سے دوبارہ موٹروے ایم 5 پر سفر کیا جا سکتا ہے.ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ سکھر سے ملتان ایم 5 اوچ شریف انٹرچینج قومی شاہراہ پر سفر کیا جا سکتا ہے، شیر شاہ انٹرچینج سے دوبارہ موٹر وے ایم 5 کو جوائن کر سکتے ہیں۔