Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مثبت رجحان، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مثبت رجحان، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مثبت انداز میں کاروبار جاری ہے، جس سے ملکی معیشت میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔ نئے مالی سال کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کو کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مارکیٹ نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

    جمعرات کو 100 انڈیکس ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا، جو اس مالی سال کی اب تک کی بہترین کارکردگی شمار ہوتی ہے۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں اضافہ، مثبت معاشی پالیسیوں اور ملکی معیشت میں استحکام کے اشارے اس تیزی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔آج جمعہ کے روز بھی کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا۔ کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں 724 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ انڈیکس ایک لاکھ 31 ہزار 411 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جو کہ مارکیٹ کے مضبوط اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاری کے مواقع کو ظاہر کرتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی ملکی معیشت کی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔ بین الاقوامی اور مقامی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ، مستحکم سیاسی صورتحال اور حکومت کی معاشی اصلاحات اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی یہ مسلسل تیزی ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خوش آئند ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں اسی طرح کا مثبت رجحان جاری رہے گا۔

  • ڈہرکی کے قریب مال گاڑی پٹری سے اتر گئی،ٹرینیں تاخیر کا شکار

    ڈہرکی کے قریب مال گاڑی پٹری سے اتر گئی،ٹرینیں تاخیر کا شکار

    رحیم یار خان،ڈہرکی کے قریب مال گاڑی پٹری سے اترنے کے حادثے کے بعد متعدد ٹرینیں کئی گھنٹوں سے تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں.

    میرپور ماتھیلو ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی انجن سمیت پانچ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں،ریلوے حکام کے مطابق مال بردار ٹرین پنجاب سے کراچی جارہی تھی، حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک کو بند کردیا گیاہے، حادثے کے مقام سے ٹریک اکھڑ گیا ہے اور بوگیاں انجن سے الگ ہوگئی ہیں،صادق آباد اور لیاقت پور سمیت مختلف اسٹیشنز پر مسافروں کو مقامی مخیر خواتین وحضرات کی طرف سے خوراک اور مشروبات بھی فراہم کی جارہی ہیں،

    ریلوے حکام کے مطابق کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کو لیاقت پور اسٹیشن روک لیا گیا 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہے،کراچی جانیوالی گرین لائن ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کو رحیم یار خان روک لیا گیا 6 گھنٹے تاخیر کا شکارہوئی ہے،کراچی جانیوالی قراقرم ایکسپریس اور پاک بزنس کو صادق اباد ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہے، کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس کو خان پور اسٹیشن روک لیا گیا ،ملتان جانے والی ذکریا ایکسپریس کو سانگھی روک دیا گیا، لاہور جانے والی 7 اپ تیز گام ایکسپریس کو گھوٹکی روک لیا گیا 7 گھنٹے 30 منٹ تاخیر کا شکارہوئی ہے، لاہور جانے والی فرید ایکسپریس کو روہڑی اسٹیشن روک لیا گیا 6 گھنٹے تاخیر کا شکارہوئی ہے،اپنی منزل سے روانہ ہونے والی شاہ حسین ایکسپریس کو اپ اینڈ ڈاؤن کیلئے کینسل کر دیا گیا

  • ٹرمپ نے خود کو امن کے نوبیل انعام کے لیے بہترین امیدوار قرار دے دیا

    ٹرمپ نے خود کو امن کے نوبیل انعام کے لیے بہترین امیدوار قرار دے دیا

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو امن کے نوبیل انعام کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے دورِ حکومت میں دنیا کے مختلف خطوں میں امن قائم کرنے میں امریکا کے کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں کئی بڑی جنگوں کو روکا گیا۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا نے پانچ ممالک کو جنگ میں جانے سے روکا ہے، جن میں خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے خدشات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔ انہوں نے کہا، "ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروائی اور کوسوو و سربیا کے درمیان لڑائی کو روکا۔”انہوں نے کانگو اور روانڈا کے درمیان جاری 30 سالہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کشیدگی میں 60 لاکھ افراد جاں بحق ہو چکے تھے، لیکن امریکا کی سفارتی کوششوں سے اس جنگ کو روکنے میں کامیابی ملی۔

    صدر ٹرمپ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ایک اسکول کے پروفیسر کو نوبیل امن انعام دے دیا جائے گا، جسے آپ جانتے بھی نہیں ہوں گے، لیکن حقیقت میں وہ امن قائم کرنے میں میرے کردار کو نظر انداز کر رہے ہیں۔”امریکی صدر نے ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کے عمل کو بھی اپنے دور حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ "امریکا کے پاس دنیا کی سب سے مضبوط فوج اور جدید ترین ہتھیار ہیں۔ دنیا نے دیکھا کہ امریکی طیاروں نے 37 گھنٹے بغیر رکے سفر کیا۔”اس کے علاوہ، صدر ٹرمپ نے امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے سرحدی قوانین سخت کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ امریکا میں غیر قانونی داخلے کو روکنے کے لیے سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پلان شروع کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا، "آج امریکا کی اسٹاک مارکیٹ بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے، ہماری معیشت مزید مضبوط ہو گی۔ ہم امریکا کو دوبارہ محفوظ، طاقتور اور عظیم ترین ملک بنائیں گے۔”

    یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ریپبلکن رکن کانگریس نے صدر ٹرمپ کو اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کیا ہے۔پاکستانی حکومت نے بھی پاک بھارت کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن سفارتی مداخلت کو سراہتے ہوئے انہیں نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں نوبیل کمیٹی کو ایک رسمی خط بھی ارسال کیا ہے۔

  • جوہر ٹاؤن لاہور میں شیر کا حملہ،خاتون اور دو بچے شدید زخمی

    جوہر ٹاؤن لاہور میں شیر کا حملہ،خاتون اور دو بچے شدید زخمی

    لاہور،جوہر ٹاؤن کے پوش علاقے میں پالتو شیر نے حملہ کرکے ایک خاتون اور دو کمسن بچوں کو زخمی کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور وائلڈ لائف حکام حرکت میں آ گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں موجود پالتو شیر کا پنجرا کھلا رہ گیا، جس کے بعد شیر دیوار پھلانگ کر سڑک پر آ گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر اچانک سڑک پر نمودار ہوتا ہے اور سامنے سے آتی ایک خاتون پر حملہ کر دیتا ہے۔اسی اثناء میں فارم ہاؤس سے ایک شخص شیر کے پیچھے بھاگتا ہے اور خاتون کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ شیر کچھ دیر بعد خاتون کو چھوڑ کر آگے بڑھتا ہے اور سامنے موجود دو بچوں کو بھی زخمی کر دیتا ہے۔

    حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 27 سالہ ثمینہ، 7 سالہ اذہان اور 5 سالہ زویا شامل ہیں۔ تینوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں گہرے زخم آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مذکورہ فارم ہاؤس دو بھائیوں، ملک اعظم عرف شانی اور ملک ناظم، کی ملکیت ہے۔ واقعے کے بعد ملک اعظم شیر کو لے کر موقع سے فرار ہو گیا ہے جبکہ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف نے دونوں بھائیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی طور پر خطرناک جانوروں کو پالنا انسانی زندگیوں کے لیے شدید خطرہ ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے ترجمان کے مطابق فارم ہاؤس میں شیر رکھنے کی قانونی حیثیت کی تحقیقات جاری ہیں۔ شیر کو لے کر روپوش ہونے والے ملک اعظم کی تلاش میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی خطرناک جانور کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر وائلڈ لائف حکام کو دیں۔

  • پاکپتن،20 نومولود کی ہلاکت،رپورٹ تیار

    پاکپتن،20 نومولود کی ہلاکت،رپورٹ تیار

    پاکپتن ڈسٹرکٹ اسپتال میں 20 نومولود کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ صحت اور کمشنر ساہیوال نے ابتدائی رپورٹس تیار کرلیں۔

    نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان بچوں کی اموات غیرتربیت یافتہ دائیوں اور نجی اسپتالوں میں آپریشن کے باعث ہوئیں، 15 بچے نجی اسپتال میں پیدا ہوئے مگر حالت بگڑنے پر انہیں سرکاری اسپتال لایا گیا، 5 بچوں کی ہلاکت غیرتربیت یافتہ دائیوں اور ان کےطریقہ کار سے ہوئی جب کہ اسپتال لائے گئے بچوں کی مائیں بھی ان کے ساتھ نہیں تھیں، اسپتال میں آکسیجن دستیاب نہ ہونے کے شواہد نہیں مل سکے،سپتال میں آکسیجن کے 45 سلنڈر موجود تھے، بچوں کی آمد اور علاج کے وقت کا کلینیکل آڈٹ بھی کروایا گیا ہے اور یہ رپورٹس وزیر اعلی مریم نواز کی جمعہ کو پاکپتن آمد پر پیش کی جائیں گی

  • شمالی وزیرستان،پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش،30 خوارج جہنم واصل

    شمالی وزیرستان،پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش،30 خوارج جہنم واصل

    سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حسن خیل کے علاقے میں بروقت کارروائی کی، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یکم اور 2 جولائی کی رات بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی،افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے مؤثر اقدامات کرے، سیکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع اور بھارت کی اسپانسرڈ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو بھی سراہا ہے،صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔

  • ایف آئی اے کی کاروائی،تین سابق اعلیٰ افسران  گرفتار

    ایف آئی اے کی کاروائی،تین سابق اعلیٰ افسران گرفتار

    اسلام آباد۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائیمایف آئی اے (اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد) نے آج تین سابق اعلیٰ افسران کو گرفتار کر لیا.

    گرفتار افسران میں سید نجم سعید (سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر، RAILCOP اسلام آباد)، محمد زبیر حسین (سابق کنٹرولر فنانس اینڈ اکاؤنٹس)، محترمہ مِہ رُ نِسا (سابق ڈائریکٹر کمرشل و مارکیٹنگ) شامل ہیں،یہ گرفتاریاں ایف آئی آر نمبر 37/2025 مورخہ 30-06-2025 کے تحت کی گئیں۔ مقدمہ میں دفعات 109، 409، 420، 468، 471 تعزیراتِ پاکستان اور 5(2)47 پبلک کرپشن ایکٹ 1947 شامل ہیں۔

    ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک اور شریک ملزم، عرفان حمید خان ولد عبد الحمید خان (چیئرمین، انڈس ویلی انڈسٹریل جنکشن – IVIJ) کے ساتھ ملی بھگت سے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور بینک الحبیب لمیٹڈ کی چودہ (14) جعلی/بوگس بینک گارنٹی تیار کیں۔ ان جعلی گارنٹیز کی مجموعی مالیت 1,167,301,905 روپے تھی جو مختلف سرکاری محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرنگ پراسیس میں استعمال کی گئیں۔مزید یہ کہ M/s IVIJ کو RAILCOP اسلام آباد سے 164,969,160 روپے بطور کمیشن فراہم کیے گئے، جو کہ غیرقانونی طور پر دی گئی جعلی بینک گارنٹیز کے عوض وصول کیے گئے۔ان اقدامات کے نتیجے میں قومی خزانے کو 164,969,160 روپے کا بھاری نقصان پہنچا۔تمام گرفتار شدگان کو کل عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔تحقیقات جاری ہیں۔

  • 9 مئی مقدمہ،دس سال قید کی سزا،اسلام آبادہائیکورٹ کا 4 ملزمان کو بری کرنے کا حکم

    9 مئی مقدمہ،دس سال قید کی سزا،اسلام آبادہائیکورٹ کا 4 ملزمان کو بری کرنے کا حکم

    سانحہ 9 مئی کیس میں دس دس سال قید کی سزا پانے والے پی ٹی آئی کے کارکنان کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری کر دیا ہے

    تحریک انصاف کے 9 مئی کے کیسز میں سزا یافتہ 4 ورکرز کو ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ جسٹس اعظم خان اور جسٹس خادم سومرو نے بری کر دیا،بری ہونے والے ورکرز میں سہیل،شاہ زیب،میرا خان،اکرام خان شامل ہیں
    جنکو 30 مئی کو اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے سزا سنائی تھی

    پی ٹی آئی کے جن چار کارکنوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری کیا اُن میں دو سے کوئی برآمدگی نہیں تھی، ایک سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور اُسکا ڈنڈا برآمدگی لکھی گئی جبکہ چوتھے سے پی ٹی آئی کی ٹوپی برآمد کی گئی تھی، چاروں میں سے کسی ملزم سے اسلحہ برآمدگی نہیں تھی، کسی پر کوئی مخصوص جرم کرنے کا الزام نہیں پولیس کا کوئی افسر یا اہلکار زخمی نہیں، کسی کی ایم ایل آر نہیں پھر بھی اقدامِ قتل کی دفعہ میں سزا سنائی گئی تھی.

  • 300 روپے کی نسوار چوری،15 پر کال،مقدمہ درج

    300 روپے کی نسوار چوری،15 پر کال،مقدمہ درج

    راولپنڈی کے علاقے ڈھوک بنارس میں نسوار چوری کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے جہاں صرف 300 روپے مالیت کی نسوار چوری ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    متاثرہ شہری نے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ اس کی 10 پُڑیاں نسوار، جن کی مالیت تقریباً 300 روپے ہے، چوری ہو گئی ہیں۔ یہ واقعہ تھانہ ریس کورس کی حدود میں پیش آیا۔متاثرہ شہری کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی تفتیش کے بعد اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے چوری کے اس انوکھے کیس کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

    یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں شہری اس اقدام کو قانون کی عملداری کی ایک مثال قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے اسے پولیس وسائل کے غیر ضروری استعمال سے بھی تعبیر کیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاہے نقصان کم ہو یا زیادہ، شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرنا ان کی ذمہ داری ہے، اور کسی بھی قسم کی چوری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

  • پیپلز پارٹی  نے عوام سے جو وعدے کیے وہ نبھا رہی ہے،شرجیل میمن

    پیپلز پارٹی نے عوام سے جو وعدے کیے وہ نبھا رہی ہے،شرجیل میمن

    سندھ کے سینئر صوبائی وزیر ،وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ٹریفک کے ایشو پر ہمارا موقف ہے کہ انتظامی معاملات سندھ حکومت کا اختیار ہے، کراچی کی 11 سڑکوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی عائد کی گئی ہے،

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی میں پہلا 50 لاکھ گیلن یومیہ کا ڈی سالینیشن پلانٹ قائم کرنے جا رہی ہے، محکمہ تعلیم سندھ نے 93 ہزار اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر سکھر آئی بی اے کے ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی کیے ہیں۔حکومت سندھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے ویژن کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ شہروں اور دیہات کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے دیہی و پسماندہ علاقوں میں ترقی کے نئے راستے کھولے جا رہے ہیں۔حکومت سندھ نے چار لاکھ سے زائد گھروں کو سولر سسٹمز فراہم کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے، جو تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور بلوں کے بوجھ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے عوام سے جو وعدے کیے وہ نبھا رہی ہے، ہمارا مقصد ایک بااختیار، خوشحال اور پائیدار سندھ ہے۔

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ گھوٹکی، قمبر اور گڈانی میں اربوں روپے کے انفرااسٹرکچر منصوبے شروع کیے ہیں جبکہ سمندری پانی کو میٹھا کر کے پینے کے قابل بنانے کیلیے سالینیشن پلانٹ قائم کریں گے، کراچی میں پہلا 5 ایم جی ڈی ڈی سالینیشن پلانٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوگا، زراعت اور آبپاشی کے میدان میں نارا کینال کی لائننگ کےلیے 4.29 ارب روپے خرچ ہوں گے، نکاسی آب کے منصوبوں پر 33 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، این ای ڈی یونیورسٹی میں 1.7 ارب لاگت سے 17 منزلہ سائنس و ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ کویت حکومت کی مالی معاونت سے مکمل ہوگا، پارک مصنوعی ذہانت، آئی ٹی اور سائنسی تحقیق کے فروغ کا مرکز بنے گا، عالمی بینک کے تعاون سے 3.2 ارب ڈالر کے 13 بڑے منصوبے بھی جاری ہیں، بی آر ٹی، سولر انرجی، اربن موبیلیٹی، فلڈ ریزیلینس، صاف پانی، تعلیم اور زراعت شامل ہیں۔