Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بچوں کے لنچ باکس چیک کرنے ہونگے کوئی چیز باہر سے تو نہیں آرہی،عدالت

    بچوں کے لنچ باکس چیک کرنے ہونگے کوئی چیز باہر سے تو نہیں آرہی،عدالت

    وفاقی پولیس نے 4 ماہ کے دوران منشیات کے 709 ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے لیے لکی فاؤنڈیشن کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے کاشف علی ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور اس دوران اسلام آباد پولیس نے یکم جنوری سے 22 اپریل 2025 تک پیشرفت رپورٹ جمع کرائی،رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے 255 کلو گرام ہیروئن ، 126 کلو گرام چرس پکڑی گئی جب کہ منشیات کے 689 کیسز درج کرکے 709 ملزمان گرفتار کیے گئے ،دوران سماعت عدالت نے وزارت داخلہ ، اے این ایف اور پولیس سے جنوری سے ستمبر 2025 تک تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے لیے اقدامات پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

    وزارت داخلہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے بعد اسکولوں میں آگاہی مہم چلائی گئی ہے، اس پر جسٹس انعام منہاس نے ریمارکس دیے صرف آگاہی سے کام نہیں چلے گا ، مانیٹرنگ کرنی ہوگی، بچوں کے لنچ باکس چیک کرنے ہونگے کوئی چیز باہر سے تو نہیں آرہی،عدالتی ریمارکس پر ڈی ایس پی لیگل نے بتایا کہ منشیات کے خاتمے سے متعلق اسلام آباد پولیس کا سلوگن بھی جاری ہوا ہے، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سلوگن پورا پاکستان سنتا ہے ، عملی طور پر کچھ کرکے دکھانا ہوگا ، پرائیویٹ اسکولوں کی تنظیم پیرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پیرا نے منشیات کے خاتمے کے لیے ڈائریکشن جاری کی ہے۔

    بعد ازاں عدالت نے وزارت داخلہ ، اے این ایف اور پولیس سے منشیات کے خاتمے پرمفصل رپورٹ 2 ہفتوں میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • صحافیوں پر تشدد کیس، گرفتار ملزمان شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل

    صحافیوں پر تشدد کیس، گرفتار ملزمان شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل

    راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد کیس میں گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی جس دوران پولیس نے گرفتار ملزمان راجہ سرفراز اور چوہدری نوید کو عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا کہ دونوں ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل کیا جائے تاکہ متاثرہ صحافی اور عینی شاہدین کی موجودگی میں ملزمان کی شناخت عمل میں لائی جا سکے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی جب پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ اس دوران موجود پی ٹی آئی کارکنان نے صحافیوں پر مبینہ طور پر تشدد کیا جس سے متعدد صحافی زخمی ہوئے۔ واقعے کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صحافتی حلقوں اور مختلف تنظیموں نے شدید احتجاج کیا۔بعد ازاں متاثرہ صحافی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی پولیس اسٹیشن میں علیمہ خان، نعیم پنجوتھہ اور 40 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں دہشتگردی، تشدد اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے بعد دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • آٹے کی قیمتوں پر حکومت اور فلور ملز میں معاملات طے

    آٹے کی قیمتوں پر حکومت اور فلور ملز میں معاملات طے

    لاہور: پنجاب حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان آٹے کی قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں آٹے کی فراہمی بحال ہونے جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن نے محدود مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، جس کے بعد پنجاب بھر کی 800 سے زائد فلور ملز آج سے دوبارہ کھل جائیں گی۔ ان ملز کے ذریعے 10 کلو اور 20 کلو کے تھیلے سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت فلور ملز کو ایک لاکھ ٹن گندم ماہانہ فراہم کرے گی تاکہ مارکیٹ میں آٹے کی قلت نہ ہو اور قیمتوں میں استحکام رہے۔

    ادھر دو ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھی حکومت کو آٹے کی فراہمی میں تعاون کی پیشکش کردی ہے۔ ان کمپنیوں نے 25 لاکھ بوری گندم 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندے آج ڈی جی فوڈ سے ملاقات کریں گے جس میں گندم کی فراہمی کا طریقۂ کار اور مقدار طے کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدے بروقت مکمل ہوجاتے ہیں تو صوبے میں آٹے کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مصنوعی بحران ختم ہوجائے گا۔

  • نیپالی وزیراعظم مستعفی ہو گئے

    نیپالی وزیراعظم مستعفی ہو گئے

    نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے بالآخر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے اس بات کی باضابطہ تصدیق کردی گئی ہے کہ کے پی شرما اولی نے دستخط شدہ بیان کے ذریعے عہدے سے علیحدگی اختیار کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ملک میں جاری بحران کا آئینی حل نکالنے کے لیے رضاکارانہ طور پر یہ فیصلہ کیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال میں گزشتہ کئی دنوں سے کرپشن اسکینڈلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عائد پابندیوں کے خلاف عوامی غصہ شدت اختیار کر گیا تھا۔ کھٹمنڈو سمیت مختلف شہروں میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں میں اب تک 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ متعدد اہم سیاسی رہنماؤں کے گھروں پر بھی حملے کیے گئے۔ ان میں وزیراعظم کے پی شرما اولی اور سابق وزیراعظم شیر بہادر دیوبا کے گھر بھی شامل ہیں۔ مظاہرین نے بعض سیاسی جماعتوں کے ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا۔سول سروسز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ حالیہ احتجاجی لہر میں زخمی ہونے والے 250 سے زائد افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دارالحکومت کھٹمنڈو میں کرفیو نافذ ہونے کے باوجود ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف رہے۔ دوسری جانب ملک کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کھٹمنڈو کے تری بھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے اور ایئرپورٹ کو جزوی طور پر بند کرنا پڑا ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استعفیٰ کے بعد نیپال میں ایک نیا سیاسی بحران جنم لے سکتا ہے، جبکہ عوامی مظاہروں کے باعث ملک کی داخلی سلامتی اور معیشت پر بھی سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

  • سندھ حکومت سیلابی صورتحال پر دن رات نظر رکھے ہوئے ہے،شرجیل میمن

    سندھ حکومت سیلابی صورتحال پر دن رات نظر رکھے ہوئے ہے،شرجیل میمن

    سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال ابھی تک غیر معمولی ہے لیکن سندھ حکومت سیلابی صورتحال پر دن رات نظر رکھے ہوئے ہے۔

    شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور ریلیف کے تمام محکمے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں، پنجند بیراج کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج دونوں 452930 کیوسک ہیں جبکہ کچے کے علاقوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7724 افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو چکے ہیں،مجموعی طور پر ایک لاکھ41 ہزار لوگ کچے کے علاقوں سے محفوظ جگہوں کو منتقل ہو چکے ہیں اور اب تک 3 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے،ہ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 90 فیصد بھر چکا ہے، خانپور، راول اور سملی ڈیمز میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔

  • ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقريب رونمائی

    ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقريب رونمائی

    ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ٹی20 ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے۔
    ٹرافی کی رونمائی منگل کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کی گئی جس میں تمام ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی، اس موقع پر میڈیا سینٹر پر بھی خوب گہما گہمی نظر آئی جبکہ پاکستان اور بھارتی کپتانوں کی نظروں کا ملاپ اور مصافحہ مرکز نگاہ رہا ،اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے، ایشیا کپ پریس کانفرنس میں کپتانوں کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں ۔

    ایونٹ کی انعامی رقم سے متعلق ابھی باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں ہوا ہے تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق فاتح ٹیم کو تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر ملیں گے،رنرز اپ کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جانے والے ایشیاکپ 2025 میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے.گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

  • بھارت کی پاکستانی نوجوان کی گرفتاری کو دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم کوشش

    بھارت کی پاکستانی نوجوان کی گرفتاری کو دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم کوشش

    غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِقبضہ جموں کشمیر میں بھارتی قابض حکام نے ایک بار پھر جموں میں کنٹرول لائن پار کرجانے والے پاکستانی نوجوان کی گرفتاری کو دہشت گردی کے بیانیے سے جوڑنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے 7 ستمبر کو جموں کی تحصیل سچیت گڑھ کے علاقے آر ایس پورہ سے پاکستانی پنجاب کے رہائشی سراج خان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے صرف 30 روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ہے ۔بھارتی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تفتیش کے دوران سراج نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بالی ووٹ کی اداکارہ سے ملاقات کی غرض سے مقبوضہ علاقے داخل ہوا ہے جسے وہ بہت پسند کرتا ہے ۔ اس واضح اعتراف کے باوجود بھارتی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اس کیس کو سکیورٹی کی خلاف ورزی کے طور پر پیش کرکے ایک بھیانک رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا تسلسل اور بین الاقوامی فورمز پر دہشت گردی کا جھوٹا بیانیہ پھیلانے کی ایک دانستہ کوشش ہے ۔

  • خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زیادہ فتنہ الخوارج دہشتگردوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زیادہ فتنہ الخوارج دہشتگردوں کا انکشاف

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زیادہ فتنہ الخوارج دہشتگرد موجود ہیں جو عام آبادی میں پناہ لے کر فورسز پر حملے کرتے ہیں۔

    سرکاری حکام کے مطابق فتنہ الخوارج غیرمعروف راستوں کے ذریعے افغانستان سے پاکستان آئے ہیں، 8 ہزار سے زائد دہشتگرد پشاور، ٹانک، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت، سوات، شانگلہ اورضم اضلاع میں ہیں جب کہ باجوڑ اور خیبر میں 800 سےزیادہ دہشتگرد موجود ہیں،دہشتگرد سی پیک روڈ، ڈی آئی خان تا بنوں اور ٹانک میں ناکے بھی لگاتے ہیں، عام آبادی میں پناہ لیے دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملےکرتے ہیں جس کے باعث سکیورٹی فورسز کو جوابی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جوابی کارروائی میں مسائل کےباعث فورسز نےجانی نقصان بھی اٹھایا ہے،وزیراعلیٰ کے پی کی زیرصدارت جرگوں میں قبائلی عمائدین افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی پر نالاں تھے، قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ سے دراندازی کا معاملہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھانےکا مطالبہ کیا،شمالی وزیرستان اورباجوڑ میں چند ہفتوں میں سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 80 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

    اس حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی اور دہشتگرد کارروائیوں سے آگاہ ہیں، ڈی آئی خان، لکی مروت، باجوڑ، وزیرستان، خیبر، بنوں اور دیر میں متعدد خوارج کو ہلاک کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ ماہ 190 آپریشنز میں 39 خوارج کو مارا اور 110 کو گرفتار کیا گیا،فتنہ الخوارج کی جانب سےسڑکوں پر ناکے لگانےکا سختی سے نوٹس لیا ہے، سی پیک پر موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر دن رات گشت شروع کردیا ہے۔

    دوسری جانب مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشتگرد افغانستان سے آرہے ہیں جن کے خلاف لڑ رہے ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

  • فائدہ لیتے ہوئے آپ کو ڈر نہیں لگتا لیکن اپنا کام کرتے ڈر لگتا ،عدالت

    فائدہ لیتے ہوئے آپ کو ڈر نہیں لگتا لیکن اپنا کام کرتے ڈر لگتا ،عدالت

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے حکام سے شاہ اللّٰہ دتہ اور سی 13 کے متاثرین کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ نیب نے پہلے ہی بیڑا غرق کردیا ہے، نیب کا کوئی پرسان حال نہیں۔

    دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے سی ڈی اے کو ایک ماہ میں مکمل رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے سی ڈی اے کے مجسٹریٹ سردار آصف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نیب کے کہنے پر اگر کارروائیاں کریں گے تو پھر قانون کہاں ہے؟ نیب نے پہلے ہی بیڑا غرق کردیا ہے، نیب کا کوئی پرسان حال نہیں، نیب کے کہنے پر مت چلیں، کسی سے مت ڈریں، لوگوں کی مدد کریں،جسٹس محسن اختر کیانی نے مزید کہا کہ کوئی جج ہو، پولیس افسر یا سی ڈی اے ملازم، جسے ڈر لگے وہ اپنا تبادلہ کروا لے، فائدہ لیتے ہوئے آپ کو ڈر نہیں لگتا لیکن اپنا کام کرتے ڈر لگتا ہے، غلطیوں کی سزا نہیں ہوتی، بے ایمانی کی سزا ہوتی ہے، سول رائٹس کے ساتھ نیب اور ایف آئی اے کا دائرہ اختیار بھی دیکھنا ہوگا۔

  • عثمان شنواری کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    عثمان شنواری کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر عثمان شنواری نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق 32 سالہ عثمان شنواری نے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

    عثمان شنواری نے اپنے کیریئر کے دوران ایک ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ اپنی تیز رفتار اور جارحانہ باؤلنگ کے باعث جانے جاتے تھے اور کئی مواقع پر پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔اعداد و شمار کے مطابق عثمان شنواری نے ون ڈے فارمیٹ میں مجموعی طور پر 34 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہیں 2018 کے ایشیا کپ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی باؤلنگ کے ذریعے ٹیم کو سہارا دیا۔

    ذرائع کے مطابق شنواری اب ڈومیسٹک اور لیگز کرکٹ میں اپنی فٹنس کے مطابق حصہ لیتے رہیں گے۔