Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑا اعلان

    وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے سیلاب متاثرین کیلئے اہم ریلیف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے بجلی کے بلوں پر فوری طور پر ٹیکس معاف کیے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر کے مطابق بجلی کے بلوں میں ٹیکس کی معافی وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ لینڈ ریونیو کی معافی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے اضافی بلوں کا بھی نوٹس لیا جائے گا، کیونکہ متاثرہ علاقوں میں وہ بل بھی تقسیم ہوئے ہیں جو پہلے ہی پرنٹ ہوچکے تھے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سیلاب متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہوگا، کسان پیکج کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ رواں ماہ کے وسط تک سروے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ ابتدائی ڈیٹا کے مطابق سیلاب میں ہر فصل کو ایک سے تین فیصد تک نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ نقصان گوجرانوالہ ڈویژن میں ہوا جہاں فصلوں کا 18 فیصد تک ضائع ہوگیا ہے، جبکہ دھان کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑا۔رانا تنویر کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور کسانوں کو سہارا دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں زندگی کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔

  • بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی کا اخراج

    بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی کا اخراج

    بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے بعد دریا کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، جس سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ وزارتِ آبی وسائل نے اس سلسلے میں فلڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

    ق جیو نیوز نے رپورٹ کیا کہ بھارت نے پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کے ذریعے وزارت آبی وسائل کو پانی چھوڑے جانے سے متعلق باضابطہ آگاہ کیا۔ اس اطلاع کے بعد وزارت نے ہنگامی بنیادوں پر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے،پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی انتظامیہ فوری اقدامات کرے اور نچلے علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

    فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اب تک ضلع پاکپتن کے متاثرہ علاقوں سے 24 ہزار 974 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،سیلابی پانی نے ضلع پاکپتن کے 23 دیہات کو مکمل طور پر ڈبو دیا ہے جبکہ 53 دیہات جزوی طور پر زیرِ آب ہیں۔ مجموعی طور پر 64 ہزار 663 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 66 ہزار 913 ایکڑ زرعی رقبہ پانی میں ڈوب کر تباہ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ اب تک 4 ہزار 106 مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوا تو مزید نشیبی علاقے بھی شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

  • مودی سرکار کی خارجہ پالیسی میں دوغلا پن، امریکہ سے تعلقات میں دراڑ کا سبب

    مودی سرکار کی خارجہ پالیسی میں دوغلا پن، امریکہ سے تعلقات میں دراڑ کا سبب

    مودی حکومت کی خارجہ پالیسی میں خودغرضی، توازن کے فقدان اور غیر مستقل مزاجی نمایاں ہے، مودی حکومت کی خارجہ پالیسی میں دوغلا پن امریکہ سے تعلقات میں دراڑ کا سبب ہے۔

    چائنہ ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق قلیل مدت کے لیے امریکہ اور بھارت کے تعلقات میں بہتری ممکن ہے، تاہم طویل مدت میں باہمی اعتماد متزلزل ہو چکا ہے اور دونوں ممالک کا دو طرفہ تعاون سطحی حد تک محدود رہنے کا امکان ہے،روس کے ساتھ دیرینہ تزویراتی وابستگی ہے جو امریکہ بھارت تعلقات کی مضبوطی میں رکاوٹ ہے جبکہ چین کے حوالے سے بھارت کا غیر واضح مؤقف امریکہ کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ یہ تمام عوامل امریکہ کو بھارت پر مکمل اعتماد کرنے سے روک رہے ہیں،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خارجہ پالیسی میں دوغلاپن بھی نمایاں ہے، جہاں بھارت امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات کا دعویٰ کرتا ہے مگر دوسری جانب روس سے اسلحہ کی خریداری اور تیل کی درآمدات جاری رکھے ہوئے ہے، جو امریکہ کی پابندیوں اور خارجہ پالیسی کے منافی ہیں۔ یہی تضاد واشنگٹن میں پالیسی سازوں کیلئے بھارت کو ایک قابلِ اعتماد شراکت دار تسلیم کرنے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

    چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے باوجود بھارت نے چین کے خلاف کھل کر مؤقف اختیار کرنے سے گریز کیا اور کواڈ اتحاد میں بھی محتاط رویہ اپنایا، جس سے امریکہ میں مایوسی پائی جاتی ہے،رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مودی حکومت نے اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی نہ کی تو بھارت کے لیے امریکہ سے قریبی تعلقات برقرار رکھنا طویل مدت میں مشکل ہو جائے گا۔

  • بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ان کا حق مل رہا ہے، رانا ثناء اللہ

    بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ان کا حق مل رہا ہے، رانا ثناء اللہ

    مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین نے رابطہ کر کے مجھے ووٹ دینے کا کہا، پی ٹی آئی کا بائیکاٹ اپنے ممبران پر عدم اعتماد ہے۔

    پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا رویہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی ہے، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اندھی تقلید کرنے والے صرف فتنہ و فساد اور انتشار چاہتے ہیں،حکومت یا کسی ادارے کو نہیں پوری قوم کو ان کا راستہ روکنا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے پاس راہ فرار کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، پی ٹی آئی کے 10 سے 12 لوگ مجھ کو ووٹ ڈالتے، میں نے ان سے رابطہ نہیں کیا، انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا، میں نے انہیں منع کیا کہ مجھے نہیں اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالیں، اس جماعت نے ایک پالیسی کے طور پر لعن طعن کے کلچر کو اپنایا، اس جماعت نے پالیسی اپنائی کے مخالف کو دیکھ کر گالیاں دیں، بانی پی ٹی آئی کو شرف حاصل ہے کہ تاریخ میں شاید وہ پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے بطور پالیسی اوئے توئے کے کلچر کو اپنایا۔

    رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں اپوزیشن سے ملنے اور ہاتھ ملانے کو تیار نہیں تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو بات چیت کی آفر کی، یکجہتی کا پیغام دیا، بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھ چند لوگ ملک میں سیاست نہیں کرنا چاہتے، پی ٹی آئی نے بطور پالیسی اپنے لوگوں کو مجبور کیا کہ مخالف کو دیکھیں تو چور کہیں، یہ سیاسی رویہ اپنائیں تو ہم سیاست کے لیے حاضر ہیں، وزیراعظم خود چل کر گئے ہیں اپوزیشن کے پاس کہ آئیں ہم بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں ،علیمہ خان کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں ان کا جو حق ہے وہ ان کو مل رہا ہے، ہمارا گلہ پی ٹی آئی سے ہے کہ انہوں نے بدتمیزی کے کلچر کو بطور پالیسی اپنایا

  • 19 ہلاکتوں کے بعد نیپا ل میں سوشل میڈیا پر پابندی ختم

    19 ہلاکتوں کے بعد نیپا ل میں سوشل میڈیا پر پابندی ختم

    نیپال کی حکومت نے ملک میں شدید احتجاجی مظاہروں اور 19 مظاہرین کی ہلاکت کے بعد فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عائد پابندی ختم کردی۔

    گزشتہ ہفتے حکومت نے سوشل میڈیا پر رجسٹریشن قوانین کی خلاف ورزی، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت انگیزی، جھوٹی خبریں اور آن لائن فراڈ پھیلانے کے الزامات پر فیس بک، انسٹاگرام، ایکس (ٹوئٹر) اور دیگر پلیٹ فارمز کو بند کر دیا تھا۔ تاہم اس اقدام کے خلاف عوامی ردعمل شدت اختیار کرگیا اور ہزاروں نوجوان دارالحکومت کٹھمنڈو میں پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر جمع ہوکر سراپا احتجاج بن گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے نہ صرف سخت نعرے بازی کی بلکہ کچھ افراد نے رکاوٹیں توڑ کر پارلیمنٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن، آنسو گیس، لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 19 مظاہرین ہلاک اور 100 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔

    مظاہرین کی ہلاکتوں اور بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کے بعد حکومت نے پیر کی رات ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں عوامی مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر نیپال کے وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے مظاہرین کے اہلِ خانہ سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مالی امداد کا اعلان کیا، جبکہ زخمیوں کو سرکاری سطح پر مفت علاج فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر لگائی گئی پابندی کے خاتمے سے وقتی طور پر عوامی غصے میں کمی آئے گی، تاہم حالیہ واقعات نے حکومت اور عوام کے درمیان کشیدگی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

  • نیو کراچی: گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی، تین منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر

    نیو کراچی: گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی، تین منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر

    نیو کراچی سیکٹر 8 اے میں واقع ایک گارمنٹ فیکٹری میں پیر کی صبح اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں فیکٹری کی تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ آتشزدگی کے باعث قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دھوئیں کے بادل دور دور تک دکھائی دیے۔

    سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایک ایمبولینس اور پانچ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ فائرفائٹرز کی جانب سے آگ پر قابو پانے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں کپڑے اور دیگر کیمیائی مواد موجود تھا جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت منٹوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے متعدد افراد کے پھنسنے کا امکان ہے۔

    ایس ایس یو کمانڈوز بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور قریبی سڑکوں پر ٹریفک بند کر دی گئی ہے تاکہ ریسکیو آپریشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔تاحال جانی و مالی نقصان کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔

  • کراچی میں ممکنہ بارشوں کی پیش نظر پی ڈی ایم اے کی تیاریاں مکمل

    کراچی میں ممکنہ بارشوں کی پیش نظر پی ڈی ایم اے کی تیاریاں مکمل

    کراچی میں ممکنہ بارشوں کی پیش نظر پی ڈی ایم اے کی تیاریاں مکمل ہیں،

    ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے ڈی واٹرنگ پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈرگ روڈ اور شاہراہ فیصل پر نصب پمپس کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اطمنان کا اظہار کیا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نےممکنہ بارش کی صورت میں عملے کو پانی کے فوری اخراج کے احکامات کئے اور کہا کہ وزیر بحالی مخدوم محبوب الزمان کی ہدایات پر شہر کی اہم شاہراہوں پر ڈی واٹرنگ پمپس نصب کیے گئے ہیں، شہر میں کل 13 پمپس لگائے گئے ہیں، 3 پمپس ایمرجنسی میں مطلوبہ مقامات پر پہنچائے جائیں گے، ڈائریکٹر آپریشنز شایان شاہ نے قیوم آباد چورنگی اور سب مئرین انڈرپاس کا دورہ کیا، پمپنگ اسٹیشنز کے دورے کیے ہیں، عملہ کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہے، بارش کا سلسلہ وقتن بہ وقتن جاری رہنے کے امکانات ہیں، عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، عوام کو بارش کے دوران سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،

  • یہاں تو جوڑ توڑ کر لو گے اوپر ایک اور بھی عدالت ہے وہاں کیسے کرو گے،عدالت

    یہاں تو جوڑ توڑ کر لو گے اوپر ایک اور بھی عدالت ہے وہاں کیسے کرو گے،عدالت

    سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہا ہے کہ ڈرو اُس دن سے جب اوپر والے کی پکڑ ہوگی

    نجی بینک سے قرضہ حاصل کرکے مورگیج گھر کو دوسرے فریق کو فروخت کرنے سے متعلق درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے دلائل طلب کرلیے،جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو نجی بینک سے قرضہ حاصل کرکے مورگیج گھر دوسرے فریق کو فروخت کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،درخواستگزار کے وکیل نےموقف دیا کہ ہم بینک سے سیٹلمنٹ کرنے کے لیے تیار ہیں، جسٹس محمد اقبل کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ درخواستگزار کو خدا کو خوف نہیں ہے، جس گھر پر بینک سے قرضہ حاصل کیا وہ کسی کو بیچ دیا، یہاں تو جوڑ توڑ کر لو گے اوپر ایک اور بھی عدالت ہے وہاں کیسے کرو گے، ڈرو اس دن سے جس دن اوپر والے کی پکڑ ہوگی۔

    نجی بینک کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار نے ایف بی ایریا کے گھر پر 2019ء میں بینک سے 2 کروڑ روپے قرضہ لیا۔ بینک نے درخواستگزار سید کاظم رضا کا گھر مورگیج رکھا تھا۔ درخواستگزار نے مورگیج گھر کسی پرائیویٹ شخص کو بیچ دیا اور بینک کو پیسہ بھی ادا نہیں کیا،درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت حکم دے تو جو بھی رقم بنتی ہے ہم دینے کے لیے تیار ہیں،عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پہلے گھر بیچ دیا اب یہ بھی عدالت آپ کو حکم دے جو کرنا ہے بینک کے ساتھ کریں، عدالت میں کیوں درخواست دائر کردی،

  • عمران خان کے 6، بشریٰ کی ایک مقدمے میں ضمانت میں توسیع

    عمران خان کے 6، بشریٰ کی ایک مقدمے میں ضمانت میں توسیع

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی 1 عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی، اقدام قتل اور احتجاج کے مقدمات میں 7 اکتوبر تک ضمانت میں توسیع کی گئی ہے جبکہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ میں جعلی رسیدوں کے مقدمے میں ضمانت میں توسیع کی گئی ہے،آج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ہے،بشریٰ بی بی کی ضمانت کی دیگر درخواستوں پر فیصلہ آج بھی نہیں سنایا جاسکا جبکہ بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہیں ہوسکے،عدالت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر اکٹھا فیصلہ سنایا جائے گا،واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ ترنول، کراچی کمپنی کوہسار و دیگر میں مقدمات درج ہیں۔

  • رحیم یار خان،کشتی الٹنے سے 5 افراد ڈوب گئے،تین کی موت

    رحیم یار خان،کشتی الٹنے سے 5 افراد ڈوب گئے،تین کی موت

    رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے علاقے موضع نور والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ڈوب گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار متاثرین محفوظ مقام کی جانب منتقل ہو رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں نکال لیں، تاہم 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب تحصیل لیاقت پور میں بند ٹوٹنے سے 16 دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 2 ہزار افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد گھر اور کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

    علاوہ ازیں مظفر گڑھ میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے وسیع علاقے زیرِ آب آگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں پانی میں گھر گئیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ گندم، کپاس اور گنے کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔سیلابی صورتحال کے باعث مظفر گڑھ کے نشیبی علاقے پہلے ہی پانی میں گھرے ہوئے تھے کہ مزید شدید بارش نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا۔ کئی دیہات مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی فوری ضرورت ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔