Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ڈکی بھائی کا جسمانی ریمانڈ ختم، عدالت نے جیل بھیج دیا

    ڈکی بھائی کا جسمانی ریمانڈ ختم، عدالت نے جیل بھیج دیا

    لاہور کی ضلع کچہری میں پاکستانی یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مسلسل توسیع کے خلاف دائر درخواست پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے پیر کے روز کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں نیشنل کرائم ایجنسی لاہور کی جانب سے ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا پیش کی گئی تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے ڈکی بھائی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی آن لائن جوا کھیلنے والی ایپ کی تشہیر کی۔ اس مقدمے میں ریاست کی مدعیت میں نیشنل کرائم ایجنسی لاہور نے مقدمہ درج کیا تھا۔ذرائع کے مطابق اب تک ان کے جسمانی ریمانڈ میں چھ بار توسیع کی جا چکی ہے، جس پر وکلا دفاع نے اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مزید جسمانی ریمانڈ غیر قانونی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔عدالت کے فیصلے کے بعد ڈکی بھائی کو پولیس کی تحویل سے جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ جوڈیشل ریمانڈ پر رہیں گے۔

  • علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کا صحافی پر تشدد

    علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کا صحافی پر تشدد

    اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران شدید بدمزگی کا واقعہ پیش آیا۔ میڈیا نمائندوں اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی اور تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ماحول کشیدہ ہو گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے میڈیا کے نمائندوں کو نہ صرف دھکے دیے بلکہ بعض صحافیوں کے ساتھ گالم گلوچ اور بدسلوکی بھی کی۔ اس دوران ایک صحافی پر تشدد کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ واقعے کے بعد صحافی برادری نے سخت احتجاج کرتے ہوئے علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کا مکمل طور پر بائیکاٹ کر دیا۔صحافیوں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ان پر تشدد ناقابلِ قبول ہے، ایسے رویے آزادیٔ صحافت پر حملے کے مترادف ہیں۔ د

    واضح رہے کہ علیمہ خان جیل میں اپنے بھائی اور پی ٹی آئی کے بانی رہنما سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے لیے رکی تھیں، تاہم کارکنان اور صحافیوں کے درمیان کشیدگی نے صورتحال کو بگڑنے سے نہ روکا اور میڈیا ٹاک ادھوری رہ گئی۔

  • سپریم کورٹ کے 4 ججز کا فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار

    سپریم کورٹ کے 4 ججز کا فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار

    سپریم کورٹ کے 4 ججز نے فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔

    جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان کو لکھے گئے مشترکہ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہمارے خط کو فل کورٹ میٹنگ منٹس کا حصہ بنایا جائے، ہمیں فل کورٹ میٹنگ کا خط موصول ہوا، لیکن ہم شریک نہیں ہو سکتے، رولز منظوری کے لیےکبھی فل کورٹ کے سامنے نہیں رکھے گئے، فل کورٹ میٹنگ منٹس کو پبلک بھی کیا جائے، ہماری رائے میں رولز غیر قانونیت کا شکار ہو چکے ہیں،فل کورٹ کے لیے ایک نکاتی ایجنڈا ہی رکھا گیا، ایجنڈے میں نئے رولز سے پیدا مشکلات کے خاتمے کا ذکر ہے، بنیادی اعتراض دور ہونے تک اس میٹنگ میں شرکت کا فائدہ نہیں ہے۔

    سپریم کورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف جسٹس کی بنائی گئی کمیٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکیولیشن سے رولز کی منظوری لی گئی، سرکیولیشن روزمرہ کے عمومی معاملات کی حد تک ایک سہولت ہوتی ہے،رولز 9 اگست کو پہلے ہی نوٹیفائی ہو چکے، اس موقع پر فل کورٹ بلانا "پزلنگ” ہے

  • بلاول زرداری سیلاب متاثرین کی آواز بن گئے

    بلاول زرداری سیلاب متاثرین کی آواز بن گئے

    چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    مظفر گڑھ کے علاقے ٹھٹھہ سیال میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کسانوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں اور کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہم یقینی بنائی جائے۔ پنجاب کا کسان حالیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکومتوں کو فوری ایکشن لینا ہوگا۔سیلاب سے پورا ملک متاثر ہے ،زرعی شعبے کو ریلیف دیا جائے ،گلگت بلتستان ،خیبرپختونخوا بھی سیلاب سے متاثر ہوا ، سیلاب سے پنجاب میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ،خود دیکھ کر آیا ہوں عوام کن مشکلات سے گزر رہے ہیں ،سیلاب متاثرین کی بحالی کا مرحلہ بھی ہے ،زیادہ تر سیلاب متاثرین کو ریلیف پر توجہ دی جاتی ہے ،سیلاب متاثرین کا نقصان پورا کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے ،یہ سیاسی بیان بازی کا موقع نہیں ہے، اس وقت یہ نہیں دیکھنا کہ متاثرہ شخص کا تعلق کہاں سے ہے، مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

    بلاول بھٹو نے ایک بار پھر حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، مستحق متاثرین تک صحیح امداد پہنچنے کا ذریعہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ہے۔

    بلاول زرداری کی ہدایت پر ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے 1500 ٹینٹ قائم کیے گئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز، نرسز بروقت موجود ہیں اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ڈینگی،سانپ کےکاٹنےاور دیگر بیماریوں سے متاثرین کومحفوظ رکھا جا سکے

  • چنیوٹ، سیلاب متاثرین کے لئے خیمہ بستی قائم

    چنیوٹ، سیلاب متاثرین کے لئے خیمہ بستی قائم

    پاکستان مرکزی مسلم لیک نے جامعہ آباد پر تیس گھروں کی خیمہ بستی لگاکر پورے گھر کی ضروریات کی اشیاء ، کھیس، دریاں ، گیس والا چولہا ، سرہانے، مچھر دانیاں ، توا، وغیرہ سیلاب زدگان کے حوالے کر رہے ہیں اور خیمہ بستی میں سیلاب متاثرین کو صبح کا ناشتہ سمیت دو ٹائم کا کھانا بھی دیا جارہا ہے

    مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم کا کردار قابل تعریف ہے خیمہ بستی میں آنے والے مردوں ، عورتوں کو بڑے احترام و اخلاق کے ساتھ خیمہ بلکہ ایک چھوٹا گھرفراہم کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے ،اسی طرح پہلے اور دوسرے بڑے سیلابی ریلوں کے دوران پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی ریسکیو ٹیموں کے جوانوں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے سینکڑوں افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا

  • سیلاب میں لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے،  وزیراعظم

    سیلاب میں لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے، وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و امدادی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،

    اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلوں کی موجودہ صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ شہریوں کے لیے امدادی کاروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی.وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ملک میں جاری امدادی کاروائیوں کو تیز کرنے اور بڑھتی ہوئی طغیانی سے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی،وزیرِ اعظم نے دریاؤں کی ملحقہ آبادیوں اور ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی اطلاع اور بروقت انخلاء کے حوالے سے بھی مکمل تیاری کی ہدایت کی،وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کے ساتھ مکمل تعاون برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب میں لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے،

    وزیراعظم کو ملک میں سیلاب کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور افراد اور ریسکیو کاروائیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں تریمو بیراج، پنجند بیراج، ہیڈ بلوکی، ہیڈ سدھنائی، گنڈا سنگھ والا، ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام میں شدید طغیانی کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا.سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کے قافلے تسلسل سے بھیجے جا رہے ہیں،

  • جہلم، ایک ہی گھر کے چار افراد کی جان لے لی گئی

    جہلم، ایک ہی گھر کے چار افراد کی جان لے لی گئی

    جہلم: کوٹھا پرانا گاؤں میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک ہی گھر کے 4 افراد کو بے رحمی سے قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمام مقتولین کو گلے کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ واردات انتہائی منصوبہ بندی اور سنگدلی کے ساتھ کی گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں تاکہ مزید حقائق سامنے آسکیں۔

    ابتدائی طور پر قتل کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ہی اس اندوہناک واقعہ کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • سکھر میں بارش کے دوران حادثات؛ 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    سکھر میں بارش کے دوران حادثات؛ 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    سکھر: شدید بارشوں کے باعث سکھر میں پیش آنے والے دو مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق پہلا افسوسناک واقعہ روہڑی کے علاقے میں پیش آیا جہاں موسلا دھار بارش کے دوران ایک گھر کی دیوار اچانک گر گئی۔ ملبے تلے دبنے کے باعث 2 بچوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسرا حادثہ ریلوے آفیسر کلب کے قریب پیش آیا جہاں امام بارگاہ کی چھت بارش کے پانی کا دباؤ برداشت نہ کر سکی اور منہدم ہو گئی۔ چھت گرنے کے نتیجے میں وہاں موجود مؤذن موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 11 ستمبر تک سندھ کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق گزشتہ روز حیدرآباد، سجاول، ٹھٹہ، سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت متعدد شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی علاقے زیرِ آب آ گئے۔سکھر شہر میں طوفانی بارش کے بعد مرکزی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز میں مزید موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی اپنی بلند ترین سطح پر ہوگا۔ ان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں انخلا کا عمل جاری ہے، فرنٹ کے دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے دیہات کو آئندہ 48 گھنٹوں میں خالی کرایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کرنے اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم،خواجہ سعد رفیق نے مثال قائم کر دی

    سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم،خواجہ سعد رفیق نے مثال قائم کر دی

    مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ملاقات کی اور ان میں مالی معاونت کے لیے چیکس تقسیم کیے۔

    تقریب میں میڈیا نمائندے اور مقامی افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تاہم چیکس کی تقسیم سے قبل خواجہ سعد رفیق نے وہاں موجود میڈیا اور کیمروں کو بند کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ امداد کے موقع پر تصاویر اور ویڈیوز بنانا مناسب نہیں کیونکہ اس سے متاثرہ خاندانوں کے وقار کو ٹھیس پہنچتی ہے۔خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا "ہم نے ایک دوسرے سے بات کرلی ہے اور اپنے دکھ درد بانٹ لیے ہیں۔ لیکن میری گزارش ہے کہ جب چیکس تقسیم ہوں تو اس دوران تصاویر نہ بنائی جائیں۔ یہ متاثرین کے لیے ایک حساس لمحہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔”

    https://x.com/KhSaad_Rafique/status/1964869067657105820

    سیلاب متاثرین نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دی گئی اس مالی معاونت کو سراہا اور خواجہ سعد رفیق کی اس ہدایت کو مثبت قرار دیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کا ایسے مواقع پر دکھاوے کے بجائے حقیقی مدد فراہم کرنا متاثرین کے حوصلے بلند کرتا ہے۔ باجوڑ اور گردونواح میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں، جن کی بحالی کے لیے حکومت اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما سرگرم ہیں۔

  • منصور قادر کو بھی پی سی بی میں عہدہ مل گیا

    منصور قادر کو بھی پی سی بی میں عہدہ مل گیا

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن کی حیثیت سے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے منصور قادر کو پی سی بی کا الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق منصور قادر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بیوروکریسی میں وسیع تجربے کے باعث اس عہدے کے لیے بہترین انتخاب قرار پائے ہیں۔ ان کی تعیناتی کا مقصد پی سی بی کے آئندہ انتخابات کو شفاف، غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کرانا ہے۔عہدہ سنبھالنے کے بعد منصور قادر نے چیئرمین پی سی بی سید محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پی سی بی کے آئینی و انتخابی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران منصور قادر نے چیئرمین کو اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے منصور قادر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، لگن اور غیر جانبداری کے ساتھ ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی ترقی اور شفاف نظام کے لیے ایک مضبوط اور منصفانہ الیکشن کمشنر کا کردار نہایت اہم ہے۔