Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • تبصرہ کتب،خلفائے راشدین ( بچوں کےلئے )

    تبصرہ کتب،خلفائے راشدین ( بچوں کےلئے )

    زیر نظر کتاب ”خلفائے راشدین “ دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ دارالسلام کی شائع کردہ ایک خوبصورت پیشکش ہے جو بالترتیب چار حصوں پر مشتمل ہے ۔ یہ کتاب مشہور ماہر تعلیم، ادیب اور محقق اشفاق احمد خاں کی تصنیف ہے ۔ اشفاق احمد خاں کا ایک تعارف یہ بھی ہے کہ وہ بچوں کے ادب کے معروف لکھاری محمد یونس حسرت مرحوم کے فررزند ارجمند ہیں ۔محمد یونس حسرت مرحوم نے بچوں کےلئے بیشمار تربیتی اور اصلاحی کتب لکھیں ہیں ۔ اشفاق احمد خاں کی تحریر میں وہی اپنے والد مرحوم والی پختگی، شگفتگی، سلاست اور روانی پائی جاتی ہے ۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ اگر آپ اپنے بچوں کو بڑاانسان بنانا چاہتے ہیں تو انھیں بڑے لوگوں کے حالات زندگی کا مطالعہ کروائیں۔مسلمانوں کے نزدیک انبیا ءعلیھم السلام کے بعد سب سے زیادہ عظمت اور شان والے صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم ہیں ۔ جبکہ صحابہ کرام میں سے سیدنا ابوبکر صدیق، سیدنا عمر فاروق، سیدنا عثمان غنی اور سیدناعلی المرتضی رضی اللہ عنھم خلفائے راشدین ہیں اور ان کا عہد ۔۔۔۔ خلافت راشدہ کہلاتا ہے۔ خلافت راشدہ کے عہد کی مجموعی مدت تیس سال ہے۔ تیس سال کوئی بہت لمبا عرصہ نہیں صرف تین عشرے ہیں ان تین عشروں میں خلفائے راشدین نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور اسلامی ریاست کی توسیع و استحکام کےلئے وہ کارہائے نمایاں انجام دیے جو صدیوں میں بھی ممکن نہیں ہوتے ہیں ۔ خلفائے راشدین میں سے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اولین خلیفہ ہیںجبکہ خلافت راشدہ کے زریں عہد کی آخری لڑی سیدنا علی رضی اللہ عنہ ہیں ۔

    خلافت راشدہ ۔۔۔۔کا دورہر لحاظ سے تاریخ کا سنہرا دور ہے جو ہمارے آج کے حکمرانوں اور سیاستدانوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔ اس دور میں تمام رعایا کو بنیادی حقوق حاصل تھے۔ ان کی شخصی و سیاسی آزادی کی حفاظت کی جاتی تھی۔ مسلمان اور غیر مسلم کے حقوق یکساں تھے ۔ کوئی شخص کسی دوسرے کی حق تلفی نہیں کر سکتا تھا اور نہ ہی کسی پر زیادتی کی جرا ت کرسکتا تھا۔ غیر مسلموں کو مذہبی آزادی حاصل تھی اس کے ساتھ ان کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت بھی کی جاتی تھی۔ عدل کا ترازو سب کے لیے برابر تھا۔ نہ کوئی امیر، نہ غریب، نہ بادشاہ ، نہ عامی، نہ گورا ، نہ کالا اور نہ ہی رنگ و نسل کا امتیاز تھا۔ سب برابر تھے۔ مجرم مجرم ہی تھا خواہ کوئی بھی ہو۔خلافت راشدہ میں فتوحات کا سلسلہ بھی جاری ہوا اور سلطنت وسیع ہوئی۔ اندرونی فتنوں کو بھی دبایا گیا اور بیرونی خطرات کا مقابلہ بھی ہوا لیکن ان تمام کاموں میں ایک چیز مشترک تھی وہ یہ کہ ان کا مقصد عوام کی فلاح، ان کی خوشحالی و آسودہ حالی، ان کو امن و سکون اور اسلامی ریاست و اسلام کا تحفظ تھا۔آج امت مسلمہ خستہ حالی کا شکار ہے اور اس کا جسد تارتار ہے تاہم نہیں ناامید اقبال اپنی کشت ویراں سے اللہ اسی امت میں سے ایسے جوان پیدا فرمائے گاجو امت کے درد کا درماں کریں گے شرط ہے کہ ہم اپنے بچوں کی تربیت اچھی بنیادوں پر کریں انھیں اسلامی ، اخلاقی اور اصلاحی کتب پڑھنے کےلئے دیں ۔اور یہ بات سمجھیں کہ خلفائے راشدین کا بچپن ، جوانی اور بڑھاپا ۔۔۔۔ہمارے آج کے بچوں ، بچیوں ، جوانوں اور بزرگوں کےلئے مشعل راہ ہے ۔
    یہ بات یقینی ہے کہ یہ فتنوں اور آزمائشوں کا دور ہے ، اس دور میں موبائل ، فیس بک ، پب جی گیم ، واٹس ایپ اور دیگر ایسے بہت سے ذارئع موجود ہیں جو بچوں اور بچیوں کے اخلاق وکردار پر اثر انداز ہورہے ہیں ۔۔۔۔ان حالات میں والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں بچیوں کے لئے ایسی کتابوں کاانتخاب کریں جو ان کے اخلاق وکردار کو سنواریں اور ان کے دلوں میں اپنے نبی علیہ السلام اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہھم اجمعین کی محبت پیدا کریں ۔” خلفائے راشدین “ بچوں کے مطالعہ لئے بہترین انتخاب ہے۔چار حصوں پر مشتمل اس خوبصورت اور لاجواب کتاب میں بطریق احسن خلفائے راشدین کے حالات زندگی بیان کئے گئے ہیں ۔ کتابوں کاانداز بیاں بہت دلچسپ ، سادہ، آسان اور شستہ ہے جو ان شاءاللہ بچوں کی شخصیت پر گہرے نقوش مرتب کرے گا ، ان کے دلوں میں اسلام ، نبی علیہ السلام اور خلفائے راشدین کی محبت پیدا کرے گا ۔ دیدہ زیب سرورق ، چہار کلر طباعت کی حامل یہ کتاب دیکھنے میں جتنی خوبصورت ہے باطنی طور پر اس سے بھی کہیں زیادہ خوبصورت ہے۔چار کتابوں پر مشتمل سیٹ کی قیمت 1300روپے ہے جو دارالسلام کے مرکزی شوروم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ042-37324034 پر دستیاب ہے ۔مرکز ایف ایٹ اسلام آباد 051-2281513 ، دارالسلام کراچی مین طارق روڈ 0321-7796655پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے

  • سیرتِ محمدی ہی اس اندھیرے میں روشنی کا مینار ہے،سید احسن محمود شاہ

    سیرتِ محمدی ہی اس اندھیرے میں روشنی کا مینار ہے،سید احسن محمود شاہ

    قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین سید احسن محمود شاہ ، سرپرست اعلی حفیظ البرکات شاہ اور صدر قدرت اللہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج جبکہ پوری دنیا میں رسول مقبول ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشیاں منائی جارہی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ولادت مصطفی منانے کے ساتھ رسول مقبول ﷺ کی سیرت کو بھی اپنانے کا عہد کیا جائے ۔ رسول اکرم ﷺ نے اپنی حیات مبارکہ میں ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ کر دنیا کو بتایا کہ عدل و انصاف، مساوات، اخوت اور خدمت خلق کے اصولوں پر قائم ریاست ہی حقیقی معنوں میں مضبوط اور پائیدار ہوتی ہے۔ آج اگر پاکستان کے حکمران اور عوام سیرت مصطفی پر عمل پیرا ہونے کا عہد کر لیں تو غربت، کرپشن اور ظلم کی آندھیاں چھٹ جائیں گی اور ہمارا وطن حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بن جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سیرت طیبہ صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی پہلوو ں پر بھی روشنی ڈالتی ہے۔ نبی کریم نے ریاست مدینہ میں ہر شہری کو بلا امتیاز انصاف فراہم کیا، اقلیتوں کے حقوق محفوظ بنائے اور معاشی خوشحالی کی راہیں کھولیں۔ اگر ہماری تعلیمی اداروں میں سیرت نبوی کو نصاب کا مرکزی حصہ بنا دیا جائے، عدالتوں میں عدل فاروقی اور حکومت میں شریعت محمدی قائم ہو جائے تو پاکستان نہ صرف دنیا کے نقشے پر ایک باوقار ریاست کے طور پر ابھرے گا بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے مینارہ نور ثابت ہوگا۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی میں نبی کریم کے نقشِ قدم کو اپنا لیں، کیونکہ اسی میں دین و دنیا دونوں کی کامیابی مضمر ہے۔ سیرت رسول محض ایک تاریخی ورثہ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے، جو ہر دور میں انسانیت کے لیے روشنی اور پاکستان کے استحکام کے لیے یقین کی کرن ہے۔انھوں نے کہا آج کا دور نفرت، بے حسی اور ظلم کا عکاس ہے، مگر سیرتِ محمدی ہی اس اندھیرے میں روشنی کا مینار ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ حضور ﷺ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنائے تاکہ معاشرہ امن، محبت اور انصاف کا گہوارہ بن سکے۔

  • پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف آپریشن کے دورا ن 48 ہزار افراد کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا،10 لاکھ 20 ہزار افراد میں پکی پکائی خوراک تقسیم کی جا چکی ہے،25 ہزار سے زائد خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کیا گیا ہے، میڈیکل کیمپوں میں 8 لاکھ 10 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج معالجہ کیا جا چکا ہے، موہلنوال ،کنگن پور کی خیمہ بستیوں میں مقیم خاندانوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں.

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر خدمت خلق کے تحت لاہور،قصور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، خانیوال، چنیوٹ، جھنگ،ٹوبہ، ننکانہ،پاکپتن، گجرات، شیخوپورہ،مظفر گڑھ سمیت مختلف اضلاع میں ہزاروں رضاکار سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انجینئر حارث ڈار، پنجاب کے صدر محمد سرور چوہدری،مرکزی ترجمان تابش قیوم و دیگر رہنما سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں.خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع اوکاڑہ کی جانب سے سیلاب متاثرین میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں4300 سے زائد افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا، 130 افراد اور 25 جانوروں کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ 970 مریضوں کو مفت دوائیں فراہم کی گئیں۔اٹاری منڈی احمد آباد میں خدمت خلق کے کارکنان نے بستی ولی محمد میں پھنسے متاثرین کو ناشتہ پہنچایا، اور 1122 ریسکیو کی کشتی کا پیٹرول ختم ہونے پر انہیں ایندھن بھی فراہم کیا۔ملتان کے متاثرہ علاقوں ستی لنگڑیال، موضع ہمروٹ، اور محمد پور گھوٹہ میں رضاکار کشتیوں کے ذریعے پکا پکایا کھانا متاثرین تک پہنچا رہے ہیں۔ اسی طرح ضلع ٹوبہ میں پیر محل، اڈا بھسی اور دیگر زیرِ آب علاقوں میں کارکنان کشتیوں میں جا کر راشن اور کھانے کی ترسیل کر رہے ہیں۔
    ٹھٹی عثمان والا قصور میں دریاۓ ستلج کی تباہ کاریوں سے 800 سے زائد مکانات متاثر ہوئے،مرکزی مسلم لیگ کی جانب سےروزانہ 2000 سے زائد افراد کو کھانا، راشن اور جانوروں کا سائلج فراہم کیا جا رہا ہے۔ گجرات سٹی اور مضافات میں مرکزی مسلم لیگ کے نوجوان گھروں میں جا کر کھانا پہنچا رہے ہیں۔چنیوٹ میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان رشیدا جھنگ روڈ پر پانی میں پیدل چل کر متاثرہ افراد تک خشک راشن اور پکا کھانا پہنچا رہے ہیں۔ جھنگ میں بھی کشتیوں کے ذریعے کھانے کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔خانیوال، پاکپتن، حاصل پور اور بہاولنگر میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے روزانہ بنیادوں پر فری میڈیکل کیمپس، کھانے کی تقسیم، راشن و گفٹ پیک کی ترسیل جاری ہے۔ دریائے ستلج کے کناروں پر واقع بستیوں چک مہار کلا، درکڑھ فارم، بیلی دلاور تک کھانے، صاف پانی، اور دوائیں پہنچائی جا رہی ہیں۔سیالکوٹ کے علاقے دھرم کوٹ اور کوٹلی داسو سنگھ میں متاثرین کو ایک ماہ کا راشن دیا گیا،پاکستان مرکزی مسلم لیگ سرگودھا کی جانب س 1350 سیلاب سے متاثرہ افراد تک پکا پکایا کھانا پہنچایا گیا۔مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے گھوٹکی میں قائم فلڈ ایمرجنسی ریلیف سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معززین علاقہ اور متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی۔ فیصل ندیم نے اس موقع پر عوام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔فیصل ندیم نے ذمہ داران کے ہمراہ کچے کے علاقوں کا بھی معائنہ کیا اور ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت ایمرجنسی ریلیف سینٹر اور فری کشتی سروس کا آغاز کرکے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سپریم کورٹ میں انتظامی سائیڈ پر فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو طلب

    سپریم کورٹ میں انتظامی سائیڈ پر فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو طلب

    سپریم کورٹ میں انتظامی سائیڈ پر فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو طلب کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس دن ایک بجے ہوگا جو صرف ایک نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا اور اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم کا جائزہ لیا جائے گا،صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تحریری تجاویز سپریم کورٹ کو بھجوائی ہیں جن میں عدالتی فیسوں میں اضافے کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جج نے رولز میں ترامیم کے لیے تجاویز جمع نہیں کروائیں،سپریم کورٹ رولز 2025 سرکولیشن کےذریعے منظور کرائے گئے تھے اور کثرت رائے سے یہ رولز منظور کیے گئے تھے،اختلاف کرنے والے ججز کی رائے تھی کہ فل کورٹ اجلاس سے رولز کی منظوری کرائی جائے

  • توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی

    توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی

    توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی

    کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی،سماعت کے دوران دوران استغاثہ کے دو گواہان کے بیانات قلمبند کرلئے گئے۔گواہان میں پرنسپل اپریزر کسٹمز ثناء سعید اور اے ڈی سی جی ہیڈ کوارٹر عبداللہ خان شامل ہیں،توشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر 13گواہان کی بیانات قلمبند11پر جرح مکمل کی جا چکی ہے۔

    سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی،بشری بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر،ارشد تبریز،قوسین فیصل مفتی عدالت پیش ہوئے۔ایف آئی اے کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹرز ذوالفقار نقوی،عمیر مجید ملک پیش ہوئے۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی دو بہنیں علیمہ خان،ڈاکٹر عظمی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

  • احتجاج کی آڑ میں سیاسی مقاصد ،کوئی نرمی نہیں ہو گی، طلال چودہدری

    احتجاج کی آڑ میں سیاسی مقاصد ،کوئی نرمی نہیں ہو گی، طلال چودہدری

    وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں سیاسی مقاصد حاصل کرنا اس پر حکومت کوئی نرمی اختیار نہیں کرے گی۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد پریس کلب کے باہر احتجاج کر رہے ہیں، اس وجہ سے پولی کلینک سے پریس کلب تک ایک سائیڈ پر سڑک کو بند کیا گیا ہے،احتجاج کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کسی سے بات کرنے کو تیار نہیں، مختلف طریقوں اور انسانی حقوق کے رہنماؤں کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے،معاملہ سیٹل نہ ہونے کی بڑی وجہ احتجاج کرنے والوں کے مطالبات ہیں، ان کے ایسے مطالبات ہیں جن کو حکومت پورا نہیں کرسکتی، کچھ معاملات عدالتوں میں بھی ہیں، لاپتہ افراد کمیشن اس پر کام کر رہا ہے، ہم بھی لاپتا افراد سے متعلق بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

  • بھارتی اداکارہ رانیا راؤ پر  سونا اسمگلنگ کی وجہ سے جرمانہ عائد

    بھارتی اداکارہ رانیا راؤ پر سونا اسمگلنگ کی وجہ سے جرمانہ عائد

    بھارت کی کناڈا فلموں کی معروف اداکارہ رانیا راؤ پر 127 کلوگرام سونا اسمگل کرنے کے الزام میں 102 کروڑ بھارتی روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

    یہ اقدام ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) کی جانب سے کیا گیا، جس میں اداکارہ سمیت تین دیگر ملزمان کو بھی سونا اسمگلنگ کے مقدمے میں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، اداکارہ رانیا راؤ اور دیگر ملزمان پر دبئی سے 324 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کے الزام میں مجموعی طور پر 271 کروڑ بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، مرکزی ملزم اور سینئر آئی پی ایس افسر چندر راؤ کی بیٹی رانیا راؤ کو صرف 127 کلوگرام سونا اسمگل کرنے پر 102 کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ڈی آر آئی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں جرمانے کی ادائیگی کے لیے کوئی مخصوص وقت نہیں دیا گیا، تاہم ملزمان کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹس کا جواب جلد از جلد دیا جائے۔

    واضح رہے کہ اداکارہ رانیا راؤ سمیت تمام ملزمان اس وقت بنگلورو سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ رانیا راؤ نے اپنی گرفتاری کو بھارتی ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا ہے۔اداکارہ رانیا راؤ کو رواں برس مارچ میں بنگلورو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 14.8 کلوگرام سونا لے جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، جس کی مارکیٹ قیمت تقریباً 12 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔

  • ایف آئی اے کی کارروائی، یورپ جانے کی کوشش ناکام، 12 مسافر گرفتار

    ایف آئی اے کی کارروائی، یورپ جانے کی کوشش ناکام، 12 مسافر گرفتار

    سیالکوٹ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 12 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن سیل نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو آف لوڈ کرکے حراست میں لیا۔ گرفتار مسافر یوگنڈا سے لیبیا اور پھر وہاں سے یورپ جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے پاسپورٹ پر یوگنڈا کے ویزے درج تھے اور وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سے ہے جبکہ اوکاڑہ اور پاکپتن کے رہائشی بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے بیان کی روشنی میں ایجنٹوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ غیرقانونی انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔

  • علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر انڈہ مار دیا گیا

    علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر انڈہ مار دیا گیا

    علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر انڈے مارے گئے، علیمہ خان میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں کہ کسی نے علیمہ خان کو انڈہ دے مارا، علیمہ خان انڈہ لگنے کے بعد موقع سے روانہ ہو گئیں، اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان موجود تھے، انڈہ مبینہ طور پر خواتین نے مارا ہے جو میڈیا ٹاک کے موقع پر موجود تھیں،پولیس نے موقع پر ہی کاروائی کی اور علیمہ خان کو انڈہ مارنے والی دو خواتین کو حراست میں لے لیا

    دوسری جانب علیمہ خان کی موجودگی میں خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین نےعلی امین گنڈا پور کے خلاف احتجاج کیا،سرکاری ملازمین نے کہا کہ "خیبر پختونخوا حکومت میں بڑے چھوٹے سب کرپشن میں مصروف ہیں، ہمارے مطالبات کوئی نہیں سن رہا”۔ کارکنوں نے مزید کہا کہ "ہماری عمران خان سے محبت اب علی امین اینڈ کمپنی کی وجہ سے نفرت میں بدل چکی ہے”۔

  • ترکی نے  اسرائیل نواز مؤقف پرفرانسیسی نژاد یہودی گلوکار کا کنسرٹ منسوخ کر دیا

    ترکی نے اسرائیل نواز مؤقف پرفرانسیسی نژاد یہودی گلوکار کا کنسرٹ منسوخ کر دیا

    ترک حکام نے فرانسیسی نژاد یہودی گلوکار اینریکو میسیاس کا استنبول میں ہونے والا کنسرٹ منسوخ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ عوامی احتجاج اور ممکنہ مظاہروں کے پیشِ نظر کیا گیا تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

    استنبول کے گورنر آفس نے اپنے باضابطہ اعلامیے میں بتایا کہ یہ کنسرٹ جمعہ کی شام شیسلے ضلع میں منعقد ہونا تھا تاہم اس کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی ردعمل اور احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے باعث اجازت واپس لے لی گئی ہے۔ گورنر آفس کے بیان میں کہا گیا کہ ایسے مظاہرے مظاہرین کو غیر قانونی اور غیر منصفانہ پوزیشن میں لے جا سکتے ہیں، جس سے عوامی نقصان اور افراتفری پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔مزید برآں، گورنر آفس نے واضح کیا کہ کنسرٹ کے مقام کے اطراف میں کسی بھی قسم کے احتجاجی مظاہرے یا جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاکہ عوامی نظم و نسق قائم رہے۔

    خیال رہے کہ ترکیہ حالیہ دنوں میں فلسطین کے مسئلے پر اسرائیل کے خلاف نہایت سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ ترک صدر اور حکومت نے بارہا اسرائیلی کارروائیوں کو "نسل کشی” قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی حمایت ختم کرے۔