Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • گلگت میں بلاول کی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، شازیہ مری

    گلگت میں بلاول کی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، شازیہ مری

    مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی میدان میں شکست کے خوف نے مخالفین کو پری پول رگنگ پر مجبور کر دیا ہے،

    شازیہ مری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں.پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، مختلف حلقوں سے انتخابی عمل میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، کہیں انتظامی افسران کے تبادلے کیے جا رہے ہیں اور کہیں ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کی اطلاعات ہیں، انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوششیں جمہوری اقدار کے خلاف ہیں، سرکاری مشینری کے ذریعے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی اطلاعات تشویشناک ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے، وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں سرگرم شرکت انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے،چیف الیکشن کمشنر بتائیں انتخابی عمل کو غیر جانبدار بنانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں،آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت شفاف، منصفانہ اور ایماندارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،انتخابات کے دوران گلگت بلتستان میں پنجاب پولیس کی موجودگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے، سرکاری مشینری کے استعمال کی ہر شکایت کا فوری نوٹس لیا جانا چاہیے،عوام کی رائے پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا، گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں گے، الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے، عوامی مینڈیٹ پر کسی قسم کا ڈاکہ جمہوری اقدار کے خلاف ہوگا،

  • وزیراعظم  شہباز شریف  سےچین کے سفیرکی ملاقات

    وزیراعظم شہباز شریف سےچین کے سفیرکی ملاقات

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نےچین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سےملاقات کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہارکرتے ہوئے حالیہ دورۂ کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

    وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ’’ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘‘ کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلےکے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے دورۂ چین کے موقع پر ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس (B2B) سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں (MOUS) پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد از جلد حاصل کیے جا سکیں۔

    وزیراعظم نے دورۂ چین کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں چینی سفیر کی گرانقدر خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں قیادتوں کے طے کردہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔

    ملاقات کے دوران قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے پر پیش رفت کو تیز کرنے، سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے فروغ، نیز پاکستان کے لیے اقتصادی اور مالی معاونت سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔
    سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کوکامیاب دورۂ چین پر مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی فولادی اور لازوال برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

  • موٹروے زیادتی کیس،ملزمان کی لاہور ہائیکورٹ سے اپیلیں مسترد

    موٹروے زیادتی کیس،ملزمان کی لاہور ہائیکورٹ سے اپیلیں مسترد

    لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے اجتماعی زیادتی کیس میں سزائے موت پانے والے دو مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ان کی سزائیں برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا۔ فیصلے کے بعد پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے مقدمے کی مؤثر پیروی پر پراسیکیوشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مجرموں کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کی۔ عابد ملہی اور شفقت بگا نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقدمے کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا گیا اور ان کے دفاع کو مناسب طور پر نہیں سنا گیا، لہٰذا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا جائے۔

    سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راحیلہ شاہد نے اپیلوں کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تمام شواہد اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد میرٹ پر فیصلہ سنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں مجرموں کے خلاف ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں، اس لیے اپیلیں مسترد کی جائیں،فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے بعد ازاں سناتے ہوئے عدالت نے دونوں مجرموں کی اپیلیں خارج کر دیں اور ان کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔

  • پانی  بحران ختم کرنا اولین ترجیح غفلت برتنے والے اہلکار گھر جائیں گے،غلام قمر وڑائچ

    پانی بحران ختم کرنا اولین ترجیح غفلت برتنے والے اہلکار گھر جائیں گے،غلام قمر وڑائچ

    ٹیوب ویلز کی مانیٹرنگ اور وال مینوں کی حاضری یقینی بنانے کے لیے سرپرائز چیکنگ کا فیصلہ، ڈیوٹی سے غائب ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
    شہریوں کو شدید گرمی میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے خود فیلڈ میں رہوں گا سرکاری وسائل کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائے گا، غلام قمر وڑائچ
    گوجرخان (قمر شہزاد) نو تعینات چیف آفیسر بلدیہ گوجرخان غلام قمر وڑائچ نے چارج سنبھالتے ہی شہر میں پانی کے سنگین بحران اور فنی خرابیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی او بلدیہ نے انکشاف کیا کہ شہر میں اکثر موٹریں جلنے کی بڑی وجہ متعلقہ عملے کی لاپرواہی ہے اہلکار موٹر چلا کر یا وال کھول کر غائب ہو جاتے ہیں جس سے نہ صرف سرکاری مشینری کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوام بھی پانی کی بوند بوند کو ترس جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تمام ٹیوب ویلز کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی اور وال مینوں کی ڈیوٹی کے اوقات میں موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے وہ خود کسی بھی وقت سرپرائز چیکنگ کریں گے۔ غلام قمر وڑائچ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے چارج لیے ابھی تھوڑا وقت ہوا ہے لیکن میں نے عوامی مسائل کا ادراک کر لیا ہے۔ شدید گرمی کے اس موسم میں تمام وارڈز میں مساوی اور بلاتعطل پانی پہنچانا میرا مشن ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پانی کی فراہمی کے نظام کو مرحلہ وار بہتر بنایا جا رہا ہے اور جو بھی سرکاری ملازم اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا، اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جلد ہی شہر کو پانی کے بحران سے نکال کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

  • کراچی،بیٹوں کے ساتھ ملکر گھناؤنا دھندہ کرنے والی خاتون گرفتار

    کراچی،بیٹوں کے ساتھ ملکر گھناؤنا دھندہ کرنے والی خاتون گرفتار

    کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مطلوب ملزمہ شیریں عرف شیرینہ کو اس کے دو بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ کو کامران چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شیریں عرف شیرینہ ہیروئن، چرس اور دیگر منشیات کی فروخت میں ملوث تھی اور طویل عرصے سے علاقے میں سرگرم تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ ماضی میں بھی گرفتار ہو چکی ہے اور سزا کاٹنے کے بعد چند سال قبل جیل سے رہا ہوئی تھی۔ دو سال قبل رہائی کے بعد اس نے دوبارہ منشیات کے کاروبار میں سرگرمیاں شروع کر دی تھیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق شیریں عرف شیرینہ کے خلاف مختلف نوعیت کے تقریباً 35 مقدمات درج ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک مقدمے میں ملزمہ کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد ہوا تھا، جس کے باعث اس کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات بھی موجود ہیں۔

    تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے براہِ راست ہیروئن اور دیگر منشیات سپلائی کرتی تھی، جس سے اس کا غیر قانونی کاروبار علاقے میں جاری تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ اور اس کے بیٹوں سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے نیٹ ورک اور دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

  • شیخ رشید کی بیرونِ ملک سفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    شیخ رشید کی بیرونِ ملک سفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کی بیرونِ ملک سفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    انسدادِ دہشت گردی عدالت میں درخواست کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کا نام وفاقی حکومت نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا ہے، لہٰذا کابینہ کے فیصلے کی موجودگی میں عدالت کے حکم سے نام فہرست سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت عدالت پہلے ہی درخواست گزار کا پاسپورٹ ضبط کر چکی ہے، جبکہ ان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں چالان بھی جمع کروایا جا چکا ہے۔

    سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے معاملہ انسدادِ دہشت گردی عدالت کو بھجوایا ہے، اس لیے عدالت کم از کم پاسپورٹ کی رہائی کے حوالے سے فیصلہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نام ای سی ایل میں شامل ہے تو درخواست گزار اس معاملے پر متعلقہ فورم سے رجوع کرے گا۔دوسری جانب پراسیکیوشن نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس سے متعلق بعض اہم دستاویزات کا حصول ابھی باقی ہے، اس لیے مزید وقت دیا جائے۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے شیخ رشید کی بیرونِ ملک سفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔

  • سول سر ونٹس اپنی، شریک حیات، زیر کفالت بچوں کی غیر ملکی شہریت کی تفصیل دینے کے پابند

    سول سر ونٹس اپنی، شریک حیات، زیر کفالت بچوں کی غیر ملکی شہریت کی تفصیل دینے کے پابند

    تمام سول سر ونٹس اپنی، شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کی غیر ملکی شہریت کی تفصیل دینے کے پابند بنا دیئے گئے

    وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ’’سول سرونٹس (ڈسکلوزر اینڈ ریگولیشن آف فارن نیشنلٹی) رولز 2026‘‘ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا،وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کی غیر ملکی اور دہری شہریت سے متعلق نئے اور سخت قواعد نافذ کر دیئے ہیں،سرکاری افسر پاسپورٹ سمیت دیگر غیر ملکی وابستگیوں سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے،کوئی بھی سول سرونٹ بغیر پیشگی اجازت غیر ملکی شہریت حاصل نہیں کر سکے گا، اگر کوئی افسر غیر ملکی شہریت ظاہر نہیں کرتا تو محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نئے رولز کے تحت غیر ملکی شہریت چھپانا ’’مس کنڈکٹ‘‘ تصور ہو گا ،غلط معلومات دینے یا حقائق پوشیدہ رکھنے والے افسران کی ملازمت بھی ختم کی جا سکے گی

  • اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب کون ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب کون ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب کے بارے میں مزید تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔

    مومنہ اقبال، جو متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث شہرت رکھتی ہیں، حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔ ان کی دعائے خیر، مہندی، مایوں اور نکاح کی تقریبات لاہور میں منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حمزہ حبیب کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہیں۔ اگرچہ وہ مالی طور پر مستحکم اور کاروباری حلقوں میں معروف سمجھے جاتے ہیں، تاہم انہوں نے ہمیشہ خود کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا ہے۔

    حالیہ دنوں میں مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کی جانب سے ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا کرنے کے معاملے پر حمزہ حبیب اپنی اہلیہ کی حمایت میں سامنے آئے، جس کے بعد وہ خبروں کا مرکز بن گئے۔حمزہ حبیب کا کہنا ہے کہ ان کی اور مومنہ اقبال کی منگنی خاندانوں کی باہمی رضامندی سے طے پائی تھی جبکہ دونوں خاندانوں کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں نے مئی 2026 کے آخری ہفتے میں ایک نجی تقریب کے دوران نکاح کیا۔

    واضح رہے کہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل اپنی سوشل میڈیا اسٹوری میں انکشاف کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس معاملے کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کر رہی ہے۔اداکارہ کی شادی اور مبینہ دھمکیوں کے معاملے نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے، جبکہ مداح مومنہ اقبال کی نئی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • تائیوان کی فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار

    تائیوان کی فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار

    تائی پے: تائیوان کی فضائیہ کا تربیتی طیارہ ٹی-34 دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

    تائیوان کی وزارتِ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ تربیتی مشق کے دوران پیش آیا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق طیارہ انجن فیل ہونے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشق کر رہا تھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہوگیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو طیارے کے تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔وزارتِ دفاع نے حادثے میں ہلاک ہونے والے دونوں پائلٹوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تائیوانی فضائیہ کا دوسرا بڑا فضائی حادثہ ہے۔ اس سے قبل تین ماہ قبل تائیوان کا ایک ایف-16 لڑاکا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جبکہ اس کے پائلٹ کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

  • گلگت بلتستان انتخابات، پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ

    گلگت بلتستان انتخابات، پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ

    لاہور: گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلے میں پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکاروں کو سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے گلگت بلتستان بھجوانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں 5 ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات 7 جون کو منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔انتخابی میدان میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔