Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاک ایران تعلقات مضبوط،خطے میں دیرپا امن کیلئے دعاگو ہیں، سحر کامران

    پاک ایران تعلقات مضبوط،خطے میں دیرپا امن کیلئے دعاگو ہیں، سحر کامران

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کے زیر اہتمام امام روح اللہ خمینیؒ کی 37ویں برسی کی یادگاری تقریب میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ کی مزاحمت، انصاف اور اسلامی وحدت کے لیے خدمات آج بھی مسلم امہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

    اپنے خطاب میں سحر کامران نے کہا کہ امام خمینیؒ کی جدوجہد اور افکار دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حوصلے، استقامت اور اتحاد کا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف، خودمختاری اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے امام خمینیؒ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سحر کامران نے تقریب میں مدعو کرنے پر پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور ایرانی سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط اور دیرینہ ہیں، جبکہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔ سحر کامران نے پاکستان، ایران اور پورے خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

    تقریب میں مختلف سفارتی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے امام خمینیؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • ملیالم زبان نے جھانوی کپور کو مشکل میں ڈال دیا

    ملیالم زبان نے جھانوی کپور کو مشکل میں ڈال دیا

    بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ملیالم فلموں میں کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں، کیونکہ ان کے لیے اس زبان کا درست تلفظ اور ادائیگی انتہائی مشکل ثابت ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں جھانوی کپور نے کہا کہ وہ مختلف بھارتی زبانیں سیکھنے اور ان میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، کیونکہ نئی زبانوں اور ثقافتوں سے آشنائی ایک فنکار کے تجربے میں اضافہ کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ملیالم زبان ان کے لیے سب سے زیادہ چیلنجنگ ثابت ہوئی ہے۔اداکارہ نے کہا، ’’میں واقعی تمام زبانیں سیکھنا چاہتی ہوں، لیکن ملیالم کی فونوٹکس میرے لیے بہت مشکل ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں دوبارہ کبھی ملیالم میں کام کروں گی کیونکہ اسے درست انداز میں بولنا میرے لیے آسان نہیں۔ البتہ یہ ایک نہایت خوبصورت اور سریلی زبان ہے۔‘‘

    جھانوی کپور کے مطابق وہ تامل اور تیلگو زبانوں میں نسبتاً زیادہ پراعتماد محسوس کرتی ہیں، کیونکہ ان زبانوں کے تلفظ اور آوازوں سے وہ کافی حد تک مانوس ہیں۔ اسی وجہ سے وہ مستقبل میں تیلگو اور تامل سنیما میں مزید کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

    اداکارہ نے 2024 میں تیلگو فلم دیوارہ پارٹ ون کے ذریعے جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا اور انہیں جنوبی ہند کے شائقین میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی۔ جھانوی کا کہنا ہے کہ تیلگو فلم انڈسٹری میں کام کرنا ان کے لیے خوشگوار تجربہ رہا، جہاں انہیں ناظرین کی محبت اور کام کے پیشہ ورانہ ماحول نے متاثر کیا۔دوسری جانب جھانوی کپور اپنی نئی تیلگو فلم Peddi کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ فلم میں ان کے مدمقابل معروف اداکار رام چرن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم کے ٹریلر کو شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ کہانی ایک دیہی پس منظر رکھنے والے نوجوان کھلاڑی کے گرد گھومتی ہے جو کرکٹ، ریسلنگ اور دوڑ سمیت مختلف کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔

  • گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات ہوئی ہے

    ملاقات میں سیاسی امور اور ایم ایل-1 ریلوے منصوبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایم ایل-1 ریلوے منصوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، ایم ایل-1 ریلوے ٹریک سے جنوبی اضلاع میں تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ایم ایل-1 منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں معاشی خوشحالی آئے گی ، گورنر خیبرپختونخوا نے منصوبے کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا،ملاقات میں خیبرپختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی شریک تھے۔

  • کویت میں فوجی گاڑیوں کی ویڈیو بنانے والا شخص گرفتار

    کویت میں فوجی گاڑیوں کی ویڈیو بنانے والا شخص گرفتار

    کویت سٹی: کویت کی وزارت داخلہ نے دفاعی کارروائیوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر نشر کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق ملزم نے فوجی دفاعی نظام سے متعلق ویڈیو ریکارڈ کر کے آن لائن شیئر کی، جس کے بعد اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حساس دفاعی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز کی تشہیر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم ویڈیو بناتے وقت گاڑی چلا رہا تھا اور اسی دوران حادثے کا شکار بھی ہو گیا۔ حکام نے اس عمل کو نہ صرف ٹریفک قوانین بلکہ سیکیورٹی ضوابط کی بھی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    وزارت داخلہ نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوجی تنصیبات، دفاعی نظام یا سیکیورٹی کارروائیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے سے گریز کریں۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ سیکیورٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر معمولی علاقائی حالات کے پیش نظر قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور قومی سلامتی کو متاثر کرنے والے کسی بھی مواد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات یا مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے اجتناب برتیں۔

  • کنگ سلمان ریلیف نےخیبر پختونخوا میں 3,500 شیلٹر این ایف آئی کٹس تقسیم کر دیں

    کنگ سلمان ریلیف نےخیبر پختونخوا میں 3,500 شیلٹر این ایف آئی کٹس تقسیم کر دیں

    کنگ سلمان ریلیف نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں 3,500 شیلٹر این ایف آئی کٹس کی تقسیم کامیابی سے مکمل کر لی۔
    اسلام آباد۔کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں شیلٹر این ایف آئی کٹس امدادی منصوبے کے پانچویں مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جس کے تحت کمزور اور ضرورت مند کمیونٹیز کو اہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاونت فراہم کی گئی۔

    اس اقدام کے تحت مجموعی طور پر 3,500 شیلٹر این ایف آئی کٹس مستحق خاندانوں میں سات اضلاع جن میں اپر کرم میں (500 کٹس)، لوئر کرم میں (500 کٹس)، مہمند میں (500 کٹس)، اورکزئی میں (500 کٹس)، شمالی وزیرستان میں (500 کٹس)، لوئر جنوبی وزیرستان میں (500 کٹس) اور اپر جنوبی وزیرستان میں (500 کٹس) میں تقسیم کی گئیں۔ہر شیلٹر این ایف آئی کٹ میں ایک خیمہ، سولر پینل بمع لائٹس ، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹس، کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل تھے۔ ان اشیاء کا انتخاب ضرورت مند خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ اس منصوبے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور حیات فاؤنڈیشن کے قریبی تعاون سے عمل درآمد کیا گیا، جس کے نتیجے میں مؤثر رابطہ کاری، شفافیت اور ہدف شدہ مستحقین تک بروقت انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی گئی

    اس مشترکہ کاوش کے ذریعے یہ اقدام کامیابی سے 24,129 سے زائد افراد تک پہنچا اور انہیں براہِ راست فائدہ پہنچایا، جو کمزور اور ضرورت مند کمیونٹیز کی معاونت اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ یہ منصوبہ بحرانوں اور آفات سے متاثرہ افراد کی خدمت کے لیے مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط انسانی ہمدردی پر مبنی شراکت داری اور باہمی یکجہتی کی بھی عکاسی کرتا ہے

  • سلمان خان  نےفلم کالا ہرن بنانیوالوں کو نوٹس بھجوا دیا

    سلمان خان نےفلم کالا ہرن بنانیوالوں کو نوٹس بھجوا دیا

    ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے مبینہ طور پر اپنی متنازع فلمی پیشکش ’’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘‘ کے بنانے والوں کو قانونی نوٹس ارسال کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ فلم کالے ہرن کے اس مشہور مقدمے پر مبنی ہے جس کا سامنا سلمان خان گزشتہ کئی برسوں سے کرتے آ رہے ہیں۔ اداکار کی قانونی ٹیم نے فلم کے پروڈیوسرز اور ہدایت کار کو نوٹس بھیجتے ہوئے فلم کی ریلیز فوری طور پر روکنے اور اس سے متعلق تمام تشہیری مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق قانونی نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو فلم سازوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر امت جانی نے سلمان خان کی جانب سے موصول ہونے والے قانونی نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فلم کی ٹیم پر اداکار کی شہرت اور اثر و رسوخ کے ذریعے دباؤ ڈالنا ہے تاکہ وہ اپنے منصوبے سے دستبردار ہو جائیں۔سلمان خان کی قانونی کارروائی کے بعد فلم ’’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘‘ کی ریلیز غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے، جبکہ فلمی حلقوں میں اس معاملے پر بحث جاری ہے۔

  • قانون سب کے لئے برابر،گلوکار بادشاہ کا نائٹ کلب سیل

    قانون سب کے لئے برابر،گلوکار بادشاہ کا نائٹ کلب سیل

    چندی گڑھ: بھارتی گلوکار اور ریپر بادشاہ (آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا) کے نائٹ کلب ’’ساگو بائے بادشاہ‘‘ کو مبینہ طور پر تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث سیل کر دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چندی گڑھ انتظامیہ کے انفورسمنٹ ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے نائٹ کلب کو سیل کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کلب کی نچلی اور دوسری منزل پر بڑے پیمانے پر غیر مجاز تعمیرات کی گئی تھیں، جن کی وجہ سے یہ اقدام اٹھایا گیا۔رپورٹس کے مطابق غیر قانونی تعمیرات میں مختلف کیبنز اور پارٹیشنز کی تعمیر، اضافی واش رومز اور کچن بنانا شامل تھا۔ اس کے علاوہ ٹن شیڈز کی تنصیب، اضافی اسٹوریج ایریاز کی تعمیر اور منظور شدہ بلڈنگ پلان میں تبدیلیاں بھی کی گئی تھیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے کی گئی انسپیکشن کے دوران عمارت کی پچھلی جانب کی گئی غیر منظور شدہ تبدیلیوں کو بھی خلاف ورزیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔حکام کے مطابق تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے باعث نائٹ کلب کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ مزید قانونی اقدامات بھی زیر غور ہیں۔

  • اداکارہ صاحبہ کو کیسی بہو چاہئے، خواہش کا کیا اظہار

    اداکارہ صاحبہ کو کیسی بہو چاہئے، خواہش کا کیا اظہار

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے اپنی ہونے والی بہو کے حوالے سے دل کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی مکمل انسان کی تلاش نہیں، بلکہ صرف ایک ایسی لڑکی چاہیے جو ان کے بیٹے سے سچی محبت کرے اور اچھے دل کی مالک ہو۔

    حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ نے اپنے بڑے بیٹے احسن افضل خان کی شادی اور مستقبل کی بہو سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی مکمل نہیں، صرف اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کامل ہے، اس لیے ان کی خواہش ہے کہ ان کی بہو محبت کرنے والی اور نرم دل ہو۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ایک لڑکی ان کے بیٹے سے خلوص اور سچی محبت کرے گی تو وہ ان کی غیر موجودگی میں بھی اس کا خیال رکھے گی، اور یہی سوچ انہیں اطمینان اور سکون فراہم کرتی ہے۔صاحبہ نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں ان کا بیٹا اپنی اہلیہ کو والدین سے زیادہ اہمیت دے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق وہ ذہنی طور پر اس حقیقت کو قبول کر چکی ہیں کہ شادی کے بعد ایک وقت ایسا آتا ہے جب انسان کی زندگی میں اس کی شریکِ حیات سب سے اہم شخصیت بن جاتی ہے۔

    شو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے شوہر ریمبو سخت سسر ثابت ہوں گے تو صاحبہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ریمبو سخت مزاج نہیں بلکہ خاندان کا خیال رکھنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمبو اپنی بہو کو صرف صحت مند غذا کھانے، فزی ڈرنکس سے گریز کرنے اور گھر کو اچھے انداز میں سنبھالنے کے مشورے دے سکتے ہیں۔گفتگو کے دوران صاحبہ نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی بتایا کہ احسن کے موبائل فون میں کئی لڑکیوں کے نام محفوظ ہیں، تاہم اس وقت ان کے دونوں بیٹے اپنی تعلیم اور کیریئر پر مکمل توجہ دے رہے ہیں، اس لیے شادی فی الحال ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ شاید خاندان میں پہلے چھوٹے بیٹے کی شادی ہو جائے۔

  • وزیراعظم سے  معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات

    وزیراعظم سے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات ہوئی. یہ ملاقات ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور مالی سال 2026-2027 کے بجٹ کے حوالےسے کاروباری برادری سے مشاورت کے تناظر میں تھی.

    وفد میں میاں محمد منشاء ، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی تبہ، مصدق ذوالقرنین، زیاد بشیر, شہزاد سلیم، زیلف منیر، عمر سعید، عمر منشاء، یوسف سعید، کامران ارشد، خرم مختار ، آصف پیر ، سلطان گوہر اعجاز، فواد انور، ذوالفقار حیات، جاوید اقبال، یوسف حسین، عامر ابراہیم, خواجہ مسعود اختر اور اعجاز نبی شامل تھے۔

    وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے سفیر اور پہچان ہیں. مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کے شکر گزار ہیں. حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے. پاکستان کی معیشت کے حوالے سے پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے.اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کی راہ پر گامزن ہیں ؛ یہی ہماری معاشی پالیسی کا محور ہے. غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں. بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے جا رہے ہیں. آئندہ بجٹ میں کاروباری برادری کی قابلِ عمل تجاویز کو شامل کیا جائے گا.وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا. ایسی صنعتوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں جن سے ملکی پیداوار بڑھے، برآمدات میں اضافہ ہو ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں. صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے. نوجوانوں کیلئے تکنیکی و فنی تربیت کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ انکو روز گار ملنے میں آسانی ہو اور وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں.

    وفد کو کاروبار، صنعت و تجارت کے فروغ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی. بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس مقدمات کی سماعت میں بہتری لانے کے حوالےسے ٹیکس ٹریبونلز میں اصلاحات کی گئی ہیں؛ ان ٹریبونلز میں انتہائی شفاف طریقہء کار کے ذریعے بھرتیاں کی گئی ہیں. اسپیشل کمرشل کورٹس کے قیام کے حوالےسےکمیٹی تشکیل دی گئی ہے.بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کے لئے موٹر وے ایم- 10 کی اپ گریڈیشن اور پیپری فریٹ کوریڈور پر کام جاری ہے. موٹر وے ایم 13 (کھاریاں-راولپنڈی) کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلہ کم ہو جائے گا. پاکستان ریلوے کی ایم۔ایل ون اور ایم ایل- ٹو کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کا انفرااسٹرکچر بہتر ہو گا جس سے تجارتی سامان کی ترسیل بہتر ہو گی. نیشنل اے-آئی ٹرانسفارمیشن پلان تشکیل دیا جا رہا ہے. شوگر اور سیمنٹ سیکٹر کی پیداوار کے حوالے سے ان صنعتوں میں وڈیو اینالیٹکیس کی تنصیب سے ریوینیو کی مد میں بہتری آئی.

    وفد نے خطے میں امن کی بحالی کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا. کاروباری رہنماؤں نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی بحالی کے سفر اوربہتر مالیاتی انتظام پر اعتماد کا اظہار کیا. وفد نے ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا.اپنی گفتگو میں وفد کے ارکان نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دستاویزی معیشت کے فروغ کے حکومتی وژن کو سراہتے ہیں. وفد نے ٹیکس اصلاحات اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے اقدامات کا خیرمقدم کیا. کاروباری رہنماوں نے صنعتوں کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی لانے، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ لیوی کے خاتمے اور ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگیوں پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا. شرکاء نے آئندہ بجٹ کی تیاری میں کاروباری برادری کو اعتماد میں لینے کے اقدام کو بھی سراہا.

    ملاقات میں کاروباری رہنماؤں نے قومی معیشت کی مضبوطی اور بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں. کاروباری برادری نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا. وفد کے شرکاء نے صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حکومتی عزم کو سراہا.

    اجلاس میں وفاقی وزراء قومی رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ ، مصدق ملک، احد خان چیمہ ، عطاء اللہ تارڑ ، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک ، سردار اویس احمد لغاری ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر خان، اٹارنی جنرل منصور اعوان ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

  • سندھ کےصوبائی وزیر ناصر شاہ کے بیٹے بیرسٹر شبیر شاہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ تعینات

    سندھ کےصوبائی وزیر ناصر شاہ کے بیٹے بیرسٹر شبیر شاہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ تعینات

    سندھ حکومت نے بیرسٹر غلام شبیر شاہ کو صوبے کا نیا پراسیکیوٹر جنرل مقرر کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ قانون سندھ کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق بیرسٹر غلام شبیر شاہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی تعیناتی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب پراسیکیوٹر جنرل سندھ کا عہدہ گزشتہ کچھ عرصے سے خالی تھا۔یہ عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا جب سابق پراسیکیوٹر جنرل فیض شاہ کو سندھ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ ان کی تعیناتی کے بعد ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل سندھ کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

    بیرسٹر غلام شبیر شاہ کی بطور پراسیکیوٹر جنرل تقرری کے بعد صوبے کے اہم قانونی معاملات اور فوجداری مقدمات میں استغاثہ کی سربراہی اب ان کے سپرد ہوگی۔ ان کی تعیناتی کو سندھ کے قانونی و عدالتی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔