راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کی بیرونِ ملک سفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت میں درخواست کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کا نام وفاقی حکومت نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا ہے، لہٰذا کابینہ کے فیصلے کی موجودگی میں عدالت کے حکم سے نام فہرست سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت عدالت پہلے ہی درخواست گزار کا پاسپورٹ ضبط کر چکی ہے، جبکہ ان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں چالان بھی جمع کروایا جا چکا ہے۔
سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے معاملہ انسدادِ دہشت گردی عدالت کو بھجوایا ہے، اس لیے عدالت کم از کم پاسپورٹ کی رہائی کے حوالے سے فیصلہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نام ای سی ایل میں شامل ہے تو درخواست گزار اس معاملے پر متعلقہ فورم سے رجوع کرے گا۔دوسری جانب پراسیکیوشن نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس سے متعلق بعض اہم دستاویزات کا حصول ابھی باقی ہے، اس لیے مزید وقت دیا جائے۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے شیخ رشید کی بیرونِ ملک سفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔
