Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • حافظ طاہر اشرفیٰ کی منیٰ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات

    حافظ طاہر اشرفیٰ کی منیٰ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات

    پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محموداشرفی نے منیٰ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں حج انتظامات اور حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کی جانب سے حج کے مثالی انتظامات پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال لاکھوں عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ایک عظیم خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حجاج کرام کی رہنمائی، سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، رہائش اور طبی سہولیات کے حوالے سے شاندار اقدامات کیے ہیں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے سعودی ولی ہد کی حرمین شریفین اور حجاج کرام کے لیے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کی قیادت میں سعودی عرب امت مسلمہ کی خدمت کا عظیم فریضہ انجام دے رہا ہے۔

    حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مختلف سعودی اداروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے حج کو مزید آسان اور محفوظ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حجاج کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • شریف شہریوں کو بلیک میل کرنے والا مبینہ ہنی ٹریپ گینگ گرفتار

    شریف شہریوں کو بلیک میل کرنے والا مبینہ ہنی ٹریپ گینگ گرفتار

    ساہیوال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر شریف شہریوں پر زنا کے جھوٹے مقدمات درج کرا کے بلیک میل کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال پولیس نے آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے مبینہ گینگ کو گرفتار کیا جو عرصہ دراز سے شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔پولیس حکام کے مطابق تھانہ فتح شیر کے ایس ایچ او ظفر وٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے امیراں بی بی اور اس کے شوہر کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اپنے خاوند کے ساتھ مل کر شہریوں پر زنا کے جھوٹے مقدمات درج کرواتی تھی اور بعد ازاں مبینہ طور پر رقم لے کر صلح کر لیتی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے تاکہ اس گینگ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور متاثرین سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔

    ایس ایچ او ظفر وٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • عیدالاضحیٰ،بسیار خوری،35 سو سے  زائد لاہوریئے ہسپتال پہنچ گئے

    عیدالاضحیٰ،بسیار خوری،35 سو سے زائد لاہوریئے ہسپتال پہنچ گئے

    عید الاضحی کا تیسرا روز ،بسیار خوری کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا اور گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہو گئی ہے

    گزشتہ دو روز سے اب تک لاھور شہر کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 20 ہزار سے زائد مریضوں نے ہسپتالوں کا رخ کیا ہے ،میو ہسپتال میں گذشتہ روز سے ابتک 35 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے،جناح ہسپتال میں 2 ہزار سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 18 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے،جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں بھی 15 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ،طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اعتدال کے ساتھ گوشت استعمال نہ کرنے اور بے احتیاطی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد معدے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے ۰شہریوں اور بیمار افراد کو چاہیے کہ گوشت کو تھوڑا اور سزیوں کے ساتھ استعمال کریں ۰سلاد،سبزیوں ،دہی اور لیموں کا استعمال کیا جائے ۰ایک وقت میں 2 سے 3 چھوٹے ٹکڑوں سے زیادہ گوشت کھانے سے گریز کیا جائے، باربی کیو اور چکنائی والے گوشت کا زیادہ استعمال کولیسٹرول بڑھا سکتا ہے، شوگر کے مریض گوشت کم مقدار میں اور بغیر چکنائی کے استعمال کریں ، ذیابیطس کے مریض گوشت کے ساتھ میٹھے مشروبات اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں ،ہائی بلڈ پریشر کے مریض نمک اور مصالحہ دار گوشت کم کھائیں،بلڈ پریشر کے مریض کلیجی اور انتہائی چکنائی والے حصے کھانے سے گریز کریں ،یورک ایسڈ کے مریض سرخ گوشت محدود مقدار میں استعمال کریں ، دل کے مریض بکرے کے بغیر چربی والے گوشت کو ترجیح دیں،عارضہ قلب میں مبتلا افراد ایک وقت میں 50 سے 75 گرام سے زیادہ گوشت نہ کھائیں ،دل کے مریض گھی اور تیل میں پکے گوشت سے حتی الامکان پرہیز کریں ،

  • آئی پی ایل میں اسمارٹ سن گلاسز پر پابندی عائد

    آئی پی ایل میں اسمارٹ سن گلاسز پر پابندی عائد

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران اسمارٹ سن گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تمام فرنچائزز، کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔رپورٹس کے مطابق نئی ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ میچز، ٹیم سرگرمیوں اور حساس مقامات پر اسمارٹ سن گلاسز پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جدید اسمارٹ گلاسز میں کمیونیکیشن، لائیو اسٹریمنگ، ویڈیو کالنگ اور میسجنگ جیسی سہولیات موجود ہوتی ہیں، جنہیں غیر قانونی معلومات کے تبادلے یا میچ سے متعلق حساس معلومات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اینٹی کرپشن یونٹ کا مؤقف ہے کہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کے باعث کرکٹ میں شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی پی ایل کی تمام 10 فرنچائزز کو 7 صفحات پر مشتمل خصوصی ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے، جس میں کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور آفیشلز کے لیے مختلف سیکیورٹی پروٹوکولز درج ہیں۔

  • ظہران ممدانی کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر   منفرد لباس توجہ کا مرکز

    ظہران ممدانی کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر منفرد لباس توجہ کا مرکز

    نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے منفرد لباس اور عوامی انداز سے ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی۔

    نیویارک شہر کے پہلے مسلمان اور پہلے جنوبی ایشیائی میئر سمجھے جانے والے ظہران ممدانی نے برونکس میں یانکی اسٹیڈیم کے قریب سینکڑوں مسلمانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی، جہاں ان کا روایتی لباس سوشل میڈیا اور میڈیا حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی عام طور پر سادہ اور نفیس سوٹس پہننے کے لیے مشہور ہیں اور اکثر نسبتاً کم قیمت برانڈز کے ملبوسات کا انتخاب کرتے ہیں، تاہم عید کے موقع پر انہوں نے ایک منفرد کرتا زیب تن کیا جو انگلش فٹبال کلب آرسنل کی جرسی سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا تھا۔نیلے رنگ کے اس خصوصی کرتے پر بجلی کی شکل کے ڈیزائن بنائے گئے تھے جبکہ اطراف میں ایڈیڈاس کی مشہور تین پٹیاں بھی نمایاں تھیں۔ یہ لباس بروکلین انوِنسبلز نامی آرسنل فین کلب کے شریک بانی جیسن اینڈریو نے اپنے درزی کے تعاون سے تیار کیا تھا۔ جیسن اینڈریو کے مطابق اس ڈیزائن کی بنیاد ان کے خاندان کی سلائی کڑھائی کی روایت اور فٹبال سے محبت پر رکھی گئی۔

    تقریب میں شریک دیگر افراد نے بھی روایتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے جن میں سفید، سبز اور جامنی رنگوں کے ملبوسات نمایاں تھے، تاہم ممدانی کا منفرد انداز سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

    ظہران ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی قربانی اور ثابت قدمی کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ “قربانی بوجھ نہیں بلکہ ایک ایسا موقع ہے جس کے ذریعے انسان خود کو ایک بڑی ذمہ داری کا حصہ سمجھتا ہے اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتا ہے۔”
    انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر کے طور پر وہ شہر میں اتحاد، یکجہتی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ ہر شہری کو رہائش، خوراک اور بچوں کی دیکھ بھال جیسی بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔

    اس موقع پر امریکی رکنِ کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ممدانی کا یہ انداز نہ صرف عیدالاضحیٰ کی اہمیت اجاگر کرنے میں کامیاب رہا بلکہ اس نے نوجوانوں اور کھیلوں کے شائقین کے درمیان ان کی مقبولیت میں بھی اضافہ کیا ہے

  • آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

    آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

    ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا، سندھ اور وسطی و جنوبی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں موسم قدرے مختلف رہنے کا امکان ہے اور کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطۂ پوٹھوہار کے بعض مقامات پر شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں 21، لاہور میں 30، کراچی میں 31، پشاور میں 22، کوئٹہ میں 18، گلگت میں 13، مری میں 15 اور مظفر آباد میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق جموں، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں، بارہ مولہ، سری نگر اور لیہہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت کے مطابق سری نگر، اننت ناگ اور بارہ مولہ میں 17، جموں میں 20، لیہہ میں 7 جبکہ پلوامہ اور شوپیاں میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

  • ایرانی صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایرانی صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ میری پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی ہے جس میں انہیں عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے، دونوں وزرائے اعظم سے گفتگو میں ایران کی سفارت کاری سے وابستگی پر زور دیا گیا ہے،مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے معاہدے تک پہنچنے کے لیے مؤثر کوششوں اور ثالثی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ایران کی پالیسی مسلم اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے، میں نے ملائیشیا کا انسانی ہمدردی پر مبنی مؤقف اپنانے پر شکریہ ادا کیا۔

  • جاپان نے 20 سال بعد بھارتی آموں کی درآمد پر دوبارہ پابندی عائد کر دی

    جاپان نے 20 سال بعد بھارتی آموں کی درآمد پر دوبارہ پابندی عائد کر دی

    جاپان نے تقریباً 20 سال کے بعد ایک بار پھر بھارتی آموں کی درآمد معطل کر دی ہے، جس سے بھارت کی معروف اور مہنگی آم کی اقسام کی برآمدات کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی حکام نے فصلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیڑوں پر قابو پانے کے بھارتی طریقۂ کار میں خامیاں سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ اس پابندی سے آم کے جاری برآمدی سیزن کے دوران الفانسو، کیسر، لنگڑا اور بنگناپلی جیسی پریمیئم بھارتی اقسام کی جاپان کو ترسیل متاثر ہوگی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاپان ہر سال برآمدی سیزن سے قبل اپنی ایک خصوصی ٹیم بھارت بھیجتا ہے، جو ویپر ہیٹ ٹریٹمنٹ (VHT) مراکز کا معائنہ کرتی ہے۔ یہ مراکز آموں کو برآمد سے پہلے جراثیم سے پاک کرنے کے ذمے دار ہوتے ہیں۔

    ویپر ہیٹ ٹریٹمنٹ ایک غیر کیمیاوی عمل ہے جس میں آموں کو مخصوص درجۂ حرارت اور مرطوب ماحول میں رکھا جاتا ہے تاکہ پھلوں میں موجود کیڑے اور مکھیوں کے لاروا ختم کیے جا سکیں۔ بھارت اور جاپان کے درمیان برآمدی معاہدے کے تحت یہ عمل لازمی قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ میں جاپانی حکام نے بھارتی شہر لکھنؤ میں قائم وی ایچ ٹی مراکز کا معائنہ کیا، جہاں فیومیگیشن اور جراثیم کش اقدامات میں کئی خامیاں سامنے آئیں۔تاہم جاپانی یا بھارتی حکام کی جانب سے ان خامیوں کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ بعد ازاں جاپان کی یوکوہاما پلانٹ پروٹیکشن ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ مزید بھارتی آموں کی ترسیل قبول نہیں کی جائے گی۔

    ماہرین کے مطابق جاپان کی جانب سے یہ پابندی بھارتی آموں کی عالمی برآمدات کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی منڈی میں بھارتی آموں کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

  • خلیل الرحمان قمر کی” لِیو اِن ریلیشن شپ” کلچر پر شدید تنقید

    خلیل الرحمان قمر کی” لِیو اِن ریلیشن شپ” کلچر پر شدید تنقید

    پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ سے متعلق جاری تنازع پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے معاشرتی اقدار اور نوجوان نسل کے رویّوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے “لِیو اِن ریلیشن شپ” کلچر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی طرزِ زندگی معمول بن گیا تو پھر پاکستان کے نام سے “اسلامی جمہوریہ” کا لفظ ہٹا دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرہ اسلامی اور خاندانی روایات پر قائم ہے، اس لیے نوجوان نسل کو غلط راستہ دکھانے کے بجائے شادی جیسے مضبوط اور باوقار رشتے کو فروغ دینا ضروری ہے، اس قسم کے تعلقات صرف جذباتی نوعیت کے نہیں ہوتے بلکہ اکثر ان میں مالی مفادات بھی شامل ہوتے ہیں۔ اگر واقعی دونوں افراد کے درمیان کوئی تعلق موجود تھا تو اسے عزت، وقار اور سمجھداری کے ساتھ ختم کیا جانا چاہیے تھا، جبکہ اگر معاملہ مالی لین دین کا تھا تو اسے نجی سطح پر حل کرنا زیادہ مناسب تھا۔

    ڈرامہ نگار نے ثاقب چدھڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع میں دونوں فریق برابر کے ذمے دار دکھائی دیتے ہیں اور ذاتی معاملات کو سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر لانا غیر سنجیدہ اور بچگانہ رویہ ہے۔

    خلیل الرحمٰن قمر نے اس موقع پر شوبز شخصیات کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فنکار معاشرے کے لیے رول ماڈل سمجھے جاتے ہیں، اس لیے انہیں اپنے رویّوں اور نجی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ سے متعلق مبینہ آڈیو اور ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ شوبز انڈسٹری سمیت عوامی حلقوں میں بھی شدید بحث کا موضوع بن گیا تھا، جبکہ مختلف صارفین اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں،مومنہ اقبال نے ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے اورثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کے شوہر کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے

  • مسلح افواج  عالمی استحکام  کیلیے اقوامِ متحدہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی،آئی ایس پی آر

    مسلح افواج عالمی استحکام کیلیے اقوامِ متحدہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی،آئی ایس پی آر

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر نے اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے بلیو ہیلمٹس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ پاکستان کی وابستگی 6 دہائیوں پر محیط ہے، جو عالمی امن، استحکام اور انسانی ہمدردی کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے،1960ء سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی امن دستوں نے اقوامِ متحدہ کے مختلف مشنز میں خدمات سرانجام دیں، جبکہ 183 بہادر پاکستانی جوان قیامِ امن کی کوششوں کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں،پاکستانی بلیو ہیلمٹس اس وقت بھی جمہوریہ کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی خطے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ عسکری کارروائیوں کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کی ذمے داریاں بھی ادا کر رہے ہیں،موجودہ دور کے جنگی خطے تیزی سے غیر مستحکم، پیچیدہ اور غیر روایتی نوعیت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ آج کے امن دستوں کو ہائبرڈ خطرات کا سامنا بھی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق 2026ء کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کا موضوع امن میں سرمایہ کاری رکھا گیا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تنازعات کے بعد پائیدار امن کے قیام کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں،موجودہ دور میں امن میں سرمایہ کاری کا مطلب ٹیکنالوجی، تربیت اور ادارہ جاتی ڈھانچوں میں جدت لانا بھی ہے تاکہ امن مشنز کو مزید مؤثر بنایا جا سکے،آئی ایس پی آر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے مقاصد اور اصولوں سے مکمل وابستگی رکھتی ہیں اور عالمی استحکام، سلامتی اور انسانی خدمت کے لیے اقوامِ متحدہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی، پائیدار امن کوئی خودکار عمل نہیں بلکہ اس کے لیے مسلسل، اجتماعی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور تعاون ناگزیر ہے، اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے عالمی استحکام، سلامتی، انسانی ہمدردی کی کوششوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا