بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران اسمارٹ سن گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تمام فرنچائزز، کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔رپورٹس کے مطابق نئی ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ میچز، ٹیم سرگرمیوں اور حساس مقامات پر اسمارٹ سن گلاسز پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جدید اسمارٹ گلاسز میں کمیونیکیشن، لائیو اسٹریمنگ، ویڈیو کالنگ اور میسجنگ جیسی سہولیات موجود ہوتی ہیں، جنہیں غیر قانونی معلومات کے تبادلے یا میچ سے متعلق حساس معلومات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اینٹی کرپشن یونٹ کا مؤقف ہے کہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کے باعث کرکٹ میں شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی پی ایل کی تمام 10 فرنچائزز کو 7 صفحات پر مشتمل خصوصی ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے، جس میں کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور آفیشلز کے لیے مختلف سیکیورٹی پروٹوکولز درج ہیں۔
