ساہیوال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر شریف شہریوں پر زنا کے جھوٹے مقدمات درج کرا کے بلیک میل کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھجوا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال پولیس نے آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے مبینہ گینگ کو گرفتار کیا جو عرصہ دراز سے شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔پولیس حکام کے مطابق تھانہ فتح شیر کے ایس ایچ او ظفر وٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے امیراں بی بی اور اس کے شوہر کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اپنے خاوند کے ساتھ مل کر شہریوں پر زنا کے جھوٹے مقدمات درج کرواتی تھی اور بعد ازاں مبینہ طور پر رقم لے کر صلح کر لیتی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے تاکہ اس گینگ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور متاثرین سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ایس ایچ او ظفر وٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
