Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • چینی بحران،حکومت کی کاروائی،18 شوگر ملزمالکان کے نام ای سی ایل میں

    چینی بحران،حکومت کی کاروائی،18 شوگر ملزمالکان کے نام ای سی ایل میں

    ملک میں جاری چینی کے بحران پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے شوگر ملز کے خلاف سخت ایکشن لے لیا ہے۔ وزارت خوراک کے اعلیٰ حکام کے مطابق، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں موجود چینی کے تمام ذخائر کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے، جس کے تحت 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی اب شوگر ملز کے بجائے حکومتی تحویل میں آ چکی ہے۔

    وزارت فوڈ کے ذرائع کے مطابق 18 شوگر ملز کے مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیے گئے ہیں۔ ای سی ایل میں شامل کیے گئے افراد کے نام آئندہ چند دنوں میں باقاعدہ طور پر منظرعام پر لائے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم چینی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے خدشات کے پیش نظر اُٹھایا گیا ہے۔حکام کے مطابق، تمام شوگر ملز میں چینی کے اسٹاک پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور "ٹریک اینڈ ٹریس” سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ ذخیرہ اندوزی اور غیرقانونی فروخت کی روک تھام کی جا سکے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی کے بحران سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی کا کوئی بحران نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی درآمد و برآمد معمول کا حصہ ہے، اور اس پر پیدا ہونے والا تاثر بلاوجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے برآمد کے وقت یہ فیصلہ کیا تھا کہ چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو سے تجاوز نہیں کرے گی۔وفاقی وزیر نے مزید وضاحت دی کہ چینی کی برآمد اکتوبر 2024 میں شروع ہوئی، جس کے 20 دن بعد کرشنگ سیزن بھی شروع ہو چکا تھا، لہٰذا موجودہ بحران کو برآمدات سے جوڑنا درست نہیں۔

    حکومت کی جانب سے مقرر کردہ چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں عوام کو یہ قیمتیں دستیاب نہیں ہیں۔ کراچی کے ریٹیل بازاروں میں چینی 180 سے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔شہر میں چینی کی گراں فروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے دوران 7 دکانیں سیل، 2 افراد گرفتار اور 10 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانے کیے گئے۔کوئٹہ اور پشاور میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں چینی 180 روپے فی کلو سے کم پر دستیاب نہیں۔ لاہور میں ڈیلرز اور شوگر مل مالکان کے درمیان قیمتوں پر اختلاف کے باعث اکثر دکانوں پر چینی ناپید ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ شوگر ملز انہیں سرکاری نرخ 165 روپے پر چینی فراہم نہیں کر رہیں۔

    ملک بھر میں چینی کی بڑھتی قیمتوں اور دستیابی میں کمی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ شہری حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت نہ صرف ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کرے بلکہ چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

    چینی بحران کے ذمہ دار حکمران، شہباز شریف ناکامی کااعتراف کر یں،استعفیٰ دیں،حافظ خالد نیک
    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی بحران کے ذمہ دار حکمران،شوگر ملیں حکمرانوں کی اور لوٹ مار بھی یہی کر رہے ہیں،چینی بحران کے ذمہ داران کا احتساب ہونا چاہئے، وزیراعظم کے بیانات مسترد کرتے ہیں، شہباز شریف اپنی ناکامی کا اعتراف کریں اور فوری استعفیٰ دیں ،حافظ خالد نیک نے چینی بحران پر ردعمل میں کہا کہ جب شوگر ملز خود حکمرانوں کی ملکیت ہیں تو بحران کے اصل ذمہ دار بھی وہی ہیں، یہ مفاد پرستی اور کرپشن کی انتہا ہے، ملک کی بڑی شوگر ملز موجودہ حکمران خاندانوں کے قبضے میں ہیں، جب چینی کا نفع انہی کی جیب میں جا رہا ہو تو عوام کو ریلیف دینے میں کیا دلچسپی ہوگی، عوام اب باشعور ہو چکے ہیں، وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ بحران کا اصل ذمہ دار کون ہے،بازاروں میں چینی مل نہیں رہی اگر مل رہی تو انتہائی مہنگی ،حکومتی رٹ نہیں ہے،عوام مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمران طبقہ اربوں روپے کما رہے ہیں،چینی کا بحران منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا ہے تاکہ حکومتی اشرافیہ کو فائدہ پہنچایا جا سکے ،حافظ خالد نیک کا مزید کہنا تھا کہ چینی بحران پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے،شوگر مل مالکان کے خلاف تحقیقات کی جائیں، چینی بحران کے ذمہ داران کا تعین کر کے کاروائی کی جائے.

  • امریکی ریاست انڈیانا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، خاتون پائلٹ ہلاک

    امریکی ریاست انڈیانا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، خاتون پائلٹ ہلاک

    امریکی ریاست انڈیانا کے شہر گرین ووڈ میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 44 سالہ ویتنامی خاتون پائلٹ این تھو نیوین موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ این تھو نیوین ایک مشن پر تھیں جس کا مقصد دنیا کا چکر لگانے والی پہلی ویتنامی خاتون پائلٹ بننا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ انڈیانا کے ساؤتھ گرین ووڈ ایئرپورٹ سے روانگی کے فوراً بعد پیش آیا، جب طیارہ فضا میں گھومتا ہوا گر کر ایک قریبی پیٹرول پمپ کے پیچھے جا گرا۔ اس پرواز میں این تھو نیوین اکیلی تھیں، اور بدقسمتی سے وہ حادثے میں شدید زخمی ہو کر جانبر نہ ہو سکیں۔این تھو نیوین کا یہ مشن محض ایک عام پرواز نہیں بلکہ ایک خواب تھا، جس کا مقصد ایشیائی خواتین کو ہوا بازی، انجینئرنگ، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کے شعبوں میں داخلے کی ترغیب دینا تھا۔ اس مشن کے ذریعے وہ چاہتی تھیں کہ نئی نسل کی ایشیائی خواتین ان روایتی اور اہم شعبوں میں نمایاں کردار ادا کریں۔

    حادثے سے چند لمحے قبل این تھو نیوین نے فیس بک پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا "یہ صرف ایک پرواز نہیں، بلکہ ایک مشن ہے جو اگلی نسل کی ایشیائی خواتین پائلٹس اور انجینئرز کے لیے ہے۔ آئیے ہم سب مل کر آگے بڑھتے رہیں۔”ویتنامی پائلٹ کا یہ غیر معمولی سفر 27 جولائی کو امریکی شہر اوشکوش، وسکونسن سے شروع ہوا تھا۔ انڈیانا کے بعد ان کی اگلی منزل پنسلوانیا تھی، مگر بدقسمتی سے وہ وہاں پہنچنے سے پہلے ہی حادثے کا شکار ہو گئیں۔

    این تھو نیوین نے اپنی تعلیمی قابلیت میں اعلیٰ معیار قائم کیا تھا۔ انہوں نے پرڈیو یونیورسٹی سے ریاضی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی، ایروناٹکس اور ایسٹراناٹکس میں ماسٹرز کیا، اور جارجیا ٹیک سے ایرواسپیس انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی۔ وہ ڈریگن فلائٹ ٹریننگ اکیڈمی کی چیف انسٹرکٹر بھی تھیں، جہاں انہوں نے کئی نئے پائلٹس کو تربیت دی۔مزید برآں، این تھو نیوین نے 2018 میں "ایشیائی خواتین برائے ایرواسپیس و ایوی ایشن” کے نام سے ایک غیر منافع بخش تنظیم بھی قائم کی تھی، جس کا بنیادی مقصد ایشیائی خواتین کو ہوا بازی کے شعبے میں با اختیار بنانا اور ان کے لیے مواقع فراہم کرنا تھا۔

  • تحریکِ انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کی اجازت طلب کر لی

    تحریکِ انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کی اجازت طلب کر لی

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں 5 اگست کو جلسہ کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دے دی ہے۔ پارٹی کی جانب سے یہ درخواست ریجنل صدر عامر مغل اور ریجنل جنرل سیکریٹری ملک عامر کی طرف سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جمع کروائی گئی ہے۔

    تحریکِ انصاف کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اپنے سیاسی پروگرام اور بیانیے کو عوام تک پہنچانے کے لیے اس جلسے کا انعقاد کرنا چاہتی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جلسے کے دوران تمام سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی جائے گی تاکہ عوامی اجتماعات پر عموماً ہونے والے مسائل سے بچا جا سکے۔پارٹی نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں عوام کو اپنے مسائل سے آگاہ کرنے اور حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرنے کے لیے عوامی جلسے کا انعقاد ضروری ہے۔ تحریکِ انصاف نے انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ انہیں مقررہ تاریخ پر ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ رابطہ قائم کر سکیں۔

  • پی ٹی آئی کا ایوان بائیکاٹ یا نظام کا بائیکاٹ؟ فیصلہ عمران خان کی ہدایت پر ہوگا،گوہر

    پی ٹی آئی کا ایوان بائیکاٹ یا نظام کا بائیکاٹ؟ فیصلہ عمران خان کی ہدایت پر ہوگا،گوہر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کا ایوان بائیکاٹ کرنا ہے یا پورے نظام کو بائیکاٹ کرنا ہے، اس کا حتمی فیصلہ سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سربراہ عمران خان کی ہدایت کے بعد کیا جائے گا۔

    انہوں نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں تین اہم سزائیں دی گئی ہیں، جن کی مجموعی مدت 45 سال بنتی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ فیصلے جمہوریت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو ملک میں جمہوری نظام تباہ ہو جائے گا۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کی اہلیہ کو بھی سزا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پارٹی نے ریاست کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے فیصل آباد اے ٹی سی کے حالیہ فیصلے پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو سزا سنائی گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کو بھی سزا دی گئی ہے۔

    بیرسٹر گوہر نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ عدالتوں میں مقدمات کے ٹرائلز رات 2 بجے تک جاری رہتے ہیں، جبکہ ایک ہی کیس میں مختلف جگہوں پر ایک سے زائد ایف آئی آرز درج ہونے کی وجہ سے معاملات پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ سسٹم چلتا رہے اور جمہوریت مضبوط ہو، لیکن اس کے لیے عدلیہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے امید کی جاتی ہے کہ وہ انصاف فراہم کرے گی، لیکن بدقسمتی سے عوام میں مایوسی پھیل چکی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ ابھی وقت ہے کہ اس نظام کو بچایا جائے اور اسے بہتر بنایا جائے۔

  • نومئی کا فیصلہ، عمر ایوب،زرتاج گل سمیت 100 ملزمان کو سزا،زین قریشی بری

    نومئی کا فیصلہ، عمر ایوب،زرتاج گل سمیت 100 ملزمان کو سزا،زین قریشی بری

    فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی مقدمات کے دو مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت 108 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔

    ‏فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے کیس کا فیصلہ سنا دیا ،سابق چیف جسٹس امیر حسین بھٹی کے داماد افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا ،،فواد چوہدری ،زین قریشی سمیت دیگر کو بری کردیا گیا،‏اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،زرتاج گل کو دس دس سال کی سزائیں سنائی گئیں، 185 میں سے 108 ملزمان کو دس دس سال سزا سنا دی گئی ،فواد چوہدری سمیت 77 افراد کو بری کردیا گیا، صاحبزادہ حامد رضا کو بھی دس سال قید کی سزا سنا دی گئی

    انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے دو مقدمات کا فیصلہ سنایا، اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے حساس ادارے پر حملہ کیس میں 185 میں سے 108ملزمان کو سزا سنائی جبکہ دیگر کو بری کر دیا گیا ہے،غلام محمد آباد میں درج 9 مئی کے مقدمے میں 66 ملزمان میں سے 8 ملزمان کو بری کر دیا جبکہ 58 ملزمان کو 10، 10 سال کی سزا سنائی۔

    بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں آج ہمارے 6 ایم این ایز ، تین ایم پی ایز اور ایک سینیٹر کو سزا سنائی گئی ہے ۔

  • لاہور ہائی کورٹ ،سلیمان شہباز کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم  کالعدم قرار

    لاہور ہائی کورٹ ،سلیمان شہباز کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم کالعدم قرار

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے حکومتی حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست منظور کر لی ہے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں دیا گیا۔

    سلیمان شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم بلا جواز اور قانونی تقاضوں کے خلاف ہے، جس کی روشنی میں عدالت سے درخواست کی گئی کہ مقدمہ درج کرنے کے حکم کو فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مؤقف سنا اور عدالت نے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرنے کے لیے ٹھوس اور قانونی شواہد ہونا ضروری ہیں، جو اس مقدمے میں فراہم نہیں کیے گئے۔

    اس فیصلے کے بعد سلیمان شہباز کی کمپنی کو عارضی طور پر قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی عدالت کی منظوری کے بغیر نہیں کی جا سکتی۔

  • پاک امریکہ تجارتی ڈیل بظاہر خوش آئند،تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائے،خالد مسعود سندھو

    پاک امریکہ تجارتی ڈیل بظاہر خوش آئند،تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائے،خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں اپنی قربانیوں اور ثابت قدمی سے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرعزم، باوقار اور خودمختار ریاست ہے،وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کے لیے دی جانے والی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، آج ان ہی قربانیوں کے ثمرات کی بدولت پاکستان کا تشخص ایک مرتبہ پھر عالمی منظرنامے پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بدلتے ہوئے حالات اور سیاسی رجحانات میں بھارت کی دوغلی پالیسی کا پول کھل چکا ہے، خطے میں امن و استحکام کے دعوے کرنے والا بھارت درحقیقت نفرت، انتہا پسندی اور سازشوں کا گڑھ بن چکا ہے، جس کی وجہ سے اب اس کے دیرینہ اتحادی بھی اس سے نالاں ہو کر دوری اختیار کر رہے ہیں،خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکہ تجارتی معاہدہ بظاہر خوش آئند تا ہم اس معاہدے کی تمام تفصیلات اور مندرجات قوم کے سامنے لائی جائیں،پاکستان کو اپنی خود مختاری، قومی سلامتی اور داخلی مفادات کو ہر حال میں مقدم رکھنا ہوگا، ماضی میں امریکہ کے ساتھ تعلقات کے تلخ تجربات ہمارے سامنے ہیں،جن کو سامنے رکھا جائے،کسی بھی معاہدے میں شمولیت سے قبل انتہائی سوچ و بچار، قومی اتفاق رائے قائم ہونا چاہیے

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کےپاس موقع ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر کرے اور کشمیریوں کو بھارتی ظلم وجبر سے نکلوائے، مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہر فورم پر عوامی جذبات کی ترجمانی جاری رکھے گی۔

  • بھارتی فوج کا ڈرون مقابلہ، "آتم نربھر بھارت” کے سائے میں مودی کا جنگی جنون

    بھارتی فوج کا ڈرون مقابلہ، "آتم نربھر بھارت” کے سائے میں مودی کا جنگی جنون

    مودی سرکار کی جنگی جنونیت خطے کو تباہی کے دہانے پر لے آئی، "نیا بھارت” امن نہیں بارود کا راگ الاپنے میں مصروف ہے،

    آتم نربھر بھارت” کے پردے میں قوم پرستی کا ناٹک,فوج کو اشتہاری مہم کا حصہ بناکر، بی جے پی نے قومی اداروں کو سیاسی ہتھیار میں بدل دیا،مودی راج میں "ملک کے مفاد” کے نام پر جنگی سرمایہ کاری ,عوامی فلاح کا بجٹ دفاعی تماشوں کی نذر کر دیاگیا،دی ٹریبون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق "اسپیتی ویلی، ہماچل میں بھارتی فوج کا ڈرون مقابلہ اگست میں منعقد ہوگا”یہ ایونٹ تین کیٹیگریز میں ہوگا: ان ہاؤس ڈرونز، اوپن کیٹیگری، اور OEMs ،مقابلہ دو مراحل پر مشتمل ہوگا,پہلا مرحلہ 10 سے 15 اگست، اور دوسرا مرحلہ 20 سے 24 اگست تک جاری رہے گا ، ہماچل اور اتراکھنڈ میں چین کے ساتھ LAC کی نگرانی سنٹرل کمانڈ کے سپرد، فوج کے ساتھ ڈرون فیڈریشن آف انڈیا بھی شراکت دار ہوگی .مقابلے کا مقصد آپریشن سندور کے بعد ہائی ایلٹیٹیوڈ جنگی حالات میں ڈرون کے جدید حل تلاش کرنا اور قومی سلامتی کو بہتر بنانا ہے حصہ لینے والے ڈرون ساز ادارے کسی بھی چینی پرزے کا استعمال نہیں کر سکتے ،ڈرون ساز اداروں کو10,700 فٹ کی بلندی پر قدرتی رکاوٹوں کے اوپر اپنے ڈرونز کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا

    بارڈر پر مشقیں، اندرونِ ملک سیاسی بحران ,مودی کا ہر قدم خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے ،مودی سرکار آپریشن سندور کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے فوج کو سیکیورٹی کے بجائے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے،مودی کا "آتم نربھر بھارت” دراصل "جنگی بھارت” کا منصوبہ ہے جو کہ ہمسایہ ممالک کو اشتعال دلانے کی خطرناک روش ہے

  • ‘آپریشن مہادیو’، بی جے پی کی پہلگام حملے کے اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کی چال

    ‘آپریشن مہادیو’، بی جے پی کی پہلگام حملے کے اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کی چال

    پہلگام حملے پر پردہ ڈالنے کے لیے بھارتی حکومت نے 100 دن کی خاموشی کے بعد اچانک ‘آپریشن مہادیو’ کا آغاز کر دیا

    لوک سبھا میں بحث کے دوران امیت شاہ نےپہلگام حملے میں ملوث تین مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا اعلان کیا،لوک سبھا کے اجلاس کے دوران اپوزیشن پارٹیوں کے مختلف رہنماؤں نے اس مبینہ آپریشن پر شدید تنقید کی ۔مودی سرکار کا آپریشن کو ‘مہادیو’ جیسا مذہبی نام دینا صرف عوامی جذبات کو بھڑکانے کی ناکام کوشش ہے، فیک انکاونٹرز میں ہلاک دہشتگردوں کو منظر عام پر لانا مودی کو سیاسی دباؤ سے نکالنے کاحربہ ہے، غیر ملکی دوروں میں مصروف بے حس مودی نے پہلگام حملے میں متاثرہ خاندانوں سے ملنا بھی ضروری نہ سمجھا، انٹیلی جنس ناکامی کی ذمہ داری قبول کیے بغیر تین اہم وزارتوں نے اس واقعے پر غیر واضح بیانات دیے، اگر حکومت کے پاس حملے کی پیشگی اطلاع تھی، تو دہشت گرد پہلگام تک کیسے پہنچے؟ سیٹلائٹ نگرانی سے سیکیورٹی کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار چند دہشتگردوں کی نقل و حرکت کیوں نہ پکڑ سکی؟

    دہشت گردوں کا باآسانی داخل ہونا اور حملہ کرنے میں کامیاب ہونا بھارتی انٹیلیجنس کی ناکامی کا ثبوت ہے، پہلگام جیسے حساس سیاحتی مقام پر حملے کے باوجود فوری رسپانس نہ دینا بڑا سوالیہ نشان بن گیا، مودی سرکارمن گھڑت بیانیہ سازی میں مصروف جبکہ پہلگام حملے کے متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں،دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کو سیاسی نعرہ بنا کر پیش کرنا مودی سرکار کا وطیرہ بن چکا ہے،مودی سرکار کا آپریشن سندور کے بعد ’مہادیو‘ ہندوتوا نظریے کے تحت انتہا پسندی کی مذموم سازش ہے

  • بنوں،پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن جاری

    بنوں،پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن جاری

    بنوں کے حساس علاقے تھانہ میریان کی حدود نورڑ میں دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف پاک فوج، بنوں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی جانب سے ایک بڑا انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ آپریشن جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ آپریشن انتہائی حساس معلومات کی بنیاد پر شروع کیا گیا، جس میں شرپسند عناصر کی موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں، سلیم عباس کلاچی خود اپنی خصوصی پولیس ٹیم کے ہمراہ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے کتنے سنجیدہ ہیں۔

    ڈی پی او بنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد علاقے کو شرپسندوں سے مکمل طور پر پاک کرنا اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں کو ہر حال میں امن کا گہوارہ بنایا جائے گا اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ہر قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار اور الرٹ ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔