Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • گورنر پنجاب  کی سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش

    گورنر پنجاب کی سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش

    لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک خط لکھ کر متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش کر دی ہے تاکہ فوری امدادی اور بحالی اقدامات شروع کیے جا سکیں۔

    گورنر پنجاب نے اپنے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ چند روز میں سیلاب نے پنجاب کے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، جس سے مقامی نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سیلابی ریلے نے سڑکیں بہا کر رابطے منقطع کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ شہروں کو ملانے والے اہم پُل ٹوٹ چکے ہیں، جس سے تجارت اور روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ سیلاب کے باعث غریب لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں، ان کا قیمتی سامان تباہ ہو چکا ہے، اور مویشی بھی ریلے میں بہہ گئے ہیں، جس سے مقامی معیشت کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔گورنر نے کہا کہ سیلاب زدگان کی فوری مدد کے لیے حکومت جلد از جلد مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرے تاکہ نقصان کا ازالہ کیا جا سکے اور متاثرہ افراد کو دوبارہ اپنی زندگی معمول پر لانے میں مدد دی جا سکے۔

  • وزیراعظم کی ایف بی آر میں جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری

    وزیراعظم کی ایف بی آر میں جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی، معاشی ماہرین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.اجلاس کو ایف بی آر کے ڈیٹا کو ایک مرکز پر منسلک کرنے اور پوری ویلیو چین کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے جدید ڈیجیٹل ایکوسسٹم کی تشکیل پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر میں جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری، دے دی اورعالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی جاری اصلاحات کے ثمرات کی بدولت معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے. صرف ڈیجیٹائیزیشن ہی نہیں، نئے نظام کو تقویت دینے کیلئے پورا ڈیجیٹل ایکو سسٹم بنایا جائے.خام مال کی تیاری و درآمد، مصنوعات کی مینوفیکچرنگ اور صارف کی خریداری تک کے تمام ڈیٹا کو ایک ہی سسٹم سے منسلک کیا جائے. نظام کو اس قدر مؤثر بنایا جائے کہ پوری ویلیو چین کی براہ راست ڈیجیٹل نگرانی کی جاسکے.نظام کے تحت جمع شدہ مرکزی ڈیٹا کو معاشی اسٹریٹجک فیصلہ سازی کیلئے استعمال کیا جائے.ٹیکس بیس میں اضافے اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے سے ہی عام آدمی کیلئے ٹیکس میں کمی کے ہدف کا حصول ممکن ہوگا.

  • ہنگو ، ڈی پی او خالد خان پر حملے میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    ہنگو ، ڈی پی او خالد خان پر حملے میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    ہنگو ،نریاب کے علاقے میں پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کریک ڈاؤن آپریشن کیا۔ اس دوران ڈی پی او ہنگو خالد خان پر حملے میں ملوث ایک دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کو نشانہ بنایا گیا لیکن یہ دہشت گرد خود اپنے گروپ کے افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ خوش قسمتی سے اس موقع پر پولیس کے اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یہ آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب مقامی سیکیورٹی اداروں کو ہنگو کے نریاب علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ فورسز نے فوری طور پر محاصرہ کر کے کارروائی کی، جس میں دہشت گردوں کی مزاحمت کے باوجود پولیس اہلکاروں نے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا۔

    سات روز قبل بھی ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑے آپریشن کے دوران ڈی پی او خالد خان زخمی ہوئے تھے۔ اس پچھلے آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں انسداد دہشت گردی کے مزید سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف ہر ممکنہ کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں اور عوام کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔

  • زاہدان میں عدالت پر دہشتگردوں کا حملہ

    زاہدان میں عدالت پر دہشتگردوں کا حملہ

    ایران کے سرحدی شہر زاہدان میں ایک عدالت پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا،

    زاہدان کی عدالت میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دہشت گرد گروہ جیش الظلم نے ایک سرکاری بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دہشتگرد حملے میں زاہدان حملےمیں 5 افرادجاں بحق، جبکہ 13زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ حملے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو موقع سے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا ہے۔

    حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔ ایرانی حکام نے بھی کہا ہے کہ ایمرجنسی سروسز فوری طور پر متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا سکے اور مزید نقصانات کو روکا جا سکے۔

  • چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند، پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری

    چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند، پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری

    چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید واقعے کے بعد سیاحتی مقام فیری میڈوز کی سڑک مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، جس کے باعث وہاں پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے عمل میں تیزی سے کام جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سیاحوں کو ہیلکاپٹر کے ذریعے نکالا گیا تھا تاہم موسمی حالات کی خرابی کی وجہ سے ہیلکاپٹر سروس معطل کر دی گئی ہے جس کے باعث زمینی راستوں سے ریسکیو آپریشن پر زور دیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چلاس روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد مقامات پر بند ہے جبکہ تھورمنیار کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم عارضی طور پر بند ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث سیاحوں کی محفوظ واپسی کے لیے ریسکیو ٹیمیں سڑک کے کھلنے کا انتظار کر رہی ہیں۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اب بھی کافی تعداد میں سیاح فیری میڈوز میں پھنسے ہوئے ہیں جن کو ریسکیو کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

    چلاس کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے پاک فوج کے علاوہ دیگر متعلقہ ادارے بھی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ ہر ممکنہ مدد فراہم کی جا سکے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ موسمی حالات بہتر ہوتے ہی ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ہر ممکن جلدی سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں یا محفوظ علاقوں میں رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

  • پاک امریکہ انسداد دہشت گردی مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے،امریکی محکمہ خارجہ

    پاک امریکہ انسداد دہشت گردی مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے،امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کی ہے، جس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے باقاعدہ بیان جاری کیا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے خطے میں مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا ہے۔ خاص طور پر پاکستان کی ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں ثالثی کا کردار قابلِ تعریف قرار دیا گیا ہے، جس سے خطے میں استحکام کے فروغ میں مدد ملی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ خاص طور پر داعش خراسان کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق ہوا ہے تاکہ خطے میں دہشت گردی کی دہشت کو کم کیا جا سکے۔دونوں وزرائے خارجہ نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور معدنیات و مائننگ کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات پر بات چیت کی گئی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، اگست میں اسلام آباد میں پاک امریکہ انسداد دہشت گردی مذاکرات کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ایران سے مذاکرات میں ثالثی اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی خواہش کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کو باہمی مفاد میں بڑھانے اور معدنیات و کانکنی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا۔ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ دہشت گردی خصوصاً داعش کے خلاف تعاون کے فروغ پر بھی بات ہوئی، اور اس ضمن میں اگست میں اسلام آباد میں ہونے والے انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

  • ٹانک میں ایک خارجی نے ہتھیار ڈال دئے

    ٹانک میں ایک خارجی نے ہتھیار ڈال دئے

    فتنہ الخوارج کا اہم رکن ہنزلہ زخمی حالت میں فورسز کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبورہو گیا

    ٹانک کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور دباؤ کے باعث فتنہ الخوارج کے رکن ہنزلہ نے زخمی حالت میں ہتھیار ڈال دیے۔ ہنزلہ آپریشن یلغار 11 کے دوران ہونے والی ایک جھڑپ میں زخمی ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق ہنزلہ ولد محمد یعقوب، عمر 18 سال، ساکن ڈبک پوسٹ آفس، عمر اڈہ، تحصیل و ضلع ٹانک، فتنہ الخوارج کی عسکری تشکیل کا حصہ تھا اور حالیہ دنوں میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران شدید زخمی ہونے کے بعد وہ مزید مزاحمت نہ کر سکا اور سرنڈر کر دیا۔فورسز کی انتھک کوششوں اور علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے جاری آپریشنز کا یہ ایک اور اہم نتیجہ ہے، جس سے نہ صرف خوارج کے حوصلے پست ہوئے ہیں بلکہ مقامی آبادی میں بھی اعتماد بحال ہوا ہے۔

  • سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، 7 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، 7 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق

    سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے جانے والے7 پاکستانی المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سےتھا جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق، بونیر کے علاقے ڈاگئی طوطالئی سے تعلق رکھنے والے کل 13 افراد کا ایک قافلہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گیا تھا۔ یہ مقدس زائرین عمرے کی ادائیگی مکمل کرکے عرفات سے مدینہ منورہ جا رہے تھے کہ راستے میں ایک شدید ٹریفک حادثہ پیش آیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    مقامی پاکستانی کمیونٹی اور قونصل خانے نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی حکام نے زخمیوں کے علاج اور جاں بحق ہونے والوں کی آخری رسومات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

  • دہشتگرد واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا چلا رہے،بندکیا جائے،طلال چوہدری

    دہشتگرد واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا چلا رہے،بندکیا جائے،طلال چوہدری

    پاکستان نے سوشل میڈیا آپریٹرز سے دہشت گردوں کے زیر استعمال گمنام آئی ڈیز بلاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف مضبوط مورچہ ہے،طلال چوہدری کا کہنا تھا ہم دہشت گردوں کے اکاؤنٹس بلاک کرنا چاہتے ہیں، ہم سوشل میڈیا آپریٹر سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ ہم سب سے تعاون کریں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ ان اکاونٹس سے متعلق معلومات شیئر کی جائیں، جو اکاونٹس بتائے ہیں وہ تمام دہشت گرد گروپوں کے ہیں،ہمیں نہیں معلوم کہ یہ اکاؤنٹس افغانستان سے یا کہاں سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ اکاونٹس گمنام ناموں اور گمنام آئی ڈیز کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔

    بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، پاکستان کو دہشت گردی میں نہ صرف جانی بلکہ بھاری مالی نقصان ہوا، ہم پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے دفاتر قائم ہونے کا خیر مقدم کریں گے، بہت سے دہشت گرد گروپ ناصرف پاکستان بلکہ اقوام متحدہ کی فہرست میں بھی کالعدم ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ناصرف ان اکاؤنٹس کی نشاندہی کرے بلکہ ان کو بلاک کرے، ہم دہشت گردوں کے مزید سوشل میڈیا اکاونٹس کی نشاندہی کر رہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔

    طلال چوہدری نے نشاندہی کی تھی کہ یہ دہشت گرد گروپ واٹس ایپ چلارہے ہیں، یہ دہشت گرد گروپ ہمارے ملک، معاشرے اور پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں، پاکستان میں استعمال ہونے والے ان اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جو ان دہشت گرد گروپوں کے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کے  نوابزادہ محسن علی خان ن لیگ کو پیارے ہو گئے

    پی ٹی آئی کے نوابزادہ محسن علی خان ن لیگ کو پیارے ہو گئے

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان کی ملاقات ہوئی ہے

    نوابزادہ محسن علی خان اپنے بیٹے شہریار اور کئی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے. اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے،وزیراعظم نے نوابزادہ محسن علی خان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ امید ہے آپ خیبر پختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط بڑھانے کے حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کریں گے،خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور وہاں امن و امان کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی