Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • این اے 175 ضمنی انتخابات،حکیم شہزاد دونوں بیویوں کے ہمراہ کاغذات جمع کروانے پہنچ گئے

    این اے 175 ضمنی انتخابات،حکیم شہزاد دونوں بیویوں کے ہمراہ کاغذات جمع کروانے پہنچ گئے

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا ہے۔ یہ ضمنی انتخاب جمشید دستی کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہوں گے۔ ضمنی انتخاب 10 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔

    کاغذات نامزدگی کے پہلے دن متعدد اہم شخصیات نے اپنی امیدواریاں رسمی طور پر جمع کرائی ہیں۔ حکیم شہزاد دانیہ شاہ سمیت اپنی دو بیویوں سمیت ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے کاغذات جمع کروائے،اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے حماد نواز ٹیپو نے بھی این اے 175 کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔

    سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب میں مختلف سیاسی جماعتیں بھرپور مقابلہ کریں گی، اور این اے 175 میں سیاسی لڑائی خاصی سخت متوقع ہے۔

  • غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 33 غیر ملکی شہری گرفتار

    غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 33 غیر ملکی شہری گرفتار

    ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان کی بڑی کاروائی ،غیر قانونی طور پر بارڈر کراسنگ کی کوشش میں ملوث 33 ملزمان گرفتار کر لیے گئے

    گرفتار ملزمان کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے ،گرفتار ملزمان رواں سال جون اور جولائی میں وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے،ملزمان نے ماشکیل بارڈر ضلع چاغی سے بارڈر کراسنگ کی کوشش کی ،مذکورہ کاروائی فرنٹیئر کور حکام کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔گرفتار ملزمان سے قانونی دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو ماشکیل بارڈر ضلع چاغی کے قریب حراست میں لیا۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا اغاز کر دیا گیا.

    انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں ملزم کو 20 سال قید بامشقت کی سزا
    سپیشل جج سینٹرل گوجرانوالہ کی عدالت میں زیر سماعت انسانی سمگلنگ کے ایک اہم مقدمے میں فیصلہ سنایا گیا ،ملزم محمد کاشف کو مجموعی طور پر 20 سال قید بامشقت اور 14 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی گئی۔ملزم کو امیگریشن آرڈنینس کے تحت 10 سال قید بامشقت اور 4 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ سمگلنگ آف مائیگرنٹ ایکٹ کے تحت 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ملزم نے شہری کو 40 لاکھ روپے کے عوض غیر قانونی طور پر سپین بھجوانے کی کوشش کی ،متاثرہ شہری تاحال لاپتہ ہے ،ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے کی پیروی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل آصفہان اکرم نےکی.

  • خیبرپختونخوا حکومت آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    خیبرپختونخوا حکومت آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    خیبرپختونخوا حکومت آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا

    اعلامیہ میں کہا گیاکہ شہداء اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہرے رنج و غم اور مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں، دیرپا امن کی بحالی کے لیے جامع اور مربوط اقدامات فوری طور پر کیے جائیں، خوارج کے خاتمے کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ہدفی کارروائیاں (اینٹیلجنس بیسڈ کاروائی )عمل میں لائی جائیں ، دیرپا امن کی کاوش اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں، مشران، عوام، حکومت خیبر پختونخوا، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق بھر کاروائی کا اعادہ کرتے ہیں، صوبے کو عسکریت پسندی کے چنگل سے نجات دلائی جائے گی اور امن بحال کیا جائے گا، جو علاقے میں خوشحالی اور پائیدار ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، اِس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتیں اور عوامی نمائندے ضلعی سطح پر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل اور بھر پور تعاون کا اعادہ کریں

  • بھارت کے ایک دن میں ایف بی آر پر ایک ہزار سے زائد سائبر حملے

    بھارت کے ایک دن میں ایف بی آر پر ایک ہزار سے زائد سائبر حملے

    اسلام آباد: سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی ادارہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ممبر حامد عتیق سرور نے اہم انکشافات کیے۔

    اجلاس کے دوران حامد عتیق سرور نے بتایا کہ بھارت نے ایک دن میں ایف بی آر کے خلاف ایک ہزار 684 سائبر حملے کیے، لیکن ایف بی آر کے سسٹم کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہا اور کوئی ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔حامد عتیق سرور نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ ٹیکس دہندگان کا تمام حساس ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس کی حفاظت کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی ٹیکس دہندہ کو ہراساں نہیں کرے گی اور اگر کسی افسر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو تنگ کرنے کی شکایت موصول ہوتی ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اجلاس میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بھی شرکت کی اور کاروباری برادری کے ساتھ جاری مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف کاروباری مسائل کو حل کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، تاہم موجودہ حالات میں حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت بعض معاملات کی مکمل تفصیلات شیئر کرنے سے قاصر ہے۔ وزیر مملکت نے زور دیا کہ ٹیکس دہندگان کو کسی بھی قسم کی ہراسگی برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومت اس کی مکمل اجازت بھی نہیں دے گی۔

    اجلاس میں فلائنگ انوائسنگ کے موضوع پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ایف بی آر کے ممبر حامد عتیق نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران فلائنگ انوائسنگ کے ذریعے 857 ارب روپے کی مالی بدعنوانی پکڑی گئی، جبکہ مالی سال 2023-24 میں یہ رقم بڑھ کر ایک ہزار 313 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی سرگرمی کے خلاف ایف بی آر بھرپور اقدامات کر رہا ہے تاکہ ملک میں ٹیکس چوری کو روک کر آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔

  • مستونگ،فتنۃ الہندوستان کے تین دہشتگرد ہلاک،میجر سمیت دو جوان شہید

    مستونگ،فتنۃ الہندوستان کے تین دہشتگرد ہلاک،میجر سمیت دو جوان شہید

    بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں میجر سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکیا گیا، آپریشن کےدوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانےکو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر زید سلیم سمیت 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

    میجر زید سلیم اپنی ٹیم کی فرنٹ سے قیادت کر رہے تھے، 31 سال کے میجر زید سلیم کا تعلق خوشاب اور 22 سال کے سپاہی ناظم حسین کا جہلم سے تعلق تھا، علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر خدمت خلق کمیٹی متحرک ہے،خالد مسعود سندھو

    مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر خدمت خلق کمیٹی متحرک ہے،خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر خدمت خلق کمیٹی متحرک ہے، متاثرین میں خوراک ،امدادی اشیا کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ،آندھی،بارش یا دیگر قدرتی آفات اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہیں،ایسے حالات میں متاثرہ بھائیوں کی مدد کرنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے،کارکنان خدمت خلق کے جذبے سے متاثرین کی مدد کریں.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق کے چیئرمین شفیق الرحمان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شفیق الرحمان نے صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار خدمت خلق کے کاموں میں مصروف عمل ہیں، شہریوں کو پانی سے نکالنا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے رضاکار کام کر رہے ہیں،راولپنڈی میں نالے میں بہہ جانے والے کرنل ر اسحاق اور انکی بیٹی کی لاش کی تلاش میں بھی مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار پیش پیش تھے، والد کی لاش مل چکی ہے لیکن بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے،خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بارش ایک قدرتی رحمت ہے، لیکن ناقص منصوبہ بندی، نالوں کی صفائی میں غفلت، اور بلدیاتی نظام کی بدانتظامی نے اسے عوام کے لیے زحمت بنا دیا ہے،حکومتوں کی طرف سے دعووں کے باوجود ہر سال معمولی بارش پر شہروں کا ڈوب جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسائل کا حل صرف اعلانات سے ممکن نہیں،

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کے دنوں میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، اور ریسکیو اداروں سے تعاون کریں۔

  • ظاہر جعفر نفسیاتی طور پر صحت مند قرار

    ظاہر جعفر نفسیاتی طور پر صحت مند قرار

    اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس کے مجرم ظاہر جعفر کو نفسیاتی طور پر مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا گیا ہے۔ نفسیاتی اور نیورولوجیکل معائنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ظاہر جعفر میں کوئی نیورولوجیکل کمزوری یا ذہنی بیماری نہیں پائی گئی اور اس کے رویے میں دماغی خرابی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    یہ تفصیل اس وقت سامنے آئی جب ظاہر جعفر کی ذہنی حالت کا جائزہ لینے کے لیے کی جانے والی درخواست پر رپورٹ جاری کی گئی، جس میں واضح کیا گیا کہ مجرم کا دماغی اور نفسیاتی جائزہ مکمل طور پر مثبت آیا ہے اور اسے نفسیاتی طور پر کوئی مسئلہ لاحق نہیں۔

    قبل ازیں نور مقدم قتل کیس میں سزاۓ موت پانے والے ظاہر جعفر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کردی ہے۔ اپیل میں ظاہر جعفر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملزم کی ذہنی حالت کا مکمل جائزہ لیا جائے کیونکہ ٹرائل کے دوران پیش کی گئی ویڈیوز کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا اور عدالت نے اس حوالے سے کوئی مناسب فیصلہ نہیں دیا۔وکیل کے مطابق مقدمے کے فیصلے میں جلد بازی برتی گئی اور عدالت کو اپنے 20 مئی 2025 کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم کی ذہنی حالت کے متعلق مکمل شفافیت اور جائزہ ضروری ہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

    واضح رہے کہ مئی 2025 میں سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھی تھی۔

  • ایشیا کپ کا جلد اعلان ہوگا، بھارتی بورڈ سے بات چیت جاری ہے،محسن نقوی

    ایشیا کپ کا جلد اعلان ہوگا، بھارتی بورڈ سے بات چیت جاری ہے،محسن نقوی

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور جلد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے انعقاد سے متعلق جلد خوشخبری سننے کو ملے گی۔

    یہ بات انہوں نے ڈھاکا میں اے سی سی کے سالانہ اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ محسن نقوی نے کہا کہ دو روزہ اجلاس میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، اور تمام 25 رکن ممالک کی شرکت اجلاس کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا ماحول انتہائی خوشگوار اور مثبت تھا۔ "یہ دو دن بڑے یادگار رہے۔ کسی نے سیاست کی بات نہیں کی، سب نے کرکٹ کی بات کی، اور یہی ہمارا مقصد ہے کہ کھیل کو آگے لے کر چلیں،” محسن نقوی نے کہا کہ کچھ ارکان اجلاس میں شریک نہ ہو سکے جو کسی حد تک معمول کی بات ہے۔ "میں خود بھی کچھ عرصہ قبل سنگاپور میں اجلاس میں شریک نہیں ہو سکا تھا۔ مصروفیات کی بنا پر ایسا ہو جاتا ہے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ بڑی تعداد میں ممبران یہاں موجود تھے۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی مختلف معاملات پر بات چیت جاری ہے، اور ہم کرکٹ کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اے سی سی کی یہ کاوشیں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں، اور ایسی میٹنگز مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ ایشیائی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

  • انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے کلیدی کردار کی دنیا معترف

    انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے کلیدی کردار کی دنیا معترف

    پاکستان کاہرقسم کی دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے عزم غیر متزلزل ہے

    امریکی قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی ،گریگوری ڈی لوگرفو نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی ہے،اور کہا ہے کہ انسدادِ دہشتگردی میں پاکستان ایک اہم شراکت دارہے،پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ حکمت عملی سےاہم کامیابیاں ملی ہیں، آئی ایس آئی ایس خراسان نہ صرف امریکہ، سنٹرل ایشیاء بلکہ یورپ کے لئے بھی خطرہ ہے، پاکستان نے انتہائی مطلوب دہشتگردکو گرفتار کر کے امریکہ کے حوالے کیا، پاکستان کا انسداد دہشت گردی میں اہم کردارہے

    اس سے قبل صدرٹرمپ بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اقدامات کی تعریف کر چکے ہیں ،عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کی تعریف اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان خطے میں "نیٹ ریجنل سٹیبلائزر ” کا کردار ادا کر رہا ہے

  • تحریک انصاف کے 12 کارکنان کو چھ چھ ماہ قید کی سزا

    تحریک انصاف کے 12 کارکنان کو چھ چھ ماہ قید کی سزا

    سٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف اجتماع اور امن و عامہ ایکٹ 2024 کے تحت درج پہلے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے اہم سزا کا اعلان کر دیا ہے۔ عدالت نے تحریک انصاف کے 12 کارکنان کو 6،6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے جبکہ ایک کارکن کو مقدمے سے بری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس اور جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد نے مقدمے کی سماعت کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے 5 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد نے ایک ملزم کو بری اور سات دیگر کو سزا دی۔ اس طرح کل 13 پی ٹی آئی کارکنان تین مختلف مقدمات میں نامزد تھے جن میں سے 12 کو سزا اور ایک کو بری کیا گیا۔یہ مقدمہ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے منعقدہ اجتماع کے دوران امن و امان کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے اجتماع اور امن و عامہ ایکٹ 2024 کی دفعات کے تحت مقدمے کا فیصلہ دیا ہے جو اس قانون کے تحت شہریوں کے اجتماعات اور احتجاجی مظاہروں کی حد بندی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

    ادھر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور وکلاء نے عدالت کے اس فیصلے کا جائزہ لینے اور ممکنہ اپیل دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ کارکنان پر لگائے گئے الزامات سیاسی بنیادوں پر ہیں اور ان کے خلاف مقدمات میں انصاف کی فراہمی میں تعطل پایا جاتا ہے۔