Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • کراچی میں خاتون کے ہاں پانچ بچوں کی پیدائش

    کراچی میں خاتون کے ہاں پانچ بچوں کی پیدائش

    کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع ایک نجی اسپتال میں ایک خاتون نے پانچ بچوں کو جنم دیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ بچے وقت سے قبل پیدا ہوئے ہیں اور ان کا وزن بہت کم ہے، جس کے باعث ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے مزید بتایا کہ بچوں کو زندگی بچانے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور تمام بچوں کو آکسیجن فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ بہتر طریقے سے سانس لے سکیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچوں کی صحت پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

    اس موقع پر اسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ اس قسم کی پیدائشیں نایاب ہوتی ہیں اور یہ واقعہ میڈیکل دنیا میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک بچوں کی صحت میں بہتری کے آثار دیکھے جا رہے ہیں لیکن مکمل صحت یابی کے لیے وقت درکار ہوگا۔خاتون اور ان کے بچوں کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔ اس نایاب موقع پر اسپتال کے عملے اور اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور دعائیں کی جا رہی ہیں کہ بچے اور والدہ جلد صحتیاب ہوں۔

  • نالاں نوجوانوں کے شکوے دور کر کے گلے لگایا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    نالاں نوجوانوں کے شکوے دور کر کے گلے لگایا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگرد ایک انچ زمین پر بھی دیرپا قبضہ کرنے کی کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے یہ بات 16 ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو سمجھنے کے لیے ماضی کی حقائق جاننا بہت ضروری ہے، کیونکہ بلوچستان کے حوالے سے دیگر علاقوں میں جو تصورات عام ہیں وہ حقیقت کے منافی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں غیر متوازن ترقی یا بیروزگاری شورش کی اصل وجوہات نہیں ہیں بلکہ یہ مسائل زیادہ پیچیدہ اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت سے نالاں نوجوانوں کے شکوے دور کر کے انہیں گلے لگایا جائے گا، مگر ریاست مخالف کارروائیاں کرنے والوں کے ساتھ آئین سے ہٹ کر کوئی بات ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تشکیل دے دیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز گرے زونز میں موثر آپریشنز کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوست اور دشمن کی پہچان مشکل ہے لیکن بلوچستان میں دہشتگردوں کو زمین پر کوئی دیرپا قابض بننے نہیں دیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق جامع قانون سازی کی جا چکی ہے تاکہ ایسے مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بلوچ قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے ہر صورت روکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت گورننس اور سروس ڈلیوری کے نظام میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں 99 فیصد بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں اور طلبہ کو قومی و عالمی سطح پر اسکالرشپس دی جا رہی ہیں تاکہ نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو۔

  • یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے،سلمان اکرم راجہ

    یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے،سلمان اکرم راجہ

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سابق وزیر خارجہ اور پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف ابھی بھی 8 سے 9 مقدمات زیر سماعت ہیں اور وہ ابھی مکمل طور پر آزاد نہیں ہوئے۔سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ابھی صورتحال واضح نہیں ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ پارٹی کے فیصلہ ساز اور منصوبہ ساز کیا حکمت عملی اپناتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پورے ملک کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ موجودہ نظام انصاف اب انصاف کا نظام نہیں رہا۔

    انہوں نے کہا، "ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عدلیہ کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ آج پورا نظام کنٹرول میں ہے جو کہ عوام کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ زندہ قومیں ایسے حالات کا جواب دیتی ہیں۔”

  • 5 اگست سے ایک نئی تحریک آزادی کا آغاز ہوگا ،علی امین گنڈاپور

    5 اگست سے ایک نئی تحریک آزادی کا آغاز ہوگا ،علی امین گنڈاپور

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیر قانونی اور غیر آئینی گرفتاری اور سزا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سزائیں عوام کی رائے اور آئین پر ایک واضح حملہ ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ تمام غیر قانونی فیصلے فوری طور پر واپس لیے جائیں۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان میں 5 اگست سے ایک نئی تحریک آزادی کا آغاز ہوگا جو ملک کی حقیقی آزادی کے لیے سرگرم ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ جلد ماضی کا حصہ بن جائیں گے اور پی ٹی آئی اپنی طاقت سے مزید مضبوط ہوگی۔

    وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ وہ سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

  • اپووا وفد کی جے یو آئی پنجاب کے ترجمان مولانا غضنفر عزیز سے ملاقات

    اپووا وفد کی جے یو آئی پنجاب کے ترجمان مولانا غضنفر عزیز سے ملاقات

    آل پاکستان رائٹرز ایسوسی ایشن (اپووا) کے ایک نمائندہ وفد نے جمعیت علماء اسلام پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات، مولانا غضنفر عزیز سے ان کے دفتر میں اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال، استحکام پاکستان کے موضوع اور قومی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اپووا کے وفد نے مولانا غضنفر عزیز کو 14 اگست کو لاہور میں ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور قائدِ جمعیت، مولانا فضل الرحمٰن کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی ان کے سپرد کیا۔مولانا غضنفر عزیز نے وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن تک دعوت نامہ ضرور پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اپووا کی علمی و فکری خدمات کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ قومی یکجہتی کے ہر مثبت اقدام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

    ملاقات کے بعد مولانا غضنفر عزیز کی جانب سے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے مہمانوں کی خاطر تواضع اور روایتی مہمان نوازی کا عملی مظاہرہ ہوا۔وفد میں اپووا کے بانی صدر ایم ایم علی، حافظ محمد زاہد، ممتاز اعوان، فہیم فاضل اور طاہر تنولی شامل تھے۔

  • نومئی مقدمہ،یاسمین راشد،میاں محمودالرشید،عمر سرفراز چیمہ،اعجاز چوہدری کو 10 برس قید ،شاہ محمود قریشی بری

    نومئی مقدمہ،یاسمین راشد،میاں محمودالرشید،عمر سرفراز چیمہ،اعجاز چوہدری کو 10 برس قید ،شاہ محمود قریشی بری

    انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید ،عمر سرفراز چیمہ،اعجاز چوہدری کو نو مئی کے پُرتشدد واقعات میں ملوث ہونے، اشتعال انگیزی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے شیر پاؤ پل مقدمے کا فیصلہ سنایا

    اس مقدمے میں کل 14 ملزمان شامل تھے جن میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شامل تھے، تاہم عدالت نے ان میں سے شاہ محمود قریشی سمیت چھ افراد کو بری کر دیا ہے۔اسی کیس میں سینٹر اعجاز چودھری کو بھی 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے کی کارروائی کے دوران ٹھوس شواہد کی بنیاد پر یہ فیصلہ سنایا، جس میں رہنماؤں پر الزام تھا کہ انہوں نے نو مئی کے دن پُرتشدد واقعات میں حصہ لیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

    عدالت نے ۹ مئی شیر پاو پل پر اشتعال انگیز تقاریر اور جلاو گھیراو کے مقدمے کا فیصلہ سنا یا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمے پر فیصلہ سنایا،،و مئی کے مقدمہ 97/23 میں 8 ملزمان کو سزائیں دے دی گئی۔ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید،افضال عظیم پاہٹ، خالد قیوم اور ریاض حسین کو دس دس سال قید کی سزا دی گئی جبکہ چھ ملزمان بری کر دیے گئے، جس میں شاہ محمود قریشی، رانا تنویر، حمزہ عظیم، افتخار احمد، زیاس خان اور اعتزاز شامل ہیں۔

  • سابق گورنر پنجاب،حماد اظہر کے والد میاں اظہر وفات پا گئے

    سابق گورنر پنجاب،حماد اظہر کے والد میاں اظہر وفات پا گئے

    سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنما میاں اظہر کا انتقال ہو گیا ہے۔ میاں اظہر کچھ عرصے سے علیل تھے اور خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے شدید خراب تھی۔

    میاں اظہر نے طویل سیاسی کیریئر میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ لاہور سے منتخب رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں علاوہ ازیں، وہ لاہور کے میئر بھی رہ چکے تھے ،میاں اظہر نے اپنی سیاسی زندگی کا ایک اہم حصہ مسلم لیگ ن کے ساتھ گزارا، جہاں وہ پنجاب کے گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ تاہم، بعد میں انہوں نے مسلم لیگ ق کی بنیاد رکھی اور اس کی قیادت کی، جس کی وجہ سے انہیں مسلم لیگ ق کا بانی بھی کہا جاتا ہے۔ان کے بیٹے حماد اظہر بھی پاکستان تحریک انصاف کے معروف رہنما ہیں اور ان دونوں روپوش ہیں

  • مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کیلئے کاوشیں تیز،مولانا فضل الرحمان متحرک

    مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کیلئے کاوشیں تیز،مولانا فضل الرحمان متحرک

    اسلام آباد: ملک میں مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی بحالی اور مضبوطی کے لیے کوششیں زور و شور سے جاری ہیں۔ جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے غیر فعال ہو چکی متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں سے رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ ایک جامع اور مؤثر اتحاد تشکیل دیا جا سکے۔

    اسلام آباد سے صحافی شیراز احمد شیرازی کےذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اتحاد کی بحالی کے سلسلے میں اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اس ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال اور مذہبی جماعتوں کی سیاسی یکجہتی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اسی طرح مولانا فضل الرحمان نے جمیعت اہلحدیث کے سربراہ حافظ عبد الکریم اور معروف مذہبی رہنما مولانا اویس نورانی سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ ان رابطوں کا مقصد مختلف مذہبی سیاسی جماعتوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے جلد ہی متحدہ مجلس عمل کے تمام اہم رہنماؤں کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ایک اہم اجلاس کے ذریعے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یہ اجلاس مذہبی سیاسی اتحاد کی بحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کے پیش نظر مذہبی جماعتوں کا ایک ساتھ آنا سیاسی منظر نامے میں ایک نمایاں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔ اتحاد کی بحالی سے مذہبی سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں مضبوط کر سکیں گی اور ملکی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گی۔

  • دہلی ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے میں آگ، تمام مسافر محفوظ

    دہلی ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے میں آگ، تمام مسافر محفوظ

    دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایئر انڈیا کی ہانگ کانگ سے دہلی آنے والی پرواز AI-315 کے لینڈنگ کے فوراً بعد طیارہ کے آکسیلری پاور یونٹ (APU) میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ پیر کی شام اُس وقت پیش آیا جب طیارہ گیٹ پر پارک ہو رہا تھا اور مسافر طیارہ سے اُتر رہے تھے۔

    ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، واقعہ میں تمام 182 مسافر اور عملہ کے 10 اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے، اور فوری طور پر طیارہ سے نکال کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ کمپنی نے مزید بتایا کہ APU میں آگ لگنے کے فوراً بعد حفاظتی نظام کے تحت اسے خودکار طریقے سے بند کر دیا گیا تھا۔ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ جیسے ہی APU میں آگ کی اطلاع ملی، فوراً ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ اگرچہ اس واقعے نے کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ پر افراتفری کا ماحول پیدا کر دیا، لیکن کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ کو فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ تکنیکی ماہرین اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ APU میں آگ لگنے کی وجہ کیا تھی ، آیا یہ کوئی تکنیکی خرابی تھی یا کسی قسم کی لاپرواہی۔

    حادثے کے وقت طیارہ میں سوار کئی مسافروں نے ایئر انڈیا کے عملہ کی مستعدی کی تعریف کی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ عملے نے فوری طور پر طیارہ خالی کروا لیا اور گھبراہٹ کے ماحول کو قابو میں رکھا۔ کئی افراد نے سوشل میڈیا پر اپنی خیریت کی اطلاع دی اور ایئر انڈیا کے اقدامات کی تعریف کی۔ایئر انڈیا کے مطابق، طیارے کو مکمل معائنے اور مرمت کے بعد ہی دوبارہ سروس میں لایا جائے گا۔ فی الحال AI-315 کی آئندہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور مسافروں کو متبادل پروازوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

  • سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کا سراغ نہ مل سکا، ریسکیو آپریشن جاری

    سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کا سراغ نہ مل سکا، ریسکیو آپریشن جاری

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں باپ بیٹی سیلابی ریلے میں گاڑی سمیت بہہ گئے، جن کا کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

    کرنل (ریٹائرڈ) قاضی اسحاق روزانہ کی طرح آج صبح اپنی 25 سالہ بیٹی کو سرمئی رنگ کی کار میں سوسائٹی کے گیٹ تک چھوڑنے کے لیے گھر سے روانہ ہوئے۔ تیز بارش کے باعث سڑک پر پانی جمع تھا، جس کی وجہ سے گاڑی ایک مقام پر بند ہو گئی اور دوبارہ اسٹارٹ نہ ہو سکی۔ کرنل اسحاق گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش میں مصروف تھے کہ اس دوران پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہو گیا اور گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے کر بہا لے گیا۔گاڑی کو ریلہ سوسائٹی کے فیز فائیو کے نالے کی طرف لے گیا، جہاں سے باپ بیٹی گاڑی سمیت دیکھتے ہی دیکھتے نظروں سے اوجھل ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کرنل اسحاق اور ان کی بیٹی مدد کے لیے پکار رہے تھے لیکن تیز بہاؤ کے باعث کوئی بھی ان تک نہ پہنچ سکا۔ریسکیو 1122، پولیس، ہاؤسنگ سوسائٹی کا عملہ اور غوطہ خور ٹیمیں مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق آپریشن کا دائرہ بڑھا کر دریائے سواں تک پھیلا دیا گیا ہے۔ نالے کے اس مقام پر کھدائی کی جا رہی ہے جہاں نالہ دریائے سواں میں جا گرتا ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو شبہ ہے کہ گاڑی پل کے نیچے پھنسی ہو سکتی ہے۔اب تک صرف گاڑی کا بمپر برآمد کیا جا سکا ہے، جبکہ کرنل اسحاق اور ان کی بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

    ذرائع کے مطابق کرنل اسحاق کی گاڑی میں کوئی ٹریکر نصب نہیں تھا، جس سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے موبائل فون کی آخری لوکیشن گزشتہ رات 8 بج کر 15 منٹ پر گھر کی ملی تھی۔

    واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔ راولپنڈی کی ایک اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی، فیز 8 میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے، جبکہ ملحقہ دیہات میں بھی سیلابی پانی نے تباہی مچا دی ہے۔ریسکیو حکام اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برساتی نالے یا پانی جمع ہونے کا خطرہ ہو۔