Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • عیدالاضحیٰ پرچار دن کی تعطیلات کا اعلان

    عیدالاضحیٰ پرچار دن کی تعطیلات کا اعلان

    حکومت پاکستان نے عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے ملک بھر میں چار روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد ملک بھر میں جمعہ 6 جون سے پیر 9 جون تک سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔

    اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے، بینک اور دیگر متعلقہ ادارے چار روزہ تعطیلات کے دوران بند رہیں تاکہ شہری عید کی خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ تعطیلات کا مقصد عید کے مقدس موقع پر ملک بھر کے لوگوں کو آرام اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ تمام انتظامی محکمے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل تیار رہیں گے۔

    وزارت داخلہ اور متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ عوامی اجتماعات اور قربانی کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی بدانتظامی یا حادثات سے بچا جا سکے۔تاریخی طور پر عیدالاضحیٰ پاکستان میں بڑی مذہبی اور ثقافتی اہمیت رکھتی ہے، اور ہر سال لاکھوں افراد اپنے گھروں کو واپس جا کر اس مقدس دن کو مناتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے تعطیلات کا اعلان عوامی خوشی اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

  • بجٹ میں قومی مفاد ، عوامی جذبات کو سامنے رکھ کر فیصلے کیے جائیں، قاری یعقوب شیخ

    بجٹ میں قومی مفاد ، عوامی جذبات کو سامنے رکھ کر فیصلے کیے جائیں، قاری یعقوب شیخ

    کم عمری کی شادی کا بل حکمرانوں‌کو واپس لینا پڑے گا، مرکزی مسلم لیگ

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کم عمری کی شادی کا بل دین اسلام کے خلاف ہے، پاکستان کلمہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک، خلاف شریعت قوانین کی اجازت نہیں دی جا سکتی،حکمران بجٹ کے لئے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کی بجائے قومی مفاد اور عوامی جذبات کو سامنے رکھ کر فیصلے کریں،بھارت کاآپریشن سندور تندور بننے کے بعد بھی اگر جنگی جنون ختم نہیں ہوا تو پاکستانی قوم بھی تیار و بیدار ہے،

    ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار،چوہدری محمد سرور، فیصل ندیم،حافظ عمران لیاقت بھٹی،عارف اللہ خٹک نے خطبات جمعہ کے اجتماعات اور بعد ازاں کارکنان کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،قاری محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ کم عمری کی شادی کےبل کو اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی شریعت سے متصادم قرار دیا تھا، پاکستان میں ایسے قوانین کی گنجائش نہیں جو دین اسلام کے خلاف ہوں،بل پر صدر مملکت نے دستخط کر دیئے لیکن حکمرانوں کو یہ بل واپس لینا پڑے گا ،پارلیمنٹ کی عمارت پر کلمہ طیبہ لکھا ہوا اور اسی عمارت کے اندر سے کلمہ والے دین کے خلاف بل کی منظوری ہونا شرمناک ہے.

    حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار،چوہدری محمد سرور، فیصل ندیم،حافظ عمران لیاقت بھٹی،عارف اللہ خٹک کا کہنا تھا کہ ایٹمی پاکستان کے فیصلے حکمرانوں کو قومی وقار کو سامنے رکھ کر کرنے چاہئے، ملک میں مہنگائی بڑھ چکی، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن سے بجٹ بنائیں گے تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا، غیر ضروری اخراجات کم اورسرکاری اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے،مودی سرکار کی بڑھکیں ختم نہیں ہو رہی ہم بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں، بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں بھارتی پراکسیز کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، حکمران بھارتی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے رکھیں ،مرکزی مسلم لیگ کے خلاف بھارتی میڈیا کا من گھڑت، جھوٹا پروپیگنڈہ قابل مذمت ہے، مرکزی مسلم لیگ پرامن سیاسی جماعت ہے، نظریہ پاکستان پر قوم کو متحد کر رہے ہیں،

  • نومئی مقدمہ، پی ٹی آئی ایم این اے سمیت 11 ملزمان کو سزا

    نومئی مقدمہ، پی ٹی آئی ایم این اے سمیت 11 ملزمان کو سزا

    اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کا نو مئی کیس میں بڑا فیصلہ،9 اور دس مئی کو تھانہ رمنا کو جلانے اور توڑ پھوڑ کرنے پر پی ٹی آئی ایم این اے عبد الطیف کو 10 سال قید کی سزا سنادی،،کیس میں مجموعی طور پر گیارہ ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے

    چترال سے ایم این اے اور 10 ارکان کو 9 مئی کے کیس میں 10 سال کی سزا سنائی گئی، 4 کارکن احاطہ عدالت سے ہی گرفتار کر لئے گئے،

    پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 9 مئی تھانہ رمنا پر حملہ کا کیس، جج طاہر عباس سپرا نے کیس کا فیصلہ سنا دیا، پی ٹی آئی ایم این اے عبدلطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو نو مئی کے مقدمہ میں سزا سنا دی گئی پولیس نے فیصلے کے بعد عدالت میں موجود چار ملزمان محمد اکرم ، میرا خان، شاہ زیب ، سہیل خان کو تحویل میں لے لیا عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئےملزمان کو مجموعی طور پر 15 سال چار ماہ قید اور جرمانہ کی سزا سنائی گئی

  • پانی روکا گیا تو ملٹری آپشن کھل جائے گا،چیئرمین واپڈا

    پانی روکا گیا تو ملٹری آپشن کھل جائے گا،چیئرمین واپڈا

    چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے بھارت کو دو ٹوک اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو یہ اقدام "ایکٹ آف وار” تصور ہوگا اور ایسی صورت میں پاکستان کے پاس ملٹری آپشن کھلا ہوگا۔

    کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش ایک جارحانہ اقدام ہو گی، جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا کہ بھارت کے پاس دریائے چناب اور دریائے سندھ پر پانی روکنے کی محدود صلاحیت ہے، تاہم اگر بھارت ایسا کرنے کا سوچ رہا ہے تو اس کے لیے اسے نہ صرف وقت درکار ہوگا بلکہ غیر معمولی وسائل کی ضرورت بھی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھی اس معاملے کو مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے اور انڈس واٹر ٹریٹی کے تحت اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے ہر ممکن سفارتی، قانونی اور تکنیکی اقدامات اٹھا رہا ہے۔

    چیئرمین واپڈا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ان ارادوں کو شکست دینا ضروری ہے، کیونکہ یہ صرف پانی کا نہیں بلکہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کا مسئلہ ہے۔ ان کے بقول "ہماری پالیسی واضح ہے، پانی روکنے کو جارحیت سمجھا جائے گا اور ہم اس کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، چاہے وہ سفارتی ہو یا عسکری۔”

  • بھارت میں فوج اور مذہب کا خطرناک امتزاج ، خطے کے امن کے لیے خطرہ

    بھارت میں فوج اور مذہب کا خطرناک امتزاج ، خطے کے امن کے لیے خطرہ

    بھارت میں فوج اور مذہب کا خطرناک امتزاج ، خطے کے امن کے لیے خطرہ

    بھارتی آرمی چیف کی ہندو روحانی پیشوا "جگدگرو رام بھدرآچاریہ” سے ملاقات ہوئی ہے،بھارت کی فوجی قیادت کا مذہبی جھکاؤ، غیرجانبداری پر سوالات اٹھنے لگے،فوجی قیادت کا ہندوتوا سے جُڑاؤ، عسکری ادارے سمیت نام نہاد سیکولرزم بے نقاب ہو گیا،بھارت میں روحانی رہنما بھی اب جنگی سوچ اور جارحیت کی زبان بولنے لگے

    نام نہاد ہندو روحانی پیشوا نےانوکھا مطالبہ کیا کہ "آزاد کشمیر پر قبضہ کر کے بطور نذرانہ پیش کیا جائے”آزاد کشمیر کو "گرو دکشِنا "کہنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،آشرم میں آزاد کشمیر پر قبضے کی بات بھارت کی نظریاتی شدت پسندی کا منہ بولتا ثبوت ہے،اقلیتوں میں تشویش کی لہر ، جنرل کی ملاقات سے فرقہ واریت کا تاثر گہرا ہوا،بھارتی فوج کے سربراہ کا روحانی آشرم میں سیاسی ایجنڈے کو فروغ دینا ایک شرمناک ہتھکنڈا ہے ،بھارتی فوجی افسران مذہبی آڑ میں جارحانہ عزائم کو ہوا دینے میں مصروف ہیں ،پاکستان کے علاقوں پر قبضے کے خواب کو اب مذہبی نعروں میں چھپانے کی کوشش جاری ہے ،بھارت میں مذہب اور عسکریت کا امتزاج انتہا پسند بیانیے کو فروغ دے رہا ہے،مودی سرکار بھارتی جارحیت کا روحانی جواز تراش کر شدت پسندی کو بڑھاوا دینے میں مشغول ہے

  • پی ٹی وی کو مالی مشکلات کا سامنا، بجلی بلوں پر فیس سے تنخواہیں دی جانے لگیں

    پی ٹی وی کو مالی مشکلات کا سامنا، بجلی بلوں پر فیس سے تنخواہیں دی جانے لگیں

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے آج پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اپنے اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں بھارتی جارحیت کو پسپا کرنے میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ملک کی خودمختاری کے کامیاب دفاع کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

    کمیٹی نے اس تنازع کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔ کمیٹی نے حالیہ بحران کے دوران حقائق پر مبنی اور ذمہ دارانہ کوریج کرنے، دشمن کی طرف سے پھیلائے جانے والے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کے نجی اور سرکاری میڈیا کے موثر کردار کو بھی سراہا۔ کمیٹی نے امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور پیشہ ورانہ جواب دیا جائے گا۔

    کمیٹی کا اجلاس آج صبح پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایم این اے پلین بلوچ کی صدارت میں ہوا۔
    پی ٹی وی سے متعلق ایجنڈا پر بحث کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی نے پی ٹی وی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ عید سے قبل حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔ اسی طرح، کمیٹی نے پی بی سی اور ایس آر بی سی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ ملازمین کو ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی نے ایڈورٹائزنگ ریونیو کی مد میں بجٹ 2023-24 میں مقرر کردہ 6197/-ملین کے ہدف کے مقابلے میں 7503/- ملین کمائے اور رواں سال کے لیے مقرر کردہ ہدف حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور بجلی کے بل میں ٹی وی فیس کی مد میں جمع ہونے والے 10 ارب روپے کا بڑا حصہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جاتا ھے۔

    کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ پی ٹی وی اسکرینوں میں جدت اور نئے چہروں کے باعث پی ٹی وی کے ناظرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ پی ٹی وی کے پاس پینشن مینجمنٹ کا ایک مربوط نظام موجود ہے تاہم اس میں مزید بہتری کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ بات چیت کی جا رہی ہے۔ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ انتہای اہم بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور بین الاقوامی میڈیا کے حقوق کے حصول کے لیے فنڈز کی منتقلی کے باعث پی ٹی وی کو عارضی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ٹی وی انتظامیہ نے نان پرفارمنگ اور سیاسی طور پر تعینات ملازمین کی تفصیلات بھی کمیٹی کے سامنے پیش کیں جنہیں موجودہ تنظیم نو کے دوران ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا۔

    اسلام آباد کے سیکٹر F-14/F-15 اور بارہ کہو میں صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ دو ماہ میں درخواستوں کی جانچ پڑتال کو حتمی شکل دی جائے اور تمام متاثرہ افراد کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ کمیٹی کا موقف تھا کہ وزارت کی جانب سے اس غیر معمولی تاخیر کی وجہ سے صحافیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ کمیٹی نے پیمرا (ترمیمی) بل 2025 کے بارے میں ایم این اے مہتاب اکبر راشدی کی کنوینر شپ کے تحت مقرر کردہ ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر اپنے نقظہ نظر پیش کرے۔ کمیٹی کی کنوینر اور بل کی محرک نے کمیٹی کو زیر بحث رپورٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

    اجلاس میں بیرسٹر دانیال چوہدری، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور ممبران قومی اسمبلی ندیم عباس، کرن عمران ڈار، آسیہ ناز تنولی، کرن حیدر، صلاح الدین جونیجو، مہتاب اکبر راشدی، محترمہ سحر کامران، سید امین الحق، رعنا انصار، آصف خان، جناب وقاص اکرم، محمد معظم علی خان، مولانہ عبدالغفور حیدری نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزارت اطلاعات کی نمائندگی سیکرٹری اطلاعت، ڈائریکٹر جنرل (آئی پی)، ڈائریکٹر جنرل (پی بی سی) اور وزارت کے ماتحت محکموں کے دیگر افسران نے کی۔

  • پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،وزیراعظم

    پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلیشیئرز کے تحفظ کو پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی کا دارومدار گلیشیئرز پر ہے، ماحولیاتی تبدیلیو ں کے اثرات کے نتیجہ میں پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ کرے گا نہ ہی بھارت کو ریڈ لائن کراس کرنے دے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس (آئی جی سی پی 2025) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے گلیشیئرز کے تحفظ اور چیلنجز پر جامع گفتگو پر تاجک صدر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولورینجز کے بعد دنیا کا سب سے بڑا گلیشیئرز والا علاقہ ہے، پاکستان میں 13 ہزار گلیشیئرز ہیں، گلیشیئرز کا تحفظ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانی کا نصف حصہ گلیشیئرز سے حاصل ہوتا ہے، انڈس ریور سسٹم ہماری لائف لائن ہے اور ہماری تہذیب، ثقافت اور معیشت کا اس پر دارومدار ہے، پاکستان کے 5 بڑے دریاؤں کا پانی گلیشیئرز کا مرہون منت ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے نتیجے میں پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں،ب2022ء میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سامنا کرنا پڑا، ملک بھر میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ، ہزاروں گھر ملیا میٹ ہوطگئے اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا فضا میں زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ نصف فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان دنیا کے ان 10 ملکوں میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایکو سسٹم بھی متاثر ہو رہا ہے، ترقی یافتہ ملک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں،اس سلسلے میں فوری اورعملی اقدامات ناگزیر ہیں ،ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیرملکوں میں ارلی وارننگ سسٹم اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ میں سرمایہ کاری بڑھائیں کیونکہ مستقبل میں بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑی تباہی کا خطرہ موجود ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے اور اپنے وعدوں پر فوری عملدرآمد کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پانی کوہتھیار کے طور پر بھی استعمال کیا جارہا ہے۔بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو اپنے تنگ نظر سیاسی مفادات کے لئے یک طرفہ طور پر معطل کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اوربھارت کو ریڈ لائن کراس نہیں کرنے دیگا۔وزیراعظم نے کہا کہ گلیشیئرز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔

  • نیب کابحریہ ٹاؤن کی 6 جائیدادیں نیلام کرنے کا اعلان

    نیب کابحریہ ٹاؤن کی 6 جائیدادیں نیلام کرنے کا اعلان

    نیب نے بحریہ ٹاؤن کے بانی اور چیئرمین ملک ریاض کی 6 جائیدادیں 12 جون کو نیلام کرنے کا اعلان کر دیا، بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس، روبائش مارکی، سفاری کلب، ارینا سینما کو نیلام کیا جائے گا

    نیب کے مطابق یہ نیلامی 12 جون کو نیب راولپنڈی کے دفتر میں منعقد کی جائے گی۔ یہ کارروائی اس پلی بارگین (معافی معاہدے) کی رقم کی وصولی کے لیے کی جا رہی ہے جو تاحال ادا نہیں کی گئی،نیلامی کے لیے رکھی گئی جائیدادوں میں پانچ راولپنڈی اور ایک اسلام آباد میں واقع ہیں۔ ان میں بحریہ ٹاؤن کے دو کارپوریٹ دفاتر شامل ہیں، ایک پارک روڈ، فیز 11، پارٹ نمبر 7E، راولپنڈی پر واقع ہے اور دوسرا پلاٹ نمبر 70، پارک روڈ، فیز 1، راولپنڈی میں واقع ہے،دیگر جائیدادوں میں بحریہ ٹاؤن فیز 4، راولپنڈی کے پلاٹ نمبر A-984 پر واقع ارینا سنیما، اور سفاری ولاز II، راولپنڈی کے جیسمین اور سلور آکس روڈ پر واقع بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل اکیڈمی (اسکول عمارت) شامل ہیں،اس کے علاوہ، نیب سفاری ولاز-I، راولپنڈی کے پلاٹ نمبر 27 پر واقع سفاری کلب اور بحریہ گارڈن سٹی گالف کورس، اسلام آباد کے ساتھ واقعہ پلاٹس کے بلاکس بھی نیلام کرے گا۔

  • خانیوال،ریلوے اسٹیشن پر پل گرنے سے ایک ملازم کی موت،مسافر زخمی

    خانیوال،ریلوے اسٹیشن پر پل گرنے سے ایک ملازم کی موت،مسافر زخمی

    خانیوال ریلوے اسٹیشن پر آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسافر پُل کا ایک حصہ اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق جبکہ ایک خاتون مسافر زخمی ہو گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق حادثہ صبح کے وقت اس وقت پیش آیا جب متعدد مسافر پُل پر سے گزر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک زوردار آواز کے ساتھ پُل کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا، جس سے نیچے موجود ریلوے ملازم ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ قریب سے گزرنے والی ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    ریلوے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حادثے میں ایک ریلوے ملازم کی جان گئی ہے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی گئیں اور ملبہ ہٹا کر متاثرہ مقام کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد پل کی مرمت اور ازسرِ نو تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے باوجود ریلوے ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے اور ٹرینوں کی آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پل کی حالت پہلے ہی سے خستہ حال تھی اور اس پر مرمت کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ غفلت یا لاپروائی کے پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

  • مساجد میں سولر سکیم،خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن

    مساجد میں سولر سکیم،خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن

    تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے مساجد سولر اسکیم میں مبینہ بےضابطگیوں سے متعلق اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بابر سلیم سواتی کو خط بھجوایا ہے

    عاطف خان نے چیئرمین پی اے سی کو لکھے گئے خط میں الزام لگایا ہے کہ ٹی ایم اے مردان کے تحت مساجد کی سولر اسکیموں میں بےضابطگیاں اور عوامی فنڈز کا غلط استعمال ہوا ہے،چیئرمین پی اے سی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکیداروں کو پیشگی ادائیگیاں کی گئیں لیکن عملی طور پر کام نہ ہونے کے برابر ہے، ناقص اور غیر معیاری کام عوامی اعتماد کی خلاف ورزی ہے، چیف سیکرٹری کو متعدد خطوط کے باوجود کارروائی نہیں ہوئی، معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، اسکیموں کا مکمل مالی آڈٹ، فزیکل کام اور معیار کی جانچ پڑتال کی جائے، ذمہ دار افسران کی نشاندہی اور سخت محکمانہ کارروائی کی جائے، عوامی فنڈز کے غلط استعمال پر خاموشی ناقابل قبول ہے، عوام جواب چاہتے ہیں، خاموشی مزید بداعتمادی کو جنم دے گی۔