Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • خضدار بس حملے میں زخمی ایک اور طالب علم شہید

    خضدار بس حملے میں زخمی ایک اور طالب علم شہید

    خضدار میں سکول بس پر بھارتی سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ،خضدار حملے میں شہید ہونے والے طلباء و طالبات کی تعداد 5 ہو گئی،

    خضدار بس دہشتگردانہ حملے میں حیدر شہید شدید زخمی ہوا جو جانبر نہ ہوسکا،حملے میں شہید ہونے والوں میں 4 طالبات اور 1 طالب علم شامل ہیں،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ذلت آمیز شکست اور ہزیمت کے بعد بھارت بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے ،بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کے لیے ہندوستان اپنی پراکسیوں کا استعمال کر رہا ہے ،ان معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور انکے ہندوستانی آقاؤں سے لیا جائے گا،

    علاوہ ازیں خضداربم دھماکے میں شہید 2بہنوں کو نمازجنازہ کے بعد سپردخاک کردیا گیا ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف نے خضداربم دھماکے میں شہید 2بہنوں کی نمازجنازہ میں شرکت کی،دوسری جانب بس پر دہشتگرد حملے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

  • آئی ایم ایف پروگرام  پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا،صدر مملکت

    آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا،صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے جہاد اظہور کی قیادت میں عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے

    ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اعلیٰ حکام نے شرکت کی، ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام سے ملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا، آئی ایم ایف ترقی پزید ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے ، صدر مملکت نے پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہا

    وفد نےپاکستان میں معاشی اصلاحات اور عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام پر اظہارِ اطمینان کیا اور کہا کہ پاکستان کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے ، آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں افراطِ زر، زرمبادلہ کے ذخائر اور مالیاتی خسارہ میں استحکام لانے میں مدد ملی، صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر عالمی مالیاتی ادارے کا شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے معیشت کی بہتری کیلئے وزارتِ خزانہ اور اسکی ٹیم کے اقدامات کو سراہا

  • بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی جوہری تحفظ سے متعلق جائز خدشات کو جنم دیتی ہے،پاکستان

    بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی جوہری تحفظ سے متعلق جائز خدشات کو جنم دیتی ہے،پاکستان

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان کو اپنے جوہری تحفظاتی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی پر مکمل اعتماد ہے۔

    سابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے بیان پر دفترخارجہ کا ردعمل سامنے آیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے جوہری تحفظاتی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی پر مکمل اعتماد ہے، یہ امر قابل افسوس ہے کہ جان بولٹن کا بیان راج ناتھ سنگھ کے بیان کے بعد سامنے آیا، راج ناتھ سنگھ ایک ہندو انتہاپسند تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں، راج ناتھ سنگھ پاکستان کے خلاف بار بارجارحیت کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں، بھارت کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول راج ناتھ سنگھ جیسے افرادکے ہاتھ میں ہے، درحقیقت عالمی برادری کو زیادہ تشویش اس پر ہونی چاہیے، راج ناتھ سنگھ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف شدید تعصب رکھتے ہیں، وہ خود کو حد سے بڑھا کر دیکھنے کے فریب میں مبتلا ہیں، بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی جوہری تحفظ سے متعلق جائز خدشات کو جنم دیتی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں جوہری بلیک مارکیٹ کے تسلسل نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے، بھارت میں حساس جوہری مواد کی چوری اور اسمگلنگ کے واقعات اس کی واضح مثال ہیں۔

  • بیرسٹر سیف کی عمران خان سے جیل میں ملاقات

    بیرسٹر سیف کی عمران خان سے جیل میں ملاقات

    خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے رات گئے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان ممکنہ مذاکرات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    نجی ٹی وی کے مطابق بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مختلف سطح پر ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سیف کو ہدایت کی کہ وہ ان کا مؤقف متعلقہ فورمز تک پہنچائیں، ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

    جب اس معاملے پر بیرسٹر سیف سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کسی بھی تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ "میں اس معاملے پر کوئی مؤقف نہیں دینا چاہتا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی عمران خان سے ملاقات کی تھی، عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا عمران خان سے ہمارے لوگو ں کی ملاقات نہ کروائی گئی تو آئی ایم ایف شرائط پر ساتھ نہیں دیں گے،پوری قوم کو بانی کا پیغام پہنچانا چاہتا ہوں،بانی کی جنگ قوم کی حقیقی جمہوریت اور ازادی کی جنگ ہے،بانی ڈٹے ہوئے ہیں وہ اپنی ذات کے لیے نہیں پاکستان کے لیے بات کررہے ہیں،مجھے ڈیوٹی ملی تھی کہ حکومت کو سنبھالوں لیکن اب احتجاج کے لیے بھی متحرک ہوجائیں گے،ہماری احتجاجی تحریک بھرپور ہوگی،قانون کی بالادستی اس ملک میں ہونی چاہئیے،مینڈیٹ چوری زیادتی ہے، مینڈیٹ واپس کیا جائے،انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، ہمارے لیڈر اور کارکن جیلوں میں ہیں،عدلیہ ہمیں تحفظ دے ہم ان کے ساتھ ہیں،جن کے پاس فارم 45 نہیں ہیں، ان کو سیٹوں سے ہٹائیں،بانی میرا لیڈر ہے، دو مہینوں کے بعد ملاقات کی اجازت ملی،لیڈر مجھے وژن دے گا تو میں آگے بڑھوں گا،سارا نظام بانی کو تحریک انصاف کو ختم نہیں کرسکا ،بانی جو بات کرتے ہیں اس کے بعد ہماری رائے کی کوئی حیثیت نہیں ہے،ہمارا ورکر ہمارے لیے بہت قیمتی ہے، انسان کوشش کرسکتا ہے، جو ذمہ داری دی ہے پوری کوشش کرکے تمام کامیاب ہوئے،ہماری تحریک جاری ہے، یہ قبضہ چھڑوانے کی تحریک ہے،ہماری آواز مثبت آواز ہے، حقیقت کو تسلیم کریں،بانی کو رہا کیا جائے، عدلیہ فیصلہ کرے ہم ان کے ساتھ ہیں،میں ڈرون حملوں کی مذمت کرچکا ہوں، دہشتگردوں کے ساتھ سویلینز کا نقصان نااہلی ہے،میں قتل کا الزام نہیں لگاتا، پہلے بھی ڈرونز کے ساتھ حملے ہوئے،ہمارا بجٹ بہت شاندار ہوگا، جب ہماری حکومت آئی 18 دنوں کے پیسے نہیں تھے،کے پی بجٹ کے معاملے پر فنانس کے 5 بندوں کی بانی سے ملاقات انتہائی ضروری ہے،اب ہمارے صوبے کی معیشت سرپلس ہے،لوگوں کو ریلیف دیا ہے، 36 ارب کا صحت کارڈ دیا ہے،لیور ٹرانسپلانٹ، بون میرو ٹرانسپلانٹ ہے، ڈھائی لاکھ لوگوں کو سولر سسٹم دے رہے ہیں،ہمارا صوبہ واحد صوبہ ہے جس نے سارے ٹارگٹ پورے کیے،اگر ہمارے ساتھ یہ رویہ رہا تو ہم آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں نہیں بیٹھیں گے، اب 40 ارب روپے کا کرپشن اسکینڈل آیا ہے،یہ ایسے دکھایا جارہا ہے جیسے میں نے کیا ہو، یہ سوال محمود خان اور اس وقت کے فنانس منسٹر سے کریں،ہم نے 20 ارب ریکور کرلیا ہے، دعا کرتا ہوں 400 ارب کی کرپشن ہوئی ہو سب ریکور کریں گے اور صوبے کے خزانے میں آئیں گے .

  • پاک بھارت کشیدگی، بھارتی سفارت کاری مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی : عالمی ذرائع ابلاغ

    پاک بھارت کشیدگی، بھارتی سفارت کاری مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی : عالمی ذرائع ابلاغ

    بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی سفارت کاری مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی پرامن اور فعال سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔

    خبررساں ادارے کے مطابق بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ مودی حکومت کی ملٹی الائنس پالیسی غیر موثر ہو کر رہ گئی ہے اور کسی بڑے ملک نے بھارت کی کھل کر حمایت نہیں کی جبکہ چین، ترکی، ایران، سعودی عرب جیسے اہم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔چین نے پاکستان کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور ترکی نے پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر سراہا۔ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے بیک وقت پاکستان کا دورہ کر کے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کو ترجیح دی جا رہی ہے۔امریکی کردار نے بھارت کو شدید دھچکا پہنچایا۔ واشنگٹن سے جاری ہونے والے جنگ بندی کے اعلان سے بھارت لاعلم رہا اور امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں دہشتگردی کا ذکر تک نہیں کیا جو مودی حکومت کے بیانیے کے لیے ایک سفارتی جھٹکا تھا۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عالمی میڈیا میں پاکستان کا بیانیہ غالب رہا اور بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک جیسے دعوے دنیا نے مسترد کر دیے۔ اس کے برعکس پاکستان نے شواہد کے ساتھ دنیا کو قائل کیا اور امریکہ کی ثالثی کو بھی مثبت انداز میں قبول کیا۔

    دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت نہ صرف جنگی میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی تنہا ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی برادری نے کشیدگی کم کرنے کو ترجیح دی اور اندرونی معاملہ کہنے کی بھارتی حکمت عملی کو نظرانداز کر دیا۔

  • امریکی کورئیر کمپنی کا طیارہ  حادثے سے بال بال بچ گیا

    امریکی کورئیر کمپنی کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    نیو یارک: امریکا کے نیو یارک ایئرپورٹ کے قریب ایک معروف کوریئر کمپنی کے بوئنگ 767 طیارے کو ایک انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جہاں دونوں انجنوں سے پرندے ٹکرانے کے باوجود طیارہ محفوظ طریقے سے ہنگامی لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرواز کے دوران جہاز کے فرسٹ آفیسر نے تقریباً 500 فٹ کی بلندی پر تین سفید پرندے دیکھے، جن کے ٹکرانے کی اطلاع فوراً کپتان کو دی گئی۔ اچانک کپتان نے دھماکے کی آواز سنی اور جہاز میں جھٹکے محسوس کیے۔ اس دوران جہاز کے نظام میں آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہوگیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول نے بھی دائیں انجن میں آگ بھڑکتی ہوئی دیکھی۔پائلٹس نے فوری طور پر دونوں انجن بند کرکے دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی اور تجربے کے ساتھ جہاز کو قابو میں رکھتے ہوئے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی۔ جہاز میں موجود دونوں پائلٹس اور ایک مسافر محفوظ رہے اور کسی کو بھی چوٹ نہیں آئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ انجنوں میں پرندے پھنس جانے کی وجہ سے دائیں انجن میں آگ لگ گئی تھی، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

    نیویارک ایئرپورٹ پر سال 2024 میں فضا میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے 137 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جو ایوی ایشن سیکورٹی کے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ پائلٹس کی غیر معمولی مہارت اور فوری ایکشن کی وجہ سے جان لیوا حادثے سے بچا، اور ایوی ایشن سیکیورٹی حکام کو پرندوں سے متعلق حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت کی طرف متوجہ کیا ہے۔

  • کانگریس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کر لی

    کانگریس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کر لی

    معرکہ بنیان مرصوص، کانگریس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کر لی

    آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی افواج کی تاریخی شکست پر بھارتی سیاست میں بھونچال آ چکا ہے،بھارت کی ذلت آمیز شکست پر کانگرس ایم ایل اے وجے واڈیٹیوار نے مودی اور بھارتی فوج پر تابڑ توڑ حملے کر دیے ،مہنگی دفاعی خریداری اور بوسیدہ حکمت عملی پر کانگرس نےمودی سرکار پر زوردار وارکیا ہے،کانگرس ایم ایل اے وجے واڈیٹیوار نے مودی کی جنگی سوچ کو ناکام قرار دے دیا اور کہا کہ پاکستان نے سستے ڈرونز بھارت بھیجے، بھارت نے اربوں جھونک دیے،چین نے پاکستان کو 5 ہزار ڈرونز دے کر بھارت کی کمزوری بے نقاب کر دی، مودی سرکار اربوں جھونکتی رہی، مودی سرکار نے 15 ہزار کے ڈرون گرانے کے لیے 15 لاکھ کا میزائل فائر کیا، مودی سرکار کی جنگی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام، 5 ہزار سستے پاکستانی ڈرونز کے سامنے بھارتی دفاع بےبس تھا،پاکستان نے کم لاگت میں حملہ کیا، بھارت نے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بےدریغ ضائع کیا، پاکستان نے بھارت کے تین سے چار رافیل طیارے تباہ کر دیے، مگر مودی سرکار کی مجرمانہ خاموشی بدستور برقرارہے ،کانگرس رہنما وجے واڈیٹیوار نے مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ رافیل سودے پر نعرے تھے، اب نقصان چھپایا کیوں جا رہا ہے؟

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی کی خود پسندی نے قومی سلامتی داؤ پر لگا دی، صرف مہنگے ہتھیار کافی نہیں، بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،

  • میانوالی، سی ٹی ڈی مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

    میانوالی، سی ٹی ڈی مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

    میانوالی بڑی تباہی سے بچ گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پنجاب کے ضلع میانوالی میں رحمانی خیل موڑ کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

    ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے، رائفلیں، تین دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کا فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے، رحمانی خیل موڑ کے قریب ناکہ بندی کر لی گئی ہے،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، دہشت گرد پولیس چوکیوں پر بڑے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔

  • ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلباکے داخلے پر لگائی پابندی

    ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلباکے داخلے پر لگائی پابندی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایک بڑا اور متنازع قدم اٹھاتے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی کو غیرملکی طلبا کو داخلہ دینے سے روک دیا ہے، جس نے نہ صرف تعلیمی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خدشات کو جنم دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، جمعرات کے روز امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے ہارورڈ یونیورسٹی کو باقاعدہ ایک مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا کہ اس کی "اسٹوڈنٹ اینڈ وزیٹر ایکسچینج پروگرام (SEVP)” کی سرٹیفیکیشن منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے تحت یونیورسٹی اب نئے غیرملکی طلبا کو داخلہ نہیں دے سکے گی، جب کہ موجودہ زیرتعلیم غیرملکی طلبا کو دیگر اداروں میں منتقل ہونا ہوگا۔خط میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی سربراہ کرسٹی نوم نے واضح کیا کہ یہ اقدام یونیورسٹی میں جاری تحقیقات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے، جو مبینہ طور پر داخلی سیکورٹی سے جڑے معاملات پر مبنی ہے۔ تاہم اس کی تفصیلات فی الحال منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔

    ہارورڈ یونیورسٹی نے اس فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے "غیرقانونی، غیر آئینی اور تعلیمی خودمختاری پر حملہ” قرار دیا ہے۔ یونیورسٹی کے صدر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام صرف ہارورڈ ہی نہیں بلکہ پورے امریکی تعلیمی نظام اور ملک کی ساکھ کے لیے "سنگین نقصان” کا باعث بنے گا۔ہارورڈ نے مزید کہا کہ وہ اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے پر غور کر رہی ہے، اور اپنے غیرملکی طلبا کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی چارہ جوئی کرے گی۔

    یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور ہارورڈ یونیورسٹی کے درمیان پہلے ہی شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس سے قبل، مارچ میں ٹرمپ حکومت نے ہارورڈ کی جانب سے مبینہ "یہود مخالف رویوں” پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے اربوں ڈالر کی وفاقی امداد روک دی تھی۔محکمہ تعلیم کے مطابق، حکومت 256 ملین ڈالرز کے موجودہ معاہدوں اور 8.7 ارب ڈالرز کی آئندہ گرانٹس کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے۔

  • بنوں میں‌پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار زخمی

    بنوں میں‌پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار زخمی

    خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ شب دہشتگردوں کی جانب سے پولیس چوکی فتح خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا، تاہم وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ رات گئے پیش آیا جب دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی۔ پولیس کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث ایک بڑے نقصان سے بچا گیا، اور حملہ آور فرار ہوگئے۔حملے کے بعد موقع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ آر پی او سجاد خان، ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی اور ایس پی سی ٹی ڈی آپریشنز کی قیادت کے لیے خود جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ پولیس افسران نے اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا اور علاقے کی مکمل نگرانی کا حکم دیا۔پولیس کے مطابق، حملے میں ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی مشتبہ فرد کی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی۔