Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • خضدار بس حملہ،شدید زخمی ایک اور طالبہ شہید

    خضدار بس حملہ،شدید زخمی ایک اور طالبہ شہید

    بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں ایک اور زخمی طالبہ چل بسی، جس کے بعد شہید طالبات کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق، 12 سالہ طالبہ کو شدید زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔گزشتہ روز خضدار کے علاقے میں اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا ،آج دم توڑنے والی طالبہ کی شناخت سحر سلیم کے نام سے ہوئی ہے جو آٹھویں جماعت کی طالبہ تھیں۔ ان کے ساتھ ساتھ تین اور طالبات اس بزدلانہ حملے میں شہید ہو چکی ہیں، یوں شہید ہونے والی طالبات کی مجموعی تعداد چار ہو چکی ہے۔

    سیکیورٹی اداروں کے مطابق یہ حملہ بھارتی ایجنسیوں کی منصوبہ بندی کا شاخسانہ ہے، جسے بلوچستان میں موجود بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد گروہوں نے عملی جامہ پہنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانے کے لیے پراکسی نیٹ ورکس کا استعمال کر رہا ہے، تاکہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کیا جا سکے۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ میدانِ جنگ میں مسلسل شکستوں کے بعد بھارت اب کمزور اور معصوم اہداف کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

    واقعے کے بعد پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ پاکستانی قوم شہید بچیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوال کر رہی ہے کہ آخر کب تک معصوم جانیں دہشت گردی کی بھینٹ چڑھتی رہیں گی؟قوم مطالبہ کر رہی ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور ان دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے جو معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

  • فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردشہر قائد سے گرفتار

    فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردشہر قائد سے گرفتار

    سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیاہے

    ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے3 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے،ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج کمانڈر رومان رئیس اور اسلام دین گروپ سے ہے، ملزمان عسکری تربیت یافتہ ہیں، ملزمان کو فتنہ الخوارج کے کمانڈر نے بھتا وصولی، ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے لیےکراچی بھیجا تھا، ملزم نعمت اللہ نے اعتراف کیا ہےکہ وہ فتنہ الخوارج کا انتہائی سرگرم رکن ہے، ملزم 2018 میں فتنہ الخوارج مفتی نور ولی گروپ میں شامل ہوا، ملزم نے افغانستان سے عسکری تربیت حاصل کی اور خیبر پختونخوا میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہا، 2019 میں دہشت گردی کی کارروائی کے دوران گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے۔

    گرفتار ملزم نور محمد 2022 میں فتنہ الخوارج اسلام الدین کے گروپ میں شامل ہوا، ملزم نور محمد بھتا وصولی، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے لیے منصوبہ بندی کر رہا تھا جبکہ ملزم نور محمد نے اکثر اہم مقامات کی ریکی بھی کر رکھی تھی۔

  • ہمیں دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، فوج کی تنخواہوں کو دوگنا کرنا پڑے گا،  فیصل واوڈا

    ہمیں دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، فوج کی تنخواہوں کو دوگنا کرنا پڑے گا، فیصل واوڈا

    جمعرات کو جاری سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے ملک کی سلامتی اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کیلئے دفاعی بجٹ میں دو سے تین گنا اضافے کی پرزور تجویز دی ہے۔
    نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار کا واقعہ ناقابل برداشت ہے،بھارت کی پراکسیز باز آجائیں،مستقبل کے لیے ایک کمیٹی ہو جو لائحہ عمل طے کرے،نیشنل ایکشن پلان کے کچھ حصوں پر عملدرآمد رہ گیا ہے،ہم نے بارڈرز کھول کر 35 سے 40 ہزار لوگوں کو آنے دیا، جس وجہ سے آج کی صورتحال کا سامنا ہے، اس فتنہ کو ختم کرنا ہوگا، جو خطے کے لیے ناگزیر ہے،

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر دفاعی بجٹ کو بڑھانا پڑے گا، ہمیں ترقیاتی منصوبوں کی بجائے اب دفاع پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی، افواج پاکستان کی تنخواہوں کو دوگنا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور بھارت کے مقابلے کے لیے حکمت عملی پر بھی سنجیدہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ بھارت سے جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی ہمیں ترقی کے بارے میں سوچنا چاہیے، ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور قوم متحد ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ بجٹ کو کیسے دو یا تین گنا کیا جائے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے بھارتی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پاک افواج نے حالیہ معرکہ میں دشمن کے 285 اہلکاروں کو ہلاک کیا۔ پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی واضح ہدایت تھی کہ کسی سویلین کو نقصان نہ پہنچے، بھارت پاکستان کو کمزور سمجھ بیٹھا تھا، لیکن ہماری افواج نے جرات مندانہ جواب دے کر دشمن کو اس کی اوقات یاد دلا دی۔ ہم ہندوستان کے سامنے اپنی طاقت واضح کرچکے ہیں۔حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔ یہ سب کچھ اپوزیشن کو ساتھ ملائے بغیر ممکن نہیں ہوگا،بھارت کی فوج کی تعداد ہم سے زیادہ ہے، لیکن ہم نے ابھی تک اپنا بھرپور دفاع کیا ہے اور ہماری قوم اور فوج ہر سطح پر تیار ہے۔

    اجلاس کے دوران سینیٹ نے سینیٹر آغا شاہزیب درانی کی تحریک کو متفقہ طور پر منظور کر لیا جس کے تحت سانحہ خضدار پر بحث کے لیے وقفہ سوالات معطل کر دیا گیا.اس موقع پر سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے جذباتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی شہادت کا دلخراش واقعہ ہوا ہے اور ہمیں اس پر آواز اٹھانے دی جائے۔ انہوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی کی شدت پسند سوچ کو پاکستان پر حملوں کا ذمہ دار قرار دیا۔انوار الحق کاکڑ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تقریر ختم کرنے کی ہدایت پر برہم دکھائی دیے اور کہا، اگر یہاں بات نہیں کرنی تو پھر ٹک ٹاک یا یوٹیوب بنانا شروع کر دوں؟

  • بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی پر گرپتونت سنگھ پنوں کا بڑا بیان

    بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی پر گرپتونت سنگھ پنوں کا بڑا بیان

    معرکہ بنیان المرصوص، بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی پر گرپتونت سنگھ پنوں کا بڑا بیان سامنے آیا ہے

    بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی پر سکھ فار جسٹس کےسربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے بلوچستان میں دہشتگردی کی اور معصوم بچوں کی جان لی،شواہد سے واضح ہےکہ دہشتگردی کا واقعہ بھارتی پراکسیز نےمودی سرکار کے کہنے پر کیا،پوری سکھ کمیونٹی شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، معصوم بچیوں کے خون کے پیچھے مودی کا ہاتھ ہے،جو خون بلوچستان میں بہایا گیا اس کا حساب لینا چاہیے، ایودھیا اور ناگپور اب نشانے پر ہونا چاہیے،پاکستان کی عوام پر بچیوں پر حملہ ہوا، عوام جواب مانگ رہے ہیں اس خون کا حساب کون لے گا سکھ فار جسٹس اعلان کر چکا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستان کو دنیا کے نقشے سے مٹانا ہو گا،

  • فتنۃ الخوارج کی نام نہاد شریعت کا پول کھل گیا

    فتنۃ الخوارج کی نام نہاد شریعت کا پول کھل گیا

    فتنۃ الخوارج کی نام نہاد شریعت کا پول کھل گیا

    اسلام کا لبادہ اوڑھے شر انگیز فتنۃ الخوارج نے اپنا اصلی مکروہ چہرہ سب پر عیاں کر دیا،بھارتی آقاؤں کی مکمل مالی امداد اور سہولت کاری کے باوجود فتنتہ الخوراج مکمل طور پر ناکام ہو گئے،نام نہاد شریعت کے علمبردار فتنۃ الخوارج نے پاکستانی عوام کے مال پر نظریں گاڑھ لیں،فتنتہ الخوراج کے دہشتگردوں نے کھلے عام بھتہ خوری کو نیا لائحہ عمل بنا لیا،معصوم پاکستانیوں کو شہید کرنے والے فتنۃ الخوارج اب مالی استحصال کے ذریعے عوام کو لوٹنے پر تُل گئے، پاکستان میں خونریزی کیلئے پاکستانی عوام سے ہی بھتہ طلب کرنا شروع کر دیا، فتنۃ الخوارج نے کان کنی کے کاروبار پر 5 فیصد بھتہ عائد کردیا، کان کنی اور معدنیات کے شعبے سے وابستہ ٹھیکیداروں کو فتنۃ الخوارج کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں

    فتنتہ الخوارج نے خط میں کانکنی کے ٹھیکے داروں کو دھمکاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کان کنی اور معدنیات کے کاروبار سے منسلک افراد کو 5 فیصد بھتہ دینا ہوگا،معدنیات کی ترسیل کے فی ٹرک پر 5 ہزار روپے جمع کرانے ہوں گے،اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو نقصان کے ذمہ دار وہ افراد خود ہوں گے

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج نے عوامی ردعمل کے بعد کھل کر مجرمانہ روپ اپنا لیا ہے،فتنۃ الخوارج نے بھارتی آقاؤں کی ہدایت پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کے خلاف جرائم کا بازار گرم کر رکھا ہے، جب شریعت کے دعوے عوام میں مسترد ہوئے تو فتنۃ الخوارج نے بندوق، بھتہ اور دھمکیوں کو اپنا ہتھیار بنا لیا،فتنۃ الخوارج اب ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کی شکل اختیار کر چکے ہیں، جو اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں،

  • فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ وار  بلوچستان میں معصوم شہریوں کی شہادتوں کا موجب

    فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ وار بلوچستان میں معصوم شہریوں کی شہادتوں کا موجب

    فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ وار بلوچستان میں معصوم شہریوں کی شہادتوں کا موجب بن رہے ہیں

    بھارت میدان جنگ میں تو شکست کھا چکا ہے مگر اب بلوچستان میں موجود اپنی پراکسیز کے ذریعے معصوم شہریوں پر حملے کروا کر پاکستان میں خوف کی فضا قائم کرنا چاہتا ہے۔خون کے چھینٹے، روتے ہوئے ماں باپ،خضدار میں سکول بس کا نشانہ بنایا گیا،یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ فتنۃ الہندوستان کا بزدلانہ عکاس ایک منظم دہشت گرد حملہ ہے، دہلی کی خفیہ ایجنسی نے انہیں بلوچستان میں سرگرم کر رکھا ہے، جنگ میں ناکامی، کشمیر میں مذاحمت کے بعد یہ حملہ بھارت میں پلان کیا گیا، آپریشن سندور کی ناکامی بھارت کو ہضم نہ ہوئی اسی لئے بھارت اس طرح کے حملے کروا کر اپنی خفت مٹا رہا ہے یہ ایک حملہ نہیں پوری نسل کے مستقبل پر وار ہے،

    بھارت کی جانب سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیاں بڑھا دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے بلوچستان کے معصوم شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے اس فتنہ انگیزی کا مقصد پاکستان میں بدامنی اور خوف کی فضا قائم کرنا ہے، تاکہ سیاسی اور معاشی استحکام کو متاثر کیا جا سکے۔یہ بھی واضح ہے کہ بھارت میدان جنگ میں پاکستان کے خلاف براہ راست شکست کا سامنا کر چکا ہے، مگر اب وہ اپنی پراکسیز کو استعمال کرتے ہوئے بلوچستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہا ہے۔ ان حملوں میں شہریوں کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز بھی ہدف بن رہی ہیں، جس کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔

    پاکستان نے اپنے دفاعی اداروں کو مزید چوکس کر دیا ہے ، پاکستان کے عوام نے بھی اس فتنہ انگیزی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ان بزدلانہ حملوں کو ہر سطح پر مسترد کیا ہے۔بلوچستان کے عوام نے گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی اور بیرونی مداخلت کا سامنا کیا ہے، لیکن اب وہ مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔بلوچستان کے محب وطن عوام حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ان بزدلانہ حملوں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ مزید معصوم جانیں ضائع نہ ہوں۔

    پاکستان کی سکیورٹی فورسز، بلوچستان میں بھارت کی پراکسیز کے خلاف جنگ میں مزید عزم کے ساتھ میدان میں ہیں۔ ان حملوں کے باوجود بلوچستان کے عوام کی حوصلہ افزائی اور قومی یکجہتی میں اضافہ ہوا ہے، اور پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر پاکستانی تیار ہے۔

  • انڈیگو کی سرینگر جانے والی پرواز  کو طوفان کی وجہ سے حادثہ

    انڈیگو کی سرینگر جانے والی پرواز کو طوفان کی وجہ سے حادثہ

    دہلی سے سری نگر جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E2142، جس میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے، بدھ کے روز ایک غیر متوقع ژالہ باری کی وجہ سے شدید ارتعاش کا شکار ہو گئی۔ اس دوران جہاز کے ناک کے ایک حصے کو نقصان پہنچا۔

    ایک وائرل ویڈیو میں انڈیگو کی پرواز 6E2142 کے اندر موجود مسافروں اور بچوں کی چیخیں اور آہیں سنی جا سکتی ہیں، جب طیارہ طوفان کے دوران شدید طور پر ہل رہا تھا۔ ویڈیو میں آسمانی بجلی کے جھرمٹ بھی دکھائی دے رہے تھے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، ہوا میں طوفانی حالات کی وجہ سے پائلٹ کو سری نگر میں ایئر ٹریفک کنٹرول کو "ہنگامی صورتحال” کی اطلاع دینی پڑی۔ اس کے بعد پرواز، جس میں 227 مسافر سوار تھے، 6:30 شام پر کامیابی کے ساتھ سری نگر ائیرپورٹ پر اتری۔

    انڈیگو ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا”انڈیگو کی پرواز 6E 2142، جو دہلی سے سری نگر جا رہی تھی، راستے میں اچانک ژالہ باری کا سامنا کر گئی۔ طیارہ اور کیبن کریو نے معمول کے پروٹوکول کے مطابق عمل کیا اور طیارہ بحفاظت سری نگر پہنچا۔”ایئر لائن نے مزید کہا: "ائیرپورٹ کی ٹیم نے مسافروں کی صحت و آرام کو ترجیح دیتے ہوئے ان کی مدد کی۔ طیارہ ضروری معائنے اور مرمت کے بعد واپس آپریشن کے لیے تیار ہو گا۔”ویڈیو کے ذریعے سامنے آنے والی ایک تصویر میں، طیارے کے ناک کا ایک حصہ ٹوٹا ہوا نظر آ رہا تھا،

    بدھ کی شام دہلی اور نیشنل کیپٹل ریجن (NCR) میں شدید ژالہ باری، بارش اور تیز ہواں کے ساتھ 79 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، جس سے کئی درخت گر گئے، سڑکوں پر پانی بھر گیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق، شام 5:30 بجے سے 8:30 بجے تک سفدر جنگ ایریا میں 12.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔دہلی ایئرپورٹ پر پروازوں کی کارروائی متاثر ہوئی، جب کہ میٹرو کی پیلے لائن پر مسافر کئی گھنٹوں تک پھنسے رہے۔ ایئر لائنز نے موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر جاری کیں، اور کہا کہ موسم میں تبدیلی پروازوں کی آپریشن پر اثر ڈال سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہریانہ اور اس کے قریبی علاقے میں ایک سائیکلونک سرکولیشن اور پنجاب سے بنگلہ دیش تک پھیلنے والی ایک مشرق مغرب کی نالی موسمی حالات پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، بحر عرب اور بنگال کی خلیج سے نمی اس نظام میں شامل ہو رہی ہے۔یہ موسم کی تبدیلی چند گھنٹے بعد سامنے آئی جب دہلی میں شدید گرمی اور نمی کی شدت کی وجہ سے "محسوس ہونے والی” درجہ حرارت 50.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گئی تھی، جو انتہائی دھوپ اور نمی کے مرکب کی وجہ سے تھا۔بدھ کے روز دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سیلسیس تک پہنچا، جو معمول سے 0.5 ڈگری زیادہ تھا، جب کہ نمی کی سطح 64 سے 34 فیصد کے درمیان تبدیل ہو رہی تھی۔

  • واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ، اسرائیلی سفارتخانے کے دواہلکار ہلاک

    واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ، اسرائیلی سفارتخانے کے دواہلکار ہلاک

    واشنگٹن میں واقع کیپیٹل یہودی میوزیم کے باہر فائرنگ کے ایک واقعے میں اسرائیلی سفارتخانے کے دو ملازمین ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میوزیم میں امریکی یہودی کمیٹی کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔

    ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق، حملہ آور نے حملے سے پہلے "فری فلسطین” کے نعرے لگائے تھے۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو حراست میں لے لیا ہے، واشنگٹن پولیس چیف پامیلا سمتھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ حملہ ایک ہی شخص نے کیا تھا، جو میوزیم کے باہر کھڑا تھا اور پولیس کی حراست میں بھی "فری فلسطین” کے نعرے لگا رہا تھا۔ اس واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں یہودیوں کے خلاف ہونے والی ان ہلاکتوں کو اب رکنا چاہیے، اور امریکہ میں نفرت و انتہا پسندی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ نے متاثرین کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کی مذمت کی۔

    واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے کے ترجمان ٹیل نعیم کوہن نے بتایا کہ یہ دونوں اسرائیلی سفارتخانے کے ملازمین یہودی کمیونٹی کے پروگرام میں شریک تھے اور انہیں انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی اور وفاقی حکام پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں کہ وہ حملہ آوروں کو پکڑ کر اسرائیل کے نمائندوں اور یہودی برادری کی حفاظت کریں گے۔

    ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیررزم ٹاسک فورس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، اور ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی وزیر کرسٹی نوئم نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی سفارتخانے کے دو ملازمین کی ہلاکت کا معاملہ تحقیقات کے تحت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں کو جلد کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرین کے خاندانوں کے لیے دعا کی جائے گی۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات میں ایم پی ڈی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور جلد مزید معلومات فراہم کریں گے۔

  • سابق بھارتی وزیرِ خارجہ نے آپریشن سندور پر سوالات اٹھا دیے

    سابق بھارتی وزیرِ خارجہ نے آپریشن سندور پر سوالات اٹھا دیے

    معرکہ بنیان مرصوص، سابق بھارتی وزیرِ خارجہ نے آپریشن سندور پر سوالات اٹھا دیے

    سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا کے آپریشن سندور کی ناکامی پر ہوشربا انکشافات منظر عام پر آ گئے،سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا کے مطابق ،مودی حکومت گودی میڈیا کے ذریعے آپریشن سندور کی ناکامی چھپانےکیلئے گمراہ کن پروپیگنڈا کررہی ہے ،مودی حکومت طیاروں کی تباہی کی اصل تعداد چھپاکر قوم کو گمراہ کر رہی ہے،مودی حکومت آپریشن سندور کو بہار الیکشن اور سیاسی فائدے کیلئے استعمال کرے گی ،مودی، امت شاہ، جے شنکر اوراجیت دووال کو سفارت کاری اور انٹیلیجنس کی ناکامی پر استعفی دینا چاہیے، آپریشن سندور کی ناکامی پر سوال کرنے والا آج بھارت میں غدار کہلاتا ہے، عوام کو حقائق بتانے کی بجائے مودی سرکار مکمل خاموش ہے، مودی نے آل پارٹی اجلاس کو نظر انداز کر کے بہار میں سیاسی بیانات دینے کو ترجیح دی، مودی اور بی جے پی پروپیگنڈا اور جھوٹ پر مبنی سیاست کر رہے ہیں

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی نے پہلگام فالس فلیگ کو اپنےمذموم سیاسی مقاصدکےلیےاستعمال کیا ،سابق بھارتی وزیرِخارجہ کے بیانات سے واضح ہے کہ مودی کو عبرتناک شکست ہوئی ،

  • مودی سرکار کی انتقامی کارروائیاں، بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بلڈوزر آپریشن شروع

    مودی سرکار کی انتقامی کارروائیاں، بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بلڈوزر آپریشن شروع

    پاکستان سے عبرتناک شکست کے بعد مودی سرکار کے معصوم بھارتی مسلمانوں پر وارسامنے آئےہیں

    آپریشن سندور کی ہزیمت چھپانے کے لیے مودی سرکار کے مسلمانوں کو دہشتگرد قرار دے کر انکے گھروں پر مسلسل حملے جاری ہیں،حال ہی میں مودی سرکار نے ہزاروں مسلمان خاندانوں کو گھربدر اور انکے گھر مسمار کرنا شروع کر دیے، ٹی آر ٹی نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ اور ویڈیو جاری کر دی،مودی سرکار نے غیرقانونی بنگلہ دیشی کا بہانہ بنا کر مسلم بستیوں پر بلڈوزر چلا دیے، نسل کشی کی جانب بڑھتا بھارت اپنے ہی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے،7 ہزار سے زائد گھروں کو زبردستی خالی کرایا گیا، جن میں زیادہ تر مسلمان خاندان مقیم تھے، حیران کن طور پر انہی علاقوں میں موجود ہندوؤں کے مکانات کو ہاتھ تک نہیں لگایا گیا، مودی سرکار کا یہ وار واضح مذہبی تعصب کی عکاسی ہے،احمد آباد کے چندولا تالاب پر ہزاروں مسلمان کھلے آسمان تلے آ گئے، مودی سرکار کے حکم پر ان کے مکانات مٹی کا ڈھیر بنا دیے گئے،20 مئی 2025 کو مسمار کیے گئے گھروں میں محمد چاند نامی مسلمان کا گھر بھی شامل تھا

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے تاکہ پاکستان سے اپنی شکست کا غصہ نکال سکے، یہ آپریشن محض تجاوزات نہیں، مودی کے فاشزم کی کھلی مثال ہے،مودی مسلمانوں کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال کر کے ایک نیا گجرات 2002 دہرانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت مسلمانوں کے لیے کھلی جیل بنتا جا رہا ہے، مودی کی یہ کارروائی بلڈوزر کے پیچھے چھپی ہندوتوا انتہا پسندی ہے، جبکہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، جس زمین پر مسلمانوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں، وہی زمین ہندو آبادی کے لیے محفوظ قرار پاتی ہے، یہ دوہرامعیار نسل پرستی کا ثبوت ہے،