Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جنگ بندی میں نے کروائی،پاکستان کےلوگ،رہنما عظیم ہیں،ٹرمپ

    جنگ بندی میں نے کروائی،پاکستان کےلوگ،رہنما عظیم ہیں،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔

    وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقا کے صدر رامافوسا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان بھارت جنگ بندی معاہدے کی تعریف کی۔ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ بڑھتا جا رہا تھا ۔ پاکستان کے لوگ بہترین اور اس کے رہنما عظیم ہیں، بھارت میں مودی میرا دوست ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا سرے سے انکار کیا تھا، وکرم مسری نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت فائربندی قطعی طور پر دوطرفہ تھی، امریکی صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں تھا،بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، ٹرمپ خود ہی اسٹیج پر آنا چاہتے تھے اور وہ آگئے۔

    واضح رہے کہ 10 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔

  • جوابی اقدام،پاکستان کا بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ملک چھوڑنے کا حکم

    جوابی اقدام،پاکستان کا بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ملک چھوڑنے کا حکم

    پاکستان نے بھارت کےجواب میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا اور اسے 24 گھنٹوں کے اندر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔ یہ فیصلہ بدھ کے روز کیا گیا، اور یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

    پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق، بھارتی ہائی کمیشن کے مذکورہ اہلکار کو ایسے اقدامات میں ملوث پایا گیا جو اس کے سفارتی استحقاق کے خلاف تھے۔ دفتر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ بھارت کے مذکورہ اہلکار کو پاکستان سے روانہ ہونے کے لئے 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ نے اس فیصلے کے بارے میں بھارت کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔

    پاکستان اور بھارت کے مابین اس قسم کے اقدامات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے جواب میں پاکستان نے بھارتی سفارتی اہلکار کو بھی ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

  • بھارتی آبی جارحیت، کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا

    بھارتی آبی جارحیت، کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا

    بھارت کی آبی جارحیت میں شدت آ گئی ہے اور اس نے کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک دیا ہے۔ پولیس کے مطابق بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم سے پانی روکنے کے سبب دریائے نیلم میں معمول سے 40 فیصد کم پانی کا بہاؤ ہو رہا ہے، جس کے باعث خطے میں پانی کی کمی کے مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔

    بھارت نے حالیہ کشیدگی کے دوران کشن گنگا ڈیم سے پانی چھوڑا تھا، تاہم اب اس نے اس ڈیم سے پانی روکنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل بھارت نے دریائے چناب کو بیاس اور راوی دریاؤں سے ملانے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان کو پانی سے محروم کرنا تھا اور بھارت نے اس پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا تھا۔ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی زرعی پیداوار متاثر ہو گی بلکہ اس کے آبی وسائل پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

    بھارت کی جانب سے 23 اپریل 2025 کو پہلگام حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی، جس پر چین نے فوری طور پر ردعمل ظاہر کیا۔ چین نے مہمند ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے اس منصوبے کو تزویراتی اہمیت دے دی ہے۔ چین کی اس تیز پیش رفت سے بھارتی حکام کو ایک واضح پیغام ملا ہے کہ چین اس معاملے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارت کی آبی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ بھارت نے بنا کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی اور اس حملے کو بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی دھمکی دی۔

  • بھارت کا پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ملک چھوڑنے کا حکم

    بھارت کا پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ملک چھوڑنے کا حکم

    بھارت نے ایک اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر 24 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد پاکستان نے بھی جوابی اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے۔

    بھارتی جنگی جنون میں کمی نہ آئی،بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو سفارتی عہدے سے متصادم سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس اہلکار کو ملک سے 24 گھنٹوں میں روانہ ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پاکستانی ناظم الامور کو طلب کر کے انہیں ڈی مارش بھی دیا گیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ اس معاملے پر جوابی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق، پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک سفارت کار کو بھی ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، بھارتی ناظم الامور کو بھی دفتر خارجہ طلب کر کے ڈی مارش جاری کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، اور پاکستانی ناظم الامور کو اس معاملے پر ڈی مارش کیا تھا۔

  • بنگلورو، ریلوے پل کے قریب نیلے سوٹ کیس سے خاتون کی لاش برآمد

    بنگلورو، ریلوے پل کے قریب نیلے سوٹ کیس سے خاتون کی لاش برآمد

    بنگلورو، شہر کے مضافاتی علاقے میں ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک پرانا نیلا سوٹ کیس ریلوے پل کے قریب پایا گیا، جس کے اندر سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون کا قتل کیا گیا اور لاش کو ٹرین سے پھینکا گیا۔

    یہ واقعہ پرانے چنداپورہ ریلوے پل کے قریب پیش آیا، جو بنگلورو کے مضافات میں واقع ہے۔ مقامی رہائشیوں نے جب مشکوک حالت میں پڑا ہوا سوٹ کیس دیکھا تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کے ایک افسر نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا”ہماری تفتیش کے مطابق خاتون کو کہیں اور قتل کیا گیا اور لاش کو سوٹ کیس میں بند کرکے چلتی ٹرین سے پھینک دیا گیا۔ ہمیں لاش کے ساتھ کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی، نہ ہی کوئی ذاتی سامان۔ ہم اس کی شناخت، عمر اور رہائش کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کی جا رہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ خاتون کی عمر تقریباً 18 سال معلوم ہوتی ہے، لیکن اس کی شناخت تاحال نامعلوم ہے۔

    بنگلورو رورل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سی کے بابا نے بتایا”ہم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ قرائن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوٹ کیس ریلوے کی حدود سے پھینکا گیا، غالباً کسی چلتی ٹرین سے۔ اگرچہ اس قسم کے معاملات عموماً ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، مگر چونکہ واقعہ ہمارے علاقے سے جڑا ہوا ہو سکتا ہے، اس لیے ہم بھی شامل تفتیش ہیں۔ سوٹ کیس میں صرف لاش موجود تھی۔”پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شہر میں ماضی میں پیش آنے والے ایک اور لرزہ خیز واقعے کی یاد دلاتا ہے۔ مارچ کے مہینے میں بنگلورو کے ہولیماو علاقے میں ایک 32 سالہ خاتون، گوری انیل سمبےکر کی لاش ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی تھی۔ اس کے شوہر، راکش سمبےکر کو بعد میں پونے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے خود ہی مقتولہ کے والدین کو فون کرکے قتل کا اعتراف کیا تھا۔گوری اور راکیش دونوں مہاراشٹرا سے تعلق رکھتے تھے اور شادی کے بعد دو سال بنگلورو منتقل ہوئے تھے۔ راکیش ایک آئی ٹی کمپنی میں پروجیکٹ مینیجر تھا، جب کہ گوری روزگار کی تلاش میں تھی۔

  • مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس،آرمی چیف،نواز شریف،شہباز،مریم ،میڈیا کو خراج تحسین

    مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس،آرمی چیف،نواز شریف،شہباز،مریم ،میڈیا کو خراج تحسین

    پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

    اجلاس بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین سمیت پاکستان کے عام شہریوں، مساجد کو شہید کیاگیا۔ اجلاس اپنے تمام شہدا کو عقیدت کے پھول پیش کرتا ہے، اْن کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو خراج تحسین اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہے جس نے 6 اور 7 مئی اور پھر 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا جدید ہتھیاروں اور جنگی جنون کا غرور خاک میں ملا دیا۔ اجلاس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت پاک فوج کے افسران، جوانوں، انٹیلی جنس اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جن کی عسکری مہارت اور دفاع وطن کے بے مثال جذبے سے پاکستان اور چوبیس کروڑ پاکستانی سربلند ہوئے۔

    اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد جناب محمد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے تاریخ کے اس نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر وفاقی حکومت کی راہنمائی کی اور اپنے تجربے کی روشنی میں مسلسل مشاورت سے دفاع وطن اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا گراں قدر حصہ ڈالا۔ اجلاس وزیراعظم محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے، معاشی اور سیاسی استحکام لانے اور بھارت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران دفاع وطن کے تقاضے نبھانے میں تاریخی قائدانہ کردار ادا کیا، سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ بہترین نظم پیدا کرکے پاکستان کو دنیا میں سربلند کیا۔ بھارت کی اشتعال انگزیوں کے باوجود نہایت تدبر، حوصلے اور ضبط وتحمل سے بروقت اور درست فیصلے کئے۔ عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی اور عسکری، عوامی اور سیاسی وجود کو یکجان کرکے پوری قوم کو ایک وحدت بنادیا۔جلاس خاص طورپر بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بے مثال عسکری قیادت، بھارتی کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کی بہادری، بہترین عسکری حکمت عملی کی تیاری پر فیلڈ مارشل کا اعلی ترین عسکری اعزاز دینے کو سراہتا ہے۔ غیرمعمولی عسکری اعزاز پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارک دیتے ہوئے سمجھتا ہے کہ یہ اجتماعی طورپر افواج پاکستان کی بہادری کے اعتراف کا مظہر ہے۔

    اجلاس وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے عوامی اور انتظامی محاذ پر بروقت فیصلے کئے۔ ایک طرف قوم کا جذبہ بڑھایا، بھرپور عوامی حمایت سے مسلح افواج کے جذبے بڑھائے، پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، ہسپتال اور دیگر اداروں کو ہنگامی حالات کے لئے بروقت مستعد اور تیار کیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے عوام کی بروقت طبی امداد کے لئے بہترین انتظامات کئے۔ اجلاس امتحان کی اس گھڑی میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے تدبر اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہے جو آزمائش کی گھڑی میں ایک وجود بن گئی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سراہتی ہے جنہوں نے فروعی اختلافات بالائے طاق رکھے۔اجلاس میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جس نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا اور پوری دنیا ہی نہیں خود بھارت کے عوام سے اپنی پیشہ ورانہ قابلیت کا اعتراف کرایا۔ اجلاس خضدار میں سکول بس پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کوپہلے جامع اور منفردبیوٹی فکیشن پلان اور ہر پراجیکٹ کے بارے میں خودتین گھٹنے طویل بریفنگ دی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ڈسٹرکٹ کے بازاروں میں لٹکتے بے ہنگم بجلی کے تار انڈر گراؤنڈ کیے جائیں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم ہوگا اور مختلف شہروں میں کینالز کوبھی سجایا جائے گا۔ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت بازاروں کی ری ماڈلنگ، انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور فوڈ سٹریٹ بھی قائم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی سے انکی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور ارکان اسمبلی سے حال احوال دریافت کیا۔ ارکان اسمبلی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے بیک وقت 80 سے زائدبڑے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صوبہ بھر میں نئے پراجیکٹس لانے کے اعلانات کیے۔ صوبہ بھر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان لانے کا اعلان کیا۔ 60-شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اسی سال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے 800 گاؤں کو بتدریج ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا۔ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے دیہات میں 400کلو میٹر چھوٹی رابط سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اگلے سال سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کیلئے ڈھائی سو ارب کے فنڈز دینے کا اعلان کیا۔اجلاس میں 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دینے کا اعلان کیا۔ سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں نادار اور ضرورت مندوں کے لئے راشن کارڈ جلد لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے کا اعلان کیا۔ہرڈویڑن میں سینٹر آف ایکسی لنس کنڈرگارٹن کیمپس بنانے کا اعلان کیا۔

    وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی۔ تجاوزات کے خاتمے سے صوبہ بھر میں بازار کھلے اور عوام خوش ہیں۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ستھرا پنجاب کو روز بروز بہتر سے بہترین بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ شہروں کے بعد پہلی مرتبہ گاؤں کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔ ارکان اسمبلی میرے بہن، بھائیوں کی طرح اور آنکھیں اور کان کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے۔ شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ سی ٹی ڈی کو مضبوط بنا یا، صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن ہورہے ہیں۔ چند ماہ میں پنجاب کے سب شہر سیف سٹی ہونگے۔ پنجاب میں مؤثر اینٹی نارکوٹکس فورس کو متحرک کردیا گیا۔ بے زبان جانوروں کے تحفظ کی بھی مؤثر مہم جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 8ہزار پر مشتمل پیرا فورس انسداد تجاوزات،پرائس کنٹرول اور دیگر امور کے لئے کام شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت6 ہزار گلیاں، سیور اور واٹر ٹینک وغیرہ بن رہے ہیں۔ عوام کا پیسہ اب عوام پر ہی خرچ ہورہا ہے۔ ایک ایک پیسہ عوام کی امانت ہے، سوچ سمجھ کر خرچ کرنا ہے۔ نیک نیتی سے کام کررہے ہیں اللہ تعالیٰ ضرور اجر دے گا۔ رمضان پیکج کی شفافیت کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کا مفاد بھی پیش نظر ہے۔ لاہور میں 450 کلومیٹر تک سیور لائن ڈالی جارہی ہے۔ عوام کی خدمت میں معاونت کرنے والی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔معاون خصوصی برائے سیاسی اموررانا ثنا ء اللہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عام آدمی کی بھلائی کے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی ارشد وڑائچ مرحوم اور ایم پی اے فیصل کے والد مرحوم کے لئے بھی دعا مغفرت کی گئی۔

  • عسکری جنگ جیت چکے  اب معاشی جنگ جیتنے کی ضروت ہے  ،مقررین

    عسکری جنگ جیت چکے اب معاشی جنگ جیتنے کی ضروت ہے ،مقررین

    لاہور -20 مئی(اے پی پی)عسکری جنگ جیت چکے اب معاشی جنگ جیتنے کی ضروت ہے ،گولڈن رنگ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ،ڈیجیٹل اور گرین معیشت کی طرف منتقلی اہمیت کی حامل، مسلح افواج نے اپنا حق ادا کر دیا بطور قوم ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

    ان خیالات کا اظہار مقررین نے منگل کے روز نثار عثمانی آڈیٹوریم،لاہور پریس کلب میں "پاک بھارت کشیدگی: گولڈن رنگ ریجن پر اثرات اور پاکستان کے لیے مواقع” کے عنوان سے منعقدہ بحث و مباحثہ پینل سے خطاب کرتے ہوئے کیا- گولڈن رنگ اکنامک فورم(جی آر ایس ایف)، پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری (پی سی جے سی سی آئی) اور قومی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈپریس آف پاکستان(اے پی پی)کے زیر اہتمام "پاک بھارت کشیدگی: گولڈن رنگ ریجن پر اثرات اور پاکستان کے لیے مواقع” کے عنوان سے منعقدہ بحث و مباحثہ پینل سے خطاب کرتے ہوئے کیا –

    پینلسٹس میں لیفٹننٹ جنرل(ر)سکندر افضل، حسنین رضا مرزا، ریٹائرڈ ایمبیسیڈر نذیر حسین، ڈاکٹر راغب علی اور ابرار احمد شامل تھے ، کمپیئررکے فرائض سینئر تجزیہ نگار مبشر لقمان نے سر انجام دیئے جبکہ تاجر تنظیموں کے رہنمائوں اعزازی سفیر برائے سی پیک عامر علی، کمرشل ایمبیسیڈر برائے پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس محمود عربی ،صحافیوں ،طلبہ و طالبات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیربھی اس موقع پر موجود تھی -بحث و مباحثہ پینل میں حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد گولڈین ریجنل ممالک جن میں چین، روس، ترکی، ایران، پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستیں وغیرہ شامل ان پر جنگ کے اثرات اور پاکستان کو اس جنگ کی جیت سے کیا مواقع حاصل ہو سکتے ہیں اور حکومت کو آئندہ کے لیے کیا اقدامات بروئے کار لانے چاہیں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

    لیفٹننٹ جنرل(ر) سکندر افضل نے کہا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں ،پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ، لیکن اگر کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اس کا بھرپور جواب دینا بھی جانتے ہیں ،دنیا نے 10 مئی کو دیکھا کہ کسی طرح پوری قوم نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کو دھول چٹائی۔انہوں نے کہاکہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر بھارت نے رات کی تاریکی میں سویلین پر حملہ کر کے بچوں کو شہید کیا ،ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن جب دشمن باز نہ آیا تو پھر 5 گھنٹوں میں ہی اس کو وہ سبق سکھایا کہ وہ سیز فائر پر مجبور ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ اب جبکہ ہم عسکری جنگ جیت چکے ہیں اب ہمیں معاشی جنگ جیتنی ہے ،جس کے لیے بطور قوم ہمیں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،پاکستان کو معاشی استحکام اور ترقی کے لیے فوری، درمیانی اور طویل مدتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں توانائی ، تعیلم اور ٹیکنالوجی میں خود کفالت حاصل کرنا ہو گی، ہمیں اپنی زراعت کو جدید خطور پا استوار کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان ایک فاتح کے طور پر دنیا کے نقشہ پر ابھرا ہے اور سفارتی تنہائی سے نکل آیا ہے ، سلامتی کونسل اور او آئی سی میں بھارتی پراپیگنڈہ کا بھرپور جواب دینا ہے ،جس کے لیے میڈیا کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایران ،چین ،ترکی ،آذربائیجان ،افغانستان سمیت خطے کے ممالک سے تجارت کو مزید فروغ کر خطے میں ایک مضبوط معاشی قوت بن سکتے ہیں ۔

    حسنین رضا مرزا نے کہا کہ اب روایتی جنگوں کا دور ختم ہو چکا ہے ،ہمیں اپنی اس جیت کو کیش کرنے کی ضروت ہے ،جس ملک کو دنیا کمزور تصور کرتی تھی اس ملک نے چند گھنٹوں میں اپنے سے کئے گناہ زائد وسائل رکھنے والے ملک کو شکست دی،ہمیں ایک مضبوط سفارتکاری کے ذریعے اپنے اس امیج کو دنیا کے سامنے پیش کر کے بھارتی پراپیگنڈے کو مات دینا ہو گی، دنیا اب ہماری طرف متوجہ ہے ہمیں اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس جنگی جیت کو معاشی جیت میں تبدیل کرنا ہے ،جس کے لیے باہمی تعلقات اور تجارت کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے،جن ممالک نے اس جنگ میں کھل کر ساتھ دیا ان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا اب وقت ہے کہ ہماری تاجر برادری کو آگے آنا ہو گا اور حکومت کے شانہ بشانہ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ ریٹائرڈ ایمبیسیڈر نذیر حسین نے کہا کہ دنیا پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،جنگ میں جیت کے بعد ہمارا مورال اور بلند ہوا ہے ،اب ہمیں امن کے قیام اور پالیسوں کے تسلسل پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ گولڈن رنگ پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے اس میں شامل 11 ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے ہوں گے،کرنسی کو مستحکم رکھنے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے ریلیف یا قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ،متاثرہ صنعتوں کو سہولتیں دینا، سبسڈی، ٹیکس میں نرمی،برآمدات میں اضافہ کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنا، گولڈن رنگ ممالکچین، روس، وسطی ایشیا، ایران، ترکی سے تجارتی معاہدے ، سیاحت کو فروغ دینا اور اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دینا وقت کی دے کر ہم معاشی اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے قومی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی طرف سے اس طرح کے پینل ڈسکشن کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اسے خوش آئند قرار دیا۔

    ڈاکٹر راغب علی نے کہا کہ پاکستان مسلح افواج نے قلیل وقت میں 250 ملین ڈالرکے قیمتی جہازوں کو مار گرایا جس کی مثال عسکری محاذ پر تاریخ میں دیکھنے کو نہیں ملتی ہے،اس سے نہ صرف چین کی ٹیکنالوجی کی دھاک بیٹھی ہے بلکہ پاکستانی مہارت بھی دنیا کے سامنے ابھر کر آئی ہے، جنگ اب ختم ہو چکی ، دشمن اب دوبارہ ایسی غلطی نہیں کرے گا،بس اب ہمیں معاشی معاملات کو مزید بہتر کرنا ہو گا جس کیلئے علاقائی تعلقات بہت ضروری ہیں، عالمی ہمدردی اور سفارتی حمایت حاصل کرنے کے لیے میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    ابرار احمد نے کہا کہ جنگ کی جیت کا جشن منانے کے بعد اب آگے بڑھنا ہو گا، سارک یا دیگر علاقائی تجارتی بلاکس میں فعال کردار ادا کرنا ہے ،ہمیں ڈیجیٹل کرنسی کی طرح آنا ہو گا ،ٹھوس معاشی پالیسں ترتیب دے کر ہم معاشی قوت بن سکتے ہیں ،ہمیں سنٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ ہیومن ریسورسز معاملات کو بہتر کرنا چاہیے جہاں 300 ارب ڈالر کی تجارت کے مواقع موجود ہیں ۔تقریب کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا جس میں مقررین نے شرکاء کے سوالوں کے جوابات دیئے۔

  • اسکول بس پر دہشت گرد حملہ، امریکی سفارتخانے اور یونیسف کی شدید مذمت

    اسکول بس پر دہشت گرد حملہ، امریکی سفارتخانے اور یونیسف کی شدید مذمت

    بلوچستان کے ضلع خضدار میں آج ایک دل دہلا دینے والے دہشت گرد حملے میں اسکول جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچے، بس ڈرائیور اور ہیلپر سمیت 6 افراد شہید جبکہ متعدد بچے زخمی ہوگئے۔ اس سفاکانہ حملے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا بلکہ ملکی اور عالمی سطح پر شدید ردِعمل کو جنم دیا ہے۔

    پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اس بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ”ہم اسکول بس پر ہونے والے بے رحمانہ اور سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ معصوم بچوں کا قتل ایک ناقابلِ فہم عمل ہے۔ ہم ان خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے آج اپنے پیارے کھو دیے۔”انہوں نے مزید کہا کہ "کسی بھی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف یا دہشت کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ ہم پاکستان میں ان تمام افراد اور اداروں کے ساتھ ہیں جو انتہا پسندی اور پرتشدد سوچ کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔”

    اقوامِ متحدہ کے بچوں کے حقوق کے ادارے یونیسف نے بھی اس اندوہناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ یونیسف کی چیف آف ایڈوکیسی اینڈ کمیونی کیشنز کیرن ریڈی نے اپنے بیان میں کہا”ہم خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ نہایت افسوسناک ہے کہ پاکستان میں کئی بچوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا ایک خطرناک عمل بنتا جا رہا ہے۔”یونیسف ترجمان نے اس واقعے کو "بچوں کی زندگی، ان کے خواب اور مستقبل کو تباہ کرنے والا ظلم” قرار دیتے ہوئے کہا "بچوں پر کسی بھی قسم کا تشدد ناقابلِ قبول ہے۔ یہ المناک تشدد اب بند ہونا چاہیے۔ ہر بچے کو حق حاصل ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرے، وہ بھی بغیر خوف کے۔”

  • شمالی وزیرستان، ڈرون حملہ فتنہ الخوارج نے کیا ،سیکورٹی فورسز پر الزام بے بنیاد

    شمالی وزیرستان، ڈرون حملہ فتنہ الخوارج نے کیا ،سیکورٹی فورسز پر الزام بے بنیاد

    ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں افسوسناک واقعے کے نتیجے میں بدقسمتی سے کچھ شہری جانوں کا ضیاع ہوا، سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، کارروائی فتنہ الخوارج نے کی،

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 19 مئی 2025 کو شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے میرعلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بعض بے گناہ شہری جاں بحق ہو گئے۔ اس سانحے کے بعد کچھ حلقوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات لگائے جا رہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کے ترجمان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ دعوے ایک منظم جھوٹ پر مبنی مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ملک کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا اور عوام میں سیکیورٹی اداروں کے خلاف بداعتمادی پھیلانا ہے۔ترجمان کے مطابق، ان الزامات کے جواب میں فوری طور پر ایک جامع تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس بزدلانہ اور غیر انسانی حملے کے پیچھے بھارتی سرپرستی میں چلنے والی تنظیم "فتنہ الخوارج” کا ہاتھ ہے۔ یہ تنظیم نہ صرف پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے بلکہ شہری آبادی کو ڈھال کے طور پر استعمال کر کے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل میں مصروف ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر اپنے "بھارتی آقاؤں” کے اشارے پر حرکت میں آتے ہیں اور دانستہ طور پر مقامی آبادی اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، مقامی عوام اور سیکیورٹی ادارے یکجا ہو کر دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز نے یقین دلایا ہے کہ اس سفاک حملے میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملک کے امن کو تباہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی خبروں اور افواہوں سے گریز کریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں، تاکہ دشمن کی پروپیگنڈا مہم کو ناکام بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی ادارے عوام کے تحفظ اور ملک کی سالمیت کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اور ان کا مشن کسی صورت میں متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • خضدارمیں اسکول بس پر حملہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے،مرکزی مسلم لیگ

    خضدارمیں اسکول بس پر حملہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے،مرکزی مسلم لیگ

    آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعدبھارتی پراکسیز کے ممکنہ حملوں کو روکنا ہو گا، خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد بھارت رسوائی کم کرنے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، بھارتی سرپرستی میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے،پاکستان کے عوام بھارتی سازشوں و دہشت گردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، بنیان مرصوص کی کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کر دیئے ہیں

    ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک،ترجمان تابش قیوم و دیگر نے خضدار اسکول بس پر حملے کے ردعمل میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے اور ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اس کے ایجنٹ نرم اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں،بھارت کی ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے، معصوم بچوں پر حملے انسانیت کے خلاف کھلی جنگ ہیں، جن پر عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے

    مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور کو افواج پاکستان نے بنیان مرصوص شروع کر کے”تندور” میں بدلا، اب مودی سرکار سے قوم جواب مانگ رہی ہے اور بھارتی حکومت پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے، لیکن مودی کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی،پاک فوج اور قوم متحد ہیں، اور بھارتی دہشتگردی کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی،رہنماؤں نے حملے میں شہید بچوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی ہے.