Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • منی پور : بھارتی فوجیوں نے دس قبائلی نوجوان ہلاک کر دیئے

    منی پور : بھارتی فوجیوں نے دس قبائلی نوجوان ہلاک کر دیئے

    شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں فوجیوں نے میانمار کی سرحد سے متصل ضلع چندیل میں دس قبائلی نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں ہلاک کر دیا ہے۔

    خبررساں ادارے کے مطابق ان افراد کو تحصیل کھنگجوئے کے گاؤں نیو سمتلم میں ہلاک کیا گیا۔ریاستی پولیس نے کہا ہے کہ مرنے والے میانمار کے شہری تھے اور ان کی لاشیں میانمار کے حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ بھارتی فوج نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے سرحد پار سے آئے تھے اور ایک اُنہیں تصادم کے دوران مار دیا گیا۔انسانی حقوق کے گروپوں اور آزاد مبصرین نے واقعے کی شفافیت پر سوال اُٹھاتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ فوجیوں نے ان لوگوں کو فرضی تصادم میں مار دیا ہو۔یاد رہے کہ منی پور میں مئی 2023ء سے میتی (ہندو) اور کوکی (عیسائی) قبائل کے درمیان محاذ آرائی کے دوران اب تک سینکڑوں افراد ہلاک و زخمی جبکہ 60 ہزار کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں

  • بھارتی قیادت نے رافیل کو بھی فیل کر دیا، رضوان سعید شیخ

    بھارتی قیادت نے رافیل کو بھی فیل کر دیا، رضوان سعید شیخ

    یوم تشکر کے موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے حساس ترین خطے میں واقع ہے۔ یہاں کی تاریخ پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے سے پہلے سے ہی پیچیدہ ہے۔ ان محرکات کی عکاسی آج بھی کسی نہ کسی صورت سامنے آتی ہے، گذشتہ اٹھتر سالوں کے واقعات نے صورتحال کی پیچیدگی میں اضافہ کیا ہے . عالمی برادری کو بخوبی ادراک ہے کہ ہمارے خطے میں کشیدگی کے اثرات اور مضمرات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر باعثِ تشویش ہوتے ہیں

    رضوان سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی قیادت نے خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے، مسلمہ طاقت ہونے کے ناطے علاقائی اور عالمی امن کے قیام کے حوالے سے امریکہ کا کردار اہم ہے ، واقعاتی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلگام کا اسکرپٹ پہلے سے لکھا جا چکا تھا۔ بظاہر اس کاروائی کا مقصد داخلی کمزوریوں، انتخابی خساروں اور تسلط پسندانہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانا تھا، بھارتی حکمران علاقائی تسلط کی دیرینہ خواہش کا بارہا اور برملا اظہار کرتے رہے ہیں، بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ علاقائی تسلط پسندانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ طرزِ عمل ہندوتوا کے ایسے دہشت گردانہ فلسفے پر مبنی ہے جو اظہر من الشمس ہے۔ کسی معاشی یا سیاسی عوامل یا ترجیحات کی وجہ سے دنیا ایسے طرزعمل سے صرفِ نظر کرتی رہی ہے ، 22 اپریل سے آج تک پاکستان کو وہ ثبوت نہیں دیے گئے جو ہم مانگ رہے ہیں، واقعے کے فورا بعد بھارتی قیادت اور ذرائع ابلاغ نے طبل جنگ بجانا شروع کر دیا، بارہا سمجھانے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا اور خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مسجدوں کو خاص طور پر نشانہ بنائے جانے کا عمل حد درجہ اشتعال انگیز تھا، اشتعال پسندی کے باوجود پاکستان سمجھاتا رہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارتی جارحیت کے سامنے افواجِ پاکستان اور پچیس کروڑ عوام ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوگئے، بنیان مرصوص نے متاؑعِ غرور کو خاک میں ملا دیا، بھارتی قیادت نہ صرف خود فیل ہوئی بلکہ اس نے رافیل کو بھی فیل کر دیا، کامیابیوں اور برتری کے باوجود بھی ہماری افواج نے امن کی خواہش کو قبول کیا۔ ایک اعشایہ چھ ارب لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا نہ تو مذاق ہے اور نہ اس قسم کے رویے کی کوئی بنیاد ڈالنی چاہیے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی، بنیان مرصوص کے فلسفے کی تکمیل معاشی طور پر مستحکم ہونے سے ہوگی، آیئے آج کے دن اپنے ذاتی ، شخصی، فرقہ وارانہ ، فروعی، سیاسی نظریات اور اختلافات سے بالاتر ہو کر مادروطن کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • شاہ محمود قریشی کےدل میں تکلیف،ہسپتال منتقل

    شاہ محمود قریشی کےدل میں تکلیف،ہسپتال منتقل

    پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیئے گئے

    شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف، جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا،رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد پی آئی سی منتقل کیا گیا،رانا مدثر ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو چیک اپ کے لئے پی آئی سی لایا گیا، شاہ محمود قریشی کے مختلف ٹیسٹ جا رہے ہیں۔فجر کی نماز کے بعد شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف ہوئی۔ شاہ محمود قریشی کا جیل ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا۔طبیعت نہ سنھبلنے پر شاہ محمود قریشی کو ریسکیو 1122 کے زریعے پی آئی سی منتقل کیا گیا۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی۔ شاہ محمود قریشی کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی پی آئی سی میں زیرعلاج، اہلیہ اور بیٹی بھی پہنچ گئیں
    سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو اچانک آکسیجن کی کمی کا مسئلہ ہوا تھا، فوری طور پر شاہ محمود قریشی کو طبی امداد دی گئی،شاہ محمود قریشی کا سی سی یو تھری میں علاج جاری ہے ،شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اور بیٹی بھی پی آئی سی پہنچ گئیں

  • افواجِ پاکستان کی پریس کانفرنس کی سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی

    افواجِ پاکستان کی پریس کانفرنس کی سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی

    اسلام آباد ، پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی حالیہ پریس کانفرنس سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی رہی، جس میں پاک فضائیہ، بحریہ اور بری فوج کے اعلیٰ افسران نے بھارت کو واضح اور مؤثر پیغام دیا۔

    پریس کانفرنس میں پاک فضائیہ کی نمائندگی ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کی، جبکہ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے بحریہ کے آپریشنز پر روشنی ڈالی۔ ان تینوں افسران کی گفتگو اور اندازِ بیان نے سوشل میڈیا صارفین کو متاثر کیا، اور ان کے بیانات ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے جملے "جواب ایسا ہوگا کہ بھارت یاد رکھے گا” جیسے فقرے وائرل ہو گئے۔ صارفین نے ان کے اعتماد بھرے انداز کو سراہا اور اسے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کا عزم قرار دیا۔ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی جانب سے بھارت کے نقصانات کی تفصیل اور ائیر فورس کی حکمتِ عملی کو بھی خاصی پذیرائی ملی۔ ان کے بتائے گئے "اسکور” یعنی تباہ شدہ اہداف کی تعداد پر میمز اور تجزیے گردش کرتے رہے۔ادھر وائس ایڈمرل راجہ رب نواز کی متوازن اور مدلل گفتگو نے عوام کی توجہ حاصل کی، اور کئی صارفین نے انہیں "خاموش مگر کاری ضرب لگانے والا” قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پروفائلز پر ان کی تصاویر اور بیانات کو اسٹیٹس بنایا۔

    پریس کانفرنس کے دوران "آپریشن بُنیان مرصوص” کی تفصیلات بھی شیئر کی گئیں، جس نے بھارت کو سخت پیغام دیا۔ اس آپریشن کے دوران پاکستان نے بھارت کے اندر متعدد اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ اور سورت گڑھ جیسے اہم ائیربیسز، براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر (جی ٹاپ) اور اڑی میں سپلائی ڈپو شامل تھے۔

    یاد رہے کہ 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحانہ کارروائی کی کوشش کی۔ تاہم، پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے۔ ان میں ایک جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا، جسے بھارت نے اپنی فضائی قوت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا تھا۔

    اس پریس کانفرنس کے بعد ملک بھر میں ایک نیا جذبہ اور اعتماد دیکھنے میں آیا ہے۔ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور عوامی سطح پر مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، اور اسے قومی سلامتی کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ہادی متار کو 25 سال قید کی سزا

    سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ہادی متار کو 25 سال قید کی سزا

    نیویارک: 2022 میں نیویارک کے ایک لیکچر کے دوران سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ہادی متار کو جمعہ کے روز 25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس حملے کے نتیجے میں سلمان رشدی اپنی ایک آنکھ کھو بیٹھے تھے۔ 27 سالہ ہادی متار کو فروری میں قتل کی کوشش اور حملے کے جرم میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ سلمان رشدی اپنی کتابوں اور متنازعہ خیالات کے باعث عالمی سطح پر مشہور ہیں، اور کئی ممالک میں ان کی کتابوں پر پابندی ہے۔

    ہادی متار کو اس حملے کے بعد نیویارک کی عدالت میں سزا سنائی گئی، تاہم سلمان رشدی خود عدالت میں موجود نہیں تھے۔ انھوں نے اپنے بیان کو عدالت میں جمع کرایا۔ اس مقدمے میں سلمان رشدی نے خود کو کلیدی گواہ کے طور پر پیش کیا۔سزا سنائے جانے سے پہلے، ہادی متار نے جیل کے لباس میں عدالت میں کھڑے ہو کر آزادی اظہار کے حوالے سے بیان دیا اور سلمان رشدی کو منافق قرار دیا۔ چیختے ہوئے اس نے کہا: "سلمان رشدی دوسرے لوگوں کی بے عزتی کرنا چاہتا ہے۔ وہ بدمعاش بننا چاہتا ہے، وہ دوسروں پر دھونس جمانا چاہتا ہے۔ میں اس سزا سے متفق نہیں ہوں۔”

    اس حملے میں سلمان رشدی کو شدید زخمی کیا گیا تھا اور اس کی ایک آنکھ کی بینائی چلی گئی تھی۔ ہادی متار کو رشدی کی قتل کی کوشش کے الزام میں زیادہ سے زیادہ 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اور اس کے ساتھ اسٹیج پر موجود ایک اور شخص کو زخمی کرنے کے الزام میں سات سال کی سزا بھی دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی جیسن شمٹ نے کہا کہ دونوں سزائیں ایک ساتھ چلنی چاہئیں کیونکہ دونوں متاثرین ایک ہی واقعے میں زخمی ہوئے تھے۔

  • جلاؤ گھیراؤ مقدمہ،علیمہ،عظمیٰ کی ضمانت میں توسیع

    جلاؤ گھیراؤ مقدمہ،علیمہ،عظمیٰ کی ضمانت میں توسیع

    لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 5 اکتوبر 2023 کے احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 30 مئی 2025 تک توسیع کر دی۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت کے جج نے کہا کہ یہ توسیع ان مقدمات میں عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد کی گئی ہے۔علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کی موکلہ بہنوں کو ایک روزہ حاضری سے استثنا دیا جائے۔ جس پر عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایک روزہ حاضری سے معافی دے دی۔

    یاد رہے کہ 5 اکتوبر 2023 کو ملک بھر میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی کارروائیاں کی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں تشویشناک حالات پیدا ہو گئے تھے۔ ان واقعات کے سلسلے میں متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف بھی مقدمات شامل ہیں۔

  • بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی پوزیشن میں نہیں،وفاقی وزیر آبی وسائل

    بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی پوزیشن میں نہیں،وفاقی وزیر آبی وسائل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل محمد معین وٹو نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، کیونکہ بھارت کے پاس اس پانی کو روک کر ذخیرہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    انہوں نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے آبی وسائل پر کوئی بھی اثر ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی، کیونکہ بھارت کے پاس اتنی بڑی صلاحیت نہیں کہ وہ پاکستان کے دریاؤں کے پانی کو روکے،محمد معین وٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام دریاؤں میں اس وقت بھرپور پانی کی موجودگی ہے، اور ملکی آبی وسائل کی حالت مستحکم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی بینک کے صدر نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید کی ہے، جو پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے آبی حقوق کا دفاع کرے گا اور عالمی سطح پر اپنے مؤقف کو اجاگر کرے گا۔سندھ طاس معاہدہ دونوں ممالک کے لیے ایک اہم معاہدہ ہے، جس کے تحت پاکستان کو اپنی آبی ضروریات کے لیے مکمل حقوق حاصل ہیں۔

  • امریکہ کا 10 لاکھ فلسطینیوں کو لیبیا منتقل کرنے پر غور

    امریکہ کا 10 لاکھ فلسطینیوں کو لیبیا منتقل کرنے پر غور

    امریکی میڈیا نے ایک حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ غزہ سے ایک لاکھ فلسطینیوں کو مستقل طور پر لیبیا منتقل کرنے کے لیے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اس حوالے سے سابق امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ امریکا نے اس منصوبے کے بارے میں لیبیا کی قیادت سے تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے کے تحت فلسطینیوں کی آبادکاری کے بدلے ٹرمپ انتظامیہ لیبیا کے منجمد اربوں ڈالر کو بحال کرے گی۔ واضح رہے کہ امریکا نے ایک دہائی قبل لیبیا کے اربوں ڈالر منجمد کر دیے تھے۔ اس سے قبل، امریکی حکومت نے لیبیا کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں، جن میں یہ منجمد رقم بھی شامل تھی۔خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازعہ کے دو ریاستی حل کے حوالے سے ایک اہم کانفرنس 17 سے 20 جون تک اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس کا انعقاد فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں ہوگا اور اسے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگی۔اس کانفرنس کا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دیرپا امن قائم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ فرانس اور سعودی عرب نے اس حوالے سے سرگرم کردار ادا کرنے کا عہد کیا ہے اور عالمی برادری کو اس تنازعہ کے حل کے لیے ایک متحدہ موقف اختیار کرنے کی دعوت دی ہے۔

    فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم غزہ کے مالک ہوں گے، اور اس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔”ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ ان کا مقصد غزہ میں طویل المدتی ملکیت حاصل کرنا ہے اور اس علاقے کو ترقی دینے کے لیے فلسطینیوں کے لیے نئی ملازمتیں فراہم کرنا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس اقدام سے غزہ میں امن اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

  • ہم پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتے،پاکستانی ذہین لوگ ہیں، ٹرمپ

    ہم پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتے،پاکستانی ذہین لوگ ہیں، ٹرمپ

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ خارجہ پالیسی کے امور میں انہیں زندگی میں آج تک جس بات پر سب سے زیادہ سراہا گیا ہے، وہ پاک بھارت جنگ بندی کو کامیاب بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک اعزاز ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    ٹرمپ نے پاکستانیوں کی ذہانت اور ان کی شاندار اشیاء بنانے کی صلاحیتوں کا بھی برملا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہت ذہین لوگ ہیں جو حیرت انگیز اشیاء تیار کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پاکستان سے بہت عمدہ بات چیت کی ہے اور وہ پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتے، کیونکہ ان کے مطابق تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تو ان کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے، تاہم انہوں نے پاکستان سے تجارت کے بارے میں بھی بات کی۔ ان کے مطابق پاکستان یہ چاہتا ہے کہ وہ امریکا سے تجارت کرے اور اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔صدر ٹرمپ نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی بھرپور کارروائی اور اس کے بعد امریکی مداخلت سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کوئی معمولی ملک نہیں بلکہ دونوں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے سخت ناراض تھے اور لڑائی کا دروازہ نیوکلیئر ہتھیاروں تک پہنچ چکا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ لڑائی اتنی بڑھ گئی تھی کہ یہ ایٹمی جنگ کی صورت اختیار کر سکتی تھی، لیکن وہ خوش ہیں کہ دونوں ممالک اس کے قریب پہنچ کر واپس آ گئے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیوکلیئر جنگ ایک ایسی بدترین صورتحال ہوتی جس کا تصور بھی انسان کے لیے اذیت ناک ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اس جنگ کے بہت قریب پہنچ چکے تھے، مگر انہوں نے سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کیا۔

    مذاکرات اور جنگ بندی کے پیچھے کے عمل کے بارے میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے اہلکاروں کو ہدایت دی تھی کہ پاکستان اور بھارت کو ٹیلی فون کرکے تجارت اور ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھائی جائے تاکہ دشمنیوں کا خاتمہ ہو اور امن قائم ہو سکے۔امریکی صدر نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کا وہ ملک ہے جو سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا ہے اور اس کے ذریعے دوسرے ممالک کے لیے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیتا ہے۔ تاہم، اب بھارت بھی امریکا کے ساتھ اپنے ٹیرف کو سو فیصد کم کرنے پر تیار ہو چکا ہے، جو کہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں بہتری کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اپنی صلاحیتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے وعدوں پر عمل کرنے والے شخص ہیں اور اپنے فیصلوں سے عالمی سطح پر امن اور تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔

  • خضدار،لیویز چیک پوسٹ پر حملہ،چار اہلکار شہید

    خضدار،لیویز چیک پوسٹ پر حملہ،چار اہلکار شہید

    خضدار میں صمند لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہوگئے ہیں

    ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی،جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور میتیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، بلوچستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے.

    بلوچستان لیویز فورس کے چار جوانوں کی نماز جنازہ ڈپٹی کمشنر خضدار کے سبزہ زار میں ادا
    صمند چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ میں شیہد ہونے والے بلوچستان لیویز فورس کے چار جوانوں کی نماز جنازہ ڈپٹی کمشنر خضدار کے سبزہ زار میں ادا کردی گئی جنازہ نماز میں کمشنرقلات ڈویژن جہانزیب خان کاکڑ ڈی آئی جی پولیس قلات رینج عبدالحمید کھوسہ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسراقبال دشتی کے علاوہ اعلی عسکری و سرکاری حکام ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ضلع خضدار کے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،نماز جنازہ میں‌سیاسی سماجی وقبائلی افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے شہید جوانوں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا پولیس لیویز کے چاک چوبند دستوں نے شہداء کو سلامی دی۔