Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیراعظم، آرمی چیف کا عثمان یوسف شہید کے گھر کا دورہ

    وزیراعظم، آرمی چیف کا عثمان یوسف شہید کے گھر کا دورہ

    وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کے صبر و حوصلے کو سراہا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

    وزیرِ اعظم اور آرمی چیف نے شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عثمان یوسف نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اُن کا یہ عظیم کارنامہ تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔”شہداء ہمارا فخر ہیں۔ عثمان یوسف کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔”

    چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا "قومی سلامتی اور ملکی خودمختاری کے تحفظ میں شہید ہونے والے افسران اور جوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کی فرض شناسی، جرأت اور بہادری ناقابلِ فراموش ہے۔”دورے کے دوران وزیرِ اعظم اور آرمی چیف نے شہید کی تصاویر اور یادگار کا مشاہدہ کیا اور شہید کے والدین و دیگر اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کے حوصلے کو سراہا۔آخر میں شہید کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور قومی سلامتی، استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

  • یوم تشکر کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب

    یوم تشکر کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب

    یوم تشکر کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی.

    وزیراعظم نے پرچم کشائی کی، اور کہا کہ آج ، بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لئے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے،6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے، اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا ،پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن ہم اپنے دفاع میں بھرپور جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے .

  • یوم تشکر کے موقع پر راولپنڈی کینٹ بورڈ کی پرچم کشائی تقریب

    یوم تشکر کے موقع پر راولپنڈی کینٹ بورڈ کی پرچم کشائی تقریب

    – یوم تشکر کے موقع پر راولپنڈی کینٹ بورڈ کی جانب سے ایک شاندار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کینٹ بورڈ کے مختلف افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

    تقریب کی سربراہی حیدر شجاع، ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) راولپنڈی کینٹ بورڈ نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "ہم سب کو اپنے مسلح افواج پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم اپنے وطن کی سلامتی اور خود مختاری کو برقرار رکھ سکے ہیں۔”تقریب کے دوران، ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ حاضرین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی سرحدوں کو دشمنوں سے محفوظ رکھے اور ملک کو امن و سکون عطا کرے۔

    اس موقع پر دفاعی ماہرین نے کہا کہ "پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنے مسلح افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے جذبے سے سرشار ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان انشاءاللہ ہمیشہ محفوظ رہے گا کیونکہ اس کا دفاع مضبوط ہے اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جائے گا۔”یوم تشکر کی اس تقریب میں راولپنڈی کینٹ بورڈ کے اہلکاروں، مقامی عوام اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی، اور اس تاریخی موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کو سلام پیش کیا۔آخر میں، پرچم کشائی کے بعد شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا اور قومی یکجہتی کے عہد کا اعادہ کیا۔

  • جنوبی افریقہ کی مصورہ کی پینٹنگ  کی 38 ارب پاکستانی میں نیلامی

    جنوبی افریقہ کی مصورہ کی پینٹنگ کی 38 ارب پاکستانی میں نیلامی

    مارلین ڈومس کی پینٹنگ "مس جنوری” نے نئی تاریخ رقم کردی ، زندہ خاتون فنکارہ کے لیے سب سے مہنگا فن پارہ فروخت

    جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی معروف مصورہ مارلین ڈومس کی ایک شاندار پینٹنگ "مس جنوری” نیلامی میں 13.6 ملین ڈالر (تقریباً 38 ارب پاکستانی روپے) میں فروخت ہو گئی ہے، جس سے یہ کسی بھی زندہ خاتون فنکارہ کے تخلیق کردہ مہنگے ترین فن پارے کا ریکارڈ بن گیا ہے۔

    یہ تاریخی فروخت بدھ کے روز کریسٹی نیلام گھر کے زیرِ اہتمام نیویارک میں ہوئی، جہاں 21ویں صدی کے فن پاروں کی شام کی نیلامی منعقد کی گئی تھی۔کریسٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، "مس جنوری” کو ڈومس کا سب سے عظیم فن پارہ قرار دیا گیا ہے۔ اس پینٹنگ کی قد و قامت بھی متاثر کن ہے — 9.25 فٹ (2.82 میٹر) بلند۔کریسٹی کی 21ویں صدی کے فنون کی سربراہ ایزابیل لوریا نے اسے ایک ناقابل یقین کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا”ہم نیلامی کے نتائج سے بے حد خوش ہیں۔”

    اس پینٹنگ کی متوقع قیمت 12 سے 18 ملین ڈالر کے درمیان لگائی گئی تھی، تاہم یہ 13.6 ملین میں فروخت ہو کر اندازوں کے اندر ہی رہی مگر ایک تاریخی سنگ میل قائم کر گئی۔کریسٹی کی پوسٹ وار اینڈ کنٹیمپریری آرٹ کی نائب چیئرپرسن سارہ فریڈلینڈر نے کہا”یہ فن پارہ عورت کے جسم کو نہ صرف فنکارانہ مہارت سے پیش کرتا ہے بلکہ اسے روایتی مردانہ نقطہ نظر سے آزاد کر کے ایک نئی تعبیر دیتا ہے۔”

    "مس جنوری” کو 1997 میں تخلیق کیا گیا تھا، اور یہ دراصل ڈومس کی بچپن کی پینٹنگ "مس ورلڈ” سے متاثر ہے، جو انہوں نے محض 10 سال کی عمر میں بنائی تھی۔ اُس پینٹنگ میں 10 ماڈلز کی تصویری شکلیں شامل تھیں۔کریسٹی کے مطابق، مارلین ڈومس کو آج کے دور کی سب سے بااثر مصورات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے فن پارے عام طور پر تصویری حوالوں (فوٹوز) پر مبنی ہوتے ہیں اور ان میں جنس، نسل، دکھ، مادریت اور جسمانی وجود جیسے گہرے موضوعات کی عکاسی کی جاتی ہے۔اگرچہ "مس جنوری” نے خاتون فنکارہ کے لیے نیا ریکارڈ قائم کیا، لیکن مرد فنکاروں کے فن پارے اب بھی کئی گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت ہو رہے ہیں۔اسی نیلامی میں، مشہور امریکی فنکار ژاں مشیل باسکیا (Jean-Michel Basquiat) کا 1982 میں تخلیق کردہ "Baby Boom” نامی تین چہروں کا فن پارہ 23.4 ملین ڈالر میں فروخت ہوا۔جبکہ سب سے مہنگا فروخت ہونے والا زندہ مرد فنکار کا فن پارہ 2019 میں امریکی فنکار جیف کونز (Jeff Koons) کی تخلیق "Rabbit” تھا، جو 90.3 ملین ڈالر میں فروخت ہوا۔

    یہ قیمتوں کا فرق کوئی انوکھا معاملہ نہیں۔ بی بی سی کی 2022 کی ڈاکیومنٹری "Recalculating Art” کے مطابق، خواتین فنکاروں کے فن پارے مرد فنکاروں کے مقابلے میں اوسطاً صرف 10 فیصد قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔

  • پہلگام ڈرامے کے بعد دو ہزار کشمیریوں کو بھارت نے گرفتار کیا،عاصم افتخار

    پہلگام ڈرامے کے بعد دو ہزار کشمیریوں کو بھارت نے گرفتار کیا،عاصم افتخار

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا تاکہ ان کی جائز جدوجہد حقِ خودارادیت کو مزید کچلا جا سکے۔

    پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں میں ہزاروں نامعلوم اور بے شناخت قبریں سامنے آئی ہیں، تحقیقات سےواضح ہوا ہے کہ بھارتی قابض افواج لوگوں کو پہلے اغوا کرتی ہیں، پھر انہیں اذیتیں دی جاتی ہیں اور بغیر کسی قانونی عمل کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے،بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا تاکہ ان کی جائز جدوجہدِ حقِ خودارادیت کو مزید کچلا جا سکے،لاپتا افراد کے بحران سے نمٹنے کے لیے تنازعات کی روک تھام اور پُرامن تصفیہ ناگزیر ہیں۔

    دوسری جانب کشمیر کونسل یورپ نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور یورپی حکام اور اہم یورپی شخصیات کے ساتھ اس سلسلے میں تازہ رابطے کئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”کشمیر کونسل یورپ“ کے زیراہتمام کانفرنسوں ، سیمیناروں اور مباحثوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کشمیری عوام کی آواز مؤثر طریقے سے عالمی برادری تک پہنچائی جا سکے۔کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے اعلیٰ یورپی حکام بشمول صدر یورپی کمیشن ارسولا وون در لیین ، صدر یورپی کونسل انٹونیو کوسٹا ، یورپی پارلیمنٹ کی سربراہ روبرٹا مٹسولا اور اعلیٰ سفارتکار کاجا کالاس کو خطوط بھی لکھے ہیں جن میں ان کی توجہ جنوبی ایشیاء کی سنگین صورتحال کی طرف دلائی گئی ہے۔خط میں پاکستان پر بھارتی جارحیت کا ذکر بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرزِعمل کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ سخت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
    خط میں یورپی یونین پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا ، پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے اور نہ ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

  • معرکہ بنیان مرصوص،یوم تشکر،ملک بھر میں دعائیں،توپوں کی سلامی

    معرکہ بنیان مرصوص،یوم تشکر،ملک بھر میں دعائیں،توپوں کی سلامی

    معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر قوم آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم تشکر منا رہی ہے

    دن کا آغاز مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی وخوشحالی کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا،نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد افواج پاکستان کی کامیابی و کامرانی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے قرآن خوانی کی گئی،مساجد میں علما، عوام اور پاک فوج کے جوانوں نے اس عہد کو دہرایا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا

    معرکہ بنیان مرصوص، یوم تشکر کے موقع پر سکردو کے طلبہ نے افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا،اسوہ بوائز اسکول سکردو کے طلبہ نے افواجِ پاکستان کی شاندار فتح پر خوبصورت نغمے کی صورت میں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا،نغمے کے بول ہیں "میرے وطن یہ عقیدتیں وطن پر قربان” طلباء نے پُرجوش نغمے کے ذریعے افواجِ پاکستان سے والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کیا،پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

    شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران کا "معرکہ حق – آپریشن بنیان مرصوص” میں فتح یابی پر خصوصی جرگے کا انعقادکیا گیا،شمالی وزیرستان، میرانشاہ کے غیور قبائلی مشران اور معززین کا پاک فوج کے ساتھ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خصوصی جرگے کا انعقاد کیا گیا ۔جرگے میں قبائلی مشران و عمائدین سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔جنرل آفیسر کمانڈنگ میران شاہ ، میجر جنرل عادل افتخار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔مہمان خصوصی نے "معرکہ حق – آپریشن بنیان مرصوص” میں ساتھ دینے پر غیور قبائلی عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ پوری قوم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ۔ شرکاء نے افواج پاکستان کی عظیم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ۔شرکاء نے افواج پاکستان کے تمام شہداء بشمول آپریشن بنیان مرصوص میں شہادت کا رتبہ پانے والوں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔ شرکاء نے وطن سے والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں ۔ شرکاء نے دشمن کو متنبہ کیا کہ غیور قبائلی عوام اپنی درخشاں روایات کے مطابق مستقبل میں بھی افواج پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے ۔شرکاء نے اس خوشی کے موقع پر پورے شمالی وزیرستان میں افواج پاکستان کی کامیابی پر جشن منایا اور خصوصی ریلیوں کا اعلان کیا.

  • جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے،وزیراعظم

    جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم تشکر کے حوالے سے پیغام میں کہا ہے کہ آج ، بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لئے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے، اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا.دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔ پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے ۔ دشمن کے فوجی اڈے ، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے ۔ ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے ۔ ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریہ کے خلاف تھی جو انسان دشمنی ، جارحیت ، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے ۔ یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے۔ یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.

    وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میں پاک افواج کے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکہء حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔میں اس موقع پر اپنی اور قوم کی طرف سے جنرل سید عاصم منیر کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا ۔ میں اس کے ساتھ ساتھ چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر بابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ۔ میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قیادت میں پاکستان نیوی پاکستان کے سمندری پانیوں کی حفاظت کرتی رہی۔ میں تمام اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال اتحاد اور تاریخی یگانگت کا مظاہرہ کیا

    واضح رہے کہ حکومت نے معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھرمیں آج 16مئی2025 کویو م تشکر منانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے، یوم تشکر پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقاریب منعقد ہوں گی۔

  • اسلام آباد ائیر پورٹ کانام بے نظیر بھٹو  ،قراردادپر عمل کیوں نہیں،حکومت سے جواب طلب

    اسلام آباد ائیر پورٹ کانام بے نظیر بھٹو ،قراردادپر عمل کیوں نہیں،حکومت سے جواب طلب

    ڈپٹی سپیکر نے اسلام آباد ائیر پورٹ کانام بے نظیر بھٹو رکھنے کی قرار داد پر حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہوا۔

    سید خورشید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو رکھنے کی قرارداد د پاس ہو گئی ہے، اس قرار داد پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو ایک بار ڈائس کے سامنے کھڑا کرکے دکھا دیں، محسن نقوی کو سامنے کھڑا کرکے دکھا دیں ہمیں ان سے اور کچھ نہیں چاہئے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ یہ ایگزیکٹو فیصلے ہیں، ایوی ایشن ڈویژن سے مشاورت کے بعد بتادوں گا ، سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے وزیر داخلہ کی مصروفیات ہم سے زیادہ ہیں، ڈپٹی اسپیکر نے قرارداد پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت سے جواب طلب کرلیا.

    کراچی پی آئی اے حادثہ 2020 کے متاثرین معاوضہ کے لئے رل گئے
    توجہ دلاؤ نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری دفاع زیب جعفر نے بتایا کہ کراچی میں پی آئی اے کا جہاز 2020میں طیارہ تباہ ہواتھا ، 97مسافروجہاز کا عملہ جاں بحق ہوا ۔ ہم نے سب کو معاوضہ دیا ہے ۔73 خاندانوں کو معاوضہ دیا گیا باقی عدالتوں میں چلے گئے ہیں ۔ توجہ دلاؤ نوٹس پر معین عامر نے کہاکہ حادثہ میں شہید ہونے والوں کا ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا ہے متاثرین عدالتوں میں رل رہے ہیں ان افراد کو معاوضہ دیا جائے ۔توجہ دلاؤ نوٹس قائمہ کمیٹی دفاع کو بھیج دیا گیا ۔

    وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025ایوان میں پیش کیا ۔جس پر نوید قمر نے اعتراض کیا کہ کمیٹی ممبر ہی بل ایوان میں پیش کرسکتا ہے جس پر ملک ابرار نے بل پر کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں ہیش کی ۔

  • اسلام آباد میں قتل، گینگ ریپ، زنا ،اغوا کے ہوشربا  کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں قتل، گینگ ریپ، زنا ،اغوا کے ہوشربا کیسز رپورٹ

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قتل، گینگ ریپ، زنا ،اغواء، اور اقدام قتل کے ہوشرباء کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف ہوا۔گزشتہ 3 برسوں 24 اپریل 2022 سے 24 اپریل 2025 تک دوران کل 4455 مقدمات درج ہوئے،گینگ ریپ کے کل 63 مقدمات درج کیے گئے گینگ ریپ میں 169 افراد ملوث پائے گئے۔

    کیسز کی تحریری تفصیلات وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں جمع کرادیں۔تین سالوں میں 7259 ملزمان مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے۔4499 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 2718 مفرور ہیں۔قتل کے مقدمات کی مجموعی تعداد 600 رہی قتل کے کیسز میں 2064 افراد ملوث پائے گئے قتل میں 1063 ملزمان گرفتار کیے گئے قتل کے جرم میں 1002 تاحال گرفتار نہ ہو سکے قتل کے مقدمات میں 387 چالان عدالتوں میں جمع کرائے گئے قتل کے 15 مقدمات منسوخ اور 61 تاحال ناقابل سراغ ہیں۔

    گینگ ریپ کے کل 63 مقدمات درج کیے گئے،گینگ ریپ میں 169 افراد ملوث پائے گئے ،گینگ ریپ کے گھناؤنے جرم میں سے 138 گرفتار اور 29 تاحال گرفتار نہ ہو سکے،زنا کے 2013 مقدمات درج ہوئے،زنا کے کیسز میں 1275 ملزمان گرفتار، 805 مفرور قرار پائے،زنا کے مقدمات میں 524 مقدمات زیر تفتیش رہے،اغوا اور اغواء برائے تاوان کے 875 مقدمات رپورٹ ہوئے،اغوا کے مقدمات میں 611 ملزمان گرفتار، 329 مفرور ہوئے اغواء کے 138 مقدمات زیر تفتیش ہیں،

    اقدام قتل کے 904 مقدمات درج کیے گئے اقدام قتل میں 3140 افراد ملوث پائے گئے اقدام قتل میں 2164 گرفتار کیے گئے 940 مفرور ہیں اقدام قتل کے 679 مقدمات کا چالان جمع ہوا جبکہ 27 منسوخ ہوئے سال 23-2022 میں 1419 مقدمات درج ہوئے سال 24-2023 میں 1527 مقدمات درج کیے گئے سال 25-2024 میں 1509 مقدمات سامنے آئے تین برسوں میں مجموعی طور پر 1784 ملزمان مفرور قرار پائے 164 مقدمات منسوخ جبکہ 451 مقدمات تاحال ناقابل سراغ ہیں

  • جہاز ٹائر کراچی میں چھوڑ دیں گے تو پابندی کس طرح ختم ہوگی،شرمیلا فاروقی

    جہاز ٹائر کراچی میں چھوڑ دیں گے تو پابندی کس طرح ختم ہوگی،شرمیلا فاروقی

    قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ 2023سے اب تک 10 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس اپنے وطن بھیج دیا گیا ہے، ہاکی کے لیے 119ملین روپے کا بجٹ دیاگیا، پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے فلائٹس کی بحالی کے حوالے سے مذاکرات ہورہے ہیں ۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہواتو اقبال آفریدی نے کہاکہ میرے حلقے میں لوگ شہید ہوئے ہیں اس پر کوئی بات نہیں کررہاہے اس کے بعد انہوں نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے دھرنا دے دیا ۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مذاکرات کرکے دھرنا ختم کروادیا۔

    وقفہ سوالات میں شرمیلا فاروقی نے کہاکہ جہاز ٹائر کراچی میں چھوڑ دیں گے لاہور میں غلط رن وے پر لینڈ کریں گے تو پابندی کس طرح ختم ہوگی ۔پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے کہاکہ پی آئی اے منافع میں ہوگئی ہے یورپ کی فلائٹس شروع ہوگئی ہیں یوکے کی فلائٹس کے لیے مذاکرات ہوئے ہیں مگر ابھی تک اس کی اجازت نہیں ملی ہے۔ برطانیہ کے لیے ترکش ائیر لائن کے ساتھ شیئرنگ شروع کردی ہے جس سے پی آئی اے کو منافع ہورہاہے ۔

    آغا رفیع اللہ نے کہاکہ بچوں کو تعلیم دیا ریاست کی زمہ داری ہے مگر او پی ایف سکولوں میں بچوں سے فیس لی جارہی ہے ۔وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ او پی ایف سکولوں میں فیس بہت کم بڑی ہے سرکاری سکولوں میں کوئی فیس نہیں لی جاتی ہے او پی ایف انہی فیسوں سے چلتا ہے ان سکولوں کو کوئی سرکاری فنڈ نہیں دیاجاتا ہے۔

    پارلیمانی سیکرٹری مختار بھرتھ نے بتایا کہ افغان مہاجرین میں سے اے سی سی ہولڈر کی تعداد 8لاکھ 13ہزار 146اور پی او آر کارڈ ہولڈرز کی تعداد 13لاکھ 1 ہزار 413 ہے ۔ افغان شہری ویزہ لےکر پاکستان آسکتے ہیں ۔ نومبر 2023 سے 7 مئی 2025 تک کل 10 لاکھ 2 ہزار 230افغان شہریوں کو واپس وطن بھیجا ہے ۔

    شرمیلا فاروقی نے کہاکہ ہاکی قومی کھیل ہے مگر ہر ٹورنامنٹ میں وہ کولیفائی نہیں کررہے ہیں اس کی کیا وجہ ہے وسائل خرچ ہورہے ہیں ۔کرن ڈار نے کہاکہ 119ملین روپے بجٹ ہم نے ہاکی کو دیا تھا کھیل میں سیاسی مداخلت کو کم سے کم کرنے کی کوشش کروں گی ۔ارکان قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ الاجز کے بارے میں شکایات کی بھرمار کردی۔ ارکان نے آؤٹ سورس کرنے کا مطالبہ کردیا.