Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا "صلاحیت بڑھاؤ، اپنا کماؤ”  پروگرام کاپہلا مرحلہ مکمل

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا "صلاحیت بڑھاؤ، اپنا کماؤ” پروگرام کاپہلا مرحلہ مکمل

    پاکستان کو آئی ٹی پارک بنائیں گے، جلد دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا،ملک وقاص سعید
    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا دس روزہ "صلاحیت بڑھاؤ، اپنا کماؤ” ڈیجیٹل روزگار پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ یہ پروگرام یکم مئی سے 10 مئی تک جاری رہا جس میں روزانہ دو گھنٹے کی آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

    دس روزہ "اپنا کماؤ” پروگرام میں پاکستان بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد نے بھرپور شرکت کی۔ کلاسز کو یوٹیوب، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کیا گیا جبکہ ملک بھر میں تین ہزار سے زائد فزیکل کلاس رومز کا بھی بندوبست کیا گیا جہاں مرد، خواتین اور بچے باقاعدگی سے شرکت کرتے رہے۔ کئی گھروں میں بھی خاندانوں نے اجتماعی طور پر کلاسز اٹینڈ کیں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اس پروگرام میں دلچسپی لی اور آن لائن کلاسز میں شرکت کی۔ بھارت کی جانب سے کشیدگی اور خطے کی حساس صورتحال کے باوجود نوجوانوں کی بڑی تعداد باقاعدگی سے کورس میں شرکت کر تی رہی

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ ملک وقاص سعید نے دس روز تک سبق پڑھائے اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔ملک وقاص سعید کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابی سے مکمل ہوا ہے اور اس کا اگلا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا۔ جن افراد نے کلاسز مکمل کی ہیں، انہیں اسناد (سرٹیفکیٹس) جاری کی جائیں گی۔ سرٹیفکیٹس کے اجراء کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ "اپنا کماؤ” کے دوسرے مرحلے اور مزید نئے کورسز کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ڈیجیٹل دنیا میں باعزت روزگار حاصل کر سکیں،ہم پاکستان میں اس پروگرام کو قومی تحریک بنائیں گے اور وطن عزیز کو آئی ٹی پارک میں تبدیل کریں گے .

  • معرکہ مرصوص، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر دنیا بھر میں جشن

    معرکہ مرصوص، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر دنیا بھر میں جشن

    افواج پاکستان کی شاندار فتح نے نہ صرف ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑائی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بھرپور جشن منایا جا رہا ہے۔ "معرکہ مرصوص” کے دوران بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی کامیاب کارروائی نے پاکستان کی افواج کی طاقت اور حکمت عملی کو عالمی سطح پر نمایاں کیا۔

    پاکستان میں ہر طرف خوشی کا ماحول ہے۔ مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور افواج پاکستان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں جشن منایا گیا،لوگوں نے پاکستان کے جھنڈے تھامے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔پاکستان کی فتح کا جشن صرف اندرون ملک تک محدود نہیں رہا۔ آذربائیجان میں بھی پاکستانی کمیونٹی اور مقامی افراد نے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اس فتح کا جشن منایا۔ آذربائیجان کے مختلف شہروں میں پاکستانی جھنڈے لہرا کر جشن کا ماحول بنایا گیا، جس سے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات میں مزید مضبوطی کی علامات ظاہر ہوئیں۔

    لندن میں بھی پاکستانی کمیونٹی نے افواج پاکستان کی فتح کا جشن منایا۔ پاکستانیوں نے سڑکوں پر آ کر پاکستان کے جھنڈے اٹھائے اور "پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ لندن کے مختلف علاقے جیسے ایبری، ہلینڈ پارک اور بریکسٹن میں پاکستانیوں کا جوش و جذبہ نمایاں تھا، اور وہاں کے شہریوں نے پاکستانی افواج کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

    پاکستان کی فتح نے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پورے امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑائی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانیوں کے علاوہ دوسرے مسلم ممالک کے لوگ بھی اس کامیابی پر خوش ہیں اور اس کا جشن منا رہے ہیں۔ یہ فتح عالمی سطح پر پاکستان کی قوت و استحکام کی علامت بن چکی ہے، جس نے دشمن کے عزائم کو شکست دی اور پاکستان کے عزم و حوصلے کو مزید مستحکم کیا۔پاکستان کی افواج کی یہ کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے وقار کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔

  • طلبا  پیزا منگواتے،ساتھ منشیات بھی ہوتی،عدالت کا بڑا حکم

    طلبا پیزا منگواتے،ساتھ منشیات بھی ہوتی،عدالت کا بڑا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے منشیات کی روک تھام کیس میں تعلیمی اداروں میں طلبہ کو براہ راست اشیاء کی ڈیلیوری روکنے کا حکم دے دیا۔

    تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام اور آگاہی کیلئے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے حکم دیا کہ طلبہ کو براہ راست ڈلیوریز روکیں، جو سکول اور کالج عمل درآمد نہیں کرتا اس کے خلاف کارروائی کریں۔ نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل تشکیل دی گئی یا نہیں، سیکرٹری کابینہ سے رپورٹ بھی طلب کر لی گئی،دوران سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل کیوں نہیں بنی؟ یہ بڑی ہائی پاور کونسل ہے، وزیراعظم سربراہ اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں، کیا آپ کو معلوم ہے کہ منشیات اسکولوں اور کالجوں میں داخل کیسے ہوتی ہے؟ کوریئر اور ڈلیوری والوں کے ذریعے سکولوں اور کالجوں میں منشیات پہنچتی ہیں، چیک کر کے بتائیں کہ کن کن سکولوں اور کالجوں میں کیا کیا ڈلیوریاں آتی ہیں، بچے پیزا وغیرہ منگواتے ہیں اور ساتھ منشیات بھی منگوا لیتے ہیں، جتنے ڈلیوری والے ہیں براہ راست ڈلیوری پہنچا رہے ہیں اس پر پابندی لگانی ہے۔

    جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کہ آپ اس پر عمل درآمد کر کے آئندہ تاریخ پر رپورٹ پیش کریں، چیک کریں کن کن سکولوں اور کالجوں میں کثرت سے ڈائریکٹ ڈلیوریز ہو رہی ہیں، جو اسکول اور کالج عمل درآمد نہیں کرتا اُن کے خلاف ایکشن لیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔

  • پاکستان کی فتح، اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،9900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

    پاکستان کی فتح، اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،9900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے اثرات پاکستانی اسٹاک ایکسچینج پر بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ بھارت کو بھرپور جواب دینے کے بعد، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی ہے، جس نے کاروباری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

    آج، کاروباری ہفتے کے پہلے روز، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا آغاز ہوا، جس کے دوران 100 انڈیکس میں 9929 پوائنٹس کا شاندار اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اس دوران 100 انڈیکس 117104 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا ہوا دکھائی دیا۔ اسی طرح، کے ایس سی 30 انڈیکس میں بھی 3020 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے کو آیا، جس کے بعد یہ انڈیکس 35668 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس تیزی کے نتیجے میں، کے ایس سی 30 انڈیکس 5 فیصد تک بڑھا، جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا کاروبار عارضی طور پر روک دیا گیا۔ اسی طرح 100 انڈیکس میں بھی تاریخی تیزی کے باعث کاروبار کو کچھ دیر کے لیے معطل کیا گیا، تاہم ایک گھنٹے بعد کاروبار دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی نے اسٹاک مارکیٹ پر گہرے اثرات مرتب کیے تھے۔ بھارتی حملے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی، جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی پھیل گئی تھی۔تاہم، پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے جانے والے بھرپور اور منہ توڑ جواب کے بعد، کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوئی تھی۔ اس صورتحال نے پاکستانی سرمایہ کاروں کی امیدوں کو جلا بخشی ہے اور کاروباری ماحول میں استحکام واپس لایا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں یہ تیز تر ریکوری، عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، اور پاکستان کے معاشی منظر نامے کے حوالے سے نئی امیدوں کی لہر پیدا ہوئی ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی میں بھی پی ٹی آئی کاملک دشمن بیانیہ

    پاک بھارت کشیدگی میں بھی پی ٹی آئی کاملک دشمن بیانیہ

    پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی متنازعہ بیانات اور ملک دشمنی کے رویے سے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ ایک طرف جہاں پاکستانی قوم اپنے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور ہر طرف پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج رہے تھے، وہیں دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور حامیوں نے مسلسل اداروں پر تنقید کی اور دشمن ملک بھارت کے حوالے سے ایسے بیانات دیے جن سے ان کی وطن دشمنی کی جھلکیاں سامنے آئیں۔

    پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے آغاز کے ساتھ ہی پی ٹی آئی کے حامی معروف یوٹیوبر عمران ریاض نے اپنی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ "یہ کوئی جنگ نہیں ہے، یہ صرف ایک نورا کشتی ہے تاکہ عوام میں اپنی عزت بحال کی جا سکے۔” یہ بیان عوام میں شدید تنقید کا باعث بنا، کیونکہ اس میں بھارتی خطرے کی سنگینی کو نظرانداز کیا گیا تھا.

    اسی دوران، عمران خان کی بہن علیمہ خان کا بھی ایک متنازعہ بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "مودی ایک بم مارے گا اور یہ باہر بھاگ جائیں گے یا چپ کر جائیں گے۔” اس بیان میں بھارت کے حملے کے خطرے کی شدت کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کے اداروں کو کمزور دکھانے کی کوشش کی گئی۔

    پی ٹی آئی کے ایک اور حامی، صحافی اور تجزیہ کار صابر شاکر نے بھی اس کشیدگی پر اپنی غیر سنجیدہ رائے دی۔ انہوں نے کہا تھا کہ "جہاں جہاں بھارت حملہ کرے گا، امریکہ نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ یہ سب پلانٹڈ ہے۔” اس بیان میں بھارت کی جارحیت کو محض ایک سیاسی کھیل قرار دے کر پاکستانی عوام کی قربانیوں کو معمولی سمجھا گیا۔

    پی ٹی آئی کی مشہور ٹک ٹاکر صنم جاوید نے بھی اسی طرح کا بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "بارڈر پر جاؤ، پاکستانیوں کو بہت بدمعاش بن کے دکھا لیا۔” اس قسم کے بیانات عوامی جذبات کو مجروح کرتے ہیں اور قوم کی یکجہتی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

    اسی طرح، پی ٹی آئی کی دیگر سوشل میڈیا ایکٹوسٹ شہر بانو اور ثمینہ پاشا نے بھی بھارتی زبان میں بات کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف ناپسندیدہ باتیں کیں۔ شہر بانو نے 26 فروری کو ہونے والی گولیوں کی فائرنگ کے حوالے سے کہا کہ "7 مئی کو ڈر گئے”، جب کہ ثمینہ پاشا نے بھارتی زبان میں کہتے ہوئے کہا کہ "بھارت کا پلٹ کر زور دار حملہ، پاکستانی ایئربیسز تباہ کردی۔”

    تاہم، جب پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا، تو بھارت سیز فائر کے لئے امریکہ کے سامنے بھیک مانگنے پر مجبور ہو گیا۔ پاکستان نے اس جنگ میں فتح حاصل کی، اور اس کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں کی زبان بدل گئی۔ اب وہی افراد جو پہلے پاکستان کے خلاف بیانات دے رہے تھے، سوشل میڈیا پر یہ کہنے لگے کہ "انہی ڈیجیٹل دہشتگردوں نے سوشل میڈیا پر جنگ لڑی ہے، باقی سب تو سوئے ہوئے تھے۔”

    اس واقعے سے یہ بات واضح ہوئی کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور اس کے حامیوں کی جانب سے بھارت کے خلاف ہونے والی کشیدگی کے دوران ملک کے ساتھ وفاداری کا مظاہرہ کم نظر آیا۔ ان بیانات نے عوامی سطح پر پی ٹی آئی کے حوالے سے ناپسندیدگی اور تشویش کو جنم دیا ہے.

  • پولیس کا فارم ہاؤس پر چھاپہ،مردو خؤاتین گرفتار،منشیات برآمد

    پولیس کا فارم ہاؤس پر چھاپہ،مردو خؤاتین گرفتار،منشیات برآمد

    لاہور کے علاقے باٹا پور میں پولیس نے ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا جہاں غیر قانونی ڈانس پارٹی جاری تھی۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے متعدد مرد و خواتین کو حراست میں لے لیا اور شراب و دیگر منشیات بھی برآمد کیں۔

    پولیس کے مطابق انہیں فارم ہاؤس پر غیر قانونی پارٹی کی اطلاع ون فائیو پر ملی تھی، جس کے بعد کارروائی کی گئی اور 100 سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں کو حراست میں لیا گیا،کارروائی کے بعد پولیس نے 15 سے زائد خواتین اور 40 سے زیادہ مردوں پر مقدمہ درج کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دوران شراب نوشی اور منشیات کا استعمال ہو رہا تھا۔نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق کئی افراد کو ان کے ورثا کے ساتھ ساز باز کے بعد رہا کر دیا گیا، لیکن پولیس نے واضح کیا کہ تحقیقات جاری ہیں۔

    اس دوران ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں خواتین کو بغیر لیڈی کانسٹیبل کے پولیس گاڑی میں منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کی کارروائی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران شراب اور منشیات کی برآمدگی نے اس بات کو ثابت کیا کہ پارٹی میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری تھیں۔ مزید تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے مزید افراد کو بھی شامل تفتیش کرنے کا عندیہ دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور آئندہ اس قسم کی پارٹیوں کے انعقاد کو سختی سے روکا جائے گا۔

  • امن کی حمایت پر ہندو انتہا پسندوں کی خاتون صحافی کو دھمکیاں

    امن کی حمایت پر ہندو انتہا پسندوں کی خاتون صحافی کو دھمکیاں

    بھارت کی نامور سینئر صحافی عارفہ خانم شیروانی کو جنگ کے خلاف اور امن کے حق میں بیان دینے پر ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے نفرت انگیز مہم، دھمکیوں اور فحش پیغامات کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

    عارفہ خانم شیروانی دی وائر کی سینئر ایڈیٹر اور ایوارڈ یافتہ صحافی ہیں تاہم جنگ کے خلاف اور امن کے حق میں بیان دینے پر ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے انہیں ملک دشمن اور غدار قرار دیا جا رہا ہے۔فیکٹ چیکنگ ادارے آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے مطابق یہ ہراسانی محض اتفاقیہ نہیں ہے، یہ ہندوتوا نائٹ نامی اکاؤنٹ سے کی جا رہی ہے جو پہلے بھی کئی مسلم صحافیوں کو نشانہ بنا چکا ہے،بھارتی پولیس اور حکومت کی جانب سے نامور مسلم خاتون صحافی عارفہ خانم شیروانی کو ملنے والی دھمکیوں پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    اس حوالے سے ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت کی ہندو انتہا پسند سرکار کی خاموشی ایسے حملوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں میں خوف و ہراس پھیلتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے منہ توڑ جواب کھانے کے بعد بھارتی میڈیا اور حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بھارتی اپوزیشن جماعتوں اور سینئر صحافیوں کی جانب سے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے.

    آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ بھارت کو منہ توڑجواب, افواج پاکستان نےجوکہا، وہ کرکے دکھایا

    بھارتی جارحیت، ڈی ڈبلیو نے بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈا اور فیک نیوزکو بےنقاب کردیا

  • آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ بھارت کو منہ توڑجواب, افواج پاکستان نےجوکہا، وہ کرکے دکھایا

    آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ بھارت کو منہ توڑجواب, افواج پاکستان نےجوکہا، وہ کرکے دکھایا

    پاکستان نےمتعدد بار بھارت کو خبردار کیا تھا کہ وہ پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھے،آرمی چیف نے اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص قوم سے کیے گئے اس وعدے کی تکمیل ہے، الحمدللہ!

    آرمی چیف نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دے کر کہا تھا کہ اللہ کی مدد اور نصرت سے یہ کتنی مرتبہ ہوا کہ ایک چھوٹی طاقت نےبڑی طاقت کو شکست دی،الحمدللہ !تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ افواج پاکستان اور قوم ہر جاریت کے خلاف پوری قوت سےسیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے ہیں،علاقائی سالمیت اورخودمختاری کے تحفظ کی لیے پاکستان میں بھرپور دفاعی صلاحیت موجود ہے،ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں، 13 لاکھ بھارتی فوج اپنے تمام تر ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اوردھمکا نہیں سکتی، ہمارے آباؤ اجداد نے اور ہم نے اس ملک کو بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اسکی حفاظت کرنا بھی جانتےہیں

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ ہم بھارت کی طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہے، اب ہمارے جواب کا انتظار کرو .

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت پر کس طرح منہ توڑجواب دے کر بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا،افواج پاکستان نے اپنے جذبہ شوق شہادت اور عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا تصور بھی نہیں کر سکتی،

  • بھارتی جارحیت، ڈی ڈبلیو نے بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈا اور فیک نیوزکو بےنقاب کردیا

    بھارتی جارحیت، ڈی ڈبلیو نے بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈا اور فیک نیوزکو بےنقاب کردیا

    بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف جارحیت کے دوران گمراہ کُن پروپیگنڈا کیا،عالمی نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو نےفیکٹ چیک کے ساتھ بھارتی اکاؤنٹس سے شیئر ہونے والی ویڈیوزکوجھوٹا ثابت کردیا،ڈی ڈبلیو کے مطابق کچھ دن پہلے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پاکستان کےشہر سیالکوٹ پر حملے کی ویڈیو شیئر کی گئی، بھارتی سوشل میڈیاپرشیئرکی گئی سیالکوٹ پرحملےکی یہ ویڈیوجھوٹ پرمبنی ہے، ویڈیوایک ماہ پرانی اور ممبئی میں گیس سلنڈر کے ہونے والے دھماکے کی تھی ، بھارتی اکاؤنٹ سے ڈی جی آئی ایس پی آر کی اے آئی سے بنائی گئی فیک ویڈیو بھی شیئرکی گئی، ویڈیو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے اصل ادا کئےالفاظ کو اے آئی کی مدد سے بدلا گیا، بھارتی اکاؤنٹس سےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتی جارحیت کی حمایت میں ویڈیوبھی شیئر کی گئی ،فیکٹ چیک سے واضح ہےکہ ویڈیواے آئی سے بنائی گئی اور امریکی صدرنے ایساکوئی بیان نہیں دیا ،فیک ویڈیوز لوگوں کو اشتعال دلا سکتی ہیں انہیں شیئرکرنے سے پہلےفیکٹ چیک ضرورکرناچاہئے،

    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے ہمیشہ گمراہ کن پروپیگنڈا اور جھوٹ پھیلا کر حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے، بین الاقوامی میڈیا بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کررہا ہے،جس سےبھارت کااصل اور مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے،

  • پاکستان مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اٹھانے میں کامیاب ہو گیا،عمر عبداللہ

    پاکستان مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اٹھانے میں کامیاب ہو گیا،عمر عبداللہ

    مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    انہوں نے اس بات کو اہمیت دی کہ اگرچہ پاک بھارت جنگ کے نتیجے میں بہت سی چیزیں بدل چکی ہیں، مگر ایک بات جو بدلی نہیں ہے، وہ ہے پاکستان کا کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم،عمر عبداللہ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کی وجہ سے صورتحال میں کافی تبدیلی آئی ہے، لیکن پاکستان نے مسلسل کشمیر کے مسئلے کو عالمی فورمز پر اٹھایا ہے، جس میں وہ کامیاب بھی رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے سے قبل، پہلگام کے متاثرین کو انصاف نہیں مل سکا، لیکن اس کے باوجود پاکستان نے عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ عمر عبداللہ کے مطابق اس جنگ کے نتیجے میں کشمیر کے مسئلے کی اہمیت دنیا بھر میں مزید بڑھ گئی ہے اور اب امریکا جیسے عالمی طاقتیں بھی اس مسئلے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

    عمر عبداللہ نے یہ بھی کہا کہ امریکا اس مسئلے میں نگران یا ثالثی کے کردار کو ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر کشمیر کے معاملے کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر اب بین الاقوامی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔