Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سعودی وزیر مملکت خارجہ  اسلام آباد پہنچ گئے

    سعودی وزیر مملکت خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: سعودی وزیر مملکت خارجہ امور عادل الجبیر پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ سعودی وزیر نے پاکستان کے حکام کے ساتھ اہم ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے، جن میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

    پاکستان آمد پر سعودی وزیر مملکت عادل الجبیر کا استقبال پاکستانی حکام نے کیا۔ ان کے دورے کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف بین الاقوامی مسائل پر تعاون بڑھانا ہے۔دورے کے دوران سعودی وزیر مملکت عادل الجبیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی بات چیت کریں گے۔ سعودی عرب پاکستان کی سلامتی اور امن کے حوالے سے ہمیشہ حمایت کرتا آیا ہے ،عادل الجبیر پاکستان کے وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔

  • ایل او سی،بھارتی جارحیت،دو دن میں‌23 شہری شہید،8 بچوں ،17 خواتین سمیت 80 زخمی،141 مکانات تباہ

    ایل او سی،بھارتی جارحیت،دو دن میں‌23 شہری شہید،8 بچوں ،17 خواتین سمیت 80 زخمی،141 مکانات تباہ

    آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کی جانے والی گولہ باری اور فائرنگ سے جانی و مالی نقصان کی تازہ ترین تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

    گزشتہ رات بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں 6 شہری شہید اور 29 افراد زخمی ہوئے۔ ان زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسی دوران 7 اپریل کو ہونے والی بھارتی گولہ باری میں ایک بچہ اور 5 خواتین سمیت 17 افراد شہید ہوئے تھے۔ایس ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ بھارتی گولہ باری کے دوران اب تک 8 بچوں اور 17 خواتین سمیت 51 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔بھارتی گولہ باری نے مقامی آبادی کی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 141 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں، جس کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور ان کی روزمرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔

    پاکستانی فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کئی بھارتی چیک پوسٹوں اور بٹالین ہیڈ کوارٹرز کو تباہ کر دیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر کی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری کا بھرپور جواب دیا جائے گا تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

    ایس ڈی ایم اے اور دیگر امدادی ادارے علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ ساتھ ہی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں مزید فوجی دستے تعینات کر دیے ہیں تاکہ سیکیورٹی کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔

  • بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

    بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ، شفقت علی خان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ ایک پریس بریفنگ کے دوران، شفقت علی خان نے بھارت کی جارحیت کی مذمت کی اور پہلگام واقعے میں پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا۔

    انہوں نے کہا کہ "ہم بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے گزشتہ روز کی پریس بریفنگ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، جس کا پاکستان نے جواب دیتے ہوئے ان الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ریکارڈ کو درست کرے اور پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ عالمی تحقیقات کے لیے نیک نیتی کے ساتھ پیشکش کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کے حالیہ اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی حملوں اور پٹھان کوٹ حملے کے مقدمات میں بھارت کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے فیصلے مکمل نہیں ہو سکے،سمجھوتہ ایکسپریس کے سانحے میں 40 پاکستانیوں کے قتل کے ذمہ داروں کو ابھی تک انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا،” ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔بھارت کی جانب سے جنگی جنون کا مظاہرہ اور سوشل میڈیا کے ذریعے حملوں کی اجازت دینا عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے انڈس واٹر ٹریٹی (سندھ طاس معاہدہ) کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کی بھی شدید مذمت کی۔ بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی معاہدوں کو نظر انداز کرنے کی علامت ہے۔ "سندھ طاس معاہدہ کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں، بلکہ یہ ایک عالمی معاہدہ ہے جس کی پاسداری کی جانی چاہیے۔”

    اس کے علاوہ، ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ برطانوی وزیر خارجہ، ڈیوڈ لیمی نے پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے بارے میں برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ بھارتی حملوں میں معصوم خواتین، بچے اور بزرگ شہید ہوئے، اور پاکستان نے بین الاقوامی قوانین اور یو این چارٹر کی خلاف ورزی پر صبر کا مظاہرہ کیا، تاہم پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں اپنے شہریوں اور اپنی خودمختاری کا تحفظ کرے گا اور عالمی سطح پر بھارت کے جرائم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔

  • وفاقی بجٹ کی تیاری، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

    وفاقی بجٹ کی تیاری، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

    اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی بجٹ 2025-2026 کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین سے مشاورت کی گئی۔ اس اجلاس کا مقصد ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانا تھا۔

    وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ "ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہے۔ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے اور غریب و متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔” وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجٹ کی تیاری میں برآمدات پر مبنی ہائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ صنعتی ترقی اور پیداوار میں اضافے کو فروغ دیا جا سکے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ "نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت دے کر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ وفاقی بجٹ میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور ہاؤسنگ کے شعبوں پر بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ ان تمام شعبوں میں بے حد استعداد موجود ہے۔”

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کا فروغ اگلے بجٹ میں حکومتی ترجیح ہو گا” اور کہا کہ "پاور سیکٹر میں حکومتی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ صنعتوں کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی حکومت کی صنعت و پیداوار کے فروغ کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔”

    وزیراعظم نے حکومت کے نظام کو شفاف بنانے اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے آٹومیشن اور ڈیجیٹالائزیشن کو فروغ دینے کی بات بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کے حوالے سے رائٹ سائزنگ کا عمل اگلے مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا۔”اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے نجی شعبے سے مشاورت کا عمل گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں سے اسٹیک ہولڈرز کے مشاورتی سیشنز بھی کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2025-2030 تک کا پانچ سالہ ٹریڈ پالیسی فریم ورک جلد مکمل کر لیا جائے گا، ای کامرس 2.0 فریم ورک بھی تکمیل کے قریب ہے اور ٹیرف ریشنلائزیشن کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔کاروباری شخصیات اور ماہرین کے وفد نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تجاویز دیں، جس پر وزیراعظم نے ان کی قابل عمل تجاویز کو بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔وزیراعظم نے تمام شرکاء کی تجاویز کو سراہا اور ان کی مدد سے آئندہ بجٹ کو ملک کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

  • متعدد حج پروازیں منسوخ اور تعطل کا شکار رہیں

    متعدد حج پروازیں منسوخ اور تعطل کا شکار رہیں

    ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن وقتاً فوقتاً بند ہونےکے باعث متعدد حج پروازیں منسوخ اور تعطل کا شکار ہو گئی ہیں.

    ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 7سے 9 مئی کے دوران 13 حج پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا،تین روز کے دوران 4 حج پروازیں منسوخ، 9 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں،اسلام آباد اور لاہور سے سعودی ائیرلائن کی دو، دو حج پروازیں منسوخ ہوئیں، لاہور سے تین، اسلام آباد،کوئٹہ سے دو، دو جبکہ ملتان اور کراچی سے ایک ایک حج پرواز تاخیر کا شکار ہوئی،فلائٹ آپریشن کی عارضی بندش کے باعث 3 ہزار 80 عازمین حج کا شیڈول متاثرہوا، بیشتر پروازیں چند گھنٹوں کے التواء کے بعد عازمین حج کو لیکر روانہ ہوگئیں،پروازوں کی منسوخی کے باعث رہ جانے والے 345 عازمین حج کو اسلام آباد سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے آج روانہ کردیا گیا،مزید 540 عازمین کو اسلام آباد اور لاہور سےخصوصی پروازوں کے زریعے روانہ کیا جائے گا، وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کے شیڈول سے متعلق معلومات کی فوری اور مؤثر فراہمی کے لیے ہیلپ لائن ( 0519216980 ) قائم کر دی ہے ،ہیلپ لائن پر کال کر کے عازمین حج اپنی پروازوں کے اوقات اور روانگی سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کر سکتے ہیں، عازمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پروازوں سے متعلق معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے بھی رابطے میں رہیں،

  • حب الوطنی سے بھرپور ترانہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” جاری

    حب الوطنی سے بھرپور ترانہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” جاری

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے پاکستان کے معروف ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم باغی ٹی وی نے نیا ملی ترانہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” جاری کر دیا ہے۔ یہ ترانہ صرف ایک گیت نہیں، بلکہ قومی یکجہتی، عزم اور افواج پاکستان سے محبت کا مظہر ہے۔ترانہ عافی بخشی نے گایا ہے، جس کے بول کا آغاز "پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ” جیسے نعرے سے ہوتا ہے۔ اس ابتدائی مصرع نے ہی ترانے کو ایک دینی اور قومی فریم میں باندھ دیا ہے، جس سے سامعین کے دلوں میں حب الوطنی کی چنگاری بھڑک اٹھی ہے۔

    ترانے میں پاکستانی قوم کی حب الوطنی اور وطن سے غیر مشروط محبت،دشمن کے خلاف قربانی دینے کے جذبے کا اظہار،افواج پاکستان کی جرات و بہادری کی تعریف،دفاع وطن کے لیے ہر قیمت چکانے کے عزم کی یاددہانی کا ذکر کیا گیا ہے،ترانے میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے تاریخی الفاظ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کو شامل کیا گیا ہے، جو ملک دشمن قوتوں کو ایک واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا.

    باغی ٹی وی نے یہ ترانہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا، جسے عوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے اسے "جذبہ بیدار کرنے والا”، "وقت کی ضرورت” اور "افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار” قرار دیا ہے۔”پاکستان ہمیشہ زندہ باد” صرف ایک ترانہ نہیں، بلکہ یہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے جو دشمن کو واضح پیغام دیتا ہے کہ یہ وطن کل بھی قائم تھا، آج بھی ہے اور قیامت تک قائم رہے گا۔

  • مرید کے،بھارتی حملے میں شہید مسجد ام القریٰ میں نمازجمعہ ادا

    مرید کے،بھارتی حملے میں شہید مسجد ام القریٰ میں نمازجمعہ ادا

    مودی سن،جذبہ ایمانی سب سے بڑا ہتھیار ہے ، مولانا ابوذر

    مرید کے ،بھارتی حملے میں شہید جامع مسجد ام القریٰ میں نماز جمعہ ادا کی گئی،شہریوں میں اس موقع پر بھر پور جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ مسجد ام القریٰ پر بھارتی حملے میں تین شہری شہید ہوئے ،یہاں آنے والاہر فرد اپنی جان قربان کو تیار ہے

    جمعہ کے روز بھارتی حملے میں شہید ہونے والی مسجد ام القریٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل شہریوں نے مسجد کی صفائی کی،ملبے کو اٹھایا اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جگہ بنائی، جامع مسجد ام القریٰ میں نماز جمعہ مولانا ابو ذر نے پڑھایا،نماز جمعہ میں بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد بھی پاس کی گئی، مولانا ابوذر کا کہنا تھا کہ مسجد ام القریٰ سے آج اعلان کرتے ہیں کہ مودی سن،جذبہ ایمانی سب سے بڑا ہتھیار ہے، رافیل کی تباہی کروا لی ،ہم تیار وبیدار اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں،

    نماز جمعہ کے بعد شرکا نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی، اس موقع پر شہریوں نے پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگا رہے تھے.

  • ہم دو سو فیصد تیار ہیں ،پوری قوم کو اطمینان ہونا چاہیے،وزیر دفاع

    ہم دو سو فیصد تیار ہیں ،پوری قوم کو اطمینان ہونا چاہیے،وزیر دفاع

    وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے آج قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ "کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ پاک فوج دن رات اپنی کارروائیاں کر رہی ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے اور ہر وقت چوکسی کی حالت میں ہے۔خواجہ آصف نے قوم کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ "ہم دو سو فیصد تیار ہیں اور پوری قوم کو اطمینان ہونا چاہیے۔” ان کا کہنا تھا کہ بھارتی عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنایا جا چکا ہے اور بھارت کے حوصلے ہم نے پست کر دیے ہیں۔ وزیرِ دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ چند دنوں میں پاکستان کی دفاعی حکمت عملی مزید واضح ہوگی اور اس وقت دکھایا جائے گا کہ پاکستان کس طرح اپنی سرحدوں کی حفاظت کر سکتا ہے۔

    خواجہ آصف نے بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان کی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔

  • تکبیر….دو دن میں بھارتی 77 ڈرون پاکستان نے کئے تباہ

    تکبیر….دو دن میں بھارتی 77 ڈرون پاکستان نے کئے تباہ

    افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے اب تک بھارت کے 77 ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 مئی کی شام تک بھارت کے 29 ڈرونز کو مار گرایا گیا تھا، جب کہ کل رات سے آج دن تک مزید 48 بھارتی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔ ان ڈرونز کی تباہی نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔پاک فوج نے بھارتی ڈرونز کے خلاف سخت کارروائی کی اور ان کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ ان ڈرونز کے ذریعے بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جا رہی تھی۔ تاہم، پاک فوج نے اپنے جدید فضائی دفاعی نظام کا استعمال کرتے ہوئے ان ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی افواج دشمن کی جارحیت کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کر رہی ہیں اور دشمن کے کسی بھی حملے کا سخت جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

  • افواج پاکستان نے بہادری کے ساتھ ملک کا دفاع کیا، مولانا فضل الرحمان

    افواج پاکستان نے بہادری کے ساتھ ملک کا دفاع کیا، مولانا فضل الرحمان

    جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت میں ہمارے بھائی ،بہنیں شہید ہوئی، افواج پاکستان نے جس بہادری کے ساتھ دفاع کیا خراج تحسین پیش کرتا ہوں

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج جمعہ کا دن ہے، جے یوآئی نے پورے ملک میں دفاع وطن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کی مذمت کریں‌پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں، قوم کو متحد ہونےکا درس دیں،11 مئی کو پشاور میں ملین مارچ ہو گا، پاکستان کی عوام شریک ہو گی،15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ ہو گا بلوچستان کی عوام یکجہتی کا اظہار کرے گی، حکومت نےکہا ہے کہ نوجوان شہری دفاع کے لئے نام لکھوائیں ،ہمارے پاس انصارالاسلام کا شعبہ ہے،جہاں بھی ضرورت پڑی انصار الاسلام مدد کرے گی،

    مولانا فضل الرھمان کا کہنا تھاکہ بھارت نے مساجد کو نشانہ بنایا، میں عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں‌کہ آج اگر پاکستان کے دفاع میں پہلے مورچے پر کوئی لڑ رہا ہے یا لڑنے کا عزم رکھتا ہے تو وہ دینی مدرسے کا نوجوان ہے، جو بین الاقوامی دباؤ میں رہتا ہے،مدارس کے حوالہ سے قانون سازی اور اس طرح کے معاملے ختم ہونے چاہیے،مدارس دفاع وطن میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں، ملکی دفاع میں اگر میں آپ کے ساتھ ایک صف میں کھڑا ہوں تو آپ کو بھی میرے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا.ایک ہی قومی بیانیہ ہونا چاہئے، بھانت بھانت کی بولیاں، اس کی حوصلہ شکنی کروں گا،یہ جنگ ہے، جنگ میں پھول نہیں بکھیرے جاتے آگ برستی ہے