Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارتی بزدلانہ کاروائی، چین، جاپان کا ردعمل بھی آ گیا

    بھارتی بزدلانہ کاروائی، چین، جاپان کا ردعمل بھی آ گیا

    چین نے بھارت کی آج صبح کی فوجی کارروائی کو افسوسناک قرار دے دیا،جاپان کا بھی پاک بھارت کشیدگی پر ردعمل سامنے آیا ہے.

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا کہنا ہے کہ ہم موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ہمسایہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں چین کے بھی ہمسایہ ہیں، چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، فریقین پر زور دیتے ہیں کہ امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں، تحمل سے کام لیں، صبر و ضبط کا مظاہرہ کریں، فریقین اقدامات سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

    جاپان نے بھارت کی جانب سے رات گئے پاکستانی شہریوں پر کئے گئے فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ، جاپان نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال مستحکم کرنے پر زور دیا ہے،جاپانی چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیماسا حیاشی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی انتقامی کارروائیوں کو بھڑکا سکتی ہے اور صورتِ حال کے مکمل فوجی تصادم میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے،پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال کو مستحکم کریں۔

  • پاکستان کے آبی ذخائر پر بھی بھارتی جارحیت،نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنایا

    پاکستان کے آبی ذخائر پر بھی بھارتی جارحیت،نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنایا

    پاکستان کے آبی ذخائر اور توانائی کے اہم منصوبوں پر بھارت نے ایک بزدلانہ حملہ کیا، جس سے پاکستان کی سکیورٹی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنایا، جو کہ ایک اہم آبی ذخیرہ اور توانائی کا منصوبہ ہے۔

    بھارتی فورسز نے گزشتہ شب تقریباً دو بجے نوسیری ڈیم پر واقع انٹیک سٹرکچر پر گولہ باری کی۔ یہ سٹرکچر دریائے نیلم پر واقع ہے اور اس کا مقصد پاکستان کے ہائیڈرو پروجیکٹ کے آپریشن کو متاثر کرنا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس حملے میں ایک ڈی سینڈرز یونٹ میں واقع انٹیک گیٹس کو نقصان پہنچا، جو اس ہائیڈرو پروجیکٹ کے لئے اہم تھے۔گولہ باری سے نہ صرف انٹیک گیٹس کو نقصان پہنچا بلکہ ہائیڈرولک سسٹم کے ایک ہائیڈرو پروٹیکشن یونٹ کو بھی شدید نقصان ہو مزید برآں، حملے میں ایک ایمبولینس بھی نشانہ بنی، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بھارت نے انسانی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالا۔

    سکیورٹی ذرائع نے واضح طور پر کہا ہے کہ آبی ذخائر جیسے حساس مقامات پر حملہ کرنا بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ عالمی سطح پر آبی ذخائر اور توانائی کے منصوبوں پر حملے کو جنگی جرم قرار دیا جاتا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے اس جارحانہ عمل کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بھارت کی اس بدترین جارحیت کا سخت نوٹس لیا جائے۔پاکستان کی حکومت اور فوج نے بھارت کے اس حملے کو نہ صرف اپنے آبی ذخائر پر حملہ بلکہ ایک عالمی سطح پر جنگی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ پاکستان نے اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے

  • بھارتی حملے بزدلی، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ،منہ توڑ جواب ملے گا،خالد مسعود سندھو

    بھارتی حملے بزدلی، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ،منہ توڑ جواب ملے گا،خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں پاکستانی شہروں پر کیے گئے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے فوری اور منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، بھارتی جارحیت قابلِ مذمت ہے اور یہ حملے بھارت کی بزدلی اور کمزوری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے رافیل طیاروں سمیت پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جو اس بات کی علامت ہے کہ افواجِ پاکستان دفاع وطن کے لیے ہر وقت تیار اور بیدار ہیں۔بھارتی حملے میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں.

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں قوم شریک ہو، مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان زخمیوں کی تیمارداری کے لیے ان کے گھروں میں جائیں گے،مرکزی مسلم لیگ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت جیسے ازلی دشمن کے مقابلے کے لیے ہر سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گی، آج کا دن پاکستانی قوم کے اتحاد اور افواج کے جذبۂ شہادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    خالد مسعود سندھو نے مرکزی مسلم لیگ کے تمام کارکنان کو ہنگامی حالات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال میں قومی دفاع کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

  • لاہور،سیالکوٹ آنے والی پروازوں کی کراچی لینڈنگ

    لاہور،سیالکوٹ آنے والی پروازوں کی کراچی لینڈنگ

    بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں بے چینی: کراچی ایئرپورٹ پر پروازیں لینڈ کرائی جا رہی ہیں

    آج بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں بزدلانہ میزائل حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں بے چینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ لاہور، اسلام آباد، اور سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں سے آنے والی پروازوں کو فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا جا رہا ہے تاکہ فضائی آپریشن کو محفوظ بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، بھارتی میزائل حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود تمام پروازوں کا رخ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس دوران، کراچی کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھول دی گئی ہے تاکہ دیگر ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن متاثر نہ ہو۔ اس کے علاوہ، مختلف بین الاقوامی پروازیں جو پاکستان کی فضائی حدود سے گزر رہی تھیں، ان کا رخ بھی کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔

    سعودی ائیرلائن کی جدہ سے اسلام آباد جانے والی پرواز اور جدہ سے لاہور جانے والی پروازوں کو بھی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا ہے۔ اسی طرح، ابوظبی سے نئی دہلی جانے والی اتحاد ایئر لائن کی پرواز (جو پاکستانی فضائی حدود میں تھی) بھی کراچی کی جانب موڑ دی گئی۔سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر اور حکومت پاکستان کے احکامات کی بناء پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اگلے نوٹس تک تمام فلائٹ آپریشنز کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد فضائی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

    دوسری جانب، پاکستان کی قومی ائیرلائن (پی آئی اے) نے آج کی تمام پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نجی فضائی کمپنیوں نے بھی کراچی سے آپریٹ ہونے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر، مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ہے اور انہیں متبادل انتظامات کے تحت روانہ کیا جا رہا ہے۔

  • بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید،46 زخمی ہوئے،ترجمان پاک فوج

    بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید،46 زخمی ہوئے،ترجمان پاک فوج

    ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ کاروائی کی،مسجدوں کو نشانہ بنایا گیا ،چھ
    مقامات پر حملے کئے گے جس میں 26 سویلین شہید،46 زخمی ہیں،سب سے زیادہ شہادتیں احمد پور شرقیہ میں ہوئی، جن کی تعداد تیرہ ہے،مظفر آباد مسجد بلال پر حملے میں 3 شہید ہوئے ہیں ۔ کوٹلی میں 2 ، مریدکے میں 3 شہری شہید ہوئے،پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا،

    بھارت کے 5 طیارے ،ایک ڈرون گرایا، ترجمان پاک فوج
    ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے حملے میں پہل کی گئی ،پاکستان فضائیہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں، انڈیا نے بارڈر پر گولا باری کی جس کا پاکستان نے دہندگان شکست جواب دیا اور انڈیا کی چوکیاں تباہ کیں،اب تک افواج پاکستان نے دشمن کے جارحیت کے دفاع میں 5 بھارتی طیارے اور ایک کمبیٹ ڈرون مار گرایا ہے، گرائے گئے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 21 اور ایک ایس یو 31 شامل ہے۔ طیارے جموں، بھٹنڈا، اخنور، سرینگر میں گرائے گئے۔ پاکستان نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گرایا جب بھارت کے ان طیاروں نے پاکستان پر حملہ کیا، حملے کے فورا بعد پاکستانی ائیر فورس نے 5 جہاز مار گرائے، مساجد پر حملے بھارت کی تنگ نظری کو ظاہر کرتا ہے،

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کیے گئے حملوں میں مساجد کو نشانہ بنانا بھارت کی تنگ نظر سوچ اور انتہاپسندی کی عکاسی کرتا ہے۔احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید ہو گئے۔ ان شہادتوں میں 7 خواتین اور 3 سال کی 2 بچیاں بھی شامل ہیں۔مریدکے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے مجموعی طور پر 46 شہری زخمی ہوئے ہیں۔پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 طیارے مار گرائے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج نے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیارے اور 2 مگ طیارے مار گرائے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی پر بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے نیلم جہلم پراجیکٹ پر نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا، بھارت کی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے اور پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی غلط فہمی کو فوری طور پر درست کیا جائے گا۔پاکستان صرف اپنے دفاع میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے گا اور بھارتی جارحیت کو بھرپور طریقے سے روک دیا جائے گا۔

  • رافیل زمین بوس ہونے کے بعد کمپنی کے عالمی مارکیٹ میں شیئرز میں کمی

    رافیل زمین بوس ہونے کے بعد کمپنی کے عالمی مارکیٹ میں شیئرز میں کمی

    گزشتہ رات بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانچ مقامات پر میزائل داغے جانے کے بعد عالمی سطح پر فرانسیسی کمپنی کی شہرت کو دھچکا لگا ہے۔ بھارت کی جانب سے اس حملے کے جواب میں پاک فضائیہ نے اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے چھ جنگی طیارے رافیل طیاروں سمیت اور ایک ڈرون مار گرایا۔

    خیال رہے کہ مار گرائے جانے والے بھارتی طیاروں میں فرانسیسی ساختہ 3 جدید رافیل لڑاکا طیارے بھی شامل تھے۔ یہ طیارے بھارت نے حالیہ برسوں میں فرانس سے خریدے تھے اور ان کا شمار جدید ترین لڑاکا طیاروں میں کیا جاتا ہے۔پاکستان کی جانب سے بھارت کے جنگی طیاروں کی تباہی کے بعد فرانسیسی کمپنی کے عالمی مارکیٹ میں شیئرز میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ رافیل طیارے کی تیاری کرنے والی کمپنی، جس نے بھارت کو یہ طیارے فراہم کیے تھے، کی مارکیٹ ویلیو متاثر ہوئی ہے، کیونکہ ان طیاروں کی ہزیمت نے عالمی سطح پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا ہے۔

    پاکستان کی کامیاب کارروائی اور بھارت کے جدید رافیل طیاروں کی تباہی نے نہ صرف بھارتی فضائیہ کی صلاحیتوں کو سوالیہ نشان بنا دیا بلکہ عالمی سطح پر بھی اس واقعے نے ایک نیا تنازعہ جنم لیا ہے جس کا اثر فرانسیسی کمپنی کی عالمی مارکیٹ پر پڑ رہا ہے۔

  • ایل اوسی،مارٹر گولوں سے حملے،مزید بھارتی پوسٹیں تباہ

    ایل اوسی،مارٹر گولوں سے حملے،مزید بھارتی پوسٹیں تباہ

    پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی مزید پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی جوابی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں، جن میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

    پاک فوج کی جوابی کارروائیوں میں لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی دھرمسل-1 اور دھرمسل-2 پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جنہیں تباہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دشمن کی ان پوسٹوں کو مارٹر گولوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں بھارتی پوسٹیں دھویں کے بادلوں میں لپٹ گئی ہیں۔اسی دوران، لائن آف کنٹرول کے نیزہ پیر سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کی شاہپور-3 پوسٹ کو پاک فوج نے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی بھی مارٹر گولوں کے ذریعے کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں دشمن کی اس پوسٹ پر شدید نقصان پہنچا۔

    سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی فوج کی جارحیت کا پاک فوج اُسی کی زبان میں جواب دے رہی ہے، اور دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو ثابت کرتے ہوئے دشمن کے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    بھارتی فورسز کی جارحیت کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج کے حوصلے بلند ہیں، اور وہ ہر ممکن طریقے سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔

  • بھارتی بزدلانہ حملہ، پاکستان کا جواب،مودی کی کشیدگی کم کروانے کی کوشش

    بھارتی بزدلانہ حملہ، پاکستان کا جواب،مودی کی کشیدگی کم کروانے کی کوشش

    پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال کے بعد بھارت نے اپنی جارحیت کا آغاز کیا، جس کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ اس حملے اور جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے اپنے آپ کو تنہا اور بوکھلاہٹ کا شکار پایا، اور اب عرب دنیا سے کشیدگی کم کرانے کے لیے سفارتی سطح پر رابطے بڑھا دیے ہیں۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق، بھارتی حکام نے عرب دنیا کے اہم حکمرانوں سے رابطہ کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ بھارتی حکام نے خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں اہم کردار ادا کریں تاکہ خطے میں مزید خونریزی اور جنگی ماحول نہ بنے۔پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی میں 5 بھارتی طیارے مار گرائے گئے، جبکہ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 حملے کیے گئے جس میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی اور 2 افراد لاپتہ ہوگئے۔

    متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشیدگی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ شیخ عبداللہ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال سے گریز کریں اور بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

    عرب دنیا میں پاکستان اور بھارت کے حوالے سے دونوں ممالک کے تنازعات کے اثرات بڑھتے جا رہے ہیں، اور بھارت کی جانب سے عرب حکمرانوں سے درخواست کرنے کا مقصد یہی ہے کہ وہ اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کچھ اقدامات کریں تاکہ خطے میں امن و سکون قائم رہ سکے۔ اس بات چیت اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو اماراتی وزیر خارجہ نے بھی اجاگر کیا ہے۔اس تمام صورتحال میں پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

  • پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، بھارت نے سفید جھنڈا لہرا دیا،شکست تسلیم کر لی

    پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، بھارت نے سفید جھنڈا لہرا دیا،شکست تسلیم کر لی

    پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا، بھارت نے شکست تسلیم کر لی

    پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کے بھرپور جواب نے بھارتی فوج کی ہمت توڑ دی، اور بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے رات کی تاریکی میں کی جانے والی جارحیت کے بعد، پاکستان نے فوری طور پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں، اور پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں فضائی برتری حاصل کرلی ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق، مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ بھی مار گرایا، جو ایوانتی پورہ کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل کے علاقے میں تباہ ہوا۔ اس کے علاوہ، پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا اور تباہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا نے اپنے 3 طیاروں کے مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا، اور پاکستان کی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، اور یہ بھارتی میڈیا کے لیے بھی ایک شکست ہے۔

    پاکستان نے بھارتی حملے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا اور یہ بھی کہا کہ پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔

    پاکستانی فوج نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ کو تباہ کیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارتی ڈرون مار گرایا۔ سیالکوٹ پولیس اور سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کوٹلی لوہاراں میں بھارت کے 2 ڈرون مار گرائے، ایک ڈرون پھٹ گیا اور دوسرا فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ نارووال میں بھی پاکستان نے بھارتی ڈرون مار گرایا، اور ایک بھارتی ڈرون ظفروال کے گاؤں تہرا کے قریب مار گرایا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 حملے کیے، جن میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے۔ احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جن میں ایک معصوم بچی شامل تھی۔ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک بچی زخمی ہوئی اور مسجد کو نقصان پہنچا۔ مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک شخص شہید ہوا اور ایک زخمی ہوا۔پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے فوج دشمن کی جارحیت کا جواب دے رہی ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دشمن کے بلاجواز حملے کا پاکستان بھرپور جواب دے رہا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی فضائیہ کے میزائل حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے پاکستان کی فضائی حدود میں تجارتی پروازوں کو شدید خطرہ لاحق ہوا، اور یہ اقدام دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ بھارت کی جارحیت کا مناسب وقت اور جگہ پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی وجوہات میں 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں فائرنگ کا واقعہ شامل ہے، جس میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوئے تھے۔ بھارت نے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا، جسے پاکستان نے مسترد کر دیا۔

  • اپنے دفاع میں کسی بھی حد تک جائیں گے،پاکستان کے قومی سلامتی مشیر کا امریکی وزیرخارجہ سے رابطہ

    اپنے دفاع میں کسی بھی حد تک جائیں گے،پاکستان کے قومی سلامتی مشیر کا امریکی وزیرخارجہ سے رابطہ

    پاکستانی شہروں پر بھارتی میزائل حملوں اور پاکستانی جوابی کاروائی کے بعد ایک اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر جنرل عاصم ملک اور امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو کے درمیان ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ رابطہ اس وقت ہوا جب بھارت نے پاکستان کے شہروں پر میزائل حملے کیے جس میں آٹھ عام شہری شہید ہوئے،بھارت نے مساجد کو نشانہ بنایا،پاکستان نے بھی جوابی کاروائی کی اور تین بھارتی طیارے گرا دیئے، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں، جن میں نہ صرف شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا بلکہ متعدد مقامات پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں بھی کی گئیں۔ اس صورتِ حال کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں دشمن کو قابلِ ذکر نقصان اٹھانا پڑا،پاکستان نے متعدد بھارتی فوجیوں کو قیدی بنا لیا ہے.

    ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جنرل عاصم ملک نے واضح الفاظ میں پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان ایک پُرامن ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اگر ہمارے دفاع کی بات آئی تو ہم کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔”انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ عالمی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔

    امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے تمام فریقین پر تحمل اور کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔